أبو حامد محمد بن محمد بن محمد الغزَّالي
الإسم
ابو حامد محمد بن محمد بن محمد غزالی
اسم الشهرة
ابو حامد غزالی
نبذة مختصرة
محمد بن محمد بن محمد طوسی، ابو حامد غزَّالی۔ غزَّالی کو ابن السمعانی، ابن اثیر، نووی، ابن خلکان، ابن دقیق العید، ذہبی، سبکی، سخاوی اور مرتضی زبيدی نے زا کی تشدید کے ساتھ ضبط کیا ہے اور یہی درست بھی ہے، حالاں کہ اس سلسلے میں کچھ اختلاف بھی ہے۔ سن 450ھ میں پیدا ہوئے، اصولی اور شافعی فقیہ ہیں، انھوں نے کئی کتابیں بھی لکھی ہیں۔ جیسے "احياء علوم الدين"، "المستصفى في أصول الفقه" فقہ میں "الوجيز"، "الوسيط" اور "البسيط" وغیرہ، پہلے فلسفہ کی باریکیوں میں الجھے اور بعد میں رجوع کر لیا اور اس کی تردید بھی کی، بعد ازاں علم کلام کی باریکیوں میں الجھے اور اس کے اصول و مقدمات کا گہرا علم حاصل کیا، لیکن جب اس کی بھی کج رویاں، داخلی اختلافات اور اس کے علم برداروں کی بحثیں سامنے آئيں تو اس سے بھی رجوع کر لیا، جن دنوں انھوں نے فلسفیوں کی تردید کی تھی اور ان کو لاجواب کر دینے کی وجہ سے ان کو حجۃ الاسلام کہا گیا تھا ان دنوں وہ متکلم تھے، پھر باطنی مسلک کے پیروکار بن گئے اور ان کے علوم حاصل کیے، لیکن اس سے بھی رجوع کر لیا باطنی مسلک کے عقائد کے بطلان کو سامنے لانے کے ساتھ ساتھ نصوص اور احکام کے ساتھ ان کے کھلواڑ کو واضح کیا، اس کے بعد تصوف کی طرف مائل ہوئے، ان کے بارے میں ابن الصلاح کہتے ہیں: "ابو حامد کے بارے میں بہت سی باتیں کہی گئی ہیں اور انھوں نے بھی بہت سی باتیں کہی ہیں۔ جہاں تک ان (حق کے خلاف) کتابوں کی بات ہے، تو یہ قابل توجہ نہیں ہیں، رہی بات خود ان کی، تو ان کے بارے میں خاموشی اختیار کی جائے گی اور ان کے معاملے کو اللہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔" ذہبی کہتے ہیں: "انھوں نے فلاسفہ کی مذمت میں "التھافت" نامی کتاب لکھ کر ان کا کچا چٹھا سامنے لانے کا کام کیا ہے، کچھ جگہوں پر ان کی موافقت بھی کی ہے، یہ سمجھ کر کہ یہ حق ہے یا ملت کے موافق ہے، ان کے پاس آثار کا علم نہيں تھا، سنت نبویہ پر بھی، جسے عقل پر فوقیت حاصل ہے ان کی پکڑ نہیں تھی، ان کو "رسائل اخوان الصفا" کے مطالعے سے بڑی دل چسپی تھی، جو کہ درحقیقت ایک لاعلاج بیماری اور زہر ہلاہل ہے، ابو حامد اگر بڑے ذہین و فطین اور بڑے مخلص نہ ہوتے تو ضائع ہو جاتے، لہذا ان کی ان کتابوں سے بہت زیادہ دور رہو اور اپنے دین کو اوائل کے شبہات سے بچاؤ، ورنہ ذہنی کشمکش کے شکار ہو جاؤگے۔" ابو بکر بن عربی کہتے ہیں: "ہمارے شیخ ابو حامد فلاسفہ کو نگل گئے اور اس کے بعد ان کی الٹی کرنا چاہا، لیکن کر نہيں سکے۔" جب کہ قاضی عیاض کہتے ہیں: "شیخ ابو حامد غلط سلط معلومات فراہم کرنے والے بری کتابوں کے مصنف ہیں، تصوف میں غلو سے کام لیا اور اہل تصوف کی حمایت میں ایڑی چوٹی کا زور لگایا اور اس کے داعی بن گئے، اسی کے سلسلے میں اپنی مشہور کتاب 'الاحیا' لکھی جس کے کئی مقامات پر ان کی گرفت ہوئی ہے اور جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ ان سے بدظن ہوئے ہیں، اللہ ان کے باطن سے زیادہ واقف ہے۔ ہمارے یہاں سلطان کا حکم اور علما کا فتوی اسے جلا دینے اور اس سے دور رہنے کا آیا، جس کی تعمیل کی گئی۔" اور ابن الجوزی کہتے ہیں: "ابو حامد نے 'الاحیاء' لکھی اور ان جانے میں اسے باطل حدیثوں سے بھر دیا، اس میں انھوں نے کشف کے بارے میں گفتگو کی اور فقہ کے قانون کے دائرے سے باہر چلے گئے۔" سن 505ھ میں وفات پائی۔