سوالات و پیغامات کا انسائیکلوپیڈیا
یہ کتاب عام پوچھے جانے والے ایسے سوالات کے مجموعے پر مشتمل ہے جو مسلم و غیر مسلم افراد کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ کتاب دراصل قرآن و حدیث کی روشنی میں علمی جوابات پیش کرتی ہے۔ اس کا مقصد اسلامی مفاہیم کو واضح کرنا اور مسلم و غیر مسلم افراد کے لیے انہیں سمجھنا آسان بنانا ہے۔ اس میں روزمرہ زندگی کے ایسے فقہی اور اعتقادی مسائل پر خاص توجہ دی گئی ہے جو لوگوں کے لیے اہمیت رکھتے ہیں اور جن سے اسلام کے درست شعور اور صحیح فہم کو تقویت ملتی ہے۔
These files are generated automatically from the book's text; their layout may differ from the printed edition.
سوالات و پیغامات کا انسائیکلوپیڈیا
(پہلا مجموعہ)
علمی کمیٹی برائے جمعیۃ خدمۃ المحتوى الإسلامی باللغات
(تخلیق کا بیان)
سوال:
زندگی کی ابتدا کیسے ہوئی یا مخلوق کی پیدائش کیسے ہوئی؟
جواب:
بے شک اللہ تعالیٰ پہلے سے تھا اور اس سے پہلے کوئی چیز نہیں تھی۔ پھر اس نے اپنی مخلوق کو پیدا کیا جب کہ پوری کائنات معدوم تھی۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے اسے بغیر کسی سابقہ مثال کے پیدا کیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’بے شک تمھارا رب اللہ ہی ہے جس نے سب آسمانوں اور زمین کو چھ روز میں پیدا کیا ہے، پھر عرش پر قائم ہوا۔ وه شب سے دن کو ایسے طور پر چھپا دیتا ہے کہ وه شب اس دن کو جلدی سے آ لیتی ہے اور سورج اور چاند اور دوسرے ستاروں کو پیدا کیا ایسے طور پر کہ سب اس کے حکم کے تابع ہیں۔ یاد رکھو اللہ ہی کے لیے خاص ہے خالق ہونا اور حاکم ہونا، بڑی خوبیوں سے بھرا ہوا ہے اللہ جو تمام عالم کا پروردگار ہے۔‘‘ (الأعراف : 54)۔
اور امام بخاری نے اپنی ’’صحیح‘‘ میں عمران بن حصین سے روایت کیا ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا ہے : ’’اللہ تعالیٰ تھا اور اس سے پہلے کوئی چیز نہیں تھی اور اس کا عرش پانی پر تھا۔ پھر اس نے آسمان اور زمین کو پیدا کیا اور اس نے ذکر (لوحِ محفوظ) میں ہر چیز لکھ دی۔‘‘
اللہ نے ابو البشر آدم (علیہ السلام) کو پیدا کیا۔ چنانچہ صحیح مسلم میں ابو ھریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا ہے : ’’سب سے بہتر دن جس میں سورج طلوع ہوا جمعہ کا دن ہے۔ اسی دن آدم (علیہ السلام) پیدا کیے گئے، اسی دن وہ جنت میں داخل کیے گئے اور اسی دن وہاں سے نکالے گئے۔‘‘
اللہ تعالیٰ نے انسان کی تخلیق کا ذکر کرتے ہوئے اور فرمایا ہے : ’’یقیناً ہم نے انسان کو مٹی کے جوہر سے پیدا کیا۔ پھر اسے نطفہ بنا کر محفوظ جگہ میں قرار دے دیا۔ پھر نطفہ کو ہم نے جما ہوا خون بنا دیا، پھر اس خون کے لوتھڑے کو گوشت کا ٹکڑا کردیا۔ پھر گوشت کے ٹکڑے کو ہڈیاں بنا دیں، پھر ہڈیوں کو ہم نے گوشت پہنا دیا، پھر دوسری بناوٹ میں اس کو پیدا کردیا۔ برکتوں واﻻ ہے وه اللہ جو سب سے بہترین پیدا کرنے واﻻ ہے۔‘‘ [المؤمنون : 12-14]۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’اے لوگو! اپنے پروردگار سے ڈرو، جس نے تمھیں ایک جان سے پیدا کیا اور اسی سے اس کی بیوی کو پیدا کرکے ان دونوں سے بہت سے مرد اور عورتیں پھیلا دیں، اس اللہ سے ڈرو جس کے نام پر ایک دوسرے سے مانگتے ہو اور رشتے ناطے توڑنے سے بھی بچو بے شک اللہ تعالیٰ تم پر نگہبان ہے۔‘‘ [النساء :1]
اللہ تعالیٰ نے ان آیات میں انسان کے مختلف مراحل اور اس کی تبدیلیوں کا ذکر فرمایا ہے۔ اس کی تخلیق کی ابتدا سے لے کر اس کے آخری انجام تک۔ چنانچہ نوع انسانی کے جد امجد آدم علیہ السلام کی ابتدائی تخلیق کا ذکر فرمایا، اور یہ بتایا کہ انھیں ’’مٹی کے جوہر سے‘‘ (پیدا کیا) یعنی : وہ (مٹی) زمین کے تمام حصوں سے لی اور سمیٹی گئی تھی۔ اسی لیے ان کی اولاد بھی زمین کے مطابق پیدا ہوئی۔ ان میں سے کوئی اچھا ہے اور کوئی برا اور کوئی ان کے درمیان۔ کوئی نرم ہے اور کوئی سخت اور کوئی ان کے درمیان۔
اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان کے درمیان ہے، ان سب کی تخلیق کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا ہے : ’’اسی نے آسمانوں کو بغیر ستون کے پیدا کیا ہے تم انھیں دیکھ رہے ہو اور اس نے زمین میں پہاڑوں کو ڈال دیا تاکہ وه تمھیں جنبش نہ دے سکے اور ہر طرح کے جاندار زمین میں پھیلا دیے۔ اور ہم نے آسمان سے پانی برسا کر زمین میں ہر قسم کے نفیس جوڑے اگا دیے۔‘‘ [لقمان : 10]۔
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد صلی اللہ عليہ وسلم، آپ کی اولاد اور تمام صحابہ کرام پر۔
***
(ایمان کا بیان)
سوال :
اللہ کون ہے؟
جواب :
اسلام میں اللہ تمام جہانوں اور ساری مخلوقات کا رب ہے، جو اپنی نعمتوں کے ذریعے ان سب کی پرورش کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’سب تعریف اللہ تعالیٰ کے لیے ہے، جو تمام جہانوں کا پالنے واﻻ ہے۔‘‘ [الفاتحۃ : 2]۔
اور وہی مخلوقات کا تنہا خالق، مالک، رازق اور مدبر ہے۔ اس کا کوئی شریک و ساجھی نہیں ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے : ’’آسمانوں کا، زمین کا اور جو کچھ ان کے درمیان ہے سب کا رب وہی ہے۔ تو اسی کی بندگی کر اور اس کی عبادت پر جم جا۔ کیا تیرے علم میں اس کا ہم نام، ہم پلہ کوئی اور بھی ہے؟‘‘ [سورۂ مریم : 65]۔
وہی اکیلا عبادت کے لائق ہے، اس کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں؛ کیونکہ وہ الوہیت اور کمال کی صفات سے متصف ہے، تخلیق وامر اور حکم وتشریع اسی کے کام ہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک وساجھی نہیں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’۔۔۔۔اسی کی بہترین اور اعلیٰ صفت ہے، آسمانوں میں اور زمین میں بھی۔۔۔۔‘‘ [الروم : 27]۔
وہ عظیم ہے، بڑا ہے، ایسا کامل ہے کہ ہر قسم کی تعریف اور مطلق کمال اسی کے لیے لائق وزیبا ہے، اور اس کے بہترین نام اور عالی صفات ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : ’’اور اچھے اچھے نام اللہ ہی کے لیے ہیں، سو ان ناموں سے اللہ ہی کو موسوم کیا کرو...‘‘ [الأعراف : 180]۔
جو اپنی سماعت میں کامل ہے، ایسا دیکھنے والا ہے جو اپنی بصارت میں کامل ہے، ایسا علم والا ہے جو اپنے علم میں کامل ہے اور ایسی قدرت والا ہے جو ہر چیز پر قادر ہے۔ اسے کوئی چیز عاجز نہیں کر سکتی۔ اس کی ذات پاکیزہ ہے۔ وہ رحمن و رحیم ہے جس کی رحمت ہر مخلوق اور جاندار کو شامل ہے۔ وہ مومنوں پر رحم کرنے والا ہے۔ وہ ایسا زندہ ہے جسے موت نہیں۔ وہ اول ہے، اس سے پہلے کوئی چیز نہیں اور آخر ہے، اس کے بعد کوئی چیز نہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : ’’وہی پہلے ہے اور وہی پیچھے، وہی ﻇاہر ہے اور وہی مخفی، اور وه ہر چیز کو بخوبی جاننے واﻻ ہے۔‘‘ [الحدید : 3]۔
حکیم وہ ہے جس نے اپنی مخلوق کو محکم بنایا، اسے پایۂ تکمیل کو پہنچایا اور خوب صورتی عطا کی، اس کی تخلیق اور اس کا امر حکمت پر مبنی ہے۔
نہ اس کا کوئی ہمسر ہے، نہ کوئی بیوی ہے، نہ کوئی اولاد ہے نہ والد، اور نہ کوئی چیز اس اللہ سبحانہ کی ذات کے مشابہ ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے : ’’آپ کہہ دیجیے کہ وه اللہ ایک (ہی) ہے۔ اللہ بے نیاز ہے۔ نہ اُس سے کوئی پیدا ہوا نہ وه کسی سے پیدا ہوا۔ اور نہ کوئی اُس کا ہمسر ہے۔" [الإخلاص 1-4] ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’۔۔۔اُس جیسی کوئی چیز نہیں، وه سننے اور دیکھنے واﻻ ہے۔‘‘ [الشورٰی : 11]۔
وہ آسمان میں عرش پر تمام مخلوقات سے اوپر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’جو رحمٰن ہے، عرش پر قائم ہے۔‘‘ [سورۂ طہ : 5]۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’اور وہی اللہ اپنے بندوں کے اوپر غالب ہے برتر ہے، اور وہی بڑی حکمت واﻻ اور پوری خبر رکھنے واﻻ ہے۔‘‘ [سورۂ انعام : 18]۔
***
سوال:
اللہ کے وجود کی کیا دلیل ہے؟
جواب :
بلاشبہ وجودِ باری تعالیٰ کی دلیل عقلِ صریح، فطرتِ سلیمہ اور طرقِ مستقیمہ ہیں۔ اس کا انکار محض وہی شخص کر سکتا ہے جو انسانی عقل کے تقاضوں سے خارج ہو، کیوں کہ ان تمام مخلوقات کے لیے ایک خالق کا ہونا از حد ضروری ہے جس نے انھیں پیدا کیا؛ کیوں کہ یا تو یہ مخلوقات بغیر کسی خالق اور موجد کے وجود میں آئی ہیں۔ ظاہر سی بات ہے کہ عقل لازمی طور پر اس کے باطل ہونے کا حتمی فیصلہ کرتی ہے۔ کسی بھی چیز کا بغیر کسی موجد کے وجود میں آ جانا قطعاً ناممکن ہے!
یا تو ان مخلوقات نے خود کو پیدا کیا ہو! یہ بھی محال اور ناممکن ہے، کیوں کہ کوئی چیز خود کو عدم سے وجود میں نہیں لا سکتی۔
یا پھر ان مخلوقات کا کوئی خالق ہے جس نے انھیں پیدا کیا ہے اور وہ اللہ تعالیٰ ہے جو عظیم، سب کچھ جاننے والا، خالق اور حکمت والا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے بہترین بیان اور جامع اختصار کے ساتھ اس تقسیم کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا ہے : ’’کیا یہ بغیر کسی (پیدا کرنے والے) کے خود بخود پیدا ہوگئے ہیں؟ یا یہ خود پیدا کرنے والے ہیں؟ کیا انھوں نے ہی آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے؟ بلکہ یہ یقین نہ کرنے والے لوگ ہیں۔‘‘ [الطور : 35-36]۔
اسی ضمن میں کسی سے یہ سوال کیا گیا کہ : آپ نے اپنے رب کو کیسے پہچانا؟ تو اس نے جواب دیا : بے شک مینگنی اونٹ پر دلالت کرتی ہے اور قدموں کے نشانات راہگیر پر دلالت کرتے ہیں؛ تو برجوں والا آسمان، کشادہ راستوں والی زمین اور موجوں والے سمندر؛ کیا یہ اس لطیف و خبیر ذات پر دلالت نہیں کرتے؟!
بلاشبہ ان مخلوقات کا کوئی نہ کوئی ایسا تدبیر کار ہے، جو ان کا نظم ونسق چلاتا ہے۔ کیونکہ اگر آپ عالمِ بالا اور عالمِ سفلی پر غور کریں گے، تو آپ کو اس میں انتہائی پختہ تدبیر نظر آئے گی، اور ہر چیز اپنی شایانِ شان ہیئت پر موجود دکھے گی۔ نیز یہ کہ تمام مخلوقات کی اس چیز کی طرف رہنمائی کی گئی ہے جو ان کے حق میں بہتر ہو اور ان کی بقا کی ضمانت دے۔
اور یہ اہتمام و اتقان تمام مخلوقات میں ان گنت صورتوں اور شکلوں میں دہرایا گیا ہے، جس کے ہوتے ہوئے محض اتفاق اور بے ترتیبی کا نظریہ ناممکن ہو جاتا ہے!
اللہ تعالیٰ نے اسی پر متنبہ فرمایا ہے۔ چنانچہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’۔۔۔۔۔یہ ہے صنعت اللہ کی جس نے ہر چیز کو مضبوط بنایا ہے۔۔۔۔‘‘ [النمل : 88]۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’جواب دیا کہ ہمارا رب وه ہے جس نے ہر ایک کو اس کی خاص صورت، شکل عنایت فرمائی پھر راه سجھا دی۔‘‘ [طہ : 50]۔
مروی ہے کہ ملحدین کی ایک جماعت امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے پاس جمع ہوئی اور کہنے لگی: صانع (خالق) کے وجود کی کیا دلیل ہے؟ تو انھوں نے ان سے فرمایا : مجھے چھوڑ دو، میرا ذہن ایک عجیب معاملے میں الجھا ہوا ہے۔ انھوں نے پوچھا : وہ کیا معاملہ ہے؟ انھوں نے جواب دیا : مجھے یہ خبر ملی ہے کہ دریائے دجلہ میں ایک بہت بڑی کشتی ہے، جو طرح طرح کے عجیب و غریب سامان سے بھری ہوئی ہے اور وہ بغیر کسی کے چلائے خود ہی آ جا رہی ہے، اسے سنبھالنے کے لیے کوئی ملاح نہيں ہے۔
تو انھوں نے امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ سے کہا : کیا آپ پاگل تو نہيں ہيں؟ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ نے کہا : وہ کیسے؟ انھوں نے کہا : کیا کوئی عاقل اس بات کو سچ مان سکتا ہے؟ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ نے ان سے کہا : تو پھر تمھاری عقلوں نے یہ کیسے تسلیم کر لیا کہ یہ عالم؛ اپنی تمام اصناف، انواع اور عجیب و غریب حوادث کے ساتھ، گردش کرتا اور چلتا ہوا یہ فلک اور یہ رواں دواں حوادث کسی وجود میں لانے والے کے بغیر رونما ہو رہے ہیں اور یہ متحرک چیزیں کسی حرکت دینے والے کے بغیر حرکت کر رہی ہیں؟ امام ابوحنیفہ کی یہ باتیں سن کر وہ خود کو ملامت کرنے لگے۔
وجودِ باری تعالیٰ پر دلالت کرنے والے دلائل بہت بڑی تعداد میں موجود ہيں اور انھیں شمار کرنا ممکن نہيں ہے۔ ان میں سے ایک دلیل فطرت ہے۔ فطرت ایک ایسا جبلی وصف ہے جسے انسان اپنے اندر خود پاتا ہے اور اس سے پیچھا نہيں چھڑا سکتا۔
ان میں سے دوسری دلیل ہے ہر مخلوق کا خالق پر دلالت کرنا۔
جب کہ تیسری دلیل ہے عنایت، کمال اور تسخیر کی دلیل۔ ان کے علاوہ بھی بے شمار دلائل موجود ہيں۔ الغرض ہر چیز اللہ تعالی پر دلالت کرتی ہے، جو عظیم خالق اور حکمت والا مدبر ہے۔
***
سوال :
اللہ تعالیٰ کی توحید کے وجوب کی کیا دلیل ہے؟
جواب :
اللہ تعالیٰ کی توحید اور اسی کے تنہا رب، خالق، مالک اور مدبر ہونے اور اس کے کوئی شریک نہ ہونے کے بے شمار دلائل ہیں۔
مثلا اللہ تعالی نے فرمایا ہے : ’’نہ تو اللہ نے کسی کو بیٹا بنایا اور نہ اس کے ساتھ اور کوئی معبود ہے، ورنہ ہر معبود اپنی مخلوق کو لیے لیے پھرتا اور ہر ایک دوسرے پر چڑھ دوڑتا۔ جو اوصاف یہ بتلاتے ہیں ان سے اللہ پاک (اور بےنیاز) ہے۔‘‘ [المؤمنون : 91]۔
اس آیت میں جو دلیل موجود ہے، اسے علما ’’دلیلِ تمانع‘‘ کہتے ہیں اور اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر ہم اللہ کے ساتھ دوسرے معبود فرض کر لیں تو :
یا تو وہ اللہ کی الوہیت تسلیم کر لیں یا پھر اس سے تنازع کریں۔ پہلی فرض کردہ صورت ان کی اپنی الوہیت کو باطل کر دیتی ہے؛ کیوں کہ جو تابع ہو وہ محکوم اور بندہ ہوتا ہے، معبود نہیں۔ اور اگر وہ اس کی بادشاہت اور اقتدار میں تنازع کریں، تو کائنات میں اس تنازع کا اثر معبودوں کے ایک دوسرے کو مغلوب اور زیر کرنے کی کشمکش اور ہر معبود کے اپنی پیدا کردہ مخلوق کو لے کر الگ ہو جانے کی صورت میں ظاہر ہوتا۔ اس طرح کہ ہر معبود اپنی مخلوق کو لے کر منفرد اور خود مختار ہو جاتا۔ ایسے میں آپ ان میں سے ہر ایک کی بادشاہت کو دوسروں کی بادشاہت سے ممتاز اور الگ دیکھتے اور وہ ایک دوسرے کو مغلوب اور زیر کر دیتے، جیسا کہ آپ دنیاوی بادشاہوں کا حال دیکھتے ہیں کہ ان کی سلطنتیں الگ الگ ہوتی ہیں اور وہ ایک دوسرے پر غلبہ پانے کی کوشش میں رہتے ہیں۔ لہذا جب آپ کو کائنات میں سلطنتوں کے الگ الگ ہونے اور معبودوں کے باہمی غلبے کا کوئی اثر نظر نہیں آتا، تو جان لیجیے کہ معبودِ برحق صرف ایک ہے، جس کے ہاتھ میں ہر چیز کی بادشاہت ہے۔
اور اگر کوئی یہ کہے کہ معبودوں کے درمیان کسی قسم کی موافقت و ہم آہنگی ہو گئی ہے۔ چنانچہ ہر معبود بغیر کسی اختلاف و تنازع کے اپنی پیدا کردہ مخلوق کو لے کر الگ ہو گیا ہے؛ تو اس میں بھی ان کی الوہیت کے باطل ہونے کی سب سے بڑی دلیل ہوگي، اس لیے کہ ہر معبود کی الوہیت اس گروہ کے حق میں ناقص ہوگی جسے اس نے پیدا نہیں کیا، جو کہ تمام معبودوں میں نقص کا باعث بنے گا اور اس سے محال لازم آتا ہے؛ کیوں کہ الوہیت کمال کا تقاضا کرتی ہے نہ کہ نقص کا۔
- جہاں تک اللہ تعالیٰ کی توحیدِ الوہیت کے واجب ہونے کی دلیل کا تعلق ہے، جو کہ توحیدِ عبادت ہے، یعنی عبادت کی تمام ظاہری اور باطنی اقسام کو صرف اور صرف اللہ عز وجل کے لیے خاص رکھا جائے۔ مثلا نماز، دعا، عاجزی، توکل، خضوع، خوف اور امید، ذبح اور نذر، استعانت، استعاذہ، استغاثہ اور ان کے علاوہ عبادت کی دیگر اقسام صرف اللہ وحدہ لا شریک لہ کے لیے ہی انجام دی جائیں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اے لوگو! اپنے اس رب کی عبادت کرو جس نے تمھیں اور تم سے پہلے کے لوگوں کو پیدا کیا، یہی تمھارا بچاؤ ہے۔‘‘ [البقرۃ : 21]
پس رب ہی عبادت کا مستحق ہے اور اس کے سوا سب مخلوق اور پروردہ ہیں، جو عبادت کے مستحق نہیں ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے مشرکین کے اللہ کے سوا دوسرے معبود بنانے کو بہت سی عقلی دلیلوں کے ذریعے باطل قرار دیا ہے، جن میں سے ایک دلیل یہ ہے :
جن کو لوگوں نے الہ (معبود) بنا رکھا ہے ان میں ’’الوہیت‘‘ کی کوئی صفت موجود ہی نہیں ہے، بلکہ وہ خود مخلوق ہیں۔ کسی بھی چیز کو پیدا کرنا ان کے بس میں نہیں ہے۔ وہ اپنے عبادت گزاروں کو نہ کوئی نفع پہنچا سکتے ہیں، نہ ان سے کوئی تکلیف دور کر سکتے ہیں، نہ وہ ان کی زندگی اور موت کے مالک ہیں، اور نہ وہ آسمانوں اور زمین کی کسی چیز کے مالک ہیں۔
ایک اور دلیل اللہ تعالی کا یہ فرمان ہے : ’’ان لوگوں نے اللہ کے سوا جنھیں اپنے معبود ٹھہرا رکھے ہیں وه کسی چیز کو پیدا نہیں کرسکتے بلکہ وه خود پیدا کیے جاتے ہیں، یہ تو اپنی جان کے نقصان نفع کا بھی اختیارنہیں رکھتے اور نہ موت وحیات کے اور نہ دوباره جی اٹھنے کے وه مالک ہیں۔‘‘ [الفرقان : 3]۔
اسی طرح اس کا یہ فرمان بھی : ’’کہہ دیجیے! کہ اللہ کے سوا جن جن کا تمھیں گمان ہے (سب) کو پکار لو، نہ ان میں سے کسی کو آسمانوں اور زمینوں میں سے ایک ذره کا اختیار ہے نہ ان کا ان میں کوئی حصہ ہے نہ اُن میں سے کوئی اللہ کا مددگار ہے۔‘‘ [سبأ : 22]۔
اسی طرح یہ فرمان باری تعالی بھی : ’’کیا ایسوں کو شریک ٹھہراتے ہیں جو کسی چیز کو پیدا نہ کر سکیں اور وه خود ہی پیدا کیے گئے ہوں۔‘‘ [الأعراف : 191]۔
یعنی : کیا یہ مشرکین اللہ تعالیٰ کی عبادت میں اس کی مخلوقات کو شریک ٹھہراتے ہیں، حالانکہ وہ کچھ بھی پیدا نہیں کر سکتے، بلکہ وہ خود پیدا کیے گئے ہیں؟
اور جب ان معبودانِ باطلہ کا یہ حال ہے تو پھر ان کو حقیقی معبود بنالینا مکمل طور سے باطل اور انتہا درجہ کی بے وقوفی ہے۔
- اور اللہ تعالیٰ کے اسما وصفات میں توحید کے وجوب کی دلیل یہ ہے کہ ہم یہ جان لیں کہ خالق، مخلوق سے بالکل جُدا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’۔۔۔اس جیسی کوئی چیز نہیں وه سننے اور دیکھنے واﻻ ہے۔‘‘ [الشوریٰ : 11]۔
’’۔۔۔۔اس جیسی کوئی چیز نہیں۔۔۔۔‘‘ یعنی : اس کی مخلوقات میں کوئی بھی چیز اس کی ہم مثل نہیں ہے۔ نہ اس کی ذات میں، نہ اس کے ناموں میں، نہ اس کی صفات میں اور نہ اس کے افعال میں، کیونکہ اس کے تمام نام بہترین ہیں، اس کی صفات کمال اور عظمت والی صفات ہیں اور اس کے افعال تو ایسے ہیں کہ ان کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے بغیر کسی شریک کے عظیم مخلوقات کو وجود بخشا۔ لہذا اس کے جیسی کوئی چیز نہیں ہے، کیونکہ وہ ہر اعتبار سے کمال میں منفرد اور یکتا ہے۔
شریعت کے بیان کردہ اسما وصفات کے ثبوت پر کچھ عقلی دلیلیں اس طرح پیش کی جا سکتی ہيں :
1- یہ عظیم مخلوقات اپنے تنوع اور اختلاف، اپنے مصالح کی انجام دہی میں اپنے نظم و ضبط اور اپنے لیے متعین کردہ خطوط پر گامزن رہنے کے اعتبار سے اللہ کی عظمت وقدرت، اس کے علم وحکمت اور اس کے ارادے اور مشیت پر دلالت کرتی ہیں۔
2- انعام و احسان کرنا، تکلیف کو دور کرنا اور مصیبتوں سے نجات دلانا؛ یہ چیزیں رحمت اور سخاوت و فیاضی پر دلالت کرتی ہیں۔
3- گناہ گاروں کو سزا دینا اور ان سے انتقام لینا یہ دونوں باتیں ان پر اللہ کے غضب اور ان کے لیے اس کی ناپسندیدگی پر دلالت کرتی ہیں۔
4- اطاعت گزار بندوں کی عزت افزائی اور انھیں ثواب عطا کرنا، ان سے اللہ کی رضا اور محبت کی دلیل ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اسی کی بہترین اور اعلیٰ صفت ہے، آسمانوں میں اور زمین میں بھی اور وہی غلبے واﻻ حکمت واﻻ ہے۔‘‘ [الروم : 27]۔ یعنی : اللہ سبحانہ و تعالیٰ جس صفت سے بھی متصف ہے اس میں اسی کا وصف سب سے اعلی اور بلند ہے۔ کوئی چیز اس کی مثل نہیں ہے۔ یہ محال ہے کہ کسی بہترین اور اعلیٰ صفت میں دو شریک ہوں؛ کیونکہ اگر وہ دونوں برابر ہوں تو ان میں سے کوئی ایک دوسرے سے اعلیٰ نہیں ہوگا۔ اور اگر وہ برابر نہ ہوں تو اعلیٰ صفت والا ان میں سے صرف ایک ہی ہوگا۔ لہذا یہ محال ہے کہ جس کے لیے اعلیٰ صفت ہو، اس کا کوئی ہم سر یا نظیر ہو۔
***
سوال :
اللہ نے ہمیں کیوں پیدا کیا؟ ہمارے وجود کا مقصد کیا ہے؟
جواب :
ہماری تخلیق کی حکمت اور ہمارے وجود کا مقصد اللہ رب العزت نے بیان فرمایا ہے، جو علیم و خبیر ہے۔ وہ اپنی کتابِ عزیز میں فرماتا ہے : ’’میں نے جنات اورانسانوں کو محض اسی لیے پیدا کیا ہے کہ وه صرف میری عبادت کریں۔‘‘ [الذاریات : 56]۔
یہی وہ مقصد ہے جس کے لیے اللہ نے جنوں اور انسانوں کو پیدا فرمایا ہے اور تمام رسولوں کو اسی کی طرف دعوت دینے کے لیے بھیجا ہے۔ یعنی ایک اللہ کی عبادت، جس میں اس کی معرفت اور محبت، اسی کی طرف رجوع کرنا، اسی کی طرف متوجہ ہونا اور اس کے ماسوا سے اعراض کرنا شامل ہے۔
جس نے اس مقصد سے روگردانی کی وہ اللہ کی سزا کا مستحق ہو گیا اور جس نے تعمیل کی وہ ہمیشہ رہنے والی نعمتوں کا مستحق ہو گیا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے : ’’جو شخص نیک عمل کرے، مرد ہو یا عورت، لیکن باایمان ہو تو ہم اسے یقیناً نہایت بہتر زندگی عطا فرمائیں گے ۔ اور ان کے نیک اعمال کا بہتر بدلہ بھی انھیں ضرور ضرور دیں گے۔‘‘ (النحل : 97)۔
***
سوال:
شر کو کیوں پیدا کیا گیا؟
جواب :
یہ سوال اٹھانا کہ اللہ تعالیٰ نے شر کو کیوں پیدا کیا یا اس پر اعتراض کرنا مناسب نہیں ہے؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ ہی خالق ہے اور وہ جو کچھ کرتا ہے اس کے بارے میں اس سے سوال نہیں کیا جا سکتا، بلکہ سوال کرنے کا حق اسی کے پاس ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’وه اپنے کاموں کے لیے (کسی کے آگے) جواب ده نہیں اور سب (اس کے آگے) جواب ده ہیں۔‘‘ [الأنبیاء : 23]۔
خیر و شر کے وجود اور تخلیق کی بعض حکمتیں درج ذیل ہیں :
- مکلف کے لیے خیر اور شر کے ذریعے امتحان و آزمائش؛ تاکہ صابر اور غیر صابر، مومن اور غیر مومن میں فرق واضح ہو جائے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’جس نے موت اور حیات کو اس لیے پیدا کیا کہ تمھیں آزمائے کہ تم میں سے اچھے کام کون کرتا ہے، اور وه غالب (اور) بخشنے واﻻ ہے۔‘‘ [الملك : 2]۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’۔۔۔۔ہم بطریقِ امتحان تم میں سے ہر ایک کو برائی بھلائی میں مبتلا کرتے ہیں اور تم سب ہماری ہی طرف لوٹائے جاؤ گے۔‘‘ [الانبیاء : 35]۔
چنانچہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو دنیا میں پیدا کیا، انھیں احکام دیے اور بعض چیزوں سے روکا اور انھیں خیر و شر، غنا اور فقر، عزت اور ذلت، نیز زندگی اور موت کے ذریعے آزمائش سے دوچار کیا، جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک آزمائش ہے؛ تاکہ وہ انھیں آزمائے کہ ان میں سے کون عمل کے اعتبار سے بہتر ہے اور کون فتنوں کے مواقع پر فتنہ کا شکار ہوتا ہے اور کون نجات پاتا ہے۔ ’’اور تم سب ہماری ہی طرف لوٹائے جاؤ گے۔‘‘ پس ہم تمھیں تمھارے اعمال کا بدلہ دیں گے۔ اگر نیک اعمال ہوئے تو نیک بدلہ اور برے ہوئے تو برا بدلہ۔ ’’اور آپ کا رب بندوں پر ﻇلم کرنے واﻻ نہیں ہے۔‘‘ [فصلت : 46]۔
- کائنات کی ثنویت کو ثابت کرنا؛ لہذا خیر کو شر کی معرفت کے بغیر نہیں پہچانا جا سکتا، کیونکہ چیزیں اپنی ضد ہی سے پہچانی جاتی ہیں۔ خیر کے وجود کے لیے شر ضروری ہے۔ کیونکہ خیر شر کے خلاف جدوجہد کا نام ہے۔ خیر و شر اور انسان کا ان دونوں کے درمیان جھولتے رہنا دنیوی زندگی کی فطرت ہے۔
- شر ایک نسبتی امر ہے۔ جو چیز بعض لوگوں کو شر نظر آتی ہے، ممکن ہے کہ دوسرے لوگ اسے خیر تصور کریں۔ مثلاً چور کے ہاتھ کاٹنے کی سزا بظاہر چور کے حق میں شر نظر آتی ہے، لیکن اس میں معاشرے کے لیے خیر ہے، کیونکہ اس کا مقصد لوگوں کو ایک دوسرے کے اموال پر دست درازی کرنے سے باز رکھنا ہے۔
- مکلف کے منصفانہ امتحان کے حقیقی مفہوم کا اثبات؛ دراصل اللہ تعالیٰ نے انسان کے لیے خیر اور شر کا راستہ واضح کر دیا ہے اور اسے ان دونوں کے درمیان انتخاب کی آزادی عطا کی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’کیا ہم نے اس کی دو آنکھیں نہیں بنائیں۔ اور زبان اور دو ہونٹ۔ ہم نے دکھا دیے اس کو دونوں راستے۔‘‘ [البلد : 8-10]۔ یعنی : کیا ہم نے اسے دو آنکھیں نہیں دیں جن سے وہ دیکھ سکے، ایک زبان اور دو ہونٹ نہیں دیے جن سے بات کرے اور اس کے لیے خیر و شر کا راستہ واضح نہیں کر دیا؟
- بہت سی برائیاں جو ہمیں نظر آتی ہیں، وہ ہر اعتبار سے محض شر نہیں ہوتیں، بلکہ ان میں خیر کے پہلو بھی ہوتے ہیں۔ کتنی ہی ایسی چیزیں ہیں جنھیں ہم شر سمجھتے ہیں، لیکن ان کے اندر بہت بڑی بھلائی چھپی ہوتی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ انسان کسی ایسی بیماری میں مبتلا ہو جائے جو اسے اس سے بھی بڑی برائی سے بچانے کا سبب بن جائے۔ کبھی کبھی انسان کو کسی مالی سودے میں نقصان ہو جاتا ہے، لیکن ممکن ہے کہ اگر وہ اسے حاصل کر لیتا تو سرکشی اور تکبر میں مبتلا ہو جاتا۔ کبھی کبھی انسان کی اولاد فوت ہو جاتی ہے، لیکن ممکن ہے کہ اگر وہ زندہ رہتی، تو اس کے لیے وبال بن جاتی۔ کبھی کبھی انسان اپنے عمل کی وجہ سے جہنم کا مستحق ہو چکا ہوتا ہے اور یہی حقیقی تباہی ہے، تو اللہ تعالیٰ اسے کسی مصیبت سے دوچار کر دیتا ہے، پس وہ اس پر صبر کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسے اس کے صبر کے بدلے میں جنت عطا فرماتا ہے اور یہی حقیقی اور دائمی بھلائی ہے۔
اللہ سبحانہ وتعالیٰ محض شر پیدا نہیں کرتا اور نہ شر کی نسبت اس کی طرف کی جاسکتی ہے، جیسا کہ ایک صحیح حدیث میں نبی ﷺ فرماتے ہیں : "اور شر (کا انتساب ) تیری طرف نہیں کی جا سکتی۔" [مسلم]۔
- خیر و شر کے وجود کی حکمتوں میں سے متضاد اور متقابل چیزوں کی تخلیق پر رب تعالیٰ کی قدرت اور اس کے قہری اسما کے آثار کا ظاہر ہونا ہے۔ یعنی یہ کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ اپنے اسما اور افعال کے آثار ظاہر کرتا ہے، جیسے اس کا قہار، منتقم اور عادل ہونا وغیرہ۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : ’’اللہ وه ہے جس نے سات آسمان بنائے اور اسی کے مثل زمینیں بھی ۔ اس کا حکم ان کے درمیان اترتا ہے تاکہ تم جان لو کہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔ اور اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کو بہ اعتبار علم گھیر رکھا ہے۔‘‘ [الطلاق : 12]۔
برائیاں بذاتِ خود مقصود نہیں ہوتیں اور نہ ہی وہ ایسی غایت ہیں جس کے لیے مخلوق کو پیدا کیا گیا ہے، بلکہ یہ ایسے افعال ہیں جو کسی پسندیدہ امر کے لیے مقدر کیے گئے اور ان تک پہنچنے کا وسیلہ بنائے گئے ہيں۔ چنانچہ جب وہ مقصد حاصل ہو جاتا ہے جس کے لیے انھیں مقدر کیا گیا تھا، تو وہ مٹ کر فنا ہو جاتے ہیں اور معاملہ خالص بھلائی کی طرف لوٹ آتا ہے۔
کوئی بھی شخص شر کے وجود کی حکمت کو اس وقت تک نہیں سمجھ سکتا، جب تک وہ یہ یقین نہ کر لے کہ یہ دنیا ایک عارضی گھر اور امتحان، ابتلا و آزمائش اور نقص کی جگہ ہے۔ جو شخص اس دنیا میں مطلق کمال دیکھنے کا منتظر ہے، تو وہ اس حکمتِ الٰہی کی مخالفت کرنے والا ہے، جس کا تقاضا یہ ہے کہ دارِ آخرت ہی دارِ کمال ہو۔
اللہ تعالیٰ نے ایک شخص کی جانب سے فرمایا ہے، جو ایمان لایا تھا : ’’اے میری قوم! یہ حیاتِ دنیا متاع فانی ہے۔ (یقین مانو کہ قرار) اور ہمیشگی کا گھر تو آخرت ہی ہے۔‘‘ [غافر : 39]۔
***
سوال :
توحید اور ایمان کے امور میں وسوسے کا کیا علاج ہے؟
جواب :
وسوسہ کا علاج درج ذیل امور سے ہوتا ہے :
- مومن اپنے آپ کو علم سے مضبوط کرے، کیوں کہ جہالت شیطانی جن و انس کو انسان کے اندر داخل کرنے کا راستہ فراہم کرتا ہے۔
- اللہ کا ذکر کرنا اور شیطانِ مردود کے شر سے پناہ مانگنا۔
- وسوسے کے تسلسل کو ختم کرنا اور اسے کاٹنا۔
- اہلِ علم سے پوچھنا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’۔۔۔۔پس اگر تم نہیں جانتے تو اہلِ علم سے دریافت کر لو۔‘‘ (النحل : 43)۔
***
(نبوت کا بیان)
سوال :
محمد صلی اللہ علیہ وسلم کون ہیں؟
جواب :
محمد ﷺ : محمد بن عبد اللہ بن عبد المطلب قرشی، اسماعیل بن ابراہیم علیہ السلام کی اولاد میں سے، خاتم النبیین، اولادِ آدم کے سردار، ایسی ذات جو قیامت کے دن سفارش کرے گی اور اس کی سفارش قبول کی جائے گی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے : "’’بے شک جو بھی نبی گزرا ہے، اس کے لیے ایک (خاص) دعا تھی، جو اس نے دنیا ہی میں مانگ لی۔ جب کہ میں نے اپنی دعا اپنی امت کی شفاعت کے لیے محفوظ کر رکھی ہے۔ میں قیامت کے دن تمام اولادِ آدم کا سردار ہوں گا اور مجھے اس پر کوئی فخر نہیں ہے۔ میں ہی وہ پہلا شخص ہوں گا جس سے زمین کو ہٹایا جائے گا اور مجھے اس پر کوئی فخر نہیں ہے، میرے ہی ہاتھ میں لواء الحمد (حمد کا جھنڈا) ہوگا اور مجھے اس پر کوئی فخر نہیں ہے۔ آدم (علیہ السلام) اور ان کے علاوہ سب میرے ہی جھنڈے کے نیچے ہوں گے اور مجھے اس پر کوئی فخر نہیں ہے۔‘‘ مسند احمد ط الرسالة : 2546، اور سنن ترمذی، حدیث نمبر : 3148۔ رسولِ کریم محمد ﷺ سب سے عظیم رسول ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے تمام انبیاء علیہم السلام سے یہ عہد ومیثاق لیا تھا کہ جب اللہ تعالیٰ ان کی بعثت فرمائے گا تو ان کی اتباع کرنا ان پر واجب ہوگا۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : ’’جب اللہ نے نبیوں سے عہد لیا کہ جو کچھ میں تمھیں کتاب وحکمت دوں، پھر تمھارے پاس وه رسول آئے جو تمھارے پاس موجود (کتاب) کو سچ بتائے تو تمھارے لیے اس پر ایمان ﻻنا اور اس کی مدد کرنا ضروری ہے۔ فرمایا کہ تم اس کے اقراری ہو اور اس پر میرا ذمہ لے رہے ہو؟ سب نے کہا کہ ہمیں اقرار ہے، فرمایا : تو اب گواه رہو اور خود میں بھی تمھارے ساتھ گواہوں میں ہوں۔‘‘ [سورة آل عمران : 81]۔
ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں : "اللہ تعالیٰ بتا رہا ہے کہ اس نے آدم علیہ السلام سے لے کر عیسیٰ علیہ السلام تک اپنے بھیجے ہوئے ہر نبی سے یہ عہد و میثاق لیا تھا کہ اللہ انھیں جو کچھ بھی کتاب و حکمت عطا کرے اور وہ جتنا چاہے بلند مقام پر پہنچ جائیں، لیکن ان کے بعد ان کے پاس کوئی رسول آجائے، تو ان کے لیے اس پر ایمان ﻻنا اور اس کی مدد کرنا ضروری ہوگا اور انھیں جو علم اور نبوت حاصل ہے، وہ انھیں اپنے بعد بھیجے جانے والے رسول کی پیروی اور ان کی مدد کرنے سے نہ روکے... یہاں تک کہ فرمایا : علی بن ابی طالب اور ان کے چچا زاد بھائی عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا ہے : اللہ تعالیٰ نے انبیا میں سے کوئی نبی ایسا نہیں بھیجا، جس سے یہ عہد و میثاق نہ لیا ہو کہ اگر ان کی زندگی ہی میں محمد ﷺ کی بعثت ہو جائے تو وہ ضرور ان پر ایمان لائیں گے اور ان کی مدد کریں گے اور انھیں یہ حکم بھی دیا تھا کہ وہ اپنی اپنی امت سے اس بات کا عہد لیں کہ اگر ان کی زندگی میں محمد ﷺ کی بعثت ہو جائے تو وہ ضرور ان پر ایمان لائیں گے اور ان کی مدد کریں گے"۔ تفسیر ابن کثیر (2/ 67)-
اللہ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم ان کتابوں اور رسالتوں کی تصدیق کرتے ہوئے تشریف لائے جو آپ سے پہلے تھیں اور آپ نے ان رسولوں پر ایمان لانے کی دعوت دی جو آپ سے پہلے گزر چکے تھے، ساتھ ہی آپ کی دعوت ان تعلیمات کے موافق بھی ہے جو دیگر رسولوں علیہم السلام لے کر آئے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’یقیناً ہم نے آپ کی طرف اسی طرح وحی کی ہے جیسے کہ نوح اور ان کے بعد والے نبیوں کی طرف کی، اور ہم نے وحی کی ابراہیم اور اسماعیل اور اسحاق اور یعقوب اور ان کی اوﻻد پر اور عیسیٰ اور ایوب اور یونس اور ہارون اور سلیمان کی طرف اور ہم نے داؤد کو زبور عطا فرمائی۔‘‘ [سورۃ النساء : 163]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’اللہ نے تمھارے لیے وہی دین مقرر کردیا ہے جس کے قائم کرنے کا اس نے نوح (علیہ السلام) کو حکم دیا تھا اور جو (بذریعہ) وحی ہم نے تیری طرف بھیج دی ہے، اور جس کا تاکیدی حکم ہم نے ابراہیم اور موسیٰ اور عیسیٰ (علیہم السلام) کو دیا تھا، کہ اس دین کو قائم رکھنا اور اس میں پھوٹ نہ ڈالنا، جس چیز کی طرف آپ انھیں بلا رہے ہیں وه تو (ان) مشرکین پر گراں گزرتی ہے، اللہ جسے چاہتا ہے اپنا برگزیده بناتا ہے اور جو بھی اس کی طرف رجوع کرے وه اس کی صحیح راہنمائی کرتا ہے۔‘‘ [سورۃ الشوری : 13]۔
اللہ تعالیٰ نے آپ کی بعثت کے ذریعے تمام جہانوں پر رحم فرمایا۔ آپ مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے اور وہیں تمام جنوں اور انسانوں کے لیے نبی بنائے گئے۔ بعثت کے وقت آپ کی عمر چالیس سال تھی۔ مدینہ طیبہ کی طرف ہجرت فرمائی اور وہیں تریسٹھ سال کی عمر میں وفات پائی۔
جس شخص نے نبی کریم ﷺ کی بعثت کا زمانہ پایا، اس کے لیے آپ ﷺ پر ایمان لانے اور آپ کی اتباع کے علاوہ جنت کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے : ’’قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد ﷺ کی جان ہے! اس امت کا کوئی بھی شخص چاہے وہ یہودی ہو یا نصرانی، اسے میری بعثت کی اطلاع ہوئی ہو اور وہ اس دین پر ایمان لائے بغیر مرجائے جس کے ساتھ مجھے بھیجا گیا ہے، تو وہ یقینًا اہلِ جہنم میں سے ہوگا۔‘‘ [مسلم، حدیث نمبر : 153]، اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’ن، قسم ہے قلم کی اور اس کی جو کچھ کہ وه (فرشتے) لکھتے ہیں۔ تو اپنے رب کے فضل سے دیوانہ نہیں ہے۔ اور بے شک تیرے لیے بے انتہا اجر ہے۔ اور بے شک تو بہت بڑے (عمده) اخلاق پر ہے۔ [سورۃ القلم :1-4]۔
عبد اللہ بن سلام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا : ’’جب رسول اللہ ﷺ مدینہ تشریف لائے تو لوگ آپ کی طرف دوڑ پڑے اور کہنے لگے : اللہ کے رسول ﷺ تشریف لے آئے ہیں، تو میں بھی لوگوں کے ساتھ آپ کو دیکھنے کے لیے آیا، پھر جب میں نے رسول اللہ ﷺ کا چہرہ مبارک غور سے دیکھا تو میں جان گیا کہ آپ کا چہرہ کسی جھوٹے شخص کا چہرہ نہیں ہے۔‘‘ [سنن ترمذی، حدیث نمبر : 2485، اور سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر : 1334]۔ یہ حدیث صحیح ہے۔ درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
دیکھیں : الفصول فی سیرۃ الرسول تالیف: ابن کثیر، الرحیق المختوم تالیف: مبارکپوری۔
***
سوال :
محمد ﷺ اللہ کی جانب سے نبی اور رسول کیسے بنائے گئے؟
جواب :
محمد بن عبد اللہ بن عبد المطلب ﷺ خاتم الانبیاء و المرسلین ہیں۔ آپ کی نبوت کا تذکرہ اہلِ کتاب کی کتابوں میں، قرآنِ کریم میں، سنتِ نبوی میں اہلِ اسلام کی ان کتابوں میں بکثرت موجود ہے، جن میں آپ ﷺ کی سنت اور سیرتِ طیبہ بیان کی گئی ہے۔ یہ بات کسی پر مخفی نہیں کہ آپ کیسے نبی بنائے گئے۔ چونکہ یہاں سوال پوچھا گیا ہے، لہذا ہم اللہ سے مدد مانگتے ہوئے اس کا جواب دیتے ہیں :
اول : اللہ کے نبی ابراہیم خلیل علیہ السلام نے جب اللہ کے حکم سے مکہ میں بیتِ عتیق (کعبہ) کی تعمیر کی اور اپنی بیوى ہاجرہ اور اپنے فرزند اسماعیل علیہما السلام کو مکہ مکرمہ میں بسایا؛ تو اللہ سے دعا کی کہ وہ اسماعیل کی اولاد میں انہی میں سے ایک نبی مبعوث فرمائے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ’’اے ہمارے رب! ان میں انہی میں سے رسول بھیج جو ان کے پاس تیری آیتیں پڑھے، انھیں کتاب وحکمت سکھائے اور انھیں پاک کرے، یقیناً تو غلبہ واﻻ اور حکمت واﻻ ہے۔‘‘ [سورۃ البقرۃ : 129]۔ چنانچہ اللہ نے خلیل علیہ السلام کی دعا قبول فرمائی اور اپنے نبی محمد ﷺ کو نبی اور رسول بنا کر مبعوث فرمایا۔
دوم : اللہ تعالیٰ نے سابقہ انبیا علیہم السلام کو بتا دیا تھا کہ وہ اپنے امانت دار رسول اور خاتم المرسلین کو مبعوث فرمائے گا اور ان سے یہ عہد ومیثاق لیا تھا کہ اگر ان کی زندگی میں آپ ﷺ کی بعثت ہوئی تو آپ پر ایمان لانا اور آپ کی اتباع کرنا واجب ہوگا۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے : ’’جب اللہ تعالیٰ نے نبیوں سے عہد لیا کہ جو کچھ میں تمھیں کتاب وحکمت دوں پھر تمھارے پاس وه رسول آئے جو تمھارے پاس موجود (کتاب) کو سچ بتائے تو تمھارے لیے اس پر ایمان ﻻنا اور اس کی مدد کرنا ضروری ہے۔ فرمایا کہ تم اس کے اقراری ہو اور اس پر میرا ذمہ لے رہے ہو؟ سب نے کہا کہ ہمیں اقرار ہے، فرمایا تو اب گواه رہو اور خود میں بھی تمھارے ساتھ گواہوں میں ہوں۔‘‘ [سورة آل عمران : 81]۔
سوم : چونکہ حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰ علیہما السلام کی رسالت، زمانے کے اعتبار سے ہمارے نبی محمد ﷺ کی رسالت کے سب سے زیادہ قریب تھی، اس لیے ان دونوں کی کتابوں اور بنی اسرائیل کے دیگر انبیا کی کتابوں میں کثرت سے نصوص وارد ہیں۔ یہ نصوص آپ ﷺ کی صفات، آپ کے شہر کی صفات، آپ کی ہجرت، آپ کے دین کے شعائر اور آپ کے صحابہ کی صفات پر مشتمل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ان میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے انھیں عطا ہونے والی نصرت اور غلبے کے علاوہ دیگر امور بھی شامل ہیں، جن کا تذکرہ ان کی کتابوں میں آیا ہے۔ اسی طرح ان میں آپ ﷺ کی آمد کی بشارت، آپ کے استقبال کے لیے دلوں کو تیار کرنے، آپ پر ایمان لانے اور آپ کی اتباع کرنے کا حکم بھی موجود ہے۔ بنی اسرائیل کے علما ان نصوص کو بخوبی جانتے تھے۔ آپ ﷺ کی اور آپ کے صحابہ کی صفات بنی اسرائیل کے علما اور عیسائیوں کے احبار و رہبان کے ذہنوں میں پوری طرح راسخ ہو چکی تھیں۔ اس سلسلے میں بے شمار واقعات ہیں، جن سے تاریخ کی کتابیں بھری پڑی ہیں۔ ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہی کافی ہے : ’’جنھیں ہم نے کتاب دی ہے وه تو اسے ایسا پہچانتے ہیں جیسے کوئی اپنے بچوں کو پہچانے۔ ان کی ایک جماعت حق کو پہچان کر پھر چھپاتی ہے۔‘‘ [سورۃ البقرۃ : 146]۔ یہاں تک کہ آپ ﷺ کے جسم مبارک پر موجود جسمانی نشانی بھی ان کی کتابوں میں درج تھی اور آج بھی ان کی کتابوں میں موجود ہے۔ اس نشانی کا وصف صحیح بخاری ومسلم میں موجود ہے، جیسا کہ سائب بن یزید رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ : ’’پھر میں ان کے پیٹھ کے پیچھے کھڑا ہوا تو میں ان کے دونوں کندھوں کے درمیان کبوتری کے انڈے کے مثل نبوت کی مہر دیکھا۔‘‘ صحیح البخاری، حدیث نمبر : 190۔ (اور زر الحجلۃ : کبوتر کا انڈا)۔
عبد اللہ بن سلام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا : ’’جب اللہ کے رسول ﷺ مدینہ تشریف لائے تو لوگ آپ کی طرف دوڑ پڑے اور کہنے لگے : اللہ کے رسول ﷺ آ گئے، اللہ کے رسول ﷺ آگئے، چنانچہ میں بھی لوگوں کے ساتھ آیا تاکہ آپ کو دیکھوں، پھر جب میں نے اللہ کے رسول ﷺ کا چہرہ دیکھا تو پہچان گیا کہ ان کا چہرہ کسی جھوٹے کا چہرہ نہیں ہے۔‘‘ [سنن ترمذی، حدیث نمبر : 2485، اور سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر : 1334]، لیکن چوں کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بعد سارے انبیائے کرام بنی اسرائیل، یعنی حضرت یعقوب علیہ السلام کی اولاد میں سے تھے، لہذا یہودیوں نے یہ گمان کر لیا کہ آخری نبی بھی انہی میں سے ہوں گے۔ پھر جب اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو محمد بن عبداللہ کی شکل میں ابراہیم علیہ السلام کے بیٹے اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے مبعوث فرما دیا اور آپ ﷺ پر وہ تمام صفات صادق آگئیں جو ان کی کتابوں میں موجود تھیں، تو وہ حسد میں مبتلا ہوگئے اور آپ کا انکار کر دیا۔ ان میں سے چند لوگوں کے سوا کوئی ان پر ایمان نہیں لایا، اس کے باوجود کہ ان میں سے بہت سے لوگ ان کی نبوت کی گواہی دیتے تھے۔
پانچواں : اللہ تعالیٰ نے آپ کو رسالت کی ذمہ داری سونپنے کے بعد معجزات اور واضح نشانیوں کے ذریعہ آپ کی تائید وحمایت فرمائی۔ آپ کی ان نشانیوں میں سے بعض آسمانی نشانیاں تھیں، جیسے شق القمر اور اسرا و معراج اور بعض زمینی نشانیاں تھیں، جیسے کھانے پینے کی اشیا کا بڑھ جانا اور تنے کا آپ کے شوق میں رونا۔ اور ان کے علاوہ بھی بہت سی نشانیاں ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو وہ عظیم نشانی عطا فرمائی ہے، جو قیامت تک باقی رہنے والی ہے۔ یعنی قرآنِ عظیم۔ نیز اللہ تعالیٰ نے آپ کی تائید معزز صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے بھی فرمائی، جو اس دین کے بہترین علم بردار تھے۔ انھوں نے اسے دنیا کے کونے کونے میں پھیلا دیا۔ چنانچہ آپ کے صحابہ رضی اللہ عنہم اور آپ کے دین کا پھیلنا آپ کی نبوت کی سچائی کی ایک واضح نشانی ہے۔
یہ نوع بہ نوع نشانیاں جو اللہ تعالیٰ نے آپ کو عطا کی ہیں، انبیا علیہم السلام میں سے کسی کو بھی ان جیسی نشانیاں ایک ساتھ نہیں دی گئیں۔
چھٹا : ہمارے نبی محمد ﷺ کی نبوت بھی اسی طرح ثابت ہے جس طرح ابراہیم، موسیٰ، عیسیٰ اور دیگر تمام انبیا علیہم السلام کی نبوت اللہ عز وجل کی طرف سے ان پر وحی کے ذریعے ثابت ہوئی تھی۔ اور جس طریقے سے کسی نبی کی نبوت ثابت ہوتی ہے، اسی طریقے سے ہمارے نبی محمد ﷺ کی نبوت بھی ثابت ہوتی ہے۔ چنانچہ سابقہ انبیا کی نبوت کے اثبات کے طریقے یہ ہیں : کتاب، معجزات، ان پر ایمان لانے والے پیروکار اور رسالت کا تواتر کے ساتھ نقل ہونا۔ ان تمام طریقوں سے ہمارے نبی محمد ﷺ کی نبوت بھی ثابت ہوتی ہے۔ آپ کی کتاب سب سے عظیم کتاب ہے جو اللہ تعالیٰ نے کسی نبی کو عطا فرمائی ہے، آپ کے معجزات سب سے عظیم معجزات ہیں، آپ کے صحابہ کرام تمام انبیا کے اصحاب میں سب سے بہترین ہیں اور جس تواتر کے ساتھ آپ ﷺ کی نبوت نقل ہوئی ہے وہ تمام نبوتوں کے نقل ہونے والے تواتر سے عظیم تر ہے۔ آپ کے لیے یہی کافی ہے کہ حجۃ الوداع میں آپ کے ساتھ حاضر ہونے والے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی تعداد ایک لاکھ سے زائد تھی۔
مذکورہ بالا تفصیل سے آپ پر واضح ہوگیا کہ آپ ﷺ کی نبوت کس طرح ثابت ہوئی اور ان تمام صدیوں کے دوران آپ کا دین کس طرح قائم و دائم اور پھیلتا رہا اور یہ بذات خود آپ ﷺ کی نبوت کی ایک اور دلیل ہے۔ اور اللہ کے حکم سے قیامت تک یہ اسی طرح باقی رہے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی محمد ﷺ پر درود و سلام نازل فرمائے۔
***
سوال :
اللہ کے نبی عیسی علیہ السلام نے نبی محمد ﷺ کے بارے میں کیا فرمایا ہے؟
جواب :
پچھلے انبیا میں سے اکثر نے اپنی اپنی قوم کو خاتم النبیین محمد ﷺ کی آمد کی بشارت دی تھی اور اپنی قوم سے یہ عہد لیا تھا کہ اگر ان کی زندگی میں اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو مبعوث فرما دیا تو وہ آپ ﷺ پر ایمان لائیں گے اور آپ کی اتباع کریں گے۔ اس باب میں نصوص اس قدر زیادہ موجود ہیں کہ ان کا احاطہ نہیں کیا جا سکتا۔ چونکہ حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰ علیہما السلام کی رسالت زمانے کے اعتبار سے ہمارے نبی محمد ﷺ کی رسالت کے سب سے زیادہ قریب تھی؛ اس لیے ان دونوں کی کتابوں اور بنی اسرائیل کے دیگر انبیا کی کتابوں میں کثرت سے نصوص وارد ہوئے ہیں، اور یہ نصوص آپ ﷺ کی صفات، آپ کے شہر کی صفات، آپ کی ہجرت کی صفات، آپ کے دین کے شعائر اور آپ کے صحابہ کرام کی صفات پر مشتمل تھے۔ ان کی کتابوں میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے انھیں عطا کی جانے والی نصرت و غلبہ کا تذکرہ اور اس کے علاوہ بھی دیگر بہت سی چیزیں موجود تھیں۔ اسی طرح ان میں آپ ﷺ کی آمد کی بشارت، آپ ﷺ کے استقبال کے لیے دلوں کو تیار کرنے اور آپ ﷺ پر ایمان لانے اور آپ کی اتباع کرنے کا حکم بھی شامل تھا۔ بنی اسرائیل کے علما ان نصوص کو خوب جانتے تھے۔ آپ ﷺ کی اور آپ کے صحابہ کی صفات بنی اسرائیل کے علما، نیز عیسائی علما اور ان کے راہبوں کے ذہنوں میں راسخ ہو چکی تھیں، لیکن انھوں نے ان میں سے بیش تر نصوص میں تحریف کر دی، تاہم ان کے بہت سے شواہد اب بھی باقی ہیں، خواہ وہ عہد نامہ قدیم (یہودی انبیا کے صحیفوں) میں ہوں، یا عہد نامہ جدید (عیسائی علما کی تحریروں کا مجموعہ) میں ہوں، جن کے متعلق ان کا گمان ہے کہ انھوں نے اسے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے ہم عصر لوگوں سے نقل کیا ہے۔ ان نصوص میں سے چند درج ذیل ہیں :
اولاً : موسیٰ علیہ السلام کو اس عظیم نبی ﷺ کی بشارت دی گئی تھی، جیسا کہ سفرِ استثنا میں ہے : "میں ان کے لیے ان کے بھائیوں میں سے تیری مانند ایک نبی برپا کروں گا، اپنا کلام اس کے منہ میں ڈالوں گا اور جو کچھ میں اسے حکم دوں گا وہی وہ ان سے کہے گا۔ جو شخص میری ان باتوں کو جنھیں وہ میرا نام لے کر کہے گا، نہ سنے تو میں اس کا حساب اس سے لوں گا)۔ استثنا 18: 18- 19۔
بنو اسرائیل کے بھائی بنو اسماعیل ہیں اور بنو اسماعیل میں سے محمد رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم کے سوا کوئی رسول مبعوث نہیں ہوا۔ موسیٰ علیہ السلام اس نص میں اس شخص کے لیے اللہ کی وعید کا ذکر کرتے ہیں جو رسول اللہ محمد صلى اللہ علیہ وسلم کی بات نہ سنے۔ یہاں اللہ کا یہ فرمان ہے : (أَنَا أُطَالِبُهُ) یعنی میں اس سے بازپرس کروں گا۔ ظاہر سی بات ہے کہ جس سے اللہ بازپرس کرے، وہ اسے پکڑ لیتا ہے۔
موسیٰ علیہ السلام نے یہ بھی فرمایا کہ آخری نبی (فاران) سے ظاہر ہوں گے اور فاران مکہ مکرمہ کے پہاڑ ہیں۔ اسماعیل علیہ السلام کے بعد مکہ مکرمہ سے محمد رسول اللہ ﷺ کے سوا کوئی نبی مبعوث نہیں ہوا، جیساکہ سفرِ استثنا میں آیا ہے : (خداوند سینا سے آیا، سعیر سے ان پر طلوع ہوا اور کوہِ فاران سے جلوہ گر ہوا)۔ استثنا 33 : 2۔
ثانیََا : داود علیہ السلام نے بھی اس نبی کی بشارت دی۔ چنانچہ فرمایا : "جس پتھر کو معماروں نے در کنار کیا وہی کونے کا سرا ہو گیا۔ یہ خداوند کی طرف سے ہوا اور ہماری نگاہوں میں یہ بڑی عجیب بات ہے۔" (زبور 118 : 22)۔ اس بشارت کا مطلب یہ ہے کہ وہ رسالت جسے بنو اسرائیل نے اسماعیل (عرب) کی نسل سے ہونے کی وجہ سے قبول کرنے سے انکار کیا تھا، وہی سب سے عظیم رسالت بن گئی؛ کیوں کہ یہ سب سے عظیم رسول کے ذریعہ بنی نوع انسان کے لیے آنے والی آخری رسالت ہے۔ عمارت سے تشبیہ اس لیے دی گئی ہے کیوں کہ ہر نبی اس کام کو مکمل کرتا ہے جس کا آغاز اس سے پہلے والے نبی نے کیا ہوتا ہے، یہاں تک کہ جب انبیا کی بعثت کا سلسلہ مکمل ہو گیا، آخری نبی کے سوا کوئی باقی نہ رہا اور عمارت تکمیل کے قریب پہنچ گئی، جس میں صرف ایک اینٹ کی جگہ باقی رہ گئی، تو اللہ تعالی نے اپنے رسول اور خلیل محمد ﷺ کو مبعوث فرمایا؛ چنانچہ آپ کے ذریعہ دین مکمل ہو گیا، نعمت تمام ہو گئی، نبوتوں کا سلسلہ ختم ہو گیا اور عمارت کی تکمیل ہو گئی۔ پس رسول اللہ ﷺ ہی خاتم الأنبیا والمرسلین علیہم الصلاۃ والسلام ہیں اور آپ ہی کی مثال اس پتھر سے دی گئی ہے، جس کی طرف اس بشارت میں اشارہ کیا گیا ہے۔
ثالثََا : مسیح علیہ السلام نے فرمایا ہے، جیسا کہ متی میں ہے : "اس لیے میں تم سے کہتا ہوں : بے شک اللہ کی بادشاہت تم سے چھین لی جائے گی اور ایسی امت کو دے دی جائے گی جو اس کے پھل لائے گی"۔ متی 21: 42۔ اس عجیب خبر پر غور کریں جو اس بشارت میں موجود ہے اور وہ یہ ہے کہ مسیح علیہ السلام نے بنو اسرائیل کو خبر دی کہ نبوت ان سے بنو اسماعیل علیہ السلام میں منتقل ہو جائے گی؛ اور وہ واحد نبی جنھیں اللہ نے اسماعیل کی نسل سے مبعوث فرمایا وہ خاتم الانبیاء محمد رسول ﷺ ہیں۔
مسیح علیہ السلام نے یہ بھی فرمایا، جیسا کہ سفرِ یوحنا میں ہے : "اور جب وہ تسلی دینے والا آئے گا جسے میں تمھارے پاس باپ کی طرف سے بھیجوں گا، سچائی کی روح، جو باپ کی طرف سے صادر ہوتی ہے، تو وہ میری گواہی دے گا۔ اور تم بھی گواہی دو گے، کیونکہ تم شروع ہی سے میرے ساتھ ہو"۔ یوحنا 15: 26-27۔
ایسے میں محمد رسول اللہ ﷺ کے سوا اور کون ہے جس نے سیدنا مسیح کی رسالت کی گواہی دی اور انھیں ان بہتانوں سے پاک قرار دیا جو یہودیوں نے ان پر اور ان کی والدہ علیہا السلام پر باندھے تھے؟ اسی طرح مسیح علیہ السلام نے فرمایا ہے : "مجھے تم سے اور بھی بہت سی باتیں کہنی ہیں، لیکن ابھی تم انھیں برداشت نہیں کر سکتے۔ جب وہ یعنی 'روحِ حق' آئے گا، تو وہ تمام حق کی طرف تمھاری رہنمائی کرے گا، کیوں کہ وہ اپنی طرف سے کچھ نہ کہے گا، بلکہ جو کچھ سنے گا وہی کہے گا، اور تمھیں آئندہ کی خبریں دے گا۔ وہ میری تمجید کرے گا، کیوں کہ وہ مجھ ہی سے باتیں حاصل کر کے تمھیں خبریں دے گا"۔ یوحنا 16: 12 – 14۔
اللہ تعالیٰ نے اہل کتاب کے بارے میں یہ بات ثبت فرما دی ہے کہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اچھی طرح پہچانتے تھے اور انھیں اسی طرح جانتے ہیں جیسے وہ اپنے بچوں کو پہچانتے ہیں۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’جنھیں ہم نے کتاب دی ہے وه تو اسے ایسا پہچانتے ہیں جیسے کوئی اپنے بچوں کو پہچانے، ان کی ایک جماعت حق کو پہچان کر پھر چھپاتی ہے۔‘‘ [سورۃ البقرۃ : 146]۔
قرآنِ کریم نے نصاریٰ کے بارے میں یہ بات بھی واضح طور پر بیان کی ہے کہ حضرت مسیح علیہ السلام نے جس طرح اپنی قوم کو اپنے اوصاف اور اپنے مقصدِ بعثت کے بارے میں بتا دیا تھا – جیسا کہ گزشتہ نصوص میں مذکور ہے – اسی طرح انھوں نے آنے والے نبی کے نام کی بھی صراحت فرما دی تھی۔ چنانچہ اللہ تعالی نے فرمایا ہے : ’’اور جب مریم کے بیٹے عیسیٰ نے کہا : اے (میری قوم)، بنی اسرائیل! میں تم سب کی طرف اللہ کا رسول ہوں مجھ سے پہلے کی کتاب تورات کی میں تصدیق کرنے واﻻ ہوں اور اپنے بعد آنے والے ایک رسول کی میں تمھیں خوشخبری سنانے واﻻ ہوں جن کا نام احمد ہے۔ پھر جب وه ان کے پاس کھلی دلیلیں ﻻئے تو یہ کہنے لگے، یہ تو کھلا جادو ہے۔‘‘ [سورۃ الصف : 6]۔
ان خوبصورت بشارتوں سے متعلق مزید نصوص کے لیے قاری درج ذیل کتابوں کا مطالعہ کر سکتا ہے :
الدين والدولة في إثبات نبوة نبينا محمد ﷺ، تاليف: علي بن ربّن الطبري، تحفة الأريب في الرد على عباد الصليب، تاليف : عبد الله الترجمان۔ اسلام لانے سے پہلے ان کا نام انسلم تورمیدا تھا۔
محمد في التوراة والإنجيل والقرآن، تالیف: ابراہیم خلیل احمد۔ اسلام قبول کرنے سے پہلے ان کا نام ابراہیم فیلبس تھا۔
کتابِ مقدس میں محمد، تالیف : عبد الاحد داود۔
ان تالیفات کے مولفین عیسائی تھے۔ بعد میں انھوں نے انھوں نے اسلام قبول کر لیا۔ فللہ الحمد۔
یہ کوئی تعجب کی بات نہیں کہ انسان یہ پوچھے کہ مسیح علیہ السلام نے ہمارے نبی محمد ﷺ کے بارے میں کیا فرمایا ہے، بلکہ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ انسان یہ جان لے کہ انبیا و رسل اللہ کی طرف سے ایک ہی مقصد یعنی صرف ایک اللہ کی عبادت کی دعوت دینے کے لیے تشریف لائے تھے،انھوں نے اللہ پر، مرنے کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے پر اور حساب و کتاب اور جزا و سزا پر ایمان لانے کی دعوت دی ہے، پھر بھی وہ ان کے لائے ہوئے پیغام پر ایمان نہ لائے۔ اللہ کی قسم! یہی کھلا نقصان اور ایسی ہلاکت ہے جسے ٹالا نہیں جا سکتا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی محمد ﷺ پر درود و سلام نازل فرمائے۔
نیز دیکھیں: ’’حبي العظيم للمسيح عليه السلام قادني إلى الإسلام‘‘ ص 169، اور ’’بشارة المسيح عليه السلام‘‘ از محمد بن عبد اللہ السحیم ۔
***
سوال :
کیا نبی محمد ﷺ کو کسی بھی قسم کے معجزے کے ساتھ مبعوث کیا گیا تھا؟
جواب :
معجزہ سے مراد وہ خلافِ عادت امر ہے جسے اللہ تعالی کسی نبی کے ہاتھوں ظاہر فرماتا ہے، جو اس کی قوم کے سامنے اس کی دعوت کے لیے ایک دلیل ہوتا ہے، جیسے ابراہیم علیہ السلام کا معجزہ جب انھیں آگ میں ڈالا گیا تو آگ ان پر ٹھنڈی اور سلامتی والی بن گئی، موسیٰ علیہ السلام کے معجزات؛ جن میں عصا، یدِ بیضا اور طوفان شامل ہیں اور عیسی علیہ السلام کا معجزہ کہ وہ مادر زاد اندھے اور کوڑھی کو شفا دیتے اور اللہ کے حکم سے مردوں کو زندہ کر دیتے تھے۔ بسا اوقات اللہ تعالی کسی رسول کو بھیجتا ہے اور اس کے ساتھ کوئی معجزہ نہیں دیتا؛ بلکہ نبی کا حال، اس کی استقامت اور جو وحی وہ لے کر آیا ہے، وہ یہ ثابت کرنے کے لیے کافی ہوتی ہے کہ وہ اللہ کے بھیجے ہوئے نبی ہیں، کیوںکہ لوگ سچے اور جھوٹے میں امتیاز کر لیتے ہیں؛ اسی لیے جب نبی ﷺ مدینہ تشریف لائے تو عبد اللہ بن سلام نے کہا تھا : ’’لوگ آپ کی جانب دوڑ پڑے، تو میں بھی دوڑنے والوں میں شامل ہو گیا۔ جب میں نے آپ کا چہرہ غور سے دیکھا تو میرے سامنے یہ حقیقت عیاں ہو گئی کہ یہ کسی جھوٹے کا چہرہ نہيں ہو سکتا۔ اس دوران میں نے آپ کو جو پہلی بات کہتے ہوئے سنی، وہ یہ تھی : سلام عام کرو، کھانا کھلاؤ، صلہ رحمی کرو اور رات کو جب لوگ سو رہے ہوں تو اُس وقت نماز پڑھو، تم سلامتی کے ساتھ جنت میں داخل ہو جاؤ گے۔‘‘ [مسند احمد، حدیث نمبر : 23784، جامع ترمذی، حدیث نمبر : 2485، سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر : 1334]۔
یقیناً اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیا اور رسولوں علیہم السلام کی واضح نشانیوں اور زبردست دلائل کے ساتھ تائید فرمائی اور یہ نشانیاں مختلف اور متنوع تھیں، لیکن اللہ تعالیٰ نے ہر نبی کی نشانیوں کو اس قدر کافی بنایا تھا کہ انسان ان پر ایمان لے آئے اور ان کے ذریعے ان پر حجت قائم ہو جائے؛ تاکہ وہ جان لیں کہ وہ اللہ کی طرف سے بھیجے گئے نبی ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا ہے : ’’انبیاء میں سے جو بھی نبی آیا ہے اسے کچھ ایسی نشانیاں دی گئیں جن کے مطابق اس پر ایمان لایا گیا، یا فرمایا : ان نشانیوں کے سبب لوگ ان پر ایمان لائے، اور مجھے جو معجزہ دیا گیا وہ قرآن مجید ہے جو اللہ نے میری طرف بذریعۂ وحی بھیجا ہے۔ اس بنا پر مجھے امید ہے کہ قیامت کے دن میرے پیروکار تمام انبیاء علیہم السلام کے پیکاروں سے زیادہ ہوں گے۔‘‘ [متفق علیہ : صحیح بخاری، حدیث نمبر : 7274 اور صحیح مسلم، حدیث نمبر : 239]۔
ہمارے نبی ﷺ بہت سے معجزات کے ساتھ بھیجے گئے تھے۔ امام ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ’’ائمہ کرام نے اس سلسلے میں ایک ہزار سے زیادہ معجزات جمع کیے ہیں، جن میں سے سب سے نمایاں اور سب سے بڑا معجزہ قرآنِ عزیز ہے، جس میں باطل نہ آگے سے آ سکتا ہے اور نہ پیچھے سے، یہ حکمت والے، قابلِ تعریف اللہ کی طرف سے نازل کردہ کتاب ہے۔ اس کا اعجاز اس کے الفاظ و معانی دونوں اعتبار سے ہے۔ جہاں تک اس کے الفاظ کا تعلق ہے تو وہ کلام کی فصاحت کے اعلیٰ ترین مقام پر فائز ہیں۔ جس شخص کی بھی اس فن میں معرفت بڑھتی گئی، اس باب میں اس کے دل میں قرآن کی عظمت میں اتنا ہی اضافہ ہوتا گیا۔ قرآن عظیم نے اپنے زمانے کے فصحا اور بلغا کو ان کی سخت دشمنی اور اسے جھٹلانے کی شدید حرص کے باوجود چیلنج کیا کہ وہ اس جیسی کوئی کتاب لے آئیں، اس جیسی دس سورتیں لے آئیں، اس جیسی کوئی ایک سورت لے آئیں، لیکن وہ عاجز رہے۔ انھیں آگاہ کر دیا گیا کہ وہ کبھی اس کی طاقت نہیں رکھ سکتے، بلکہ تمام جنوں اور انسانوں کو چیلنج کیا گیا کہ وہ اس جیسی کوئی کتاب لے آئیں، لیکن وہ عاجز رہے، اور انھیں اس یہ بتا بھی دیا گیا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’کہہ دیجیے کہ اگر تمام انسان اور کل جنات مل کر اس قرآن کے مثل ﻻنا چاہیں تو ان سب سے اس کے مثل ﻻنا ناممکن ہے گو وه (آپس میں) ایک دوسرے کے مددگار بھی بن جائیں۔‘‘ [سورۃ الإسراء : 88]۔ اس کے اعجاز کی بہت سی دوسری جہتیں بھی ہیں۔ جہاں تک اس کے معانی کا تعلق ہے تو وہ کمال درجے کے باہمی ربط، حکمت، رحمت، مصلحت، عمدہ انجام اور کامل موافقت پر مشتمل ہے۔ نیز اس میں اعلیٰ مقاصد کا حصول اور مفاسد کا خاتمہ پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے جو اس شخص پر ظاہر ہوتا ہے جس کے پاس شبہات اور خواہشات سے پاک عقل اور صحیح سمجھ ہو۔ ہم ان شبہات اور خواہشات سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگتے ہیں اور اسی سے ہدایت کے طلب گار ہیں۔
ان دلائل میں سے ایک یہ ہے کہ آپ ایک ایسی قوم کے درمیان پلے بڑھے جو آپ کے نسب، آپ کی پرورش اور آپ کے شب و روز سے بخوبی واقف تھی۔ آپ ان کے درمیان ایک یتیم کی حیثیت سے، امانت دار، صدق گو، نیکوکار اور ہدایت یافتہ تھے، یہ سب کے سب جانتے تھے اور اس کا انکار صرف وہی کرتا تھا جو ہٹ دھرم، کج بحث اور متکبر تھا۔ آپ امی تھے، لکھنا نہیں جانتے تھے اور نہ ہی آپ کا تحریر اور اہل تحریر سے کوئی واسطہ تھا اور ان کے علاقوں میں پہلوں کا کوئی علم نہ تھا، اور نہ کوئی ایسا شخص تھا جو اس بارے میں کچھ جانتا ہو، پھر آپ اپنی عمر کے چالیسویں سال ان کے پاس آئے، اور انھیں ماضی کے واقعات تفصیل اور وضاحت کے ساتھ بتانے لگے، جس کی گواہی پچھلی کتابوں کے وہ علما دیتے تھے جو ان میں بصیرت رکھتے اور سچائی کے ذریعے ہدایت یافتہ تھے۔۔۔، اور انہی میں سے مستقبل کے ان غیبی امور کی وہ خبریں بھی ہیں جو نبی ﷺ نے اس قرآن میں اور اپنی صحیح احادیث میں دی ہیں، جو آپ کی دی گئی خبر کے حرف بحرف مطابق ثابت ہوئیں، جن کی مکمل تفصیل بیان کرنا یہاں طویل ہو جائے گا۔ آپ کے معجزوں میں وہ عظیم خوارقِ عادات بھی شامل ہیں جو اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کے دستِ مبارک پر ظاہر فرمائے۔ ان میں سے ایک خارق عادت شق قمر کا واقعہ بھی ہے جس کی خبر اللہ عز و جل نے اپنی کتابِ عزیز میں دی ہے۔ واقعہ یہ تھا کہ مشرکین نے آپ ﷺ سے ایک نشانی (معجزہ) کا مطالبہ کیا۔ وہ رات کا وقت تھا۔ چنانچہ آپ ﷺ نے چاند کی طرف اشارہ کیا، تو اس کے دو ٹکڑے ہو گئے۔ پھر مشرکین نے اپنے اردگرد کے قبائل سے بھی پوچھا تاکہ ایسا نہ ہو کہ آپ ﷺ نے ان پر جادو کر دیا ہو، لیکن ان لوگوں نے بھی انھیں وہی بتایا جیسا انھوں نے دیکھا تھا۔ یہ واقعہ اہلِ علم و خبر کے نزدیک آپ ﷺ سے تواتر کے ساتھ مروی ہے اور اسے متعدد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین نے روایت کیا ہے۔ آپ کے کچھ معجزے ایسے بھی ہیں جو آپ ﷺ کی دعا کی برکت کی شکل میں ظاہر ہوئے۔۔۔ چنانچہ ان میں سے ایک واقعہ یہ ہے کہ آپ ﷺ نے ابن مسعود رضی اللہ عنہ کے پاس موجود چرائی جانے والی ایک بکری کے بچے کے حق میں اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائی۔ آپ نے بسم اللہ پڑھ کر اس کا دودھ دوہا، تو اس کے تھن دودھ سے بھر آئے۔ چنانچہ آپ ﷺ نے خود بھی پیا اور ابو بکر رضی اللہ عنہ کو بھی پلایا۔ اسی طرح آپ نے ام معبد کی بکری کے ساتھ بھی کیا۔ آپ نے طفیل بن عمرو رضی اللہ عنہ کے لیے دعا فرمائی، تو ان کے کوڑے کے سرے پر ایک نشانی نمودار ہوئی، جو ایسا چمکتا ہوا نور تھا کہ دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔ ایسا ہی واقعہ اسید بن حضیر اور عباد بن بشر انصاری رضی اللہ عنہما کے ساتھ بھی پیش آیا، جب وہ ایک اندھیری رات میں آپ کی خدمت سے نکل کر روانہ ہوئے۔ اسی طرح آپ نے ان سات افراد کے لیے بددعا فرمائی جنھوں نے حالت نماز میں آپ ﷺ کا مذاق اڑایا تھا، چنانچہ وہ جنگ بدر میں مارے گئے۔ آپ نے ابو لہب کے بیٹے کے لیے بددعا فرمائی، تو اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کی دعا کے عین مطابق شام میں اس پر ایک درندے کو مسلط کر دیا۔ آپ نے سراقہ کے لیے بددعا کی تو اس کے گھوڑے کے دونوں پاؤں زمین میں دھنس گئے، پھر آپ نے اللہ سے دعا کی تو اسے رہائی مل گئی۔ بدر کے دن آپ نے کفار قریش کی طرف ایک مٹھی کنکریاں پھینکیں تو ان میں سے ہر ایک کو اس میں سے کچھ نہ کچھ ضرور لگا اور اللہ نے انھیں شکست سے دوچار کیا۔ اسی طرح آپ نے حنین کے دن بھی کیا۔ بدر کے دن آپ نے عکاشہ بن محصن کو لکڑی کا ایک ٹکڑا عنایت فرمایا تو وہ ان کے ہاتھ میں ایک تیز دھار والی تلوار بن گیا۔ آپ نے اپنے چچا عباس کو، جب وہ قیدی تھے، اس مال کے بارے میں بتادیا جو انھوں نے اور ام الفضل نے اپنے دروازے کی چوکھٹ کے نیچے دفن کر رکھا تھا، تو انھوں نے اس کا اعتراف کر لیا۔ آپ نے عمیر بن وہب کو ان کے آنے کے اصل مقصد، یعنی آپ کے قتل کے ارادے سے باخبر کر دیا، جب کہ وہ یہ عذر پیش کر رہے تھے کہ وہ تو بدر کے قیدیوں کا فدیہ دینے آئے ہیں، چنانچہ انھوں نے اس کا اعتراف کر لیا اور اسی وقت اسلام لے آئے۔ رضی اللہ عنہ۔ غزوۂ احد کے دن آپ نے قتادہ بن نعمان ظفری رضی اللہ عنہ کی آنکھ کو اس وقت واپس اس کی جگہ پر لگا دیا جب وہ بہہ کر ان کے رخسار پر آ گئی تھی، (اور ایک قول کے مطابق: جب نکل کر ان کے ہاتھ میں آ گئی تھی)۔ پھر وہ ان کی دونوں آنکھوں میں سے سب سے خوب صورت آنکھ بن گئی، یہاں تک کہ دونوں آنکھوں کے درمیان کوئی فرق نظر نہيں آتا تھا۔ غزوۂ خندق کے موقع پر آپ نے جابر رضی اللہ عنہ کے گھر بکری کے ایک بچے اور ایک صاع جو سے ایک جم غفیر کو کھانا کھلایا، جن کی تعداد ایک ہزار کے قریب تھی۔ جیسا کہ اسی روز آپ نے بشیر کی بیٹی کی لائی ہوئی نہایت تھوڑی سی کھجوروں سے بھی لوگوں کو کھلایا۔ اسی طرح آپ نے اتنے تھوڑے کھانے سے تقریباً اسی (80) افراد کو شکم سیر کیا جسے قریب تھا کہ آپ کا دستِ مبارک چھپا لے۔ بالکل اسی طرح کا معجزہ اس دن بھی ظاہر ہوا جس روز آپ ﷺ زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا کے دولہا بنے۔ غزوہ تبوک کے موقع پر ایک عظیم واقعہ رونما ہوا۔ آپ ﷺ نے لشکر کو کھانا کھلایا اور انھوں نے اپنے ساتھ موجود ہر برتن کو بکری کے بیٹھنے کی جگہ کے برابر جگہ میں رکھے ہوئے کھانے سے بھر لیا۔ اس دن آپ ﷺ نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کو ایک توشہ دان عطا فرمایا، تو وہ عمر بھر اس میں سے کھاتے رہے۔ انھوں نے اس سے اللہ کی راہ میں بہت سا زاد راہ تیار کر کے دیا۔ وہ توشہ دان حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت کے ایام تک مسلسل ان کے پاس ہی رہا۔ اسی طرح جب لوگ قحط کے شکار ہو گئے تو آپ ﷺ نے اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائی۔ چنانچہ آپ ﷺ منبر سے نیچے بھی نہیں اترے تھے کہ مسجد کی چھت سے آپ ﷺ کی داڑھی مبارک پر پانی ٹپکنے لگا، حالانکہ اس سے قبل آسمان پر نہ کوئی بادل تھا، نہ بادل کا کوئی ٹکڑا اور نہ ہی ابر کا کوئی چھوٹا سا ٹکڑا دکھائی دے رہا تھا۔ پھر جب آپ ﷺ نے ان کے لیے مطلع صاف ہونے کی دعا فرمائی تو مدینہ پر سے بادل یوں چھٹ گئے کہ مدینہ (کے ارد گرد بادلوں کا حلقہ) ایک تاج کی مانند بن گیا۔ آپ ﷺ نے قریش کے خلاف دعا فرمائی تو وہ ایسی سخت مشقت کے شکار ہو گئے جسے بیان نہیں کیا جا سکتا، یہاں تک کہ انھوں نے آپ ﷺ سے رحم کی التجا کی، تو آپ ﷺ کو ان پر رحم آ گیا اور آپ ﷺ نے ان سے وہ مصیبت دور فرما دی۔ آپ ﷺ کے پاس پانی کا ایک برتن لایا گیا تاکہ آپ ﷺ اس سے وضو فرمائیں، تو وہاں موجود لوگوں نے بھی آپ ﷺ کے ساتھ وضو کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ چنانچہ آپ ﷺ نے اپنا دست مبارک اس برتن میں رکھا لیکن وہ برتن کشادہ نہ تھا، پھر آپ ﷺ نے اللہ تعالی سے دعا فرمائی، تو آپ ﷺ کی انگلیوں کے درمیان سے پانی پھوٹ پڑا۔ بالکل اسی طرح آپ ﷺ نے صلح حدیبیہ کے موقع پر بھی کیا تھا۔ اس وقت لشکر چودہ سو افراد پر مشتمل تھا۔ حضرت جابر رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں : ’’اور اگر ہم ایک لاکھ بھی ہوتے تو وہ کھانا کافی ہو جاتا‘‘۔ اسی طرح آپ ﷺ سے بعض اسفار میں مشکیزے میں موجود پانی کے ایک قطرے کے سلسلے میں ایک شان دار معجزہ ظاہر ہوا۔ راوی کہتے ہیں : جب آپ ﷺ نے مجھے اسے برتن میں انڈیلنے کا حکم دیا، تو مجھے اندیشہ ہوا کہ خشک مشکیزہ ہی اسے جذب کر جائے گا۔ لیکن آپ ﷺ نے اپنا ہاتھ اس میں رکھا اور اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائی، تو آپ ﷺ کی انگلیوں کے درمیان سے صحابہ کے لیے پانی کا چشمہ جاری ہو گیا۔ چنانچہ انھوں نے وضو کیا اور اپنی پیاس بجھائی۔ اسی طرح آپ ﷺ نے حدیبیہ کے چشمے کی طرف اپنا تیر ارسال کیا اور وہ تیر اس میں نصب کیا گیا، تو وہاں سے خوب پانی جاری ہو گیا، یہاں تک کہ پانی ان سب کے لیے کافی ہو گیا۔ آپ کے معجزے تو اور بھی ہیں، لیکن جتنے ہم نے بیان کر دیے ہیں، وہ کافی ہیں۔
آپ ﷺ کی نبوت کی سب سے بڑی دلیلوں میں سے ایک دلیل آپ کی رسالت کا اس طرح باقی رہنا ہے کہ گویا وہ آج ہی نازل ہوئی ہو، جس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی اور بگاڑ نہیں آیا۔ اسی طرح آپ کا وہ دین بھی، جس پر آج بھی اسی طرح عمل کیا جا رہا ہے جس طرح آپ ﷺ نے اسے اپنی امت تک پہنچایا تھا۔ اس میں بھی کوئی چیز تبدیل نہیں ہوئی۔ چنانچہ وہ نماز جو نبی ﷺ نے پڑھی اور اسی طرح زکاۃ، روزہ، حج اور دیگر تمام اسلامی شعائر کو مسلمان بالکل اسی طرح ادا کرتے ہیں جس طرح رسول اللہ ﷺ نے ادا کیا تھا۔ آپ ﷺ کے پیروکار آج بھی اپنے دین کی حفاظت کر رہے ہیں اور آج بھی ہر روز ہر نسل اور زبان کے لوگ جوق در جوق اس دین میں داخل ہو رہے ہیں، جس سے اس کی اثر و رسوخ اور پھیلاؤ میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ جو بھی اس دین کی جستجو اور تحقیق کرتا ہے وہ اس کی حقیقت، اس کی بھلائی اور اس کے عقائد، اخلاق، معاملات اور احکام وقوانین کی درستگی سے بخوبی آگاہ ہو جاتا ہے۔
یہ تمام امور مسیح علیہ السلام کی اس تنبیہ کے منافی ہے، جب انھوں نے فرمایا، جیسا کہ انجیلِ متی میں ہے: ”جھوٹے نبیوں سے خبردار رہو جو تمھارے پاس بھیڑوں کے بھیس میں آتے ہیں، لیکن اندر سے وہ پھاڑنے والے بھیڑیے ہیں۔ تم انھیں ان کے پھلوں (اعمال و نتائج) سے پہچان لو گے۔ کیا کانٹوں سے انگور، یا اونٹ کٹاروں سے انجیر توڑے جاتے ہیں؟ اسی طرح ہر اچھا درخت اچھا پھل لاتا ہے اور برا درخت برا پھل لاتا ہے۔ کوئی اچھا درخت برا پھل نہیں لا سکتا اور نہ کوئی برا درخت اچھا پھل لا سکتا ہے۔ ہر وہ درخت جو اچھا پھل نہیں لاتا اسے کاٹ کر آگ میں ڈال دیا جاتا ہے۔ پس تم انھیں ان کے پھلوں (اعمال و نتائج) سے پہچان لو گے“۔ (متی 7: 15-20)۔
اللہ کی قسم! یہ آپ ﷺ کی نبوت کی صداقت، آپ کی رسالت کے کمال اور قیامت تک آپ کے دین کی بقا پر دلالت کرنے والے سب سے عظیم شواہد، دلائل اور معجزات میں سے ہے۔ اخیر میں ہمارے نبی محمد پر درود و سلام ہو۔
دیکھیں : الفصول في السيرة ص : 228-236۔
***
سوال :
کیا یہ بات درست ہے کہ نبی اکرم ﷺ ہی آخری نبی ورسول ہیں؟ اگر یہ بات درست ہے، تو اس کی کیا وجہ ہے؟ کیا آپ نہیں سمجھتے کہ موجودہ دور میں انسانیت کو مزید انبیا کی ضرورت ہے؟
جواب :
نبی محمد ﷺ خاتم النبیین ہیں اور چونکہ آپ ﷺ جس دین کے ساتھ مبعوث کیے گئے وہ تمام ادیان میں سب سے کامل اور مکمل دین ہے، اس لیے اس کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک خصوصیت یہ ہے کہ وہ ہر زمان و مکان کے لیے موزوں ہے اور اس کی نشر و اشاعت اور تشریح و تفہیم کا کام ربانی علما انجام دیتے ہیں۔
جب کہ یہاں سوال کرنے والا ایک طرح سے اللہ رب العالمین سے یہ کہہ رہا ہے : میں آپ سے زیادہ جانتا ہوں؛ آپ نے رسالتوں کے سلسلے کو جاری کیوں نہيں رکھا؟ جب کہ اللہ ہی خوب جانتا ہے کہ کہاں وہ اپنی پیغمبری رکھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اور جب ان کو کوئی آیت پہنچتی ہے تو یوں کہتے ہیں کہ ہم ہرگز ایمان نہ ﻻئیں گے جب تک کہ ہم کو بھی ایسی ہی چیز نہ دی جائے جو اللہ کے رسولوں کو دی جاتی ہے، اس موقع کو تو اللہ ہی خوب جانتا ہے کہ کہاں وه اپنی پیغمبری رکھے؟َ۔۔۔‘‘ [سورہ انعام : 124]۔
اللہ عز وجل نے ہمیں یہ بتایا ہے کہ سابقہ رسالتیں، جیسے حضرت ابراہیم، حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰ علیہم السلام کی رسالتیں اپنی اپنی قوموں کے لیے خاص تھیں۔ ان کے لیے ایک مدت مقرر تھی، جس کے ختم ہونے پر وہ ختم ہو گئیں۔ نیز اللہ تعالیٰ نے ان کی حفاظت کی ذمہ داری خود نہیں لی تھی؛ بلکہ ان کی حفاظت انسانوں کے سپرد کی تھی، جنھوں نے انھیں ضائع کر دیا، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’ہم نے تورات نازل فرمائی ہے جس میں ہدایت و نور ہے۔ یہودیوں میں اسی تورات کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے ماننے والے انبیا (علیہم السلام) اور اہل اللہ اور علما فیصلے کرتے تھے، کیونکہ انھیں اللہ کی اس کتاب کی حفاﻇت کا حکم دیا گیا تھا۔ اور وه اس پر اقراری گواه تھے...‘‘ [سورہ مائدہ : 44]۔
اللہ تعالیٰ نے اپنے رسولوں علیہم السلام کو اس بات کی اطلاع دے دی تھی کہ الہی رسالتوں کا سلسلہ ہمارے نبی محمد ﷺ کی رسالت پر ختم ہو جائے گا۔ اللہ عزوجل نے الہی رسالتوں کو ایسا بنایا ہے کہ وہ ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں اور بعد میں آنے والا اس عمارت کی تکمیل کرتا ہے جسے پہلے والے نے تعمیر کیا ہے؛ چنانچہ نبی داؤد علیہ السلام نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے فرمایا ہے : ’’جس پتھر کو معماروں نے ٹھکرا دیا تھا، وہی کونے کے سرے کا پتھر بن گیا ہے۔ یہ رب کی طرف سے ہوا ہے اور یہ ہماری نظروں میں عجیب ہے۔‘‘ (مزامیر : 118: 22)۔ اس بشارت کے معنی ہیں : رسالاتِ الہیہ ایک عمارت کے مشابہ ہیں اور ہر نبی اپنے سے پہلے نبی کے شروع کردہ کام کو مکمل کرتا ہے، یہاں تک کہ جب انبیا کی بعثت تکمیل کو پہنچی، آخری نبی کے سوا کوئی باقی نہ رہا، عمارت تکمیل کے قریب پہنچ گئی اور اس میں صرف ایک اینٹ کی جگہ باقی رہ گئی، تو اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول اور خلیل محمد ﷺ کو مبعوث فرمایا؛ پس آپ کے ذریعہ دین مکمل ہوگیا، آپ کے ذریعہ نعمت تمام ہوگئی، نبوتوں کا سلسلہ ختم ہوگیا اور عمارت کی تکمیل ہوگئی۔ چنانچہ رسول اللہ ﷺ ہی خاتم الأنبیا اور مرسلین علیہم الصلاۃ والسلام ہیں اور آپ ہی وہ ذات ہیں جن کی مثال اس پتھر سے دی گئی ہے جس کی طرف داود علیہ السلام کے کلام میں اشارہ کیا گیا ہے۔
یہ بات اناجیل میں بھی درج ہے۔ اناجیل میں بھی خاتم الانبیا نبی محمد ﷺ کی آمد کی بشارت آئی ہوئی ہے۔ مسیح علیہ السلام نے واضح طور پر کہا ہے کہ خاتم النبیین محمد ﷺ کی بعثت سے سلسلۂ رسالت مکمل ہو جائے گا، دین کامل ہو جائے گا اور ان کے ذریعے نعمت کی تکمیل ہو جائے گی۔ چنانچہ انھوں نے کہا ہے، جیسا کہ متی نے نقل کیا ہے : ’’عیسی (علیہ السلام) نے ان سے کہا : کیا تم نے کتابوں میں کبھی نہیں پڑھا؟ جس پتھر کو معماروں نے ٹھکرا دیا، وہی کونے کا سرا ہو گیا۔ یہ پروردگار کی طرف سے ہوا اور یہ ہماری نظروں میں عجیب ہے!‘‘ (متی : 42:21)۔ یہ اطلاع رسالہ پطرس اول : 7:2 میں بھی موجود ہے۔
خود رسول کریم محمد ﷺ نے وضاحت کے ساتھ سمجھایا ہے کہ آپ سے ماقبل کے انبیا نے جس کام کا آغاز کیا تھا، آپ نے اسے کس طرح مکمل کیا اور آپ کا کام کس طرح ان کے کام کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے والا تھا؟ آپ ﷺ نے فرمایا ہے : ’’میری اور مجھ سے پہلے کے انبیا کی مثال اس آدمی کی طرح ہے جس نے ایک گھر بنایا اور اسے بہت خوب صورت تیار کیا، مگر ایک کونے میں ایک اینٹ کی جگہ خالی چھوڑ دی، تو لوگ اس کے چاروں طرف گھومتے ہیں اور اسے دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ ایک اینٹ کیوں نہیں رکھی گئی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : پس میں ہی وہ اینٹ ہوں اور میں ہی خاتم النبیین ہوں۔‘‘ [صحیح بخاری، حدیث نمبر : 3535۔ الفاظ صحیح بخاری کے ہیں۔ صحیح مسلم، حدیث نمبر : 2286]۔
یہاں تک کہ جب ہمارے نبی محمد ﷺ کی بعثت کے ذریعے دین مکمل ہو گیا اور نعمت تمام ہو گئی، تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ’’۔۔۔آج میں نے تمہارے لئے دین کو کامل کردیا اور تم پر اپنا انعام بھرپور کردیا اور تمہارے لیے اسلام کے دین ہونے پر رضامند ہوگیا۔۔‘‘ [سورہ مائدہ : 3]۔
جہاں تک رسول کریم محمد ﷺ کا تعلق ہے تو اللہ تعالیٰ نے آپ کو پوری انسانیت کے لیے اپنا نبی بناکر بھیجا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : ’’ہم نے آپ کو تمام لوگوں کے لئے خوش خبریاں سنانے واﻻ اور ڈرانے واﻻ بنا کر بھیجا ہے ہاں مگر (یہ صحیح ہے) کہ لوگوں کی اکثریت بےعلم ہے۔‘‘ [سورہ سبأ : 28]، ارشاد باری تعالیٰ ہے : ’’آپ کہہ دیجیے کہ اے لوگو! میں تم سب کی طرف اس اللہ تعالیٰ کا بھیجا ہوا ہوں...‘‘ [سورہ اعراف : 158]۔ اسی لیے اللہ تعالی نے یہ فیصلہ فرمایا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت قیامت تک باقی رہے اور اس کے لیے ایسے تکوینی اور شرعی انتظامات کیے جو اسے محفوظ اور قیامت تک باقی رکھیں۔ مثلا یہ کہ جو لوگ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ میں آپ پر ایمان لائے، آپ سے ملاقات کی، آپ سے تعلیمات حاصل کیں اور آپ کی رسالت کو آگے منتقل کیا، ان کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ تھی۔ ان لوگوں نے آپ کی رسالت کو اپنے بعد آنے والوں تک منتقل کیا۔ جب کہ عیسیٰ علیہ السلام کے ساتھ رہنے والے حواریوں کی تعداد ستر سے زیادہ نہیں تھی اور موسیٰ علیہ السلام پر بھی بہت کم لوگ ایمان لائے تھے۔
محمد ﷺ کی یہ آخری رسالت نسل در نسل تواتر کے ساتھ منتقل ہوتی رہی، خواہ اس کا تعلق عقائد سے ہو یا عبادات سے، معاملات سے ہو یا سلوک و احوال سے۔ یہی وجہ ہے کہ آج انسان یہ پاتا ہے کہ مسلمان آج جن شعائر کے ذریعے عبادت کرتے ہیں، یہ بالکل وہی شعائر ہیں جن پر رسول ﷺ کے صحابہ رضی اللہ عنہم عمل پیرا تھے۔ اسی طرح رسول ﷺ کی لائی ہوئی وحی، خواہ وہ قرآنِ مجید ہو یا سنتِ نبوی، اللہ نے اس کی حفاظت فرمائی ہے اور اس کا ایک حرف بھی ضائع نہیں ہوا ہے۔
جب معاملہ ایسا ہی ہے، آپ کی رسالت باقی اور محفوظ ہے، نیز یہ ہر دور اور زمانے کے لیے موزوں، ہر ماحول کے لیے سازگار اور ہر طرح کے حالات میں قابلِ عمل ہے، تو آج کے اس دور میں ضرورت اس بات کی ہے کہ لوگ آپ ﷺ کے دین کو مضبوطی سے تھام لیں اور آپ ﷺ کی سنت پر عمل پیرا ہوں۔ یہی ان کے لیے کافی ہے۔ اگر آپ کے بعد کوئی نبی آتا بھی، تو وہ بھی آپ ﷺ کی امت سے ہوتا اور آپ ﷺ کی شریعت پر عمل پیرا ہوتا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : ’’جب اللہ تعالیٰ نے نبیوں سے عہد لیا کہ جو کچھ میں تمہیں کتاب وحکمت دوں پھر تمہارے پاس وه رسول آئے جو تمہارے پاس کی چیز کو سچ بتائے تو تمہارے لئے اس پر ایمان ﻻنا اور اس کی مدد کرنا ضروری ہے ۔ فرمایا کہ تم اس کے اقراری ہو اور اس پر میرا ذمہ لے رہے ہو؟ سب نے کہا کہ ہمیں اقرار ہے، فرمایا تو اب گواه رہو اور خود میں بھی تمہارے ساتھ گواہوں میں ہوں۔‘‘ [سورہ آل عمران : 81]۔ درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
***
سوال :
کیا یہ صحیح ہے کہ مسلمان نبی محمد ﷺ کی عبادت کرتے ہیں؟
جواب :
یہ صحیح نہیں ہے، مسلمان صرف اللہ وحدہ لاشریک کی عبادت کرتے ہیں۔ جو اللہ کے ساتھ کسی اور کی عبادت کرتا ہے یا اللہ کے علاوہ کسی اور کی عبادت کرتا ہے، وہ کافر ہے۔ وہ مسلمان نہیں ہے۔ مسلمان اپنی نماز میں کہتے ہیں : ’’میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہيں ہے اور محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں۔‘‘
اسی طرح رسول اکرم محمد ﷺ کی لائی ہوئی کتاب بھی ایسے عقلی دلائل سے بھری ہوئی ہے، جو شرک کا بطلان اور مشرک کی سعی کا فساد واضح کرتے ہیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ’’اگر آسمان وزمین میں سوائے اللہ تعالیٰ کے اور بھی معبود ہوتے تو یہ دونوں درہم برہم ہوجاتے، پس اللہ تعالیٰ عرش کا رب ہر اس وصف سے پاک ہے جو یہ مشرک بیان کرتے ہیں۔‘‘ [سورہ انبیاء : 22]۔
اسی لیے مسلمان نبی کریم ﷺ کی پیروی کرتے ہیں۔ آپ کی عبادت نہیں کرتے۔ خود نبی ﷺ نے فرمایا ہے : ’’اے اللہ! میری قبر کو بت نہ بنانا۔ ان لوگوں پر اللہ کا شدید غضب نازل ہو، جنھوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا۔‘‘ [اسے امام احمد نے روایت کیا ہے۔ حدیث نمبر : 7358]۔ یہ حدیث حسن ہے۔
نبی ﷺ نے اپنی امت کو اپنی شان میں غلو کرنے اور حد سے تجاوز کرنے سے منع فرمایا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا ہے : ’’میری تعریف میں ایسے حد سے نہ گزرو، جیسے عیسائی لوگ عیسی ابن مریم علیہ السلام کی تعریف میں حد سے گزر گئے۔ میں تو محض اللہ کا بندہ ہوں۔ اس لیے مجھے اللہ کا بندہ اور اس کا رسول کہو۔‘‘ [صحیح بخاری، حدیث نمبر : 3445]۔
نبی کریم ﷺ نے خود اپنی بیٹی فاطمہ رضی اللہ عنہا، جو لوگوں میں آپ کے سب سے زیادہ قریب تھیں، اسی طرح اپنے دیگر قرابت داروں پر یہ واضح فرما دیا تھا کہ وہ قیامت کے دن اللہ یہاں ان کے کچھ کام نہیں آسکیں گے، چنانچہ جب آپ ﷺ پر نیچے مذکور آیت نازل ہوئی، تو آپ نے فرمایا : ’’اپنے قریبی رشتہ والوں کو ڈرا دے۔‘‘ [سورہ شعراء : 214]۔ ’’اے قریش کی جماعت! اپنی جانوں کو اللہ سے خرید لو، میں اللہ کے حضور تمھارے کچھ کام نہیں آسکوں گا۔ اے بنو عبد المطلب! میں اللہ کے حضور تمھارے کچھ کام نہیں آسکوں گا۔ اے عباس بن عبد المطلب! میں اللہ کے حضور تمھارے کچھ کام نہیں آسکوں گا۔ اے رسول اللہ کی پھوپھی صفیہ! میں اللہ کے حضور تمھارے کچھ کام نہیں آسکوں گا۔ اے فاطمہ بنت رسول اللہ! مجھ سے جو چاہو مانگ لو، میں اللہ کے حضور تمھارے کچھ کام نہیں آسکوں گا۔‘‘ [متفق علیہ : صحیح بخاری، حدیث نمبر : 2753 اور صحیح مسلم، حدیث نمبر : 351]۔
پس اگر رسول صلی اللہ علیہ وسلم یہ چاہتے کہ لوگ آپ کی عبادت کریں، تو ان پر یہ واضح نہ فرماتے کہ وہ انھیں کوئی نفع نہیں پہنچا سکتے۔ ویسے اللہ تعالیٰ نے آپ پر قرآن عظیم میں، جس کی مسلمان تلاوت کرتے ہیں، اپنا یہ فرمان نازل فرما دیا تھا : ’’یقیناً تیری طرف بھی اور تجھ سے پہلے (کے تمام نبیوں) کی طرف بھی وحی کی گئی ہے کہ اگر تو نے شرک کیا تو بلاشبہ تیرا عمل ضائع ہو جائے گا اور بالیقین تو زیاں کاروں میں سے ہوجائے گا۔‘‘ [سورہ زمر : 65]، لہذا ان سب کے باوجود یہ کیسے گمان کیا جا سکتا ہے کہ مسلمان آپ ﷺ کی عبادت کرتے ہیں۔ درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
***
(غیر مسلموں، شرک اور عبادت سے متعلق بیان)
سوال :
انسان کو اللہ تعالیٰ کی عبادت کیوں کرنی چاہیے؟
جواب :
اس سوال کا جواب بہت اہم ہے اور بہت زیادہ بسط و تفصیل کا متقاضی ہے، لیکن ہم حتی الامکان اختصار سے کام لیں گے۔ ہم اللہ کی توفیق سے عرض کرتے ہیں :
بلاشبہ مذہب کو ماننا ایک ضروری امر ہے، اس معنی میں کہ نفس اسے طلب کرتا ہے، روح اس کی طرف مائل ہوتی ہے، عقل اسے لازم قرار دیتی ہے اور بات کو تسلیم نہيں کرتی کہ انسان دین کے بغیر زندگی گزارے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ تمام قوموں کو عبادت کرتے ہوئے دیکھتے ہیں۔ لیکن ان کے عبادت کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ ان کی عبادت درست ہے، بلکہ یہ اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ عبادت کرنا ایک فطری اور ضروری امر ہے۔
بے شک اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے اچھے اچھے نام اور اعلیٰ صفات ہیں، اور وہی رب، رازق، مدبر، مالک، اور زندگی وموت دینے والا ہے۔ اسی نے ہمیں وہ ساری نعمتیں دی ہیں جنھیں ہم جانتے ہیں اور جنھیں ہم نہيں جانتے۔ جب معاملہ ایسا ہے، جب انسان عبادت کا محتاج ہے، تو اس پر واجب ہے کہ وہ اسی کی عبادت کرے جو عبادت کا مستحق ہے۔ اور عبادت کی مستحق ذات بس اللہ سبحانہ و تعالی کی ذات ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اے لوگو! اپنے اس رب کی عبادت کرو جس نے تمہیں اور تم سے پہلے کے لوگوں کو پیدا کیا، یہی تمہارا بچاؤ ہے۔ جس نے تمہارے لئے زمین کو فرش اور آسمان کو چھت بنایا اور آسمان سے پانی اتار کر اس سے پھل پیدا کرکے تمہیں روزی دی، خبردار باوجود جاننے کے اللہ کے شریک مقرر نہ کرو۔‘‘ [سورہ بقرہ : 21-22]۔
بے شک انسان اپنے تمام امور میں رہنمائی کا محتاج ہے اور رہنمائی کرنے والا بس اللہ تعالیٰ ہی ہے۔ ایسے میں اگر وہ اس کی عبادت ہی نہیں کرتا تو اس سے رہنمائی کیسے طلب کرے گا؟ مسلمان ہر نماز میں کہتا ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’ہم صرف تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور صرف تجھ ہی سے مدد چاہتے ہیں۔ ہمیں سیدھی (اور سچی) راه دکھا۔ ان لوگوں کی راه جن پر تو نے انعام کیا ان کی نہیں جن پر غضب کیا گیا اور نہ گمراہوں کی۔‘‘ [سورہ فاتحہ : 5-7]، اگر اللہ تعالیٰ اس کی رہ نمائی نہ کرے، تو اس کے معاملات دشوار ہو جائيں۔
یقینا انسان فطرتاً پاکیزہ اور خوشگوار زندگی کا خواہاں ہوتا ہے اور پاکیزہ زندگی صرف اہلِ ایمان کو ہی میسر آتی ہے۔ اللہ تعالی نے فرمایا : ’’جو شخص نیک عمل کرے مرد ہو یا عورت، لیکن باایمان ہو تو ہم اسے یقیناً نہایت بہتر زندگی عطا فرمائیں گے ۔ اور ان کے نیک اعمال کا بہتر بدلہ بھی انہیں ضرور ضرور دیں گے۔‘‘ [سورہ نحل : 97]، پاکیزہ زندگی میں انسان کو اطمینان، رضا اور سلامتی حاصل ہوتی ہے۔
بلاشبہ زندگی کی فطرت ہی کچھ ایسی ہے کہ اس میں مصائب اور آزمائشیں پیش آتی رہتی ہیں، تاہم ایمان اور اللہ تعالیٰ کی عبادت -اللہ کے حکم سے-انسان کو آزمائش کے وقت توازن بخشتی ہے؛ تاکہ مصیبت کے وقت وہ اپنا توازن نہ کھو بیٹھے۔ چنانچہ ایمان انسان کو استقامت اور صبر عطا کرتا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے : ’’نہ کوئی مصیبت دنیا میں آتی ہے نہ (خاص) تمہاری جانوں میں، مگر اس سے پہلے کہ ہم اس کو پیدا کریں وه ایک خاص کتاب میں لکھی ہوئی ہے، یہ (کام) اللہ تعالیٰ پر (بالکل) آسان ہے۔‘‘ [سورہ حديد : 22]، ایک اور موقع پر فرمایا ہے : ’’کوئی مصیبت اللہ کی اجازت کے بغیر نہیں پہنچ سکتی، جو اللہ پر ایمان ﻻئے اللہ اس کے دل کو ہدایت دیتا ہے اور اللہ ہر چیز کو خوب جاننے واﻻ ہے۔‘‘ [سورہ تغابن : 11]
انسان کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ اسے دنیا اور آخرت دونوں جہانوں میں اپنے رب اور خالق کی رضا حاصل ہو جائے۔ اور رب کی رضا صرف اسی شخص کو حاصل ہوتی ہے جو اس پر ایمان لائے اور اس کے حکم کے مطابق اس کی عبادت کرے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’بے شک جو لوگ ایمان ﻻئے اور نیک عمل کیے یہ لوگ بہترین خلائق ہیں۔ ان کا بدلہ ان کے رب کے پاس ہمیشگی والی جنتیں ہیں جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں جن میں وه ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہوا اور یہ اس سے راضی ہوئے۔ یہ ہے اس کے لئے جو اپنے پروردگار سے ڈرے۔‘‘ [سورہ بینہ : 7-8]
اللہ پر ایمان اور اس کی عبادت انسان کو ایک ایسا معیار عطا کرتی ہے جس کے ذریعے وہ حق و باطل اور ہدایت و گمراہی کے درمیان تمیز کر سکے۔ انسان اپنے تمام احوال میں اس معیار کا محتاج ہے؛ تاکہ وہ کسی چیز کو اس کے استحقاق سے بڑھ کر اہمیت نہ دے، یا کسی ایسی چیز کی تعظیم نہ کرے جو تعظیم کے لائق نہیں، یا جس چیز کا حق تعظیم اور اتباع ہے، اس میں کوئی کوتاہی نہ کرے۔
ہر انسان کا ایک وقت مقرر ہے، جو آنا ہی ہے۔ ہر انسان کو موت کا سامنا کرنا ہے۔ ویسے موت بذات خود ایک ہولناک چيز ہے، لیکن اپنے رب کی عبادت کرنے والے مومن کی موت، کافر کی موت سے مختلف ہوتی ہے۔ مومن اور کافر کے ان دونوں انجاموں پر غور کیجیے، جن کا ذکر ان آیات کریمہ میں ہے : ’’اور جس دن جہنم بھی ﻻئی جائے گی اس دن انسان کو سمجھ آئے گی مگر آج اس کے سمجھنے کا فائده کہاں؟ وه کہے گا کہ کاش کہ میں نے اپنی اس زندگی کے لئے کچھ پیشگی سامان کیا ہوتا۔ پس آج اللہ کے عذاب جیسا عذاب کسی کا نہ ہوگا. اور نہ ہی اللہ کی قید جیسی قید کسی کی ہوگی۔ اے اطمینان والی روح۔ تو اپنے رب کی طرف لوٹ چل اس طرح کہ تو اس سے راضی وه تجھ سے خوش۔ پس میرے خاص بندوں میں داخل ہو جا۔ اور میری جنت میں چلی جا۔" [سورہ فجر: 23-30]، ایک جگہ فرمایا ہے : ’’(واقعی) جن لوگوں نے کہا کہ ہمارا پروردگار اللہ ہے پھر اسی پر قائم رہے ان کے پاس فرشتے (یہ کہتے ہوئے آتے ہیں کہ تم کچھ بھی اندیشہ اور غم نہ کرو (بلکہ) اس جنت کی بشارت سن لو جس کا تم وعده دیئے گئے ہو۔‘‘ [سورہ فصلت : 30]، ایک اور جگہ فرمایا ہے : ’’کاش کہ تو دیکھتا جب کہ فرشتے کافروں کی روح قبض کرتے ہیں ان کے منھ پر اور سرینوں پر مار مارتے ہیں (اور کہتے ہیں) تم جلنے کا عذاب چکھو۔‘‘ [سورہ انفال : 50]۔
اللہ تعالیٰ نے بتایا ہے اور اس کی بتائی ہوئی ہر بات سچی ہے، اسی طرح اس نے وعدہ کیا ہے اور اس کا کیا ہوا ہر وعدہ برحق ہے، کہ اللہ تعالیٰ تمام لوگوں کو قبروں سے زندہ کر کے اٹھائے گا۔ اللہ تعالی نے اس کے بے شمار دلائل بھی پیش کیے ہیں، جن کا ذکر قرآن کریم میں بالتفصیل موجود ہے۔ ویسے ایک دن ہونا ہی چاہیے، جب انسان کو اس کے رب کے پاس لے جایا جائے اور ایمان والے کو ہمیشہ قائم و دائم رہنے والی جنت میں ابدی نعمتیں حاصل ہوں اور نافرمانوں کو جہنم کی آگ میں ابدی عذاب کے حوالے کر دیا جائے۔
***
سوال :
اللہ تعالیٰ رسولوں کو کیوں بھیجتا ہے؟ اس بات پر اکتفا کیوں نہیں کرتا کہ لوگ اپنے خالق کو اپنی عقل سے پہچان لیں؟
جواب :
بے شک اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے لوگوں کو شتر بے مہار کی طرح نہيں چھوڑ دیا، بلکہ ان کی طرف رسولوں کو خوش خبری دینے والے اور ڈرانے والے بنا کر مبعوث فرمایا، تاکہ وہ لوگوں کے لیے ہدایت کا راستہ واضح کریں اور ان چیزوں کی تفصیل بیان کریں جنھیں عقل اور فطرت نے مجمل رکھا ہے۔ لہذا عقلِ سلیم اور فطرتِ مستقیم خالق کے وجود اور اس کی عبادت کے وجوب پر دلالت تو کرتی ہیں، لیکن وہ اس عبادت کی تفصیلات متعین کرنے سے قاصر ہیں۔ وہ ان اقوال و افعال کو متعین نہیں کر سکتیں جنھیں اللہ تعالیٰ پسند کرتا ہے اور جن سے وہ راضی ہوتا ہے، اور جنھیں وہ ناپسند کرتا ہے اور جن سے منع کرتا ہے۔
رسول، اللہ تعالیٰ اور اس کی مخلوق کے درمیان واسطہ ہوتے ہیں۔ وہ اس وحی کے حامل ہوتے ہیں جو لوگوں کو ان کے رب کی صفات اور اس کے اسما سے متعارف کراتی ہے، اور ان حقوق سے آگاہ کرتی ہے جو ان پر واجب ہیں۔ وہ ایسا صحیح منہج پیش کرتے ہیں جو انسانوں کی زندگیوں کو عبادات، معاملات اور اخلاقیات سے ہم آہنگ کرتا ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’ہم نے انہیں رسول بنایا ہے، خوش خبریاں سنانے والے اور آگاه کرنے والے تاکہ لوگوں کی کوئی حجت اور الزام رسولوں کے بھیجنے کے بعد اللہ تعالیٰ پر ره نہ جائے۔ اللہ تعالیٰ بڑا غالب اور بڑا باحکمت ہے۔‘‘ [سورہ نساء : 165]، چنانچہ لوگوں پر حجت وحی کے ذریعے قائم ہوتی ہے۔ محض عقل رسالت کا قائم مقام بننے کے لیے کافی نہیں ہے۔
رسولوں کو مبعوث کرنے کے پیچھے ایک حکمت یہ بھی ہے کہ لوگوں کی عقلیں متفاوت ہوتی ہیں۔ جس چیز کو بعض لوگ اچھا اور درست سمجھتے ہیں، ممکن ہے کہ دوسرے اسے قبیح سمجھیں۔ لہذا اگر انسانوں کو محض عقل کے سہارے چھوڑ دیا جاتا، تو معیارات مختلف ہو جاتے، مقصد فوت ہو جاتا اور لوگ حق سے بھٹک جاتے۔ اسی لیے وحی آئی؛ تاکہ وہ ایک ایسا مستقل مرجع بن جائے، جو زمان و مکان کے بدلنے سے تبدیل نہ ہو، فطرت کو منضبط کرے، عقل کو مہذب بنائے اور اس کے عمل کی حدود کو واضح کرے۔
رسول محض احکام و نواہی پہنچانے والے ہی نہیں ہیں، بلکہ ایسے عملی نمونے ہیں جو اپنی زندگیوں میں دین کو عملی جامہ پہناتے ہیں اور انسانوں کے سامنے اطاعت اور بندگی کی اعلیٰ ترین مثال پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے : ’’یقیناً تمہارے لیے رسول اللہ میں عمده نمونہ (موجود) ہے...‘‘ چنانچہ رسول صرف علم نہیں پہنچاتے، بلکہ اپنے قول و فعل دونوں کے ذریعے نفوس کی تربیت اور ان کی رہنمائی کرتے ہیں۔
رہا یہ اعتراض کہ : "اللہ تعالیٰ نے محض عقل کو ہی کیوں کافی نہ رہنے دیا؟" تو اس کا جواب یہ ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ ایسا کرتا تو لوگ حیرت و اختلاف کا شکار ہو جاتے اور ان پر مکمل حجت قائم نہ ہو پاتی۔ مزید یہ کہ عقل ادراک کا ایک ذریعہ تو ہے، لیکن حواس اور تجربے کی حدود تک محدود ہے۔ غیب تک رسائی حاصل کرنے کی طاقت نہیں رکھتی۔ اسی لیے وحی عقل کی تکمیل کے لیے، اس کی رہنمائی کے لیے اور انسانوں کو تاریکیوں سے نکال کر روشنی کی طرف لانے کے لیے نازل ہوئی۔
اسی لیے انسان کی مکمل ہدایت، فطرت کی پختگی اور عقل کو منضبط کرنے کے لیے رسولوں کو مبعوث کرنا ایک منطقی اور شرعی ضرورت ہے۔ چنانچہ عقل خالق کی طرف رہنمائی کرتی ہے، جب کہ رسول اس کی شریعت اور اس کی مراد کو واضح کرتے ہیں۔ جس شخص میں عقل کا نور اور وحی کی روشنی جمع ہو جائيں، اسے صراطِ مستقیم نصیب ہو جائے گی۔
***
سوال :
ہم ایک ایسے معبود کی عبادت کیوں کریں جسے ہم دیکھ نہیں سکتے؟
جواب :
بعض لوگ یہ سوال کر سکتے ہیں کہ ہم ایسے رب کی عبادت کیسے کریں جسے ہماری نگاہیں دیکھ نہیں سکتیں؟ کیا یہ بہتر نہيں ہے کہ وہ محسوس کیا جانے والا اور دکھائی دینے والا ہو، تاکہ ہم اس پر ایمان لا سکیں؟
اولاََ : اللہ تعالیٰ کو نہ دیکھنا اس کے وجود کی نفی نہیں کرتا۔
بہت سی ایسی چیزیں ہیں جنھیں ہم دیکھ نہیں سکتے، اس کے باوجود ہم عقل، حس اور آثار کے ذریعے ان کے وجود پر یقین رکھتے ہیں، جیسے ہوا، بجلی اور کشش ثقل۔ ہم ان کے اثرات کو دیکھ کر ان ان پر یقین کر لیتے ہیں۔ یہی حال اللہ سبحانہ کی ذات کا ہے کہ ہم اس کائنات میں اس کی تخلیق، اس کی قدرت اور اس کی عظمت کے آثار دیکھ رہے ہیں، لہٰذا اس کا وجود اس سے کہیں زیادہ واضح ہے کہ اسے آنکھ سے دیکھنے کی ضرورت پیش آئے۔ فرمان الہی ہے : ’’...کیا حق تعالیٰ کے بارے میں تمہیں شک ہے جو آسمانوں اور زمین کا بنانے واﻻ ہے...‘‘ [سورہ ابراھیم : 10]۔
ثانيًا : اللہ اس سے عظیم ہے کہ نگاہیں اس کا ادراک کر سکیں۔
اللہ جل وعلا کاملِ مطلق ہے، وہ مخلوقات کے مشابہ نہیں ہے اور حواس اس کا احاطہ نہیں کر سکتے ہیں۔ لہذا دنیا میں اسے دیکھنے سے عاجز ہونا اس کا نقص نہیں ہے، بلکہ یہ اس کی عظمت اور بلندیِ شان کی وجہ سے ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اس کو تو کسی کی نگاه محیط نہیں ہوسکتی اور وه سب نگاہوں کو محیط ہو جاتا ہے اور وہی بڑا باریک بین باخبر ہے۔‘‘ [سورہ انعام : 103] اگر اسے دنیا میں دیکھا جاتا، تو وہ محدود ہوتا، حالاں کہ اللہ تعالیٰ اس سے پاک ہے۔
ثالثََا : غیب پر ایمان لانے کی حکمت
غیب پر ایمان لانا متقیوں کی سب سے اعلیٰ صفات میں سے ایک صفت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’جو لوگ غیب پر ایمان ﻻتے ہیں...‘‘ [سورہ بقرہ : 3] چنانچہ غیب پر یقین انسان کے اندر سچائی اور اخلاص پیدا کرتا ہے اور اس کی حقیقت کو جانچتا ہے کہ آیا وہ یقین اور تسلیم کے ساتھ اللہ کی عبادت کرتا ہے یا محض اسی کی عبادت کرتا ہے جس کا اس کے حواس ادراک کر سکیں؟ یہ بھی دراصل دنیوی ابتلا کے مقاصد میں سے ہے۔
رابعََا : اللہ نے مومنوں سے آخرت میں اپنے دیدار کا وعدہ فرمایا ہے۔
اہلِ ایمان کو دنیا میں بطور امتحان دیدارِ الہی سے محروم رکھا جاتا ہے، لیکن جنت کی سب سے عظیم نعمت یہ ہوگی کہ اللہ تعالیٰ اپنے مبارک چہرے کا دیدار عطا فرما کر ان کے ساتھ عزت افزائی کا معاملہ فرمائے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ’’اس روز بہت سے چہرے تروتازه اور بارونق ہوں گے۔ اپنے رب کی طرف دیکھتے ہوں گے۔‘‘ [سورہ قیامۃ : 22-23]۔
جب کہ نبی ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے: ”یقینا تم لوگ اپنے رب کو اسی طرح دیکھو گے، جیسے چودھویں رات کے چاند کو دیکھتے ہو اور تمھیں اس کے دیدار میں مطلق تکلیف نہ ہوگی۔“ لہذا دنیا میں دیدار سے محرومی آخرت میں عظیم ترین عطیہ ہے۔
لہذا، دنیا میں اللہ کو نہ دیکھنے کے باوجود ہمارا اس کی عبادت کرنا نہ تو کوئی عجیب بات ہے اور نہ ہی کوئی نقص، بلکہ یہ اس کی عظمت کا تقاضا ہے اور غیب پر ایمان کے حوالے سے ہماری آزمائش کا میدان بھی۔ اس کا وجود عقلی، فطری، کائناتی اور شرعی دلائل سے ثابت ہے۔ اگر لوگ اسے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیتے، تو امتحان کا کوئی مطلب باقی نہ رہتا اور ایمان اختیار کے بجائے جبر بن جاتا۔ چنانچہ اللہ کی حکمت کا تقاضا یہی تھا کہ دنیا میں ایمان غیب پر مبنی ہو، تاکہ سچے اور جھوٹے، مخلص اور ڈھونگی کے درمیان امتیاز ہو جائے۔
اللہ کی رؤیت سب سے عظیم نعمت ہے جو اللہ تعالیٰ نے آخرت میں اپنے بندوں کے لیے ذخیرہ کر رکھی ہے۔ چنانچہ اب اس پر ایمان لانا بندے کے صدق کی دلیل ہے اور قیامت کے دن اس کے مبارک چہرے کا دیدار اسی صدق کی جزا ہوگا۔
***
سوال :
غیر مسلم اگر اچھے کردار کے حامل ہوں تب بھی وہ جہنم میں کیوں داخل ہوں گے؟
جواب :
یہ سوال اکثر اٹھایا جاتا ہے : وہ شخص جہنم میں کیسے داخل ہوگا جس نے اچھی زندگی گزاری ہو، سچائی اور احسان کے ساتھ معاملات کیے ہوں، لیکن وہ مسلمان نہ ہو؟ کیا یہ ظلم نہیں ہے؟
بلاشبہ سب سے عظیم حق، اللہ تعالیٰ کا حقِ توحید ہے۔ انسان خواہ مخلوق کے ساتھ کتنا ہی حسنِ سلوک کرے، اگر وہ اپنے اس خالق کا انکار کر دے جس نے اسے ہر نعمت سے نوازا ہے، تو یقیناً اس نے سب سے عظیم حق کو ضائع کر دیا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ کا حق بندوں کے حقوق سے کہیں زیادہ عظیم ہے اور وہ حق یہ ہے کہ صرف ایک اللہ کی عبادت کی جائے اور کسی کو اس کا شریک نہ بنایا جائے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : ’’یقیناً اللہ تعالیٰ اپنے ساتھ شریک کئے جانے کو نہیں بخشتا اور اس کے سوا جسے چاہے بخش دیتا ہے...‘‘ [سورہ نساء : 48]۔ لہذا جس نے توحید کا انکار کیا، اس کا کوئی بھی عمل قبول نہیں کیا جائے گا۔ چاہے وہ کیسا ہی ہو۔
اللہ تعالیٰ کوئی عمل قبول اس وقت تک قبول نہیں کرتا، جب تک اس کے اندر دو شرطیں نہ پائی جائيں : اللہ پر ایمان رکھنا اور اسے خالص طور پر اسی کی رضا جوئی کے لیے کرنا۔ لہذا جو شخص ایمان سے محروم ہو، اس کا کوئی عمل قبول نہیں ہوتا، اگرچہ اس میں لوگوں کے لیے بھلائی ہو۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : ’’اور انہوں نے جو جو اعمال کیے تھے ہم نےان کی طرف بڑھ کر انہیں پراگنده ذروں کی طرح کردیا۔‘‘ [سورہ فرقان: 23]۔
جو شخص غیر مسلم ہونے کی حالت میں کوئی نیک عمل کرے، تو بسا اوقات اللہ تعالیٰ اسے دنیا ہی میں ذہنی سکون، نیک نامی و شہرت، مال یا اولاد کی صورت میں اس کا اجر دے دیتا ہے: ۔ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا ہے : "کافر جب کوئی نیک عمل کرتا ہے تو اس کے بدلے میں دنیا ہی میں اسے رزق دے دیا جاتا ہے۔" لیکن آخرت میں بغیر ایمان کے کوئی عمل اسے فائدہ نہیں دے گا۔
اللہ عادل ہے، وہ کسی کو اس وقت تک عذاب نہیں دیتا، جب تک اس کے پاس حجت نہ پہنچ جائے اور وہ اس سے اعراض نہ کرے۔ اللہ تعالی فرماتا ہے: ’’اور ہماری سنت نہیں کہ رسول بھیجنے سے پہلے ہی عذاب کرنے لگیں۔‘‘ [سورہ اسراء : 15]۔ لہذا جس نے زندگی گزاری اور اس تک صحیح دعوت نہیں پہنچی، قیامت کے دن اس کا معاملہ اللہ کے ہاتھ میں ہوگا۔ اسے اس طرح آزمایا جائے گا کہ اللہ کا عدل اور اس کی رحمت واضح ہو جائے۔
لوگوں کے ساتھ حُسنِ سلوک اس شخص کو کوئی فائدہ نہیں دے گا، جو اپنے خالق کا انکار کرے۔ اس کی مثال ایک ایسے ملازم کی مانند ہے، جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ تو مخلص ہو، لیکن کمپنی مدیر کے وجود کا ہی منکر ہو، جس نے اسے ملازمت دی ہے۔ لہذا اصل مسئلہ اس کے اپنے ساتھیوں کے ساتھ برتاؤ کا نہیں، بلکہ سب سے بڑے حق دار کے انکار اور احسان فراموشی کا ہے۔
کفر پر مرنے والے کا جہنم میں داخل ہونا ظلم نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ کا عین عدل و انصاف ہے؛ کیوں کہ سب سے بڑا گناہ توحید کا انکار کرنا ہے۔ اس کے باوجود، اللہ تعالیٰ کسی پر ظلم نہیں کرتا۔ جس تک حق پہنچ گیا اور اس نے اعراض کیا، وہ سزا کا مستحق ہے اور جس تک حجت نہیں پہنچی، اس کا فیصلہ اللہ کے سپرد ہے۔ کامل عدل و انصاف قیامت کے دن ظاہر ہوگا، جہاں کسی پر ذرہ برابر بھی ظلم نہیں کیا جائے گا۔
***
سوال :
ان غیر مسلموں کے بارے میں اسلام کا کیا موقف ہے جو اسلام کے خلاف جنگ نہیں کرتے؟
جواب :
غیر مسلموں کے بارے میں اسلام کا موقف اللہ تعالیٰ کے اس فرمان میں بیان کیا گیا ہے : ’’جن لوگوں نے تم سے دین کے بارے میں لڑائی نہیں لڑی اور تمہیں جلاوطن نہیں کیا، ان کے ساتھ سلوک و احسان کرنے اور منصفانہ بھلے برتاؤ کرنے سے اللہ تعالیٰ تمہیں نہیں روکتا، بلکہ اللہ تعالیٰ تو انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔‘‘ [سورۃ الممتحنۃ : 8]، ان کے ساتھ حسنِ سلوک میں یہ امور داخل ہیں : ان کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا، ان پر صدقہ کرنا، ان کے ساتھ اچھے پڑوسی کا برتاؤ کرنا، ان کی ضروریات پوری کرنے میں ان کی مدد کرنا، ان کی ایسی تقریبات میں شریک ہونا جو ان کے دین سے متعلق نہ ہوں، شادی وغیرہ جیسی تقریبات میں ان کی دعوت قبول کرنا، بشرطیکہ اس میں ایک مسلمان کا دین محفوظ رہے اور اس میں شراب نوشی جیسے کسی برے کام کا ارتکاب نہ ہوتا ہو۔ چنانچہ اسماء بنت ابو بکر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، وہ فرماتی ہیں : ’’میری ماں جو کہ مشرکہ تھیں، قریش کے معاہدہ کے زمانے میں، جب انھوں نے مسلمانوں سے معاہدہ کیا تھا، میرے پاس آئیں۔ چنانچہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے مسئلہ دریافت کیا۔ میں نے عرض کیا : اے اللہ کے رسول! میری ماں میرے پاس آئی ہیں اور وہ (مجھ سے حسن سلوک کی) خواہش مند ہیں، کیا میں اپنی ماں کے ساتھ صلہ رحمی کروں؟ آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ہاں، تم اپنی ماں کے ساتھ صلہ رحمی کرو۔‘‘ [صحیح بخاری، حدیث نمبر : 2620، صحیح مسلم، حدیث نمبر : 1003]۔
ان کے ساتھ سب سے بڑا احسان اور حسنِ سلوک انھیں اسلام کی دعوت دینا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسلام کی دعوت مرحلہ وار ہوتی ہے، جیسا کہ کتبِ دعوت اور کتبِ فقہ میں تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔
ذمی یا معاہد کافر کے مسلمانوں پر کچھ حقوق ہیں۔ لہٰذا اسے اذیت دینا جائز نہيں ہے، چہ جائیکہ اس کا قتل کیا جائے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے : ’’جس نے کسی معاہد کو قتل کیا، وہ جنت کی خوشبو تک نہیں پائے گا، حالانکہ جنت کی خوشبتو چالیس برس کی مسافت تک پہنچتی ہو گی۔‘‘ [صحیح بخاری، حدیث نمبر : 3166]، لہذا اسلام عدل، اعتدال اور رحمت کا دین ہے۔
***
(ادیان اور فرق کا بیان)
سوال :
مسلمان گروہوں اور فرقوں میں کیوں بٹے ہوئے ہیں، جب کہ وہ ایک ہی کتاب کے پیروکار ہیں؟
جواب :
اس سوال کا جواب درج ذیل پانچ نکات میں دیا جا سکتا ہے :
پہلا : تفرقہ اور اختلاف ایک کائناتی سنت ہے جس پر اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان کو پیدا کیا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اگر آپ کا پروردگار چاہتا تو سب لوگوں کو ایک ہی راه پر ایک گروه کر دیتا۔ وه تو برابر اختلاف کرنے والے ہی رہیں گے۔ بجز ان کے جن پر آپ کا رب رحم فرمائے۔ انہیں تو اسی لیے پیدا کیا ہے اور آپ کے رب کی یہ بات پوری ہے کہ میں جہنم کو جنوں اور انسانوں سب سے پر کروں گا۔‘‘ [سورۃ ھود : 118-119]۔
جب کہ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے : ’’یہودی اکہتر یا بہتر فرقوں میں بٹ گئے تھے اور نصاریٰ کا بھی کچھ حال تھا اور میری امت تہتر فرقوں میں بٹ جائے گی۔‘‘ [اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن صحیح ہے]۔
دوسرا : اختلاف کی وجہ سے اس دین کو معتوب نہیں کیا جا سکتا جس پر اس کے پیروکاروں میں باہمی اختلاف ہو جائے، بشرطیکہ وہ اللہ کی طرف سے حق ہو۔ قابلِ مذمت تو وہ شخص ہے جس نے دینِ حق کو چھوڑا اور جماعت سے الگ ہو گیا۔
تیسرا : رسول اللہ ﷺ نے ہمارے لیے یہ واضح فرما دیا ہے کہ جب لوگوں میں اختلاف ہو جائے تو ہم کس کی پیروی کریں، ہم کس کا ساتھ دیں اور جب اختلاف کرنے والے زیادہ ہو جائیں تو حق کس کے ساتھ ہوگا؟ آپ ﷺ نے فرقوں میں بٹ جانے کا ذکر کرنے کے بعد یہ واضح فرما دیا کہ ایک فرقے کے سوا سب فرقے گمراہی پر ہوں گے اور وہی ایک فرقہ حق پر ہوگا۔ چنانچہ آپ ﷺ نے فرمایا ہے : ”وہ سب جہنم میں ہوں گے، سوائے ایک جماعت کے“، صحابہ نے عرض کیا : یا رسول اللہ! وہ کون ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا : ”(اس راستے پر چلنے والے) جس پر میں اور میرے صحابہ ہیں“۔ [سنن ترمذی، حدیث نمبر :2641]۔
اسی طرح رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے : ’’درحقیقت دونوں کتابوں کو ماننے اپنے دین میں بہتر (72) فرقوں میں بٹ گئے تھے اور (میری) یہ امت تہتر (73) فرقوں میں بٹ جائے گی - یعنی خواہشات - یہ سارے فرقے جہنمی ہوں گے، سوائے ایک فرقے کے، اور وہ جماعت ہے۔‘‘ [مسند احمد، حدیث نمبر : 16937، سنن ابی داود، حدیث نمبر :4597]۔
اسی طرح آپ نے فرمایا ہے : "(یاد رکھو!) تم میں سے جو (میرے بعد) زندہ رہے گا وہ یقینا بہت اختلاف دیکھے گا۔ دین میں نئے نئے کام ایجاد کرنے سے بچنا، کیوں کہ یہ گمراہی ہے۔ چنانچہ تم میں سے جو اسے پائے تو اس پر لازم ہے کہ وہ میری سنت کو اور ہدایت یافتہ خلفائے راشدین کے طریقے کو لازم پکڑے۔ تم اسے دانتوں سے خوب جکڑ لینا۔" [سنن ترمذی، حدیث نمبر :2676، اور سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر : 43) امام ترمذی نے کہا کہ یہ حدیث حسن صحیح ہے]۔
یہی وہ گروہ ہے جو سچے اسلام کی نمائندگی کرتا ہے اور یہ وہی طریقہ ہے جس پر زندگی کے تمام شعبوں میں نبی ﷺ اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کاربند تھے اور یہی اہلِ سنت والجماعت ہیں۔
چوتھا : یہود و نصاریٰ میں اختلاف ہوا تو ان میں سے کوئی گروہ حق پر باقی نہ رہا، جبکہ اس دین اور امتِ اسلامیہ میں امت کا ایک گروہ ہمیشہ صحیح دین پر قائم رہے گا، یہاں تک کہ اللہ کا حکم آ جائے، جیسا کہ رسول اللہ ﷺ نے اس کی بشارت دیتے ہوئے فرمایا ہے : ’’میری امت کا ایک گروہ ہمیشہ حق پر قائم اور غالب رہے گا۔ انھیں رسوا کرنے والے ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے، یہاں تک کہ اللہ کا حکم آجائے اور وہ اسی حالت میں ہوں گے۔‘‘ [صحیح مسلم، حدیث نمبر : 170]۔
اللہ تعالی نے فرمایا ہے : ’’وه چاہتے ہیں کہ اللہ کے نور کو اپنے منہ سے بجھا دیں اور اللہ اپنے نور کو کمال تک پہنچانے واﻻ ہے گو کافر برا مانیں۔ اسی نے اپنے رسول کو ہدایت اور سچے دین کے ساتھ بھیجا ہے کہ اسے اور تمام مذہبوں پر غالب کر دے، اگر چہ مشرک برا مانیں۔‘‘ [سورۃ الصف : 8-9]۔
پانچواں : اسلام میں اختلاف کی دو قسمیں ہیں : (ایک) جائز اختلاف، جس میں مخالفت کرنے والے کو گمراہ یا منحرف نہیں سمجھا جاتا، جیسے بعض فقہی مسائل، یعنی عملی فروعی احکام مثلاً طہارت، نماز، بیوع اور قضا وغیرہ کے مسائل میں اختلاف۔ اس اختلاف کے پیچھے فہم کا تفاوت کارفرما ہوتا ہے۔ چنانچہ بعض لوگوں کی عقل اور فہم وسیع اور گہری ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وہ ان باتوں تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں جن تک دوسرے نہیں پہنچ پاتے۔ دیگر اسباب کے ساتھ ساتھ بسا اوقات دلیل کا مخفی رہ جانا بھی اس کا ایک سبب ہوتا ہے۔ اس قسم کے مسائل جن میں اختلاف واقع ہوا ہے، دراصل علما کے اجتہاد کا میدان ہوتے ہیں۔
دوسری قسم : حرام اختلاف، جس کی متعدد آیات میں مذمت آئی ہے۔ مثلا اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : ’’بےشک جن لوگوں نے اپنے دین کو جدا جدا کردیا اور گروه گروه بن گئے، آپ کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔ بس ان کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے حوالے ہے۔ پھر ان کو ان کا کیا ہوا جتلادیں گے۔‘‘ [سورۃ الأنعام : 159]، ایک اور جگہ پر فرمایا ہے : ’’ان لوگوں میں سے جنہوں نے اپنے دین کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا اور خود بھی گروه گروه ہوگئے، ہر گروه اس چیز پر جو اس کے پاس ہے، مگن ہے۔‘‘ [سورۃ الروم : 32]، اس سے مراد عقیدے کے بڑے مسائل، جیسے نبوت، ایمان، تقدیر، صفات اور صحابہ کرام وغیرہ میں اختلاف ہے۔ چنانچہ بعض فرقوں کا ان مسائل میں اختلاف، اجماعِ سلف کے منافی ہونے کی وجہ سے انھیں دائرۂ اسلام سے خارج کر دیتا ہے، جب کہ کچھ فرقوں کا اختلاف ایسا نہیں ہوتا۔
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
***
سوال :
کیا اسلام دیگر عقائد کو قبول کرتا ہے؟
جواب :
سب سے پہلے اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ ہم عقائد اور ان عقائد کے حامل افراد کے درمیان فرق کریں۔ چنانچہ ہم کہتے ہیں : انبیا اور رسولوں کے دین کے مخالف ہر عقیدہ، جیسے یہودیت، عیسائیت، بدھ مت، ہندو مت اور ان جیسے دیگر عقائد باطل، فاسد عقائد اور اللہ کے نزدیک مردود اور ناقابلِ قبول عقائد ہیں۔ ان کے پیروکاروں کی طرف سے نہ کوئی فرض عمل قبول کیا جائے گا اور نہ کوئی نفل عمل؛ یہاں تک کہ وہ ایک اللہ پر ایمان لے آئیں اور اس بات کی گواہی دے دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں۔ یہ تمام ادیان اللہ کے نزدیک باطل ادیان ہیں۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے : ’’جو شخص اسلام کے سوا اور دین تلاش کرے، اس کا دین قبول نہ کیا جائے گا اور وه آخرت میں نقصان پانے والوں میں ہوگا۔‘‘ [سورۃ آل عمران : 85]، اللہ کے نزدیک سچا اور معتبر دین دین اسلام ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : ’’بے شک اللہ تعالیٰ کے نزدیک دین اسلام ہی ہے۔ اور اہل کتاب نے اپنے پاس علم آجانے کے بعد آپس کی سرکشی اور حسد کی بنا پر ہی اختلاف کیا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کی آیتوں کے ساتھ جو بھی کفر کرے اللہ تعالیٰ اس کا جلد حساب لینے واﻻ ہے۔‘‘ [سورۃ آل عمران : 19]۔
جہاں تک ان مذاہب کے پیروکاروں کا تعلق ہے، تو ان کے سلسلے میں مسلمان پر چند امور واجب ہیں :
پہلا : ان کو انتہائی مؤثر شرعی طریقوں سے اسلام کی دعوت دینا اور ان پر اللہ کا دین واضح کرنا؛ تاکہ وہ اس کفر سے نجات پا سکیں جس میں وہ زندگی گزار رہے ہیں، اللہ تک پہنچانے والے سیدھے راستے پر چل پڑیں، اس کی جنت پا کر کامیاب ہو جائیں اور قیامت کے دن کے عذابِ عظیم سے محفوظ رہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اپنے رب کی راه کی طرف لوگوں کو حکمت اور بہترین نصیحت کے ساتھ بلائيے اور ان سے بہترین طریقے سے گفتگو کیجیے۔ یقیناً آپ کا رب اپنی راه سے بہکنے والوں کو بھی بخوبی جانتا ہے اور وه راه یافتہ لوگوں سے بھی پورا واقف ہے۔‘‘ [سورۃ النحل : 125]، اسلام کی دعوت دینے کے عمل میں زور زبردستی کی کوئی جگہ نہيں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’دین کے بارے میں کوئی زبردستی نہیں۔ ہدایت ضلالت سے روشن ہوچکی ہے۔ اس لیے جو شخص اللہ تعالیٰ کے سوا دوسرے معبودوں کا انکار کرکے اللہ تعالیٰ پر ایمان ﻻئے اس نے مضبوط کڑے کو تھام لیا، جو کبھی نہ ٹوٹے گا اور اللہ تعالیٰ سننے واﻻ، جاننے واﻻ ہے۔‘‘ [سورۃ البقرۃ : 256]۔
دوسرا : مسلمان پر واجب ہے کہ وہ ان کے ساتھ انصاف کرے اور ان پر ظلم یا ان کے حقوق کی ادائيگی میں کوتاہی نہ کرے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اے ایمان والو! تم اللہ کی خاطر حق پر قائم ہو جاؤ، راستی اور انصاف کے ساتھ گواہی دینے والے بن جاؤ۔ کسی قوم کی عداوت تمہیں خلاف عدل پر آماده نہ کردے۔ عدل کیا کرو جو پرہیز گاری کے زیاده قریب ہے۔ اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو۔ یقین مانو کہ اللہ تعالیٰ تمہارے اعمال سے باخبر ہے۔‘‘ [سورۃ المائدۃ : 8]۔
اسی طرح مسلمان کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ اچھا سلوک کرے، ان پر رحم کرے، ان کے ساتھ معاملات اچھے رکھے، انھیں تکلیف پہنچانے سے باز رہے اور ان سے بھلی بات کہے، جب تک کہ وہ اس کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتے رہیں اور اس پر ظلم نہ کریں۔ نیز یہ بھی ضروری ہے کہ ان کے ساتھ کوئی ایسا معاملہ نہ کیا جائے جو شرعاً حرام ہو، جیسے شراب کی خرید و فروخت یا سود کا لین دین وغیرہ۔ اسی طرح ان کے ساتھ معاملات کے نتیجے میں مسلمانوں کی رسوائی نہ ہو۔ ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ و سلم پر درود و سلام ہو۔
***
سوال :
اسلام اور عیسائیت میں بعض امور ملتے جلتے کیوں پائے جاتے ہیں؟
جواب :
تمام آسمانی مذاہب اعتقادی اصولوں پر متفق ہیں ۔ اعتقادی اصول یہ ہیں : اللہ، اس کے فرشتوں، کتابوں، رسولوں، یومِ آخرت اور قضا و قدر پر ایمان لانا۔ اسی طرح سارے آسمانی مذاہب شرک، کفر اور نفاق کو حرام قرار دینے میں متفق ہيں۔ یہ سارے مذاہب بے حیائی کے کاموں جیسے زنا، لواطت، قتل، جادو، حسد، دھوکہ دہی، ناجائز طریقے سے لوگوں کا مال کھانے، خنزیر کا گوشت کھانے اور شراب پینے کو جرم قرار دیتے ہیں، ہر اخلاقِ حمیدہ جیسے سچائی، سخاوت، حیا، شجاعت، مخلوق کے ساتھ احسان، والدین کی فرماں برداری اور ضرورت مندوں پر خرچ کرنا وغیرہ کا حکم دیتے ہیں اور ہر مذموم اخلاق جیسے بخل، بزدلی، طمع، جھوٹ، غیبت اور چغلی وغیرہ سے روکتے ہیں۔
چنانچہ یہودیت اور عیسائیت کا دینِ اسلام کے ساتھ جن امور پر اتفاق پایا جاتا ہے، وہ دراصل ان دونوں دینوں کا وہ باقی ماندہ حصہ ہے، جو تحریف وتبدیلی سے محفوظ رہ گیا ہے۔ یہ دراصل اس بات کی دلیل ہے کہ ان تمام رسالتوں کی اصل ایک ہی ہے اور یہ سب اللہ تعالیٰ ہی کی طرف سے ہیں۔ چنانچہ یہ حقیقت انسان پر اس بات کو یقینی اور لازم قرار دیتی ہے کہ وہ اس حق کی پیروی کرے جو دینِ اسلام میں موجود ہے، جو کہ حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰ علیہما السلام کی رسالت ہی کا تسلسل ہے اور کفر و شرک اور گمراہی سے مکمل طور پر کنارہ کش ہوجائے۔
قاری کو ان دونوں ادیان میں اسلام کے خلاف جو باتیں نظر آتی ہیں، جیسے یہودیت میں اللہ تعالیٰ، اس کے انبیاے کرام اور اس کے بارے میں افترا پردازیاں، مخلوق پر ظلم اور سود کو جائز قرار دینا، تو یہ یہودیوں کے ظلم اور ان کی افترا پردازی کا نتیجہ ہیں۔ اسی طرح عیسائیت میں قاری کو تثلیث، صلیب، مسیح علیہ السلام کے نجات دہندہ اور رب ہونے کا عقیدہ، ان کو اللہ کا بیٹا ماننا، ہمارے نبی محمد ﷺ کی نبوت کا انکار اور خنزیر اور شراب نوشی کو جائز قرار دینے جیسی جتنی بھی باتیں نظر آتی ہیں، وہ عیسائیوں کی تحریف، سرکشی، غلو اور گمراہی کا نتیجہ ہیں۔
نصرانیت کے بت پرستی سے متاثر ہونے کے حوالے سے دیکھیں : "هداية الحيارى في أجوبة اليهود والنصارى" مطبوعہ دار عالم الفوائد (ص : 53)، محقق نے حاشیہ میں آٹھ مراجع کا ذکر کیا ہے، نیز دیکھیں کتاب : "العقائد الوثنية في الديانة النصرانية" تالیف: محمد بن عبد الله التنیر۔
***
سوال :
کیا کتابِ مقدس واقعی اللہ کی کتاب ہے؟
جواب :
آج یہود و نصاریٰ کے ہاتھوں میں موجود کتابِ مقدس مجموعی طور پر اللہ تعالیٰ کی کتاب نہیں ہے؛ کیوں کہ اس میں تحریف ہو چکی ہے اور اس کا جو حصہ تحریف سے محفوظ ہے، وہ وہی حصہ ہے جو قرآن کریم کے موافق ہے۔ کتاب کے بارے میں یہ حکم شروع سے لے کر آخر تک پوری کتاب کے پیش نظر ہے؛ کیوں کہ تورات اور انجیل دونوں کتابیں اصلا برحق ہیں۔ لہذا موسیٰ علیہ السلام پر نازل کردہ تورات اور عیسیٰ علیہ السلام پر نازل کردہ انجیل پر ایمان لانا واجب ہے -تاہم پیروی صرف قرآن کریم کی ہی کی جائے گی-۔ ان دونوں کتابوں میں جو تحریف ہوئی ہے، وہ زیادتی، کمی اور تبدیلی کی شکل میں ہوئی ہے۔ اتنی بات ذہن نشیں کر لینے کے بعد یہ یاد رکھنا چاہیے کہ آج موجود تورات اور انجیل کے نسخوں کی توہین کرنا دو وجوہات کی بنا پر جائز نہیں ہے : اول : اس حصے کو توہین سے محفوظ رکھنا جس میں تحریف نہیں ہوئی ہے۔ دوم : کتاب کی اصل حقانیت کو ملحوظ رکھنا۔ تاہم اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ اسے پڑھنا یا اس میں موجود احکام پر عمل کرنا جائز ہے۔ چوں کہ اسلام عدل و انصاف کا دین ہے، لہٰذا جس چیز میں حق اور باطل خلط ملط ہو جائیں، اس کے بارے میں تفصیل کے ساتھ حکم لگایا جاتا ہے۔ امام ذہبی رحمہ اللہ نے فرمایا : "ہم اس تورات کی تعظیم کرتے ہیں اور اس پر ایمان لاتے ہیں جسے اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام پر نازل فرمایا۔ البتہ یہ صحیفے جو ان گمراہوں کے ہاتھوں میں ہیں، ہم بالکل نہیں جانتے کہ یہ دراصل کیا ہیں۔ لہٰذا ہم توقف کرتے ہیں۔ نہ ان کی تعظیم کرتے ہیں اور نہ ہی توہین، بلکہ ہم کہتے ہیں : ہم اللہ تعالیٰ، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں اور اس کے رسولوں پر ایمان رکھتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہمارے لیے اجمالی ایمان ہی کافی ہے۔ وللہ الحمد۔" دیکھیں : سير أعلام النبلاء ط الرسالة 2/ 419۔
***
سوال :
کیا مسلمان اللہ کے نبی عیسی علیہ السلام سے نفرت کرتے ہیں؟
جواب :
مسیح یعنی عیسی بن مریم علیہما السلام ایک عظیم ترین رسول ہیں۔ اولو العزم (رسولوں) میں سے ایک ہیں۔ اولو العزم رسول پانچ ہیں : نوح، ابراہیم، موسی، عیسی اور محمد علیہم الصلاۃ والسلام۔ اسلام میں رسولوں پر ایمان لانا ایمان کا ایک رکن ہے۔ کسی شخص کا ایمان اس وقت تک درست نہیں ہوتا جب تک کہ وہ اس بات پر ایمان نہ لائے کہ عیسی علیہ السلام اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں اور یہ عقیدہ ان کی تعظیم، ان سے محبت رکھنے اور ان کا احترام کرنے کو واجب قرار دیتا ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ ان پر ایمان، ان سے محبت اور ان کا احترام، ان کے بارے میں غلو کرنے اور انھیں رب اور معبود بنانے سے روکتا ہے۔
عیسیٰ علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے بیٹے نہیں، جیسا کہ نصاریٰ کا عقیدہ ہے، بلکہ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں، اس کا کلمہ ہیں جسے اس نے مریم کی طرف ڈالا تھا، اس کی طرف سے ایک روح ہیں جسے اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمایا اور دیگر روحوں پر مزید عزت وتکریم بخش کر ممتاز فرمایا۔
کسی شخص کا اسلام اس وقت تک درست نہیں ہوتا جب تک کہ وہ حضرت مسیح علیہ السلام اور دیگر تمام رسولوں علیہم السلام پر ایمان نہ لائے۔ اور دینِ اسلام میں انبیائے کرام میں سے کسی بھی نبی سے نفرت کرنا جائز نہیں ہے۔ جس نے کسی نبی سے بغض رکھا، درحقیقت اس نے کفر کیا اور وہ دائرۂ اسلام سے خارج ہو گیا۔
***
سوال :
کیا عیسی علیہ السلام اللہ کے بیٹے ہیں؟
جواب :
اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہی تمام جہانوں کا پروردگار ہے، وہی اول و آخر اور ظاہر و باطن ہے، اللہ ازل سے ہے، نہ اس سے پہلے کچھ تھا اور اس کے ساتھ کچھ تھا جیسا کہ صحیح حدیثوں میں وارد ہوا ہے، وہ اکیلا، یکتا اور بے نیاز ہے، نہ اس نے کسی کو جنا ہے اور نہ کسی نے اسے جنا ہے۔ اللہ تعالی نے فرمایا ہے : ’’آپ کہہ دیجیے کہ وه اللہ تعالیٰ ایک (ہی) ہے۔ اللہ تعالیٰ بے نیاز ہے۔ نہ اس سے کوئی پیدا ہوا نہ وه کسی سے پیدا ہوا ہے۔ اور نہ کوئی اس کا ہمسر ہے۔" [سورۃ الإخلاص : 1-4]، جب وہ کسی کا باپ نہیں ہے، تو کوئي مخلوق اس پاک رب کی اولاد نہیں ہے۔ دراصل جس کی اولاد ہوتی ہے وہ مددگاروں اور حامیوں کا محتاج ہوتا ہے۔ چنانچہ انسان کو اولاد چاہیے اس لیے ہوتی ہے، تاکہ اولاد اس کے کام آئے، وہ اولاد کی آمد پر خوش ہو اور زندگی کی سختیوں میں اس سے مدد حاصل کرے۔ لیکن اللہ جل جلالہ تو آسمانوں و زمین اور ان کے درمیان موجود تمام چیزوں کا مالک ہے۔ اسے بھلا اولاد کی ضرورت کیوں ہوگی؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اللہ تعالیٰ ہی معبود برحق ہے، جس کے سوا کوئی معبود نہیں، جو زنده اور سب کا تھامنے واﻻ ہے، جسے نہ اونگھ آتی ہے نہ نیند، اس کی ملکیت میں زمین اور آسمانوں کی تمام چیزیں ہیں۔‘‘ [سورۃ البقرۃ : 255]، پس وہی ہمیشہ زندہ رہنے والی ذات ہے جس سے ہر جاندار اپنا وجود اور زندگی حاصل کرتا ہے۔ وہی قیوم ہے کہ جس سے نہ کوئی جان دار بے نیاز ہو سکتا ہے اور اس کے بغیر اپنی ہستی کو قائم رکھ سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے سزاوار ہیں، جس کی ملکیت میں وه سب کچھ ہے، جو آسمانوں اور زمین میں ہے، آخرت میں بھی تعریف اسی کے لیے ہے۔ وه (بڑی) حکمتوں واﻻ اور سب کی خبر رکھنے والا ہے۔‘‘ [سورہ سبا : 1]، لہذا جب آسمانوں اور زمین کی ساری چیزیں اسی کی ملکیت ہیں اور وہ اپنے کمال اور بے نیازی کی وجہ سے دنیا اور آخرت میں قابلِ تعریف ہے، تو کوئی دعویٰ کرنے والا یہ کیسے دعویٰ کر سکتا ہے کہ اس کی اولاد ہے؟ ان کی باتوں سے اللہ تعالی کی ذات پاک اور بلند و بالا ہے۔
یہ دعویٰ کہ اللہ تعالیٰ کی اولاد ہے اور فرشتے اللہ کی بیٹیاں ہیں، ایک فاجرانہ اور کافرانہ دعویٰ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب کے کئی مقامات پر اسے جھٹلایا اور یہ واضح کر دیا ہے کہ یہی کفریہ بات دراصل پہلے دور کے کفار بھی کہا کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ”یہود کہتے ہیں کہ عزیر اللہ کا بیٹا ہے اور نصرانی کہتے ہیں کہ مسیح اللہ کا بیٹا ہے۔ یہ قول صرف ان کے منہ کی بات ہے۔ اگلے منکروں کی بات کی یہ لوگ بھی نقل کرنے لگے۔ اللہ انہیں غارت کرے وه کیسے پلٹائے جاتے ہیں۔“ [التوبۃ : 30]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’اور لوگوں نے شیاطین کو اللہ تعالیٰ کا شریک قرار دے رکھا ہے، حاﻻں کہ ان لوگوں کو اللہ ہی نے پیدا کیا ہے اور ان لوگوں نے اللہ کے حق میں بیٹے اور بیٹیاں بلا سند تراش رکھی ہیں اور اللہ پاک اور برتر ہے ان باتوں سے جو یہ کرتے ہیں۔‘‘ [سورۃ الأنعام : 100]، اللہ تعالیٰ نے اس دعوے کو بہت سے دلائل کے ذریعے باطل قرار دیا ہے، جن میں سے چند دلائل یہاں ملاحظہ ہوں :
اللہ تعالیٰ نے اس دعوے کو باطل قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ وہ زمین اور اس میں موجود تمام چیزوں کو ہلاک کرنے پر قادر ہے۔ لہذا اگر کوئی مخلوق معبود ہوتی، تو وہ اللہ کے حکم کو ٹال دیتی اور ہلاکت سے محفوظ رہتی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’یقیناً وه لوگ کافر ہوگئے جنہوں نے کہا کہ اللہ ہی مسیح ابن مریم ہے۔ آپ ان سے کہہ دیجیے کہ اگر اللہ تعالیٰ مسیح ابن مریم اور اس کی والده اور روئے زمین کے سب لوگوں کو ہلاک کر دینا چاہے، تو کون ہے جو اللہ تعالیٰ پر کچھ بھی اختیار رکھتا ہو؟ آسمانوں و زمین اور دونوں کے درمیان کا کل ملک اللہ تعالیٰ ہی کا ہے۔ وه جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔‘‘ [سورۃ المائدۃ : 17]، ابن جریر رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ’’اللہ تعالی کے فرمان : ﴿إِنۡ أَرَادَ أَن يُهۡلِكَ ٱلۡمَسِيحَ ٱبۡنَ مَرۡيَمَ وَأُمَّهُۥ وَمَن فِي ٱلۡأَرۡضِ جَمِيعٗاۗ﴾ کے معنی ہیں : کون ہے جو اللہ تعالیٰ کے اس حکم کو ذرا بھی ٹالنے کی قدرت رکھتا ہو، اگر وہ مسیح ابن مریم کو، ان کی والدہ مریم کو اور زمین میں موجود تمام مخلوقات کو نیست و نابود کر کے ہلاک کرنا چاہے۔‘‘
اللہ تعالیٰ اپنے نبی محمد ﷺ سے فرماتا ہے : ان جاہل عیسائیوں سے کہہ دیں : اگر مسیح ویسے ہی ہوتے جیسا کہ تمھارا گمان ہے —کہ وہ اللہ ہیں، حالانکہ وہ ایسے نہیں— تو یقیناً وہ اللہ تعالیٰ کے حکم کو روکنے پر قادر ہوتے، جب وہ انھیں اور ان کی والدہ کو ختم کرنے کا ارادہ کرتا۔ حالاں کہ اللہ نے ان کی والدہ کو موت دے دی اور جب یہ حکم نازل ہوا تو وہ اسے روکنے پر قادر نہ ہو سکے۔ لہذا اگر تم عبرت حاصل کرنا چاہو تو اس میں تمھارے لیے عبرت ہے اور اگر تم عقل سے کام لو اس میں تمھارے لیے اس بات کی دلیل ہے کہ مسیح علیہ السلام بھی دیگر انسانوں کی طرح ایک انسان ہیں اور غالب و قاہر ذات صرف اللہ کی ہے، جس پر نہ کسی کا زور چلتا ہے اور نہ اس کا حکم ٹالا جا سکتا ہے۔ وہی زندہ جاوید اور سب کو قائم رکھنے والا ہے، وہی زندہ کرتا اور مارتا ہے، وہی پیدا کرتا اور فنا کرتا ہے اور اس کی ہستی لازوال ہے جسے کبھی موت نہیں آئے گی۔ تفسیر الطبری = جامع البیان ت شاکر (147/10)۔
جس نے یہ جھوٹا اور ظالمانہ دعویٰ کیا، کیا اس کے پاس کوئی دلیل ہے یا یہ محض ایک جھوٹا دعویٰ ہے؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’وه کہتے ہیں کہ اللہ اوﻻد رکھتا ہے۔ سبحان اللہ! وه تو کسی کا محتاج نہیں، اسی کی ملکیت ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے۔ تمہارے پاس اس پر کوئی دلیل نہیں۔ کیا اللہ کے ذمہ ایسی بات لگاتے ہو جس کا تم علم نہیں رکھتے؟‘‘ [سورۃ یونس : 68]۔ بلاشبہ جس نے یہ دعویٰ کیا، اس کے پاس ظن و تخمین اور قیاس آرائی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
اگر اللہ اولاد چاہتا، تو اپنی مخلوق میں سے جسے چاہتا چن لیتا، لیکن یہ بات عقلا اور شرعا درست نہیں ہے۔ اس پاک ذات نے فرمایا ہے : ’’اگر اللہ تعالیٰ کااراده اوﻻد ہی کا ہوتا تو اپنی مخلوق میں سے جسے چاہتا چن لیتا۔ (لیکن) وه تو پاک ہے۔ وه وہی اللہ تعالیٰ ہے یگانہ اور قوت واﻻ۔‘‘ [سورة الزمر : 4]۔
جو اولاد چاہے، اس کی بیوی ہونا ضروری ہے، جس سے اولاد پیدا ہو۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’وه آسمانوں اور زمین کا موجد ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اوﻻد کہاں ہوسکتی ہے حاﻻنکہ اس کے کوئی بیوی تو ہے نہیں اور اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کو پیدا کیا اور وه ہر چیز کو خوب جانتا ہے۔‘‘ [سورۃ الأنعام : 101]، اللہ ہی وہ ذات ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو عدم سے وجود بخشا۔ لہذا اس کی اولاد نہیں ہوسکتی۔
اگر رحمٰن کا کوئی بیٹا ہوتا -جب کہ اس کی ذات اس سے پاک اور بلند و بالا ہے- تو وہ بھی معبود ہوتا۔ پھر اگر وہ معبود ہوتا تو ان میں سے ایک کا دوسرے پر غالب آنا ضروری تھا اور جو مغلوب ہو جائے وہ یقیناً معبود نہیں ہو سکتا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’کہہ دیجیے کہ اگر اللہ کے ساتھ اور معبود بھی ہوتے، جیسا کہ یہ لوگ کہتے ہیں تو ضرور وه اب تک مالک عرش کی جانب راه ڈھونڈ نکالتے۔‘‘ [سورۃ الإسراء : 42]، اگر آسمان وزمین میں اللہ کے علاوہ اور بھی معبود ہوتے تو آسمان و زمین میں فساد برپا ہوجاتا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اگر آسمان و زمین میں سوائے اللہ تعالیٰ کے اور بھی معبود ہوتے، تو یہ دونوں درہم برہم ہوجاتے۔ پس اللہ تعالیٰ عرش کا رب ہر اس وصف سے پاک ہے، جو یہ مشرک بیان کرتے ہیں۔‘‘ [سورۃ الأنبیاء : 22]۔
اللہ تعالیٰ نے اہل کتاب کو مسیح (علیہ السلام) کے بارے میں غلو کرنے اور یہ کہنے سے منع فرمایا ہے کہ عیسی علیہ السلام اللہ کے بیٹے ہیں، تین میں سے تیسرے ہیں یا خود اللہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اے اہل کتاب! اپنے دین کے بارے میں حد سے نہ گزر جاؤ اور اللہ پر بجز حق کے اور کچھ نہ کہو۔ مسیح عیسیٰ بن مریم (علیہ السلام) تو صرف اللہ کے رسول اور اس کے کلمہ (کن سے پیدا شده) ہیں، جسے مریم (علیہا السلام) کی طرف ڈال دیا تھا اور اس کے پاس کی روح ہیں۔ اس لیے تم اللہ کو اور اس کے سب رسولوں کو مانو اور یہ نہ کہو کہ اللہ تین ہیں۔ اس سے باز آجاؤ کہ تمہارے لیے بہتری ہے۔ اللہ عبادت کے ﻻئق تو صرف ایک ہی ہے اور وه اس سے پاک ہے کہ اس کی اوﻻد ہو۔ اسی کے لیے ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے۔ اور اللہ کافی ہے کام بنانے واﻻ۔‘‘ [سورۃ النساء : 171]۔
جو شخص یہ عقیدہ رکھے کہ عیسی علیہ السلام اللہ کے بیٹے ہیں، وہ کافر ہے۔ آپ علیہ السلام پر ایمان لائے بغیر کسی شخص کا اسلام درست نہیں ہو سکتا۔ قرآنِ کریم نے مریم اور عیسی علیہما السلام کا قصہ کئی سورتوں میں بیان کیا ہے، جیسے سورہ آل عمران، سورہ مائدہ اور سورہ مریم وغیرہ۔ کئی احادیث میں بھی اس کی تصدیق آئی ہوئی ہے۔
دیکھیں : مفتاح دار السعادة 1/ 303، حبي العظيم للمسيح قادني إلى الإسلام ص169۔
***
سوال :
کیا مسیح عیسی علیہ السلام کو سولی پر چڑھایا گیا؟
جواب :
مسیح عیسیٰ علیہ السلام کو سولی پر نہیں چڑھایا گیا، بلکہ انھیں آسمان پر اٹھا لیا گیا ہے اور وہ اب دوسرے آسمان پر زندہ موجود ہیں۔ ان کی وفات نہیں ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’مگر جب عیسیٰ (علیہ السلام) نے ان کا کفر محسوس کر لیا، تو کہنے لگے کہ اللہ تعالیٰ کی راه میں میری مدد کرنے واﻻ کون کون ہے؟ حواریوں نے جواب دیا کہ ہم اللہ تعالیٰ کی راه کے مددگار ہیں۔ ہم اللہ تعالیٰ پر ایمان ﻻئے اور آپ گواه رہیے کہ ہم تابع دار ہیں۔ اے ہمارے پالنے والے معبود! ہم تیری اتاری ہوئی وحی پر ایمان ﻻئے اور ہم نے تیرے رسول کی اتباع کی۔ پس تو ہمیں گواہوں میں لکھ لے۔ اور کافروں نے مکر کیا اور اللہ تعالیٰ نے بھی خفیہ تدبیر کی اور اللہ تعالیٰ سب خفیہ تدبیر کرنے والوں سے بہتر ہے۔ جب اللہ نے فرمایا کہ اے عیسیٰ! میں تجھے پورا لینے واﻻ ہوں اور تجھے اپنی جانب اٹھانے واﻻ ہوں اور تجھے کافروں سے پاک کرنے واﻻ ہوں اور تیرے تابع داروں کو قیامت کے دن تک کافروں کے اوپر غالب کرنے واﻻ ہوں، پھر تم سب کا لوٹنا میری ہی طرف ہے، چنانچہ میں ہی تمہارے آپس کے تمام تر اختلافات کا فیصلہ کروں گا۔‘‘ [سورہ آل عمران : 52-55]، وہ قیامت سے پہلے اتریں گے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اور یقیناً عیسیٰ (علیہ السلام) قیامت کی علامت ہیں۔ لہذا تم (قیامت) کے بارے میں شک نہ کرو اور میری تابع داری کرو۔ یہی سیدھی راه ہے۔‘‘ [سورہ زخرف : 61]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’اہل کتاب میں ایک بھی ایسا نہ بچے گا جو عیسیٰ (علیہ السلام) کی موت سے پہلے ان پر ایمان نہ لے آئے اور قیامت کے دن آپ ان پر گواه ہوں گے۔‘‘ [سورۃ النساء : 159]۔
جب حضرت عیسیٰ علیہ السلام اتریں گے، تو مسیح دجال کو قتل کریں گے، دین اسلام کے مطابق فیصلہ کریں گے، صلیب توڑیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے، جزیہ ختم کر دیں گے اور اسے قبول نہیں کریں گے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے : ’’اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، عن قریب تمھارے اندر ابن مریم ایک منصف حاکم کی حیثیت سے اتریں گے۔ وہ صلیب توڑیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے، جزیہ ختم کر دیں گے اور مال کی اتنی بہتات ہو گی کہ کوئی اسے قبول نہیں کرے گا۔‘‘ [صحیح بخاری، حدیث نمبر : 2222، اور صحیح مسلم، حدیثٖ نمبر : 242]۔
***
سوال :
اسلام نے عیسی علیہ السلام پر ایمان لانے کے مسئلے کو کس طرح بیان کیا ہے؟
جواب :
عیسی علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے ایک بہت بڑے نبی ہیں۔ وہ ہمارے نبی محمد ﷺ سے پہلے تشریف لائے تھے اور اولو العزم رسولوں علیہم الصلاۃ والسلام میں سے ایک تھے۔ قرآن مجید نے ان کا کثرت سے تذکرہ کیا ہے، ان کی شان بیان کی ہے اور بتایا ہے کہ وہ اللہ کے نزدیک بڑے مرتبے والے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’جب فرشتوں نے کہا کہ اے مریم! اللہ تعالیٰ تجھے اپنے ایک کلمے کی خوش خبری دیتا ہے، جس کا نام مسیح عیسیٰ بن مریم ہے، جو دنیا اور آخرت میں ذی عزت ہے اور وه میرے مقربین میں سے ہے۔‘‘ [سورہ آل عمران : 45]، قرآنِ کریم نے حضرت مریم اور حضرت عیسیٰ علیہما السلام کے واقعات کو متعدد سورتوں میں تفصیل سے بیان کیا ہے، جیسے سورہ آل عمران، سورہ مائدہ اور سورہ مریم۔ کئی احادیث میں بھی ان کا ذکر آیا ہے۔ چنانچہ ان تمام تفصیلات سے یہ واضح ہے کہ اللہ کے نزدیک، قرآنِ کریم اور سنتِ نبوی میں اور مسلمانوں کے یہاں عیسی علیہ السلام کا بہت بڑا مقام و مرتبہ ہے۔
ان کے بارے میں جو کچھ وارد ہوا ہے، اس میں سے ایک یہ ہے کہ اللہ تعالی نے عیسیٰ علیہ السلام کو ایک معجزے کے طور پر پیدا کیا۔ انھیں بغیر باپ کے ماں سے پیدا کیا۔ ان سے فرمایا : "ہوجا"، تو وہ ہو گئے۔ فرمان باری تعالی ہے : ’’جب فرشتوں نے کہا کہ اے مریم! اللہ تعالیٰ تجھے اپنے ایک کلمے کی خوش خبری دیتا ہے، جس کا نام مسیح عیسیٰ بن مریم ہے، جو دنیا اور آخرت میں ذی عزت ہے اور وه میرے مقربین میں سے ہے۔ وه لوگوں سے اپنے گہوارے میں باتیں کرے گا اور ادھیڑ عمر میں بھی اور وه نیک لوگوں میں سے ہوگا۔ کہنے لگیں : الٰہی! مجھے لڑکا کیسے ہوگا؟ حاﻻں کہ مجھے تو کسی انسان نے ہاتھ بھی نہیں لگایا؟ فرشتے نے کہا : اسی طرح اللہ تعالیٰ جو چاہے پیدا کرتا ہے۔ جب کبھی وه کوئی کام کرنا جاہتا ہے تو صرف یہ کہہ دیتا ہے کہ ہو جا! تو وه ہو جاتا ہے۔‘‘ [سورہ آل عمران : 45-47]۔
اس کے ساتھ ہی اللہ تعالیٰ نے بتایا ہے کہ یہ غیر معمولی ولادت مسیح علیہ السلام کو نہ تو معبود بناتی ہے اور نہ ہی معبود کا بیٹا، بلکہ وہ ایک انسان تھے اور دونوں ماں بیٹے کھانا کھایا کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’مسیح ابن مریم سوائے پیغمبر ہونے کے اور کچھ بھی نہیں ہیں۔ اس سے پہلے بھی بہت سے پیغمبر ہوچکے ہیں۔ ان کی والده ایک راست باز عورت تھیں۔ دونوں ماں بیٹے کھانا کھایا کرتے تھے۔ آپ دیکھیے کہ کس طرح ہم ان کے سامنے دلیلیں رکھتے ہیں، پھر غور کیجیے کہ کس طرح وه پھرے جاتے ہیں؟‘‘ [سورة المائدۃ : 75]، ابن جریر رحمہ اللہ فرماتے ہیں : "ابو جعفر فرماتے ہیں : یہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے دی گئی ایک خبر ہے، جو اس نے اپنے نبی محمد ﷺ کے حق میں نصاریٰ کے مختلف فرقوں کے عقائد کی تردید میں دی ہے۔ اللہ تعالیٰ یعقوبیہ (نصرانیوں کے ایک قدیم فرقے) کے اس عقیدے کو جھٹلاتا ہے کہ "مسیح ہی اللہ ہیں"، اور ان لوگوں کے قول کی بھی تردید کرتا ہے جو کہتے ہیں کہ "مسیح اللہ کے بیٹے ہیں"۔ حقیقت وہ نہیں جو یہ کافر لوگ حضرت مسیح کے بارے میں کہتے ہیں، بلکہ وہ تو مریم کے بیٹے ہیں، جنھیں ان کی والدہ نے اسی طرح جنم دیا تھا، جس طرح مائیں اپنے بچوں کو جنم دیتی ہیں۔ یہ تو بشر کی صفت ہے نہ کہ خالقِ بشر کی۔ وہ تو بس اللہ کے ایک رسول تھے، بالکل اسی طرح جیسے ان سے پہلے بہت سے رسول گزر چکے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے ہاتھوں پر اپنی مشیت کے مطابق معجزات اور نشانیاں ظاہر فرمائیں، تاکہ ان کی سچائی پر دلیل قائم ہو جائے اور یہ ثابت ہو جائے کہ وہ اللہ کے بھیجے ہوئے رسول ہیں۔ جس طرح اللہ تعالیٰ نے ان سے پہلے آنے والے رسولوں کے ہاتھوں پر بھی معجزات اور نشانیاں ظاہر فرمائی تھیں، جو ان کے سچے رسول ہونے کی دلیل تھیں۔ اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان : ﴿وَأُمُّهُ صِدِّيقَةٌ﴾ (اور ان کی والدہ بڑی راست باز عورت تھی) بتاتا ہے کہ حضرت مسیح علیہ السلام کی والدہ حضرت مریم صدیقہ تھیں۔ پھر اللہ تعالیٰ کا ارشاد : ﴿كَانَا يَأْكُلَانِ الطَّعَامَ﴾ (دونوں ماں بیٹے کھانا کھایا کرتے تھے)، حضرت مسیح اور ان کی والدہ کے بارے میں یہ بتاتا ہے کہ دونوں اپنی جسمانی بقا کے لیے کھانے پینے کے محتاج تھے، جیساکہ تمام انسان ہوا کرتے ہیں۔ انھیں بھی غذا اور مشروبات کی ضرورت پڑتی تھی، تاکہ ان کے جسم قائم رہ سکیں۔ اب سوچنے کا مقام یہ ہے کہ جو شخص ان اوصاف کا حامل ہو، وہ معبود ہرگز نہیں ہو سکتا؛ کیونکہ جو غذا کا محتاج ہو، اس کا قیام کسی اور کے سہارے ہوتا ہے۔ اور اس کا کسی اور کے سہارے قائم ہونا اور اپنی بقا کے لیے کسی اور کا محتاج ہونا اس کے عاجز ہونے کی واضح دلیل ہے۔ اور عاجز صرف مربوب ہی ہو سکتا ہے، رب نہیں۔" تفسیر الطبری = جامع البیان ت شاکر (10/ 485)۔
مسیح علیہ السلام پر ایک گروہ ایمان لایا اور ایک گروہ نے کفر کی راہ اختیار کی۔ چنانچہ اللہ نے کافروں کے مقابلے میں مومنوں کی مدد فرمائی۔ کسی شخص کا اسلام اس وقت تک درست نہیں ہو سکتا، جب تک کہ وہ عیسیٰ علیہ السلام کی نبوت پر ایمان نہ لائے اور اس کا یقین نہ رکھے کہ وہ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔ جو شخص یہ عقیدہ رکھے کہ وہ معبود یا معبودوں کا حصہ ہیں، وہ کافر ہے۔
مسیح علیہ السلام کو سولی نہیں دی گئی ہے، بلکہ انھیں آسمان پر اٹھا لیا گیا ہے۔ وہ دوسرے آسمان پر زندہ ہیں۔ ان کی وفات نہیں ہوئی ہے۔ فرمان الہی ہے : ’’اور یوں کہنے کے باعث کہ ہم نے اللہ کے رسول مسیح عیسیٰ بن مریم کو قتل کر دیا، حاﻻں کہ نہ تو انہوں نے انھیں قتل کیا نہ سولی پر چڑھایا، بلکہ ان کے لیے ان (عیسیٰ) کا شبیہ بنا دیا گیا تھا۔ یقین جانو کہ عیسیٰ (علیہ السلام) کے بارے میں اختلاف کرنے والے ان کے بارے میں شک میں ہیں۔ انہیں اس کا کوئی یقین نہیں بجز تخمینی باتوں پر عمل کرنے کے۔ اتنا یقینی ہے کہ انہوں نے انہیں قتل نہیں کیا ہے۔ بلکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنی طرف اٹھا لیا ہے اور اللہ بڑا زبردست اور پوری حکمتوں واﻻ ہے۔ اہل کتاب میں ایک بھی ایسا نہ بچے گا جو عیسیٰ (علیہ السلام) کی موت سے پہلے ان پر ایمان نہ لے آئے اور قیامت کے دن آپ ان پر گواه ہوں گے۔‘‘ [سورۃ النساء : 157-159]۔
وہ قیامت سے پہلے اتریں گے، مسیح دجال کو قتل کریں گے، اسلام کے مطابق فیصلہ کریں گے، صلیب توڑیں گے اور خنزیر کو قتل کریں گے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے : ’’اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، عن قریب تمھارے ابن مریم ایک منصف حاکم کی حیثیت سے اتریں گے۔ وہ صلیب کو توڑیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے، جزیہ ختم کر دیں گے اور مال کی اتنی بہتات ہو گی کہ کوئی اسے قبول نہیں کرے گا۔‘‘ [صحیح بخاری، حدیث نمبر : 2222، اور صحیح مسلم، حدیث نمبر : 242]۔ پھر آپ زمین پر چالیس سال رہیں گے، بعدہ وفات پائیں گے اور مسلمان آپ کی نمازِ جنازہ پڑھیں گے۔
***
سوال :
کیا اسلام نے ان لوگوں کے نقطۂ نظر کی تائید کی ہے جو مسیح علیہ السلام کی سولی پر موت کے قائل ہیں؟
جواب :
اسلام مسیح علیہ السلام کے زمانے میں سولی کے واقعے کے پیش آنے کا انکار نہیں کرتا، لیکن سچائی یہ ہے کہ یہودیوں نے مسیح علیہ السلام کو قتل کرنے اور سولی پر چڑھانے کا ارادہ کیا، تو اللہ تعالیٰ نے انھیں ان کے ہاتھوں سے بچا لیا اور اپنی طرف اٹھا لیا۔ اس طرح یہودی انھیں کوئی تکلیف نہ پہنچا سکے۔ پھر اللہ نے ان کی شکل و شباہت کسی دوسرے آدمی کو دے دی، جسے یہودیوں نے اس وقت کے بت پرست رومی حکمران کے ساتھ سازش کر کے پکڑ لیا، قتل کر دیا اور سولی پر چڑھا دیا، اس گمان میں کہ انھوں نے مسیح علیہ السلام کو قتل کیا اور سولی پر چڑھا دیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’مگر جب عیسیٰ علیہ السلام نے ان کا کفر محسوس کر لیا، تو کہنے لگے کہ اللہ تعالیٰ کی راه میں میری مدد کرنے واﻻ کون کون ہے؟ حواریوں نے جواب دیا کہ ہم اللہ تعالیٰ کی راه کے مددگار ہیں، ہم اللہ تعالیٰ پر ایمان ﻻئے اور آپ گواه رہیے کہ ہم تابع دار ہیں۔ اے ہمارے پالنے والے معبود! ہم تیری اتاری ہوئی وحی پر ایمان ﻻئے اور ہم نے تیرے رسول کی اتباع کی، پس تو ہمیں گواہوں میں لکھ لے۔ اور کافروں نے مکر کیا اور اللہ تعالیٰ نے بھی خفیہ تدبیر کی اور اللہ تعالیٰ سب خفیہ تدبیر کرنے والوں سے بہتر ہے۔ جب اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے عیسیٰ! میں تجھے پورا لینے واﻻ ہوں اور تجھے اپنی جانب اٹھانے واﻻ ہوں اور تجھے کافروں سے پاک کرنے واﻻ ہوں اور تیرے تابع داروں کو قیامت کے دن تک کافروں کے اوپر غالب کرنے واﻻ ہوں۔ پھر تم سب کا لوٹنا میری ہی طرف ہے۔ میں ہی تمہارے آپس کے تمام تر اختلافات کا فیصلہ کروں گا۔‘‘ [سورة آل عمران : 52-55]، ایک اور موقعے پر فرمایا ہے : ’’اور یوں کہنے کے باعث کہ ہم نے اللہ کے رسول مسیح عیسیٰ بن مریم کو قتل کر دیا، حاﻻں کہ نہ تو انہوں نے اسے قتل کیا نہ سولی پر چڑھایا، بلکہ ان کے لیے ان (عیسیٰ) کا شبیہ بنا دیا گیا تھا۔ یقین جانو کہ عیسیٰ (علیہ السلام) کے بارے میں اختلاف کرنے والے ان کے بارے میں شک میں ہیں۔ انہیں اس کا کوئی یقین نہیں بجز تخمینی باتوں پر عمل کرنے کے۔ اتنا یقینی ہے کہ انہوں نے انہیں قتل نہیں کیا۔ بلکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنی طرف اٹھا لیا اور اللہ بڑا زبردست اور پوری حکمتوں واﻻ ہے۔ اہل کتاب میں ایک بھی ایسا نہ بچے گا، جو عیسیٰ (علیہ السلام) کی موت سے پہلے ان پر ایمان نہ لے آئے اور قیامت کے دن آپ ان پر گواه ہوں گے۔‘‘ [سورۃ النساء : 157-15]
چنانچہ مسیح یعنی حضرت عیسیٰ ابن مریم علیہ السلام کو نہ سولی پر چڑھایا گیا اور نہ قتل کیا گیا، بلکہ اللہ تعالیٰ نے انھیں اپنی طرف اٹھا لیا۔ وہ اب دوسرے آسمان پر ہیں اور قیامت سے پہلے اتریں گے۔ ان کا اترنا قربِ قیامت کی ایک بڑی نشانی ہوگی۔ وہ مسیح دجال کو قتل کریں گے، صلیب کو توڑیں گے جس کی اللہ کی بجائے عبادت جاتی ہے اور جس کے بارے میں نصاریٰ کا دعوی ہے کہ انھیں اس پر سولی دی گئی تھی، خنزیر کو قتل کريں گے اور اسلامی شریعت کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا ہے : ’’قیامت قائم نہیں ہو گی تا آں کہ تمھارے اندر ابن مریم ایک حاکم اور منصف کی حیثیت سے اتریں۔ وہ صلیب توڑیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے اور جزیہ ختم کر دیں گے، مال کی اتنی بہتات ہو گی کہ اسے کوئی قبول نہیں کرے گا۔‘‘ [صحیح بخاری، حدیث نمبر : 2476، اور صحیح مسلم، حدیث نمبر : 155]۔
***
سوال :
کیا نصاریٰ جنت میں داخل ہوں گے؟
جواب :
آسمانوں اور زمین کی بادشاہت اللہ ہی کی ہے۔ وہ جو چاہتا ہے کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے منتخب فرماتا ہے۔ خالص دین اسی کا ہے۔ ساری مخلوق اسی کی پیدا کی ہوئی ہے، فرماں روائی اسی کی ہے اور حکم اسی کا چلتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’آسمانوں میں اور زمین میں جو کچھ ہے سب اسی کا ہے اور اسی کی عبادت ﻻزم ہے۔ کیا پھر تم اس کے سوا اوروں سے ڈرتے ہو؟‘‘ [سورۃ النحل : 52]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’آسمانوں اور زمین کی بادشاہی اللہ ہی کے لیے ہے اور اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔‘‘ [سورۃ آل عمران : 189]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’وہ بدلے کے دن (یعنی قیامت کے دن) کا مالک ہے۔‘‘ [سورۃ الفاتحۃ : 4]، چنانچہ دنیا اور آخرت کی مکمل بادشاہت اللہ تعالیٰ ہی کی ہے۔ وہی دین عطا کرتا ہے اور اس پر جزا و سزا دیتا ہے۔ اسی کا فیصلہ ہے کہ اسلام ہی بس اکیلا برحق مذہب ہے اور اس کے علاوہ دیگر تمام مذاہب باطل ہیں۔ اسی طرح اللہ تعالی ہی دنیا اور آخرت کا مالک ہے۔ وہی حکم دیتا اور فیصلہ فرماتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’وہی اللہ ہے، اس کے سوا کوئی ﻻئق عبادت نہیں۔ دنیا اور آخرت میں اسی کی تعریف ہے۔ اسی کی فرماں روائی ہے اور اسی کی طرف تم سب پھیرے جاؤ گے۔‘‘ [سورة القصص : 70]، اسی اللہ کا یہ فیصلہ اور برحق فیصلہ ہے کہ جس نے اللہ کے لیے اولاد بنائی وہ مشرک اور کافر ہے، جب کہ مسیح علیہ السلام نے عیسائیوں کو اللہ کے ساتھ شرک کرنے سے ڈرایا تھا اور یہ بتایا تھا کہ جس نے ﷲ کے ساتھ شرک کیا، ﷲ تعالیٰ نے اس پر جنت حرام کر دی ہے، جیسا کہ فرمان باری تعالی ہے : ’’بے شک وه لوگ کافر ہوگئے جن کا قول ہے کہ مسیح ابن مریم ہی اللہ ہے، حاﻻں کہ خود مسیح نے ان سے کہا تھا کہ اے بنی اسرائیل! اللہ ہی کی عبادت کرو جو میرا اور تمہارا سب کا رب ہے۔ یقین مانو کہ جو شخص اللہ کے ساتھ شریک کرتا ہے اللہ تعالیٰ نے اس پر جنت حرام کر دی ہے۔ اس کا ٹھکانہ جہنم ہی ہے اور گنہگاروں کی مدد کرنے واﻻ کوئی نہیں ہوگا۔‘‘ [سورۃ المائدۃ : 72]۔
جس نے بھی اللہ کے نبیوں اور رسولوں علیہم الصلاۃ والسلام میں سے کسی نبی کا انکار کیا، وہ ہمیشہ ہمیش جہنم میں رہے گا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : ’’عادیوں نے بھی رسولوں کو جھٹلایا۔‘‘ [سورۃ الشعراء : 123]، چنانچہ اللہ تعالیٰ نے بتایا کہ انھوں نے رسولوں کو جھٹلایا، حالاں کہ انھوں نے صرف اپنے رسول کو جھٹلایا تھا، لیکن جس نے کسی ایک نبی کو جھٹلایا اس نے تمام رسولوں کو جھٹلا دیا؛ کیوں کہ ان سب کی رسالت ایک ہے اور اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیا علیہم السلام میں سے کسی ایک نبی کا انکار کرنے والے کو کافر قرار دیا ہے۔ اس کا فرمان ہے : ’’اے ایمان والو! اللہ تعالیٰ پر، اس کے رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) پر، اس کتاب پر جو اس نے اپنے رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) پر اتاری ہے اور ان کتابوں پر جو اس سے پہلے اس نے نازل فرمائی ہیں، ایمان لاؤ۔ جو شخص اللہ تعالیٰ سے، اس کے فرشتوں سے، اس کی کتابوں سے، اس کے رسولوں سے اور قیامت کے دن سے کفر کرے وه تو بہت بڑی دور کی گمراہی میں جا پڑا۔‘‘ [سورۃ النساء : 136]۔
حدیث میں خاص طور سے یہود و نصاریٰ کے بارے میں ایک بات کہی گئی ہے۔ چنانچہ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے : ’’قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد ﷺ کی جان ہے! اس امت کا کوئی بھی شخص چاہے وہ یہودی ہو یا نصرانی، اسے میری بعثت کی اطلاع ہوئی ہو اور وہ اس دین پر ایمان لائے بغیر مرجائے جس کے ساتھ مجھے بھیجا گیا ہے، تو وہ یقینًا اہلِ جہنم میں سے ہوگا۔‘‘ [صحیح مسلم، حدیث نمبر : 240]، اسی طرح رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے : ’’جنت میں صرف مسلمان ہی داخل ہوں گے۔‘‘ [صحیح بخاری، حدیث نمبر : 6528، اور صحیح مسلم، حدیث نمبر : 221]، البتہ وہ موحد نصاریٰ جنھوں نے اسلام کا زمانہ نہیں پایا اور وہ اللہ تعالی کو رب اور عیسیٰ علیہ السلام کو رسول مانتے رہے، تو ایسے لوگ مومن ہیں اور جنت جائیں گے۔
یہاں یہ بھی جان لینا چاہیے کہ جس شخص تک اسلام کا پیغام نہیں سنا پنہچا، وہ اللہ کے دین کے بارے میں کچھ جان نہیں سکا اور اس پر حجت تمام نہیں ہوئی، اللہ تعالیٰ اس پر ظلم نہیں کرے گا؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ عدل و انصاف کے ساتھ فیصلہ فرماتا ہے اور لوگوں پر ذرہ برابر ظلم نہیں کرتا۔ جب قیامت قائم ہوگی اور اللہ تعالیٰ مخلوقات کو اٹھائے گا، تو اس طرح کے لوگوں کا امتحان لے گا۔ اس وقت اگر وہ ایمان لے آئے اور تصدیق کی تو جنت میں داخل ہوں گے اور اگر جھٹلایا اور تکبر کیا تو اپنے کفر، عناد اور اللہ کے سامنے تکبر کرنے کی وجہ سے جہنم میں داخل ہوں گے۔
***
سوال :
کیا مسلمان اس بات پر ایمان رکھتے ہیں کہ تمام ادیان ایک ہی انجام کی طرف لے جاتے ہیں؟
جواب :
اللہ نے اپنے بندوں کو جو دین دیا ہے اور جسے لوگوں تک پہنچانے کی ذمے داری تمام نبیوں کو دی ہے، وہ دین اسلام ہے۔ لھٰذا تمام انبیا دین اسلام کے مبلغ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے وہی دین مقرر کردیا ہے جسے قائم کرنے کا اس نے نوح (علیہ السلام) کو حکم دیا تھا اور جسے (بذریعہ وحی) ہم نے تیری طرف بھیج دیا ہے، اور جس کا تاکیدی حکم ہم نے ابراہیم اور موسیٰ اور عیسیٰ (علیہم السلام) کو دیا تھا، کہ اس دین کو قائم رکھنا اور اس میں پھوٹ نہ ڈالنا۔ جس چیز کی طرف آپ انہیں بلا رہے ہیں وه تو (ان) مشرکین پر گراں گزرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے اپنا برگزیده بناتا ہے اور جو بھی اس کی طرف رجوع کرے، وه اس کی صحیح ره نمائی کرتا ہے۔‘‘ [سورۃ الشوریٰ : 13]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’اسی کی وصیت ابراہیم اور یعقوب نے اپنی اوﻻدکو کی کہ ہمارے بچو! اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے اس دین کو پسند فرمالیا ہے۔ خبردار! تم مسلمان ہی مرنا۔‘‘ [سورۃ البقرۃ : 132]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’کیا یعقوب کے انتقال کے وقت تم موجود تھے؟ جب انہوں نے اپنی اوﻻد سے کہا کہ میرے بعد تم کس کی عبادت کرو گے؟ تو سب نے جواب دیا کہ آپ کے معبود کی اور آپ کے آبا و اجداد ابرہیم ﴿علیہ السلام﴾ اور اسماعیل ﴿علیہ السلام﴾ اور اسحاق ﴿علیہ السلام﴾ کے معبود کی، جو معبود ایک ہی ہے اور ہم اسی کے فرماں بردار رہیں گے۔‘‘ [سورۃ البقرۃ : 133]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’اے مسلمانو! تم سب کہو کہ ہم اللہ پر ایمان ﻻئے اور اس پر بھی جو ہماری طرف اتارا گیا اور جو ابراہیم اسماعیل اسحاق یعقوب (علیہم السلام) اور ان کی اوﻻد پر اتارا گیا اور جو کچھ اللہ کی جانب سے موسیٰ اور عیسیٰ (علیہما السلام) اور دوسرے انبیا (علیہم السلام) دیے گئے۔ ہم ان میں سے کسی کے درمیان فرق نہیں کرتے۔ ہم اللہ کے فرماں بردار ہیں۔‘‘ [سورۃ البقرۃ : 136]۔
جو شخص اسلام کے علاوہ کسی اور دین پر ایمان رکھتا ہے، اس کا دین باطل اور اس کا عمل مردود ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’جو شخص اسلام کے سوا اور دین تلاش کرے، اس کا دین قبول نہ کیا جائے گا اور وه آخرت میں نقصان پانے والوں میں ہوگا۔‘‘ [سورہ آل عمران : 85]۔
مسلمان اس بات پر ایمان رکھتا ہے کہ دین حق بس ایک ہے، اس کے علاوہ تمام ادیان باطل ہیں اور آخرت میں نیک انجام، بہتر انجام اور بڑی کامیابی اسی کے لیے ہے جو اللہ سے مسلمان ہو کر ملے۔ جو اللہ سے اس کا انکار کرتے ہوئے اور کسی کو اس کا ساجھی بناتے ہوئے ملے گا، اس کے حق میں دنیا اور آخرت کا خسارہ ہوگا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’بے شک جو اہل کتاب کافر ہوگئے اور جنھوں نے شرک کیا، سب دوزخ کی آگ میں (جائیں گے)، جہاں وه ہمیشہ (ہمیشہ) رہیں گے۔ یہ لوگ بدترین مخلوق ہیں۔‘‘ [سورۃ البینۃ : 6]۔ ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’کہہ دیجیے کہ میں تو خالص کر کے صرف اپنے رب ہی کی عبادت کرتا ہوں۔ تم اس کے سوا جس کی چاہو عبادت کرتے رہو۔ کہہ دیجیے کہ حقیقی زیاں کار وه ہیں جو اپنے آپ کو اور اپنے اہل کو قیامت کے دن نقصان میں ڈال دیں گے۔ یاد رکھو کہ کھلم کھلا نقصان یہی ہے۔‘‘ [سورة الزمر : 14-15]۔
اللہ سبحانہ وتعالیٰ ہی حق ہے اور وہ سیدھے راستے پر چلنے والے کو ملے گا۔ یہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کا عدل ہی ہے کہ وہ قیامت کے دن اللہ پر ایمان رکھنے والے ان تمام مومنوں کا ٹھکانہ جنت بنائے گا جنھوں نے رسولوں علیہم الصلاۃ والسلام کی تصدیق کی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اور جو بھی اللہ تعالیٰ کی اور رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) کی فرماں برداری کرے، وه ان لوگوں کے ساتھ ہوگا جن پر اللہ تعالیٰ نے انعام کیا ہے، جیسے نبی اور صدیق اور شہید اور نیک لوگ۔ یہ بہترین رفیق ہیں۔‘‘ [سورۃ النساء : 69]، اللہ تعالیٰ نے کافروں کا انجام جہنم قرار دیا ہے، جو کہ نہایت برا ٹھکانہ ہے۔ فرمان باری تعالی ہے : ’’اللہ جس کی رہنمائی کرے تو وه ہدایت یافتہ ہے اور جسے وه راه سے بھٹکا دے ناممکن ہے کہ تو اس کا مددگار اس کے سوا کسی اور کو پائے۔ ایسے لوگوں کا ہم بروز قیامت اوندھے منہ حشر کریں گے، درآں حالیکہ وه اندھے، گونگے اور بہرے ہوں گے۔ ان کا ٹھکانہ جہنم ہوگا۔ جب کبھی وه بجھنے لگے گی ہم ان پر اسے اور بھڑکا دیں گے۔ یہ سب ہماری آیتوں سے کفر کرنے اور ان کے یہ کہنے کا بدلہ ہے کہ کیا جب ہم ہڈیاں اور ریزے ریزے ہوجائیں گے پھر ہم نئے طور پر پیدا کر کے اٹھا کھڑے کیے جائیں گے؟‘‘ [ سورۃ الإسراء: 97-98]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’یقیناً اللہ تعالیٰ تمام کافروں اور سب منافقوں کو جہنم میں جمع کرنے واﻻ ہے۔‘‘ [سورۃ النساء : 140]، اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا یہ عین انصاف ہے کہ وہ مومنین کو جنت میں جمع کرے اور کفار کو جہنم میں اکٹھا کرے۔ ہم اللہ تعالیٰ سے جہنم کے عذاب سے سلامتی مانگتے ہیں۔
***
سوال :
دیگر ادیان اور اقلیتوں کے بارے میں اسلام کا کیا موقف ہے؟
جواب :
اللہ سبحانہ وتعالیٰ ہی وہ ذات ہے جس کی ملکیت میں آسمانوں اور زمین کی بادشاہت ہے، آخرت میں بھی اسی کے لیے تعریف ہے اور تمام کام اسی کی طرف لوٹائے جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے سزاوار ہیں جس کی ملکیت میں وه سب کچھ ہے جو آسمانوں اور زمین میں ہے۔ آخرت میں بھی تعریف اسی کے لیے ہے۔ وه (بڑی) حکمتوں واﻻ اور (پورا) خبردار ہے۔ جو زمین میں جائے اور جو اس سے نکلے جو آسمان سے اترے اور جو چڑھ کر اس میں جائے وه سب سے باخبر ہے۔ اور وه مہربان نہایت بخشش واﻻ ہے۔‘‘ [سورة سبأ : 1-2]، اللہ ہی خالق، رازق اور کارساز ہے۔وہی معبود برحق اور عبادت کا مستحق ہے۔ اس کے علاوہ سب کچھ پروردہ اور مخلوق ہے۔ اسی نے فرائض مقرر کیے، شریعتیں وضع کیں، دین نازل کیا اور اپنے دین کو تمام ادیان پر غالب کر دیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’اسی نے اپنے رسول کو ہدایت اور سچے دین کے ساتھ بھیجا ہے کہ اسے اور تمام مذہبوں پر غالب کر دے اگر چہ مشرک برا مانیں۔‘‘ [سورۃ التوبۃ : 33]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’وہی ہے جس نےاپنے رسول کو ہدایت اور دین حق کے ساتھ بھیجا تاکہ اسے ہر دین پر غالب کر دے اور اللہ تعالیٰ کافی ہے گواہی دینے واﻻ۔‘‘ [سورۃ الفتح : 28]، دین اس وقت تک خالص نہیں ہوتا جب تک وہ صرف اور صرف اللہ کے لیے نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ’’آسمانوں میں اور زمین میں جو کچھ ہے سب اسی کا ہے اور اسی کی عبادت ﻻزم ہے۔ کیا پھر تم اس کے سوا اوروں سے ڈرتے ہو؟‘‘ `[سورۃ النحل : 52]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’خبردار! اللہ تعالیٰ ہی کی خالص عبادت کرنی ہے۔‘‘ [سورۃ الزمر : 3]۔
اللہ تعالیٰ نے بڑے ہی واضح انداز میں کہہ دیا ہے کہ اس کے نزدیک مقبول اور پسندیدہ دین صرف اسلام ہے۔ اس کا فرمان ہے : ’’بے شک اللہ تعالیٰ کے نزدیک دین اسلام ہی ہے۔۔۔‘‘ [سورۃ آل عمران : 19]، اللہ تعالیٰ دین اسلام کے علاوہ کوئی اور دین پسند نہیں کرتا۔ اس کا فرمان ہے : ’’جو شخص اسلام کے سوا اور دین تلاش کرے، اس کا دین قبول نہ کیا جائے گا اور وه آخرت میں نقصان پانے والوں میں ہوگا۔‘‘ [سورۃ آل عمران : 85]۔
اللہ تعالی نے یہ فیصلہ صادر فرما دیا ہے کہ جو دینِ اسلام کے علاوہ کسی اور دین کو اپنائے گا، اس کی ساری تگ و دو سود اور اس کا انجام ہلاکت و عذابِ عظیم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمای ہے : ’’۔۔۔کہہ دیجیے کہ حقیقی زیاں کار وه ہیں جو اپنے آپ کو اور اپنے اہل کو قیامت کے دن نقصان میں ڈال دیں گے، یاد رکھو کہ کھلم کھلا نقصان یہی ہے۔‘‘ [سورة الزمر : 15]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : ’’جس اللہ کی آسمانوں اور زمین کی ساری چيزیں ہیں۔ اور کافروں کے لیے تو سخت عذاب کی خرابی ہے۔ جو آخرت کے مقابلے میں دنیوی زندگی کو پسند رکھتے ہیں اور اللہ کی راه سے روکتے ہیں اور اس میں ٹیڑھ پن پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ یہی لوگ پرلے درجے کی گمراہی میں ہیں۔‘‘ [سورۃ إبراهيم : 2-3]، آپ نے دیکھا کہ حقیقی فرماں روا، رب العالمین، اللہ رب العزت کا فیصلہ ہے کہ اسلام کے علاوہ تمام ادیان باطل ہیں اور آخرت میں ان کے ماننے والوں کا ٹھکانہ جہنم ہے، جو ایک بہت ہی برا ٹھکانہ ہے۔
جہاں تک اقلیتوں اور دیگر مذاہب کو ماننے والوں کا تعلق ہے، تو اسلام میں ان کے حوالے سے حکم یہ ہے کہ جب تک وہ مسلمانوں سے برسرِ پیکار نہ ہوں، اہلِ اسلام پر واجب ہے کہ انھیں اسلام کی دعوت دیں اور ان کے ساتھ عدل و انصاف پر مبنی معاملہ کریں۔ مسلمانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ نیکی اور احسان کا برتاؤ کریں اور ان کے کمزوروں پر رحم کھائیں۔ اگر کوئی انسان مسلمان ہو اور اس کے والدین غیر مسلم ہوں، تو اس پر واجب ہے کہ وہ ان کے ساتھ حسنِ سلوک اور بھلائی سے پیش آئے اور معروف طریقے سے ان کے ساتھ تعلقات نبھائے۔ مجموعی طور پر ایک مسلمان پر لازم ہے کہ وہ سب کے ساتھ اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرے۔ نہ کسی کو تکلیف پہنچائے، نہ کسی پر ظلم کرے اور نہ ہی ان کے حقوق کی ادائيگی میں کوئی کمی کرے۔
البتہ اگر غیر مسلم مسلم ملک میں ہو اور مسلمانوں کے درمیان برضا و رغبت رہ رہا ہو، تو اس پر عوامی نظام کی پابندی کرنا لازم ہے۔ اسلام اس کی جان، مال، عزت و آبرو، نسل اور اس آزادی کی حفاظت کرتا ہے جب تک کہ وہ اسلامی شعائر اور شرعی احکام سے متصادم نہ ہو۔
رہی بات اسلام اور مسلمانوں کی طرف ان باتوں کے منسوب کیے جانے کی کہ وہ غیر مسلموں پر ظلم کرتے ہیں، ان کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہیں، انھیں ان کے حقوق سے محروم رکھتے ہیں وغیرہ وغیرہ، تو یہ سب اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سرگرمِ عمل ظالمانہ میڈیا کی زیادتی اور سرکشی ہے۔ جس شخص نے مسلمانوں کے درمیان زندگی گزاری اور ان کے دین کی عظمت، ان کی شریعت کی آسانی اور ان کے اخلاق کی بلندی کا مشاہدہ کیا، وہ بخوبی جانتا ہے کہ یہ متعصب اور گمراہ کن میڈیا کی کہی ہوئی یہ باتیں سراسر جھوٹ اور فریب ہیں۔ واللہ المستعان۔
***
(قرآن اور سابقہ آسمانی کتابوں کا بیان)
سوال :
قرآن کیا ہے؟
جواب :
تمام تعریفات اللہ کی ہیں۔ اما بعد! بے شک اللہ تعالیٰ نے اپنے نبیوں اور رسولوں علیہم الصلوٰۃ والسلام کی واضح نشانیوں عطا کی ہيں، جو اللہ تعالیٰ کے بعد ان کی قوموں کی ہدایت کا سبب بنیں۔ دیگر انبیا علیہم الصلوٰۃ والسلام کی نشانیاں، جیسے صالح علیہ السلام کی اونٹنی، موسیٰ علیہ السلام کا عصا اور عیسیٰ علیہ السلام کے ہاتھوں کوڑھی اور گونگے کا تندرست اور مردوں کا زندہ ہونا وغیرہ، مٹ گئيں۔ باقی صرف ہمارے نبی محمد ﷺ کی نشانی رہی، جو سب سے عظیم نشانی ہے۔ یہ نشانی قرآن پاک ہے، جو تمام نبیوں کو دی گئی نشانیوں میں سب سے بڑی نشانی ہے۔ یہی جوہ ہے کہ آپ نے کہا ہے : "انبیا میں سے کوئی نبی ایسا نہیں گزرا جسے کچھ نشانیاں (معجزات) نہ دی گئی ہوں۔ ایسی نشانیاں کہ ان کی مثل پر انسان ایمان لے آئے۔ اور مجھے جو چیز دی گئی ہے، وہ دراصل وحی ہے، جو اللہ نے میری طرف بھیجی ہے۔ اس لیے میں امید کرتا ہوں کہ قیامت کے دن ان سب سے زیادہ میرے پیروکار ہوں گے۔" [متفق علیہ: صحیح بخاری : 4981 اور صحیح مسلم : 152]۔
یہ وحی جو اللہ تعالیٰ نے آپ کو عطا فرمائی ہے وہ قرآن اور سنت نبویہ ہیں۔ یہاں چوں کہ سوال قرآن کے بارے میں تھا، اس لیے ہم یہاں قرآن مجید کے بارے میں تفصیلی گفتگو کریں گے۔ لہذا ہم کہتے ہیں:
قرآن مجید کے بارے میں اسے اتارنے والے اللہ نے کہا ہے: "اور بے شک یہ (قرآن) رب العالمین کا اتارا ہوا ہے۔ اسے امانت دار فرشتہ لے کر آیا ہے۔ آپ کے دل پر اترا ہے کہ آپ آگاه کر دینے والوں میں سے ہو جائیں. صاف عربی زبان میں ہے۔ اگلے نبیوں کی کتابوں میں بھی اس قرآن کا تذکره ہے۔" [الشعراء: 192-196]، ایک اور جگہ پر کہا ہے : "اتاری ہوئی ہے بڑے مہربان بہت رحم والے کی طرف سے۔ ایک ایسی کتاب جس کی آیتیں کھول کھول کر بیان کی گئی ہیں۔ ایسا قرآن جو عربی زبان میں ہے۔ ان لوگوں کے لیے جو علم رکھتے ہیں۔ خوش خبری سنانے واﻻ اور ڈرانے واﻻ ہے۔ پھر بھی ان کی اکثریت نے منہ پھیر لیا اور وه سنتے ہی نہیں۔" [فصلت: 2-4]، ایک اور جگہ کہا ہے : "جن لوگوں نے اپنے پاس قرآن پہنچ جانے کے باوجود اس سے کفر کیا، (وه بھی ہم سے پوشیده نہیں)۔ یقینا یہ بڑی باوقعت کتاب ہے۔ جس کے پاس باطل پھٹک بھی نہیں سکتا۔ نہ اس کے آگے سے نہ اس کے پیچھے سے۔ یہ ہے نازل کرده حکمتوں والے خوبیوں والے (اللہ) کی طرف سے۔" [فصلت: 41-42]، ایک اور جگہ فرمایا ہے : "بے شک یہ قرآن بہت بڑی عزت واﻻ ہے۔ جو ایک محفوظ کتاب میں درج ہے۔ جسے صرف پاک لوگ ہی چھو سکتے ہیں۔ یہ رب العالمین کی طرف سےاتارا ہوا ہے۔" [الواقعۃ: 77-80]، جس اللہ نے اسے نازل فرمایا ہے، اسی نے تورات اور انجیل نازل فرمائیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "جس نے آپ پر حق کے ساتھ اس کتاب کو نازل فرمایا ہے، جو اپنے سے پہلے (اترنے والی کتابوں) کی تصدیق کرنے والی ہے۔ اسی نے اس سے پہلے تورات اور انجیل کو اتارا تھا۔ اس سے پہلے لوگوں کی ہدایت کے لیے اور اس نے فرقان نازل کیا۔ بے شک جن لوگوں نے اللہ کی آیتوں کا انکار کیا ان کے لیے سخت عذاب ہے اور اللہ زبردست انتقام لینے والا ہے۔" [آل عمران: 3-4].
جب کہ نبی ﷺ نے اس کے بارے میں کہا ہے: "یہ اللہ کی کتاب ہے۔ اس میں پچھلی امتوں کی خبر ہے، آنے والے حوادث کی اطلاع ہے، تمھارے درمیان ہونے والے اختلافات کا فیصلہ ہے۔ یہ فیصلہ کن کتاب ہے، یاوہ گوئی نہیں۔ جو تکبر کی وجہ سے اسے چھوڑے گا، اسے اللہ ہلاک کر دے گا اور جو اس کے سوا کسی اور چیز سے ہدایت طلب کرے گا، اسے اللہ گمراہ کر دے گا۔ یہ اللہ کی مضبوط رسی ہے، حکمت سے لبریز ذکر ہے اور سیدھا راستہ ہے۔ یہ ایسی شے ہے کہ اس کے ہوتے ہوئے خواہشاتِ نفس گمراہ نہیں کر سکتیں، زبانیں اس میں التباس کی شکار نہیں ہو سکتیں، علما اس سے سیر نہیں ہو سکتے، تکرار سے اس میں بوسیدگی نہیں آتی، اس کے عجائب ختم نہیں ہوتے اور اسے سننے کے بعد جنوں کو کہنے پر مجبور ہونا پڑا: {بے شک ہم نے ایک عجیب قرآن سنا ہے، جو راہِ راست کی طرف رہنمائی کرتا ہے...} [الجن: 2]، جس نے اس کے مطابق بات کی اس نے سچ کہا، جس نے اس پر عمل کیا اسے اجر دیا گیا، جس نے اس کے مطابق فیصلہ کیا اس نے انصاف کیا اور جس نے اس کی طرف دعوت دی اس کو صراط مستقیم کی ہدایت عطا کردی گئی۔" [سنن ترمذی تحقیق شاکر: 2906 اور سنن دارمی: 2650]۔
ایک قریشی کافر ولید نے، قرآن سننے کے بعد اس کے بارے میں کہا تھا: ’’اللہ کی قسم! میں نے ابھی محمد (ﷺ) سے ایسا کلام سنا ہے جو نہ انسانوں کا کلام ہے اور نہ جنوں کا کلام۔ اس میں بڑی مٹھاس ہے اور اس پر بڑی رونق ہے۔ یقیناً اس کا اوپری حصہ پھل دار ہے اور اس کا نچلا حصہ سرسبز و شاداب ہے۔ بے شک یہ کلام غالب رہے گا اور اس پر کوئی چیز غالب نہیں آ سکتی۔‘‘ [مراح لبید لکشف معنی القرآن المجید: 580/2]
قرآن اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، جو جبریل علیہ السلام کے واسطے سے ہمارے نبی اُمّی محمد ﷺ پر نازل ہوا ہے۔ اس کی تلاوت عبادت ہے۔ یہ سابقہ انبیا پر نازل ہونے والی کتابوں، مثلا تورات اور انجیل کو منسوخ کرنے والی اور اس معنی میں ان کی تصدیق کرنے والی کتاب ہے کہ یہ کتابیں بنیادی طور پر توحید کی دعوت، غیب اور مرنے کے بعد دوبارہ جی اٹھنے پر ایمان اور عمومی طور پر عقائد کے اصولوں میں متفق ہیں۔ یہ ہمارے نبی ﷺ پر تئیس سال کے عرصے میں نازل ہوا، صحابۂ کرام نے اسے حفظ کیا اور حفظ و تحریر کے ذریعے اپنے بعد آنے والوں تک منتقل کر دیا۔ چنانچہ یہ سینوں میں محفوظ اور تحریری طور پر موجود ہے۔ مسلمانوں کی اس پر خاص توجہ رہی ہے اور انھوں نے اسے اس کے حروف اور قراءتوں کے ساتھ نسل در نسل نقل کیا ہے۔ اس کے تیس پارے اور ایک سو چودہ سورتیں ہیں۔
یہ ایک عظیم کتاب ہے، جو عقیدہ، احکام، آداب، انبیا کے قصوں اور گزشتہ امتوں کی خبروں پر مشتمل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس میں بتایا ہے کہ اس نے کس طرح دنیا میں مومنوں کو نجات دی اور کافروں و منافقوں کو سزا سے دوچار کیا۔ اس میں قیامت کے دن مومنوں کو حاصل ہونے والے انعام و اکرام اور کافروں و منافقوں کا انجام بیان کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جن و انس کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اس قرآن جیسی کوئی کتاب لاکر دکھائيں، خواہ ایک دوسرے کی مدد سے ہی سہی۔ لیکن اس جیسی یا اس کے بعض حصے جیسی کوئی کتاب پیش نہیں کی جا سکی۔ اب تک نہ کوئی اس میں تحریف کر سکا ہے اور نہ آگے کر سکے گا۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے بیان فرمایا ہے کہ یہ قرآن ہر روحانی و بدنی بیماری کے لیے شفا ہے اور اس میں ہر اس شخص کے لیے نصیحت کا سامان ہے جو اس سے نصیحت حاصل کرنے اور اس کی ہدایت سے رہنمائی پانے کا ارادہ رکھے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فر مایا ہے: "اے لوگو! تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک ایسی چیز آئی ہے جو نصیحت ہے، دلوں میں موجود روگ کے لیے شفا ہے اور ایمان والوں کے لیے ہدایت و رحمت ہے۔" [يونس: 57]۔
چونکہ ہمارے نبی محمد ﷺ کی رسالت آخری رسالت ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا؛ لہٰذا اللہ تعالیٰ نے اس رسالت کے معجزے کو قیامت تک باقی رہنے والا معجزہ بنایا، جس کا مطلب یہ ہے کہ جو شخص بھی اس سے آگاہ ہو اور اسے پڑھے، اس پر اس رسالت اور اسے لانے والے نبی، یعنی ہمارے نبی محمد ﷺ کی نبوت کی سچائی پر حجت قائم ہو جائے گی۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں اصولِ دین پر ایسے واضح دلائل و براہین اور روشن حجتیں رکھی ہیں جو عقلوں کو دنگ کر دیتی ہیں اور دلوں کو مسخر کر لیتی ہیں؛ اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی ہزاروں انسان جب اس کا یا اس کے معانی کے تراجم کا مطالعہ کرتے ہیں تو اسلام قبول کر لیتے ہیں۔ اس میں واضح مثالیں، عقلی دلیلیں اور ایسے سوالات موجود ہیں جو قرآنِ کریم انسان کے سامنے پیش کرتا ہے اور اسے انہیں قبول کرنے پر مجبور کر دیتا ہے، بشرطیکہ وہ انصاف پسند ہو، یا پھر اگر وہ منکر اور ناشکرا ہو تو اسے ضد اور تکبر پر آمادہ کر دیتا ہے۔ انہی روشن دلائل میں سے اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: "لوگو! اگر تمہیں مرنے کے بعد جی اٹھنے میں شک ہے، تو سوچو ہم نے تمہیں مٹی سے پیدا کیا، پھر نطفہ سے، پھر خون بستہ سے، پھر گوشت کے لوتھڑے سے جو صورت دیا گیا تھا اور بے نقشہ تھا ۔ یہ ہم تم پر ﻇاہر کر دیتے ہیں اور ہم جسے چاہیں ایک ٹھہرائے ہوئے وقت تک رحم مادر میں رکھتے ہیں۔ پھر تمہیں بچپن کی حالت میں دنیا میں ﻻتے ہیں پھر تاکہ تم اپنی پوری جوانی کو پہنچو۔ تم میں سے بعض تو وه ہیں جو فوت کر لیے جاتے ہیں اور بعض بے غرض عمر کی طرف پھر سے لوٹا دیے جاتے ہیں کہ وه ایک چیز سے باخبر ہونے کے بعد پھر بے خبر ہو جائے۔ تو دیکھتا ہے کہ زمین (بنجر اور) خشک ہے پھر ہم اس پر بارشیں برساتے ہیں تو وه ابھرتی ہے اور پھولتی ہے اور ہر قسم کی رونق دار نباتات اگاتی ہے۔" [الحج: 5]، اسی طرح یہ فرمان باری تعالی : "اگر آسمان وزمین میں سوائے اللہ تعالیٰ کے اور بھی معبود ہوتے، تو یہ دونوں درہم برہم ہوجاتے۔ پس اللہ تعالیٰ عرش کا رب ہر اس وصف سے پاک ہے، جو یہ مشرک بیان کرتے ہیں۔" [الأنبياء: 22]، لاجواب کر دینے والے سوالات میں سے اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: "اچھا پھر یہ تو بتلاؤ کہ جو منی تم ٹپکاتے ہو۔ کیا اس کا (انسان) تم بناتے ہو یا پیدا کرنے والے ہم ہی ہیں؟ ہم ہی نے تم میں موت کو متعین کر دیا ہے اور ہم اس سے ہارے ہوئے نہیں ہیں۔ کہ تمہاری جگہ تم جیسے اور پیدا کر دیں اور تمہیں نئے سرے سے اس عالم میں پیدا کریں جس سے تم (بالکل) بےخبر ہو۔ تمہیں یقینی طور پر پہلی دفعہ کی پیدائش معلوم ہی ہے، پھر کیوں عبرت حاصل نہیں کرتے؟ اچھا پھر یہ بھی بتلاؤ کہ تم جو کچھ بوتے ہو۔ اسے تم ہی اگاتے ہو یا ہم اگانے والے ہیں۔ اگر ہم چاہیں تواسے ریزه ریزه کر ڈالیں اور تم حیرت کے ساتھ باتیں بناتے ہی ره جاؤ۔" [الواقعۃ: 58-65]۔
اللہ کے علاوہ جن کی عبادت کی جاتی ہے ان کی عبادت کے باطل ہونے پر حجت قائم کرنے کے لئے قرآن مجید نے جو مثالیں بیان کی ہیں، ان میں سے ایک مثال کا ذکر اللہ تعالیٰ کے اس فرمان میں ہے: "لوگو! ایک مثال بیان کی جا رہی ہے۔ ذرا کان لگا کر سن لو! اللہ کے سوا جن جن کو تم پکارتے رہے ہو، وه ایک مکھی بھی تو پیدا نہیں کر سکتے۔ گو سارے کے سارے ہی جمع ہو جائیں۔ بلکہ اگر مکھی ان سے کوئی چیز لے بھاگے تو یہ تو اسے بھی اس سے چھین نہیں سکتے۔ بڑا بودا ہے طلب کرنے واﻻ اور بڑا بودا ہے وه جس سے طلب کیا جا رہا ہے۔" [الحج: 73]۔
یہ ایک ایسی کتاب ہے جو خطا اور اختلاف سے پاک ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: اس کتاب (کے اللہ کی کتاب ہونے) میں کوئی شک نہیں۔ (یہ) پرہیزگاروں کو راه دکھانے والی (کتاب) ہے۔" [البقرة: 2]، ایک اور جگہ فرمایا ہے : "کیا یہ لوگ قرآن میں غور نہیں کرتے؟ اگر یہ اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کی طرف سے ہوتا تو یقیناً اس میں بہت کچھ اختلاف پاتے۔" [النساء: 82]۔
قرآن واضح عربی زبان میں نازل ہوا، جس نے عربوں کو اپنی فصاحت و بیان سے ششدر کر دیا۔ اس عظیم لسانی اعجاز کا اندازہ صرف وہی اہل زبان کر سکتے ہیں جن کی زبان میں یہ نازل ہوا ہے۔ قرآن آج بھی اسی زبان میں محفوظ ہے جس میں نازل ہوا تھا۔ مسلمان اس کی اسی طرح تلاوت کرتے ہیں جس طرح نبی محمد ﷺ اس کی تلاوت فرمایا کرتے تھے۔
قرآن کریم سے جڑے ہوئے بہت سے علوم ہیں، جیسے تجوید، تفسیر اور اسبابِ نزول وغیرہ۔ علما نے ان پر بے شمار مشہور و معروف کتابیں تالیف کی ہیں۔ اسی طرح معانیِ قرآن کے بہت سی زبانوں میں مستند تراجم موجود ہیں۔
لہذا ہر شخص کو، جو اپنی انسانیت کی قدر کرتا ہے اور اپنی عقل کا احترام کرتا ہے، چاہیے کہ وہ اس عظیم کتاب کو پڑھنے کی کوشش کرے، جس سے بہتر کوئی کتاب بنی نوع انسان تک نہیں پہنچی۔ اگر وہ عربی زبان نہیں جانتا تو اس کے معانی کا ترجمہ پڑھے۔ اگر کسی عقل مند کو یہ بتایا جائے کہ ایک کتاب کسی انتہائی دانا حکیم نے لکھی ہے اور اس نے اپنی ساری حکمت اس میں سمو دی ہے؛ تو دانائی یہی ہوگی کہ وہ اسے جاننے کی بھرپور کوشش کرے۔ ایسے میں یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ تمہارے سامنے ایک الٰہی کتاب موجود ہو، جو آج تک اپنی اسی زبان میں موجود ہے جس میں وہ نازل ہوئی، جو کمی بیشی سے محفوظ اور تحریف و تبدیلی سے سلامت ہے، جس میں گزرے ہوئے لوگوں کی خبریں، اگلوں اور پچھلوں کے لیے ایک لازوال شریعت اور ہر جاندار کے انجام کا بیان موجود ہے اور پھر بھی تم اسے جاننے کی کوشش نہ کرو؟ بلاشبہ انسان کا قرآن سے تجاہل برتنا اور اس کی جانب توجہ نہ دینا؛ قرآن کریم کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتا، بلکہ اعراض کرنے والا خود اپنا ہی نقصان کرتا ہے؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق سے بے نیاز ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "اور میں قرآن کی تلاوت کرتا رہوں۔ جو راه راست پر آجائے وه اپنے نفع کے لیے راه راست پر آئے گا اور جو بہک جائے تو کہہ دیجیے کہ میں تو صرف ہوشیار کرنے والوں میں سے ہوں۔" [النمل: 92]، ایک اور جگہ فرمایا ہے : "اور ہر ایک کوشش کرنے واﻻ اپنے ہی بھلے کی کوشش کرتا ہے۔ ویسے تو اللہ تعالیٰ تمام جہان والوں سے بےنیاز ہے۔" [العنکبوت: 6]۔ درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
***
سوال:
قرآن مجید کن موضوعات پر مشتمل ہے؟
جواب:
الحمد للہ، قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا کلام، سب سے آخری اور دیگر آسمانی کتابوں کو منسوخ قرار دینے والی آسمانی کتاب ہے۔ یہ ہمارے نبی محمد ﷺ پر نازل ہوا ہے۔ اس کے کئی اجزا ہيں، ہر جز میں کئی سورتیں اور ہر سورت میں کئی آیتیں۔ کوئی سورت ایک موضوع پر مشتمل ہو سکتی ہے یا کئی موضوعات پر۔
قرآن کریم کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ یہود و نصاریٰ کی کتابوں کی طرح کوئی ایسا مسلسل تاریخی بیان نہیں ہے۔ جسے ایک مرتبہ پڑھ لیا جائے تو شاید دوبارہ نہ پڑھا جائے، بلکہ ہم دیکھتے ہیں کہ اس کا ہر مقام انبیا علیہم السلام کے قصوں، ان سے حاصل ہونے والی عبرتوں اور اللہ تعالیٰ کی آیات اور اس کی بدیع صناعی پر غور و فکر کی دلالتوں کے حوالے سے ایک زبردست تنوع پر مشتمل ہے اور اسی درمیان اوامر و نواہی، اخلاق و آداب اور تشریعات کا بیان بھی آ جاتا ہے۔ یہ سب کچھ ایک ایسے باغ کی مانند ہے جس سے انسان بوقتِ مطالعۂ قرآن عموماً کسی بھی مقام سے استفادہ کر سکتا ہے، یہاں تک کہ کسی ایک نبی علیہ السلام کا قصہ بھی محض ایک ہی مرتبہ آ کر ختم نہیں ہو جاتا، بلکہ وہ ایک سے زائد سورتوں اور متعدد مقامات پر بیان ہوتا ہے اور غور و فکر کرنے والے قاری کی توجہ مرکوز کرانے کے لیے ہر مقام پر نئے فوائد اور واقعات کا ایک نیا زاویہ پنہاں ہوتا ہے۔
قرآن کریم میں وارد ہونے والے کچھ موضوعات درج ذیل ہيں :
1۔ بلاشبہ قرآن ایک ایسی کتاب ہے، جس میں انسان کے دین و دنیا، رب سے تعلق، خود اپنی ذات سے تعلق، آس پاس کے لوگوں سے تعلق اور کائنات سے تعلق، جس میں وہ جی رہا ہے، کے بارے میں تمام ضروری باتیں بتا دی گئی ہیں۔
2- اس میں اللہ تعالی کی صفات، اس کے اسما، افعال، جزا، دین، شریعت اور قضا و قدر کے ساتھ ساتھ اس بات کا بیان ہے کہ پیدا کرنے، مالک ہونے، روزی دینے، تدبیر کرنے، زندگی دینے اور مارنے وغیرہ کام بس اللہ ہی کرتا ہے۔
3- اس میں بتایا گیا ہے کہ مخلوق پر اللہ تعالی کا کیا حق ہے۔ مخلوق پر اللہ کا حق یہ ہے کہ اس کی توحید کا اقرار کرے اور اس کے سوا کسی اور کی نہیں بلکہ تنہا اسی کی عبادت کرے۔ اسی طرح قرآن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مخلوق جب خالق کی عبادت اور اس کے حکم کی تعمیل کرے تو خالق پر مخلوق کا کیا حق ہے۔ قرآن میں عبادات، احکام اور معاملات کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔
4- یہ مخلوق کے لیے بصیرت، ہدایت کا سرچشمہ، رحمت، موعظت اور سیدھی بتانے کے لیے اکیلے ہی کافی کتاب ہے۔ فرمان باری تعالی ہے: "یقیناً یہ قرآن وه راستہ دکھاتا ہے جو بہت ہی سیدھا ہے اور ایمان والوں کو، جو نیک اعمال کرتے ہیں، اس بات کی خوش خبری دیتا ہے کہ ان کے لیے بہت بڑا اجر ہے۔" [الإسراء: 9] ایک اور جگہ ارشاد باری تعالی ہے : "کیا انہیں یہ کافی نہیں کہ ہم نے آپ پر کتاب نازل فرما دی جو ان پر پڑھی جا رہی ہے۔ اس میں رحمت (بھی) ہے اور نصیحت (بھی) ہے ان لوگوں کے لیے جو ایمان والے ہیں۔" [العنکبوت: 51]، ایک اور جگہ کہا ہے : "اب بلاشبہ تمہارے پاس تمہارے رب کی جانب سے حق بینی کے ذرائع پہنچ چکے ہیں۔ سو جو شخص دیکھ لے گا وه اپنا فائده کرے گا اور جو شخص اندھا رہے گا وه اپنا نقصان کرے گا اور میں تمہارا نگران نہیں ہوں۔" [الأنعام: 104]، ایک اور جگہ فرمایا ہے : "... آپ فرما دیجیے کہ میں اس کا اتباع کرتا ہوں جو مجھ پر میرے رب کی طرف سے حکم بھیجا گیا ہے۔ یہ گویا بہت سی دلیلیں ہیں تمہارے رب کی طرف سے اور ہدایت اور رحمت ہے ان لوگوں کے لیے جو ایمان رکھتے ہیں۔" [الأعراف: 203]، طاہر بن عاشور رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "بصائر، بصیرت کی جمع ہے۔ اس سے مراد وہ چیز ہے جس سے حق واضح ہوتا ہو... اس میں قرآن مجید کی شان و عظمت کا بیان ہے اور اس بات کی نشان دہی ہے کہ قرآن ان نشانیوں سے بہتر ہے جن کا وہ مطالبہ کرتے ہیں؛ کیونکہ یہ اپنے معجز کلام ہونے اور ایک اُمّی سے صادر ہونے کی وجہ سے محمد عربی صلی اللہ علیہ و سلم کے سچے رسول ہونے کی دلیل ہے، ہدایت، تعلیم، رہنمائی کا سرچشمہ ہے اور زمانوں تک باقی رہنے والی نشانی ہے۔ لفظ 'بصائر' کو جمع کے صیغے میں اس لیے ذکر کیا گیا ہے، کیوں کہ قرآن مجید ان پہلوؤں کے اعتبار سے مختلف اقسام کی ہدایت پر مشتمل ہے، جن کی طرف یہ رہنمائی کرتا ہے، جیسے اصلاحِ عقیدہ کے لیے عقل کو منور کرنا، دین کی درست فہم عطا کرنا، لوگوں کے باہمی معاملات اور حسنِ معاشرت کے لیے قوانین وضع کرنا، دنیا میں کامیابی اور نجات کے راستوں کی طرف رہنمائی کرنا اور خسارے کی جگہوں سے خبردار کرنا۔" [التحرير والتنوير : 9/ 238]۔
5- اللہ تعالی کی نازل کردہ کتابوں اور ان میں موجود ہدایت و رہنمائی، حلال و حرام اور احکامِ شریعت کا بیان۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "اور ہم نے ان کے پیچھے عیسیٰ بن مریم کو بھیجا جو اپنے سے پہلے کی کتاب یعنی تورات کی تصدیق کرنے والے تھے اور ہم نے انہیں انجیل عطا فرمائی جس میں نور اور ہدایت تھی اور وه اپنے سے پہلے کی کتاب تورات کی تصدیق کرتی تھی اور وه سراسر ہدایت ونصیحت تھی پارسا لوگوں کے لیے۔" [المائدۃ: 46]۔
6- قرآن مجید نے جن عظیم ترین موضوعات کو بیان کیا ہے، ان میں نبوتیں اور الٰہی رسالتیں بھی شامل ہیں۔ ہر نبی نے اپنی امت سے کیا کہا اور اس کی قوم کے سرداروں نے اسے کیا جواب دیا، اس پر ایمان لانے والوں کی جزا اور اس کی مخالفت و نافرمانی کرنے والوں کی سزا اور ہر نبی کو عطا کی گئی نشانیاں، سب کچھ بیان ہوا ہے۔ مخلوق کو رسولوں کی ضرورت، ان کے ڈرانے اور بشارت دینے کا ذکر، ان پر نازل کی گئی کتابیں جن پر ایمان لانا واجب ہے، سابقہ امتوں کے حالات اور اپنے نبیوں کے ساتھ ان کا برتاؤ، ان ساری باتوں کا ذکر ہے۔
7- قرآن عظیم نے جن عظیم ترین موضوعات کو چھیڑا ہے، ان میں سے ایک آخرت یعنی دوبارہ اٹھائے جانے اور جزا وسزا کا دن ہے۔ مومنوں کی جزا اور ان کے ہمیشہ ہمیش کے لیے جنت میں داخل ہونے کی تفصیل اور کافروں کی سزا اور ان کے ہمیشہ ہمیش کے لیے جہنم میں داخل ہونے کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔
8- غیبی عوالم؛ جیسے فرشتوں، جنات اور شیاطین کے بارے میں گفتگو کہ انہیں کیسے پیدا کیا گیا، ان کے اعمال اور صفات کیا ہیں، فرشتوں کی اپنے رب کی فرماں برداری، جنات و شیاطین کی نافرمانی اور ان کے دیگر تمام احوال کے ساتھ ساتھ اس بات کا بیان کہ فرشتے نیکی کے کاموں مومنوں کی مدد کرتے ہیں اور شیاطین کافروں کو گناہوں کی طرف خوب اکساتے ہیں۔
9- مشروع عبادتوں جیسے نماز، زکاۃ، روزے، حج، نیکی، احسان اور ولاء و براء؛ اور معاملات، جیسے خرید و فروخت، لین دین، نکاح اور وراثت؛ اعلیٰ اخلاق کے ذریعے تزکیۂ نفس اور اسے برے اخلاق سے پاک کرنا؛ اور حرام اور مکروہ کاموں، بدکاریوں اور گناہوں کا بیان۔
10- آسمان اور زمین، سورج چاند اور ستاروں میں موجود کائناتی نشانیوں، اسی طرح آفاق اور خود انسان کی ذات پر غور کرنے کی اور عبرت حاصل کرنے کی دعوت۔ ایسا غور و فکر، جو انسان کو ایمان، اسلام اور خالق کی فرماں برداری اور اس کی عبادت کی طرف لے جائے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "آسمانوں اور زمین کی پیدائش، رات دن کا ہیر پھیر، کشتیوں کا لوگوں کو نفع دینے والی چیزوں کو لیے ہوئے سمندروں میں چلنا، آسمان سے پانی اتار کر مرده زمین کو زنده کردینا ، اس میں ہر قسم کے جانوروں کو پھیلا دینا، ہواؤں کے رخ بدلنا اور بادل، جو آسمان اور زمین کے درمیان مسخر ہیں، ان میں عقل مندوں کے لیے قدرت الٰہی کی نشانیاں ہیں۔" [البقرة: 164]۔
ایک اور جگہ فرمایا ہے : "آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں اور رات دن کے ہیر پھیر میں یقیناً عقل مندوں کے لیے نشانیاں ہیں۔" [آل عمران: 190]۔
11- اس کائنات کی تخلیق، پہلے انسان کی پیدائش، روئے زمین پر اسے جانشیں بنانے اور اسے زمین کو آباد کرنے کا مکلف ٹھہرانے کا قصہ، ان ربانی شریعتوں اور کائناتی قوانین کا بیان جو اس جانشینی میں اس کی مدد کرتے ہیں، اس اعلیٰ تہذیب کو وجود میں لانے کا ذکر جسے انسان کو قرآنی ہدایات کی رہنمائی میں پروان چڑھانا چاہیے، نیز اس بات کا بیان کہ پچھلی قومیں کس طرح گمراہ ہوئیں، انہوں نے کس طرح سرکشی کی اور زمین میں فساد برپا کیا، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: "کیا انہوں نے زمین پر چل پھر کر یہ نہیں دیکھا کہ ان سے پہلے لوگوں کا انجام کیسا (برا) ہوا؟ وه ان سے بہت زیاده توانا (اور طاقتور) تھے اور انہوں نے (بھی) زمین بوئی جوتی تھی اور ان سے زیاده آباد کی تھی اور ان کے پاس ان کے رسول روشن دﻻئل لے کر آئے تھے۔ یہ تو ناممکن تھا کہ اللہ تعالیٰ ان پر ظلم کرتا لیکن (دراصل) وه خود اپنی جانوں پر ظلم کرتے تھے۔" [الروم: 9]، مزید ارشاد باری تعالی ہے : "وه تو (صرف) دنیوی زندگی کے ظاہر کو (ہی) جانتے ہیں اور آخرت سے تو بالکل ہی بےخبر ہیں۔ کیا ان لوگوں نے اپنے دل میں یہ غور نہیں کیا کہ اللہ تعالیٰ نے آسمانوں کو اور زمین اور ان کے درمیان موجود تمام چیزوں کو بہترین قرینے سے مقرر وقت تک کے لیے (ہی) پیدا کیا ہے؟ ہاں اکثر لوگ یقیناً اپنے رب کی ملاقات کے منکر ہیں۔ کیا انہوں نے زمین پر چل پھر کر یہ نہیں دیکھا کہ ان سے پہلے لوگوں کا انجام کیسا (برا) ہوا؟ وه ان سے بہت زیاده توانا (اور طاقتور) تھے اور انہوں نے (بھی) زمین بوئی جوتی تھی اور ان سے زیاده آباد کی تھی اور ان کے پاس ان کے رسول روشن دﻻئل لے کر آئے تھے۔ یہ تو ناممکن تھا کہ اللہ تعالیٰ ان پر ظلم کرتا لیکن (دراصل) وه خود اپنی جانوں پر ظلم کرتے تھے۔ پھر آخر برا کرنے والوں کا بہت ہی برا انجام ہوا، اس لیے کہ وه اللہ تعالیٰ کی آیتوں کو جھٹلاتے اور ان کی ہنسی اڑاتے تھے۔ اللہ تعالیٰ ہی مخلوق کی ابتدا کرتا ہے، پھر وہی اسے دوباره پیدا کرے گا، پھر تم سب اسی کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔" [الروم: 7-11]، اللہ تعالیٰ نے بتایا ہے کہ اچھا انجام متقیوں کے حصے میں آئے گا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: "یہ آخرت کا گھر ہم ان لوگوں کے لیے مخصوص کر دیتے ہیں، جو زمین میں اپنی بڑائی نہیں چاہتے اور نہ فساد کرنا چاہتے ہیں، اور انجام تو پرہیزگاروں ہی کے لیے ہے۔" [القصص: 83]۔
12- قرآن کریم میں اس قدر عقلی دلائل، منطقی قیاسات، واضح مثالیں اور لاجواب کر دینے والے سوالات موجود ہیں کہ ان کا احاطہ کرنا مشکل ہے۔ یہ سب دراصل قرآن کریم میں بیان کردہ مسائل پر واضح حجتیں اور قطعی دلائل ہیں۔ اگر کوئی انصاف پسند انسان ان دلائل پر غور کرے، تو اس کے لیے ان سے ثابت باتوں کو تسلیم کرنے اور ماننے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہتا، حتیٰ کہ حق کا سچا متلاشی ملحد بھی اگر ان پر غور و فکر کرے تو وہ اپنا الحاد چھوڑ دے گا اور قرآن عظیم کی لائی ہوئی تمام باتوں پر ایمان لے آئے گا۔
13- اعلیٰ و ارفع اقدار، جن کی موجودگی اور ان کے حصول کی کوشش کے بغیر کوئی صالح تہذیب یا جامع تمدن قائم نہیں ہو سکتا۔ چنانچہ قرآن مجید میں آپ کو ایمانی، عدل و انصاف، صحت، امن و سلامتی، معاشرتی، اخلاقی اور مالیاتی اقدار سمیت دیگر وہ تمام اقدار ملیں گی، جن کی روئے زمین پر انسانی وجود کو ضرورت ہے۔
قرآن کریم کے قاری کو یہ بات بھی ملحوظ رکھنی چاہیے کہ وہ قرآن کو عام انسانی تصانیف کی طرح موضوع وار مرتب نہیں پائے گا؛ بلکہ یہ ایک کتابِ الٰہی ہے، جس میں کوئی ایمانی مسئلہ، اس کی دلیل اور اس کی جزا زمین کو آباد کرنے کے کسی کائناتی قانون کے ساتھ مربوط ہو کر بیان ہوتی ہے، پھر اس کے متصل بعد کسی ایسی سابقہ امت کے حالات کا ذکر آ جاتا ہے، جس نے اس مسئلے میں مخالفت کی ہو۔ لہٰذا جو شخص قرآن کریم کے بیان کردہ موضوعات سے آگاہی کا خواہاں ہو، اسے چاہیے کہ وہ مکمل قرآن پڑھے؛ تاکہ ان موضوعات کو جان سکے، جن کا اس میں احاطہ کیا گیا ہے۔
اس لئے ہر ایسے شخص پر جو اپنی انسانیت کی قدر اور اپنی عقل کا احترام کرتا ہے، لازم ہے کہ وہ اس عظیم کتاب کو پڑھنے کی کوشش کرے، جس سے بہتر کوئی کتاب بنی نوع انساں تک نہیں پہنچی۔ اگر وہ عربی زبان نہیں جانتا تو اس کے معانی کا ترجمہ پڑھے۔ کیونکہ اگر کسی عقل مند کو یہ بتایا جائے کہ ایک کتاب کسی کامل حکمت والے حکیم نے لکھی ہے اور اس نے اپنی پوری حکمت اس میں سمو دی ہے، تو وہ اس کے بارے میں جاننے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ لہذا ایسی صورت میں آپ کو کیا کہا جائے، جب آپ کے سامنے ایک ایسی الہی کتاب موجود ہے، جو آج تک اپنی اسی زبان میں موجود ہے جس میں وہ نازل ہوئی تھی، جو کمی بیشی سے محفوظ اور تحریف و تبدیلی سے پاک ہے، اس میں گزرے ہوئے لوگوں کی خبریں ہیں، اگلوں اور پچھلوں کی شریعت ہے اور ہر زندہ وجود کے انجام کا بیان ہے اور پھر بھی آپ اس کے بارے میں جاننا نہ چاہیں؟ یقیناً انسان کا قرآن کو نظر انداز کرنا اور اس کی جانب توجہ نہ دینا، قرآن کریم کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتا، بلکہ اعراض کرنے والا خود اپنا نقصان کرتا ہے، کیونکہ اللہ تعالی اپنی مخلوق سے بے نیاز ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "اور میں قرآن کی تلاوت کرتا رہوں۔ جو راه راست پر آجائے وه اپنے نفع کے لیے راه راست پر آئے گا اور جو بہک جائے تو کہہ دیجیے کہ میں تو صرف ہوشیار کرنے والوں میں سے ہوں۔" [النمل: 92]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : "اور جو کوشش کرتا ہے وہ اپنے ہی لیے کوشش کرتا ہے۔ ویسے تو اللہ تعالیٰ تمام جہان والوں سے بےنیاز ہے۔" [العنکبوت: 6]۔
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
***
سوال:
کیا یہ درست ہے کہ نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خود قرآن مجید لکھا ہے اور اسے انجیل (عہدِ جدید Gospel) سے نقل کیا ہے؟
جواب:
اس سوال کے جواب میں ہم یہ کہتے ہیں:
اول: یہ سوال کرنے والا سائل نہ قرآن سے واقف ہے اور نہ انجیل سے، کیونکہ قرآن انجیل سے بالکل مختلف ہے۔ پھر، انجیل کوئی ایک انجیل نہیں، بلکہ متعدد اناجیل ہیں۔ کیا سائل کی مراد یہ ہے کہ رسول محمد ﷺ نے مرقُس، لوقا، متّی یا یوحنّا سے، پولس کے رسائل یا یعقوب کے رسائل سے نقل کیا ہے؟
دوم: اناجیل بہت سارے امور میں آپس میں متناقض ہیں۔ مثلا انجیلِ یوحنّا اس بات کو ثابت کرنے کے لیے آئی ہے کہ مسیح اللہ کا بیٹا ہے۔ -اللہ تعالیٰ ان کی باتوں سے پاک اور بہت بلند و برتر ہے- جبکہ دیگر تینوں اناجیل بیٹا ہونے کی صراحت نہیں کرتیں۔ نیز سولی کے مسئلے میں بھی ان کے درمیان خوفناک تناقض پایا جاتا ہے۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ رسول ﷺ نے کس انجیل سے نقل کیا ہے؟
سوم: قرآن کریم بعض ایسے مسائل کی تصحیح کرتا ہے، یہود و نصاری جن کے برخلاف عقیدہ رکھتے ہیں۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "یقیناً یہ قرآن بنی اسرائیل کے سامنے ان اکثر چیزوں کو بیان کر رہا ہے جن میں یہ اختلاف کرتے ہیں۔" [النمل: 76]، ان میں ایک مسئلہ مریم علیہا السلام کو ان پے لگائے گئے الزامات سے پاک باز ثابت کرنا ہے۔ اللہ تعالی نے فرمایا ہے : "مسیح ابن مریم تو صرف ایک رسول ہیں۔ ان سے پہلے بھی بہت سے رسول گزر چکے ہیں اور ان کی والدہ ایک راست باز عورت (صدیقہ) تھیں۔ دونوں کھانا کھایا کرتے تھے۔ دیکھو ہم کس طرح ان کے سامنے دلیلیں بیان کرتے ہیں، پھر دیکھو یہ کدھر الٹے پھرے جاتے ہیں۔" [المائدۃ: 75]، اسی طرح آخری زمانے میں حضرت مسیح علیہ السلام کے نزول کا مسئلہ۔ نصاریٰ کا عقیدہ ہے کہ وہ اللہ کے بیٹے کی حیثیت سے نازل ہوں گے تاکہ بندوں کا حساب لیں، جب کہ قرآن نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک بشر اور رسول ہیں، جو قیامت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی کے طور پر نازل ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "اور یقیناً عیسیٰ (علیہ السلام) قیامت کی علامت ہیں۔ پس تم اس (قیامت) کے بارے میں شک نہ کرو اور میری تابع داری کرو۔ یہی سیدھی راه ہے۔" [الزخرف: 61]۔
چہارم: یہ کہ قرآنِ عظیم نے مسیح علیہ السلام اور ان کی والدہ علیہا السلام کے بارے میں بعض ایسے امور کا ذکر کیا ہے جنہیں نصارى نہیں جانتے۔ اس طرح کے امور میں پیدائش کے بعد مسیح کا کلام کرنا اور آسمان سے دسترخوان کا نازل ہونا وغیرہ شامل ہيں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "عیسیٰ ابن مریم نے دعا کی کہ اے اللہ! اے ہمارے پروردگار! ہم پر آسمان سے کھانا نازل فرما کہ وه ہمارے لیے، یعنی ہم میں جو اول ہیں اور جو بعد کے ہیں، سب کے لیے ایک خوشی کی بات ہو جائے اور تیری طرف سے ایک نشانی ہو جائے اور تو ہم کو رزق عطا فرمادے اور تو سب سے اچھا عطا کرنے والا ہے۔" [المائدۃ: 114]۔
پنجم: قرآنِ عظیم انجیلوں میں موجود غلطیوں اور بے شمار تناقضات سے پاک ہے۔
ششم: اللہ کے رسول ﷺ پڑھنا لکھنا نہیں جانتے تھے اور اس کا ذکر قرآن مجید میں بھی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "اس سے پہلے تو آپ کوئی کتاب پڑھتے نہ تھے اور نہ کسی کتاب کو اپنے ہاتھ سے لکھتے تھے کہ یہ باطل پرست لوگ شک وشبہ میں پڑتے۔" [العنكبوت: 48]، آپ کی امت امی تھی۔ ان کے اندر پڑھنا عام نہیں تھا۔ مکہ میں اہلِ کتاب کی کتابیں دستیاب نہیں تھیں اور اہلِ کتاب کے پاس موجود علم سے وہ واقف نہيں تھے۔
اس وضاحت کے بعد کیا کوئی انصاف پسند شخص یہ کہہ سکتا ہے کہ رسول ﷺ نے قرآن انجیل سے لکھا اور اسی سے اسے نقل کیا؟ ہمیں کامل یقین ہے کہ ایک انصاف پسند انسان جب ہمارے لکھے ہوئے اس جواب کو پڑھے گا تو وہ حتمی طور پر یہی فیصلہ کرے گا کہ سائل نہ تو قرآن عظیم کو جانتا ہے اور نہ ہی انجیل کو۔
جہاں تک انجیل میں موجود ان امور کا تعلق ہے جن میں وہ قرآن کریم کی موافقت کرتی ہے، تو وہ دراصل اس حق کی باقیات میں سے ہیں جو مسیح علیہ السلام لے کر آئے تھے۔ مثال کے طور پر بس ایک اللہ کی عبادت کی دعوت دینے کا حکم۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ جو لوگ قرآن پر اعتراضات کرتے ہیں اور نصرانیوں کو اس وہم میں مبتلا کرتے ہیں کہ رسول محمد ﷺ نے قرآن کریم کو انجیل سے نقل کیا ہے، وہ اس بات کو نظر انداز کر دیتے ہیں کہ انجیل میں صراحت کے ساتھ رسول محمد ﷺ کی آمد کا ذکر موجود ہے، اس میں آپ کی بشارت دی گئی ہے اور یہ حکم دیا گیا ہے کہ جب رسول محمد ﷺ مبعوث ہوں تو اس کے پیروکار آپ پر ایمان لائیں۔ لیکن وہ ان باتوں کا ذکر نہیں کرتے؛ بلکہ انہیں چھپانے اور ان میں تحریف کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔
***
سوال:
اللہ نے نبی ﷺ پر قرآن کریم کیوں نازل فرمایا؟ کیا اس کا مطلب تورات وانجیل دونوں کو منسوخ قرار دینا ہے؟ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ تورات وانجیل کے پیروکار اللہ کی طرف سے ہدایت پر نہیں تھے، اس لیے اللہ نے نبی محمد ﷺ پر قرآن اتارا؟
جواب:
اس طرح کا سوال کرنے والے سے پوچھا جائے گا : پھر اللہ نے تورات کیوں نازل فرمائی، جب کہ اس سے قبل صحف ابراہیم موجود تھے؟ اللہ نے انجیل کیوں نازل فرمائی، جب کہ اس سے قبل تورات موجود تھی؟ اس کا جواب ایک ہی ہے اور وہ یہ کہ اللہ ہر دور میں وہی شریعت عطا کرتا ہے، جو اس دور کے لوگوں کے لیے مناسب ہو۔ البتہ اصولِ ایمان تمام رسولوں کے درمیان متفقہ ہیں۔ سارے انبیا ایک اللہ تعالیٰ کی عبادت اور طاغوت کے انکار کی دعوت دیتے تھے۔ ایک بات اور ذہن نشیں رکھیں۔ اللہ نے تورات اور انجیل کی حفاظت کے ذمے داری علمائے بنی اسرائیل کو سپرد کی تھی، جنہوں نے دونوں کتابوں میں تحریف و تبدیلی کر دی۔ ان کے علم میں یہ بات تھی کہ اللہ تعالیٰ آخری زمانے میں ایک رسول مبعوث فرمائے گا، جن پر رسولوں کا سلسلہ ختم کر دیا جائے گا۔ اس سے مراد نبی محمد ﷺ ہیں۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ پر ایک ایسی کتاب نازل فرمائی، جو سابقہ شریعتوں کو منسوخ کرنے والی اور قیامت تک ہر زمان و مکان کے لیے موزوں کتاب ہے۔ اسی کے مطابق عیسیٰ علیہ السلام بھی فیصلہ کریں گے جب وہ آخری زمانے میں نازل ہوں گے۔ اس کتاب کی حفاظت کی ذمے داری خود اللہ نے لی ہے اور اس کے لیے بہت سے اسباب مہیا کر دیے ہیں۔ لہٰذا جب بھی کچھ لوگوں نے اس میں تحریف کی کوشش کی تو ان کی ریشہ دوانیاں بے نقاب ہوگئيں۔ لہذا ہر یہودی و نصرانی، جس تک اسلام کی دعوت پہنچی اور اس نے اسے ٹھکرا دیا، وہ راہ راست پر نہيں مانا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: "ان اہل کتاب میں سے بہت سے لوگ باوجود حق واضح ہوجانے کے محض حسد و بغض کی بنا پر تمہیں بھی ایمان سے ہٹا دینا چاہتے ہیں۔ تم بھی معاف کرو اور درگزر کرو، یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ اپنا حکم لے آئے۔ یقیناً اللہ تعالے ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے۔" [البقرۃ: 109]، جب کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے : ”قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد ﷺ کی جان ہے! اس امت کا کوئی بھی شخص، چاہے وہ یہودی ہو یا نصرانی، اسے میری بعثت کی اطلاع ہوئی ہو اور وہ اس دین پر ایمان لائے بغیر مرجائے جس کے ساتھ مجھے بھیجا گیا ہے، تو وہ یقینًا اہلِ جہنم میں سے ہوگا۔“ [مسلم : 153]، اس امت سے مراد امتِ محمد ﷺ ہے۔ یعنی وہ لوگ جن کی طرف آپ ﷺ مبعوث کیے گئے۔ اسے امتِ دعوت کہا جاتا ہے۔ پھر، ان میں سے جو افراد آپ ﷺ پر ایمان لائے انھیں امتِ اجابت کہا جاتا ہے۔ لہذا ہر وہ یہودی و عیسائی، جو تحریف و تبدیلی سے محفوظ تورات و انجیل پر ایمان رکھتا تھا اور نبی کریم ﷺ کی بعثت سے پہلے وفات پاگیا، وہ ہدایت پر تھا۔ لیکن جس نے اسلام کا زمانہ پایا اور اسلام قبول نہیں کیا، وہ گمراہ قرار دیا جائے گا۔
***
اسلام کا بیان
سوال:
اسلام کے کیا معنی ہیں؟
جواب:
س- دینِ اسلام سے کیا مراد ہے؟
ج: اسلا کے عام معنی ہیں : اللہ کے سامنے سر تسلیم خم کرنا، ظاہری اور باطنی طور پر تنہا اسی کے آگے جھکنا اور رسولوں کی معرفت اس کی عطا کردہ شریعت کی پیروی کرنا، یعنی اس میں دیے کئے حکموں کی تعمیل کرنا اور اس کی منع کردہ چيزوں سے دور رہنا۔ یہی اسلام کے عام معنی ہیں۔
یہی تمام انبیا کا دین ہے، گرچہ بعض فروعت میں اختلاف ہو۔ اسلام نام ہے ایک اللہ کے سامنے جھکنے کا۔ لہٰذا جو شخص اللہ کے ساتھ ساتھ دوسرے کے سامنے بھی جھکے، وہ مشرک شمار ہوگا اور جو اللہ کے سامنے نہ جھکے، وہ متکبر مانا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "بے شک اللہ تعالیٰ کے نزدیک دین اسلام ہی ہے۔" [آل عمران: 19]۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے : "جو شخص اسلام کے سوا اور دین تلاش کرے، اس کا دین قبول نہ کیا جائے گا اور وه آخرت میں نقصان پانے والوں میں ہوگا۔" [آل عمران: 85]۔
ایک صحیح حدیث میں نبی کریم محمد ﷺ کا ارشاد ہے: ”تمام انبیا علاتی بھائی ہیں۔ ان سب کی مائیں الگ الگ ہیں اور سب کا دین ایک ہی ہے۔“
العلات: یہ "عَلَّة" کی جمع ہے، جس کے معنی سوکن کے ہیں۔ بنو العلات: ایسے بھائی جو ایک ہی باپ سے ہوں اور ان کی مائیں مختلف ہوں۔ اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ انبیا کے دین کی اصل ایک ہی ہے، اگرچہ ان کی شریعتیں مختلف ہوں۔
اسلام کے خاص معنی : اس سے مراد نبی ﷺ کی بعثت کے بعد کا دین ہے۔ یعنی محمد صلی اللہ علیہ و سلم کا لایا ہوا دین۔ کیونکہ نبی ﷺ کے لائے ہوئے دین نے سابقہ تمام ادیان کو منسوخ کر دیا۔ لہذا جس نے اس کی اتباع کی وہ مسلمان ہے اور جس نے اس کی مخالفت کی، وہ مسلمان نہیں ہے۔
بنا بریں تمام رسولوں کے پیروکار اپنے رسولوں کے زمانے میں مسلمان تھے۔ یہودی موسیٰ علیہ السلام کے زمانے میں مسلمان تھے اور عیسائی عیسیٰ علیہ السلام کے زمانے میں مسلمان تھے۔
لیکن جب نبی محمد ﷺ مبعوث ہوئے، تو ان میں سے آپ کا انکار کرنے والے لوگ مسلمان نہيں ہيں۔
اللہ تعالیٰ ہر امت کو ایسی شریعت عطا فرماتا ہے جو اس کے حالات اور وقت کے مناسب ہو، اس کی اصلاح کی ضامن ہو اور اس کی مصلحتوں پر مشتمل ہو۔ پھر ان شریعتوں میں سے جسے چاہتا ہے اس کی مدت ختم ہونے پر منسوخ کر دیتا ہے، یہاں تک کہ اپنے نبی محمد ﷺ کو خاتم النبیین بنا کر روئے زمین کے تمام انسانوں کی جانب اور قیامت تک کے تمام زمانوں کے لیے مبعوث فرمایا
اور آپ ﷺ کو ایک ایسی جامع شریعت عطا فرمائی جو ہر زمانے اور ہر علاقے کے لیے موزوں و مناسب ہے؛ جسے نہ تبدیل کیا جا سکتا ہے اور نہ منسوخ؛ لہٰذا تمام اہل زمین کے لیے اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ آپ ﷺ کا اتباع کریں اور آپ ﷺ پر ایمان لائیں۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: "آپ کہہ دیجیے کہ اے لوگو! میں تم سب کی طرف اس اللہ تعالیٰ کا بھیجا ہوا ہوں..." [الاعراف: 158]۔
ایک اور جگہ پر فرمایا ہے: "اور ہم نے آپ کو تمام جہان والوں کے لئے رحمت بنا کر ہی بھیجا ہے۔" [الانبیاء: 107]۔
اللہ تعالیٰ نے آپ کے ذریعے دین کو مکمل فرما دیا ہے اور اپنی نعمت تمام فرما دیی ہے۔ اس نے دینِ اسلام کو زندگی کے تمام شعبہ جات کے لیے ایک ایسا جامع اور مکمل دین بنایا ہے، جو اللہ تعالیٰ کے حقوق کی حفاظت اور انہیں ادا کرنے، بندوں کے حقوق اور ان کی پاسداری، نیز ہمارے ارد گرد موجود دیگر مخلوقات کے حقوق کی رعایت پر مشتمل ہے۔ یہ دین مسلمان کو اس بات کا پابند بناتا ہے کہ وہ ہر حق دار کو اس کا حق ادا کرے۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے : "آج میں نے تمہارے لئے دین کو کامل کردیا اور تم پر اپنا انعام بھرپور کردیا اور تمہارے لئے اسلام کے دین ہونے پر رضامند ہوگیا۔" [المائدۃ: 3]۔
اسلام ایک ایسا دین ہے جو علم، عقل اور فطرت سے ہم آہنگ ہے اور تمام شعبوں میں صحیح اطلاقی اور تجرباتی علوم کے نتائج سے تصادم نہيں رکھتا۔
اسلام میں داخل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ انسان کلمہ شہادتین: ”أشهد أن لا إله إلا الله، وأشهد أن محمدًا رسول الله“ (میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں۔) کے معنی ومفہوم کو جانتے ہوئے، اس پر پختہ یقین رکھتے ہوئے اور اس کے تقاضوں پر عمل کرتے ہوئے اسے اپنی زبان سے ادا کرے۔ نیز اس کے لیے اللہ، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں، اس کے رسولوں، آخرت کے دن اور تقدیر پر ایمان لانا اور اپنے رب کی عبادت اس کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق کرنا ضروری ہے۔ چنانچہ وہ نماز قائم کرے، زکوٰۃ ادا کرے، رمضان کے روزے رکھے، استطاعت ہو تو بیت اللہ کا حج کرے اور اپنے تمام معاملات میں اللہ کے سامنے سر تسلیم خم کر دے۔ اللہ کے ہر حکم کی تعمیل کرے اور اس کی منع کی ہوئی چیزوں سے دور رہے۔
درود و سلام ہو ہمارے سردار محمد ﷺ اور آپ کے جملہ آل و اصحاب پر۔
***
سوال:
دین کی کیا ضرورت ہے؟
جواب:
بلاشبہ دین کی ضرورت کھانے پینے کی ضرورت سے بھی بڑھ کر ہے۔ انسان طبعی طور پر دین دار واقع ہوا ہے۔ چنانچہ اگر اس کی رسائی دینِ حق تک نہ ہو، تو وہ اپنے لیے کوئی دین گھڑ لیتا ہے۔ مثال کے طور پر ہم انسان کے ایجاد کردہ بت پرستی پر مبنی مذاہب کو لے سکتے ہیں۔ نیز انسان جس طرح دنیا میں امن وسکون کا محتاج ہے، اسی طرح وہ موت کے بعد بھی امن وسکون کا محتاج ہے۔
دینِ حق ہی اپنے پیروکاروں کو دنیا و آخرت میں مکمل امن و سکون عطا کرتا ہے۔ مثال کے طور پر:
- اگر ہم ایک ایسے راستے پر چل رہے ہوں، جس کی انتہا ہمیں معلوم نہ ہو اور ہمارے سامنے دو اختیارات ہوں: یا تو ہم راستے میں نصب تختیوں پر موجود ہدایات کی اتباع کریں یا اندازہ لگانے کی کوشش کریں، جو ہمارے لیے گمراہی و ہلاکت کا سبب بن سکتا ہے۔
- اگر ہم کوئی ٹیلی ویژن خریدنا چاہیں اور چلانے کی ہدایات کی طرف رجوع کیے بغیر اسے چلانے کی کوشش کریں، تو ہم اسے خراب کر دیں گے۔ مثال کے طور پر کسی کارخانے سے تیار شدہ ٹیلی ویژن ہمارے پاس اسی ہدایاتی کتابچے کے ساتھ پہنچتا ہے جس کے ساتھ وہ دوسرے ملک میں پہنچتا ہے۔ لہٰذا ہمیں اسے اسی طریقے سے استعمال کرنا چاہیے۔
- مثال کے طور پر اگر کوئی شخص کسی دوسرے شخص سے رابطہ کرنا چاہے، تو دوسرے شخص کو چاہیے کہ وہ اسے ممکنہ ذریعے سے آگاہ کرے۔ مثلا اسے بتائے کہ وہ ای میل کے ذریعے نہيں، بلکہ فون پر اس سے رابطہ کرے۔ رابطہ کرنے والے پر بھی لازم ہے کہ وہ وہی فون نمبر استعمال کرے جو اس نے ذاتی طور پر اسے فراہم کیا ہو۔ وہ کوئی دوسرا نمبر استعمال نہیں کر سکتا۔
سابقہ مثالیں ہمیں بتاتی ہیں کہ انسانوں کے لیے اپنی خواہشات کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی عبادت کرنا ممکن نہیں، کیونکہ وہ دوسروں کو نقصان پہنچانے سے پہلے خود اپنا نقصان کریں گے۔ چنانچہ ہم پاتے ہیں کہ بعض قومیں رب العالمین سے تعلق قائم کرنے کے لیے عبادت گاہوں میں ناچتی اور گاتی ہيں اور بعض قومیں اپنے عقیدے کے مطابق معبود کو جگانے کے لیے تالیاں بجاتی ہیں۔ کچھ لوگ کسی کو واسطہ بنا کر اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ اللہ کسی بشر یا پتھر کی صورت میں جلوہ گر ہوتا ہے۔ لہذا اللہ ہمیں ایسی چیزوں کی عبادت سے بچانا چاہتا ہے، جو نہ ہمیں نفع دے سکتی ہیں اور نہ نقصان پہنچا سکتی ہیں، بلکہ آخرت میں ہماری ہلاکت کا سبب بنتی ہیں۔ اللہ کے ساتھ غیر کی عبادت کرنا سب سے بڑا گناہ شمار ہوتا ہے اور اس کی سزا ہمیشہ کے لیے جہنم کی آگ میں رہنا ہے۔ یقیناً یہ اللہ کی عظمت ہے کہ اس نے ہمیں ایک ایسا نظام عطا کیا جس پر ہم سب چلیں، تاکہ وہ اپنے ساتھ ہمارے تعلق کو اور ہمارے اردگرد کے لوگوں کے ساتھ ہمارے تعلق کو منظم کرے اور اسی کو دین کہا جاتا ہے۔
***
سوال:
انسان مسلمان کیسے بنتا ہے؟
جواب:
اسلام میں داخل ہونے کے لیے یہ ضروری نہیں کہ اسے قبول کرنے کا ارادہ رکھنے والا شخص کسی مسجد یا عالم کے پاس جائے۔ اسے بس اتنا کرنا ہے کہ وہ کلمہ 'أشهد أن لا إله إلا الله وأشهد أن محمدًا رسول الله' کو اس کے معنی ومفہوم پر اعتقاد رکھتے ہوئے کہے۔ یعنی اس بات کا یقین رکھے کہ اللہ کے علاوہ کوئی برحق معبود نہیں ہے۔ دیگر تمام معبودوں اور مذاہب سے براءت کا اظہار کرے۔ اپنے دل میں اللہ تعالیٰ کے بارے میں پختہ ایمان رکھے کہ وہی ہر چیز کا مالک ہے اور اس میں جیسا چاہتا ہے تصرف کرتا ہے۔ فرشتوں پر ایمان لائے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی فرماں بردار مخلوق ہیں۔ مختلف نبیوں پر اللہ کی جانب سے اتاری گئی کتابوں، جیسے تورات اور انجیل کے ساتھ ساتھ اس بات پر ایمان لائے کہ قرآن تمام آسمانی کتابوں کو منسوخ کرنے والی کتاب ہے، جو محمد ﷺ پر نازل کی گئی ہے۔ تمام رسولوں پر اجمالی طور پر ایمان لائے، جن میں عیسیٰ علیہ السلام بھی شامل ہیں، جو اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں، جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے ایک کلمہ (”کُن“ یعنی ہو جا) سے پیدا فرمایا۔ خاص طور پر اسلام قبول کرنے والا اگر عیسائی ہو تو یہ نکتہ بڑا اہم ہے۔ اس بات پر ایمان لائے کہ محمد ﷺ انبیا اور مرسلین علیہم السلام کے سلسلے کی آخری کڑی ہیں۔ آپ کے بعد کوئی نبی یا رسول نہیں آئے گا۔ ساتھ ہی یہ کہ آپ کی شریعت پچھلی تمام شریعتوں کو منسوخ کرنے والی شریعت ہے۔ یومِ آخرت پر ایمان لائے، جس سے مراد موت کے بعد کے غیبی امور مثلاً عذاب، نعمتوں اور دوبارہ زندہ کیے جانے پر ایمان لانا ہے۔ واضح رہے کہ یومِ آخرت ہی قیامت کا دن ہے، جو جزا اور حساب کا دن ہے۔ قضا و قدر پر ایمان لائے اور اس بات کا یقین رکھے کہ کائنات میں جو کچھ بھی ہوتا ہے، اسے اللہ تعالیٰ اس کے واقع ہونے سے پہلے سے پوری تفصیل سے جانتا ہے اور اسے اس نے لوحِ محفوظ میں لکھ رکھا ہے۔ کوئی بھی چیز اس کے علم، مشیئت اور تخلیق کے بغیر واقع نہیں ہوتی۔ پھر اس کے بعد اسلام کے دیگر شعائر جیسے طہارت، نماز، اور حرام کاموں کو ترک کرنا وغیرہ کو دھیرے دھیرے سیکھتا رہے۔
***
سوال:
کیا اسلام قبول کرتے ہی مجھ پر نماز ادا کرنا ضروری ہے؟
جواب:
ہاں، اسلام میں داخل ہونے کے بعد مسلم پر نماز ادا کرنا واجب ہے، کیونکہ نماز اسلام کا دوسرا عظیم الشان رکن ہے، جو تمام انبیا و مرسلین علیہم الصلاۃ والسلام اور قیامت تک آنے والے ان کے پیروکاروں پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے فرض ہے۔ اسلام میں داخل ہونے کے بعد مسلمان پر واجب ہے کہ وہ پانچ وقت کی نمازیں ان کے متعینہ اوقات میں ادا کرے؛ کیونکہ مومنوں پر نماز ان کے مقررہ اوقات میں فرض کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "یقیناً نماز مومنوں پر مقرره وقتوں پر فرض ہے۔" [النساء: 103]، نماز دوسرا حکم ہے، جو اللہ تعالی نے سیدنا موسی علیہ السلام کو دیا تھا، جب ان کے رب نے ان سے بات کی تھی۔ اللہ تعالی نے فرمایا ہے : "جب وه وہاں پہنچے تو آواز دی گئی : اے موسیٰ! یقیناً میں ہی تیرا پروردگار ہوں، تو اپنی جوتیاں اتار دے، کیونکہ تو پاک میدان طویٰ میں ہے۔ اور میں نے تجھے منتخب کر لیا ہے، لہذا اب جو وحی کی جائے اسے کان لگا کر سن۔ بے شک میں ہی اللہ ہوں۔ میرے سوا عبادت کے ﻻئق اور کوئی نہیں۔ پس تو میری ہی عبادت کر اور میری یاد کے لئے نماز قائم رکھ۔ [طہ: 11-14]۔ ایک اور مقام پر فرمایا ہے: "اور ہم نے موسیٰ (علیہ السلام) اور ان کے بھائی کے پاس وحی بھیجی کہ تم دونوں اپنی قوم کے لیے مصر میں گھر برقرار رکھو اور تم سب اپنے انہی گھروں کو نماز پڑھنے کی جگہ قرار دے لو اور نماز کے پابند رہو اور آپ مسلمانوں کو بشارت دے دیں۔" [یونس: 87]۔
نماز کے بہت سے بڑے بڑے فائدے ہیں، جن میں سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ نماز انسان کو دین پر قائم رہنے اور فواحشات اور گناہوں سے دور رہنے میں مدد دیتی ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "جو کتاب آپ کی طرف وحی کی گئی ہے اسے پڑھیے اور نماز قائم کیجیے۔ یقیناً نماز بے حیائی اور برائی سے روکتی ہے اور بے شک اللہ کا ذکر بہت بڑی چیز ہے۔ آپ جو کچھ کر رہے ہیں اس سے اللہ باخبر ہے۔" [العنکبوت: 45]۔
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
***
سوال:
میری عمر چودہ سال ہے اور میرا خیال ہے کہ میرے اہل خانہ میرے اسلام قبول کرنے پر رضامند نہیں ہوں گے؟
اس سوال کے جواب کے متعدد پہلو ہیں:
پہلا: بے شک انسان کی جانب سے انبیا و رسل علیہم الصلاۃ والسلام کے راستے کے انتخاب کا فیصلہ سب سے عظیم فیصلہ ہے؛ کیونکہ اس میں اللہ کی رضا ہے اور اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے، لہذا ہر وہ شخص جو اپنی انسانیت اور اپنی عقل کا احترام کرتا ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ نفسانی خواہشات کی غلامی اور معاشرے کی ان بیڑیوں سے آزاد ہو جائے جو اسے اللہ کی طرف چلنے سے روکتی ہیں، اور ان باتوں پر ایمان لائے جن کی جانب عقلِ سلیم، فطرتِ مستقیمہ اور وحیِ صحیح اس کی رہنمائی کرتی ہیں۔
دوسرا : سب سے اہم امر یہ ہے کہ آپ کو اس بات پر یقین ہو کہ آپ پر اسلام قبول کرنا واجب ہے کہ آخرت کے عذاب سے آپ کی نجات اسی پر موقوف ہے۔ اسی طرح یہ ضروری ہے کہ آپ اس فیصلے میں پرعزم ہوں اور کسی تردد کے شکار نہ رہیں۔
سوم : بہترین نتائج کی توقع رکھیں اور بدترین حالات کے لیے منصوبہ بندی کریں۔ ہو سکتا ہے آپ کے اہل خانہ رضامند ہو جائیں اور کہہ دیں کہ جو چاہو کرو، تم آزاد ہو؟ ایسا بالکل ہو سکتا ہے اور ہو گیا تو اس سے بہتر اور کیا ہوگا؟ لیکن شیطان ہمیشہ مختلف طرح کے خیالات اور اندیشوں کے ذریعے آپ کے اور اسلام کے درمیان حائل ہونے کی کوشش کرتا ہے۔ لیکن اگر اہل خانہ رضامند نہیں ہوئے، تو کیا ہوگا؟ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ اس کا حل یہ جانتے ہوئے بھی اپنی موجودہ حالت پر باقی رہنے میں ہے کہ وہ غلط ہے؟ اس کا جواب نہیں ہے۔ لہذا آپ کو مناسب حل ڈھونڈنا چاہیے۔ ہر شخص کے اپنے زمانی اور مکانی حالات ہوتے ہیں اور اسے انہی کے مطابق کام کرنا چاہیے۔ لہذا جس کے لیے اپنا اسلام پوشیدہ رکھنا بہتر ہو اس کے لیے ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ لیکن ہو سکتا ہے کہ دوسرے کے لیے اپنے اسلام کا اظہار کرنا ہی بہتر ہو۔
چوتھا : اگر آپ کے اسلام قبول کرنے کے بعد بہتر یہ ہو کہ آپ اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہیں اور انہیں دعوت دینے کی کوشش کریں، تو یہی افضل ہے۔ اور اگر آپ محسوس کریں کہ ایسا کرنا مناسب نہیں ہے اور آپ الگ رہنے کی استطاعت رکھتے ہیں، تو آپ یہی کریں۔ اسلام آپ کو اپنے اہل خانہ کو چھوڑنے یا ان سے قطع تعلق کر لینے کا حکم نہیں دیتا۔ خواہ آپ ان سے الگ ہی کیوں نہ ہو گئے ہوں۔ آپ اللہ تعالی سے ان کی ہدایت کی دعا کرتے رہیں۔ اسلام آپ کو اس بات کا بھی حکم دیتا ہے کہ آپ ان کے ساتھ حسن سلوک اور نیکی کا معاملہ کریں، چاہے انہوں نے اسلام قبول نہ بھی کیا ہو۔
پانچواں: انسان اپنے بھائیوں کے ساتھ مضبوط اور تنہا کمزور ہوتا ہے۔ لہذا آپ کے لیے ایسے مسلمانوں سے رابطہ رکھنا بہتر ہے جو آپ کے ساتھ کھڑے ہو سکیں۔
***
سوال:
وہ شخص کیا کرے جس نے اسلام قبول کر لیا ہو، لیکن اس کی بیوی نے اسلام قبول نہ کیا ہو؟
جواب:
اگر اس کی بیوی یہودی یا نصرانی ہو تو نکاح برقرار رکھنے میں کوئی ممانعت نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: "ساری پاکیزه چیزیں آج تمہارے لیے حلال کر دی گئیں اور اہل کتاب کا ذبیحہ تمہارے لیے حلال ہے اور تمہارا ذبیحہ ان کے لئے حلال ہے۔ اور پاک دامن مسلمان عورتیں اور جو لوگ تم سے پہلے کتاب دیے گئے ہیں ان کی پاک دامن عورتیں بھی حلال ہیں، جب تم ان کے مہر ادا کر دو، اس طرح کہ تم ان سے باقاعده نکاح کر لو، یہ نہیں کہ اعلانیہ زنا کرو یا پوشیده بدکاری کرو۔ منکرینِ ایمان کے اعمال ضائع اور اکارت ہیں اور آخرت میں وه ہارنے والوں میں سے ہیں۔" (المائدۃ : 5)۔ لیکن اس کی کوشش رہے کہ اپنی بیوی کو اسلام کی دعوت دے اور اس کے لیے دعا کرتے رہے۔ شاید کہ اللہ اسے ہدایت نصیب فرمائے۔ اگر اس کی بیوی کتابیہ نہ ہو تو شوہر کے اسلام قبول کرنے سے نکاح فسخ ہو جاتا ہے۔ کچھ وقت کے لیے انتظار کیا جا سکتا ہے کہ شاید اللہ اسے اسلام کی ہدایت دے دے، لیکن مسلمان تو جانے تک اس سے جماع نہیں کر سکتا۔
***
سوال:
ایک عورت اپنے شوہر سے پہلے مسلمان ہو گئی، تو کیا ان کا نکاح درست ہے؟
جواب:
جب اس کا شوہر جس نے اس کے ساتھ مجامعت کی ہو، اس کی عدت ختم ہونے سے پہلے اسلام لے آئے تو ان دونوں کا نکاح صحیح ہے۔ یاد رہے کہ عدت اگر حیض آتا ہو تو تین حیض ہے اور اگر حیض نہ آتا ہو تو تین مہینے ہے۔ اگر عدت ختم ہوجائے اور اس کا شوہر اسلام نہ لائے تو اس کا عقدِ نکاح فسخ ہو جائے گا۔ اگر شوہر نے اس کے ساتھ مجامعت نہ کی ہو تو محض اس کے اسلام لانے سے فرقت واقع ہو جائے گی اور اس سے ان دونوں کا نکاح فسخ ہو جائے گا۔
***
سوال:
میں جانتا ہوں کہ اسلام ہی دین برحق ہے، لیکن مجھے اس دین کو ترک کرنے میں دشواری محسوس ہو رہی ہے جس پر میری پرورش ہوئی ہے، حالاں کہ میرا اس پر ایمان نہیں ہے۔
جواب:
یہ معرفت ہی اللہ نے چاہا تو ہدایت کی طرف لے جانے والا پہلا قدم ثابت ہوگی۔ درحقیقت یہ خود اپنے نفس کی تذلیل اور اپنی جان اور اپنی عقل پر ظلم ہے کہ انسان حق کو سورج کی طرح روشن اور باطل کو رات کی طرح تاریک دیکھے، پھر حق سے اندھا بن جائے اور تاریکی میں ہی بھٹکتا رہے۔ یقیناً جو انسان اپنی انسانیت کا احترام کرتا ہے، وہ اس بات کو مسترد کرے گا کہ وہ محض بچپن سے عادی ہونے کی بنا پر ایسے دین پر زندگی گزارے جس کے باطل ہونے کا اسے یقینی علم ہو اور اس سیدھے دین کو چھوڑ دے جو اللہ کا دین ہے، جسے اس نے اپنے لیے پسند فرمایا اور اپنے رسولوں کو اسے پہنچانے کا مکلف کیا ہے۔ بے شک عقلِ سلیم اور درست فیصلہ یہی ہے کہ انسان اس حق کی طرف رجوع کرے جسے وہ دیکھ رہا ہے اور اس باطل کو ترک کر دے جس کے باطل ہونے کا اسے کامل یقین ہے۔ اس پر یہ جاننا لازم ہے کہ دنیا و آخرت میں کامیابی اور نجات اسی شخص کے لیے ہے جو اللہ پر ایمان لائے اور رسولوں کی تصدیق کرے۔ اسے یہ بھی جان لینا چاہیے کہ دارین میں خسارہ، بربادی اور ہلاکت اسی کے لیے ہے جو اللہ کا انکار کرے اور شیاطین کے راستے کی پیروی کرے۔
پھر ہم آپ سے کہتے ہیں کہ یہ علم جو آپ نے حاصل کیا ہے شاندار اور قیمتی ہے؛ لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں اگر اس کا نتیجہ اسلام میں داخل ہونے کی صورت میں نہ نکلے۔ آپ کو ہم درج ذیل مشورے دینا چاہیں گے :
پہلا: اپنے دل کو اللہ العالمین کی طرف متوجہ کریں اور اس سے دعا کریں کہ وہ حق کے لیے آپ کا سینہ کھول دے۔ دوسرا: اپنے انجام پر غور کریں کہ اگر اسلام میں داخل ہونے سے پہلے آپ کی موت ہو جائے تو کیا ہوگا؟ کیونکہ فیصلہ لینے کی یہ مشکل اور مشقت اس مشکل کے مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں رکھتی، جس کا انسان کو موت کے بعد سامنا کرنا پڑے گا، اگر وہ اسلام سے اعراض کرے۔ عقل مند انسان وہ ہے جو انجام پر غور کرتا ہو۔ تیسرا: غور و فکر سے کام لیں اور اس بات کی نشان دہی کریں جسے آپ مشکل سمجھ رہے ہیں اور جو آپ کو اسلام میں داخل ہونے سے روکتی ہے اور اس کا کوئی حل تلاش کریں۔ چوتھا: حسبِ استطاعت اپنے اردگرد کے ماحول کو تبدیل کریں؛ تاکہ ان شاء اللہ آپ کے لیے صحیح فیصلہ لینا آسان ہو جائے۔
***
سوال:
اسلامی عقیدے کے مطابق میرا غیر مسلم خاندان آخرت میں جنت میں داخل نہیں ہوگا، کیا یہ صحیح ہے؟
جواب:
ہر قسم کی تعریف اللہ کی ہے۔ قاری کو معلوم ہونا چاہیے کہ دارِ آخرت میں انسان کا انجام اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ اس لیے کہ اللہ ہی آسمانوں، زمین اور ان کے درمیان موجود تمام چیزوں کا مالک ہے اور ہر حال میں تعریف اسی کی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے سزاوار ہیں، جس کی ملکیت میں وه سب کچھ ہے، جو آسمانوں اور زمین میں ہے۔ آخرت میں بھی تعریف اسی کے لیے ہے۔ وه (بڑی) حکمتوں واﻻ اور (پورا) خبردار ہے۔" [سبا: 1]، اسی کی فرماں روائی ہے اور ساری مخلوق اسی کی طرف لوٹائی جائے گی، خواہ وہ نیک ہوں یا بد، مومن ہوں یا کافر۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "وہی اللہ ہے۔ اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔ دنیا اور آخرت میں اسی کی تعریف ہے۔ اسی کی فرماں روائی ہے اور اسی کی طرف تم سب پھیرے جاؤ گے۔" [القصص: 70] پوری سلطنت بس اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ وہی قیامت کے دن کا مالک ہے۔ اس کے ساتھ نہ کوئی دوسرا تصرف کرنے والا ہے، نہ اس کی اجازت کے بغیر نہ کوئی کارساز ہے اور نہ کوئی سفارش کرنے والا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: "بدلے کے دن (یعنی قیامت) کا مالک ہے۔" [الفاتحۃ: 4]، جب یہ معلوم ہو گیا تو ہم نے کامل یقین کے ساتھ جان لیا کہ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو اپنی ربوبیت کی فطرت پر پیدا فرمایا ہے۔ پھر، ان کے لیے رسولوں کو مبعوث کیا، کتابیں نازل کیں اور انہیں کان، آنکھیں اور دل عطا فرمائے؛ تاکہ مخلوق پر حجت قائم ہو جائے۔ اس نے لوگوں پر واضح کر دیا کہ ان کی پیدائش کا مقصد یہ ہے کہ اللہ اس کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ ٹھہرائیں۔ اس نے اپنے رسولوں علیہم السلام کو اس بات کا مکلف بنایا کہ وہ مخلوق کو اللہ کے عذاب سے ڈرائیں، انہیں برے انجام کا خوف دلائیں اور انہیں ایسی جنت کی خوش خبری سنائیں جس کی وسعت آسمانوں اور زمین کے برابر ہے۔ کوئی نبی ایسا نہیں گزرا جس نے اپنی قوم کو خوش خبری نہ سنائی ہو اور انہیں ڈرایا نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: "ہم نے انہیں رسول بنایا ہے، خوش خبریاں سنانے والے اور آگاه کرنے والے، تاکہ لوگوں کی کوئی حجت اور الزام رسولوں کے بھیجنے کے بعد اللہ تعالیٰ پر ره نہ جائے۔ اللہ تعالی بڑا غالب اور بڑا باحکمت ہے۔" [النساء: 165]، اللہ عزوجل نے یہ واضح فرما دیا کہ قیامت کے دن لوگوں کا انجام ان دونوں گروہوں اور دونوں انجاموں سے باہر نہیں ہوگا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "اسی طرح ہم نے آپ کی طرف عربی قرآن کی وحی کی ہے، تاکہ آپ مکہ والوں کو اور اس کے آس پاس کے لوگوں کو خبردار کردیں اور جمع ہونے کے دن سے، جس کے آنے میں کوئی شک نہیں، ڈرا دیں۔ ایک گروه جنت میں ہوگا اور ایک گروه جہنم میں ہوگا۔" [الشوریٰ: 7]، ایک اور موقعے پر فرمایا ہے : "بے شک اس میں اس شخص کے لیے نشانی ہے، جو آخرت کے عذاب سے ڈرے۔ یہ وہ دن ہے، جس میں سب لوگ جمع کئے جائیں گے اور یہ وہ دن ہے، جس میں سب حاضر ہوں گے۔ اسے ہم جو ملتوی کرتے ہیں، وه صرف ایک مدت معین تک ہے۔ جس دن وه آجائے گی مجال نہ ہوگی کہ اللہ کی اجازت کے بغیر کوئی بات بھی کر لے۔ سو ان میں کوئی بدبخت ہوگا اور کوئی نیک بخت۔ لیکن جو بدبخت ہوئے وه دوزخ میں ہوں گے۔ وہاں چیخیں گے چلائیں گے۔ وه وہیں ہمیشہ رہنے والے ہیں جب تک آسمان و زمین برقرار رہیں۔ سوائے اس وقت کے جو تمہارا رب چاہے۔ یقیناً تیرا رب جو کچھ چاہے کر گزرتا ہے۔ اور جو نیک بخت ہوئے تو وہ جنت میں ہوں گے۔ اس میں ہمیشہ رہیں گے جب تک آسمان اور زمین قائم ہیں، مگر جو تمہارا رب چاہے۔ یہ ایک ایسی بخشش ہے جو کبھی ختم نہ ہوگی۔" [ہود: 103-108]۔
یہ ایک ایسی بات ہے کہ اس پر انبیا و رسل علیہم الصلاۃ والسلام کا اتفاق ہے اور سب سے آخری رسول محمد عربی ﷺ نے اس کی انتہائی تاکید فرمائی ہے۔ چنانچہ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کی روایت کردہ ایک حدیث میں ہے کہ آپ فرماتے ہیں : ایک مرتبہ میں نبی ﷺ کے پیچھے سواری پر سوار تھا۔ میرے اور آپ ﷺ کے درمیان کجاوے کے پچھلے حصے کے سوا کوئی فاصلہ نہ تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے۔ پھر تھوڑی دیر تک چلنے کے بعد فرمایا: "اے معاذ!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے۔ پھر تھوڑی دیر تک چلنے کے بعد فرمایا: "اے معاذ!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے۔ اب آپ ﷺ نے فرمایا: "کیا تم جانتے ہو کہ بندوں پر اللہ کا کیا حق ہے؟" میں نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "بندوں پر اللہ کا حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ کریں۔" پھر تھوڑی دیر تک چلنے کے بعد فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "کیا تم جانتے ہو کہ اگر بندے ایسا کر لیں تو اللہ پر بندوں کا کیا حق ہے؟" میں نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "اللہ پر بندوں کا حق یہ ہے کہ وہ انہیں عذاب نہ دے۔" [متفق علیہ، حدیث معاذ، صحیح بخاری: 5967 اور صحیح مسلم: 48]، اور جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ فرماتے ہیں : ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! واجب کرنے والی دو باتیں کون کون سی ہیں؟ آپ نے فرمایا: "جو اس حال میں مرے کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ ٹھہرائے تو وہ جنت میں داخل ہو گا اور جو اس حال میں مرے کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک ٹھہرائے تو وہ جہنم میں داخل ہو گا۔" [صحیح مسلم: 151]۔
یہ فیصلہ اور انجام مسلمانوں کا خود ساختہ نہیں ہے، بلکہ جیسا کہ آپ نے دیکھا اور جان لیا، یہ حکمِ الٰہی ہے۔ یہ فیصلہ کرنا مسلمان کا کام نہيں ہے کہ یہ لوگ جنتی ہیں اور یہ لوگ جہنمی، بلکہ دنیا اور آخرت میں فیصلہ کرنے کا اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔
جس انسان کو اللہ تعالیٰ اسلام کی ہدایت نصیب فرما دے، اس پر واجب ہے کہ وہ اپنے والدین اور رشتہ داروں کو اسلام کی دعوت دینے کی بھرپور کوشش کرے۔ کیوں کہ ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں بھی اسلام کی ہدایت نصیب فرما دے، جو کہ اللہ کا سیدھا راستہ اور انبیاے کرام علیہم السلام کی راہ ہے۔ البتہ اگر آپ کے گھر والے حالتِ کفر میں وفات پا چکے ہیں، تو ہمیں امید ہے کہ ان تک اسلام کی دعوت نہیں پہنچی ہوگی اور جو شخص اس حال میں وفات پا جائے کہ اس تک اسلام کی دعوت نہ پہنچی ہو اور نہ ہی اسے اس کا علم ہوا ہو؛ تو اللہ تعالیٰ اس پر ظلم نہیں کرے گا، بلکہ جب قیامت کا دن ہوگا اور اللہ تعالیٰ تمام مخلوق کو دوبارہ زندہ فرمائے گا؛ تو وہ ان لوگوں کو آزمائے گا اور ان کا امتحان لے گا، جن تک اسلام کی دعوت نہیں پہنچی تھی۔ چنانچہ اگر انہوں نے اسلام کو قبول کر لیا تو وہ جنت میں داخل ہو جائیں گے۔ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے: "بے شک جنت میں مسلمان کے سوا کوئی داخل نہیں ہوگا۔" [صحیح بخاری : 6528، صحیح مسلم : 221]، اور اگر وہ نافرمانی اور تکبر کرے گا تو اللہ اسے اس کے تکبر، ہٹ دھرمی اور کفر کے سبب جہنم میں داخل کرے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی محمد ﷺ پر درود و سلام نازل فرمائے۔
***
سوال:
کیا اسلام طبقاتی نظام کے تصور کی تائید کرتا ہے؟
جواب:
تمام تعریفیں صرف اللہ کی ہیں۔ طبقاتی نظام سے مراد لوگوں کو مال، نسل یا عہدے کی بنیاد پر ایسے طبقات میں تقسیم کرنا ہے کہ انسان کے لیے اپنا طبقہ تبدیل کرنا ممکن نہ رہے۔ اسلام طبقاتی نظام کو جاہلیت کے آثار میں سے ایک اثر قرار دیتا ہے۔
اسلام مسلمانوں کے درمیان طبقاتی تفریق کے وجود کو روکتا ہے؛ کیوں کہ اللہ تعالی نے لوگوں کو ایک مرد اور عورت سے پیدا کیا ہے، تاکہ ہم ایک دوسرے کو پہچانیں، نہ کہ اس لیے کہ ہم میں سے بعض، بعض پر زیادتی کریں۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "اے لوگو! ہم نے تم سب کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا ہے اور اس لیے کہ تم آپس میں ایک دوسرے کو پہچانو کنبے اور قبیلے بنا دیے ہیں۔ اللہ کے نزدیک تم سب میں باعزت شخص وه ہے، جو سب سے زیاده ڈرنے واﻻ ہے۔ یقین مانو کہ اللہ دانا اور باخبر ہے۔" [الحجرات: 13]۔
جب کہ رسول ﷺ نے واضح فرما دیا ہے کہ حسب ونسب بذات خود انسان کو آگے نہیں بڑھاتا، بلکہ اسے اس کے اعمال اور وہ خیر کے کام آگے بڑھاتے ہیں، جو اس نے لوگوں کی فلاح کے لیے انجام دیے ہوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا ہے : "جس کے عمل نے اسے پیچھے کر دیا، اس کا نسب اسے آگے نہیں بڑھا سکتا۔" [صحیح مسلم: 38]۔
جہاں تک مال و دولت، بلند مرتبہ اور دیگر چیزوں کی وجہ سے مخلوق کے مابین تفاوت کا تعلق ہے، تو یہ بذاتِ خود نہ تو قابلِ تعریف ہے اور نہ ہی قابلِ مذمت۔ یہ اسی وقت قابلِ تعریف قرار پاتا ہے جب انسان اللہ کی عطا کردہ عزت، اثر و رسوخ، منصب اور مال و دولت کو اللہ کی اطاعت اور لوگوں کی خدمت کے لیے بروئے کار لائے اور یہ اس وقت قابلِ مذمت ٹھہرتا ہے جب انسان اپنے رب کی نافرمانی کرے، لوگوں پر تکبر و سرکشی کرے اور اس کی وجہ سے ان پر ظلم و زیادتی کرے۔ ورنہ متاعِ دنیا میں لوگوں کے مابین یہ تفاوت ایک تکوینی سنت ہے، جس کا ارادہ اللہ تعالیٰ نے زمین کی آباد کاری کے لیے فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "کیا آپ کے رب کی رحمت کو یہ تقسیم کرتے ہیں؟ دنیا کی زندگی میں ان کی روزی تو ہم نے ہی ان میں تقسیم کی ہے اور ایک کو دوسرے پر درجوں میں فوقیت بھی ہم نے ہی دی ہے، تاکہ ایک دوسرے سے کام لیتے رہیں۔ اور جو کچھ یہ لوگ جمع کرتے ہیں اس سے آپ کے رب کی رحمت بہت بہتر ہے۔ اور اگر یہ اندیشہ نہ ہوتا کہ سب لوگ ایک ہی امت بن جائیں گے تو جو لوگ رحمان کا انکار کرتے ہیں ہم ان کے گھروں کی چھتیں چاندی کی بنا دیتے اور سیڑھیاں بھی جن پر وہ چڑھتے ہیں۔ اور ان کے گھروں کے دروازے اور تخت بھی جن پر وه تکیہ لگا لگا کر بیٹھتے۔ اور سونے کے بھی۔ اور یہ سب کچھ دنیا کی زندگی کا سامان ہے۔ اور آخرت تو آپ کے رب کے نزدیک (صرف) پرہیزگاروں کے لیے (ہی) ہے۔ [الزخرف: 32-35]۔
اللہ تعالی نے واضح کر دیا ہے کہ مال و متاع میں یہ تفاوت اس کی تدبیر سے ہے۔ شیخ عبد الرحمن بن ناصر السعدی رحمہ اللہ کہتے ہیں: "اللہ تعالیٰ بتا رہا ہے کہ اس کے ہاں دنیا کی کوئی حیثیت نہیں ہے اور اگر اس کا اپنے بندوں پر لطف و کرم اور رحمت نہ ہوتی، جس پر وہ کسی چیز کو مقدم نہیں رکھتا، تو وہ کافروں پر دنیا کو بہت زیادہ کشادہ کر دیتا، اور ان کے لیے ﴿...لِبُيُوتِهِمۡ سُقُفٗا مِّن فِضَّةٖ وَمَعَارِجَ...﴾ یعنی چاندی کی سیڑھیاں بنا دیتا، ﴿...عَلَيۡهَا يَظۡهَرُونَ﴾ جن کے ذریعے وہ اپنی چھتوں پر چڑھتے۔ یعنی وہ ان کی دنیا کو طرح طرح کی آرائشوں سے سجا دیتا اور انہیں وہ سب کچھ عطا کر دیتا جس کی وہ خواہش کرتے۔ لیکن اپنے بندوں پر اس کی رحمت نے اسے ایسا کرنے سے روکے رکھا، اس اندیشے سے کہ کہیں وہ دنیا کی محبت کے سبب کفر کی طرف تیزی سے نہ لپکیں اور بکثرت گناہ نہ کر بیٹھیں۔ چنانچہ اس میں اس بات کی دلیل ہے کہ وہ بندوں کی بھلائی کی خاطر عام یا خاص طور پر انہیں بعض دنیوی امور سے باز رکھتا ہے اور یہ کہ اللہ کے ہاں دنیا کی وقعت ایک مچھر کے پر کے برابر بھی نہیں، اور یہ کہ یہ تمام مذکورہ چیزیں دنیوی زندگی کا سامان ہیں، جو کہ ناگوار، مکدر اور فانی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں آخرت ان پرہیزگاروں کے لیے بہت بہتر ہے جو اس کے احکامات کی بجا آوری اور اس کی منع کردہ چیزوں سے بچ کر اپنے رب کا تقویٰ اختیار کرتے ہیں؛ کیونکہ اس کی نعمتیں ہر لحاظ سے مکمل اور کامل ہیں اور جنت میں وہ سب کچھ موجود ہے جس کی دل خواہش کریں اور جن سے آنکھیں لذت پائیں اور جنتی اس میں ہمیشہ رہیں گے۔ پس ان دونوں گھروں کے درمیان کتنا بڑا فرق ہے۔" تفسیر سعدی، تیسیر الکریم الرحمن (ص : 765)۔
اسلام لوگوں کی امیر اور غریب میں تقسیم کو ختم کرنے کی کوشش نہیں کرتا۔ مثلاً اس بات کی کوشش نہیں کرتا کہ سب کو امیر یا سب کو غریب بنا دے، بلکہ اس نے مال دار کے لیے غریب کے ساتھ ہمدردی کو مشروع قرار دیا ہے۔ البتہ انسانوں کے درمیان پائے جانے والے معمول کے فطری فرق کا مقابلہ کرنا اور اسے ختم کرنے کی کوشش کرنا کائناتی سنتوں کے خلاف ہے۔ اسی لیے اسلام ان کے ساتھ صحیح طرزِ عمل لے کر آیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی محمد پر درود و سلام نازل فرمائے۔
***
سوال:
اسلام میں اعتدال کا مفہوم کیا ہے؟
جواب:
الحمد للہ، اسلام میں اعتدال دو گمراہیوں یعنی غلو اور کوتاہی کے درمیان کی راہ ہے۔ چنانچہ یہ یہودیت کی کوتاہی کو گستاخی اور نصرانیت کے غلو کے درمیان کی راہ ہے۔ یہودیوں نے کہا تھا : "یقیناً اللہ فقیر ہے اور ہم مالدار ہیں"۔ انبیا کے معاملے میں (ان کا رویہ یہ تھا کہ) ایک گروہ کو انہوں نے جھٹلایا اور ایک گروہ کو قتل کرتے رہے۔ دوسری طرف نصاریٰ نے غلو سے کام لیتے ہوئے مسیح کو معبود بنا لیا اور اپنے علما اور درویشوں کو اللہ کی جگہ پر اپنا رب بنا لیا۔
اسلام کا اعتدال عام اور ہمہ گیر ہے۔ چنانچہ حقوق کےسلسلے میں اسلام کا نظریہ یہ ہے کہ ہر حق والے کو اس کا پورا حق دیا جائے، خواہ وہ دین میں آپ کا مخالف یا آپ کا دشمن ہی کیوں نہ ہو۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "اے ایمان والو! تم اللہ کی خاطر حق پر قائم ہو جاؤ، راستی اور انصاف کے ساتھ گواہی دینے والے بن جاؤ، کسی قوم کی عداوت تمہیں خلاف عدل پر آماده نہ کر دے، عدل کیا کرو جو پرہیز گاری کے زیاده قریب ہے اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو، یقین مانو کہ اللہ تعالیٰ تمہارے اعمال سے باخبر ہے۔" (المائدۃ: 8)۔
مسلمانوں کا طرز عمل یہودیوں جیسا نہیں ہے، جو کہتے ہیں کہ امیوں کے سلسلے میں ہمارا کوئی مؤاخذہ نہیں ہوگا اور نہ نصاریٰ کے جیسا جو کہتے ہیں کہ جو تمھارے دائیں رخسار پر طمانچہ مارے تم اسے بایاں رخسار بھی پیش کر دو۔ حالاں کہ اکثر نصاری اس پر عمل نہیں کرتے، بلکہ لوگوں کو طمانچے مارتے ہیں اور ان کے مال و اسباب چھین لیتے ہیں۔
چوں کہ اعتدال سے مراد توسط اور میانہ روی ہے، لہذا اسلام زندگی کے تمام گوشوں میں دو برائیوں کے مابین ایک بھلائی ہے۔ مسلمان سے مطلوب یہ ہے کہ وہ اعتدال اختیار کرے۔ نہ تو غلو و مبالغہ کرے اور نہ ہی تساہل و کوتاہی برتے۔ وہ اپنی ذات اور اپنے کاموں اور حقوق میں اعتدال پر عمل پیرا ہو۔ اپنے تمام اقوال و افعال میں اعتدال سے کام لے۔ ان میں سے کچھ گوشے یہاں ملاحظہ ہوں: پہلا: اسلام نے عبادتوں اور تزکیۂ نفس وغیرہ کے ذریعے روح کی ضرورت کی رعایت رکھی ہے اور معاملات کو منظم کر کے، کھانے پینے کے ضوابط مقرر کر کے، نکاح کی ترغیب دے کر جسمانی ضرورتوں کی رعایت رکھی ہے اور تبتل یعنی عبادت کے لیے کٹ کر رہ جانے اور شادی ترک کر دینے سے منع کیا ہے۔ جب کہ کچھ لوگوں نے روح کے پہلو کو غالب رکھا اور جسم کو نظر انداز کر دیا، حالاں کہ عبادتیں جسم سے ہی ادا کی جاتی ہیں۔ اس قسم کے لوگونے غسل اور صفائی ستھرائی کے اہتمام کو ترک کر دیا اور اپنے آپ کو کھردرے لباس پہننے اور ایسا کھانا کھانے کی مشقت میں ڈال دیا جو ان کے موافق نہ تھا۔ انہوں نے عبادت میں بھی غلو سے کام لیا، لوگوں سے کنارہ کشی اختیار کر لی اور فطرت کی مخالفت کر بیٹھے۔ جیسا کہ عیسائی راہب، بعض بدھ مت اور ہندو مت کے ماننے والے اور غالی صوفی کرتے ہیں۔ اس کے برعکس کچھ لوگوں نے جسم کے پہلو کو غالب رکھا اور روح کو نظر انداز کر دیا۔ چنانچہ وہ صرف اپنی شہوات اور خواہشات کی تکمیل کے لیے جیتے ہیں۔ نہ کسی شریعت کی پابندی کرتے ہیں اور عبادت کا اہتمام۔
دوسرا: اسلام کفار کے ساتھ خرید و فروخت، تحفہ تحائف لینے دینے اور اس جیسے دیگر معاملات کی اجازت دیتا ہے، ان کے ساتھ عدل وانصاف کا برتاؤ کرنے کو واجب قرار دیتا ہے اور ان کے عقائد وعادات سے متاثر ہونے اور ان سے قلبی دوستی کی ممانعت کے ساتھ، حالتِ جہاد کے علاوہ انھیں اذیت پہنچانے کو حرام قرار دیتا ہے۔ جب کہ کچھ لوگ مخالف مذہب والے ہر شخص کو قتل کردیتے ہیں اور ان کا وجود تک برداشت نہیں کرتے۔ وہ ان پر محض اس لیے ظلم کرتے ہیں کہ وہ ان کے دین، طریقے یا مسلک پر نہیں ہیں۔ اس کے برعکس بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو کفار کی خاطر اپنے دین سے دستبردار ہوجاتے ہیں اور خوشامد و طمع کی بنا پر اللہ تعالیٰ کی نافرمانی میں ان کی اطاعت کرتے ہیں۔ حالاں کہ وہ یہ نہیں جانتے کہ کفار اس حرکت کی وجہ سے انھیں حقیر سمجھتے ہیں۔ لہذآ وہ نہ دین حاصل کرپاتے ہیں اور نہ دنیا۔
تیسرا : اسلام اللہ تعالیٰ کی ذات، اس کی صفات اور اس کے افعال پر مثال پیش کیے بغیر ایمان لانے کا پیغام لے کر آیا ہے۔ جب کہ کچھ لوگ ایسے ہیں کہ ان کا عقیدہ الحاد ہے اور وہ اپنی زبان سے اللہ تعالیٰ کے وجود کا انکار کرتے ہیں، اگرچہ ان کا دل ان کی بات کی مخالفت کرتا ہے۔ ان میں سے کچھ لوگ اللہ کو معدوم سمجھتے ہیں۔ وہ نہ تو اللہ کی کسی صفت کو مانتے ہیں اور نہ ہی کسی فعل کو؛ یہ لوگ اور ان جیسے دوسرے تمام لوگ 'تعطیل' میں شریک ہیں۔ دوسری طرف، کچھ لوگوں کا یہ عقیدہ ہے کہ ہر چیز اللہ ہے۔ کچھ لوگوں نے بعض مخلوقات جیسے کہ فرشتوں، حضرت عیسیٰ علیہ السلام یا ان سے بھی کم تر چیزوں جیسے بتوں اور درختوں میں اللہ کے موجود ہونے کا عقیدہ رکھ لیا اور ان میں سے بعض کے ایسے نام رکھ دیے جو اللہ تعالیٰ کے ناموں سے مشتق ہیں۔ یہ لوگ اور ان جیسے دوسرے تمام لوگ 'تمثیل' میں شریک ہیں۔
چوتھا: اسلام نے تقدیر کا اثبات کیا ہے اور اس بات اعلان کیا ہے کہ اس کائنات میں جو کچھ بھی واقع ہوتا ہے وہ اللہ تعالی کے ارادے سے ہوتا ہے۔ اس میں جو کچھ اس کے حکم کے مطابق واقع ہوتا ہے وہ اسے پسند فرماتا ہے اور اس سے راضی ہوتا ہے۔ ارادہ بندے کا بھی ہوتا ہے، لیکن اس کے ارادی افعال اللہ تعالی کے ارادے سے باہر نہیں ہوتے۔
جب کہ کچھ لوگ اس بات کے قائل ہیں کہ انسان اپنے افعال پر مجبور ہے اور اس میں اس کے اپنے ارادے کا کوئی دخل نہیں ہوتا۔ اس کے برعکس کچھ لوگ اس بات کے بھی قائل ہیں کہ انسان اپنا فعل خود پیدا کرتا ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کی مشیت اور اس کے ارادے سے نہیں ہوتا۔
پانچواں: معیشت میں اسلام اشتراکیت اور سرمایہ داری کے درمیان اعتدال کی راہ ہے۔
چھٹا: اسلام نے تمام امور میں عدل و انصاف اور میانہ روی کو ملحوظ رکھا ہے۔ معاملہ خواہ اللہ سے متعلق ہو، انسان سے متعلق ہو یا خود اس کی ذات سے متعلق ہو۔ ممکن ہے کہ اسلام کے علاوہ مذاہب میں بھی آپ کو ان میں سے بعض پہلوؤں پر عمل مل جائے، لیکن کلی و عمومی طور پر ایسا نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسلام اللہ تعالیٰ کا وہ دین ہے جسے اس نے پسند فرمایا، جس پر تمام ادیان کا خاتمہ فرما دیا، جسے ہر زمانے، ہر علاقے اور ہر انسان کے لیے موزوں و مناسب بنایا اور اس کے اسرار اور اس کی انتہا کا احاطہ کرنے سے عقلوں کو عاجز کر دیا۔ وہ کسی سے اس کے سوا کوئی دین قبول نہیں فرمائے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی محمد ﷺ پر درود و سلام نازل فرمائے۔
***
سوال:
اسلام میں رواداری کی کیا کیا صورتیں ہیں؟
جواب:
اللہ کا شکر ہے کہ اسلام میں رواداری کے اعلی ترین اور کامل ترین نمونے پیش کیے گئے ہيں۔ شریعت میں اس کا ہم معنی لفظ "یسر" (آسانی/نرمی) ہے۔ اسلام کے بہت سے شعبوں میں آسانی کا خیال رکھا ہے۔ کچھ شعبے یہاں ملاحظہ ہوں :
شریعت اسلامیہ میں اللہ تعالیٰ نے عبادات کو آسان بنایا ہے۔ چنانچہ یہ سابقہ شریعتوں کی طرح بوجھ اور طوق والی شریعت نہیں ہے۔ فرمان باری تعالی ہے: "جو لوگ ایسے رسول نبی امی کا اتباع کرتے ہیں جن کو وه لوگ اپنے پاس تورات و انجیل میں لکھا ہوا پاتے ہیں۔ وه ان کو نیک باتوں کا حکم فرماتے ہیں اور بری باتوں سے منع کرتے ہیں اور پاکیزه چیزوں کو حلال بتاتے ہیں اور گندی چیزوں کو ان پر حرام فرماتے ہیں اور ان لوگوں پر جو بوجھ اور طوق تھے ان کو دور کرتے ہیں۔" [الأعراف: 157]، مثال کے طور پر سابقہ شریعتوں میں نمازی صرف عبادت گاہ میں ہی نماز ادا کر سکتا تھا، جب کہ اسلام میں مسلمان کے لیے کسی بھی جگہ نماز پڑھنا جائز ہے، جہاں نماز کا وقت آ جائے۔ خواہ وہ فضا میں ہو، سمندر میں ہو یا خشکی پر۔ اسی طرح سابقہ شریعتوں میں حدث کو صرف پانی ہی سے دور کیا جا سکتا تھا، اللہ تعالیٰ نے اسلام میں تیمم کی اجازت دی ہے، جو کہ ایک رحمت ہے۔ اسی طرح سفر اور بیماری کی حالت میں قصر اور روزہ چھوڑنے کی رخصت دی گئی ہے۔
اسلام کی آسانی اور رواداری کا ایک پہلو یہ ہے کہ اللہ تعالی نے گنہگار کے لیے توبہ کو مشروع فرمایا ہے۔ بنی اسرائیل کی توبہ یہ تھی کہ وہ ایک دوسرے کو قتل کریں، تاکہ اللہ ان کی توبہ قبول فرمائے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "اور جب موسیٰ (علیہ السلام) نے اپنی قوم سے کہا : اے میری قوم! بے شک تم نے بچھڑے کو (معبود) بنا کر اپنی جانوں پر ظلم کیا ہے، سو تم اپنے پیدا کرنے والے کی طرف توبہ کرو، اور اپنے آپ کو قتل کر دو، یہ تمہارے لیے تمہارے پیدا کرنے والے کے نزدیک بہتر ہے۔ پھر اس نے تمہاری توبہ قبول کر لی۔ بے شک وہ بڑا توبہ قبول کرنے والا، نہایت رحم والا ہے۔ [البقرۃ : 54]
لیکن اسلام میں انسان جب توبہ کرتا ہے تو اللہ تعالی اس کی توبہ قبول فرماتا ہے اور اس کی برائیوں کو نیکیوں میں بدل دیتا ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "اور وہ جو اللہ کے ساتھ کسی دوسرے معبود کو نہیں پکارتے اور اس جان کو جسے اللہ نے حرام ٹھہرایا ہے ناحق قتل نہیں کرتے اور نہ زنا کرتے ہیں، اور جو یہ کام کرے گا وہ گناہ کا مرتکب ہوگا۔ اسے قیامت کے دن دوہرا عذاب دیا جائے گا اور وه ذلت و خواری کے ساتھ ہمیشہ اسی میں رہے گا۔ سوائے ان لوگوں کے جو توبہ کریں اور ایمان ﻻئیں اور نیک کام کریں۔ ایسے لوگوں کے گناہوں کو اللہ تعالیٰ نیکیوں سے بدل دیتا ہے۔ اللہ بخشنے واﻻ مہربانی کرنے واﻻ ہے۔ اور جو شخص توبہ کرے اور نیک عمل کرے وه تو (حقیقتاً) اللہ تعالیٰ کی طرف سچا رجوع کرتا ہے۔" [الفرقان: 68-71]۔
آسانی کا ایک پہلو وہ بھی ہے، جس کا ذکر نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے اس قول میں ہوا ہے : "جس نے اسلام میں (داخل ہونے کے بعد) اچھا کام کیا، اس کا جاہلیت میں کیے گئے اعمال کے بارے میں مؤاخذہ نہیں ہوگا اور جس نے اسلام میں (داخل ہونے کے بعد) برا کام کیا، اس سے پہلے اور بعد والے دونوں گناہوں کے متعلق باز پرس ہوگی۔" [صحیح بخاری : 6921، صحیح مسلم : 120]۔
اس حدیث میں برا کام کرنے سے مراد مرتد ہونا ہے، نہ کہ دوبارہ گناہ کرنا۔ لہذا اگر اسلام سے مرتد ہو جائے تو اس سے پہلے اور بعد کے دونوں گناہوں کی بازپرس ہوگی۔ لیکن اگر مرتد نہ ہو اور دوبارہ کسی گناہ کا ارتکاب کر بیٹھے؛ تو ان ہی گناہوں کی بازپرس ہوگی جو اسلام میں داخل ہونے کے بعد دوبارہ کیے تھے۔ اس سے پہلے کیے ہوئے گناہوں کی نہیں۔ کیونکہ رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے: "کیا تمھیں معلوم نہیں کہ اسلام پہلے کے تمام گناہ کو منہدم کر دیتا ہے؟" [صحیح مسلم : 121]۔
اسلام کی آسانی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ یہ ایک آسان دین ہے۔ اس میں نہ کوئی طوق ہے، نہ بوجھ۔ اسی لیے آپ ﷺ نے فرمایا ہے: "بے شک دین آسان ہے۔ جو شخص دین میں سختی اختیار کرے گا، دین اس پر غالب آ جائے گا۔ چنانچہ اپنے عمل میں راستگی اختیار کرو اور جہاں تک ممکن ہو میانہ روی برتو، خوش ہو جاؤ اور صبح و شام اور کسی قدر رات میں (عبادت سے) مدد حاصل کرو۔" صحیح البخاری: 39
جب اللہ کے نبی ﷺ نے معاذ اور ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہما کو یمن کی طرف بھیجا، تو ان دونوں سے فرمایا: "آسانی پیدا کرنا، مشکل میں نہ ڈالنا، خوش خبری دینا، متنفر نہ کرنا اور آپس میں اتفاق رکھنا، اختلاف نہ کرنا۔" [صحیح بخاری: 3038، صحیح مسلم: 7]۔
یہ اسلام کی آسانی اور رواداری ہے کہ اس نے اولاد کو والدین کے ساتھ حسن سلوک کی وصیت کی ہے، خواہ وہ کافر ہی کیوں نہ ہوں اور خواہ وہ اسے اسلام سے پھیرنے کی کوشش ہی کیوں نہ کر رہے ہوں۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "اور اگر وه دونوں تجھ پر اس بات کا دباؤ ڈالیں کہ تو میرے ساتھ شریک کرے جس کا تجھے علم نہ ہو، تو تو ان کا کہنا نہ ماننا۔ ہاں، دنیا میں ان کے ساتھ اچھی طرح بسر کرنا اور اس کی راه چلنا جو میری طرف جھکا ہوا ہو۔ تمہارا سب کا لوٹنا میری ہی طرف ہے۔ تم جو کچھ کرتے ہو اس سے پھر میں تمہیں خبردار کروں گا۔" [لقمان: 15]، جب اسما بنت ابو بکر رضی اللہ عنہما کی والدہ ان سے ملنے آئیں تو انہوں نے ان کے ساتھ صلہ رحمی کرنے کے بارے میں رسول اللہ ﷺ سے اجازت طلب کی۔ وہ کہتی ہیں: قریش سے رسول اللہ ﷺ کے معاہدہ کی مدت کے دوران میری ماں جو کہ مشرکہ تھیں، اپنے باپ کے ساتھ میرے پاس آئیں۔ چنانچہ اسما رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ ﷺ سے مسئلہ دریافت کرتے ہوئے پوچھا: اے اللہ کے رسول! میری والدہ میرے پاس آئی ہیں اور مجھ سے حسن سلوک کی خواہش مند ہیں۔ کیا میں ان سے صلہ رحمی کروں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: "ہاں! تم اس کے ساتھ صلہ رحمی کرو۔" [صحیح بخاری: 3183، صحیح مسلم: 50]۔
اسی طرح شوہر کو یہ تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنی یہودی اور نصرانی بیوی کے ساتھ اچھا برتاؤ کرے اور اس کے دین کی بنا پر اسے تنگ نہ کرے، نہ طعنہ دے اور نہ ہی اسے حقیر جانے۔
یہ اسلام کی آسانی اور رواداری ہے کہ اس نے مسلمان کو ان غیر مسلموں کے ساتھ حسنِ تعاون کی تاکید کی ہے جنہوں نے دین کے معاملے میں جنگ نہ کی ہو۔ اسلام نے ان کے ساتھ عدل و انصاف برقرار رکھنے کو مسلمانوں پر واجب کیا ہے اور انھیں ان کے ساتھ احسان کا معاملہ کرنے کی ترغیب دی ہے۔ اللہ تعالی فرماتا ہے: "جن لوگوں نے تم سے دین کے بارے میں لڑائی نہیں لڑی اور تمہیں جلاوطن نہیں کیا، ان کے ساتھ سلوک و احسان کرنے اور منصفانہ بھلے برتاؤ کرنے سے اللہ تعالیٰ تمہیں نہیں روکتا، بلکہ اللہ تعالیٰ تو انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔" [الممتحنۃ: 8]۔
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
***
سوال:
اسلام میں انسان کے حقوق کیا ہیں؟
جواب:
الحمد للہ، اسلام نے خالق اور مخلوق دونوں کے حقوق کی حفاظت کی ہے۔ چنانچہ معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں: میں اللہ کے نبی ﷺ کے پیچھے سواری پر سوار تھا۔ میرے اور آپ ﷺ کے درمیان کجاوے کے پچھلے حصے کے سوا کچھ فاصلہ نہ تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے! پھر تھوڑی دیر چلنے کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے! پھر تھوڑی دیر چلنے کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے! اب آپ ﷺ نے فرمایا: "کیا تم جانتے ہو کہ بندوں پر اللہ کا کیا حق ہے؟" میں نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "بے شک بندوں پر اللہ کا حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ کریں۔" پھر تھوڑی دیر چلنے کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے! آپ ﷺ نے فرمایا: "کیا تم جانتے ہو کہ اگر بندے ایسا کر لیں تو اللہ پر بندوں کا کیا حق ہے؟" میں نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "یہ کہ وہ انہیں عذاب نہ دے۔" [متفق علیہ: صحیح بخاری: 6267 اور صحیح مسلم: 48]۔
اسلام انسان کے دین اور دنیا کی حفاظت کے لیے آیا ہے۔ یہ اسلام کی جامعیت ہی ہے کہ اس نے بعض پہلوؤں میں انسان کے حق کو نظر انداز نہیں کیا، جیسا کہ انسان کے بنائے ہوئے قوانین میں ہوتا ہے۔ ان پہلوؤں میں سے چند یہ ہیں:
پہلا: دین کے معاملے میں انسان کا حق: اسلام نے دینِ حق کی طرف دعوت دی ہے اور دیگر ادیان کے بطلان کو پوری وضاحت کے ساتھ بیان کر دیا ہے، لیکن کسی کو اسلام قبول کرنے پر مجبور کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ اسلام نے دین کو اہم ترین ضرورت قرار دیا ہے، لہذا اس کی حفاظت کو ہر چیز پر مقدم رکھا جائے گا۔ اگر کوئی غیر مسلم اسلامی ملک میں زندگی گزارے تو اسلام کی طے کردہ شرطوں کے مطابق اسے اپنے دین پر عمل کرنے کی ضمانت دی ہے۔
دوسرا: انسان کا حقِ زندگی: مذہب اسلام نے تمام محترم نفوس کو قتل کرنا حرام قرار دے کر ان کی حفاظت کی ہے، یہاں تک کہ جنگ کے دوران بھی اس نے قتال میں شریک نہ ہونے والے بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کے قتل کی ممانعت کی ہے۔
تیسرا: نسل اور ذریت کا حق۔ اسلام نے انسان کے لیے نسل کے حق کی حفاظت کی ہے اور اسے روکنے یا اس کے حصول میں انسان پر تنگی کرنے کو حرام قرار دیا ہے۔
چوتھا: انسان کے معاشرتی حقوق: اسلام نے والدین اور اعزا و اقربا کے ساتھ اچھا سلوک کرنے، ضرورت کے وقت ان پر خرچ کرنے اور صلہ رحمی کو لازم قرار دے کر ان کے حقوق کے حفاظت کی ہے۔ پڑوسیوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے اور انہیں تکلیف نہ پہنچانے کا حکم دے ان کے حقوق کی حفاظت کی ہے۔ راہ بھٹکے ہوئے کو راستہ بتانے، نگاہ نیچی رکھنے، تکلیف دہ چیزیں ہٹانے اور کس راہ گير کو پریشان نہ کرنے کا حکم دے کر راستے کے حقوق کی حفاظت کی ہے۔ اسلام کی نظر میں عام لوگوں کے بھی بہت سے حقوق ہیں، جن سے اکثر لوگ واقف ہيں۔
پانچواں: انسان کے معاشی حقوق: اسلام نے فرد کے حقِ ملکیت کی حفاظت کی ہے، سود کو حرام قرار دیا ہے، ضرورت مند کے لیے قرض کو جائز قرار دیا ہے لیکن اس قرض کی ادائیگی میں سستی برتنے سے خبردار کیا ہے، زکوٰۃ کے ذریعے ضرورت مندوں کی ہمدردی و اعانت کو واجب کیا ہے اور صدقات کے ذریعے حاجت مندوں کی مدد کرنے کی ترغیب دی ہے، کوئی ہنگامی ضرورت پیش آ جانے پر لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی اجازت دی ہے اور ریاست کے عوامی ذرائع اور وسائل کو منظم کیا ہے۔
چھٹا: انسانی صحت کے حقوق: اسلام میں صحت سے متعلق شرعی احکام بہ کثرت موجود ہیں اور ان سب کا مقصد انفرادی اور اجتماعی صحت کی حفاظت کرنا ہے۔ ان میں ان امور کی ممانعت بھی شامل ہے، جو انسان کی اپنی ذات یا اس کے ارد گرد موجود معاشرے کی صحت کے لیے ضرر رساں ہوں، جیسے اسلام کا شراب اور منشیات کے استعمال سے منع کرنا اور زنا اور غیر فطری افعال سے ان کے باعث پیدا ہونے والی بیماریوں کی وجہ سے روکنا۔ اسی طرح اسلام نے امراض کی منتقلی سے بچاؤ کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ جیسے کسی شہر میں طاعون پھیل جانے کے وقت اسلام نے اس شہر سے نکلنے یا اس میں داخل ہونے سے منع کیا ہے؛ کیوں کہ وہاں داخل ہونا انسان کو مرض یا موت کے خطرے سے دوچار کرتا ہے اور وہاں سے نکلنا صحت مند لوگوں میں مرض کے منتقل ہونے اور پھیلنے کا سبب بنتا ہے۔
ساتواں: عورت کے حقوق: اسلام نے بحیثیت ماں عورت کی دیکھ بھال، اس کے ساتھ حسنِ سلوک اور حتی المقدور اسے خوش رکھنے کو لازم قرار دے کر اس کے حقوق کی حفاظت کی ہے۔ بحیثیت بہن، بیوی اور بیٹی عورت کی دیکھ بھال، اس کے تحفظ فراہم کرنے، اس کے آرام و راحت کا خیال رکھنے اور اس کے ہمراہ سفر کرنے کی تاکید کے ذریعے کہ سفر مشقت کا باعث ہوتا ہے، اس کے حقوق کی حفاظت کی ہے۔ اسلام نے عورت کے تمام تر خرچ اور صرفے کا ذمہ اس کے ولی پر ڈالا ہے؛ کیونکہ اسے ضرورت کے سوا گھر میں ہی رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسے اپنے زیرِ ملکیت مال، وراثت یا دیگر اشیا میں تصرف کا حق حاصل ہے۔ اسے اپنے شوہر کے انتخاب کا حق، اپنی اولاد کی پرورش و نگہداشت کا حق اور اس طرح کے دیگر حقوق حاصل ہیں۔ اسلام اور دیگر نظاموں کے مابین فرق یہ ہے کہ یہاں فرد کی جانب سے ان حقوق کی پاسداری اللہ تعالیٰ سے اجر وثواب کی خواہش اور عقیدے کی بنیاد پر ہوتی ہے، نہ کہ کسی قانون وغیرہ کے خوف سے۔ اسلام کی خوبیاں اس وقت بالکل نمایاں ہو کر سامنے آتی ہیں جب بالعموم انسان اور بالخصوص عورت کی اسلام سے قبل کی حالت اور عصر حاضر کے نظاموں کے ساتھ اس کا موازنہ کیا جائے۔
آٹھواں: اسلام نے جنات اور جانوروں کے حقوق کی حفاظت کی ہے، جس کی تفصیلات فقہ کی کتابوں میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ لہذا جب اسلام نے جنات اور جانوروں کے حقوق کی حفاظت کی ہے، تو کیا یہ تصور کیا جا سکتا ہے کہ وہ اس انسان کے حقوق میں کوتاہی کرے گا، جسے اللہ تعالیٰ نے عزت بخشی ہے؟ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "یقیناً ہم نے اوﻻدِ آدم کو بڑی عزت دی اور انہیں خشکی اور تری کی سواریاں دیں اور انہیں پاکیزه چیزوں کی روزیاں دیں اور اپنی بہت سی مخلوق پر انہیں فضیلت عطا فرمائی۔" [الإسراء: 70]، پس اسلام کی نظر میں پوری نوع انسانی تکریم سے سرفراز ہوئی ہے، خواہ مومن ہو یا کافر، سفید فام ہو یا سیاہ فام، عربی ہو یا عجمی۔ درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد پر۔
***
سوال:
کیا اسلام تلوار کے زور پر پھیلا ہے؟ اگر ایسا ہی ہے، تو اسے امن و سلامتی کی دعوت دینے والا دین کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟
جواب:
سوال : کیا اسلام تلوار سے پھیلا ہے؟
ج- اسلام بنیادی طور پر دعوت الی اللہ کے ذریعے پھیلا اور اسلامی دعوت کی راہ میں حائل ہونے یا اس سے جنگ کرنے والوں کے خلاف ہتھیار اٹھا کر اس دعوت کو مضبوطی دی گئی۔ چنانچہ نبی ﷺ نے تیرہ سال تک مکہ میں اسلام کی دعوت دی، پھر قتال کا حکم دیے جانے سے قبل مدینہ بھی دعوت کے ذریعے فتح ہو گیا۔ صحابۂ کرام اور مسلمان روئے زمین پر پھیل گئے، اللہ کی جانب دعوت دی اور جس نے انکار کیا اور جنگ کی، اس سے جہاد کیا۔ اسلام نے کسی کو دین قبول کرنے پر مجبور نہیں کیا۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "دین کے بارے میں کوئی زبردستی نہیں ہے..." جزیہ ان لوگوں کے لیے مقرر کیا گیا ہے جو اسلام میں داخل نہیں ہونا چاہتے اور یہ ایک معمولی رقم ہے جو اس طرح کے لوگوں کو اپنی حفاظت کے عوض میں دینی ہوتی ہے۔
اسلام نے جو کہ دین حنیف ہے، اہلِ ذمہ کو تحفظ فراہم کیا اور اسی کے زیرِ سایہ یہود و نصاریٰ کے مذاہب زندہ رہے، جب کہ اس سے قبل وہ ایک دوسرے پر ظلم و ستم اور ایک دوسرے کا قتل کرتے تھے۔ اسلام نے ان کے درمیان امن و امان، ہم آہنگی اور سلامتی قائم کر دی۔ بندوں پر اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی ایک رحمت یہ بھی ہے کہ اس نے جہاد کو مشروع فرمایا، تاکہ دعوت پہنچ جائے اور اسلام کی حکمرانی قائم ہو۔ اس میں بہت سے لوگوں کی دنیوی و اخروی سعادت و نجات مضمر ہے۔ ویسے توفیق اللہ ہی عطا کرتا ہے۔ درود و سلام ہو ہمارے سردار حضرت محمد ﷺ، آپ کی آل اور آپ کے تمام صحابہ پر۔
***
سوال:
تمام ادیان یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ اللہ کی طرف سے ہیں، تو پھر انسان کو فقط اسلام ہی کی پیروی کیوں کرنی چاہیے؟
جواب:
تمام تعریفیں اللہ کی ہيں۔ بلاشبہ وہ اصول و ضوابط جن سے دینِ حق کی تمیز ہوتی ہے، حسب ذیل ہیں:
پہلا: تمام مذاہب یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ وہ اللہ عزوجل کی طرف سے ہیں، بلکہ بعض مذاہب انسان کے خود ساختہ ہیں، مثلا بدھ مت اور ہندو مت وغیرہ۔ یعنی ان کے بانی یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ وہ انہیں اللہ کی طرف سے لائے ہیں، بلکہ یہ مذاہب بعض انسانوں کی تعظیم کرنے اور انہیں معبود سمجھ کر ان کی عبادت کرنے یا بعض موجود اور محسوس چیزوں جیسے سورج و چاند یا بعض سیاروں کی کی عبات اور بعض مخلوقات جیسے درخت، پہاڑ، جانور اور دریا وغیرہ کی تعظیم کی دعوت دیتے ہیں۔ یہ دراصل بت پرستانہ مذاہب ہیں۔
دوسرا: دینِ حق وہ ہے جو اللہ کی طرف سے آیا ہو، جسے اس نے اپنے بندوں کے لیے بطور دستور حیات طے کیا ہو اور جسے رسولوں نے لوگوں تک پہنچایا ہو۔ یہودیت اور نصرانیت جیسی سابقہ رسالتیں، برحق الہٰی رسالتیں تھیں، پھر ان میں تحریف اور رد و بدل در آیا اور رسولِ اسلام محمد ﷺ کی آمد سے وہ منسوخ ہو گئیں۔ ان رسالتوں میں تحریف سے قبل یہ حکم موجود تھا کہ محمد عربی ﷺ کے ظہور پر آپ ﷺ کی پیروی کرنا واجب ہے۔ آج بھی ان میں بعض نصوص ایسے موجود ہیں، جو نبیِ اسلام محمد ﷺ کی گواہی دیتے اور آپ ﷺ کی بشارت سناتے ہیں۔ یہ نصوص سابقہ کتابوں کے ماننے والوں کو مذہب اسلام اپنا لینے کی دعوت دیتے ہیں۔ اسی لیے ہم دیکھتے ہیں کہ نبی ﷺ کے ہم عصر یہود آپ ﷺ کی پیروی کرنے کی غرض سے آپ ﷺ کے ظہور کا انتظار کرتے اور راہ تکتے تھے اور جب مشرکینِ عرب کے ساتھ ان کے تنازعات پیدا ہوتے تو انہیں آپ ﷺ کے ظہور کی دھمکیاں دیا کرتے تھے۔ سلمہ بن سلامہ بن وقش رضی اللہ عنہ، جو اصحابِ بدر میں سے تھے، فرماتے ہیں: بنی عبد الاشہل میں ایک یہودی ہمارا پڑوسی تھا۔ نبی ﷺ کی بعثت سے کچھ ہی عرصہ قبل، ایک دن وہ اپنے گھر سے نکل کر ہمارے پاس آیا اور بنی عبد الاشہل کی مجلس میں آ کر کھڑا ہو گیا۔ میں ان دنوں وہاں موجود لوگوں میں عمر کے لحاظ سے سب سے چھوٹا تھا، اور ایک چادر اوڑھ کر لیٹا ہوا تھا۔ پھر اس نے مرنے کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے، قیامت، حساب، میزان اور جنت و دوزخ کا ذکر کیا۔ اس نے یہ باتیں ایسی قوم سے کہیں جو مشرک اور بت پرست تھی، جو موت کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے کی قائل نہ تھی۔ انہوں نے اس سے کہا: اے فلاں! تجھ پر افسوس، کیا تو سمجھتا ہے کہ ایسا واقعی ہونے والا ہے کہ لوگ مرنے کے بعد ایک ایسے گھر کی طرف اٹھائے جائیں گے جس میں جنت اور دوزخ ہو گی اور انہیں ان کے اعمال کا بدلہ دیا جائے گا؟ اس نے کہا: ہاں! اس ذات کی قسم جس کی قسم کھائی جاتی ہے، وہ (عذاب کا مستحق شخص) تو یہ چاہے گا کہ اس آخرت کی آگ کے حصے کے بدلے اس کے لیے دنیا کے سب سے بڑے تنور کو خوب دہکایا جائے، پھر اسے اس میں داخل کر کے اوپر سے بند کر دیا جائے، لیکن وہ کل اس (دوزخ کی) آگ سے بچ جائے۔ انہوں نے اس سے کہا: تجھ پر افسوس! پھر اس کی نشانی کیا ہے؟ اس نے کہا: ایک نبی، جو ان شہروں کی طرف سے مبعوث ہوں گے اور اس نے اپنے ہاتھ سے مکہ اور یمن کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا: تمہارے خیال میں وہ کب آئیں گے؟ راوی کہتے ہیں: اس پر اس نے میری طرف دیکھا اور میں ان میں عمر کے لحاظ سے سب سے چھوٹا تھا، اور کہا: اگر اس لڑکے نے اپنی طبعی عمر پوری کی تو یہ انہیں پا لے گا۔ سلمہ کہتے ہیں: پس اللہ کی قسم! ابھی زیادہ دن رات گزرنے نہ پائے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ کو مبعوث فرما دیا اور وہ یہودی ہمارے درمیان زندہ موجود تھا۔ تو ہم آپ ﷺ پر ایمان لے آئے اور اس نے سرکشی اور حسد کی بنا پر آپ ﷺ کا انکار کر دیا۔ تب ہم نے اس سے کہا: اے فلاں! تیری بربادی ہو، کیا تو ہی وہ شخص نہیں جس نے ہمیں ان کے بارے میں وہ باتیں کہی تھیں جو تو نے کہیں؟ اس نے کہا: ہاں، لیکن یہ وہ (نبی) نہیں ہیں۔ [اسے امام احمد (15841) نے حسن سند کے ساتھ روایت کیا ہے]، لیکن جب نبی محمدﷺ تشریف لائے اور یہودیوں پر واضح ہو گیا کہ آپﷺ یہودی نسل سے نہیں ہیں، تو انھوں نے حسد کی وجہ سے آپﷺ کا انکار کر دیا، ورنہ وہ جانتے تھے کہ آپﷺ اللہ کی طرف سے نبی ہیں۔
تیسرا: انسان پر اس عظیم دین کی پیروی لازم ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہ اللہ کا دین ہے اور اس کے علاوہ جتنے دین ہیں، وہ شیطان کے دین ہیں۔ اسلام ہی برحق مذہب ہے اور اس کے سوا سارے مذاہب باطل ہیں۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "یہ سب (انتظامات) اس وجہ سے ہیں کہ اللہ تعالیٰ حق ہے اور اس کے سوا جن جن کو لوگ پکارتے ہیں سب باطل ہیں اور یقیناً اللہ تعالیٰ بہت بلندیوں واﻻ اور بڑی شان واﻻ ہے۔" [لقمان: 30]۔
چوتھا: دینِ حق یعنی اسلام کے ذریعے انسان کو دنیوی اور اخروی دو دو ثمرات حاصل ہوتے ہیں۔ جہاں تک دنیوی ثمرے کا تعلق ہے تو وہ یہ ہے کہ انسان اطمینان اور پاکیزہ زندگی سے بہرہ ور ہوتا ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "جو شخص نیک عمل کرے مرد ہو یا عورت، لیکن با ایمان ہو تو ہم اسے یقیناً نہایت بہتر زندگی عطا فرمائیں گے۔ اور ان کے نیک اعمال کا بہتر بدلہ بھی انہیں ضرور ضرور دیں گے۔" [النحل: 97]، ایک اور موقعے پر فرمایا ہے : "جو لوگ ایمان ﻻئے ان کے دل اللہ کے ذکر سے اطمینان حاصل کرتے ہیں۔ یاد رکھو اللہ کے ذکر سے ہی دلوں کو تسلی حاصل ہوتی ہے۔" [الرعد: 28]، رہی بات اخروی ثمرے کی تو اس سے مراد ابدی کامیابی، جہنم سے نجات اور اللہ کی رضامندی کا حصول ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "ہر جان موت کا مزه چکھنے والی ہے اور قیامت کے دن تم اپنے بدلے پورے پورے دیے جاؤ گے۔ پس جو شخص آگ سے ہٹا دیا جائے اور جنت میں داخل کر دیا جائے بے شک وه کامیاب ہوگیا، اور دنیا کی زندگی تو صرف دھوکے کی جنس ہے۔" [آل عمران: 185]۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے : "آپ کہہ دیجیے : کیا میں تمہیں اس سے بہت ہی بہتر چیز بتاؤں؟ تقویٰ والوں کے لیے ان کے رب تعالیٰ کے پاس جنتیں ہیں، جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں، جن میں وه ہمیشہ رہیں گے اور پاکیزه بیویاں اور اللہ تعالیٰ کی رضامندی ہے۔ سب بندے اللہ تعالیٰ کی نگاه میں ہیں۔" [آل عمران: 15]۔
پانچواں: دینِ برحق یعنی اسلام انسان کو ایک ایسی میزان عطا کرتا ہے، جس کے ذریعے وہ حق و باطل اور ہدایت و گمراہی کے درمیان فرق اور خیر و شر کے درمیان تمیز کر سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "اے ایمان والو! اگر تم اللہ سے ڈرتے رہو گے تو اللہ تعالیٰ تم کو ایک فیصلے کی چیز دے گا اور تم سے تمہارے گناه دور کر دے گا اور تم کو بخش دے گا اور اللہ تعالیٰ بڑے فضل واﻻ ہے۔" [الأنفال: 29]۔
چنانچہ ہر انسان پر، خواہ مرد ہو یا عورت، دینِ اسلام میں داخل ہونا واجب ہے؛ کیونکہ دیگر ادیان یا تو سابقہ آسمانی رسالتیں ہیں، جن میں تحریف اور تبدیلی کر دی گئی اور اسلام نے انہیں منسوخ کر دیا یا پھر سرے سے باطل ادیان ہیں، جن میں کوئی بھلائی نہیں اور ان کے مطابق عبادت کرنا دنیا و آخرت میں خسارے کا باعث ہے۔ فرمان باری تعالی ہے: "جو شخص اسلام کے سوا اور دین تلاش کرے، اس کا دین قبول نہ کیا جائے گا اور وه آخرت میں نقصان پانے والوں میں ہوگا۔" [آل عمران: 85]، درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
***
سوال:
ارادے کی آزادی بمقابلہ جبر کے تصور پر اسلام کا کیا موقف ہے؟
جواب:
تمام تعریفیں اللہ کی ہیں۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کرنے سے پہلے ہر شے کی تقدیر لکھ دی، رسول بھیجے، کتابیں نازل کیں، بندوں کی فطرت میں خیر کی محبت اور شر کی نفرت رکھ دی، خیر و شر کی معرفت کے لیے مخلوق کی رہنمائی فرمائی اور انہیں ان دونوں کے درمیان تمیز کرنے کی صلاحیت عطا فرمائی۔ اللہ تعالی فرماتا ہے: "ہم نے دکھا دیے اس کو دونوں راستے۔" [البلد: 10]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : "ہم نے اسے راه دکھا دی۔ اب خواه وه شکر گزار بنے خواه ناشکرا۔" [الإنسان: 3] اور جب فرعون نے موسیٰ علیہ السلام سے پوچھا: تم دونوں کا رب کون ہے؟ تو انہوں نے کہا، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے حوالے سے بتایا ہے: "جواب دیا کہ ہمارا رب وه ہے جس نے ہر ایک کو اس کی خاص صورت، شکل عنایت فرمائی، پھر راه سجھا دی۔" [طہ: 50]
اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو پیدا کیا اور اس کی رہ نمائی ان باتوں کی طرف فرمادی، جن میں اس کی بھلائی ہے۔ یہ بات ہر انسان خود اپنے اندر محسوس کرتا ہے۔ بلکہ بے زبان جانور کی بھی اللہ نے ایسی رہ نمائی فرما دی کہ اس کے معاملات درست رہيں، اس کی جنس کی حفاظت ہو اور اس کی افزائش نسل کا تسلسل یقینی رہے۔
اللہ تعالی نے مخلوق پر حجت قائم کر دی، سعادت مندوں کے لیے آسانی کی راہ آسان کر دی اور انہیں دشواری سے بچا لیا، جب کہ بدبختوں کے لیے دشواری کی راہ آسان کر دی۔ فرمانِ الٰہی ہے: "قسم ہے رات کی جب اسے ڈھانپ لے۔ قسم ہے آسمان کی اور اس کے بنانے کی۔ قسم ہے زمین کی اور اسے ہموار کرنے کی۔ قسم ہے نفس کی اور اسے درست بنانے کی۔ پھر سمجھ عطا کی اس کو بدکاری کی اور بچ کر چلنے کی۔ جس نے اسے پاک کیا، وه کامیاب ہوا۔ اور جس نے اسے خاک میں ملا دیا، وه ناکام ہوا۔" [الشمس: 10-4]۔
ایک صحابی نے رسول اللہ ﷺ سے پہلے سے متعین تقدیر کے بارے میں انسان کے موقف کے حوالے سے سوال کیا کہ کیا ہم اسی پر بھروسہ کر لیں اور عمل کرنا چھوڑ دیں یا پھر عمل کرنا جاری رکھیں؟ تو اس کا جواب علی رضی اللہ عنہ سے مروی اس حدیث میں دیا گیا ہے، وہ کہتے ہيں : ہم بقیع غرقد میں ایک جنازہ میں تھے۔ رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس تشریف لائے اور بیٹھ گئے۔ ہم بھی آپ کے گرد بیٹھ گئے۔ آپ ﷺ کے پاس ایک چھڑی تھی۔ آپ ﷺ نے سر جھکایا اور اسی چھڑی سے زمین کریدنے لگے، پھر فرمایا: ”تم میں سے کوئی ایسا نہیں، کوئی جان ایسی نہیں مگر یہ کہ اللہ نے جنت اور دوزخ میں اس کا ٹھکانا لکھ دیا ہے، اور یہ بھی لکھ دیا گیا ہے کہ وہ نیک بخت ہوگی یا بدبخت۔“ تو ایک آدمی نے کہا: اے اللہ کے رسول! پھر کیوں نہ ہم اپنے لکھے ہوئے پر بھروسہ کر لیں اور عمل چھوڑ دیں؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”جو نیک بختوں میں سے ہوگا وہ نیک بختوں کے عمل کی طرف جائے گا، اور جو بد بختوں میں سے ہوگا وہ بد بختوں والے عمل کی طرف جائے گا۔“ پھر فرمایا: ”عمل کرو، اس لیے کہ ہر شخص کے لئے (اس کا عمل) آسان کر دیا گیا ہے، رہی بات نیک بختوں کی تو ان کے لئے نیک بختوں کا عمل آسان کردیا جائے گا، اور رہی بات بد بختوں کی تو ان کے لئے بد بختوں کا عمل آسان کردیا جائے گا۔“ پھر آپ ﷺ نے یہ آیتیں پڑھیں: {رہی بات اس کی جس نے دیا اور تقوی اختیار کیا، اور بہترین بات کو سچ مانا، تو ہم اس کے لئے آسانی مہیا کر دیں گے۔ اور رہی بات اس کی جس نے بخل کیا اور بے پرواہی برتی، اور بہترین بات کو جھٹلایا، تو ہم اس کے لئے سختی (تنگی) مہیا کر دیں گے۔} [صحیح مسلم: 2647]۔
لہذا اللہ سبحانہ و تعالیٰ اس بات سے بے نیاز ہے کہ وہ کسی پر جبر کرے؛ کیونکہ نہ عبادتیں اسے کوئی نفع پہنچا سکتی ہیں اور نہ نافرمانیاں اس کا کچھ نقصان کر سکتی ہیں۔ اللہ نے مخلوقات کو پیدا کیا اور ان کے لیے آسانیاں فراہم کیں۔ وہ جبر سے بے نیاز ہے۔
اللہ سبحانہ و تعالیٰ کو مخلوقات کو پیدا کرنے سے پہلے ہی سے ان کے اعمال کا علم تھا اور اس نے اپنے اس علم کو لوح محفوظ میں لکھ لیا۔ کوئی بھی چیز اس کی مشیئت کے بغیر واقع نہیں ہوتی۔ جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ اللہ کی تخلیق، اس کے ارادے اور اس کی تدبیر سے ہوتا ہے اور اس میں اس کی کامل حکمت پنہاں ہوتی ہے۔ لیکن انسان کے پاس بھی مشیئت اور ارادہ ہے، جو اللہ کی مشیئت کے تابع ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "اور تم پروردگار عالم کے چاہے بنا کچھ نہیں چاه سکتے۔" [التکویر: 29]، اس سے انہی کاموں کا حساب لیا جائے گا، جنہیں اس نے اپنے ارادے اور اختیار سے انجام دیا۔
ہر انسان ان افعال، جن کو وہ اپنے ارادے اور اختیار سے کرتا ہے اور ان افعال، جو اس پر اس کی مرضی کے بغیر وارد ہو جاتے ہیں، جیسے بیمار ہوجانا اور گر جانا وغیرہ، کے درمیان فرق سے خوب اچھی طرح واقف ہے۔ چنانچہ انسان جو چاہتا ہے اسے اختیار کرتا ہے اور جسے نہیں چاہتا اس سے اپنے اختیار سے انحراف کرتا ہے۔
لہٰذا انسان اپنے ارادے اور اختیار سے تصرف کرتا ہے اور اسی پر قیامت کے دن اس کی جواب دہی اور حساب ہے۔ البتہ انسان کو جب تقدیر میں لکھے ایسے امور کا سامنا ہو، جن سے بچنے کی طاقت اس کے اندر نہ ہو، جیسے بیمار ہو جانا یا کسی واجب کی ادائیگی سے عاجز ہونا وغیرہ؛ تو قیامت کے دن اس طرح کے امور پر کوئی مؤاخذہ نہیں ہوگا۔ درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ و سلم پر۔
***
سوال:
دین اسلام کے محاسن کیا کیا ہیں؟ دوسرے لفظوں میں کہیں تو میں دوسرے ادیان کی بجائے دین اسلام پر کاربند کیوں ہوں؟
جواب:
دین اسلامی کے محاسن کا عکس اس کے اصول و فروع دونوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "باعتبار دین کے اس سے اچھا کون ہے جو اپنے کو اللہ کے تابع کر دے اور ہو بھی نیکو کار؟" [النساء: 125]۔
- چنانچہ دین اسلام کی ایک خوبی یہ ہے کہ اس نے انسان کو بندوں کی غلامی سے آزاد کر کے بندوں کے پروردگار کی بندگی میں داخل کر دیا ہے۔ لہٰذا مسلمان اللہ تعالیٰ کے سوا نہ کسی کی عبادت کرتا ہے، نہ کسی کو سجدہ کرتا ہے، نہ کسی کے آگے رکوع کرتا ہے اور نہ ہی کسی سے ڈرتا یا امید رکھتا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "تم سب کا معبود ایک ہی معبود ہے۔ اس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ وه بہت رحم کرنے واﻻ اور بڑا مہربان ہے۔" [البقرة: 163]۔
- دینِ اسلام کی ایک خوبی یہ ہے کہ اس نے بندوں کے درمیان برابری قائم کی ہے؛ لہذا کسی عربی کو کسی عجمی پر اور کسی گورے کو کسی کالے پر کوئی فضیلت و برتری حاصل نہیں ہے۔ اگر ہے بھی تو تقویٰ کی بنیاد پر۔ اس نے جاہ و مال اور منصب و اقتدار جیسے جاہلی معیارات کو باطل کر دیا جن پر لوگ فخر کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: "اے لوگو! ہم نے تمہیں ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا اور تمہاری قومیں اور قبیلے بنائے تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو۔ بے شک اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو تم میں سب سے زیادہ پرہیزگار ہے۔ یقیناً اللہ سب کچھ جاننے والا، پوری خبر رکھنے والا ہے۔" (الحجرات: 13)۔
صحیح حدیث سے ثابت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے: "اللہ عزوجل نے تمھارے اندر سے جاہلیت کے فخر و غرور اور آبا و اجداد پر فخر و مباہات کو مٹا دیا ہے۔ اب یا تو متقی مومن ہے یا بدبخت فاجر۔ تمام لوگ آدم کی اولاد ہیں اور آدم مٹی سے پیدا کیے گئے ہیں۔ لوگوں کو اپنے آبا و اجداد پر فخر کرنے سے باز آجانا چاہیے، ورنہ وہ اللہ کے نزدیک ان کیڑوں سے بھی زیادہ حقیر ہو جائیں گے جو اپنی ناک سے گندگی دھکیلتے ہیں۔"
- دین اسلام کے محاسن میں سے کچھ یہ ہے کہ اس نے اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے کا حکم دیا ہے۔ اللہ سبحانہ نے فرمایا ہے : "مومن تو وه ہیں جو اللہ اور اس کے رسول پر ایمان ﻻئیں..." [النور: 62]، توحید پر کاربند رہنے یعنی بس ایک اللہ کی عبادت کرنے کا حکم دیا ہے۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے فرمایا ہے : "انہیں اس کے سوا کوئی حکم نہیں دیا گیا کہ صرف اللہ کی عبادت کریں اسی کے لیے دین کو خالص رکھتے ہوئے۔ ابراہیم حنیف کے دین پر..." [البینۃ: 5]، نماز پڑھنے اور زکاۃ دینے کا حکم دیتا ہے۔ اللہ سبحانہ کا ارشاد ہے : "تم نمازیں قائم رکھو اور زکوٰة دیتے رہا کرو..." [النور: 56]، امانت اور عہد کی پاسداری کا حکم دیا ہے۔ اللہ سبحانہ کا فرمان ہے: "جو اپنی امانتوں اور وعدے کی حفاﻇت کرنے والے ہیں۔" [المؤمنون: 8] معاہدوں کو پورا کرنے کا حکم دیا ہے۔ اللہ سبحانہ کا فرمان ہے: "اے ایمان والو! عہد و پیماں پورے کرو۔" [المائدۃ: 1] اس نے مخلوق کے ساتھ معاملات میں ہر طرح کی بھلائی اور ان پر احسان کرنے کا حکم دیا ہے۔ ارشاد باری تعالی ہے : "...اور حسن سلوک کیا کرو۔ بے شک اللہ احسان کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے۔" [البقرۃ: 195] جماعت کو لازم پکڑنے کا حکم دیا ہے۔ اللہ سبحانہ نے فرمایا ہے: "اللہ تعالیٰ کی رسی کو سب مل کر مضبوط تھام لو اور پھوٹ نہ ڈالو..." [آل عمران: 103] لہذا اسلام رحمت، بھلائی، حکمت، عقل، فطرت اور اصلاح و درستی کا دین ہے۔ یہ فضائل کی دعوت دیتا ہے اور رذائل سے روکتا ہے، عدل و انصاف کی دعوت دیتا ہے اور ظلم و جور سے روکتا ہے، سخاوت کی دعوت دیتا ہے اور بخل سے روکتا ہے، اخلاقِ حسنہ کی دعوت دیتا ہے اور برے اخلاق سے روکتا ہے، پاک دامنی کی دعوت دیتا ہے اور بے حیائی سے روکتا ہے، سچائی کی دعوت دیتا ہے اور جھوٹ سے روکتا ہے، صلہ رحمی کی دعوت دیتا ہے اور قطع رحمی سے روکتا ہے، نیکی کی دعوت دیتا ہے اور بدکاری سے روکتا ہے، احسان کی دعوت دیتا ہے اور زیادتی سے روکتا ہے، معصوم جانوں کی حفاظت کی دعوت دیتا ہے اور انہیں تلف کرنے سے روکتا ہے، لوگوں کے اموال ناحق کھانے سے روکتا ہے، سود اور چوری سے روکتا ہے۔ اسی طرح خرید و فروخت، صدقہ اور ہر قسم کی نیکی کی دعوت دیتا ہے۔ الغرض کوئی ایسی دینی یا دنیوی مصلحت نہیں، جس کی اسلام نے رہنمائی نہ کی ہو اور کوئی خرابی ایسی نہیں، جس سے اسلام نے نہ روکا ہو۔ یہ زمین کو آباد کرنے اور اس کی اصلاح کی دعوت دیتا ہے اور اس میں فساد پھیلانے سے روکتا ہے۔ یہ دراصل تمام فضائل کا دین ہے۔
امام احمد اور دیگر محدثيں نے جعفر بن ابو طالب رضی اللہ عنہ کا یہ قول نقل کیا ہے: "ہم جاہلیت والے لوگ تھے، بتوں کی پوجا کرتے تھے، مردار کھاتے تھے، ہر طرح کی برائیاں کرتے تھے، قطع رحمی کرتے تھے، پڑوسی کے ساتھ بدسلوکی کرتے تھے، ہمارے یہاں مضبوط آدمی کمزور کو کھائے جا رہا تھا، ہم ایسی ہی زندگی جی رہے تھے کہ اللہ تعالی نے ہمارے ہی درمیان سے ایک ایسا رسول بھیجا جس کے حسب و نسب، صدق و راستی، امانت داری اور پاک دامنی سے ہم خوب واقف و آشنا ہیں۔ اس نے ہمیں صرف ایک اللہ کی عبادت کرنے اور اس کے علاوہ جن پتھروں اور بتوں کی ہم اور ہمارے آبا و اجداد پوجا کرتے تھے انہیں چھوڑ دینے کی دعوت دی۔ اس نے ہمیں سچ بولنے، امانت ادا کرنے، رشتے ناطوں کو جوڑنے، پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک کرنے، حرام کاموں سے اور خوں ریزی سے باز آنے کا حکم دیا اور برائیوں سے، جھوٹ بولنے سے، یتیم کا مال کھانے اور پاک دامن عورت پر تہمت لگانے سے منع کیا۔ اس نے ہمیں حکم دیا کہ ہم صرف ایک اللہ کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں۔ اس نے ہمیں نماز پڑھنے، زکوۃ ادا کرنے اور روزہ رکھنے کا بھی حکم دیا۔"
دین اسلام کے محاسن میں سے ایک یہ بھی ہے کہ یہ آخرت کی طرف دعوت دیتا ہے جو دنیا سے بہتر ہے، کیونکہ سب سے بڑی امان وہ دائمی اور ابدی امن و امان ہے جو جنت میں دخول اور آگ سے نجات پانے میں ہے۔ اللہ تعالی نے فرمایا ہے: "جو لوگ ایمان ﻻئے اور نیک عمل کیے وه ان جنتوں میں داخل کیے جائیں گے، جن کے نیچے چشمے جاری ہیں، جہاں انہیں وہ اپنے رب کے حکم سے ہمیشہ رہیں گے۔ جہاں ان کا خیر مقدم سلام سے ہوگا۔" [ابراھیم: 23]، اسی لیے دین اسلام تمام امور میں اللہ تعالی کے تنہا کامل مطلق ہونے کی سب سے عظیم دلیل اور محمد عربی ﷺ کے سچے رسول ہونے کی واضح نشانی ہے۔ ایسا اس لیے کہ اسلام اپنے دامن میں دنیا و آخرت کے محاسن و کمالات، صلاح و فلاح، رحمت و شفقت، عدل و انصاف اور حکمت و دانائی کا بیش قیمت سرمایہ رکھتا ہے۔ باقی توفیق تو بس اللہ تعالی عطا کرتا ہے۔ درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ، آپ کی آل اور تمام صحابہ کرام پر۔
***
(مسلمانوں کا بیان)
سوال:
کیا مسلمان پیدائشی گناہ کے عقیدے پر ایمان رکھتے ہیں؟
جواب:
نام نہاد 'موروثی گناہ' محض ایک وہم ہے اور اس کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ یہ یہود و نصاریٰ کی مقدس کتاب کی خرافات میں سے ہے، جس میں ان کا یہ زعم ہے کہ سیدنا آدم اور حوا علیہما السلام نے ایک بہت بڑے گناہ کا ارتکاب کیا تھا اور حوا علیہا السلام ہی نے آدم علیہ السلام کو بہکا کر شجرِ ممنوعہ سے کھانے پر آمادہ کیا تھا۔ ان کے اس جھوٹے دعوے کے مطابق آدم علیہ السلام نے اپنے گناہ کا بوجھ اٹھایا اور اپنے بعد اپنی ذریت کو بھی اس کا وارث بنا دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے عورت کو اپنے شوہر آدم علیہ السلام کو بہکانے کی پاداش میں یہ سزا دی کہ وہ حمل اور ولادت کی مشقت برداشت کرے اور سانپ کو یہ سزا دی کہ وہ اپنے پیٹ کے بل چلے اور مٹی کھائے؛ کیوں کہ جب شیطان نے جنت میں داخل ہونے کا ارادہ کیا تھا تو اسی کی شکل اختیار کی تھی۔ نیز آدم علیہ السلام ہی کے گناہ کے سبب زمین پر لعنت کی گئی۔ وغیرہ وغیرہ۔ یہ جھوٹی داستان دراصل یہودیوں کی تحریف شدہ مقدس کتاب کی من گھڑت باتوں میں سے ہے۔
پھر نصرانیت ایک ایسی بڑی آفت لے کر آئی، جسے اس نے بت پرست مذاہب سے مستعار لی تھی۔ یعنی یہ عقیدہ کہ اللہ کو انسانوں پر رحم آیا، تو انہیں ان کے باپ کی خطا سے نجات دینے کے ارادے سے اپنے بیٹے کی قربانی پیش کرنے کا ارادہ کر لیا۔ لہذا اپنے بیٹے کو اتارا، اسے مسیح کا جسم عطا کیا، پھر اس پر یہودیوں کو مسلط کر دیا کہ وہ اسے آدم کی خطا کے کفارے کے طور پر قتل کر دیں اور سولی پر چڑھا دیں۔
جب کہ حقیقت یہ ہے کہ جب اللہ تعالیٰ نے مخلوقات کو پیدا کیا اور آسمانوں، زمین اور فرشتوں کی تخلیق مکمل کی، تو فرشتوں کو بتایا کہ وہ زمین میں ایک خلیفہ بنانا چاہتا ہے۔ ایسے میں فرشتوں نے پوچھا کہ تو اس میں ایسے انسان کو کیوں پیدا کرنا چاہتا ہے، جس کی فطرت میں شہوت اور فساد ہو گا؟ تو اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کو آگاہ فرما دیا کہ وہ زیادہ جاننے والا اور کامل حکمت والا ہے۔ آگے بتایا کہ زمین میں اس خلیفہ کا نسلی تسلسل چلے گا، اس میں اس کی اولاد کثرت سے پھیلے گی، وہ ایک دوسرے کے جانشین ہوں گے اور ان کے درمیان مصلحین بھی ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ نے آدم اور ان کی بیوی حوا کو پیدا کرنے سے پہلے ہی لوحِ محفوظ میں لکھ دیا تھا کہ وہ ان دونوں کو زمین پر اتار دے گا، تاکہ دونوں اسے آباد کریں اور اس میں خلافت کا فریضہ انجام دیں۔ لہذا جب اللہ تعالیٰ نے انہیں پیدا کیا تو انہیں جنت میں داخل کر دیا۔ اس مقصد انہیں ان کے اپنے نفس اور ان کے دشمن شیطان کے بارے میں، جس کا انہیں زمین میں سامنا کرنا تھا، ایک سبق سکھانا تھا۔ جنت میں اللہ نے آدم اور حوا کے لیے تمام درختوں میں سے کھانے کو مباح کر دیا تھا۔ انہیں صرف ایک درخت میں سے کھانے سے منع کیا تھا، جسے دوسرے درختوں پر کوئی امتیاز حاصل نہیں تھا۔ انہیں منع محض ان کی آزمائش اور امتحان کے طور پر کیا تھا۔ لیکن جب شیطان نے انہیں ورغلایا اور ان سے جھوٹ بولا، تو انھوں نے اس درخت میں سے کھا لیا اور اس کے ساتھ ہی آدم کو علم ہو گیا کہ ان سے خطا ہوگئی ہے اور وہ اللہ کی تنبیہ کو بھول گئے ہیں۔ ایسے میں اللہ تعالیٰ نے انہیں سکھایا کہ اس خطا سے کس طرح توبہ کرنی ہے۔ چنانچہ انہوں نے اللہ تعالی کے حکم کے مطابق توبہ کی، تو اللہ تعالیٰ نے ان کی توبہ قبول فرما لی اور یہ معاملہ ختم ہو گیا۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "اور جب تیرے رب نے فرشتوں سے کہا کہ میں زمین میں خلیفہ بنانے واﻻ ہوں، تو انہوں نے کہا کہ ایسے شخص کو کیوں پیدا کرتا ہے، جو زمین میں فساد کرے اور خون بہائے؟ اور ہم تیری تسبیح، حمد اور پاکیزگی بیان کر ہی رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : جو میں جانتا ہوں تم نہیں جانتے۔ اور اللہ تعالیٰ نے آدم کو تمام نام سکھا کر ان چیزوں کو فرشتوں کے سامنے پیش کیا اور فرمایا کہ اگر تم سچے ہو تو ان چیزوں کے نام بتاؤ۔ ان سب نے کہا : اے اللہ! تیری ذات پاک ہے، ہمیں تو صرف اتنا ہی علم ہے، جتنا تونے ہمیں سکھا رکھا ہے۔ پورے علم و حکمت واﻻ تو تو ہی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آدم ﴿علیہ السلام﴾ سے فرمایا تم ان کے نام بتا دو۔ جب انہوں نے بتا دیے تو فرمایا کہ کیا میں نے تمہیں پہلے ہی نہ کہا تھا کہ زمین اور آسمانوں کا غیب میں ہی جانتا ہوں اور میرے علم میں ہے جو تم ﻇاہر کر رہے ہو اور جو تم چھپاتے تھے۔ اور جب ہم نے فرشتوں سے کہا کہ آدم کو سجده کرو تو ابلیس کے سوا سب نے سجده کیا۔ اس نے انکار کیا اور تکبر کیا اور وه کافروں میں ہوگیا۔ اور ہم نے کہہ دیا کہ اے آدم! تم اور تمہاری بیوی جنت میں رہو اور جہاں کہیں سے چاہو بافراغت کھاؤ پیو، لیکن اس درخت کے قریب بھی نہ جانا ورنہ ﻇالم ہوجاؤ گے۔ لیکن شیطان نے ان کو بہکا کر وہاں سے نکلوا ہی دیا اور ہم نے کہہ دیا کہ اتر جاؤ! تم ایک دوسرے کے دشمن ہو اور ایک وقت مقرر تک تمہارے لئے زمین میں ٹھہرنا اور فائده اٹھانا ہے۔ آدم (علیہ السلام) نے اپنے رب سے چند باتیں سیکھ لیں اور اللہ تعالیٰ نے ان کی توبہ قبول فرمائی، بےشک وہی توبہ قبول کرنے واﻻ اور رحم کرنے واﻻ ہے۔ ہم نے کہا کہ تم سب یہاں سے چلے جاؤ۔ جب کبھی تمہارے پاس میری ہدایت پہنچے تو اس کی تابعداری کرنے والوں پر کوئی خوف وغم نہیں۔" [البقرۃ: 30-38]۔
اس قصے کے واقعات اس بات کے ارد گرد گھومتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے زمین کے لیے ایک خلیفہ پیدا کیا اور اس کی ابتدائی نشو و نما جنت میں رکھی، پھر جب اسے علم عطا کیا اور اس نے سیکھ لیا، تو اسے حکم دیا اور منع فرمایا، لیکن اس سے ایک غلطی سرزد ہوگئی، جسے قرآن نے لغزش (زلہ) کا نام دیا ہے۔ اسے 'خطیئۃ' نہیں کہا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "پھر شیطان نے ان دونوں کو اس سے پھسلا دیا۔" [البقرۃ : 36]، جب وہ اپنی تقدیر میں لکھی آزمائش میں مبتلا ہوئے اور اللہ تعالیٰ نے انہیں سکھا دیا کہ کوئی غلطی سرزد ہو جانے پر اس کی اصلاح کیسے کریں اور اپنے رب کے حضور کیسے توبہ کریں۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ان کی توبہ قبول فرمالی، انہیں ہدایت سے سرفراز فرمایا اور عزت سے نوازا، پھر انہیں زمین پر اتار دیا کہ وہ اس ذمہ داری کو ادا کریں، جس کے لیے انہیں پیدا کیا گیا تھا۔
یہود کی کتاب میں بہت سے ایسے نصوص موجود ہیں ــ جن کا ذکر کرنے کی یہاں ضرورت نہیں ہےــ جو اس بات کی تردید کرتی ہیں کہ بیٹا اپنے باپ کے گناہ کا وارث بنے یا نسلِ انسانی گناہ کی وارث ہو۔ تو پھر یہود اور ان کی پیروی کرتے ہوئے نصاریٰ نے یہ افترا کیسے باندھ لیا؟
قرآن کریم میں ہے کہ کوئی کسی کے گناہ کا بوجھ نہیں اٹھاتا اور نہ ہی بیٹا اپنے والد کے گناہ کا وارث ہوتا ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "جو راه راست حاصل کرلے وه خود اپنے ہی بھلے کے لئے راه یافتہ ہوتا ہے اور جو بھٹک جائے اس کا بوجھ اسی کے اوپر ہے، کوئی بوجھ واﻻ کسی اور کا بوجھ اپنے اوپر نہ ﻻدے گا اور ہماری سنت نہیں کہ رسول بھیجنے سے پہلے ہی عذاب دینے لگیں۔" [الإسراء: 15]۔
اس تفصیلی وضاحت کے بعد ہم یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ موروثی یا پیدائشی گناہ کا کوئی وجود نہیں، بلکہ یہ یہودیوں کے جھوٹ پر مبنی خرافات ہے، جسے سیدنا آدم علیہ السلام کے گناہ کے کفارے کے طور پر مسیح علیہ السلام کے دنیا میں آنے اور انھیں سولی دیے جانے سے متعلق نصرانیوں کے جھوٹ نے مزید تقویت بخشی ہے۔ ظاہر سی بات ہے کہ خرافات کی کوئي وقعت نہیں ہوتی، بلکہ ہم اس جھوٹے عقیدے اور بہتان پر اللہ تعالیٰ سے استغفار کرتے ہیں۔
وہ انسان جو اللہ کے دین کی پیروی کرتا ہو، جس کی تربیت اس کے رب نے کی ہو، جسے اللہ نے حق و باطل کے درمیان فرق کرنے کی صلاحیت عطا کی ہو، دلائل کی بنیاد پر استوار دینِ حق عنایت کیا ہو، اور جو جھوٹ اور توہم پرستی کو ناپسند کرتا ہو—وہ اس جھوٹ پر ذرا بھی توجہ نہیں دے گا۔ وہ جانتا ہے کہ یہ ایک گھڑا ہوا جھوٹ ہے، لہٰذا یہ چیز اس کی ثقافت اور مقاصد پر اثر انداز نہیں ہوتی؛ بلکہ وہ اسے انبیاء اور رسولوں (علیہم الصلاۃ والسلام) کی توہین سمجھتا ہے؛ کیونکہ اس جھوٹ کا تقاضا یہ ہے کہ تمام انبیاء اور رسول (علیہم الصلاۃ والسلام) اس مبینہ موروثی گناہ سے آلودہ تھے اور مسیح (علیہ السلام) کے ان کی طرف سے فدیہ دینے کی وجہ سے پاک ہوئے۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ انبیاء کس طرح پاک ہوئے جو مسیح کے زمانے سے پہلے ہی وفات پا چکے تھے؟
اللہ کے دین کی پیروی کرنے والا عقل مند انسان اس مروجہ غلطی کی اصلاح کرنے اور اس سے اور دیگر امور سے متعلق حق کو باطل سے واضح کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ وہ اس بات پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہے کہ اسے اپنا صحیح دین سکھایا اور نبیوں و رسولوں علیہم الصلاۃ والسلام کے پیروکاروں میں سے بنایا۔
***
سوال:
کیا انسانیت کی ترقی میں مسلمانوں کا کوئی کردار رہا ہے؟
جواب:
مسلمانوں نے انسانیت کی ترقی میں ایسا نمایاں کردار ادا کیا کہ اس کی برابری کسی دوسری امت کا کردار نہیں کر سکتا۔ ان کا یہ کردار مندرجہ ذیل زاویوں سے بڑا عظیم اور ہمہ گیر تھا :
پہلا: وہ جگہ جسے ان کے تعاون نے آباد کیا۔
دوسرا: وہ زمانی مدت جسے ان کی شراکت کا شرف حاصل ہوا۔
تیسرا: ان کی پیش کردہ تہذیبی خدمات کے مشمولات۔
جہاں تک اس علاقے کا تعلق ہے جسے ان کے تہذیبی کارناموں نے آباد کیا، تو یہ بتانے کی ضرورت نہيں کہ ان کی تہذیب اپنے دور میں کرۂ ارض کے تمام آباد حصوں پر محیط تھی، یہاں تک کہ جارج بش — جو امریکی صدر کے دادا اور ایک امریکی یونیورسٹی میں عبرانی زبان کے پروفیسر تھے — نے ریاستِ خلافتِ اسلامیہ کے بارے میں کہا تھا: ”بلاشبہ اس نے اسّی سال کے عرصے میں اتنی کثیر اور وسیع مملکتوں اور ملکوں پر اپنا تسلط قائم کر لیا، جتنا روم آٹھ سو سالوں میں بھی قائم نہ کر سکا تھا۔ ہماری حیرت میں اس وقت مزید اضافہ ہو جاتا ہے جب ہم آپ کی سیاسی کامیابی ـــــ اس سے مراد نبی کریم محمد ﷺ ہیں ـــــ سے قطع نظر کرتے ہوئے آپ کے دین کے عروج، اس کی تیز رفتار اشاعت اور اس کے تسلسل اور دائمی استحکام کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں۔ محمد ﷺ دینِ اسلام کے بانی اور مسلمانوں کی سلطنت کے مؤسس ہیں۔“ تالیف جارج بش، تعریب استاذ عبد اللہ الشیخ۔
ہم اس کافر کی یہ بات تسلیم نہیں کرتے کہ رسول محمد ﷺ دینِ اسلام کے بانی ہیں اور نہ ہی ریاستِ خلافت کوئی سلطنت ہے۔
جہاں تک زمانے کا تعلق ہے، تو مسلمانوں کی حکمرانی 1340 سال سے زیادہ عرصے پر محیط رہی، جس پر یکے بعد دیگرے اسلامی حکومتیں آتی رہیں، جن کی ابتدا خلافتِ راشدہ کی حکومت سے ہوئی، پھر بنو امیہ کی حکومت، پھر بنو عباس کی حکومت اور اس کے بعد عثمانی حکومت آئی۔ اسلامی حکومت کا پرچم 1344 ہجری بمطابق 1923 عیسوی میں ہی جا کر سرنگوں ہوا، جس کا مطلب یہ ہے کہ اسلامی حکومت کی حکمرانی ایک ہزار تین سو سال سے زیادہ عرصے پر محیط رہی، جب کہ تاریخ کسی ایسی حکومت کو نہیں جانتی جس کا نفوذ اور اقتدار ایک ہزار سال تک محیط رہا ہو، جس نے ایک ہی پرچم یعنی اسلام کا پرچم اٹھایا ہو، اگرچہ حکمران خاندان کا قبیلہ یا ان کی نسل جیسے عرب یا ترک یا حکومت کی قیادت کی جگہ اور اس کا دارالحکومت مختلف ہی کیوں نہ رہا ہو۔
جہاں تک مسلمانوں کے پیش کردہ تہذیبی سرمائے کا تعلق ہے، تو یہ ایک روشن، جامع اور متنوع سرمایہ ہے، جو عقل، علم، روح، جسم اور فطرت سے ہم آہنگ ہے۔ ہم درج ذیل روشن پہلوؤں میں اس شان دار سرمائے کی چند جھلکیاں پیش کریں گے:
پہلا پہلو: مسلمانوں نے جو تہذیبی و تمدنی تعاون (کنٹریبوشن) پیش کیا ہے، وہ ایک ایسے معتدل، مستحکم اور قیمتی دین پر مشتمل ہے، جس میں نہ تو غلو ہے اور نہ ہی کوتاہی۔ یہ وہی دین ہے جو تمام انبیاء (علیہم السلام) کا دین رہا ہے؛ آسانی اور فطرت کا دین، جو دل، عقل اور روح کو غذا فراہم کرتا ہے، فطرتِ انسانی سے ہم آہنگ ہے اور جسمانی و روحانی دونوں تقاضوں کو پورا کرتا ہے۔ یہ ایک ایسا دین ہے جس سے انسان کسی بھی حال میں بے نیاز نہیں ہو سکتا؛ کیونکہ انسان اپنی فطرت کے اعتبار سے مذہب پسند ہے اور وہ کسی نہ کسی دین کی پیروی سے الگ نہیں رہ سکتا۔ چنانچہ مسلمانوں نے دنیا کے سامنے ایک ایسا الہی دین پیش کیا جس پر انسانیت آج بھی قائم ہے اس کی طرف مائل ہو رہی ہے، اور ہر روز ہزاروں لوگ اپنے نظریاتی، علمی اور سماجی اختلافات کے باوجود اس میں داخل ہو رہے ہیں۔ ہم دیکھتے ہيں کہ مغربی سماج اپنی اس مادی تہذیب کی وجہ سے کس قدر بد اور بے چینی کا شکار ہوا، جس نے دین اور روح کے تقاضوں کو نظر انداز کر رکھا ہے اور دوسری طرف، مشرقی سماج ان انسان کے بنائے ہوئے مذاہب کی وجہ سے کس قدر مصائب کا شکار ہوا جو زندگی، عقل اور جسم کی قیمت پر صرف روحانی تقاضوں کو پورا کرنے میں حد سے آگے بڑھے ہوئے ہيں۔
دوسرا پہلو : مسلمانوں نے جو تہذیبی کارنامہ پیش کیا، اس کا ایک اہم حصہ علم ہے۔ مسلمانوں نے انسانیت کے سامنے ایک ایسا جامع اور مربوط علم پیش کیا جو خدائی علم (وحی) اور انسانی علم (سائنس و تجربات) کو یکجا کرتا ہے اور انسانوں کی خوش حالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اپنے سے پہلی قوموں کے علوم میں سے جو کچھ درست تھا، اسے (ترجمے اور تحقیق کے ذریعے) اگلی نسلوں تک پہنچایا اور ان اقوام میں پائی جانے والی توہم پرستی اور جھوٹے علوم (علمِ نجوم وغیرہ) کو یکسر مسترد کر دیا، بلکہ ان درست علوم میں گراں قدر اضافہ بھی کیا۔ چنانچہ انھوں نے ایسی ایجادات پیش کیں جو اپنے دور کے لحاظ سے نہایت حیرت انگیز تھیں۔ انہیں علمِ فلکیات سے خاص شغف تھا، جس کی مثال مشہور عالم محمد بن ابراہیم الفزاری (متوفی 180ھ) ہیں، جو اصطرلاب بنایا کرتے تھے۔ انہی کی طرح علمِ الجبر کے ماہر محمد بن موسیٰ الخوارزمی (متوفی 232ھ) ہیں۔ آج کا آرٹیفیشل انٹیلیجنس بھی اسی مایہ ناز اور یکتا عالم کی 'خوارزميات' (Algorithms) پر ہی انحصار کرتا ہے۔
انہوں نے دنیا کے سامنے تجرباتی طریقہ کار کو اس کے جدید مفہوم کے ساتھ پیش کیا۔ یہی وہ تجرباتی طریقہ کار ہے جس نے مغربی تہذیب کو عصری ایجادات تک پہنچایا۔ ایک وقت تھا جب یورپ کے حکام کے بچے قرطبہ، بغداد اور شام میں مسلمانوں کی یونی ورسٹیوں میں سائنس کی تعلیم حاصل کرتے تھے۔
تیسرا پہلو: مسلمانوں نے جو تہذیبی کارنامہ پیش کیا، اس میں ایک کامل عدل و انصاف پر مبنی نظام اور ایک ایسا جامع دستور حیات شامل ہے، جس میں ہر حق والے کا حق محفوظ تھا۔ اسلامی ریاستوں کے پرچم تلے 1340 سالوں کے طویل عرصے میں انسانی نسل کی مختلف اقسام اور طبقے زندگی بسر کرتے رہے، جن کا تعلق متعدد مذاہب سے تھا؛ جیسے یہودی، عیسائی، بدھ مت کے پیروکار، پارسی اور ہندو وغیرہ۔۔۔ ان میں سے کسی کو بھی اپنی نسل، مذہب یا وطن کی وجہ سے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا؛ کیونکہ مسلمان اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کے مضمون کے پابند ہیں: "اے ایمان والو! تم اللہ کی خاطر حق پر قائم ہو جاؤ، راستی اور انصاف کے ساتھ گواہی دینے والے بن جاؤ، کسی قوم کی عداوت تمہیں خلاف عدل پر آماده نہ کردے، عدل کیا کرو جو پرہیز گاری کے زیاده قریب ہے، اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو۔ یقین مانو کہ اللہ تعالیٰ تمہارے اعمال سے باخبر ہے۔" (المائدۃ : 8)، ریاست نے ان کے ادیان، املاک اور اموال کی حفاظت کی اور ان کے دیگر تمام حقوق کی ضمانت فراہم کی۔ کزاکستان یا اندلس (اسپین) میں جو قانون نافذ تھا، وہی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی نافذ تھا۔ سب ایک ہی شریعت کے زیرِ سایہ تھے۔ یہ شریعت مدنی، مذہبی، سیاسی، جنگی اور سماجی حقوق کے ساتھ ساتھ وراثت اور ترکے کی تقسیم کے قوانین پر بھی محیط تھی۔ (آج تک پوری دنیا میں وراثت کی تقسیم کا کوئی ایسا مکمل نظام موجود نہیں جو اس نظام کے قریب تر ہو یا اس کی ہمسری کر سکے)۔ جب کہ آج بھی دنیا کے بہت سے ممالک میں انسان کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنی ساری دولت اپنے کتے کے نام کر دے اور اپنی اولاد کو اس سے محروم کر دے! یہ شریعت سب کے لیے قابلِ قبول تھی، جب کہ اس کے برعکس ہم دیکھتے ہیں کہ آج کی دنیا میں ہر ملک کا اپنا الگ قانون ہے اور وہ کسی ایک قانون پر متفق نہیں ہو سکے۔ پھر ان کے قوانین میں جو ناانصافی، نسل پرستی اور ظلم پایا جاتا ہے، وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ کیا یہ مادی تہذیب افریقہ سے چوری کیے گئے کروڑوں غلاموں (کی محنت) پر قائم نہیں ہوئی؟ کیا ان کی معیشتیں ان اثاثوں پر نہیں کھڑی ہیں جو انہوں نے کمزور ممالک کی معیشتوں سے لوٹے ہیں اور اب بھی لوٹ رہے ہیں؟ اس سے بڑھ کر یہ کہ ان کا ہدف ہمیشہ یہ رہا ہے کہ غریب ممالک صرف صارفی (کنزیومر) ریاستیں بن کر ہی رہیں؛ چنانچہ وہ وہاں صرف صارفی منصوبوں کی ہی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور انہیں ترقیاتی و پیداواری منصوبوں سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تو کیا یہ عدل و انصاف ہے؟
چوتھا پہلو: مسلمانوں نے جو تہذیبی کارنامہ پیش کیا، اس میں علمِ طب (میڈیکل سائنس) کی تعلیم اور اس کا عملی نفاذ (پریکٹس) شامل ہے۔ چنانچہ اسلامی دنیا کے ہر شہر میں ہسپتال موجود تھے، اور اطباء (ڈاکٹروں) بلکہ بعض خلفاء—جیسے (ابو جعفر) المنصور اور (ہارون) الرشید—نے بھی طبیعی علوم (Natural Sciences) پر پوری توجہ دی۔ مسلمانوں نے طب کی باقاعدہ تعلیم کے لیے بصرہ، کوفہ، بغداد اور دمشق میں تعلیمی ادارے قائم کیے اور ان کی لکھی ہوئی طبی تصانیف اور طریقہ ہائے علاج آج بھی کتابوں میں محفوظ ہیں۔ جس دور میں اسلامی شہر ایک دوسرے سے بڑھ کر ہسپتال بنانے کے مقابلے کر رہے تھے، اس وقت یورپ ہسپتال نام کی کسی چیز سے واقف تک نہ تھا۔
پانچواں پہلو: مسلمانوں نے جو تہذیبی کارنامہ پیش کیا، اس میں اعلیٰ درجے کی فکر (دانشورانہ سوچ) اور ہر فن و علم میں لکھی جانے والی تصانیف شامل ہیں۔ خلفاء اور امراء، علماء اور مصنفین کو انعامات و وظائف دینے میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرتے تھے، اور خلفاء کی مجالس باقاعدہ فکری مراکز کی حیثیت رکھتی تھیں جہاں فکر و فلسفے، شاعری اور علمی مسائل کے ہر رنگ پر بحث و مباحثہ ہوتا تھا۔ خلفاء نے کتب خانے بنانے، انہیں کتابوں سے آراستہ کرنے، ان میں ملازمین کا تعین کرنے اور ان کے لیے اوقاف (فنڈز اور جائدادیں) وقف کرنے میں ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تصنیف و تالیف، لائبریریاں، اوقاف اور علمی و فکری مجالس کے یہ پہلو اس قدر عظیم، کثیر اور متنوع تھے کہ ان کی اصل قدر و منزلت کا اندازہ وہی شخص لگا سکتا ہے، جس نے ان شعبوں اور دیگر روشن شعبہ جات میں مسلمانوں کی تاریخ کا مطالعہ کیا ہو۔
چھٹا پہلو: مسلمانوں نے جو تہذیبی کارنامہ پیش کیا، اس میں 'عورت کا خاص خیال اور پاس داری' شامل ہے۔ چنانچہ اسلام نے عورت کو مرد کا ہم پلہ (شقیقہ) قرار دیا، اس پر اسی طرح کی ذمہ داریاں عائد کیں جیسی مردوں پر ہیں اور اسے مردوں ہی کی طرح کے حقوق عطا کیے۔ اگرچہ انسانی زندگی کے نظام کو چلانے کے لیے ہر صنف کی فطرت، جسمانی ساخت اور بناوٹ کی مناسبت سے ان کے لیے کچھ احکام مخصوص بھی ہیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: "جو ایمان واﻻ ہو، مرد ہو یا عورت اور وه نیک اعمال کرے، یقیناً ایسے لوگ جنت میں جائیں گے اور کھجور کی گٹھلی کے شگاف برابر بھی ان کا حق نہ مارا جائے گا۔" [النساء: 124]، اسلام نے عورت کے نان و نفقہ کی ذمہ داری اس کے سرپرست (ولی) پر ڈالی، خواہ وہ باپ ہو یا شوہر۔ مرد پر یہ فرض قرار دیا کہ وہ شادی کے وقت عورت کو مہر ادا کرے، اگرچہ شادی دونوں فریقین کا ایک مشترکہ مفاد ہے۔ مزید یہ کہ مرد کو اس بات کا پابند کیا کہ وہ عورت کو اس کے شایانِ شان رہائش فراہم کرے اور اگر اسے ضرورت ہو تو خادم کا انتظام بھی کر کے دے۔ قرآن کی آیات اور بہت سی حدیثوں میں مردوں کو عورتوں کے ساتھ حسنِ سلوک کی وصیت کی گئی ہے۔ اس کے برعکس، یہودی اور عیسائی یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ عورت ہی آدم (علیہ السلام) کی خطا (جنت سے نکلنے) کا سبب بنی تھی، اسی لیے وہ عورت کے ساتھ اسی بنیاد پر سلوک کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ عیسائیوں میں تو قریبی دور تک اس بات پر اختلاف رہا کہ آیا عورت کی روح ہوتی بھی ہے یا نہیں؟ طویل بحثوں کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ اس کی روح تو ہوتی ہے، لیکن وہ ایک شیطانی روح ہے! آج بھی عورت کی تنخواہ مرد کی تنخواہ سے کم ہے، خواہ ان دونوں کی تعلیمی قابلیت اور کام بالکل ایک جیسا ہی کیوں نہ ہو!
ساتواں پہلو: مسلمانوں کے پیش کردہ تہذیبی و تمدنی تعاون (کنٹری بیوشن) میں وہ اعلیٰ درجے کی خوشحالی اور آسودگی بھی شامل تھی، جس سے اسلامی معاشرے کا ہر فرد لطف اندوز ہو رہا تھا۔ مسلمانوں نے لوگوں کی فلاح و بہبود اور آسائش کے لیے اوقاف قائم کرنے میں بھرپور مہارت اور فن کارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ یہ اوقاف لوگوں کی بنیادی ضرورتوں اور غریبوں کی خدمت کے لیے وقف کیے جاتے تھے اور ان کے فنڈز کمزوروں، ذہنی مریضوں اور ایسے بیماروں کے علاج معالجے پر خرچ ہوتے تھے جو علاج کے اخراجات اٹھانے کی سکت نہیں رکھتے تھے۔
آٹھواں پہلو: مسلمانوں کے پیش کردہ تہذیبی و تمدنی تعاون میں 'صفائی اور پاکیزگی' بھی شامل ہے۔ اسلام میں صفائی کا ایک مکمل اور جامع نظام ہے، جس کی شروعات دل کو شرک، کفر، حسد اور تمام برے اخلاق سے پاک کرنے سے ہوتی ہے اور پھر جسم کی صفائی تک آتی ہے۔ اسلام نے مسلمان پر لازم کیا ہے کہ وہ ہر ہفتے جمعہ کی نماز کے لیے غسل کرے۔ کیا آپ نے کبھی کوئی ایسی امت دیکھی ہے جس کا دین اس پر ہر ہفتے غسل کرنا فرض کرتا ہو؟ اسی طرح ازدواجی تعلق کے بعد بھی میاں بیوی پر غسل کو واجب قرار دیا گیا۔ اسلام نے گھروں، بستروں، صحنوں اور راستوں کو صاف ستھرا رکھنے کی ترغیب دی۔ اس دور میں اندلس (موجودہ اسپین) کے شہروں میں گندے پانی کی نکاسی کے لیے زیرِ زمین نالیاں (سیوریج سسٹم) موجود تھیں، جب کہ اس کے برعکس پیرس کی سڑکوں پر گندا پانی بہتا تھا۔ اس وقت پیرس میں رات کو روشنی کا کوئی تصور نہ تھا اور وہ ماحولیاتی آلودگی کا شکار تھا، جب کہ دوسری طرف (مراکشی شہر) فاس کی سڑکیں روشن، پکی اور صاف ستھری تھیں۔ جب ہسپانوی (عیسائی) اسلامی شہروں میں داخل ہوئے، تو وہاں انہوں نے 'حمامِ بخار' (اسٹیم باتھ) دیکھے جن سے وہ بالکل ناواقف تھے؛ چنانچہ انہوں نے انہیں یہ سمجھ کر توڑ دیا کہ شاید یہ مسلمانوں کی عبادت گاہیں ہیں۔
نواں پہلو: مسلمانوں کے پیش کردہ تہذیبی و تمدنی تعاون میں 'امن و سلامتی' بھی شامل تھی۔ مسلمانوں کی تہذیب نے نہ تو ایٹمی (نیوکلیئر) ہتھیار بنائے، نہ جراثیمی (بائیولوجیکل) ہتھیار اور نہ ہی بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے دیگر ہتھیار ایجاد کیے۔ مسلمانوں کے بارے میں کبھی یہ تاریخ نہیں ملتی کہ انہوں نے کسی ملک کا ایسا سخت محاصرہ کیا ہو، جس کی وجہ سے وہاں کے بچے اور عورتیں بھوک اور بیماری سے تڑپ کر مر جائیں۔ نہ تو مسلمانوں کے ہاں اجتماعی قبروں کا کوئی وجود رہا اور نہ ہی انہوں نے نسل کشی جیسے سنگین جرم کا ارتکاب کیا؛ جیسا کہ امریکہ کو وہاں کے اصل قدیم باشندوں یعنی "ریڈ انڈینز" سے پاک کرنے کے لیے نسل کشی کی گئی، یا جیسا کہ جدید دور میں دوسرے ممالک پر حملہ کرنے والی غاصب و قابض فوجوں نے ظلم کے بازار گرم کیے۔
یقیناً مسلمانوں کا تہذیبی و تمدنی تعاون—جیسا کہ پہلے بیان ہوا اور جیسا کہ ہم نے پیش کیا—ایک اعلیٰ درجے کا، جامع، متنوع، تعمیری، منصفانہ اور متوازن تعاون ہے، جس میں نہ تو نسل پرستی کا کوئی وجود ہے، نہ ظلم کا اور نہ ہی اجتماعی قتلِ عام کا۔
آپ پوچھ سکتے ہیں کہ اسلامی تہذیب و تمدن میں یہ امتیاز اور انفرادیت کیوں ہے؟ تو میں کہوں گا: اس لیے کہ اسلامی تہذیب کی بنیادیں، اس کی اساس اور اس کے اصول ایک ایسے عظیم، کامل اور جامع دین سے ماخوذ ہیں جو رب العالمین کا دین ہے؛ یعنی دینِ اسلام۔ وہ دین جس نے اپنے عقائد، فرائض اور قوانین میں خالق کے حقوق، مخلوق کے حقوق، دنیا کے مفادات، آخرت کے مفادات، دین سے متعلق امور، دنیا سے متعلق امور اور جو کچھ مسلمان سے مخصوص ہے اور جو غیر مسلم سے مخصوص ہے، ان سب کا احاطہ کیا ہوا ہے۔ اللہ تعالی کا یہ قول بالکل سچائی کی عکاسی کرتا ہے : "ہم نے دفتر میں کوئی چیز نہیں چھوڑی پھر سب لوگ اپنے پروردگار کے پاس جمع کیے جائیں گے۔" [الأنعام: 38]۔
اس بارے میں بہت سی کتابوں میں تفصیل سے بات کی گئی ہے، جن میں سے چند مختصر کتابوں کی طرف ہم اشارہ کر دیتے ہیں۔ درود و سلام نازل ہو ہمارے نبی محمد پر۔
دیکھیں: الحضارة الإسلامية، تالیف: عبد الرحمن حبنكة الميداني، ص 549-579۔ مزید دیکھیں: القيم الحضارية في الإسلام، تالیف: محمد بن عبد الله السحيم۔
***
سوال:
خالق اپنے بندوں پر رحیم و کریم ہے، تو پھر وہ ہم جنس پرست شخص کے رجحانات کو قبول کیوں نہیں کرتا؟
جواب:
ارشادِ باری تعالیٰ ہے: "اور لوط (کو بھی یاد کرو) جب انہوں نے اپنی قوم سے کہا کہ کیا تم ایسی بے حیائی کرتے ہو، جو تم سے پہلے جہان والوں میں سے کسی نے نہیں کی؟ تم عورتوں کو چھوڑ کر مردوں کے ساتھ شہوت رانی کرتے ہو، بلکہ تم تو حد ہی سے گزر گئے ہو۔ اور ان کی قوم سے کوئی جواب نہ بن پڑا، بجز اس کے کہ آپس میں کہنے لگے کہ ان لوگوں کو اپنی بستی سے نکال دو۔ یہ لوگ بڑے پاک صاف بنتے ہیں۔" (الأعراف: 80 -82)۔
یہ آیت اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ہم جنس پرستی موروثی نہیں ہے اور نہ ہی یہ انسان کے جینیاتی کوڈ کی اصل ساخت کا حصہ ہے؛ کیونکہ قومِ لوط وہ پہلے لوگ ہیں جنہوں نے اس قسم کی بے حیائی کی شروعات کی۔ یہ بات سب سے وسیع سائنسی تحقیق سے بھی مطابقت رکھتی ہے، جو اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ہم جنس پرستی کا جینیات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
کیا ہم چور کے چوری کرنے کے رجحان کو تسلیم اور اس کا احترام کرتے ہیں؟ تو یہ بھی تو ایک رجحان ہی ہے، لیکن دونوں صورتوں میں یہ ایک غیر فطری رجحان ہے۔ یہ انسانی فطرت سے بغاوت اور انسانی طبیعت پر حملہ ہے، جس کی اصلاح کی جانی چاہیے۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو پیدا فرمایا، اس کی سیدھے راستے کی طرف رہنمائی فرمائی اور اسے خیر کے راستے اور شر کے راستے کے میں سے کسی ایک کو چننے کی آزادی عطا کی۔
ارشادِ باری تعالیٰ ہے: "ہم نے دکھا دیے اس کو دونوں راستے۔" [البلد: 10]۔
اسی لیے ہم دیکھتے ہیں کہ جو معاشرے ہم جنس پرستی کو حرام قرار دیتے ہیں، ان میں یہ شذوذ شاذ و نادر ہی ظاہر ہوتا ہے۔ اس کے برخلاف جو ماحول اس رویے کو مباح قرار دیتا اور اس کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، اس میں ہم جنس پرستوں کی شرح بڑھ جاتی ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انسان میں شذوذ کے امکان کا تعین کرنے والی چیز دراصل اس کے ارد گرد کا ماحول اور تعلیمات ہیں۔
انسان کی شناخت ہر لمحہ سیٹلائٹ چینلز دیکھنے، ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے یا کسی مثلا فٹ بال ٹیم کے لیے اس کے تعصب کے مطابق بدلتی رہتی ہے۔ چنانچہ عالمگیریت (گلوبلائزیشن) نے اسے ایک پیچیدہ انسان بنا دیا ہے۔ اب خائن ایک 'نظریہ کا حامل' بن چکا ہے اور ہم جنس پرست ایک 'فطری رویے والا' قرار پا چکا ہے، بلکہ اسے عوامی مباحثوں میں حصہ لینے کا قانونی حق بھی حاصل ہو گیا ہے اور کہا جاتا ہے کہ ہمیں اس کی حمایت کرنی چاہیے اور اس کے ساتھ صلح کرنی چاہیے۔ اب غلبہ اسی کا ہے جس کے پاس ٹیکنالوجی ہے؛ چنانچہ اگر ہم جنس پرست ہی وہ فریق ہے جس کے پاس طاقت کے اسباب ہیں، تو وہ دوسرے فریق پر اپنے نظریات مسلط کر دے گا، جس کے نتیجے میں انسان کا اپنے نفس، اپنے معاشرے اور اپنے خالق کے ساتھ رشتہ بگڑ کر رہ جائے گا۔ انفرادیت پسندی (Individualism) کا براہِ راست ہم جنس پرستی سے جڑ جانے کے باعث، وہ انسانی فطرت جس سے نسلِ انسانی کا تعلق ہے، بالکل غائب ہو گئی اور ایک مربوط خاندان کے تصورات کا زوال ہو گیا۔ اب مغرب نے اس انفرادیت پسندی سے چھٹکارا پانے کے لیے حل تلاش کرنا شروع کر دیا ہے، کیونکہ اس تصور پر قائم رہنے سے وہ فوائد اور کامیابیاں ضائع ہو جائیں گی جو جدید انسان نے حاصل کی ہیں۔ بالکل اسی طرح جیسے اس نے خاندان کا تصور کھو دیا ہے۔ نتیجتاً، مغرب آج تک معاشرے میں آبادی میں کمی کے مسئلے سے دوچار ہے، جس نے مجبوراً تارکینِ وطن (مهاجرین) کو راغب کرنے کے لیے دروازے کھولنے کی راہ ہموار کی ہے۔ پس اللہ پر ایمان لانا، کائنات کے ان قوانین کا احترام کرنا جو اس نے ہمارے لیے بنائے ہیں اور اس کے احکامات و نواہی پر عمل کرنا ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی و خوش حالی کا واحد راستہ ہے۔
***
سوال:
اللہ اپنے بندوں کو آزمائش میں کیوں ڈالتا ہے اور انہیں دائمی آرام و آسائش میں کیوں نہیں چھوڑ دیتا؟
جواب :
ابتلا اللہ کی مخلوق میں مستقل جاری رہنے والا ایک الٰہی دستور ہے، یہ نہ تو عبث ہے اور نہ ہی ظلم، بلکہ اس میں ایک گہری حکمت اور وسیع رحمت پوشیدہ ہے۔ دنیاوی زندگی میں آزمائش وہ میدان ہے جس میں ایمان کی سچائی کو پرکھا جاتا ہے اور اس سے یہ ظاہر ہو جاتا ہے کہ کون نیک ہے اور کون بد، کون صبر کرنے والا مومن ہے اور کون حق کا انکار کرنے والا کافر۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "جس نے موت اور حیات کو اس لیے پیدا کیاکہ تمہیں آزمائے کہ تم میں سے اچھے کام کون کرتا ہے..." [الملک: 2]۔ لہذا یہ پوری زندگی آزمائش کا گھر ہے اور اس کا مقصد عارضی فائدہ حاصل کرنا نہیں ہے، بلکہ وہ امتحان ہے جو لوگوں کو آخرت میں ابدی جزا کا حق دار بناتا ہے۔
عقلِ سلیم اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ لوگوں کے درمیان امتیاز محض آزمائش ہی کے ذریعے ممکن ہے۔ اگر تمام لوگ ہمشیہ آرام اور آسائش کی زندگی بسر کرتے اور ان کو مصائب اور سختیوں کا سامنا نہ ہوتا، تو نہ کسی کی سچائی ظاہر ہوتی اور نہ کسی کی عزیمت نکھر کر سامنے آتی۔ اسی آزمائش انسان پر اس کی کمزوری اور اپنے رب کے تئیں اس کی محتاجی کو آشکار کرتی اور اسے عاجزی اختیار کرنے اور اپنے خالق کی طرف متوجہ ہونے پر آمادہ کرتی ہے، جس سے اس کا نفس پاکیزہ اور اس کا ایمان مضبوط ہوتا ہے۔ اسی لیے نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے: "لوگوں میں سب سے سخت آزمائش کا سامنا انبیا کو کرنا پڑتا ہے، پھر ان لوگوں کو جو ان کے بعد سب سے افضل ہوتے ہيں، پھر ان لوگوں کو جو ان کے بعد سب سے افضل ہوتے ہیں۔ آزمائش بندے سے اللہ تعالیٰ کی محبت کی نشانی ہے، اگر وہ صبر و رضا کے ساتھ اس کا سامنا کرے۔
ابتلا و آزمائش کے پیچھے ایک حکمت یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے گناہ مٹائے جاتے ہیں، خطائیں معاف ہوتی ہیں اور درجات بلند ہوتے ہیں۔ چنانچہ مومن جب صبر کرتا ہے اور اجر کی امید رکھتا ہے، تو اللہ تعالیٰ اس کی آزمائش کو اس کے لیے دنیا اور آخرت میں بلندی کا باعث بنا دیتا ہے۔ ایک حدیث میں ہے: "ایک مسلمان کو جو بھی تکان، مرض، پريشانی، صدمہ، تکلیف یا غم پہنچتا ہے، حتی کہ اگر كوئی کانٹا بھی چبھتا ہے، تو اللہ تعالی اس کے بدلے میں اس کے گناہ معاف کردیتا ہے۔" لہذا آزمائش مومن کے حق میں سراپا خیر ہے۔ یا تو اس کا درجہ بلند کرتی ہے یا اس کے گناہوں کو مٹاتی ہے یا پھر اللہ تعالیٰ سے اس کے قرب میں اضافہ کرتی ہے۔
جہاں تک بعض لوگوں کے اس اعتراض کا تعلق ہے کہ: ”اگر اللہ تعالیٰ رحیم ہے تو وہ اپنے بندوں کو آزمائش سے دوچار کیوں کرتا ہے؟“ تو اس کا جواب یہ ہے کہ حقیقی رحمت یہ نہیں ہے کہ لوگوں کو دنیا میں بغیر کسی حساب کے موج مستی کے لیے چھوڑ دیا جائے، بلکہ حقیقی رحمت یہ ہے کہ انہیں اپنے خالق کی طرف رجوع ہونے اور ہمیشہ باقی رہنے والے گھر کے لیے تیاری کرنے کی یاد دہانی کرائی جائے۔ چنانچہ سختیاں بسا اوقات ہدایت اور انابت کا سبب بن جاتی ہیں، جبکہ دائمی عیش و آرام انسان کو تکبر اور غفلت میں مبتلا کر سکتا ہے۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "اور ہم انہیں بڑے عذاب سے پہلے چھوٹے عذاب کا مزہ چکھائیں گے تاکہ وہ باز آجائیں۔" [السجدۃ : 21]۔
آزمائش دنیا کی حقیقت کو بھی بے نقاب کرتی اور یہ واضح کرتی ہے کہ یہ مستقل ٹھکانہ نہیں، بلکہ آخرت کی طرف جانے کا ایک راستہ ہے۔ لہذا اگر دنیا میں دکھ اور تکلیفیں نہ ہوتیں تو لوگ اسی سے دل لگا بیٹھتے اور زندگی کے سب سے بڑے مقصد کو بھول جاتے۔ لیکن اللہ نے چاہا کہ یہ دنیا مختصر و فانی ہو اور حقیقی عیش و آرام جنت میں ملے، جہاں نہ کوئی تھکن ہوگی، نہ کوئی تکلیف اور نہ ہی کوئی غم۔
خلاصہ: بلاشبہ ابتلا رحمت اور امتحان ہے، جس کے ذریعے مومن دوسروں سے ممتاز ہوتا ہے، نفس کا تزکیہ ہوتا ہے، گناہ مٹائے جاتے ہیں، دنیا کی حقیقت ظاہر ہوتی ہے اور بندہ آخرت کے لیے تیار ہوتا ہے۔ درحقیقت یہ اللہ تعالیٰ کے عدل، اس کی حکمت اور رحمت کا ایک حصہ ہے، ان کے منافی نہیں۔
***
سوال:
اللہ ہماری ہر مانگی ہوئی دعا کو قبول کیوں نہیں کرتا؟
جواب :
یہ سوال بہت زیادہ دہرایا جاتا ہے کہ اگر اللہ سب کچھ سننے والا اور ہر چیز پر قادر ہے، تو پھر ایسا کیوں ہوتا ہے کہ ہم بسا اوقات اس سے دعا مانگتے ہیں لیکن جو ہم نے مانگا ہو، اس کی کوئی فوری قبولیت نہیں پاتے؟ کیا یہ بات اس کی رحمت اور دعا قبول کرنے کے وعدے کے منافی نہیں ہے؟
اول: اللہ تعالیٰ نے دعا قبول کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "اور جب میرے بندے میرے بارے میں آپ سے سوال کریں تو آپ کہہ دیں کہ میں بہت ہی قریب ہوں، ہر پکارنے والے کی پکار کو جب کبھی وه مجھے پکارے، قبول کرتا ہوں۔ ..." [البقرة: 186]۔ لہذا اللہ اپنے وعدے کی خلاف ورزی نہیں کرتا، لیکن وہ قبول کرتے وقت ہمیشہ بندے کی مرضی اور خواہش دیکھ کر کام نہيں کرتا، بلکہ اس بات کو مدنظر رکھتا ہے کہ بندے کے لیے بہتر کیا ہے۔ کیونکہ بسا اوقات انسان ایسی چیز مانگ بیٹھتا ہے جس میں اس کی بربادی چھپی ہوتی ہے، جب کہ اللہ زیادہ بہتر جانتا ہے کون سی چیز اس کے لیے بہتر ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "... ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو بری جانو اور دراصل وہی تمہارے لیے بھلی ہو اور یہ بھی ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو اچھی سمجھو، حاﻻنکہ وه تمہارے لئے بری ہو۔..." [البقرۃ: 216]۔
دوم: دعا کی قبولیت کی متعدد صورتیں ہیں :
اللہ کے نبی ﷺ نے بتایا ہے کہ دعا رد نہیں ہوتی، بلکہ تین صورتوں میں سے کسی ایک صورت ہو جاتی ہے: "جو مسلمان اللہ سے کوئی دعا کرتا ہے، جس میں گناہ اور قطع رحمی نہ ہو، اسے اللہ تین چیزوں میں سے کوئی ایک چیز عطا کرتا ہے: یا تو اس کی دعا کو اسی دنیا میں قبول کر لیتا ہے یا اسے اس کی آخرت کے لیے جمع رکھ لیتا ہے یا پھر اس سے اسی کے مثل برائی دور کر دیتا ہے۔" لہذا ہر دعا قبول ہوتی ہے، لیکن ہو سکتا ہے کہ دعا کی قبولیت اس طرح ہو کہ مانگی ہوئی چیز دے دی جائے یا کوئی نقصان دور کر دیا جائے یا پھر آخرت کے لیے اجر ذخیرہ کر لیا جائے۔
سوم: دعا، طلب ہونے سے پہلے عبادت ہے۔
مومن جب دعا کے لیے دونوں ہاتھ اٹھاتا ہے، تو اپنی عبودیت اور اپنے رب کے سامنے اپنی محتاجی کا اظہار کرتا ہے اور یہ بذات خود ایک عظیم عبادت ہے جس پر اسے اجر دیا جاتا ہے، خواہ اسے دعا کا اثر نظر آئے یا نہ آئے۔ نبی ﷺ نے فرمایا ہے : "دعا ہی عبادت ہے۔" ایک مسلمان دعا کر کے کبھی خسارے میں نہیں رہتا، بلکہ وہ مسلسل عبادت میں رہتا ہے۔
چہارم: ہو سکتا ہے کہ قبولیت میں تاخیر بندے کے لیے بہتر ہو۔
اللہ تعالیٰ کبھی کبھی دعا دیر سے قبول کرتا ہے تاکہ بندے کا صبر آزمائے، اپنے ساتھ اس کا تعلق مزید بڑھا دے یا اسے اس کی مانگی ہوئی چیز سے کہیں بہتر چیز عطا کرے۔ کتنے ہی انسان ایسے ہیں جنہوں نے اللہ سے کوئی خاص رزق مانگا مگر اس نے انہیں وہ عطا نہ کیا، پھر اس کے بدلے انہیں وہ چیز عطا کر دی جو ان کے دین اور دنیا کے لیے بہتر تھی۔
خلاصہ: انسان کو اس کی مانگی ہوئی چیز حاصل نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اللہ نے اس کی دعا قبول نہیں کی، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ نے اپنی اس حکمت کے پیش نظر جسے وہی جانتا ہے، اسے کامل ترین انداز میں قبول فرمایا ہے۔ چنانچہ مومن کو اس بات کا کامل یقین ہونا چاہیے کہ ہر دعا کا کوئی نہ کوئی اثر ضرور ہوتا ہے: یا تو اسے اس کا مقصود فوراً حاصل ہو جاتا ہے یا اس کے لیے اجر محفوظ رکھ چھوڑا جاتا ہے یا پھر اس کی کوئی مصیبت ٹال دی جاتی ہے۔ اس طرح دعا رحمت اور اطمینان کا دروازہ بنتی ہے، نہ کہ شک اور اعتراض کا۔
***
سوال:
مسلمانوں میں بھی دوسروں کی طرح ایسے لوگ کیوں پائے جاتے ہیں جو ظلم کرتے اور فساد پھیلاتے ہیں؟
جواب:
بعض لوگ یہ کہہ کر اعتراض کر سکتے ہیں: اگر اسلام دین حق ہے تو ہم بعض مسلمانوں کو کفار کی طرح ظلم و خیانت کرتے اور فساد پھیلاتے ہوئے کیوں دیکھتے ہیں؟ کیا یہ اس دعوے کے منافی نہیں ہے کہ اسلام بھلائی کی طرف رہنمائی کرتا ہے؟
دین کو اس کے پیروکاروں کے افعال سے نہیں پرکھا جاتا، بلکہ اس کے اصول و تعلیمات سے پرکھا جاتا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ اسلام عدل و انصاف اور احسان کی دعوت دیتا ہے اور ظلم وفساد سے منع کرتا ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "اللہ تعالیٰ عدل کا، بھلائی کا اور قرابت داروں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کا حکم دیتا ہے اور بےحیائی کے کاموں، ناشائستہ حرکتوں اور ظلم وزیادتی سے روکتا ہے..." [النحل: 90]۔ لہذا اگر کسی مسلمان ظلم کیا یا بگاڑ پیدا کیا، تو اس نے اپنے دین کی تعلیمات کی خلاف ورزی کی۔ اس کا مطلب یہ نہيں ہے کہ دین نے اسے اس بات کا حکم دیا ہے۔
حتیٰ کہ گزشتہ امتوں میں بھی، جن کے لیے اللہ تعالیٰ نے درست شریعتیں نازل فرمائیں تھی، ایسے لوگ پائے گئے جنہوں نے نافرمانی کی اور کفر کیا۔ لہٰذا مسلمانوں کے درمیان ظالموں کا وجود ایک فطری انسانی امر ہے، کیونکہ لوگ حق پر عمل کرنے کے معاملے میں الگ الگ راہوں پر چلتے ہیں۔ البتہ صحیح اور غلط کا معیار اسلام ہی رہتا ہے، نہ کہ بعض مسلمانوں کے افعال۔
اللہ تعالی کسی مسلمان کو محض اس کے نام یا حسب و نسب کی بنیاد پر سزا سے معاف نہیں کرتا، بلکہ اس کے اعمال کی بنیاد پر اس کا حساب لے گا۔ فرمان باری تعالی ہے: "پس جس نے ذره برابر نیکی کی ہوگی وه اسے دیکھ لے گا۔ اور جس نے ذره برابر برائی کی ہوگی وه اسے دیکھ لے گا۔" [الزلزلۃ: 7-8]۔ لہذا اگر کوئی مسلمان ظلم کرے، تو وہ اللہ کے نزدیک گنہگار ہے اور اسے دنیا یا آخرت میں عذاب دیا جا سکتا ہے، الا یہ کہ وہ توبہ کر لے۔
اسلام مسلمان کی غلطی کا جواز پیش نہیں کرتا، بلکہ جو شخص چوری، قتل یا ظلم کرے اس پر سزائیں مقرر کرتا ہے، خواہ وہ مسلمان ہی کیوں نہ ہو۔ نبی ﷺ نے فرمایا ہے: "اگر فاطمہ بنت محمد نے بھی چوری کی ہوتی، تو میں اس کا ہاتھ کاٹ ڈالتا۔" یہ اس بات کی دلیل ہے کہ اسلام عدل و انصاف کا دین ہے، جو اپنے پیروکاروں کی جانب داری نہیں کرتا۔
پس اسلام ہی درست معیار وضع کرتا ہے اور اصلاح و توبہ کا ایک مکمل طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔ چنانچہ مسلمانوں میں سے جس کسی سے بھی خطا ہو جائے تو وہ گناہ گار ہے، لیکن دین اپنی اصل شکل میں پاکیزہ اور محفوظ قائم ہے، جو اچھائی کا حکم دیتا ہے اور برائی سے روکتا ہے۔ لہٰذا عیب اسلام میں نہیں ہے، بلکہ اس کے کچھ ماننے والوں کی کوتاہی اور تقصیر میں ہے۔
***
سوال:
عورت کے حجاب پہننے کے پیچھے کیا حکمت ہے؟
جواب:
اسلام میں واجب یہ ہے کہ اوامر کی تعمیل اور نواہی سے اجتناب کیا جائے، خواہ انسان کو ان کی حکمت معلوم نہ ہو؛ کیونکہ اللہ تعالی اپنے مقرر کردہ تمام شرعی احکام اور فیصلوں میں حکیم ہے، اور حجاب صرف اسلام کے ساتھ خاص نہیں ہے؛ بلکہ موسیٰ اور عیسیٰ علیہما السلام کی شریعت میں بھی ایسے احکام وارد ہوئے ہیں جو عورت پر حجاب لازم کرتے ہیں، اور بعض دین دار یہودی خاندان آج تک اس شریعت پر عمل پیرا ہیں اور یہ موسیٰ علیہ السلام کی شریعت کی باقیات میں سے ہے۔
اللہ تعالیٰ نے مرد اور عورت دونوں جنسوں میں ایک دوسرے کی طرف کشش رکھ دی ہے؛ تاکہ نکاح ہو سکے، جو ایک جائز بندھن ہے اور انسانی نسل کا تسلسل برقرار رہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ عورت کا اپنی خوب صورتی اور زِینت کو ظاہر کرنا خود اس کے لیے نقصان دہ ہے؛ کیونکہ اس طرح وہ بدقماش مردوں کی نظروں کا نشانہ بنے گی۔ اور یہ ان مردوں کے لیے بھی نقصان دہ ہے جو اسے دیکھتے ہیں، کیونکہ اس سے عام طور پر ان کی شہوت بھڑک اٹھتی ہے۔ چنانچہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ حجاب میں سب کی حفاظت ہے۔ یہ عورت کی عفت و پاکدامنی کی دلیل اور اس بات کی علامت ہے کہ بیوی کے حسن و جمال کو دیکھنا اس کے شوہر کا حق ہے۔ دوسرا اس میں شریک نہیں ہو سکتا۔ سلیقہ مند فطرت بھی اسی خصوصیت کی تائید کرتی اور حیا و شرم اپنانے، بے حیائی کے نقصانات، بیماریوں، لاوارث بچوں کی کثرت اور نسب کے خلط ملط ہو جانے سے بچنے کی دعوت دیتی ہے۔ دراصل ان تمام برائیوں کا آغاز عورتوں کی طرف سے حجاب میں لاپروائی برتنے اور مردوں کی طرف سے نظریں نیچی رکھنے میں سستی کرنے سے ہوتا ہے۔ اسی معاملے کی سنگینی کی وجہ سے شریعت نے ہر اس راستے پر چلنے سے خبردار کیا ہے جو زنا کی طرف لے جاتا ہے، جیسا کہ اللہ رب العزت نے فرمایا ہے: "خبردار زنا کے قریب بھی نہ پھٹکنا، کیوں کہ وه بڑی بےحیائی ہے اور بہت ہی بری راه ہے۔" [الإسراء: 32] اللہ تعالی نے مردوں اور عورتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں۔ چنانچہ ہمارے رب عزوجل نے فرمایا ہے: "مسلمان مردوں سے کہہ دو کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاﻇت رکھیں۔ یہی ان کے لیے پاکیزگی ہے۔ لوگ جو کچھ کریں اللہ تعالیٰ سب سے آگاہ ہے۔ مسلمان عورتوں سے کہہ دو کہ وه بھی اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں اور اپنی زینت کو ظاہر نہ کریں، سوائے اس کے جو ظاہر ہے اور اپنے گریبانوں پر اپنی اوڑھنیاں ڈالے رہیں، اور اپنی آرائش کو کسی کے سامنے ظاہر نہ کریں، سوائے اپنے خاوندوں کے یا اپنے والد کے یا اپنے خسر کے یا اپنے لڑکوں کے یا اپنے خاوند کے لڑکوں کے یا اپنے بھائیوں کے یا اپنے بھتیجوں کے یا اپنے بھانجوں کے یا اپنے میل جول کی عورتوں کے یا غلاموں کے یا ایسے نوکر چاکر مردوں کے جو شہوت والے نہ ہوں یا ایسے بچوں کے جو عورتوں کے پردے کی باتوں سے مطلع نہیں۔ اور اس طرح زور زور سے پاؤں مار کر نہ چلیں کہ ان کی پوشیده زینت معلوم ہوجائے۔ اے مسلمانو! تم سب کے سب اللہ کی جناب میں توبہ کرو تاکہ تم نجات پا جاؤ۔" [النور : 30-31]۔
***
سوال:
اسلام نے عورت کو کس طرح عزت و عظمت بخشی ہے؟
جواب:
- اسلام نے عورت کو اس طرح عزت بخشی کہ اسے دوسرے عقائد کے برعکس، آدم کی خطا کے بوجھ سے بری الذمہ قرار دیا، بلکہ اسلام نے اس کی شان بلند کرنے پر زور دیا۔
- اسلام کے مطابق اللہ تعالیٰ نے آدم علیہ السلام کو بخش دیا ہے اور ہمیں بھی سکھا دیا ہے کہ زندگی میں جب ہم سے کوئی غلطی ہو جائے، تو ہم اس کی بخشش کس طرح کروائيں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "آدم (علیہ السلام) نے اپنے رب سے چند باتیں سیکھ لیں اور اللہ تعالیٰ نے ان کی توبہ قبول فرمائی۔ بےشک وہی توبہ قبول کرنے واﻻ اور رحم کرنے واﻻ ہے۔" [البقرۃ: 37]۔
- سیدہ مریم، مسیح علیہ السلام کی والدہ، وہ واحد خاتون ہیں جن کا قرآن کریم میں نام لے کر ذکر کیا گیا ہے۔
- عورت نے قرآن میں مذکور بہت سے قصوں میں بڑا کردار ادا کیا ہے، جیسے ملکہ سبا بلقیس اور نبی سلیمان کے ساتھ اس کا قصہ، جس کا اختتام اس کے ایمان لانے اور رب العالمین کی مطیع اور فرمانبردار بننے پر ہوا۔ قرآن کریم میں آیا ہے: "میں نے دیکھا کہ ان کی بادشاہت ایک عورت کر رہی ہے، جسے ہر قسم کی چیز سے کچھ نہ کچھ دیا گیا ہے اور اس کا تخت بھی عظیم ہے۔" [النمل: 23]۔
- اسلامی تاریخ سے یہ واضح طور پر پتہ چلتا ہے کہ نبی محمد ﷺ نے متعدد مواقع پر خواتین سے مشاورت کی اور ان کی آرا کو اہمیت دی۔ اسی طرح آپ ﷺ نے مردوں کی طرح خواتین کو بھی مساجد میں حاضر ہونے کی اجازت دی بشرطیکہ وہ حشمت و وقار کی پابندی کریں۔ واضح رہے کہ عورت کا اپنے گھر میں نماز پڑھنا اس کے لیے زیادہ بہتر ہے۔ خواتین جنگوں میں مردوں کے ساتھ شریک ہوتی تھیں اور تیمارداری کے امور میں مدد کرتی تھیں۔ علاوہ ازیں وہ تجارتی معاملات میں بھی حصہ لیتی تھیں اور تعلیم و معرفت کے میدانوں میں مسابقت کرتی تھیں۔
- اسلام نے قدیم عرب تہذیبوں کے مقابلے میں عورت کی حیثیت کو بے حد بہتر بنایا ہے۔ اس نے لڑکیوں کو زندہ درگور کرنے کی ممانعت کی اور عورت کو ایک مستقل شخصیت عطا کی۔ نکاح سے متعلق معاہداتی امور کو اس طرح منظم کیا کہ اس کے تحت عورت کے لیے مہر کا حق محفوظ ہو گیا۔ اسلام نے وراثت میں اس کے حقوق، ذاتی ملکیت اور اپنے اموال کا خود انتظام کرنے کے حق کی مکمل ضمانت فراہم کی۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا نے فرمایا ہے: "سب سے کامل ایمان والا مؤمن وہ ہے، جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں اور تم میں سب سے بہتر وہ ہے، جو اپنی عورتوں کے حق میں سب سے بہتر ہو۔"
ارشادِ باری تعالیٰ ہے: "بےشک مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں، مومن مرد اور مومن عورتیں، فرماں بردار مرد اور فرماں بردار عورتیں، راست باز مرد اور راست باز عورتیں، صبر کرنے والے مرد اور صبر کرنے والی عورتیں، عاجزی کرنے والے مرد اور عاجزی کرنے والی عورتیں، خیرات کرنے والے مرد اور خیرات کرنے والی عورتیں، روزے رکھنے والے مرد اور روزے رکھنے والی عورتیں، اپنی شرم گاه کی حفاظت کرنے والے مرد اور حفاظت کرنے والی عورتیں، بکثرت اللہ کا ذکر کرنے والے مرد اور ذکر کرنے والی عورتیں ان (سب کے) لیے اللہ تعالیٰ نے (وسیع) مغفرت اور بڑا ثواب تیار کر رکھا ہے۔" [الأحزاب : 35]۔
"ایمان والو! تمہیں حلال نہیں کہ زبردستی عورتوں کو ورثے میں لے بیٹھو۔ انہیں اس لیے روک نہ رکھو کہ جو تم نے انہیں دے رکھا ہے، اس میں سے کچھ لے لو۔ ہاں، یہ اور بات ہے کہ وه کوئی کھلی برائی اور بے حیائی کریں۔ ان کے ساتھ اچھے طریقے سے بودوباش رکھو۔ اگر تم انہیں ناپسند کرو، تو (یاد رکھو کہ) بہت ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو برا جانو اور اللہ تعالیٰ اس میں بہت ہی بھلائی کر دے۔" [النساء : 19]۔
"اے لوگو! اپنے پروردگار سے ڈرو، جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا اور اسی سے اس کی بیوی کو پیدا کرکے ان دونوں سے بہت سے مرد اور عورتیں پھیلا دیں۔ اس اللہ سے ڈرو جس کے نام پر ایک دوسرے سے مانگتے ہو اور رشتے ناطے توڑنے سے بھی بچو۔ بے شک اللہ تعالیٰ تم پر نگہبان ہے۔" [النساء: 1]۔
"جو شخص نیک عمل کرے مرد ہو یا عورت، لیکن باایمان ہو تو ہم اسے یقیناً نہایت بہتر زندگی عطا فرمائیں گے۔ اور ان کے نیک اعمال کا بہتر بدلہ بھی انہیں ضرور بالضرور دیں گے۔" [النحل: 97]۔
"...وه تمہارا لباس ہیں اور تم ان کے لباس ہو..." [البقرۃ: 187]۔
"اور اس کی نشانیوں میں سے ہے کہ تمہاری ہی جنس سے بیویاں پیدا کیں، تاکہ تم ان سے آرام پاؤ۔ اس نے تمہارے درمیان محبت اور ہمدردی قائم کر دی۔ یقیناً غور وفکر کرنے والوں کے لیے اس میں بہت سی نشانیاں ہیں۔" [الروم: 21]۔
"آپ سے عورتوں کے بارے میں حکم دریافت کرتے ہیں۔ آپ کہہ دیجیے کہ خود اللہ ان کے بارے میں حکم دے رہا ہے اور قرآن کی وه آیتیں جو تم پر ان یتیم لڑکیوں کے بارے میں پڑھی جاتی ہیں، جنہیں ان کا مقرر حق تم نہیں دیتے اور انہیں اپنے نکاح میں ﻻنے کی رغبت رکھتے ہو اور کمزور بچوں کے بارے میں اور اس بارے میں کہ یتیموں کی کارگزاری انصاف کے ساتھ کرو۔ تم جو نیک کام کرو، بے شک اللہ اسے پوری طرح جاننے واﻻ ہے۔ اگر کسی عورت کو اپنے شوہر کی بد دماغی اور بے پرواہی کا خوف ہو، تو دونوں آپس میں جو صلح کر لیں، اس میں کسی پر کوئی گناه نہیں اور صلح بہت بہتر چیز ہے۔ طمع ہر نفس میں شامل کر دی گئی ہے۔ اگر تم اچھا سلوک کرو اور پرہیزگاری کرو تو تم جو کر رہے ہو، اس پر اللہ تعالیٰ پوری طرح خبردار ہے۔ [النساء: 127-128]۔
- اللہ تعالیٰ نے مردوں کو عورتوں پر خرچ کرنے اور ان کے اموال کی حفاظت کا حکم دیا ہے، جب کہ خاندان کے حوالے سے عورت پر کوئی مالی ذمہ داری عائد نہیں کی ہے۔ اسلام نے عورت کی انفرادی شخصیت اور شناخت کو محفوظ رکھا ہے۔ چنانچہ اسے شوہر سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد بھی اپنا خاندانی نام برقرار رکھنے کی اجازت دی ہے۔
***
سوال:
کیا مسلم مرد عیسائی عورت سے شادی کر سکتا ہے؟ اور کیا مسلم عورت کو عیسائی مرد سے شادی کی اجازت ہے؟
جواب:
مسلمان کے لیے نصرانی عورت سے شادی کرنا جائز ہے، اگر وہ پاک دامن ہو۔ اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: "ساری پاکیزه چیزیں آج تمہارے لیے حلال کی گئیں اور اہل کتاب کا ذبیحہ تمہارے لیے حلال ہے اور تمہارا ذبیحہ ان کے لیے حلال ہے، اور پاک دامن مسلمان عورتیں اور جو لوگ تم سے پہلے کتاب دیے گئے ہیں، ان کی پاک دامن عورتیں بھی حلال ہیں، جب کہ تم ان کے مہر ادا کرو، اس طرح کہ تم ان سے باقاعده نکاح کر لو، یہ نہیں کہ اعلانیہ زنا کرو یا پوشیده بدکاری کرو..." [المائدۃ: 5]، لیکن مسلم عورت کے لیے غیر مسلم مرد سے شادی کرنا جائز نہیں ہے؛ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: "اور شرک کرنے والی عورتوں سے تاوقت یہ کہ وه ایمان نہ ﻻئیں، تم نکاح نہ کرو۔" [البقرۃ: 221]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : "پس اگر وه تمہیں ایمان والیاں معلوم ہوں، تو اب تم انہیں کافروں کی طرف واپس نہ کرو۔ یہ ان کے لیے حلال نہیں اور نہ وه ان کے لیے حلال ہیں۔ [الممتحنۃ: 10]، اس کی حکمت یہ ہے کہ اسلام ہی برحق دین ہے۔ چنانچہ مسلمان بشمول انجیل اللہ تعالی کی اتاری ہوئی تمام کتابوں پر ایمان رکھتا ہے اور بشمول عیسی علیہ السلام اللہ کے بھیجے ہوئے تمام رسولوں پر ایمان لاتا ہے، برخلاف ان لوگوں کے جنہوں نے بعض کتابوں کا انکار کیا اور بعض رسولوں کو ٹھکرا دیا۔ لہذا یہ برابر نہیں ہو سکتے۔ دوسری طرف، مرد کو عورت پر قوامیت اور حاکمیت حاصل ہے؛ کیونکہ عورت اپنی خلقت کے اعتبار سے کمزور ہے اور عام طور پر وہ اپنے بہت سے معاملات میں شوہر ہی کی پیروی کرتی ہے۔ چنانچہ اگر کوئی کافر کسی مسلمان عورت کا شوہر بن جائے، تو یہ بات اس عورت کے کفر کا سبب بن جائے گی اور وہ حق سے نکل کر باطل کی طرف چلی جائے گی۔
***
سوال:
کیا انسان کے لیے زندگی کا مقصد اور غایت جانے بغیر سعادت و خوش بختی کا حصول ممکن ہے؟
جواب:
کوئی بھی انسان اس وقت تک حقیقی سعادت حاصل نہیں کر سکتا، جب تک وہ اللہ تعالیٰ پر ایمان نہ لائے اور اسے یہ معلوم نہ ہو کہ اللہ تعالیٰ نے اسے کیوں پیدا فرمایا ہے؟ وہ اس دنیا میں کیوں آیا ہے؟ مرنے کے بعد وہ کہاں جائے گا؟
انسان خواہ کتنی ہی نعمتوں سے لطف اندوز ہو جائے اور خوشی کے طرح طرح کے اسباب حاصل کر لے، پھر بھی کوئی نہ کوئی مشقت اس کے ساتھ لگی رہے گی ہی۔ ہو سکتا ہے کوئی سوال کرنے والا یہ پوچھے کہ آپ کو اس بات کا اتنا یقین کیوں ہے؟ تو ہم کہیں گے کہ جس اللہ نے انسانی نفس کو پیدا کیا ہے، اسی نے یہ بات بتائی ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "اور (ہاں) جو میری یاد سے روگردانی کرے گا، اس کی زندگی تنگی میں رہے گی اور ہم اسے بروز قیامت اندھا کر کے اٹھائیں گے۔" [طٰہٰ: 124]، اللہ تعالی نے بتایا ہے کہ اگر وہ ایمان نہ لایا تو وہ اس کے لیے تنگی اور دائمی بدبختی کا راستہ آسان کر دے گا۔ اللہ تعالٰی فرماتا ہے: "لیکن جس نے بخیلی کی اور بے پرواہی برتی۔ اور نیک بات کی تکذیب کی۔ تو ہم بھی اس کی تنگی و مشکل کے سامان میسر کر دیں گے۔ اس کا مال اسے (اوندھا) گرنے کے وقت کچھ کام نہ آئے گا۔" [الليل: 8-11]، یہ خبر اللہ سبحانہ کی جانب سے ہے؛ کیوں کہ وہی نفس انسانی کا خالق ہے اور وہ جانتا ہے کہ اس کے لیے کیا بہتر ہے اور کیا نقصان دہ، جیسا کہ فرمان الہی ہے: "کیا وہی نہ جانے جس نے پیدا کیا؟ پھر وه باریک بین اور باخبر بھی ہو؟" [سورہ ملک : 14]، اسی نے اس کے اندر فطری طور خیر، فضیلت، ہدایت اور حق کی محبت ڈال رکھی ہے اور اس کے اندر باطل، کفر اور برائی کی نفرت ودیعت کر رکھی ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "پس آپ یک سو ہو کر اپنا منہ دین کی طرف متوجہ کر دیں اللہ تعالیٰ کی وه فطرت جس پر اس نے لوگوں کو پیدا کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے بنائے کو بدلنا نہیں ہے۔ یہی سیدھا دین ہے، لیکن اکثر لوگ نہیں سمجھتے۔" [الروم: 30]۔
جو شخص اپنے وجود کے مقصد سے ناواقف ہو، وہ زندگی کی لذت، رضا و طمانیت کی لذت اور اپنے کیے گئے ان نیک اعمال کی تکمیل کی لذت سے محروم ہوجاتا ہے، جن کے متعلق اسے کامل یقین ہوتا ہے کہ وہ ان کا ثمرہ اگر دنیا میں نہیں تو آخرت میں ضرور پائے گا۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "اللہ ارشاد فرمائے گا کہ یہ وه دن ہے کہ جو لوگ سچے تھے، ان کا سچا ہونا ان کے کام آئے گا۔ ان کو باغ ملیں گے، جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی، جن میں وه ہمیشہ ہمیشہ کو رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ ان سے راضی اور خوش اور یہ اللہ سے راضی اور خوش ہیں، یہ بڑی کامیابی ہے۔" [المائدۃ: 119]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : جو شخص نیک عمل کرے مرد ہو یا عورت، لیکن باایمان ہو تو ہم اسے یقیناً نہایت بہتر زندگی عطا فرمائیں گے۔ اور ان کے نیک اعمال کا بہتر بدلہ بھی انہیں ضرور بالضرور دیں گے۔" [النحل: 97]۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے والے کے سوا کوئی بھی حقیقی سعادت، ایمان کی حلاوت اور ایسے دن کے لیے نیک عمل ذخیرہ کرنے کی لذت سے واقف نہيں ہوتا، جس میں نہ مال کام آئے گا اور نہ اولاد۔
کوئی کہنے والا یہ کہہ سکتا ہے کہ ہم ایسے لوگوں کو انتہائی خوش حال پاتے ہیں جو اللہ تعالیٰ پر ایمان نہیں رکھتے، تو ہم کہتے ہیں: ہاں، ایسا غافل شخص موجود ہے، جو حقیقت کو نہیں جانتا اور وہ ان لوگوں میں شامل ہے جن کے بارے میں اللہ تعالی نے بتایا ہے : "آپ انہیں کھاتا، نفع اٹھاتا اور (جھوٹی) امیدوں میں مشغول ہوتا چھوڑ دیجیے۔ عن قریب یہ خود جان لیں گے۔" [الحجر: 3]، مزید ارشاد ہے : "تجھے کافروں کا شہروں میں چلنا پھرنا فریب میں نہ ڈال دے۔ یہ تو بہت ہی تھوڑا فائده ہے۔ اس کے بعد ان کا ٹھکانہ تو جہنم ہے اور وه بری جگہ ہے۔" [آل عمران: 196-197]، بلاشبہ یہ غافل، لہو و لعب میں مبتلا اور جہالت میں سرگرداں شخص ایسی لذت سے لطف اندوز ہو رہا ہے کہ اگر وہ جان لے کہ موت کے وقت اور موت کے بعد کیا کچھ اس کا منتظر ہے؛ تو وہ کسی نعمت کا مزہ نہ لے سکے، لیکن یہ حالت اس پر صرف اس کی موت کے وقت ہی منکشف ہوگی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "کاش کہ تو دیکھتا جب فرشتے کافروں کی روح قبض کرتے ہیں، ان کے منہ پر اور سرینوں پر مار مارتے ہیں (اور کہتے ہیں) تم جلنے کا عذاب چکھو۔" [الأنفال: 50]، جب اس پر حقیقت منکشف ہو جائے گی –جسے ہر مسلمان جانتا ہے اور اس پر یقین رکھتا ہے– تو وہ یہ کہے گا جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے اس کے حوالے سے اپنے اس فرمان میں بتایا ہے : "یہاں تک کہ جب ان میں کسی کو موت آنے لگتی ہے، تو کہتا ہے : اے میرے پروردگار! مجھے واپس لوٹا دے۔ کہ اپنی چھوڑی ہوئی دنیا میں جا کر نیک اعمال کر لوں۔ ہرگز ایسا نہیں ہوگا۔ یہ تو صرف ایک قول ہے جس کا یہ قائل ہے۔ ان کے پس پشت تو ایک حجاب ہے، ان کے دوباره جی اٹھنے کے دن تک۔ پس جب صور پھونک دیا جائے گا، اس دن نہ تو آپس کے رشتے دار ہی رہیں گے، نہ آپس کی پوچھ گچھ۔ جن کی ترازو کا پلہ بھاری ہوگیا، وه تو نجات والے ہوگئے۔ اور جن کے ترازو کا پلہ ہلکا ہوگیا، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنا نقصان آپ کر لیا، جو ہمیشہ کے لیے جہنم واصل ہوئے۔" [المؤمنون: 99-103]۔
لہذا ہمیں اس بات کا پختہ یقین ہے کہ جو شخص مقصدِ حیات سے بے خبر ہو، وہ چاہے کتنی ہی محنت اور کوشش کر لے، ہرگز حقیقی سعادت حاصل نہیں کر سکتا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں بدبخت نہ بنائے اور اپنی خاص رحمت سے نوازے۔
***
(ارکانِ اسلام کا بیان)
سوال:
اسلام میں عبادت کے مفہوم سے کیا مراد ہے؟
جواب:
عبادت، محبت اور تعظیم کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے لیے عاجزی و انکساری اور اس کی فرماں برداری کا نام ہے۔ عبادت کے مفہوم میں وہ تمام ظاہری وباطنی اقوال واعمال شامل ہیں، جو اللہ تعالیٰ کو محبوب اور پسند ہیں۔ چنانچہ کچھ اعمال خالص عبادت ہیں جیسے نماز اور حج، جب کہ کچھ اعمال پر انسان کو اجر و ثواب اس وقت ملتا ہے، جب وہ اللہ کی رضاجوئی کے لیے کرے۔ مثلا عبادت کی قوت حاصل کرنے کی نیت سے سونا اور اسی نیت سے کھانا کھانا۔ جب ان اعمال کے ساتھ اللہ کی رضا جوئی کی نیت شامل ہو جائے تو یہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کو محبوب ہو جاتے ہیں۔ جب انسان ثواب کی نیت سے حلال کام کا ارادہ کرے اور حرام کام کو ترک کر دے، تو وہ اجر و ثواب کا حق دار بن جاتا ہے۔ چنانچہ ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ کے بعض صحابہ نے آپ ﷺ سے کہا : اے اللہ کے رسول! دولت مند لوگ کہیں (زیادہ) اجر لے گئے۔ وہ نماز پڑھتے ہیں جیسے ہم پڑھتے ہیں، وہ روزہ رکھتے ہیں جیسے ہم رکھتے ہیں، (اس پر مزید) وہ اپنے فاضل مالوں میں سے صدقہ و خیرات کرتے ہیں۔ لہذا آپ ﷺ نے فرمایا: ”کیا اللہ نے تمہارے لیے ایسى چیزیں نہیں بنائیں کہ تم ان کا صدقہ کرو؟ بے شک ہر سبحان اللہ کہنا صدقہ ہے، ہر اللہ أکبر کہنا صدقہ ہے، ہر الحمد للہ کہنا صدقہ ہے، ہر لاالہ الا اللہ کہنا صدقہ ہے، نیکی کا حکم دینا صدقہ ہے، برائی سے منع کرنا صدقہ ہے اور تم میں سے کسی کا اپنی بیوی سے صحبت کرنا صدقہ ہے۔“ لوگوں نے پوچھا: اے اللہ کے رسول! ہم میں سے ایک شخص اپنی شہوت پوری کرتا ہے، کیا اس میں بھی اسے اجر ملتا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”بھلا بتلاؤ! اگر وہ اسے حرام جگہ سے پوری کرے تو کیا اسے گناہ نہیں ہوگا؟ اسی طرح جب وہ اسے حلال طریقے سے پوری کرے گا تو اسے اجر ملے گا۔“ [صحیح مسلم: 53]۔
کچھ ایسے بھی ہیں جو نیت کے ساتھ کسی کام سے رکنا اور اسے چھوڑنا ہیں، جیسے روزہ۔ اقوال کی مثال ذکر اور قرآن کی تلاوت وغیرہ ہیں۔ باطنی یعنی قلبی اعمال سے مراد وہ عقائد اور امور ہیں، جن پر مسلمان پختہ یقین رکھتا ہے، جیسے مرنے کے بعد اٹھنا، غیب پر ایمان اور توحید وغیرہ۔ قلبی اعمال کی مثال توکل، خوف اور امید وغیرہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی اور کی عبادت جائز نہیں ہے اور کوئی بھی عبادت تین شرطوں کے بغیر قبول نہیں ہوتی : پہلی اسلام، دوسری اخلاص اور تیسری سنت کی پیروی۔
***
سوال:
اسلام کے پانچ ارکان کیا کیا ہیں؟
جواب:
دین اسلام پانچ ارکان پر قائم ہے، جنہیں نبی کریم ﷺ نے اپنے اس فرمان میں بیان فرمایا ہے: ”اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے: اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود حقیقی نہیں اور یہ کہ محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں، نماز قائم کرنا، زکوٰۃ ادا کرنا، حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا۔“ [متفق علیہ]۔
پہلا رکن: اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہيں ہے اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہيں۔ یعنی اس بات کا اعتقاد رکھنا کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں ہے، نیز اس کے معنی اور اس کے لوازمات کا علم رکھنا، جن میں طاغوت کا انکار، اللہ تعالیٰ کی شریعت کی فرماں برداری اور محبت و تعظیم کے ساتھ اللہ سبحانہ کے لیے اخلاص شامل ہیں۔ ساتھ ہی انسان یہ عقیدہ رکھے کہ اکیلا اللہ ہی رب، مالک، متصرف، خالق اور رزاق ہے اور اس کے لیے ان تمام اسمائے حسنیٰ اور صفاتِ علیا کو ثابت مانے جو اس نے خود اپنے لیے ثابت کی ہیں، یا اس کے رسول نے اس کے لیے ثابت کی ہیں، نیز یہ اعتقاد رکھے کہ صرف اللہ ہی عبادت کا مستحق ہے، کیونکہ وہی اکیلا خالق ہے اور اس میں اس کا کوئی شریک نہيں ہے، جیسا کہ اللہ سبحانہ کا فرمان ہے: "وه آسمانوں اور زمین کا موجد ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اوﻻد کہاں ہوسکتی ہے جب کہ اس کے کوئی بیوی تو ہے نہیں! اور اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کو پیدا کیا اور وه ہر چیز کو خوب جانتا ہے۔ یہ ہے اللہ تعالیٰ تمہارا رب! اس کے سوا کوئی عبادت کے ﻻئق نہیں، ہر چیز کا پیدا کرنے واﻻ ہے، تو تم اس کی عبادت کرو اور وه ہر چیز کا کارساز ہے۔" [الأنعام: 101-102]۔
اور اس بات کی گواہی دینا کہ محمد بن عبداللہ بن عبدالمطلب ہاشمی قریشی ﷺ آخری نبی اور سب سے افضل رسول ہيں، ساتھ ہی آپ کی شریعت کی پابندی کرنا اور شریعت میں وارد شدہ طریقے کے مطابق آپ کی اس طرح تعظیم کرنا کہ اس میں نہ کوتاہی ہو اور نہ غلو۔ کوتاہی یہ ہے کہ آپ کی سنت پر عمل نہ کیا جائے اور غلو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بجائے آپ کی عبادت کی جائے، جیسے آپ کی قسم کھانا، آپ کو پکارنا یا آپ کے لیے کوئی ایسا کام کرنا، جو اللہ کے علاوہ کسی اور کے لیے جائز نہيں ہے۔
جس طرح انسان یہ عقیدہ رکھتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول محمد ﷺ کو مبعوث فرمایا، آپ پر قرآن نازل کیا اور آپ کو تمام لوگوں تک دین اسلام کو پہنچانے کا حکم دیا، اسی طرح وہ یہ عقیدہ بھی رکھتا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کی محبت اور ان دونوں کی اطاعت ہر ایک پر واجب ہے اور اللہ کی محبت اس کے رسول ﷺ کی اتباع کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتی۔ اللہ سبحانہ کا ارشاد ہے: "کہہ دیجیے کہ اگر تم اللہ تعالیٰ سے محبت رکھتے ہو تو میری تابع داری کرو۔ خود اللہ تعالیٰ تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناه معاف فرما دے گا اور اللہ تعالیٰ بڑا بخشنے واﻻ مہربان ہے۔" [آل عمران: 31]۔
اور یہ کہ آپ ﷺ کے حکم کی تعمیل کرنا، آپ کی بتائی ہوئی باتوں کی تصدیق کرنا، آپ کی منع کی ہوئی باتوں سے اجتناب کرنا اور صرف آپ کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق اللہ کی عبادت کرنا ضروری ہے، نہ کہ لوگوں کی ایجاد کردہ بدعات کے مطابق۔
رسول کو مبعوث کرنے کی حکمت لوگوں کی رہنمائی ان کاموں کی طرف کرنا ہے، جن میں ان کے دین اور دنیا کی خیر و صلاح ہو اور جن سے ان کے رب کی رضا حاصل ہو۔
دوسرا رکن: نماز قائم کرنا۔ نماز مخصوص اقوال اور اعمال کے ذریعے اللہ تعالی کی عبادت کرنے کا نام ہے، جو تکبیر سے شروع اور سلام پر ختم ہوتے ہیں۔
دن و رات میں پانچ نمازیں ہیں۔ فجر، ظہر، عصر، مغرب اور عشا۔
نماز ہر مسلمان پر فرض ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: "یقیناً نماز مومنوں پر مقرره وقتوں پر فرض ہے۔" [النساء: 103]۔
نماز کی حکمتوں کی بات کریں تو یہ بندہ اور اس کے رب کے درمیان ایک رابطہ ہے، باعثِ راحت و اطمینان ہے اور فواحش و منکرات سے روکتی ہے۔
تیسرا رکن: زکاۃ ادا کرنا۔ زکاۃ خاص مال میں ایک مخصوص طبقے کے لیے مخصوص وقت میں ایک واجب حق ہے۔ یہ اسلام کے ارکان میں سے ایک رکن اور ایک واجب صدقہ ہے جو مال دار سے لیا جاتا ہے اور فقیر کو دیا جاتا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "آپ ان کے مالوں میں سے صدقہ لے لیجیے، جس کے ذریعہ سے آپ ان کو پاک صاف کردیں..." [التوبۃ: 103]۔
زکوٰۃ کی حکمتوں کی بات کریں تو یہ مال کو پاک کرتی اور اس میں بڑھوتری لاتی ہے، نفس کو حرص اور بخل سے پاک کرتی ہے اور اغنیا اور فقرا کے درمیان محبت کو مضبوط کرتی ہے، جس سے کینہ ختم ہوتا ہے، امن و امان قائم ہوتا ہے اور امت خوش حال ہوتی ہے۔
چوتھا رکن: رمضان کے روزے رکھنا۔ روزہ نام ہے ہجری سال کے نویں مہینے ميں دن کے وقت روزہ توڑنے والی چیزوں، جیسے کھانے، پینے اور جماع سے رکے رہنے کا۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "ماه رمضان وه مہینہ ہے، جس میں قرآن اتارا گیا، جو لوگوں کو ہدایت کرنے واﻻ ہے اور جس میں ہدایت کی اور حق و باطل کی تمیز کی نشانیاں ہیں۔ تم میں سے جو شخص اس مہینہ کو پائے اسے روزه رکھنا چاہئے..." [البقرۃ : 185]۔
روزے کی کچھ حکمتيں ملاحظہ ہوں : روزہ اللہ عز وجل کا تقویٰ حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔
روزے دار کو اللہ تعالی کی نعمتوں کی اہمیت کا احساس دلانا۔
روزہ دار کو اپنے فقیر اور مسکین بھائیوں کی یاد دلانا۔
روزہ مسلمانوں کے احساسات کو متحد کرتا ہے۔
روزہ بدن کو صحت اور قوت عطا کرتا ہے۔
وغیرہ وغیرہ۔
پانچواں رکن: حج۔ حج صاحب استطاعت پر عمر میں ایک بار مخصوص مناسک کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ کے مقدس مقامات کی زیارت کرنے کا نام ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں پر، جو اس کی طرف راه پا سکتے ہوں، اس گھر کا حج فرض کر دیا ہے۔ اور جو کوئی کفر کرے، تو اللہ تعالیٰ (اس سے بلکہ) تمام دنیا سے بے پرواه ہے۔" [آل عمران: 97]۔
حج کی حکمتیں ملاحظہ ہوں : اللہ تعالیٰ کی توحید کا اثبات، اللہ سبحانہ کے تقویٰ کا حصول، اللہ عزوجل کے ذکر کا قیام، انسانی نفس کی تہذیب اور صحیح وحدت کے مفاہیم پر امت کی تربیت کرنا وغیرہ۔
یہ ارکان اسلام کا مختصر بیان ہے۔ ویسے ہر رکن کی کچھ شرطیں، ارکان اور بہت سی تفصیلات ہیں۔
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ، آپ کی اولاد اور تمام صحابہ کرام پر۔
***
سوال:
وضو کا طریقہ کیا ہے؟
جواب:
وضو کا مکمل طریقہ ملاحظہ ہو:
1- انسان طہارت اور حدَث (نا پاکی) کو رفع کرنے کی نیت کرے۔ نیت کے الفاظ زبان سے ادا نہ کرے، کیونکہ نیت کی جگہ دل ہے۔ دیگر تمام عبادات کا بھی یہی حکم ہے۔
2- 'بسم اللہ' کہے۔
3- پھر ہتھیلیوں کو تین تین مرتبہ دھوئے۔
4- پھر تین مرتبہ کلی کرے۔ (کلی منہ میں پانی ڈال کر اسے گھمانے کو کہتے ہیں۔)
تین بار ناک میں پانی ڈال کر بائیں ہاتھ سے ناک جھاڑے۔ ناک میں پانی ڈالنے کا مطلب ناک کے اندر پانی پہنچانا ہے اور ناک صاف کرنے سے مراد اسے ناک سے باہر نکالنا ہے۔
5- اپنے چہرے کو تین بار دھوئے۔ چہرے کی حد: لمبائی میں سر کے بال اگنے کی جگہ سے دونوں جبڑوں اور ٹھوڑی کے نیچے تک اور چوڑائی میں دائیں کان کی حد سے بائیں کان کی حد تک ہے۔ مرد اپنی داڑھی کے بال دھوئے، کیونکہ داڑھی کے بال چہرے کا حصہ ہیں۔ اگر داڑھی ہلکی ہو تو اس کے ظاہر اور باطن کو دھونا واجب ہے اور اگر گھنی ہو یعنی جلد کو چھپائے رکھے، تو صرف اس کے ظاہر حصے کو دھوئے اور اس کا خلال کرے۔
6- پھر دونوں ہاتھوں کو کہنیوں تک تین مرتبہ دھوئے۔ ہاتھ کی حد انگلیوں کے سروں سے ناخنوں سمیت بازو کے شروع تک ہے۔ دھونے سے پہلے ہاتھ پر لگی ہوئی چیزوں جیسے آٹا، مٹی اور رنگ وغیرہ جیسی چیزوں کو دور کرنا ضروری ہے، جو جلد تک پانی پہنچنے سے روکتی ہوں۔
7- پھر اس کے بعد نئے پانی سے ایک بار سر اور دونوں کانوں کا مسح کرے،
سر کے مسح کا طریقہ یہ ہے کہ اپنے بھیگے ہوئے ہاتھوں کو سر کے اگلے حصہ میں رکھ کر گدی تک لے جائے، پھر انھیں وہیں واپس لے آئے جہاں سے آغاز کیا تھا، پھر شہادت کی انگلیوں کو کان کے دونوں سوراخوں میں داخل کرے اور انگوٹھوں سے کان کے باہری حصوں کا مسح کرے۔
جہاں تک عورت کے بالوں کی بات ہے، تو وہ ان کا مسح کرے، چاہے بال لٹکے ہوئے ہوں یا بندھے ہوئے۔ مسح سر کے اگلے حصے سے لے کر گردن پر بالوں کے اگنے کی جگہ تک کرے۔ جو بال پیٹھ پر گرے ہوئے ہوں، ان کا مسح کرنا ضروری نہیں ہے۔
8- پھر دونوں پیروں کو ٹخنوں سمیت تین بار دھوئے۔ ٹخنہ پنڈلی کے آخری حصے میں ابھری ہوئی ہڈیاں ہیں۔
- جسے پانی نہ ملے وہ تیمم کرے۔ تیمم سے مراد پانی نہ ملنے یا اس کے استعمال میں دشواری ہونے پر مٹی یا زمین کی سطح کی چیزوں (پتھر اور ریت وغیرہ) کا استعمال کرنا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: "پانی نہ ملے تو پاک مٹی کا قصد کرو اور اپنے منہ اور اپنے ہاتھ مل لو۔ بے شک اللہ تعالیٰ معاف کرنے واﻻ، بخشنے واﻻ ہے۔" [النساء: 43]۔
تیمم کا طریقہ یہ ہے کہ دونوں ہتھیلیوں کے اندرونی حصے کو ایک بار مٹی پر مارے اور چہرے اور دونوں ہتھیلیوں کے ظاہری حصے کا ایک بار مسح کرے، جیسا کہ نبی ﷺ نے عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ سے فرمایا تھا : "تمھارے لیے بس اتنا ہی کافی تھا"۔ یہ کہتے وقت نبی ﷺ نے اپنی دونوں ہتھیلیوں کو زمین پر مارا اور ان میں پھونک ماری، پھر ان سے اپنے چہرہ اور دونوں ہتھیلیوں کا مسح کیا۔ (بخاری ومسلم)
اوپر مذکور تفصیل کی دلیل عثمان کے آزاد کردہ غلام حمران کی وہ حدیث ہے، جس میں وہ عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے بارے میں کہتے ہيں : "انھوں نے وضو کا پانی منگوایا، پھر وضو کیا تو اپنے دونوں ہاتھوں کو تین بار دھویا، پھر کلی کی اور ناک جھاڑی، پھر اپنا چہرہ تین بار دھویا، پھر اپنا دایاں ہاتھ کہنی تک تین بار دھویا، پھر بایاں ہاتھ اسی طرح دھویا، پھر اپنے سر کا مسح کیا، پھر اپنا دایاں پاؤں ٹخنوں تک تین بار دھویا، پھر بایاں پاؤں اسی طرح دھویا، پھر فرمایا : میں نے رسول اللہ ﷺ کو اپنے اس وضو کی طرح وضو کرتے دیکھا ہے اور اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے کہا ہے: "جس نے میرے اس وضو کی طرح وضو کیا، پھر کھڑا ہوا اور دو رکعت نماز پڑھی جس میں اس نے اپنے نفس سے کوئی بات نہ کی، اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔" صحیح مسلم۔
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ، آپ کی اولاد اور تمام صحابہ کرام پر۔
***
سوال:
نماز کا طریقہ کیا ہے؟
جواب:
نماز کا طریقہ ملاحظہ ہو:
1- اپنے پورے جسم کے ساتھ قبلہ رخ ہو کر کھڑا ہو، نہ دائیں بائیں مڑے اور نہ ادھر ادھر دیکھے۔
2- پھر دل سے اس نماز کی نیت کرے جو وہ پڑھنے والا ہو۔ زبان سے نہیں۔
3- پھر (اللہ اکبر) کہتے ہوۓ دونوں ہاتھوں کو کندھوں کے برابر اٹھائے۔
4- پھر دائیں ہاتھ کو بائیں ہتھیلی پر سینہ کے اوپر رکھے۔
5- پھر یہ دعا پڑھتے ہوئے نماز شروع کرے: ”اے اللہ! میرے اور میری خطاؤں کے درمیان ایسی دوری کر دے، جیسی دوری تو نے مشرق و مغرب کے درمیان رکھی ہے۔ اے اللہ! مجھے خطاؤں سے اسی طرح پاک کر دے، جس طرح سفید کپڑے کو میل سے صاف کیا جاتا ہے۔ اے اللہ! مجھے میری خطاؤں سے پانی اور برف اور اولے سے دھو دے۔“
یا پھر یہ دعا پڑھے: ”اے اللہ! تو پاک ہے، تیری ہی تعریف ہے، تیرا نام بابرکت ہے، تیری شان سب سے اونچی ہے اور تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں ہے۔“
6- پھر ان الفاظ میں تعوذ پڑھے : «أَعُوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ» یعنی میں شیطان مردود کے شر سے اللہ کی پناہ چاہتا ہوں۔
7- پھر یوں سورۂ فاتحہ پڑھے : شروع کرتا ہوں اللہ تعالیٰ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم واﻻ ہے۔ سب تعریف اللہ تعالیٰ کے لیے ہے، جو تمام جہانوں کا پالنے واﻻ ہے۔ بڑا مہربان نہایت رحم کرنے واﻻ۔ بدلے کے دن (یعنی قیامت) کا مالک ہے۔ ہم صرف تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور صرف تجھ ہی سے مدد چاہتے ہیں۔ ہمیں سیدھی (اور سچی) راه دکھا۔ ان لوگوں کی راه جن پر تو نے انعام کیا، ان کی نہیں جن پر غضب کیا گیا (یعنی وه لوگ جنہوں نے حق کو پہچانا، مگر اس پر عمل پیرا نہیں ہوئے) اور نہ گمراہوں کی (یعنی وه لوگ جو جہالت کے سبب راه حق سے برگشتہ ہوگئے)۔ [الفاتحہ:1-7]۔
پھر کہے : (آمین) یعنی اے اللہ قبول فرما۔
8- پھر جتنی ممکن ہو قرآن کی تلاوت کرے۔ فجر کی نماز میں قرأت لمبی ہو۔
9- پھر رکوع کرے۔ یعنی اللہ تعالی کی تعظیم کے طور پہ اپنی پیٹھ کو جھکائے۔ رکوع کرتے وقت کندھوں تک ہاتھوں کو اٹھاتے ہوئے تکبیر کہے۔ سنت یہ ہے کہ پیٹھ کو سیدھا رکھے، سر کو اس کے برابر رکھے اور کھلی انگلیوں کے ساتھ ہاتھوں سے گھٹنوں کو پکڑے۔
10- رکوع میں کہے: ”سُبْحَانَ رَبِّيَ الْعَظِيمِ۔“ یعنی پاک ہے میرا رب، جو بڑی عظمت والا ہے۔ تین مرتبہ۔ اگر یہ الفاظ بھی کہے: ”اے اللہ! پاک ہے تو اپنی تعریفوں سمیت۔ اے اللہ! میری مغفرت فرما دے۔“ تو اچھی بات ہے۔
11- پھر رکوع سے سر اٹھاتے ہوئے کہے: ”سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهُ۔“ یعنی اللہ نے اس کی سن لی، جس نے اس کی تعریف کی۔ اس وقت اپنے دونوں ہاتھوں کو کندھوں کے برابر اٹھائے۔ مقتدی ”سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهُ“ نہ کہے۔ بلکہ اس کی بجائے کہے: ”رَبَّنَا وَلَكَ الْحَمْدُ“ یعنی اے ہمارے رب! تمام تعریفیں تیری ہی ہیں۔
12 - پھر سر اٹھانے کے بعد یہ دعا پڑھے: ”اے ہمارے رب! تیری ہی تعریف ہے، اتنی کہ جس سے آسمان و زمین بھر جائیں اور اس کے بعد ہر وہ چیز بھر جائے، جو تو چاہے۔“
13- پھر پہلا سجدہ کرے اور سجدہ کرتے وقت یہ دعا پڑھے: ”اللہ اکبر،“ سجدہ درج ذیل سات اعضا پر کرے: پیشانی، ناک (یہ دونوں مل کر ایک)، ہتھیلیاں، گھٹنے اور پیروں کے کنارے۔ سجدے میں بازوؤں کو پہلوؤں سے دور رکھے، ہاتھوں کو زمین پر نہ بچھائے اور انگلیوں کو قبلہ رخ رکھے۔
14- سجدہ میں کہے: ”سُبْحَانَ رَبِّيَ الأَعْلَى“ یعنی پاک ہے میرا اعلی رب۔ تین مرتبہ۔ اگر مزید یہ الفاظ بھی کہے: ”پاک ہے تو اے اللہ ! اے ہمارے رب ! اپنی تعریف کے ساتھ، اے اللہ ! میرى مغفرت فرما دے۔“ تو اچھی بات ہے۔
15- پھر سجدہ سے سر اٹھائے اور کہے: ”اللہ اکبر۔“
16- پھر دونوں سجدوں کے درمیان بائیں پیر پر بیٹھے، دایاں پیر کھڑا رکھے اور اپنے ہاتھوں کو رانوں اور گھٹنوں پر رکھ لے۔
17- دونوں سجدوں کے درمیان بیٹھ کر یہ دعا پڑھے : ”اے میرے رب! مجھے بخش دے، مجھ پر رحم فرما، مجھے ہدایت دے، مجھے روزی عطا کر، میرے نقصان پورے فرما اور مجھے عافیت دے۔“
18- پھر تکبیر کہتے ہوئے دوسرے سجدہ میں جائے اور پہلے سجدہ ہی کے انداز میں یہ سجدہ مکمل کرے۔
19- پھر یہ کہتے ہوئے دوسرے سجدہ سے اٹھے: ”اللہ اکبر“ اور دوسری رکعت بھی پہلی رکعت ہی کی طرح ادا کرے، مگر اس میں دعائے استفتاح نہ پڑھے۔
20- دوسری رکعت مکمل کرکے یہ کہتے ہوئے (سجدہ سے اٹھ کر) بیٹھے: ”اللہ اکبر“، اور اس طرح بیٹھے جیسے دونوں سجدوں کے درمیان بیٹھتا ہے۔
21- اور اس بیٹھک میں ان الفاظ میں تشہد پڑھے: ”ساری حمد وثنا، تمام عبادتیں اور دعائیں اور تمام پاکیزہ اقوال واعمال اللہ کے لیے ہیں۔ اے نبی! آپ پر سلام ہو اور اللہ کی رحمت اور اس کی برکت نازل ہو۔ سلام ہو ہم پر اور اللہ کے نیک بندوں پر۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور گواہی دیتا ہوں کہ بے شک محمد ﷺ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔ اے اللہ! تو محمد اور آل محمد پر رحمت نازل فرما، جس طرح تو نے ابراہیم اور ان کی آل پر رحمت نازل فرمائی ہے۔ تو حمد و ستائش کے لائق ہے اور عظمت والا ہے۔ اے اللہ! تو محمد اور آل محمد پر برکت نازل فرما، جس طرح تونے ابراہیم اور ان کی آل پر برکت نازل فرمائی ہے۔ تو حمد و ستائش کے لائق ہے اور عظمت والا ہے۔ میں جہنم کے عذاب سے، قبر کے عذاب سے، زندگی اور موت کے فتنے سے اور مسیح دجال کے فتنے سے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں۔“ پھر دنیا و آخرت کی بھلائی پانے کے لیے جو دعا چاہے اپنے رب سے کرے۔
22- پھر دائیں طرف یہ کہتے ہوئے سلام پھیرے: ”السَّلام علیکم ورحمۃ اللہ“ اور اسی طرح بائیں طرف بھی سلام پھیرے۔
23- جب نماز تین رکعت یا چار رکعت والی ہو، تو پہلے تشہد کے آخر میں یعنی ان الفاظ کو کہنے کے بعد رک جائے: ”أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ، وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ۔“ (میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبود برحق نہیں ہے اور میں اس بات کی بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد ﷺ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔)
24- پھر یہ کہتے ہوئے کھڑا ہوجائے: ”اللہ اکبر“، اس وقت اپنے دونوں ہاتھوں کو کندھوں کے برابر اٹھائے۔
25- پھر باقی نماز دوسری رکعت ہی کی طرح ادا کرے، لیکن اس میں صرف سورۂ فاتحہ پڑھے۔
26- آخری تشہد میں تورّک کرے۔ یعنی دائیں پیر کو کھڑا رکھے اور بائیں پیر کو دائیں پنڈلی کے نیچے سے نکال کر اچھی طرح زمین پر بیٹھے۔ پہلے تشہد ہی کی طرح اس تشہد میں بھی ہاتھوں کو رانوں پہ رکھے۔
27- اس بیٹھک میں پورا تشہد پڑھے (جس کا ذکر اوپر دو رکعت والی نماز کے بیان میں گزر چکا ہے۔)
28- پھر دائیں طرف یہ کہتے ہوئے سلام پھیرے: ”السَّلام علیکم ورحمۃ اللہ“ اسی طرح بائیں طرف بھی سلام پھیرے۔ درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
***
سوال:
کعبہ کیا ہے؟ کیا مسلمان کعبہ کی عبادت کرتے ہیں؟
جواب:
کعبہ مسلمانوں کا قبلہ ہے اور وہ اس کی جانب رخ کر کے نماز پڑھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "اب ہم آپ کو اس قبلہ کی جانب متوجہ کریں گے جس سے آپ خوش ہوجائیں۔ آپ اپنا منہ مسجد حرام کی طرف پھیر لیں اور آپ جہاں کہیں ہوں اپنا منہ اسی طرف پھیرا کریں۔" [البقرۃ: 144]
فریضہ حج و عمرہ کی ادائیگی کے دوران وہ اس کا طواف کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : "...اور اللہ کے قدیم گھر کا طواف کریں۔" [الحج : 29]۔
کعبہ مکہ مکرمہ واقع وہ عظیم الشان عمارت ہے جس کی تعمیر کا حکم اللہ نے اپنے نبی اور خلیل ابراہیم علیہ السلام کو دیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "اور جب کہ ہم نے ابراہیم (علیہ السلام) کو کعبہ کے مکان کی جگہ مقرر کر دی اس شرط پر کہ میرے ساتھ کسی کو شریک نہ کرنا اور میرے گھر کو طواف، قیام اور رکوع سجده کرنے والوں کے لئے پاک صاف رکھنا۔" [الحج: 26]
کعبہ روئے زمین پر اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے کے لیے بنایا جانے والا پہلا گھر ہے۔ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا ارشاد ہے: "اللہ تعالیٰ کا پہلا گھر جو لوگوں کے لیے مقرر کیا گیا، وہی ہے جو مکہ (شریف) میں ہے، جو تمام دنیا کے لیے برکت وہدایت واﻻ ہے۔" [آل عمران: 96]۔
جہاں تک دوسرے سوال کے جواب کا تعلق ہے تو مسلمان خانۂ کعبہ اور حجرِ اسود کی عبادت نہیں کرتے، وہ ان کے سامنے عاجزی اور تذلل کا اظہار نہیں کرتے، بلکہ محض ان کا احترام اور تعظیم کرتے ہیں۔ وہ خانۂ کعبہ اور حجرِ اسود سے کسی قسم کے اوامر و نواہی اخذ نہیں کرتے؛ کیوں کہ ان کے اندر نفع و نقصان پہنچانے کی صلاحیت نہیں ہوتی اور نہ ہی ان سے کوئی ایسی چیز صادر ہوتی ہے، جس میں کسی قسم کی رہنمائی یا ہدایت ہو۔ بوسہ لینا، تعظیم کرنا اور خانۂ کعبہ کی جانب رخ کرنا تو مسلمانوں کے اتحاد اور ان کے مقصد کی یک جہتی کے مظاہر میں سے ہیں۔ مسلمان اس کی زیارت اور اس کے گرد طواف محض اللہ تعالیٰ کے حکم کی تعمیل میں کرتے ہیں اور یہ خالص اللہ واحد کی عبادت ہیں، خانۂ کعبہ کی نہيں۔ مسلمان یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ یہ محض پتھر ہیں، جن کے اندر نفع و نقصان پہنچانے کی صلاحیت نہیں ہوتی، وہ تو بس اللہ تعالیٰ کے حکم کی تعمیل کرتا ہے؛ کیوں کہ یہی اللہ رب العالمین کی بندگی کا تقاضہ ہے۔
مثلا عمر رضی اللہ عنہ کے اس قول کو دیکھیں کہ انہوں نے حجر اسود کو بوسہ دیا اور فرمایا: ”میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ تو ایک پتھر ہے نہ تو کوئی نقصان پہنچا سکتا ہے اور نہ ہی کوئی نفع، اگر میں نے نبی ﷺ کو تجھے بوسہ دیتے ہوئے نہ دیکھا ہوتا تو میں تجھے بوسہ نہ دیتا۔“ [بخاری و مسلم]۔
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد پر، آپ کی اولاد اور تمام صحابہ کرام پر۔
***
(موت کے بعد دوبارہ زندہ کرکے اٹھائے جانے کا بیان)
سوال:
موت کے بارے میں مسلمان کا عقیدہ کیا ہے؟
جواب:
ہر قسم کی تعریف اللہ ہی کی ہے۔ جس طرح اللہ تعالیٰ نے حیات کو پیدا کیا ہے اسی طرح موت کو بھی پیدا کیا ہے، جیسا کہ اس نے کہا ہے: "جس نے موت اور حیات کو اس لیے پیدا کیاکہ تمہیں آزمائے کہ تم میں سے اچھے کام کون کرتا ہے اور وه غالب (اور) بخشنے واﻻ ہے۔" [الملک: 2]، لہذا موت اور زندگی، رات دن کا اختلاف، سب عظیم نشانیاں ہیں، جو ایک ایسے عظیم خالق کے وجود کی دلیلیں ہیں، جو اس کائنات اور اس میں موجود ہر چیز کی تدبیر کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "اور یہ وہی ہے جو جِلاتا اور مارتا ہے اور رات دن کے رد و بدل کا مختار بھی وہی ہے۔ کیا تم کو سمجھ بوجھ نہیں؟" [المؤمنون: 80] اللہ ہی زندہ کرتا ہے اور وہی مارتا ہے۔ چنانچہ موت، جیسا کہ ہم نے بیان کیا، رب جل جلالہ کے وجود پر دلالت کرنے والے دلائل میں سے ایک ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "اور وہی اپنے بندوں کے اوپر غالب و برتر ہے اور تم پر نگہداشت رکھنے والے بھیجتا ہے، یہاں تک کہ جب تم میں سے کسی کو موت آ پہنچتی ہے، اس کی روح ہمارے بھیجے ہوئے فرشتے قبض کرلیتے ہیں اور وه ذرا کوتاہی نہیں کرتے۔" [الانعام: 61]
موت ایک ایسا امرِ الٰہی ہے جس پر اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کو قدرت نہیں۔ چنانچہ آپ دیکھتے ہیں کہ انسان اپنی طاقت کے عروج اور جوانی کے جوبن میں ہوتا ہے، جیسے کوئی کھلاڑی اپنے کھیل کے میدان میں ہوتا ہے اور موت اسے اس کے تماشائیوں کے سامنے اچک لیتی ہے، ایک بادشاہ اپنی سلطنت میں اپنے محافظوں اور لشکروں کے درمیان ہوتا ہے اور موت اسے اچک لیتی ہے اور کوئی اسے موت کے جبڑے سے نکال نہیں پاتا۔ اسی لیے یہ امر رب جل جلالہ کے وجود کے دلائل میں سے ہے۔
قرآن و سنت کی روشنی میں موت کی دو قسمیں ہیں:
پہلی: یہ معنوی موت ہے۔ معنوی موت یہ ہے کہ انسان کفر کی حالت میں رہے۔ اللہ نے اسے موت کا نام اس لیے دیا ہے کہ اس حالت میں انسان اپنی عقل، سماعت اور بصارت کو معطل کر چکا ہوتا ہے۔ لہذا وہ مُردہ کے مشابہ ہے۔ ورنہ یہ کیسے ممکن ہے کہ انسان زندگی میں آئے، پھر دیکھے کہ اللہ نے اس کے لیے رہنے کی جگہ تیار کر رکھی ہے، آسمانوں اور زمین کو اس کے لیے مسخر کر دیا ہے، اس کے پینے اور کھانے کا انتظام کر رکھا ہے، ایسی چیزیں پیدا کر دی ہیں جو اسے گرمی، سردی اور بارش سے بچائيں، اسے اس زمین پر جینے کے لیے سازگار بنایا ہے، پھر انسان اس زندگی میں جیتا ہے اور یہ گمان کرتا ہے کہ وہ زندہ ہے اور اس کے پاس سماعت، بصارت اور ایسا دل ہے جس سے وہ سمجھ سکتا ہے، پھر بھی وہ یہ نہیں جانتا کہ اس کائنات کا ایک خالق ہے جس نے اسے پیدا کیا ہے اور نہ اس رب کی عبادت کرتا ہے جس نے اسے وجود بخشا ہے۔ کیا وہ اپنے تمام اعضا کو ایک خالقِ حکیم کی تدبیر سے منظم نہیں دیکھتا؟ ایسا انسان جو اپنے خالق کو نہیں جانتا اور اپنے اردگرد کی چیزوں کا مفید ادراک نہیں رکھتا، اس کے اندر اور اپنی قبر میں دفن اس مُردے کے اندر کیا فرق ہے جو اپنے اردگرد کی چیزوں سے واقف نہيں ہوتا؟ بے شک یہ انسان - زندوں میں مُردہ - قرآنِ عظیم کے مطابق جانوروں سے بھی زیادہ گمراہ ہے؛ کیونکہ کم از کم جانور اپنے بھائی پر زیادتی نہیں کرتا، نہ اس سے حسد کرتا ہے، نہ اسے قتل کرتا ہے اور نہ اس سے جھوٹ بولتا ہے۔ کیا تم نے کسی گدھے کو دیکھا ہے جو دوسرے گدھے کے پاس موجود چیز پر اس سے حسد کرے، اسے دھوکہ دے یا اس پر ظلم کرے؟ جانور اپنے حواس کو اس چیز میں استعمال کرتا ہے جو اس کے لیے مفید ہو اور اپنے ادراک سے اس چیز سے بچتا ہے جو اس کے لیے نقصان دہ ہو۔
قرآن کریم نے بیان کیا ہے کہ کافر اپنے حواس اور قوتوں کو اس مقصد کے لیے استعمال نہیں کرتا جس کے لیے اسے پیدا کیا گیا ہے۔ نہ ہی ان کاموں میں، جو اسے فائدہ پہنچائیں اور ہمیشہ کی بدبختی سے نکال باہر کریں، بلکہ وہ اپنے حواس کو ان کاموں میں لگاتا ہے، جن میں اس کا نقصان اور خسارہ ہے۔
یہاں ایک سوال ہے: قرآن کریم کب زندوں میں سے مردہ شخص کو زندہ شمار کرتا ہے؟ وہ اس وقت زندہ قرار پاتا ہے جب وہ اپنی عقلی قوتوں اور اپنی سماعت و بصارت کا صحیح استعمال کرے، پھر یہ حواس اور قوتیں اسے اپنے خالق پر ایمان لانے کی طرف لے جائیں۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "ایسا شخص جو پہلے مرده تھا، پھر ہم نے اس کو زنده کردیا اور ہم نے اس کو ایک ایسا نور دے دیا کہ وه اس کو لیے ہوئے آدمیوں میں چلتا پھرتا ہے۔ کیا ایسا شخص اس شخص کی طرح ہوسکتا ہے، جو تاریکیوں سے نکل ہی نہیں پاتا؟ اسی طرح کافروں کو ان کے اعمال خوش نما معلوم ہوا کرتے ہیں۔" [الأنعام: 122]
دوسری: معروف موت، جس سے مراد روح کا بدن سے جدا ہو جانا ہے اور جسے تمام ثقافتیں اور معاشرے جانتے ہیں۔ اس کا سامنا مسلمان اور کافر دونوں کو کرنا پڑتا ہے۔ چنانچہ جب موت کا وقت آتا ہے تو اللہ تعالیٰ موت کے فرشتوں کو بھیجتا ہے تاکہ وہ اس انسان کی روح قبض کر لیں جس کی وفات کا وقت آچکا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "کہہ دیجیے کہ تمہیں موت کا فرشتہ فوت کرے گا جو تم پر مقرر کیا گیا ہے۔ پھر تم سب اپنے پروردگار کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔" [السجدۃ: 11]
چنانچہ بغیر اللہ کے حکم کے کوئی کسی کو نہیں مار سکتا، تو اللہ کے سوا کون مارنے والا ہو سکتا ہے؟ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: "وہی جان ڈالتا ہے، وہی جان نکالتا ہے اور تم سب اسی کے پاس ﻻئے جاؤ گے۔" [یونس: 56] اللہ کی ذات ایک ایسی ذات ہے کہ جب وہ کسی کی موت کا فیصلہ کر دے، تو اسے کوئی ٹال نہیں سکتا اور جب وہ کسی کی عمر دراز کرنے کا فیصلہ کر لے تو کوئی اسے موت نہیں دے سکتا۔ موت و حیات اللہ سبحانہ کے ہاتھ میں ہے۔ ارشاد باری ہے: "ہم ہی نے تم میں موت کو متعین کر دیا ہے اور ہم اس سے ہارے ہوئے نہیں ہیں۔" [الواقعۃ: 60]، ایک اور جگہ ارشاد ہے : "کہہ دیجیے کہ اگر تم سچے ہو تو اپنی جانوں سے موت کو ہٹا دو۔" [آل عمران: 168]۔
موت کا ایک مقررہ وقت ہے، جو نہ آگے ہو سکتا ہے اور نہ پیچھے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "جب ان کا وه وقت آجاتا ہے، تو وه ایک ساعت نہ پیچھے ره سکتے ہیں اور نہ آگے بڑھ سکتے ہیں۔" [النحل: 61]
یہاں ایک اور سوال ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا قرآن و سنت کے مطابق مومن کی موت کافر کی موت سے مختلف ہوتی ہے؟ تو ہم کہتے ہیں: ہاں، دونوں میں بہت بڑا فرق ہوتا ہے، لیکن اس بات کا احساس صرف اسی کو ہوتا ہے جس کی موت کا وقت قریب آچکا ہو، نیز یہ کہ یہ ایک غیبی حقیقت ہے جس کا ہر انسان کو سامنا کرنا پڑے گا، خواہ اسے اس کا علم ہو یا نہ ہو، اس پر ایمان لایا ہو یا اس کا انکار کیا ہو۔ چنانچہ قرآنِ کریم نے اس کے بارے میں بتا دیا ہے اور اسے واضح کر دیا ہے؛ تاکہ انسان اپنی موت کے وقت اچانک حیران نہ رہ جائے اور قیامت کے دن اپنے رب سے یہ نہ کہے کہ تو نے مجھے بتایا کیوں نہيں تھا؟
جہاں تک مؤمن کی موت کا تعلق ہے تو اسے قرآن کریم کی مندرجہ ذیل آیاتِ کریمہ واضح کرتی ہیں۔ ان میں بتایا گیا ہے کہ جب مومن کی موت کا وقت آتا ہے تو اس پر رحمت کے فرشتے نازل ہوتے ہیں، جو اسے اللہ کی خوشنودی کی خوش خبری سناتے ہیں۔ فرمان باری تعالی ہے: "اے اطمینان والی روح! تو اپنے رب کی طرف لوٹ چل اس طرح کہ تو اس سے راضی، وه تجھ سے خوش۔ پس میرے خاص بندوں میں داخل ہو جا۔ اور میری جنت میں چلی جا۔" [الفجر: 27-30]، اسے یہ بشارت بھی دی جاتی ہے کہ پیش آنے والے حالات سے نہ خوف کرے اور نہ اولاد و والدین کے پيجھے چھوڑنے پر غمگین ہو۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "(واقعی) جن لوگوں نے کہا کہ ہمارا پروردگار اللہ ہے، پھر اسی پر قائم رہے، ان کے پاس فرشتے (یہ کہتے ہوئے آتے ہیں کہ تم کچھ بھی اندیشہ اور غم نہ کرو، (بلکہ) اس جنت کی بشارت سن لو، جس کا تم وعده دیے گئے ہو۔" [فصلت: 30]۔
جہاں تک کافر کی موت کا تعلق ہے تو وہ ایک بھیانک موت اور کٹھن مرحلہ ہے، جس میں اس پر سکراتِ موت، دنیا سے جدائی کا غم، اہل و عیال اور اولاد کا رنج، جس انجام کی طرف وہ جا رہا ہے اس کا خوف اور نزعِ روح کے وقت عذاب کے فرشتوں کا سامنا؛ یہ سب ایک ساتھ جمع ہو جاتے ہیں۔ اس ہولناک منظر کو درج ذیال آیات واضح کرتی ہیں : "اور اگر آپ اس وقت دیکھیں، جب کہ یہ ظالم لوگ موت کی سختیوں میں ہوں گے اور فرشتے اپنے ہاتھ بڑھا رہے ہوں گے کہ ہاں اپنی جانیں نکالو۔ آج تم کو ذلت کی سزا دی جائے گی اس سبب سے کہ تم اللہ تعالیٰ کے ذمہ جھوٹی باتیں لگاتے تھے اور تم اللہ تعالیٰ کی آیات سے تکبر کرتے تھے۔" [الانعام: 93]، ایک اور جگہ ارشاد ہے : "کاش کہ تو دیکھتا جب کہ فرشتے کافروں کی روح قبض کرتے ہیں، ان کے منہ پر اور سرینوں پر مار مارتے ہیں (اور کہتے ہیں) تم جلنے کا عذاب چکھو۔ یہ بہ سبب ان کاموں کے، جو تمہارے ہاتھوں نے پہلے ہی بھیج رکھا ہے۔ بے شک اللہ اپنے بندوں پر ظلم کرنے واﻻ نہیں۔" [الأنفال: 50-51] ایک اور جگہ ارشاد ہے : "پس ان کی کیسی درگت ہوگی جب کہ فرشتے ان کی روح قبض کرتے ہوئے ان کے چہروں اور ان کی سرینوں پر ماریں گے۔" [محمد: 27] پس یہ کافر کے لیے ذلت و رسوائی کا مقام ہے۔ ارشادِ ربانی ہے: "پس آج اللہ کے عذاب جیسا عذاب کسی کا نہ ہوگا۔ نہ اس کی قید و بند جیسی کسی کی قید و بند ہوگی۔" [الفجر: 25-26]
ایک حدیث میں کافر کی موت اور اس کی روح قبض کیے جانے کی کیفیت بیان کرتے ہوئے نبی ﷺنے فرمایا ہے : "اور بلاشبہ کافر جب دنیا سے جانے ہونے اور آخرت کی طرف کوچ کرنے کے عالم میں ہوتا ہے، تو اس کے پاس سخت دل مضبوط فرشتے اترتے ہیں۔ چنانچہ وہ اس کی روح کو اس طرح کھینچ کر قبض کرتے ہیں جس طرح گیلی اون سے بہت سی شاخوں والی سیخ کھینچی جاتی ہے۔ اس کی جان رگوں کے ساتھ کھینچ لی جاتی ہے۔ اس وقت آسمان اور زمین کے درمیان کا ہر فرشتہ اور آسمان کا ہر فرشتہ اس پر لعنت کرتا ہے۔" [مسند احمد: 18614]۔
روح کی موت کا مطلب ہے بدن سے اس کا جدا ہو جانا۔ کیوں کہ روحیں فنا نہیں ہوتیں، بلکہ برزخی زندگی کی طرف منتقل ہو جاتی ہیں۔ لیکن برزخی زندگی میں وہ ایک جسم سے کسی دوسرے جسم میں منتقل نہیں ہوتیں، جیسا کہ تناسخِ ارواح کا عقیدہ کہتا ہے۔ برزخی زندگی، اخروی زندگی کی طرح دنیوی زندگی سے بھی مختلف ہے۔ موت کے بعد روح کا جسم سے تعلق برقرار رہتا ہے اور برزخی زندگی میں جسم اور روح دونوں ایک ساتھ نعمتوں سے سرفراز ہوتے اور عذاب کا سامنا کرتے ہیں، جس کی کیفیت ہمیں معلوم نہیں ہے۔ البتہ حکمت والے اور ہر چيز سے باخبر اللہ نے ہمیں اس کے بارے میں بتا دیا ہے۔ چنانچہ بندۂ مومن کی روح جنت میں ہوتی ہے اور کافر کی روح جہنم میں، گرچہ اس برزخی زندگی میں دونوں کے خاکی بدن اپنی جائے وفات پر یا قبر ہی میں کیوں نہ موجود ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ عظیم کے ذریعے ہمیں بتا دیا ہے کہ آلِ فرعون آج اپنی قبروں میں کس طرح عذاب میں مبتلا ہیں۔ اس کا ارشاد ہے: "آگ ہے، جس کے سامنے یہ ہر صبح شام ﻻئے جاتے ہیں اور جس دن قیامت قائم ہوگی (فرمان ہوگا کہ) فرعونیوں کو سخت ترین عذاب میں ڈالو۔" [غافر: 46]
پھر جب قیامت کا دن ہوگا، تو اللہ تعالیٰ بوسیدہ ہڈیوں کو دوبارہ جسموں میں تبدیل ہونے کا اذن فرمائے گا اور وہ اٹھ کھڑی ہوں گی تاکہ ہر روح اپنے جسم میں لوٹ آئے۔ اس کے بعد حساب و کتاب ہوگا، جس کے نتیجے میں اہلِ ایمان ہمیشہ ہمیش کے لیے جنت میں سکونت پذیر ہوں گے اور کافر ہمیشہ ہمیش کے لیے جہنم میں داخل ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "جس دن تم سب کو اس جمع ہونے کے دن جمع کرے گا، وہی دن ہے ہار جیت کا اور جو شخص اللہ پر ایمان ﻻکر نیک عمل کرے، اللہ اس سے اس کی برائیاں دور کر دے گا اور اسے جنتوں میں داخل کرے گا، جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں، جن میں وه ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ یہی بہت بڑی کامیابی ہے۔ اور جن لوگوں نے کفر کیا اور ہماری آیتوں کو جھٹلایا وہی سب جہنمی ہیں، جو جہنم میں ہمیشہ رہیں گے اور وه بہت برا ٹھکانا ہے۔" [سورہ تغابن: 9-10]، ایک اور جگہ ارشاد ہے : "جن لوگوں نے کفر کیا اور ظلم کیا، انہیں اللہ تعالیٰ ہرگز ہرگز نہ بخشے گا اور نہ انہیں کوئی راه دکھائے گا۔ بجز جہنم کی راه کے، جس میں وه ہمیشہ ہمیشہ پڑے رہیں گے اور یہ اللہ تعالیٰ پر بالکل آسان ہے۔" [النساء: 168-169]۔ درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد پر۔
***
سوال:
موت کے بعد دوبارہ زندہ کرکے اٹھائے جانے کا اثبات کیسے ممکن ہے؟
جواب:
بعث کا انکار کرنے والے پر تعجب ہے، کیونکہ یہ ایک ایسا امر ہے، جس کا حکمت تقاضا کرتی ہے، تمام الہی رسالتیں اس پر ایمان رکھتی ہیں اور بالعموم کوئی ایسا دین نہیں پایا جاتا جو کسی نہ کسی صورت یا شکل میں بعث پر عقیدہ نہ رکھتا ہو۔ اب سوال کا جواب ملاحظہ ہو :
اولاً: مخلوق کو دوبارہ زندہ کرنا عدل و حکمت کا تقاضا ہے۔ اگر ہم فرض کر لیں کہ انسان کو دوبارہ زندہ نہیں کیا جائے گا، تو ایسی صورت میں اس روئے زمین پر اس کا وجود لایعنی بن کر رہ جائے گا۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "کیا تم یہ گمان کیے ہوئے ہو کہ ہم نے تمہیں یوں ہی بیکار پیدا کیا ہے اور یہ کہ تم ہماری طرف لوٹائے ہی نہ جاؤ گے؟" [المؤمنون: 115]۔
اگر ہم یہ فرض کر لیں کہ مرنے کے بعد دوبارہ زندہ نہیں کیا جائے گا، تو ظالم سے مظلوم کا بدلہ کیسے لیا جائے گا؟ زمین میں فساد پھیلانے والوں کو کیسے سزا دی جائے گی جب وہ اس سے پہلے ہی طبعی موت مر جائیں کہ انصاف کا ہاتھ ان تک پہنچ کر ان سے بدلہ لے سکے؟ ان مصلحین کو کیسے جزا دی جائے گی جنہوں نے کمزوروں کے لیے عظیم خدمات انجام دیں اور دنیا میں انہیں اپنے اعمال کا کوئی انعام نہ ملا؟ لہذا ایک ایسے دن کا ہونا ضروری ہے، جس میں لوگ رب العالمین کے حضور کھڑے ہوں، تاکہ ہر ایک کو اس کے عمل کا بدلہ دیا جائے۔ فرمان الہی ہے: "کیا ہم مسلمانوں کو مثل گناه گاروں کے کردیں گے۔" [القلم: 35]۔
ہم اسے ایک مثال سے واضح کرتے ہیں۔ اگر کوئی سرکش انسان ایک ہزار افراد کو قتل کر دے، عورتوں کی آبرو ریزی کرے، اموال لوٹ لے، پھر وہ طبعی موت مر جائے، انصاف کے ہاتھ اس تک نہ پہنچ سکیں اور اس سے بدلہ نہ لیا جا سکے، تو وہ اپنے جرم کی سزا کیسے پائے گا؟ ان مظالم کی تلافی کیسے ہوگی؟ جو خون بہائے گئے، جن عزتوں کو پامال کیا گیا اور جو مال چھینے گئے، ان کے حق داروں کو ان کا حق کیسے دلایا جائے گا؟ اگر دوبارہ زندہ کیے جانے کا انتظام نہ ہوتا تو یہ انتہائی ظلم و زیادتی کی بات ہوتی کہ زمین میں فساد مچانے والا سرکش مجرم اپنی سزا سے بچ جائے۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ ہر مظلوم کو ظالم سے اس کا حق دلائے گا۔ فرمان الہی ہے: "جن لوگوں نے ہماری آیتوں سے کفر کیا، انہیں ہم یقیناً آگ میں ڈال دیں گے۔ جب ان کی کھالیں پک جائیں گی، ہم ان کے سوا اور کھالیں بدل دیں گے، تاکہ وه عذاب چکھتے رہیں۔ یقیناً اللہ تعالیٰ غالب حکمت واﻻ ہے۔" [النساء: 56] چنانچہ کافر کو آگ میں جلایا جائے گا اور جب بھی اس کی کھال جل کر پک جائے گی تو اس کے جسم پر دوسری کھال چڑھا دی جائے گی، تاکہ وہ عذاب کا مزہ چکھ سکے۔ یہاں تک کہ اس سے اس کے کیے ہوئے ہر ظلم کا بدلہ لیا جائے۔ اگر اس نے ہزار جانیں بھی قتل کی ہوں گی، تو اللہ تعالی قیامت کے دن اسے ہزار بار قتل کرے گا۔ اب آپ بتائيں کہ کیا دنیا میں ایسا ہوتا ہے؟ مجرم پر اگر قابو پا لیا جائے اور اس نے سو لوگوں کو قتل کیا ہو، تو زیادہ سے زیادہ یہی ہوتا ہے کہ اسے ایک بار قتل کر دیا جائے اور وہ مرجائے۔
ثانیاً: بعث (دوبارہ زندہ کیے جانے) کا اثبات درج ذیل دلائل سے کیا جا سکتا ہے:
بے شک جو اللہ آسمانوں اور زمین کی تخلیق پر قادر ہے، وہ لوگوں کو دوبارہ پیدا کرنے پر بھی قادر ہے۔ جس ذات نے ان عظیم افلاک کو پیدا کیا ہے، وہ لوگوں کو دوسری مرتبہ پیدا کرنے سے عاجز نہیں ہو سکتی۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "آسمان و زمین کی پیدائش یقیناً انسان کی پیدائش سے بہت بڑا کام ہے، لیکن (یہ اور بات ہے کہ) اکثر لوگ بےعلم ہیں۔" [غافر: 57]
بے شک جس اللہ تعالیٰ نے پہلے انسان حضرت آدم علیہ السلام کو مٹی سے پیدا کیا اور انہیں ایک مکمل انسان بنایا، وہ اس بات پر بھی قادر ہے کہ مٹی ہو جانے کے بعد انسان کو دوبارہ زندگی کی طرف لوٹا دے۔ ارشاد باری ہے: "اور اس نے ہمارے لیے مثال بیان کی اور اپنی (اصل) پیدائش کو بھول گیا۔ کہنے لگا : ان گلی سڑی ہڈیوں کو کون زنده کر سکتا ہے؟ کہہ دو : ان کو وہی زنده کرے گا، جس نے ان کو پہلی بار پیدا کیا اور وہ ہر طرح کی پیدائش کو خوب جانتا ہے۔" [یس: 78-79]۔
بے شک جو اللہ ہمیں ہر روز حقیر پانی کے ایک معمولی قطرے سے انسان کی تخلیق کا منظر دکھاتا ہے، وہ اس بات سے عاجز نہیں ہو سکتا کہ مخلوق کو ایک بار پھر پیدا کرے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "لوگو! اگر تمہیں مرنے کے بعد جی اٹھنے میں شک ہے، تو سوچو، ہم نے تمہیں مٹی سے پیدا کیا، پھر نطفہ سے، پھر خون بستہ سے، پھر گوشت کے لوتھڑے سے، جو صورت دیا گیا تھا اور بے نقشہ تھا۔ یہ ہم تم پر ظاہر کر دیتے ہیں، اور ہم جسے چاہیں ایک ٹھہرائے ہوئے وقت تک رحم مادر میں رکھتے ہیں۔ پھر تمہیں بچپن کی حالت میں دنیا میں ﻻتے ہیں، پھر تاکہ تم اپنی پوری جوانی کو پہنچو۔ تم میں سے بعض تو وه ہیں جو فوت کر لیے جاتے ہیں اور بعض بے غرض عمر کی طرف پھر سے لوٹا دیے جاتے ہیں کہ وه ایک چیز سے باخبر ہونے کے بعد پھر بے خبر ہو جائے۔ تو دیکھتا ہے کہ زمین (بنجر اور) خشک ہے، پھر ہم اس پر بارشیں برساتے ہیں، تو وه ابھرتی ہے اور پھولتی ہے اور ہر قسم کی رونق دار نباتات اگاتی ہے۔" [الحج: 5]
اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک مثال سے بات سمجھائی ہے، جس کا ہم اس زندگی میں کثرت سے مشاہدہ کرتے ہیں۔ مثال یہ ہے کہ زمین مردہ اور سخت بنجر ہوتی ہے اور اس میں زندگی کی رمق نہیں ہوتی، پھر اس پر بارش برستی ہے، تو اس میں زندگی کی لہر دوڑ جاتی ہے اور وہ سبزہ زار بن جاتی ہے۔ اس سے سمجھ میں آتا ہے جس نے اس مردہ زمین کو زندہ کیا، وہ مردوں کو بھی زندہ کر سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "اس اللہ کی نشانیوں میں سے (یہ بھی) ہے کہ تو زمین کو دبی دبائی دیکھتا ہے، پھر جب ہم اس پر مینہ برساتے ہیں، تو وه تر و تازه ہوکر ابھرنے لگتی ہے۔ جس نے اسے زنده کیا، وہی یقینی طور پر مُردوں کو بھی زنده کرنے واﻻ ہے۔ بے شک وه ہر (ہر) چیز پر قادر ہے۔" [فصلت: 39]۔
اللہ تعالی نے قرآن کریم میں ہمارے سامنے ایک حیرت انگیز دلیل رکھی ہے، جو مرنے کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے پر دلالت کرتی ہے۔ دلیل یہ ہے کہ تر و تازہ اور سرسبز درخت سے گرم آگ نکلتی ہے، جیسا کہ ہم جنگلات میں لگنے والی آگ میں دیکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "اچھا ذرا یہ بھی بتاؤ کہ جو آگ تم سلگاتے ہو۔ اس کے درخت کو تم نے پیدا کیا ہے یا ہم اس کے پیدا کرنے والے ہیں؟ ہم نے اسے نصیحت کا سبب اور مسافروں کے فائدے کی چیز بنایا ہے۔" [الواقعۃ: 71-73]، لہذا جو گرم آگ کو اس کی ضد یعنی سبز درخت سے نکال سکتا ہے، وہ اس بات پر بھی قادر ہے کہ مردہ سے زندہ کو نکالے۔
بلاشبہ نیند موت اور بعث (دوبارہ اٹھائے جانے) کی ایک چھوٹی تصویر ہے۔ کیا ہم نہیں دیکھتے کہ انسان اپنی بھرپور طاقت اور قوت کی حالت میں ہوتا ہے، پھر اس پر نیند طاری ہو جاتی ہے تو دوران نیند اس کی روح جسم سے نکل جاتی ہے؟ چنانچہ اسے اپنے اردگرد کا کوئی شعور نہیں رہتا۔ لاشعوری کا عالم یہ ہوتا ہے کہ جس گھر میں وہ مقیم ہے، اس میں آگ بھی لگ جائے، تو اسے خبر تک نہیں ہوتی اور کبھی کبھی تو وہ جل بھی جاتا ہے۔ لہذا جب انسان مر جائے گا، تو اسے اسی طرح دوبارہ اٹھایا جائے گا، جیسے وہ اپنی نیند سے جاگتا ہے۔ یہ ایک ایسی حسی اور مشاہداتی دلیل ہے جس کا مشاہدہ ہم میں سے ہر شخص اپنے اندر اور اپنے اردگرد کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : "اور اس کی (قدرت کی) نشانی تمہاری راتوں اور دن کی نیند بھی ہے اور اس کے فضل (یعنی روزی) کو تمہارا تلاش کرنا بھی ہے ۔ جو لوگ (کان لگا کر) سننے کے عادی ہیں ان کے لیے اس میں بہت سی نشانیاں ہیں۔" [الروم: 23]، ایک اور مقام پر ارشاد ہے : "اللہ ہی روحوں کو ان کی موت کے وقت اور جن کی موت نہیں آئی انہیں ان کی نیند کے وقت قبض کر لیتا ہے۔ پھر جن پر موت کا حکم لگ چکا ہے انہیں تو روک لیتا ہے اور دوسری (روحوں) کو ایک مقرر وقت تک کے لیے چھوڑ دیتا ہے۔ غور کرنے والوں کے لیے اس میں یقیناً بہت سی نشانیاں ہیں۔" [الزمر: 42]۔
اللہ نے ہمارے سامنے اپنے انبیا علیہم السلام کے ہاتھوں ظاہر ہونے والے معجزات کا ذکر فرمایا ہے، جن میں مُردہ انسانوں یا جانوروں کا دوبارہ زندہ ہوکر اٹھ کھڑا ہونا بھی شامل ہے۔ خواہ وہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے ہاتھوں سے صادر ہوئے ہوں یا موسیٰ اور عیسیٰ علیہما السلام کے ہاتھوں سے۔ یہ ایک ٹھوس مادی ثبوت ہے، جسے تاریخ نے اس شخص کے لیے محفوظ رکھا ہے، جو زمانے کے واقعات سے عبرت حاصل کرنا چاہتا ہو۔
بعث (موت کے بعد اٹھائے جانے) پر ایمان لانا، ایمان بالغیب (غیبی امور پر ایمان لانے) کا حصہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بعث اور دیگر ایسے غیبی امور کے بارے میں بتایا ہے، جن پر ایمان لانے پر انسان کے دین اور دنیا کے مصالح کا انحصار ہے۔ اللہ نے ہمارے لیے بہت سے ایسے شواہد قائم کیے ہیں، جو مسلمان کو یہ کامل یقین عطا کرتے ہیں کہ یہ غیبی امور بالکل برحق ہیں۔ لہذا وہ انہیں اپنے دل سے اس طرح مان لیتا ہے گویا انہیں اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہو۔ اسی طرح غیبیات پر مشتمل وحی نے بھی متعدد ایسے حقائق اور قطعی باتیں بیان کی ہیں جن کی عقل تصدیق کرتی ہے اور انسان اپنی زندگی میں ان کی سچائی کا مشاہدہ کرتا ہے۔ چنانچہ معلوم باتوں کی سچائی، اس کے لیے مخفی باتوں کے علم کو پختہ کردیتی ہے۔
بعث پر ایمان لائے بغیر کسی بھی شخص کا اسلام اور ایمان درست نہیں ہو سکتا اور بعث کا انکار کرنے والا عظیم اللہ کے ساتھ کفر کرنے والا ہے۔ خواہ اس نے کتنے ہی خیر و بھلائی کے کام کیوں نہ کیے ہوں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: "ان کافروں نے خیال کیا ہے کہ دوباره زنده نہ کیے جائیں گے۔ آپ کہہ دیجیے کہ کیوں نہیں؟ اللہ کی قسم! تم ضرور دوباره اٹھائے جاؤ گے۔ پھر جو تم نے کیا ہے اس کی خبر دیے جاؤ گے اور اللہ پر یہ بالکل ہی آسان ہے۔" [التغابن: 7]۔
***
سوال:
قیامت کا دن کیا ہے؟
جواب:
الحمد للہ، قیامت کا دن وہ عظیم دن ہے جس کے قرآن کریم میں متعدد نام آئے ہیں۔ اس کے متعدد نام ہونے کی وجہ اس دن پیش آنے والی ہولناکیوں اور واقعات کی کثرت ہے۔ اسے یوم القیامۃ، یوم التغابن، الصاخۃ، القارعۃ، البعث، الحشر، النشور، التناد، الزلزلۃ اور الطامۃ وغیرہ جیسے بہت سے ناموں سے یاد کیا گیا ہے۔
اس دن کے آنے کا وقت اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ اس کا علم تو کسی مبعوث کردہ نبی اور مقرب فرشتہ کو بھی نہیں دیا گیا ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "قیامت یقیناً آنے والی ہے، جسے میں پوشیده رکھنا چاہتا ہوں، تاکہ ہر شخص کو وه بدلہ دیا جائے جو اس نے کوشش کی ہو۔" [طہ: 15]، ارشاد باری تعالی ہے : "یہ لوگ آپ سے قیامت کے متعلق سوال کرتے ہیں کہ اس کا وقوع کب ہوگا؟ آپ فرما دیجئے کہ اس کا علم صرف میرے رب ہی کے پاس ہے، اس کے وقت پر اس کو سوا اللہ کے کوئی اور ظاہر نہ کرے گا۔ وه آسمانوں اور زمین میں بڑا بھاری (حادثہ) ہوگا، وه تم پر محض اچانک آپڑے گی۔ وه آپ سے اس طرح پوچھتے ہیں گویا آپ اس کی تحقیقات کرچکے ہیں۔ آپ فرما دیجیے کہ اس کا علم خاص اللہ ہی کے پاس ہے، لیکن اکثر لوگ نہیں جانتے۔" [الاعراف: 187]۔
قیامت سے قبل اس کی علامتیں ظاہر ہوں گی۔ قیامت کی بہت سی نشانیاں ہیں۔ بعض نشانیاں سامنے بھی آ چکی ہیں، جب کہ دس بڑی نشانیاں ایسی ہیں جو آخری زمانے میں ظاہر ہوں گی۔ یہ نشانیاں حذیفہ بن اسید الغفاری رضی اللہ عنہ سے مروی اس حدیث میں مذکور ہیں : "ہم آپس میں گفتگو کر رہے تھے کہ نبی ﷺ ہمارے پاس تشریف لائے اور پوچھا: ”تم لوگ کس چیز کے بارے میں گفتگو کر رہے ہو؟“ ہم نے عرض کیا: ہم قیامت کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہوگی، جب تک تم اس سے پہلے دس نشانیاں نہ دیکھ لو“۔ پھر آپ ﷺ نے ذکر فرمایا: دھواں، دجال، دابۃ الارض (زمین کے جانور)، سورج کے مغرب سے طلوع ہونے، عیسیٰ بن مریم علیہ السلام کے نزول، یاجوج و ماجوج اور تین بار زمین کے دھنسنے کا: ایک بار مشرق میں، ایک بار مغرب میں اور ایک بار جزیرۃ العرب میں اور (بتایا کہ) ان سب کے بعد ایک آگ جو یمن سے نکلے گی، جو لوگوں کو ان کے محشر کی طرف ہانک کر لے جائے گی"۔ [صحیح مسلم :39]۔
اس دن لوگوں کو اس حال میں اٹھایا جائے گا کہ وہ ننگے پاؤں ہوں گے، جسم میں کپڑے نہیں ہوں گے اور ختنہ بھی کیا ہوا نہیں ہوگا۔ حساب و کتاب کے انتظار میں انہیں بہت لمبے وقت کے لیے کھڑا رہنا پڑے گا۔ سورج ان کے قریب آ جائے گا اور کثرت سے پسینہ بہے گا۔ اللہ تعالیٰ اس دن اگلوں اور پچھلوں کو جمع فرمائے گا۔ لوگ اس حالت سے راحت پانے کے لیے انبیا علیہم السلام سے شفاعت کی گزارش کریں گے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی محمد ﷺ کو مخلوقات کے حق میں شفاعت کی اجازت عطا فرمائے گا۔ لہذا آپ ﷺ اپنے رب کی بارگاہ میں درخواست کریں گے کہ وہ فیصلہ فرما دے۔ اس دن بہت سی ہولناکیاں، گھبراہٹ اور بے شمار مناظر سامنے آئيں گے، جن کی تفصیل کتاب اور سنتِ صحیحہ میں بیان کی گئی ہے۔
اس دن ہر امت اپنے رسول کے ساتھ آئے گی اور اس کا رسول اس کے بارے میں گواہی دے گا۔ ہمارے نبی محمد ﷺ کی امت ہر نبی کے حق میں گواہی دے گی کہ اس نے رسالت پہنچا دی تھی اور امانت ادا کر دی تھی۔ اس دن بندوں کے اعمال نامے کھولے جائیں گے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "اور نامہٴ اعمال سامنے رکھ دیا جائے گا، تو تم مجرموں کو دیکھو گے کہ وہ اس کے اندراجات سے خوف زدہ ہوں گے اور کہہ رہے ہوں گے کہ ہائے ہماری بدبختی! یہ کیسا نوشتہ ہے، جس نے کوئی چھوٹی بڑی بات شمار کیے بغیر چھوڑی ہی نہیں ہے! جو کچھ انہوں نے کیا تھا وہ سب اپنے سامنے حاضر پائیں گے اور تمہارا رب کسی پر ذرہ برابر ظلم نہ کرے گا۔" [الکھف: 49]، بندوں کے اعمال کو وزن کرنے کے لیے ترازو لگائی جائے گی۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "قیامت کے دن ہم درمیان میں ﻻ رکھیں گے ٹھیک ٹھیک تولنے والی ترازو کو۔ پھر کسی پر کچھ بھی ظلم نہ کیا جائے گا۔ اور اگر ایک رائی کے دانے کے برابر بھی عمل ہوگا ہم اسے ﻻ حاضر کریں گے، اور ہم کافی ہیں حساب کرنے والے۔" [الأنبیاء: 47]، گواہ حاضر کیے جائیں گے اور غالب و قاہر اللہ فیصلہ کرنے کے لیے متوجہ ہوگا۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے: "اور زمین اپنے پروردگار کے نور سے جگمگا اٹھے گی، نامہٴ اعمال حاضر کیے جائیں گے، نبیوں اور گواہوں کو ﻻیا جائے گا اور لوگوں کے درمیان حق فیصلے کر دیے جائیں گے اور وه ظلم نہ کیے جائیں گے۔" [الزمر: 69]، ایک اور مقام پر ارشاد ہے : "اور تیرا رب آجائے گا اور فرشتے صفیں باندھ کر (آئیں گے)۔" [الفجر: 22]۔
وہ دن دنیا کی زندگی میں مخلوق کے کیے گئے اعمال کے حساب و کتاب اور جزا و سزا کا دن ہوگا۔ پس جس کے پلڑے بھاری ہوں گے وہ کامیاب اور نجات پانے والوں میں سے ہوگا اور جس کے پلڑے ہلکے ہوں گے وہ لوگ خسارہ پانے والوں میں سے ہوگا۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: "پھر ہم چونکہ پوری خبر رکھتے ہیں، لہذا ان کے روبرو بیان کردیں گے۔ اور ہم کچھ بے خبر نہ تھے۔ اور اس روز وزن بھی برحق ہے۔ پھر جس شخص کا پلا بھاری ہوگا، سو ایسے لوگ کامیاب ہوں گے۔ اور جس شخص کا پلا ہلکا ہوگا، سو یہ وه لوگ ہوں گے، جنہوں نے اپنا نقصان کرلیا بہ سبب اس کے کہ ہماری آیتوں کے ساتھ ظلم کرتے تھے۔" [الأعراف: 8-9]، حساب کتاب کے بعد مؤمنوں کو جنت کی طرف لے جایا جائے گا، جو ہمیشہ رہنے والی اور کبھی ختم نہ ہونے والی نعمتوں کا گھر ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے : "ہمیشہ رہنے کے باغات، جہاں یہ خود جائیں گے اور ان کے باپ داداؤں اور بیویوں اور اوﻻدوں میں سے بھی جو نیکو کار ہوں گے، ان کے پاس فرشتے ہر ہر دروازے سے آئیں گے۔" [الرعد: 23]، جب کہ گنہگار کافروں کو جہنم کی طرف ہانک کر لے جایا جائے گا، جو ابدی اور کبھی ختم نہ ہونے والے عذاب اور سخت سزا کا گھر ہے۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: "اور جو لوگ کافر ہیں، ان کے لیے دوزخ کی آگ ہے۔ نہ تو ان کی قضا ہی آئے گی کہ مر ہی جائیں اور نہ دوزخ کا عذاب ہی ان سے ہلکا کیا جائے گا۔ ہم ہر کافر کو ایسی ہی سزا دیتے ہیں۔" [فاطر: 36]
کافروں کو ان کی سزا اور ایمان والوں کو ان کا ثواب مل جانے کے بعد، فرشتے اپنے رب کے کامل عدل اور عظیم حکمت پر اس کی حمد بیان کریں گے۔ ارشاد باری ہے: "اور تو فرشتوں کو اللہ کے عرش کے اردگرد حلقہ باندھے ہوئے اپنے رب کی حمد و تسبیح کرتے ہوئے دیکھے گا اور ان میں انصاف کا فیصلہ کیا جائے گا اور کہہ دیا جائے گا کہ ساری خوبی اللہ ہی کے لیے ہے جو تمام جہانوں کا پالنہار ہے۔" [الزمر: 75]۔
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد پر۔
***
سوال:
جنت اور جہنم میں کیا ہوتا ہے؟
جواب:
جنت آخرت میں مؤمنوں کے بدلے اور ان کی ابدی نعمتوں کا گھر ہے اور جہنم آخرت میں کافروں کے بدلے اور ان کے ابدی عذاب کا گھر ہے۔ اس میں گناہ گار موحدین کو بھی عذاب دیا جائے گا، لیکن بعد میں انہیں نکال کر جنت میں داخل کر دیا جائے گا۔ جنت میں ایسی ایسی نعمتیں ہیں، جنھیں نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے، نہ کسی کان نے ان کے بارے میں سنا ہے اورنہ کسی انسان کے دل میں ان کا خیال گزرا ہے۔ قرآنِ کریم اور سنتِ نبوی میں ایسی بہت سی چیزیں بیان کی گئی ہیں، جو جنت میں ہو چکی ہیں اور جو مستقبل میں ہوں گی۔ اس کی ایسی تفصیل بیان کی گئی ہے، جو دلوں میں اس کی تڑپ اور شوق پیدا کر دیتی ہے۔ اسی طرح جہنم کے عذاب کی بھی ایسی تفصیل بیان کی گئی ہے جو دلوں کو دہلا دیتی ہے اور انسان کو اس سے بچنے کے لیے عمل صالح پر آمادہ کرتی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: "کوئی نفس نہیں جانتا کہ ہم نے کیا کچھ ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک ان کے لیے پوشیده کر رکھی ہے، وہ جو کچھ کرتے تھے یہ اس کا بدلہ ہے۔" [السجدۃ: 17] ایک اور مقام پر فرمایا ہے : "یقیناً پرہیزگار لوگوں کے لیے کامیابی ہے۔" [النبأ: 31]،
ایک اور مقام پر فرمایا ہے : "بے شک دوزخ گھات میں ہے۔ سرکشوں کا ٹھکانہ وہی ہے۔ اس میں وه مدتوں تک پڑے رہیں گے۔ نہ کبھی اس میں ٹھنڈک کا مزه چکھیں گے، نہ پانی کا۔ سوائے گرم پانی اور بہتی پیپ کے۔ (ان کو) پورا پورا بدلہ ملے گا۔ انہیں تو حساب کی توقع ہی نہ تھی۔ اور بے باکی سے ہماری آیتوں کی تکذیب کرتے تھے۔ ہم نے ہر ایک چیز کو لکھ کر شمار کر رکھا ہے۔ اب تم (اپنے کیے کا) مزه چکھو، ہم تمہارا عذاب ہی بڑھاتے رہیں گے۔ یقیناً پرہیزگار لوگوں کے لیے کامیابی ہے۔ باغات ہیں اور انگور ہیں۔ اور نوجوان کنواری ہم عمر عورتیں ہیں۔ اور چھلکتے ہوئے جام ہیں۔ وہاں نہ تو وه بیہوده باتیں سنیں گے اور نہ جھوٹی باتیں سنیں گے۔ (ان کو) تیرے رب کی طرف سے (ان کے نیک اعمال کا)یہ بدلہ ملے گا جو کافی انعام ہوگا۔" [النبأ: 21-36]، "اس جنت کی صفت جس کا پرہیزگاروں سے وعده کیا گیا ہے، یہ ہے کہ اس میں ایسے پانی کی نہریں ہیں جو بدبودار نہیں ہے، اور ایسے دودھ کی نہریں ہیں جس کا مزه نہ بدلا ہو اور شراب کی نہریں ہیں جن میں پینے والوں کے لئے بڑی لذت ہے اور بہت ہی صاف شہد کی نہریں ہیں اور ان کے لیے وہاں ہر قسم کے میوے ہیں اور ان کے رب کی طرف سے مغفرت ہے۔ کیا یہ مثل اس کے ہیں جو ہمیشہ آگ میں رہنے واﻻ ہے اور جنہیں گرم کھولتا ہوا پانی پلایا جائے گا، جو ان کی آنتوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دے گا؟" [محمد: 15]۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے : "البتہ اس دن جنتیوں کا ٹھکانا بہتر ہوگا اور ان کی خواب گاه بھی عمده ہوگی۔" [الفرقان: 24]، ایک اور مقام پر فرمایا ہے : "اور جن کے ترازو کا پلہ ہلکا ہوگیا، وہ ایسے لوگ ہيں جنہوں نے اپنا نقصان آپ کر لیا، جو ہمیشہ کے لیے جہنم واصل ہوئے۔ ان کے چہروں کو آگ جھلساتی رہے گی اور وه وہاں بدشکل بنے ہوئے ہوں گے۔" [المؤمنون: 103-104]، جب کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا ہے : "جب اللہ عز وجل نے جنت کو پیدا کیا، تو جبریل علیہ السلام سے فرمایا : جاؤ اور اسے دیکھو۔ چنانچہ انہوں نے جا کر اسے دیکھا، پھر واپس آئے اور کہنے لگے: اے میرے رب! تیری عزت کی قسم! جو شخص بھی اس کے بارے میں سنے گا، وہ ضرور اس میں داخل ہوگا۔ پھر اللہ نے اسے ناگوار چیزوں سے گھیر دیا اور اس کے بعد فرمایا: اے جبریل! جاؤ اور اسے دیکھو۔ چنانچہ انہوں نے جا کر اسے دیکھا اور اس کے بعد واپس آئے اور کہنے لگے: اے میرے رب! تیری عزت کی قسم! مجھے خوف ہے کہ کوئی بھی شخص اس میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ فرمایا: پھر جب اللہ تعالیٰ نے جہنم کو پیدا کیا، تو فرمایا: اے جبریل! جاؤ اور اسے دیکھو۔ چنانچہ انہوں نے جا کر اسے دیکھا، پھر واپس آئے اور کہنے لگے: اے میرے رب! تیری عزت کی قسم! جو شخص بھی اس کے بارے میں سنے گا، وہ اس میں داخل نہیں ہوگا۔ پھر اسے خواہشات سے گھیر دیا، پھر فرمایا: اے جبریل! جاؤ اور اسے دیکھو۔ چنانچہ انہوں نے جا کر اسے دیکھا، پھر واپس آئے اور کہنے لگے: اے میرے رب! تیری عزت کی قسم! مجھے خوف ہے کہ کوئی بھی شخص ایسا نہیں بچے گا جو اس میں داخل نہ ہو۔" [مسند احمد: 8398، ابوداود: 4744 حسن سند سے]، ایک اور حدیث میں ہے : "قیامت کے دن سب سے زیادہ عیش و عشرت میں رہنے والے دنیا دار دوزخی کو لایا جائےگا۔ اسے آگ میں ایک بار غوطہ دیا جائے گا اور پھر اس سے پوچھا جائے گا کہ اے ابن آدم! کیا تو نے کبھی کوئی بھلائی دیکھی؟ کیا تجھے کبھی کوئی نعمت ملی؟ وہ کہے گا: نہیں، واللہ اے میرے رب! اور دنیا میں جس نے سب سے زیادہ مصیبت زدگی میں زندگی گزاری ہو گی، اس جنتی کو لایا جائے گا اور اسے جنت میں ایک غوطہ دیا جائے گا۔ پھر اس سے پوچھا جائے گا کہ اے ابن آدم! کیا تو نے کبھی کوئی تکلیف دیکھی؟ کیا تجھ پر کبھی کوئی سختی آئی؟ وہ کہے گا: نہیں، واللہ اے میرے رب! نہ مجھ پر کبھی کوئی تکلیف آئی اور نہ میں نے کبھی کوئی سختی دیکھی۔" [صحیح مسلم : 2807]۔
مزید تفصیل کے لیے دیکھیں: حادي الأرواح إلى بلاد الأفراح لابن قيم الجوزية، اور الجنة والنار لعمر الأشقر۔
***
سوال:
اللہ نے جہنم کو کیوں پیدا کیا؟
جواب:
آگ کی دو قسمیں ہیں: دنیوی آگ اور آخرت کی آگ۔ جب کہ دنیوی آگ کے بڑے عظیم فوائد ہیں، جن میں سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ قیامت کے دن دوبارہ جی اٹھنے کی دلیل ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: "اس کے درخت کو تم نے پیدا کیا ہے یا ہم اس کے پیدا کرنے والے ہیں؟ ہم نے اسے سبب نصیحت اور مسافروں کے فائدے کی چیز بنایا ہے۔ پس اپنے بہت بڑے رب کے نام کی تسبیح کیا کرو۔" [الواقعہ: 72-74]، ایک اور مقام پر ارشاد ہے : "اور اس نے ہمارے لیے مثال بیان کی اور اپنی (اصل) پیدائش کو بھول گیا۔ کہنے لگا کہ ان گلی سڑی ہڈیوں کو کون زنده کر سکتا ہے؟ آپ جواب دے دیجیے کہ انہیں وه زنده کرے گا، جس نے انہیں اول مرتبہ پیدا کیا ہے اور جو سب طرح کی پیدائش کا بخوبی جاننے واﻻ ہے۔ وہی جس نے تمہارے لیے سبز درخت سے آگ پیدا کر دی، جس سے تم یکایک آگ سلگاتے ہو۔" [يٰس: 78-80]، یہاں اللہ تعالی نے لوگوں کو یاد دلایا ہے کہ جو ذات ٹھنڈے سبز درخت سے گرم اور جلا دینے والی آگ نکال سکتی ہے، وہ اپنے حکم سے مردوں کو زندہ کرنے پر قادر ہے۔
دنیا کی آگ کے کچھ مشہور فوائد تاریکی میں اس کی روشنی سے فائدہ اٹھانا، کھانے پینے کی اشیا کو پکانا، سردی میں حرارت حاصل کرنا، جن چیزوں کو تلف کرنا ضروری ہو انھیں تلف کرنا، دھاتوں کو نرم کرنا، صنعتوں میں آسانی پیدا کرنا اور بعض امراض کا علاج وغیرہ ہیں۔
رہی آخرت کی آگ کی، تو اللہ تعالیٰ نے اس کی تخلیق بھی بے شمار حکمتوں کے تحت کی ہے، جن میں سے چند یہاں ملاحظہ ہوں :
پہلی: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے : "جہنم اور جنت نے آپس میں جھگڑا کیا تو جہنم نے کہا: میرے اندر بڑے بڑے سرکش اور متکبر لوگ داخل ہوں گے اور جنت نے کہا: میرے اندر کمزور اور مسکین لوگ داخل ہوں گے۔ پس اللہ عزوجل نے جہنم سے فرمایا: تو میرا عذاب ہے، میں تیرے ذریعے جس کو چاہوں گا عذاب دوں گا - اور شاید (راوی نے) یہ کہا: میں تیرے ذریعے جسے چاہوں گا تکلیف پہنچاؤں گا - اور جنت سے فرمایا: تو میری رحمت ہے، میں تیرے ذریعے جس پر چاہوں گا رحم کروں گا اور تم میں سے ہر ایک کو بھرنا میرے ذمے ہے۔" [صحیح مسلم: 34]، لہذا آگ اللہ کا عذاب ہے، جس میں ڈال کر وہ کافروں اور مجرموں میں سے جسے چاہے گا عذاب دے گا۔
دوسری: بعض لوگوں کے دل پتھروں سے بھی زیادہ سخت ہوتے ہیں اور ان سرکش اور متکبر دلوں کو اس سنگین آگ کے سوا نہ کوئی چیز پگھلا سکتی ہے اور نہ ادب سکھا سکتی ہے۔
تیسری: یہ اللہ تعالیٰ کی حکمت اور رحمت ہی ہے کہ اس نے جہنم کو پیدا کیا؛ کیونکہ اس نے دنیا کو دارِ امتحان بنایا، انسان کو پیدا کر کے اس کی جبلت میں خواہشات رکھیں اور ان کی تسکین کے جائز و ناجائز ذرائع بھی پیدا کر دیے۔ پھر حلال و حرام واضح کرنے کے بعد بندوں کو حرام خواہشات کے ذریعے اپنی نافرمانی کرنے، اور عبادت میں سستی کے ذریعے اپنا حق تلف کرنے سے ڈرایا۔ ساتھ ہی ہر اس شخص کو جہنم کی وعید سنائی جس نے حرام کے ارتکاب یا اطاعت میں کوتاہی کر کے اس کی نافرمانی کی۔ پس اصحابِ عقل کے لیے جہنم کا وجود گناہوں اور کوتاہیوں سے باز رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: "میں نے تو تمہیں شعلے مارتی ہوئی آگ سے ڈرا دیا ہے۔ جس میں صرف وہی بدبخت داخل ہوگا۔ جس نے جھٹلایا اور (اس کی پیروی سے) منھ پھیر لیا۔ اور اس سے ایسا شخص دور رکھا جائے گا جو بڑا پرہیزگار ہو گا۔ جو پاکی حاصل کرنے کے لئے اپنا مال دیتا ہے۔" [اللیل: 14-18]، جب آپ یہ جان لیں گے تو آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ اس کا وجود ان کاموں سے رک جانے کا سبب ہے جو اللہ تعالیٰ کو ناراض کرتے ہیں، اور ان کاموں کی پابندی کا باعث ہے جن کا وہ حکم دیتا ہے اور جنہیں پسند فرماتا ہے۔ اسی طرح آگ میں کافر اور ظالم کو عذاب دیا جانا اس مظلوم کے لیے ایک قسم کی نصرت ہے جس پر دنیا میں ظلم کیا گیا تھا اور یہ اس کے غصے کو ٹھنڈا کرنے کا ذریعہ ہے۔ اس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ کافر اپنے رب کے خلاف سرکشی کرنے کا عذاب بھگت لے۔
***
Related books
All books
ایمان جسے اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر فرض کیا ہے، جیسا کہ کتاب وسنت میں وارد ہے۔9 زبانیںایمان جسے اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر فرض کیا ہے، جیسا کہ کتاب وسنت میں وارد ہے۔
عقیدہ کے تمام بنیادی اور اہم معلومات اور مسائل کا ایک جامع انسائیکلوپیڈیا جس کی امتیازی خوبی یہ ہے کہ اس میں اعتقادی مسائل کو قرآن کریم اور سنت نبویہ سے جوڑ کر واضح کیا گیا ہے‘ ساتھ ہی عقیدہ کو اختصار اور جامع انداز میں لوگوں کے دلوں میں راسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے‘ اعتقادی مسائل کی وضاحت کے دوران آسان اور سہل عبارتیں اختیار کی گئی ہیں، نیز انسائیکلو پیڈیا کو علم کلام اور فلسفیانہ مباحث سے پاک رکھا گیا ہے، اور اس کا مقصد عقائد کے موضوعات کو اس طرح پیش کرنا ہے کہ تمام علمی طبقوں کے لیے ان کا سمجھنا آسان ہو سکے۔
ماہِ رمضان سے متعلق چھوٹے بچوں کے لیے سوالات و جوابات، جو بڑوں کے لیے بھی ناگزیر ہیں15 زبانیںماہِ رمضان سے متعلق چھوٹے بچوں کے لیے سوالات و جوابات، جو بڑوں کے لیے بھی ناگزیر ہیں
شروع اللہ کے نام سے جو بہت مہربان نہایت رحم والا ہے مقدّمہ تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں، جس نے ماہِ رمضان کو بنایا اور اسے دیگر مہینوں اور دنوں کے مقابلے میں بے شمار فضیلتیں عطا کیں، اور ہم درود وسلام بھیجتے ہیں محمد بن عبد اللہﷺ پر، آپ کی آل اور صحابہ کرام پر۔ اما بعد: یہ ماہِ رمضان سے متعلق چھوٹے بچوں کے لیے چند سوالات و جوابات ہیں جن سے بڑوں کے لیے بھی بے نیاز ہونا ممکن نہیں۔ اس میں رمضان المبارک کے واجبات، مستحبات اور مناسب اعمال کا ذکر ہے، مربی اس میں سے وہ سوالات اختیار کر سکتا ہے جو بچے کی عمر اور سمجھ کے لیے مناسب ہوں۔
ملحد کے نام ایک مختصر پیغام61 زبانیںملحد کے نام ایک مختصر پیغام
یہ ایک ملحد کے نام مختصر پیغام ہے جو عقل کو مخاطب کرتا ہے کہ کائنات کی یہ دقیق ترتیب اور بے مثال نظام کسی اتفاق کا نتیجہ نہیں ہو سکتا؛ یہ تو ایک دانا اور حکیم خالق کی نشانی ہے۔ کیا یہ معقول بات ہے کہ یہ سب کچھ عدم سے خود بخود وجود میں آ گیا ہو؟ آپ اپنے دل کو سوچنے اور غور کرنے کے لیے کھولیے اور سچائی کی تلاش کیجیے، شاید آپ کو اس میں وہ نور مل جائے جو آپ کو (ہدایت کی) راہ دکھائے۔
کیا آپ نے اپنے آپ سے سوال کیا؟ آپ کو کس نے پیدا کیا؟ اور کیوں؟ اور موت کے بعد کیا ہوگا؟69 زبانیںکیا آپ نے اپنے آپ سے سوال کیا؟ آپ کو کس نے پیدا کیا؟ اور کیوں؟ اور موت کے بعد کیا ہوگا؟
یہ کتاب وجود اور تخلیق کے سوال کو زیر بحث لاتی ہے، عقل ودانش کے ساتھ ایک کامل حکمت وکمال والے خالق کے وجود کو ثابت کرتی ہے اور یہ واضح کرتی ہے کہ زندگی کا مقصد صرف اللہ کی عبادت ہے اور یہ کہ اسلام ہی محفوظ دینِ حق ہے۔ یہ کتاب اللہ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے اور ان کی تعلیمات کی پیروی کرنے کی دعوت دیتی ہے، شرک سے خبردار کرتی ہے اور آخرت میں حساب وجزا کی تاکید کرتی ہے۔