مکارمِ اخلاق
اس رسالے میں اللہ تعالیٰ اور لوگوں کے ساتھ حسن اخلاق کے پہلوؤں پر بحث کی گئی ہے، اور اللہ کی بتائی ہوئی باتوں اور اس کے احکام کو قبول ورضا کے ساتھ تسلیم کرنے اور اس کی تقدیر پر صبر کرنے کی ضرورت کو واضح کیا گیا ہے، نیز دوسروں کے ساتھ معاملات میں حسن اخلاق کے گوشوں مثلا کسی کو تکلیف نہیں پہنچانا، دریا دلی کا مظاہرہ کرنا اور خوش دلی سے ملنا جیسے اوصاف کا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی عطر بیز سیرت کی مثالوں سے جائزہ لیا گیا ہے۔
مکارمِ اخلاق
تالیف: فضیلۃ الشیخ علّامہ
محمد بن صالح العثیمین
اللہ تعالیٰ ان کی، ان کے والدین اور تمام مسلمانوں کی مغفرت فرمائے!
شروع کرتا ہوں اللہ تعالیٰ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم واﻻ ہے۔
یقیناً تمام تعریفیں اللہ کے لیے سزاوار ہیں، ہم اس کی تعریف بیان کرتے ہیں، اسی سے مدد طلب کرتے ہیں، ہم اس سے مغفرت طلب کرتے ہیں اور اسی کے حضور توبہ کرتے ہیں، ہم اپنے نفسوں اور برے اعمال کے شر سے اُسی کی پناہ چاہتے ہیں۔ جسے اللہ تعالی ہدایت عنایت کر دے، اسے کوئی گمراہ نہیں کر سکتا اور جسے وہ گمراہ کر دے، اسے کوئی ہدایت نہیں دے سکتا۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ بر حق نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں۔ اور میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد ﷺ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔ اللہ تعالی نے آپ ﷺ کو ہدایت اور دین حق کے ساتھ مبعوث فرمایا تاکہ اسے تمام ادیان پر غالب کر دے۔ اللہ تعالی نے آپ ﷺ کو قیامت سے پہلے بشیر ونذیر، اور اللہ کے حکم سے اس کی طرف بلانے والا اور روشن چراغ بنا کر بھیجا۔ چنانچہ آپ ﷺ نے اللہ کا پیغام پہنچا دیا، امانت کا حق ادا کردیا، امت کے ساتھ خیر خواہی کی اور اللہ کے راستے میں بھر پور جہاد کیا یہاں تک کہ آپ ﷺ کو موت آگئی۔ اللہ نے اپنے بندوں میں سے جسے چاہا توفیق عطا فرمائی، چنانچہ اس نے آپ ﷺ کی دعوت کو قبول کیا اور آپ ﷺ کی ہدایت سے راہ یاب ہوا، اور اللہ نے اپنی حکمت سے اپنے بندوں میں سے جسے چاہا توفیق سے محروم رکھا، چنانچہ اس نے آپ ﷺ کی اطاعت کرنے سے تکبر کیا، آپ ﷺ کی خبر کو جھٹلایا اور آپ ﷺ کے حکم کی مخالفت کی، چنانچہ وہ خسارے اور بڑی گمراہی کا شکار ہوگیا۔
اما بعد: میرے لیے یہ باعث مسرت ہے کہ میں اس مجلس میں [1] حسن اخلاق پر گفتگو کروں۔ [1] یہ مجلس معہد عنیزہ علمی کے مرکزِ صیفی میں منعقد ہوئی تھی۔
اخلاق ـ جیسا کہ اہل علم فرماتے ہیں ـ : انسان کی باطنی صورت ہے؛ کیونکہ انسان کی دو صورتیں ہوتی ہیں:
ظاہری صورت: یہ اس کی خلقت کی وہ شکل ہے جس پر اللہ تعالیٰ نے جسم کو پیدا کیا ہے، اور ہم سبھی جانتے ہیں کہ اس ظاہری صورت میں سے بعض صورتیں خوبصورت اور حسین ہوتی ہیں، اور بعض بدصورت اور بری ہوتی ہیں، اور بعض ان دونوں کے درمیان ہوتی ہیں۔
اسی طرح باطنی صورت بھی دو قسم کی ہوتی ہے: ایک اچھی صورت اور دوسری بری صورت۔ اسی کو خُلق سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ لہٰذا خُلق سے مراد انسان کی وہ باطنی صورت ہے جس پر اسے پیدا کیا گیا ہے۔
کیا اخلاق فطری ہوتے ہیں یا کسبی؟
جواب یہ ہے کہ بلاشبہ اخلاق کچھ فطری ہوتے ہیں اور کچھ کسبی۔ چنانچہ جس طرح خُلُق طبعی ہوتا ہے، اسی طرح یہ کسبی بھی ہو سکتا ہے، اس معنی میں کہ جس طرح انسان طبعی طور پر اچھے اور عمدہ اخلاق سے متصف ہوتا ہے، اسی طرح وہ کسب اور مشق کے ذریعہ بھی اخلاق حاصل کر سکتا ہے۔ اسی لیے اللہ کے نبی ﷺ نے اشج عبد القیس سے فرمایا: ”تمہارے اندر دو خصلتیں (خوبیاں) ایسی ہیں جو اللہ تعالیٰ کو پسند ہیں: بردباری اور وقار (یعنی جلد بازی نہ کرنا)۔“ انہوں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول ﷺ! یہ خصلتیں میں نے خود اختیار کی ہیں، یا اللہ تعالیٰ نے انہیں میری فطرت میں رکھ دیا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”بلکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں تمہاری فطرت میں رکھ دیا ہے“۔ انہوں نے عرض کیا: تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے میری فطرت میں ایسی دو خصلتیں رکھ دی ہیں جو اللہ اور اس کے رسول کو پسند ہیں۔ [2] [2] سنن ابو داود: كتاب الأدب، باب في قبيلة الرجل، حدیث نمبر : 5225، حديث زارع رضی الله عنہ سے مروی ہے، اور وہ وفد عبد القيس میں شامل تھے، اور جامع ترمذی: أبواب البر والصلة، باب ما جاء في الأناة والعجلة، حدیث نمبر : 2011، حديث ابن عباس رضي الله عنہما سے مروی ہے۔
یہ اس بات کی دلیل ہے کہ عمدہ اور پسندیدہ اخلاق انسان کی فطرت میں بھی ہوسکتے ہیں اور اختیار کرکے بھی اپنائے جاسکتے ہیں، لیکن بلاشبہ فطری اخلاق، اختیار کرکے اپنائے گئے اخلاق سے بہتر ہوتے ہیں؛ کیونکہ اخلاق جب فطری ہوں تو وہ انسان کی خصلت اور طبیعت بن جاتے ہیں، ان پر عمل کرنے میں اسے کسی تکلف کی ضرورت پیش نہیں آتی، اور نہ ہی ان کے اظہار میں اسے کسی بناوٹ کی حاجت ہوتی ہے۔ لیکن یہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے، وہ جسے چاہتا ہے عطا فرماتا ہے۔ اور جو شخص اس سے محروم رہے، یعنی جو شخص فطری طور پر اچھے اخلاق سے محروم ہو، وہ اسے اختیار کرکے بھی حاصل کرسکتا ہے، اور یہ مشق اور مسلسل عمل کے ذریعے ممکن ہے، جیسا کہ ہم ان شاء اللہ تعالیٰ آگے چل کر اسے بیان کریں گے۔
یہاں ایک سوال یہ ہے کہ ان دونوں میں سے کون سا شخص زیادہ افضل ہے: کیا وہ شخص جو فطرتاً اخلاقِ حمیدہ کا مالک ہو؟ یا وہ شخص جو ان اخلاق کو اپنانے کے لیے اپنے نفس سے مجاہدہ کرتا ہے؟ ان دونوں میں سے کس کا مرتبہ زیادہ بلند اور اجر زیادہ بڑا ہے؟
ہم اس مسئلے کے جواب میں کہتے ہیں کہ بلاشبہ جو شخص اچھے خُلق پر فطری طور پر پیدا ہوا ہو، وہ اپنے اخلاق کے اعتبار سے، یا اس اعتبار سے کہ اس میں یہ خُلق پایا جاتا ہے، زیادہ کامل ہے؛ کیونکہ اسے اچھے اخلاق اپنانے کے لیے نہ کسی تکلیف اور مشقت کی ضرورت پڑتی ہے اور نہ بعض حالات اور مواقع میں یہ خُلق اس سے فوت ہوتا ہے؛ اس لیے کہ حسنِ اخلاق اس کی سرشت اور فطرت ہوتا ہے۔ چنانچہ آپ اسے جس وقت بھی ملیں گے، اسے خوش اخلاق ہی پائیں گے؛ اور جس جگہ بھی ملیں گے، اسے خوش اخلاق ہی پائیں گے؛ اور جس حال میں بھی ملیں گے، اسے خوش اخلاق ہی پائیں گے۔ لہٰذا اس اعتبار سے بلاشبہ وہ زیادہ کامل ہے۔
اور رہا وہ خُلق جو اپنے آپ کو اس کا عادی بنانے، اصلاح و تربیت، مسلسل عمل اور مشق کے ذریعے حاصل کیا جاتا ہے، تو انسان کو اپنے نفس کے ساتھ جد وجہد کرنے کی وجہ سے اس پر اجر ملتا ہے، لیکن کمالِ اخلاق کے اعتبار سے یہ پہلی قسم سے کم تر ہے۔
اور جب انسان کو دونوں طرح کے اخلاق ایک ساتھ عطا کر دیے جائیں، طبعی بھی اور کسبی بھی، تو یہ سب سے کامل حالت ہے، اور اس کی چار قسمیں ہیں:
1- وہ شخص جو اچھے اخلاق سے محروم ہو۔
2- وہ شخص جو فطری طور پر خوش اخلاق ہو، لیکن اس نے محض اسی پر اکتفا کیا۔
3- جو فطری طور پر خوش اخلاق ہو اور وہ محنت سے اپنے اخلاق مزید بہتر کر لے۔
4- اور جو شخص فطرتاً ایسا نہ ہو، لیکن وہ اسے اپنی محنت سے حاصل کر لے۔
حاصلِ کلام یہ ہے کہ حُسنِ اخلاق کے معاملے میں، جس شخص کی فطرت میں ہی یہ شامل ہو، وہ کامل ترین ہے۔ البتہ جہاں تک حُسنِ اخلاق کے حصول میں تکلیف اور مشقت کا تعلق ہے، تو جس شخص نے اسے محنت و کوشش کے ذریعے حاصل کیا، اسے مجاہدے کا اجر ملتا ہے۔
یہاں ایک مسئلہ ہے: کیا کچھ ایسے اخلاق بھی ہیں جو قرآن و سنت میں نہیں آئے ہیں، اور ان کی معرفت کا کیا راستہ ہے؟
جواب: آپ ﷺ نے فرمایا: ”بلاشبہ مجھے مکارم اخلاق کی تکمیل کے لیے بھیجا گیا۔“ [3] اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے بندوں کے لیے ماقبل کی جو شریعتیں مقرر فرمائی تھیں، وہ سب کی سب اخلاقِ فاضلہ کی ترغیب دیتی ہیں، اسی لیے اہل علم نے ذکر کیا ہے کہ اخلاقِ فاضلہ وہ ہیں جن پر تمام شریعتیں متفق رہی ہیں، لیکن اس شریعتِ کاملہ میں اللہ کے نبی ﷺ تمام مکارمِ اخلاق کی تکمیل کے ساتھ مبعوث ہوئے ہیں۔ [3] مسند احمد (2/381)، السنن الکبری للبیہقی (10/233)، اور یہ الفاظ انہی کے ہیں، یہ حدیث ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔
ہم اس کی ایک مثال قصاص کے مسئلے سے بیان کرتے ہیں، یعنی: اگر کوئی شخص کسی دوسرے پر کوئی جرم کرے، تو کیا اس سے قصاص لیا جائے گا یا نہیں؟ علماء نے ذکر کیا ہے کہ یہودیوں کی شریعت میں قصاص حتمی اور لازمی امر ہے، اور اس میں مظلوم کے لیے کوئی اختیار نہیں ہے، جبکہ عیسائیوں کی شریعت میں اس کے برعکس معافی واجب ہے۔ لیکن ہماری شریعت دونوں پہلوؤں سے کامل ہو کر آئی؛ چنانچہ اس میں قصاص بھی ہے اور معافی بھی۔ کیونکہ مجرم کی اس کے جرم پر گرفت کرنے میں عزم وحزم کا مظاہرہ اور برائی کی روک تھام ہے، اور اسے معاف کر دینے میں احسان اور بھلائی ہے، نیز جسے تم معاف کرو اس کے ساتھ نیکی کرنا ہے۔ چنانچہ ہماری شریعت -الحمد للہ- مکمل ہو کر آئی، جس نے حق دار کو معاف کرنے اور قصاص لینے کے درمیان اختیار دیا؛ تاکہ وہ معاف کرنے کے موقع پر معاف کر دے، اور بدلہ لینے کے موقع پر بدلہ لے۔
*
حسن اخلاق کے میدان
بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ حسنِ اخلاق مخلوق کے ساتھ اچھے برتاؤ کا نام ہے، خالق کے ساتھ حسنِ معاملہ کا اس سے کوئی تعلق نہیں، لیکن یہ فہم ناقص ہے؛ کیونکہ حسنِ اخلاق جس طرح مخلوق کے ساتھ ہوتا ہے، اسی طرح خالق کے ساتھ بھی ہوتا ہے۔
لہٰذا حسن اخلاق کا تعلق عزیز وبرتر خالق کے ساتھ معاملہ کرنے سے بھی اور مخلوق کے ساتھ معاملہ کرنے سے بھی ہے، اور اس مسئلے کی طرف توجہ دینی چاہیے۔
پہلا: عزیز وبرتر خالق کے ساتھ معاملات میں حسن اخلاق:
خالق کے معاملے میں حسن خُلق تین امور پر مشتمل ہے:
1- اللہ تعالیٰ کی خبروں کو تصدیق کے ساتھ قبول کرنا۔
2- احکام کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی تعمیل اور ان کی بجا آوری کرنا۔
3- اللہ تعالی کی تقدیر کو صبر اور رضا کے ساتھ تسلیم کرنا۔
یہ تین چیزیں ہیں جن پر اللہ تعالیٰ کے ساتھ حسن اخلاق کا دار ومدار ہے۔
1- اس کی خبروں کو تصدیق کے ساتھ قبول کرنا، اس طرح کہ انسان کو اللہ عز وجل کی خبر کی تصدیق میں کوئی شک یا تردد نہ ہو؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ کی خبر علم پر مبنی ہے، اور وہ سبحانہ بات کہنے والوں میں سب سے زیادہ سچا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بارے میں فرمایا: ... اللہ تعالیٰ سے زیاده سچی بات واﻻ اور کون ہوگا۔ [النساء : 87]۔
اللہ کی خبروں کی تصدیق کا لازمی تقاضا یہ ہے کہ انسان ان پر پختہ یقین رکھنے والا ہو، ان کا دفاع کرنے والا ہو، اور ان کے ذریعے جہاد کرنے والا ہو، اس طور پر کہ اللہ عز وجل کی خبروں اور اس کے رسول ﷺ کی خبروں میں اسے کوئی شک یا شبہ لاحق نہ ہو۔
جب بندہ اس اخلاق کے زیور سے آراستہ ہوجاتا ہے، تو اس کے لیے ہر اس شبہے کا دفاع کرنا ممکن ہو جاتا ہے جسے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی بیان کردہ خبروں پر اعتراض کرنے والے پیدا کرتے ہیں، چاہے وہ ایسے مسلمان ہوں جنہوں نے اللہ کے دین میں ایسی چیزیں ایجاد کرلی ہیں جو دین کا حصہ نہیں، یا پھر ان کے علاوہ وہ ملحدین ہوں جو مسلمانوں کے دلوں میں شکوک وشبہات پیدا کرتے ہیں۔
ہم اس کی ایک مثال پیش کرتے ہیں: ’صحیح بخاری‘ میں ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت سے یہ ثابت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ”جب مکھی کسی کے پینے (کے برتن) میں گر جائے تو اسے ڈبو دے اور پھر نکال کر پھینک دے۔ کیونکہ اس کے ایک پر میں بیماری ہوتی جبکہ دوسرے میں شفاء ہوتی ہے۔“ [4] [4] اسے بخاری نے روایت کیا ہے: کتاب بدء الخلق، باب إذا وقع الذباب في شراب أحدكم فليغمسه فإن في إحدى جناحيه داءً وفي الأخرى شفاء، حدیث: 3320، ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ اس کے راوی ہیں۔
یہ وہ خبر ہے جو رسول اللہ ﷺ نے دی ہے، اور یہ غیبی امور کے بارے میں ہے۔ آپ اپنی خواہش سے نہیں بولتے، بلکہ صرف وہی بولتے ہیں جو اللہ تعالیٰ نے آپ کی طرف وحی کی ہے، کیونکہ آپ بشر ہیں، اور بشر غیب کی بات نہیں جانتا، بلکہ اللہ تعالیٰ نے آپ سے فرمایا ہے: آپ کہہ دیجیے کہ نہ تو میں تم سے یہ کہتا ہوں کہ میرے پاس اللہ کے خزانے ہیں اور نہ میں غیب جانتا ہوں اور نہ میں تم سے یہ کہتا ہوں کہ میں فرشتہ ہوں۔ میں تو صرف جو کچھ میرے پاس وحی آتی ہے اس کی اتباع کرتا ہوں... [الانعام: 50]،
چنانچہ ہم پر واجب ہے کہ ہم اس خبر کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آئیں، اور اس خبر کے متعلق حسن اخلاق یہ ہے کہ ہم اسے قبول کریں، اور اس بات پر پختہ یقین رکھیں کہ نبی ﷺ نے اس حدیث میں جو کچھ فرمایا ہے وہ حق اور سچ ہے، چاہے کوئی اعتراض کرنے والا اس پر اعتراض ہی کیوں نہ کرے۔ اور ہم یقینی طور پر جان لیں کہ جو چیز رسول اللہ ﷺ کی صحیح احادیث کے خلاف ہو، وہ باطل ہے؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ...پھر حق کے بعد اور کیا ره گیا بجز گمراہی کے، پھر کہاں پھرے جاتے ہو؟ [یونس: 32]۔
ایک اور مثال: قیامت کے دن سے متعلق
نبی ﷺ نے خبر دی ہے کہ ”بے شک قیامت کے دن سورج مخلوق سے ایک میل کی مقدار کے برابر قریب ہو جائے گا۔“ [5] خواہ یہ سرمہ دانی کی سلائی ہو یا مسافت والا میل، بہر صورت سورج اور مخلوق کے سروں کے درمیان یہ فاصلہ بہت کم ہے، اور اس کے باوجود لوگ اس کی گرمی سے نہیں جلیں گے، حالانکہ اگر سورج دنیا میں انگلی کی ایک پور کی مقدار کے برابر بھی قریب ہو جائے تو دنیا جل جائے۔ [5] صحیح مسلم: كتاب الجنة، باب في صفة يوم القيامة، حدیث: 2864، مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ اس کے راوی ہیں۔
اس پر کوئی کہنے والا کہہ سکتا ہے کہ قیامت کے دن سورج مخلوقات کے سروں سے اتنا قریب کیسے آ جائے گا؟ پھر لوگ ایک لمحے کے لیے بھی کیسے زندہ رہیں گے؟!
تو پھر اس حدیث کے حوالے سے حسنِ اخلاق کیا ہے؟
اس حدیث کے سلسلے میں حسنِ اخلاق یہ ہے کہ ہم اسے قبول کریں، اس کی تصدیق کریں، اور ہمارے دلوں میں اس حوالے سے نہ کوئی تذبذب ہو، نہ کوئی گھٹن، اور نہ ہی کوئی تردد، اور ہم یہ جان لیں کہ نبی کریم ﷺ نے اس بارے میں جو کچھ بھی بیان فرمایا ہے وہ برحق ہے۔
اس عظیم فرق کی وجہ سے آخرت کے حالات کو دنیا کے حالات پر قیاس کرنا ممکن نہیں ہے۔ چنانچہ ہم جانتے ہیں کہ قیامت کے دن لوگ پچاس ہزار سال تک کھڑے رہیں گے، دنیا کے پیمانے کے مطابق، کیا کسی کے لیے پچاس ہزار سال تک کھڑا رہنا ممکن ہے؟
جواب: نہیں، لہذا فرق بہت بڑا ہے۔ جب صورتِ حال یہ ہو تو ایک مردِ مومن اس طرح کی خبر کو انشراحِ صدر اور اطمینان کے ساتھ قبول کرتا ہے، اس کی سمجھ میں اس کے حوالے سے وسعت پیدا ہو جاتی ہے، اور اس کا دل اس کے لیے کھل جاتا ہے۔
2- اللہ کے احکام کو بخوشی قبول کرنا، ان کی تعمیل اور ان پر عمل کرنا: چنانچہ کوئی بندہ اللہ کے احکام میں سے کسی چیز کو رد نہ کرے، کیونکہ اگر وہ اللہ کے احکام میں سے کسی چیز کو رد کرتا ہے تو یہ اللہ عز وجل کے ساتھ برے اخلاق کا مظاہرہ ہے، خواہ وہ اس کے حکم ہونے کا انکار کرتے ہوئے اسے رد کرے، یا اس پر عمل کرنے سے تکبر کرتے ہوئے اسے رد کرے، یا اس پر عمل کرنے میں سستی و غفلت برتتے ہوئے اسے رد کرے، یقیناً یہ رویہ اللہ عزوجل کے ساتھ حسن اخلاق کے منافی ہے۔
ہم اس کی ایک مثال پیش کرتے ہیں: ماہِ رمضان میں ہم جو مشقت والے نیک اعمال انجام دیتے ہیں، ان میں بلاشبہ روزے کے لیے نفس کو بڑی مشقت اٹھانی پڑتی ہے؛ اس لیے کہ انسان اس میں اپنی مانوس چیزوں یعنی کھانے، پینے اور جماع کو چھوڑ دیتا ہے، اور یہ انسان کے لیے بڑی مشقت کا کام ہے۔ لیکن اللہ عز وجل کے ساتھ حسنِ اخلاق کا حامل مومن اس شرعی حکم کو قبول کرتا ہے، یا زیادہ صحیح الفاظ میں کہیں تو: وہ اس اعزاز کو قبول کرتا ہے۔ یہ اللہ عزوجل کی طرف سے ایک نعمت ہے جسے وہ کھلے دل اور اطمینان کے ساتھ قبول کرتا ہے، اور اس کا نفس اس کے لیے کشادہ ہو جاتا ہے۔ چنانچہ آپ اسے دیکھیں گے کہ وہ گرمیوں کے طویل دنوں میں روزہ رکھتا ہے، اور وہ اس پر پورے اطمینان اور خوش دلی کے ساتھ راضی رہتا ہے؛ کیونکہ وہ اپنے رب کے ساتھ حسنِ اخلاق سے پیش آتا ہے۔ لیکن اللہ کے ساتھ برے اخلاق کا حامل شخص اس جیسی عبادت کا بے زاری اور کراہت کے ساتھ سامنا کرتا ہے، اور اگر اسے برے انجام کا خوف نہ ہوتا، تو وہ روزے کی پابندی ہرگز نہ کرتا۔
ایک اور مثال نماز کی ہے، بلاشبہ یہ بعض لوگوں پر بھاری ہے، اور یہ منافقوں پر بھاری ہے، جیسا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ”منافقوں پر سب سے بھاری نماز عشا اور فجر کی نماز ہے۔“ [6] [6] صحیح بخاری: کتاب الأذان، باب فضل العشاء في الجماعة، حدیث: 657، صحیح مسلم: کتاب المساجد، باب فضل صلاة الجماعة، حدیث: 651، یہ حدیث ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔
لیکن نماز مومن کے لیے بھاری نہیں ہے، اللہ تعالی کا ارشاد ہے: اور صبر اور نماز کے ذریعہ مدد طلب کرو یہ چیز مشکل ہے، مگر ڈر رکھنے والوں کے لیے (نہیں)۔ جو جانتے ہیں کہ بے شک وه اپنے رب سے ملاقات کرنے والے ہیں اور یقیناً وہ اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔ [البقرۃ: 45-46]۔ ان لوگوں کے لیے یہ مشکل نہیں ہے، بلکہ نہایت آسان ہے؛ اسی لیے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں رکھی گئی ہے۔“ [7] [7] اس حدیث کو امام احمد نے (3/128)، اور نسائی نے کتاب عشرة النساء، باب حب النساء، حدیث: (3940) میں انس رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے۔
چنانچہ نماز کے حوالے سے اللہ عز وجل کے ساتھ حسن اخلاق یہ ہے کہ آپ اسے اس حال میں ادا کریں کہ آپ کا دل کشادہ اور مطمئن ہو، آپ کی آنکھیں ٹھنڈی ہوں، جب آپ اس کی ادائیگی میں مشغول ہوں تو خوشی محسوس کریں، اور جب اس کا وقت قریب آئے تو اس کا انتظار کریں۔ چنانچہ جب آپ فجر کی نماز پڑھ لیں تو ظہر کی نماز کے مشتاق رہیں، اور جب ظہر پڑھ لیں تو عصر کی نماز کے انتظار میں رہیں، اور جب عصر پڑھ لیں تو مغرب کی نماز کے شوق میں رہیں، اور جب مغرب پڑھ لیں تو عشا کی نماز کے منتظر رہیں، اور جب عشا پڑھ لیں تو فجر کی نماز کے شوق میں رہیں ، اس طرح ہمیشہ آپ کا دل ان عبادات کے ساتھ معلق رہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ حسن اخلاق کے مظاہر ہیں۔
معاملات میں تیسری مثال: سود کی حرمت ہے، چنانچہ اللہ تعالی نے قرآن میں ہم پر سود کو صاف طور پر حرام قرار دیا ہے، جیسا کہ اللہ تعالی کا فرمان ہے: ...اللہ تعالیٰ نے تجارت کو حلال کیا اور سود کو حرام... اسی میں یہ بھی ہے: جو شخص اپنے پاس آئی ہوئی اللہ تعالیٰ کی نصیحت سن کر رک گیا اس کے لئے وہ ہے جو گزرا اور اس کا معاملہ اللہ تعالیٰ کی طرف ہے، اور جو پھر دوبارہ (حرام کی طرف) لوٹا، وہ جہنمی ہے، ایسے لوگ ہمیشہ ہی اس میں رہیں گے۔ [البقرۃ: 275]۔ چنانچہ نصیحت آجانے اور حکم معلوم ہو جانے کے بعد بھی جو شخص دوبارہ سود کی طرف لوٹا، اسے جہنم کی آگ میں ہمیشہ رہنے کی وعید سنائی گئی ہے۔ والعیاذ باللہ۔
مومن اس حکم کو خوش دلی، رضامندی اور تسلیم کے ساتھ قبول کرتا ہے، جبکہ غیر مومن اسے قبول نہیں کرتا، بلکہ اس سے اس کا سینہ تنگ ہوتا ہے، اور بسا اوقات وہ اس کے لیے طرح طرح کے حیلے اختیار کرتا ہے؛ کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ سود میں یقینی کمائی ہے، اور اس میں کسی قسم کا خطرہ نہیں، لیکن حقیقت میں یہ ایک شخص کی کمائی اور دوسرے پر ظلم ہے؛ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ...ہاں اگر توبہ کرلو تو تمہارا اصل مال تمہارا ہی ہے، نہ تم ظلم کرو نہ تم پر ظلم کیا جائے گا۔ [البقرۃ: 279]۔
3- اللہ تعالیٰ کی قضا وقدر پر راضی رہنا اور صبر سے کام لینا: یہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ حسنِ اخلاق کا تیسرا پہلو ہے، ہم سب جانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی وہ تقدیریں جو وہ اپنی مخلوق کے بارے میں نافذ فرماتا ہے، سب کی سب مخلوق کے لیے موافق اور پسندیدہ نہیں ہوتیں۔ تو کیا اللہ تعالیٰ ہمارے لیے جو کچھ مقدر فرماتا ہے، وہ سب ہمارے موافق ہوتا ہے؟ یعنی کیا ہمارے دل اس کی طرف مائل ہوتے ہیں اور نفسیاتی طور پر اسے قبول کرتے ہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ ایسا نہیں ہے۔
مثلاً بیماری انسان کے موافق نہیں ہوتا، ہر انسان تندرست رہنا پسند کرتا ہے۔
اسی طرح فقر انسان کے موافق نہیں ہوتا، چنانچہ انسان مال دار ہونا پسند کرتا ہے۔ اسی طرح جہالت بھی انسان کے موافق نہیں ہوتی، لہذا انسان عالم ہونا پسند کرتا ہے۔ لیکن اللہ عز وجل کے مقدر کردہ فیصلے اس کی حکمت کی بنا پر مختلف ہوتے ہیں، ان میں سے بعض انسان کے موافق ہوتے ہیں اور وہ اپنی فطرت کے تقاضے کے مطابق ان سے راحت محسوس کرتا ہے، جب کہ بعض ایسے نہیں ہوتے۔ تو اللہ عز وجل کے مقدر کردہ فیصلوں کے حوالے سے اللہ تعالیٰ کے ساتھ حُسنِ اخلاق کا مقصود کیا ہے؟
اللہ کی قضا و قدر کے حوالے سے اللہ تعالیٰ کے ساتھ حسنِ اخلاق یہ ہے کہ اس نے تمہارے لیے جو کچھ مقدر فرمایا ہے تم اس پر راضی اور مطمئن رہو، اور یہ جان لو کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے اسے محض کسی حکمت اور اچھے مقصد کے تحت ہی مقدر فرمایا ہے، جس پر وہ حمد و شکر کا مستحق ہے۔
معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ کی قضا وقدر کے معاملے میں اس کے ساتھ حسنِ اخلاق یہ ہے کہ اس سے نسان راضی رہے، اس کے سامنے سرِ تسلیم خم کر دے اور مطمئن رہے؛ یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے صبر کرنے والوں کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا: ...اور ان صبر کرنے والوں کو خوش خبری دے دیجیے۔ جنہیں، جب کبھی کوئی مصیبت آتی ہے تو کہہ دیا کرتے ہیں کہ ہم تو خود اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہیں اور ہم اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں۔ [البقرۃ: 155-156]۔
دوسرا: مخلوق کے ساتھ معاملات میں حسن اخلاق:
جہاں تک مخلوق کے ساتھ حسن اخلاق کا تعلق ہے؛ تو بعض اہل علم (جن میں حسن بصری رحمہ اللہ بھی شامل ہیں) نے اس کی تعریف یوں کی ہے: تکلیف پہنچانے سے باز رہنا، سخاوت کرنا اور خندہ روئی کے ساتھ پیش آنا۔ [8] [8] إحياء علوم الدين (3/52-53)۔
1: تکلیف دینے سے باز رہنے کا معنی یہ ہے کہ انسان دوسروں کو تکلیف دینے سے باز رہے، خواہ اس تکلیف کا تعلق مال سے ہو، یا جان سے ہو، یا عزت و آبرو سے ہو۔ چنانچہ جو شخص مخلوق کو تکلیف دینے سے باز نہ رہے وہ اچھے اخلاق والا نہیں، بلکہ وہ برے اخلاق والا ہے۔
اللہ کے رسول ﷺ نے اپنی امت کے ساتھ ہونے والے سب سے بڑے اجتماع میں اس کی حرمت کا اعلان فرمایا، چنانچہ آپ نے ارشاد فرمایا: ”بے شک تمہارے خون، تمہارے مال اور تمہاری عزت و آبرو تم پر حرام ہیں، جیسے تمہارے اس دن کی حرمت تمہارے اس مہینے میں اور تمہارے اس شہر میں۔“ [9] [9] صحیح بخاری: کتاب الحج، باب الخطبة أيام منى، حدیث نمبر: 1741، صحیح مسلم: کتاب القسامة، باب تغليظ تحريم الدماء، حدیث نمبر: 1679، حدیث ابو بکرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔
اگر کوئی شخص ناحق مال لے کر لوگوں پر زیادتی کرے، یا دھوکہ دہی کے ذریعے لوگوں پر زیادتی کرے، یا خیانت کر کے لوگوں پر زیادتی کرے، یا مار پیٹ اور ظلم کے ذریعے لوگوں پر زیادتی کرے، یا گالی گلوچ اور غیبت کے ذریعے لوگوں پر زیادتی کرے، تو ایسا شخص لوگوں کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آنے والا نہیں ہو سکتا؛ کیونکہ وہ انہیں تکلیف دینے سے باز نہیں رہا، اور اس کا گناہ اس وقت اور بھی بڑھ جاتا ہے جب یہ کسی ایسے شخص کے ساتھ کیا جائے جس کا آپ پر حق زیادہ ہو۔
چنانچہ مثال کے طور پر والدین کے ساتھ برا سلوک کرنا دوسروں کے ساتھ برا سلوک کرنے سے زیادہ بڑا گناہ ہے، رشتہ داروں کے ساتھ برا سلوک کرنا غیروں کے ساتھ برا سلوک کرنے سے زیادہ بڑا گناہ ہے، اور پڑوسیوں کے ساتھ برا سلوک کرنا ان لوگوں کے ساتھ برا سلوک کرنے سے زیادہ بڑا گناہ ہے جو آپ کے پڑوسی نہیں ہیں؛ اسی لیے نبی ﷺ نے فرمایا: ”اللہ کی قسم وہ ایمان والا نہیں، اللہ کی قسم وہ ایمان والا نہیں، اللہ کی قسم وہ ایمان والا نہیں۔“ صحابہ نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول ﷺ ! کون ؟ آپ نے فرمایا: ”جس کا پڑوسی اس کی اذیتوں سے محفوظ نہ رہے۔“ [10] [10] اسے امام بخاری نے کتاب الأدب، باب إثم من لا یأمن جارہ بوائقہ، حدیث نمبر: 6016 میں ابو شریح رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے۔
2: بَذْلُ النَّدَى کا معنیٰ: سخاوت وفیاضی ہے، اور سخاوت محض مال خرچ کرنے کا نام نہیں جیسا کہ بعض لوگ گمان کرتے ہیں، بلکہ سخاوت جان قربان کرنے، جاہ ومرتبہ استعمال کرنے، اور مال خرچ کرنے میں بھی ہوتی ہے۔
چنانچہ جب ہم کسی ایسے شخص کو دیکھتے ہیں جو لوگوں کی حاجتیں پوری کرتا ہے، ان کی مدد کرتا ہے، ان کے معاملات کے سلسلے میں ایسے لوگوں تک رجوع کرتا ہے جن تک ان کی رسائی نہیں ہوتی، لوگوں کے درمیان اپنا علم پھیلاتا ہے، اور لوگوں میں اپنا مال خرچ کرتا ہے، تو ہم اسے با اخلاق قرار دیتے ہیں؛ کیونکہ اس نے سخاوت اور بھلائی سے کام لیا، اسی لیے نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”تم جہاں کہیں بھی رہو اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہا کرو۔ اور (اگر کوئی گناہ ہو جائے تو) گناہ کے بعد نیکی کرلیا کرو، جو اس کو مٹا دے گی اور لوگوں کے ساتھ حُسنِ اخلاق سے پیش آیا کرو۔“ [11] [11] اس حدیث کو ترمذی نے ابواب البر والصلۃ، باب ما جاء فی معاشرۃ الناس، حدیث نمبر: 1987 میں ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے۔
لوگوں کے ساتھ اچھے برتاؤ کا ایک مظہر یہ بھی ہے کہ جب تم پر ظلم کیا جائے یا تمھارے ساتھ برا سلوک کیا جائے تو تم معاف کر دو اور درگزر کرو، بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو معاف کرنے والوں کی تعریف کی ہے، چنانچہ اہل جنت کے بارے میں فرمایا: جو لوگ آسانی میں اور سختی کے موقع پر بھی اللہ کے راستے میں خرچ کرتے ہیں، غصہ پینے والے اور لوگوں سے درگزر کرنے والے ہیں، اللہ تعالیٰ ان نیک کاروں سے محبت کرتا ہے۔ [آل عمران: 134]۔
ارشاد باری تعالی ہے : ...تمہارا معاف کردینا تقویٰ سے بہت نزدیک ہے... [البقرۃ: 237]۔
اور ارشاد باری تعالی ہے: ...بلکہ معاف کر دینا اور درگزر کر دینا چاہیے... [النور: 22]۔
مزید ارشاد باری تعالی ہے: ...جس نے معاف کر دیا اور صلح کر لی تو اس کا اجر اللہ کے ذمے ہے... [الشوریٰ: 40]۔
ہر وہ انسان جو لوگوں سے میل جول رکھتا ہے، اسے لوگوں کی طرف سے کسی نہ کسی بد سلوکی کا سامنا ضرور کرنا پڑتا ہے، لیکن اس بد سلوکی پر اس کا رویہ یہ ہونا چاہیے کہ وہ عفو ودرگزر سے کام لے، اور یہ کامل یقین رکھے کہ اس کے عفو ودرگزر اور بھلائی کے ساتھ بدلہ دینے کی بدولت اس کے اور اس کے بھائی کے مابین دشمنی، محبت اور دوستی میں بدل جائے گی، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: نیکی اور بدی برابر نہیں ہوسکتے۔ برائی کو بھلائی سے دفع کرو پھر وہی جس کے اور تمہارے درمیان دشمنی ہے ایسا ہو جائے گا جیسے دلی دوست۔ [فصلت: 34]۔
اے عربی زبان سے واقفیت رکھنے والو! غور کرو کہ نتیجہ (إِذَا) فجائیہ کے ساتھ آیا ہے؛ اس لیے کہ (إِذَا) فجائیہ اپنے نتیجے کے فوراً اور اچانک واقع ہونے پر دلالت کرتا ہے۔ ...پھر وہی جس کے اور تمہارے درمیان دشمنی ہے ایسا ہو جائے گا جیسے دلی دوست۔ لیکن ہر کسی کو اس کی توفیق نہیں ملتی، اللہ تعالی نے فرمایا: اور یہ بات انہی کو نصیب ہوتی ہے جو صبر کریں اور اسے سوائے بڑے نصیبے والوں کے کوئی نہیں پا سکتا۔ [فصلت: 35]۔
کیا ہم اس سے یہ سمجھیں کہ مجرم کو معاف کر دینا ہر حال میں قابل تعریف ہے اور اس کا حکم دیا گیا ہے؟ ہو سکتا ہے کہ اس آیت سے یہ بات سمجھی جائے، لیکن یہ معلوم ہونا چاہیے کہ معاف کر دینا اسی صورت میں قابلِ تعریف ہے جب معاف کرنا زیادہ بہتر ہو، اور اگر بدلہ لینا زیادہ بہتر ہو تو پھر بدلہ لینا ہی افضل ہے؛ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ...پس جس نے معاف کر دیا اور صلح کر لی تو اس کا اجر اللہ کے ذمے ہے... [الشوری: 40]، چنانچہ معاف کرنے کو اصلاح کے ساتھ لازم و ملزوم قرار دیا ہے۔
یہ ممکن ہے کہ عفو و درگزر اصلاح کا باعث نہ ہو، کیونکہ ہو سکتا ہے جس شخص نے آپ پر زیادتی کی ہو اور آپ کے خلاف جرات کا مظاہرہ کیا ہو، وہ شر اور فساد میں معروف شخص ہو۔ لہذا اگر آپ نے اسے معاف کر دیا تو ہو سکتا ہے وہ اپنے شر اور فساد میں مزید بڑھ جائے۔ لہٰذا اس مقام پر افضل یہی ہے کہ اس کے جرم پر گرفت کی جائے؛ کیونکہ اسی میں اصلاح ہے۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”اصلاح واجب ہے اور معاف کر دینا مندوب ہے، لیکن اگر معاف کر دینے کی وجہ سے اصلاح فوت ہو جائے، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم نے ایک مندوب کو واجب پر مقدم کر دیا ہے، جبکہ شریعت اس کی اجازت نہیں دیتی۔“ امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے بالکل سچ کہا۔
اس مناسبت سے میں ایک ایسے مسئلے کی طرف متنبہ کرنا چاہتا ہوں جسے بہت سے لوگ احسان کی غرض سے انجام دیتے ہیں، اور وہ یہ ہے کہ کسی شخص سے کوئی حادثہ سرزد ہو جائے جس کی وجہ سے کوئی دوسرا شخص ہلاک ہو جائے، تو مقتول کے ورثا آ کر حادثہ کرنے والے اس مجرم کی دیت معاف کر دیتے ہیں ، تو کیا ان کا دیت معاف کر دینا قابلِ ستائش ہے اور اسے حسنِ اخلاق میں شمار کیا جاتا ہے، یا پھر اس میں کچھ تفصیل ہے؟
اس میں کچھ تفصیل ہے: چنانچہ ہمیں اس مجرم کے حالات پر غور و فکر کرنی چاہیے جس سے یہ حادثہ سرزد ہوا ہے، آیا وہ ان لوگوں میں سے ہے جو بے احتیاطی اور لاپروائی میں معروف ہیں؟ کیا وہ اس قسم کا شخص ہے جو اس بات کی پروا نہیں کرتا -اللہ کی پناہ- کہ وہ کسی کو ٹکر مار دے کیوں کہ وہ اس کی دیت ادا کرنے کی استطاعت رکھتا ہے؟ یا پھر وہ ایسا شخص ہے جس سے یہ حادثہ مکمل احتیاط اور پورے توازن کے باوجود پیش آیا، لیکن اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کا ایک اندازہ مقرر کر رکھا ہے؟
اب اگر اس کا تعلق دوسری قسم سے ہو تو اسے معاف کر دینا بہتر ہے، لیکن معاف کرنے سے پہلے دوسری قسم میں بھی ہمارے لیے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کیا میت پر کوئی قرض ہے؟ اگر میت پر کوئی قرض ہو اور دیت کے علاوہ اس کی ادائیگی کی کوئی صورت نہ ہو، تو ہمارے لیے معاف کرنا ممکن نہیں؛ کیونکہ قرض وراثت پر مقدم ہے، اور اگر ہم معاف کر بھی دیں تو ہماری معافی کا کوئی اعتبار نہیں ہوگا۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس سے شاید بہت سے لوگ غافل رہتے ہیں، ہم یہ بات اس لیے کہہ رہے ہیں؛ کیونکہ ورثاء اس دیت کے حق دار اس میت کی طرف سے بنتے ہیں جو حادثے کا شکار ہوا ہو، اور ان کا یہ استحقاق قرض کی ادائیگی کے بعد ہی ثابت ہوتا ہے۔ اسی لیے جب اللہ تعالیٰ نے وراثت کا ذکر کیا تو فرمایا: ...وصیت (کی تکمیل) کے بعد جو مرنے واﻻ کر گیا ہو یا قرض کی ادائیگی کے بعد... [النساء: 11]۔
حاصل کلام یہ ہے کہ لوگوں سے درگزر کرنا حسنِ اخلاق میں سے ہے، اور یہ سخاوت کے قبیل سے ہے؛ کیوں کہ سخاوت یا تو عطا کرنا ہے یا ساقط کرنا، اور عفو ودرگزر کرنا ساقط کرنے کے قبیل سے ہے۔
3: خندہ روئی: بایں طور کہ انسان خندہ رو ہو، اور اس کی ضد ترش روئی ہے؛ اسی لیے نبی ﷺ نے فرمایا: ”کسی بھی اچھے کام کو ہر گز حقیر مت جانو، خواہ تمہارا اپنے بھائی کے ساتھ ہنس مکھ چہرے کے ساتھ ملنا ہی کیوں نہ ہو۔“ [12] [12] اس حدیث کو مسلم نے کتاب البر والصلۃ، باب استحباب طلاقة الوجه عند اللقاء، حدیث نمبر : (2626) میں ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے۔
چنانچہ خندہ روئی اس شخص کو خوش کر دیتی ہے جس سے آپ ملاقات کرتے ہیں اور جو آپ کی طرف متوجہ ہوتا ہے، اس سے مودت اور محبت پیدا ہوتی ہے، نیز یہ آپ کے اور آپ سے ملاقات کرنے والے شخص کے لیے انشراحِ صدر کا باعث بنتی ہے، تجربہ کر کے دیکھ لیں، آپ ایسا ہی پائیں گے۔
لیکن اگر آپ ترش رو ہیں، تو لوگ آپ سے متنفر ہو جاتے ہیں، اور وہ آپ کے پاس بیٹھنے اور آپ سے بات چیت کرنے میں کوئی خوشی محسوس نہیں کرتے، بلکہ بسا اوقات آپ ایک خطرناک بیماری میں مبتلا ہو سکتے ہیں جسے بلڈ پریشر کہا جاتا ہے۔ بلاشبہ انشراحِ صدر اور خندہ روئی اس بیماری کی روک تھام کے لیے سب سے کامیاب ادویات میں سے ہیں؛ اسی لیے اطباء اس بیماری میں مبتلا شخص کو یہ نصیحت کرتے ہیں کہ وہ ہر اس چیز سے دور رہے جو اسے مشتعل کرے اور غصہ دلائے؛ کیونکہ اس سے اس کے مرض میں اضافہ ہوتا ہے۔ لہٰذا خندہ روئی اس مرض کا خاتمہ کر دیتی ہے؛ کیونکہ اس کے ذریعے انسان کا دل کشادہ رہتا ہے اور وہ مخلوق کے نزدیک محبوب بن جاتا ہے۔
یہ وہ تین بنیادی اصول ہیں جن پر لوگوں کے ساتھ حسنِ اخلاق کا پورا معاملہ قائم ہے۔
مخلوق کے ساتھ حسن اخلاق میں یہ بھی شامل ہے کہ دوستوں، رشتہ داروں اور اہل خانہ کے ساتھ حسن معاشرت سے پیش آیاجاۓ، چنانچہ انسان نہ ان سے تنگ ہو، اور نہ ان پر تنگی کرے، بلکہ اللہ کی شریعت کی حدود میں رہتے ہوئے جہاں تک ممکن ہو ان کو خوشی پہنچائے، اور یہ قید ضروری ہے؛ کیونکہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اللہ کی نافرمانی کے بغیر خوش نہیں ہوتے -اللہ کی پناہ! لہٰذا ہم ان کی موافقت نہیں کرتے، لیکن شرعی حدود میں رہتے ہوئے آپ سے تعلق رکھنے والے اہل خانہ، دوستوں اور رشتہ داروں کو خوشی پہنچانا حسن اخلاق میں شامل ہے؛ اسی لیے نبی ﷺ نے فرمایا: ”تم میں سب سے اچھا انسان وہ ہے، جو اپنے گھر والوں کے حق میں سب سے اچھا ہو، اور میں اپنے گھر والوں کے حق میں تم میں سب سے اچھا انسان ہوں۔“ [13] [13] سنن ترمذی: کتاب المناقب، باب في فضل أزواج النبي ﷺ، حدیث نمبر: 3895، حدیث عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے، اور سنن ابن ماجہ: کتاب النكاح، باب حسن معاشرة النساء، حدیث نمبر: 1977، حدیث ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے۔
انتہائی افسوس کی بات ہے کہ بہت سے لوگ دوسروں کے ساتھ تو حسن اخلاق سے پیش آتے ہیں، لیکن اپنے اہل خانہ کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش نہیں آتے، اور یہ غلط اور خلاف فطرت ہے۔ آپ کس طرح غیروں کے ساتھ تو حسن اخلاق سے پیش آتے ہیں؟ اور رشتہ داروں کے ساتھ بد اخلاقی کرتے ہیں؟! کوئی کہہ سکتا ہے کہ مجھے اپنے رشتہ داروں کے ساتھ تکلف اور خوشامد کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، اس لیے میں ان کے ساتھ برا اخلاق اختیار کرتا ہوں۔ ہم کہتے ہیں کہ یہ صحیح نہیں ہے، کیونکہ رشتہ دار اس بات کے سب سے زیادہ حق دار ہیں کہ آپ ان کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں۔ اسی لیے ایک آدمی نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میرے حسن سلوک کا سب سے زیادہ حق دار کون ہے؟ آپ نے فرمایا: ”تیری ماں“۔ پوچھا: پھر کون؟ فرمایا: ”تیری ماں“۔ پوچھا: پھر کون؟ فرمایا: ”تیری ماں“۔ پوچھا: پھر کون؟ فرمایا: ”تیرا باپ“۔ [14] [14] صحیح بخاری، کتاب الأدب، باب من أحق الناس بحسن الصحبۃ، حدیث نمبر: (5971)، صحیح مسلم، کتاب البر والصلة والآداب، باب بر الوالدین وأنهما أحق به، حدیث نمبر: (2548) راوی: ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ۔
بعض لوگوں کا معاملہ اس کے برعکس ہے، آپ دیکھیں گے کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں جبکہ اپنی بیوی کے ساتھ بہترین سلوک روا رکھتے ہیں، چنانچہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ حسنِ معاشرت کو اپنی والدہ کے ساتھ حسنِ سلوک پر مقدم رکھتے ہیں۔
حاصل کلام یہ ہے کہ اہل و عیال، دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ حسن سلوک کرنا، یہ سب حسنِ اخلاق میں شامل ہے۔
ہمیں چاہیے کہ موسم گرما کے ان مراکز میں نوجوانوں کی موجودگی سے اس طرح فائدہ اٹھائیں کہ انہیں حسنِ اخلاق کی مشق کرائیں؛ تاکہ یہ مرکز تعلیم وتربیت کا مرکز بن جائے؛ کیونکہ تربیت کے بغیر علم کا نقصان اس کے فائدے سے زیادہ ہو سکتا ہے، لیکن جب علم کے ساتھ تربیت بھی ہو تو علم اپنے مطلوبہ اور مقصود نتیجے تک پہنچاتا ہے۔؛ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا: کسی ایسے انسان کے لیے جسے اللہ تعالیٰ کتاب وحکمت اور نبوت سے نواز رکھا ہو، یہ زیب نہیں دیتا کہ اس کے باوجود بھی وه لوگوں سے کہے کہ تم اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر میرے بندے بن جاؤ، بلکہ وه تو کہے گا کہ تم سب رب کے ہو جاؤ، تمہارے کتاب سکھانے کے باعث اور تمہارے کتاب پڑھنے کے سبب۔ [آل عمران: 79]۔
علم کا فائدہ یہ ہے کہ انسان ربانی بن جائے، اس معنی میں کہ وہ شریعتِ الٰہی پر اللہ کے بندوں کی تربیت کرنے والا ہو۔ یہ وہ مراکز ہیں جن کے ذمہ داران سے ہماری امید ہے کہ وہ انہیں اچھے اقدار، بالخصوص حسنِ اخلاق، میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کا میدان بنائیں گے۔
ہم پہلے ذکر کر چکے ہیں کہ حسن اخلاق طبعی بھی ہوتا ہے اور کسبی بھی، اور یہ کہ طبعی حسن اخلاق، کسبی حسن اخلاق سے زیادہ کامل ہوتا ہے، ہم اس کی دلیل بھی پیش کر چکے ہیں، اور وہ اللہ کے رسول ﷺ کا اشج عبد القیس سے یہ فرمانا ہے : ”بلکہ اللہ تعالیٰ نے تمھیں اسی پر پیدا کیا ہے۔“ [15] [15] ابو داود: كتاب الأدب، باب في قبيلة الرجل، حدیث نمبر : (5225)، حديث زارع رضي الله عنہ سے مروی ہے، اور وہ وفد عبد القیس میں شامل تھے، ترمذي: أبواب البر والصلة، باب ما جاء في الأناة والعجلة، حدیث نمبر : (2011)، حديث ابن عباس رضي الله عنہما سے مروی ہے۔
اس لیے کہ طبعی طور پر حاصل اخلاق حسنہ انسان سے زائل نہیں ہوتے، لیکن تکلف سے اختیار کئے گئے اخلاقِ حسنہ بہت سے مواقع پر انسان سے چھوٹ جاتے ہیں، کیونکہ اسے مشق اور مشقت کی ضرورت ہوتی ہے، اور ہر اس چیز کی موجودگی میں جو انسان کو مشتعل کرے، اسے یاد رکھنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ اسی لیے ایک شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! مجھے کوئی نصیحت فرمائیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”غصہ نہ کیا کرو“۔ اس نے یہ سوال بار بار دہرایا اور آپ ﷺ یہی فرماتے رہے کہ غصہ نہ کیا کرو۔ [16]، نیز رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ”طاقتور وہ نہیں جو کسی کو پچھاڑ دے، بلکہ طاقتور وہ ہے، جو غصّہ کے وقت اپنے آپ پر قابو رکھے۔“[17] [16] صحیح بخاری: کتاب الأدب، باب الحذر من الغضب، حدیث نمبر: 6116، راوی حدیث: ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ۔ [17] صحیح بخاری: كتاب الأدب، باب الحذر من الغضب، حدیث نمبر: 6114، صحیح مسلم: كتاب البر والصلة والآداب، باب فضل من يملك نفسه عند الغضب، حدیث نمبر: 2609، حدیث ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔
الصُّرَعَةُ: یہ وہ شخص ہے جو لوگوں کو پچھاڑ دیتا ہے، جیسے هُمَزَة اور لُمَزَة، هُمَزَة وہ ہے جو لوگوں پر طعنہ زنی کرتا ہے، اور لُمَزَة وہ ہے جو لوگوں کے عیب نکالتا ہے، چنانچہ طاقتور وہ نہیں ہے جو لوگوں کو پچھاڑ دے اور ان پر غالب آ جائے۔ ”اصل طاقتور وہ ہے، جو غصّہ کے وقت اپنے آپ پر قابو رکھے۔“ [18]، لہذا جو شخص اپنے نفس کو پچھاڑ دے اور غصّہ کے وقت اس پر قابو رکھے، حقیقت میں وہی طاقتور ہے، اور انسان کا غصّہ کے وقت اپنے نفس کو قابو میں رکھنا محاسنِ اخلاق میں شمار کیا جاتا ہے۔ [18] صحیح البخاری: كتاب الأدب، باب الحذر من الغضب، حدیث نمبر: 6114، صحیح مسلم: كتاب البر والصلة والآداب، باب فضل من يملك نفسه عند الغضب، حدیث نمبر: 2609، حدیث ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔
جب آپ کو غصہ آئے تو غصہ پر عمل نہ کریں، بلکہ شیطان مردود سے اللہ کی پناہ مانگیں، اگر آپ کھڑے ہوں تو بیٹھ جائیں، اور اگر بیٹھے ہوں تو لیٹ جائیں، اور اگر غصہ بڑھ جائے تو وضو کر لیں یہاں تک کہ وہ آپ سے دور ہو جائے۔
خلاصہ یہ ہے کہ طبعی طور پر اچھے اخلاق کا حامل ہونا، بناوٹی طور پر اچھے اخلاق اختیار کرنے سے بہتر ہے؛ کیونکہ جب حسنِ اخلاق انسان کی فطرت اور عادت بن جائے تو ہر موقع پر اس پر عمل کرنا اس کے لیے آسان ہوتا ہے، لیکن جو شخص بناوٹی طور پر اچھا اخلاق اختیار کرتا ہے، وہ بعض مواقع پر اس سے محروم رہ سکتا ہے۔
اسی طرح ہم یہ بھی کہتے ہیں کہ حسنِ اخلاق کسب و اختیار سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے، یعنی انسان اپنے آپ کو اچھی عادتوں کا پابند بنانے کی مشق کرتا رہے، یہاں تک کہ وہ اچھے اخلاق والا بن جائے۔ اس کے لیے چند امور ہیں، جن میں سے یہ ہیں:
پہلا: انسان اللہ تعالیٰ کی کتاب اور رسول اللہ ﷺ کی سنت میں غور کرے، اور ان نصوص کو دیکھے جو اس عظیم خُلق کی تعریف اور اس کی خوبی بیان کرتی ہیں۔ مومن جب دیکھتا ہے کہ کسی اخلاق یا عمل کی نصوص میں تعریف کی گئی ہے تو وہ اسے اختیار کرتا اور اس پر عمل کرتا ہے۔
دوسرا: ایسے لوگوں کی صحبت اختیار کرے جو حسنِ اخلاق میں معروف ہوں، نبی ﷺ نے اپنے اس فرمان میں اس کی طرف اشارہ کیا ہے: ”اچھے ہم نشیں اور برے ہم نشیں کی مثال ایسی ہے جیسے کہ عطر فروش اور بھٹی پھونکنے والا۔ عطر فروش یا تو تمہیں عطر تحفے میں دے دے گا یا پھر تم اس سے عطر خرید لو گے یا (کم از کم) تمہیں اس سے خوشبو تو آئے گی ہی۔ جبکہ بھٹی میں پھونکنے والا یا تو تمہارے کپڑے جلا ڈالے گا یا پھر تمہیں اس سے بدبو آئے گی۔“ [19] [19] اسے بخاری نے كتاب الذبائح والصيد، باب المسك، حدیث نمبر: (5534) اور مسلم نے كتاب البر والصلة، باب استحباب مجالسة الصالحين، حدیث نمبر: (2628) میں ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے۔
چنانچہ تمام نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ایسے لوگوں کو دوست بنائیں جو اعلیٰ اخلاق کے لیے معروف ہوں، برے اخلاق اور گھٹیا حرکتوں سے دور رہیں تاکہ وہ اس صحبت کو ایک ایسی درسگاہ بنا لیں جس کے ذریعے وہ حسنِ اخلاق اپنانے میں مدد حاصل کر سکیں۔
تیسرا: انسان اس بات پر غور کرے کہ اس کی بدخلقی کے کیا نتائج مرتب ہوتے ہیں؛ چنانچہ بد خلق شخص سے نفرت کی جاتی ہے، بدخلق شخص کو تنہا چھوڑ دیا جاتا ہے، اور بدخلق شخص کو برے اوصاف کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے۔ جب انسان یہ جان لیتا ہے کہ بدخلقی اس انجام تک پہنچاتی ہے، تو وہ اس سے اجتناب کرتا ہے۔
*
اسوۂ حسنہ ﷺ
رسول اللہ ﷺ کی ذات گرامی ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے، چنانچہ رسول اللہ ﷺ مخلوق میں سب سے زیادہ اچھے اخلاق کے حامل تھے؛ کیونکہ اللہ تعالی نے آپ ﷺ کے بارے میں فرمایا: اور بے شک تو بہت بڑے (عمده) اخلاق پر ہے۔ [القلم: 4]، چنانچہ رسول اللہ ﷺ کے عہد میں پیش آنے والے حالات وواقعات آپ کے اچھے اخلاق پر دلالت کرتے ہیں، بلکہ آپ ﷺ بچوں کے ساتھ بھی اچھے اخلاق سے پیش آتے تھے؛ آپ ان کے ساتھ لطف ونرمی کا برتاؤ کرتے اور ان کے ساتھ کھیلتے تھے، اور آپ ایک بچے سے فرماتے تھے: ”اے ابو عمیر! نُغَیر کا کیا ہوا؟“ [20] ابو عمیر ایک چھوٹے بچے کی کنیت تھی، اس کے پاس ایک (نُغَیر) تھا، جو گوریّے کی طرح ایک چھوٹا پرندہ تھا۔ یہ نُغَیر مر گیا تو بچہ اس پر غمگین اور رنجیدہ ہو گیا، چنانچہ آپ ﷺ اس سے دل لگی کرتے ہوئے فرماتے : ”اے ابو عمیر! نُغَیر کا کیا ہوا؟“ [20] صحیح بخاری، کتاب الأدب، باب الانبساط إلى الناس، حدیث نمبر:6129، صحیح مسلم، کتاب الآداب، باب استحباب تحنيك المولود عند ولادته، حدیث نمبر:2150۔ یہ حدیث انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔
ایک اعرابی آیا اور اس نے مسجد میں پیشاب کرنا شروع کر دیا۔ لوگوں نے اسے ڈانٹا اور سختی سے جھڑکا تو نبی ﷺ نے انہیں منع کر دیا۔ جب وہ پیشاب کر چکا تو آپ ﷺ نے پانی کا ایک ڈول لانے کا حکم دیا جسے پیشاب پر بہا دیا گیا۔ پھر آپ ﷺ نے اعرابی کو بلایا اور اس سے فرمایا: ”بے شک ان مساجد میں کسی قسم کی گندگی یا غلاظت مناسب نہیں ہے، یہ تو نماز اور تلاوتِ قرآن کے لیے ہیں۔“ [21] یا جیسا کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا۔ [21] اسے بخاری نے کتاب الوضوء، باب صب الماء على البول، حدیث نمبر: 221، اور مسلم نے کتاب الطهارة، باب وجوب غسل البول، حدیث نمبر: 285 میں انس رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے۔
اس واقعے میں حُسنِ اخلاق کا پہلو بالکل واضح ہے، چنانچہ آپ ﷺ نے اس اعرابی کی سرزنش نہیں کی، اور نہ ہی اسے زد وکوب کرنے کا حکم دیا، بلکہ آپ ﷺ نے اسے چھوڑ دیا یہاں تک کہ وہ پیشاب سے فارغ ہو گیا، پھر اسے بتایا کہ مساجد اس کام کے لیے مناسب نہیں ہیں جو اس نے کیا ہے، بلکہ یہ تو نماز، ذکر اور تلاوتِ قرآن کے لیے ہیں۔
رمضان میں ایک شخص آپ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں ہلاک ہو گیا!! تو نبی ﷺ نے اس سے فرمایا: ”تمھیں کس چیز نے ہلاک کر دیا؟“ اس آدمی نے عرض کیا: میں نے رمضان میں روزے کی حالت میں اپنی بیوی کے ساتھ صحبت کر لی۔ تو آپ ﷺ نے اسے نہ ڈانٹا اور نہ جھڑکا، بلکہ اس سے فرمایا: ”کیا تمھارے پاس اتنی گنجائش ہے کہ ایک گردن آزاد کر سکو؟“ اس نے عرض کیا: نہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”کیا تم دو مہینے کے مسلسل روزے رکھ سکتے ہو؟“ اس نے عرض کیا: نہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”کیا تمھارے پاس اتنی گنجائش ہے کہ ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکو؟“ اس نے عرض کیا: نہیں۔ پھر وہ بیٹھ گیا۔ اسی دوران نبی ﷺ کے پاس ایک ٹوکرا لایا گیا جس میں کھجوریں تھیں، تو آپ ﷺ نے وہ اسے دے دیا اور فرمایا: ”اسے صدقہ کر دو۔“ اس آدمی نے عرض کیا: کیا اپنے سے زیادہ محتاج پر (صدقہ کروں)؟! (مدینہ کے مشرق ومغرب میں موجود) دونوں پتھریلے میدانوں کے درمیان ہم سے زیادہ اس کا کوئی حاجت مند نہیں ہے۔ یہ سن کر نبی ﷺ ہنس پڑے، یہاں تک کہ آپ کے دندان مبارک ظاہر ہو گئے، پھر آپ ﷺ نے فرمایا: ”جاؤ اور اسے اپنے اہل وعیال کو کھلا دو۔“ [22] [22] صحیح بخاری، کتاب الصوم، باب إذا جامع في رمضان ولم يكن له شيء فتصدق عليه فليكفِّر، حدیث نمبر: 1936، صحیح مسلم، کتاب الصیام، باب تغليظ تحريم الجماع في نهار رمضان على الصائم، حدیث نمبر: 1111، حديث بو هريرہ رضی الله عنہ سے مروی ہے۔
اس قصے میں نبی ﷺ کا حسن اخلاق بالکل واضح ہے کہ آپ ﷺ نے اس شخص کو نہ جھڑکا، نہ برا بھلا کہا اور نہ ہی اسے ملامت کی، یہ آپ ﷺ کی بردباری اور حکمت کا نتیجہ تھا، کیونکہ آپ ﷺ نے دیکھا کہ یہ شخص نادم، تائب اور خوف زدہ ہو کر آیا ہے، چنانچہ آپ ﷺ نے مناسب سمجھا کہ یہ پھٹکار اور ملامت کا مستحق نہیں ہے، بلکہ اس پر حق واضح کیا جائے اور اس کے ساتھ شفقت و نرمی کا معاملہ کیا جائے۔
مسئلہ: بہت سے لوگوں کی طرف سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ اہلِ مغرب اپنے معاملات اور خرید وفروخت میں زیادہ اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہیں، جبکہ ہم مسلمانوں کی صفوں میں آپ کو دھوکہ دہی، جھوٹ اور جھوٹی قسم کھا کر سامان فروخت کرنا جیسی بری عادتیں عام ہیں، تو اس کا سبب کیا ہے؟ اور کیا ان کے اخلاق کی تشکیل میں ان کی صنعتی تہذیب کا کوئی بڑا اثر ہے؟
جواب: نبی ﷺ نے فرمایا : ”اگر لوگوں کو محض ان کے دعویٰ کی بنیاد پر حق دے دیا جائے تو لوگ دوسروں کے خون اور اموال کا دعویٰ کرنے لگیں گے، لیکن اصول یہ ہے کہ مدعی کے ذمہ ثبوت پیش کرنا ہے۔“ [23] لوگوں میں جو یہ بات مشہور ہے کہ اہل مغرب کے ہاں معاملات میں حسن اخلاق پایا جاتا ہے، تو یہ درست نہیں ہے، کیونکہ ان کے ہاں ایسی بدسلوکی پائی جاتی ہے جسے وہی شخص جانتا ہے جو ان کے پاس گیا ہو، اور انہیں عدل و انصاف کی نگاہ سے دیکھا ہو، نہ کہ وہ شخص جس نے انہیں تعظیم وتکریم کی نگاہ سے دیکھا ہو۔ چنانچہ شاعر نے کہا ہے: رضامندی کی آنکھ ہر عیب دیکھنے سے قاصر ہوتی ہے *** جیسا کہ ناراضگی کی آنکھ برائیوں کو ظاہر کر دیتی ہے۔ [24] [24] دیکھیں: الحيوان للجاحظ (3/226)، عيون الاخبار (3/16)، العقد الفريد (2/194)- [23] اسے بخاری نے: کتاب تفسیر القرآن، باب (إِنَّ ٱلَّذِينَ يَشۡتَرُونَ بِعَهۡدِ ٱللَّهِ وَأَيۡمَٰنِهِمۡ ثَمَنٗا قَلِيلًا أُوْلَٰٓئِكَ لَا خَلَٰقَ لَهُمۡ...) [آل عمران: 77]، حدیث نمبر: 4552 میں، اور مسلم نے: کتاب الاقضیہ، باب الیمین علی المدعی علیہ، حدیث نمبر: 1711 میں ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کیا ہے۔
مغرب جانے والے بہت سے نوجوانوں نے مجھے بدترین اخلاق پر مبنی افعال کے بارے میں بتایا ہے، لیکن وہ خرید و فروخت میں جو خیر خواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں، تو یہ اس لیے نہیں کہ وہ بااخلاق ہیں، بلکہ اس لیے ہے کہ وہ مادہ پرست ہیں۔ انسان ان امور کے معاملات میں جتنا زیادہ خیر خواہ ہوتا ہے، لوگ اس کی طرف اتنا ہی زیادہ متوجہ ہوتے ہیں، اور اس کا سامان خریدنے اور اسے فروغ دینے میں اتنی ہی جلدی کرتے ہیں۔
وہ ایسا اس لیے نہیں کرتے کہ وہ اعلیٰ اخلاق کے حامل ہیں، بلکہ اس لیے کہ وہ مادہ پرست ہیں، اور وہ اپنے اموال کو بڑھانے کے لیے اسے سب سے بڑی تشہیر سمجھتے ہیں کہ وہ اچھا برتاؤ کریں؛ تاکہ یہ امور قابل قبول ہوں، ورنہ وہ تو ویسے ہی ہیں جیسا کہ اللہ عز وجل نے اپنے اس فرمان میں بیان فرمایا ہے: بے شک جو لوگ اہل کتاب میں کافر ہوئے اور مشرکین سب دوزخ کی آگ میں (جائیں گے) جہاں وه ہمیشہ (ہمیشہ) رہیں گے۔ یہ لوگ بدترین خلائق ہیں۔ [البینۃ: 6]، میں نہیں سمجھتا کہ کافروں کی صفات بیان کرنے میں اللہ عز وجل کے بیان سے زیادہ سچا بیان کسی اور کا ہو سکتا ہے؛ وہ بدترین مخلوق ہیں، اور بھلا اس قوم سے کسی خیر وبھلائی کی کیا امید رکھی جا سکتی ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے بدترین مخلوق قرار دیا ہو؟ مجھے نہیں لگتا کہ ایسا کبھی ہو سکتا ہے، البتہ ان معاملات میں ان کے ہاں جو سچائی، صراحت اور خیر خواہی پائی جاتی ہے، وہ درحقیقت ان کے کسی اور مقصد کے تحت ہوتی ہے، اور وہ مقصد نیک نامی اور دنیاوی مفاد کا حصول ہے۔ ورنہ جس شخص نے بھی بہت سے مواقع پر مخلوق پر ان کے ظلم، زیادتی اور دست درازی کو دیکھا ہے، وہ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کا مصداق بخوبی جان لے گا: ...یہ لوگ بدترین خلائق ہیں۔
جہاں تک بہت سے مسلمانوں کی جانب سے معاملات میں دھوکہ دہی، جھوٹ اور خیانت کی بات ہے، تو ان مسلمانوں کے اسلام اور ایمان میں اسی قدر کمی واقع ہوتی ہے جس قدر وہ ان امور میں شریعت کی مخالفت کرتے ہیں۔
چنانچہ بعض مسلمانوں کی خلاف ورزی اور اس طرح کے معاملات میں ان کے دائرۂ شریعت سے نکل جانے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ شریعت میں کوئی نقص ہے، کیونکہ شریعت تو کامل ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سب سے پہلے خود اپنے آپ کو نقصان پہنچایا، پھر اسلامی شریعت کو، پھر اپنے مسلمان بھائیوں کو، اور پھر ان غیر مسلموں کو جن کے ساتھ وہ معاملات کرتے ہیں۔ درحقیقت ان لوگوں نے محض اپنے آپ ہی کو نقصان پہنچایا ہے۔ کوئی بھی عقل مند شخص عمل کرنے والے کی برائی کو اس شریعت کی خامی قرار نہیں دے سکتا جس سے اس عمل کرنے والے کی وابستگی ہے۔
اسی لیے میں تمام مسلمانوں سے امید کرتا ہوں کہ وہ ان امور کے خلاف ایک مضبوط مہم چلائیں جنہیں اسلام جائز قرار نہیں دیتا، جیسے جھوٹ، خیانت، دھوکہ دہی، فریب اور اس جیسی دیگر باتیں۔
مسئلہ: ان دونوں میں سے کون افضل ہے: وہ شخص جس کا دین ناقص ہو مگر اس کے اخلاق اچھے ہوں، یا وہ شخص جو شریعت کی پابندی میں درجہ کمال کے قریب ہو مگر اس کے اخلاق برے ہوں؟ اور اس کا نبی ﷺ کے اس فرمان سے کیا تعلق ہے: ”حسن خلق دنیا اور آخرت کی بھلائی کا ضامن ہے۔“ [25] یہ آپ نے ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے ایک سوال کے جواب میں فرمایا۔ [25] اسے عبد بن حمید نے اپنے مسند (1210) میں، خرائطی نے مکارم الاخلاق (50) میں، اور طبرانی نے المعجم الکبیر (23/223) میں انس رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے۔
جواب: اس میں کوئی شک نہیں کہ اخلاقی اعتبار سے مکمل ہونا دین کے مکمل ہونے کا حصہ ہے، جیسا کہ اللہ کے نبی ﷺ سے ثابت ہے کہ آپ نے فرمایا: ”مومنوں میں سب سے کامل ایمان والا وہ شخص ہے جو اخلاق میں سب سے اچھا ہو۔“ [26] [26] اسے ابو داود نے کتاب السنۃ، باب الدلیل على زیادۃ الإیمان ونقصانہ، حدیث : 4682 میں اور ترمذی نے کتاب الرضاع، باب ما جاء فی حق المرأۃ على زوجھا، حدیث : 1162 میں ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے۔
اس بنا پر، جس شخص کے اخلاق ناقص ہوں، اس کا دین بھی ناقص ہے؛ کیونکہ دین کا کمال اخلاق کے کمال پر منحصر ہے۔ جیسا کہ ہم نے ذکر کیا کہ حسنِ اخلاق خالق اور مخلوق کے ساتھ اچھے برتاؤ کا نام ہے، تو اس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ اخلاق کا کمال دین کے کمال ہی سے حاصل ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کامل اخلاق والے شخص کا دوسروں کو اسلام اور دین کی طرف مائل کرنے پر جو اثر ہوتا ہے، وہ کسی بدخلق دین دار انسان کے اثر سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔ چنانچہ، اگر کسی عبادت گزار شخص کو حسنِ اخلاق کی توفیق بھی مل جائے تو یہ کامل ترین حالت ہے۔ رہی بات اس شخص کے درمیان موازنہ کرنے کی جو اپنی انفرادی عبادت میں بہت مضبوط ہو، لیکن اس کے اخلاق اچھے نہ ہوں، تو ایسی صورت میں کسی کو دوسرے پر ترجیح دینا ممکن نہیں؛ کیونکہ اس کا کوئی متعین معیار نہیں۔
ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمیں اپنی کتاب اور اپنے رسول ﷺ کی سنت پر ظاہری وباطنی طور پر قائم رہنے والوں میں سے بنائے، اسی پر ہمارا خاتمہ فرمائے، دنیا و آخرت میں ہمارا کارساز ہو، ہدایت دینے کے بعد ہمارے دلوں میں کجی نہ پیدا کرے اور ہمیں اپنے پاس سے رحمت عطا کرے، بے شک وہ بہترین عطا کرنے والا ہے۔
*
Related books
All books
عام مسلمانوں کے لیے اہم اسباق78 زبانیںعام مسلمانوں کے لیے اہم اسباق
کتاب ”عام مسلمانوں کے لیے اہم اسباق“ شیخ عبدالعزیز بن باز رحمہ اللہ کا ایک مختصر مگر نہایت نافع رسالہ ہے، جسے امام موصوف نے عام مسلمانوں کے لیے علمی زادِ راہ کے طور پر تصنیف فرمایا۔ اس میں دین کے اصول وارکان، یعنی توحید، ایمان اور اسلام سے لے کر طہارت ونماز کے احکام، آدابِ اسلام، اور شرک ومعاصی کے خطرات کو آسان وواضح اسلوب میں، کتاب و سنت کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے، تاکہ ہر مسلمان کے لیے صحیح عقیدہ اور درست عبادت کو سمجھنا آسان ہو جائے۔
مشروع منهاج زادك5 زبانیںمشروع منهاج زادك
جمعیۃ الدعوہ والارشاد و توعیۃ الجالیات، روضہ دین سے آگاہی پہلا مرحلہ پیش لفظ سب تعریف اللہ تعالی کے لیے ہے، جس نے انسان کو پیدا کیا، اسے علم و بیان کے ذریعہ عزت بخشى اور قرآن و سنت کے ذریعے اس پر حجت قائم کر دی۔ درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ و سلم پر، آپ کے اہل و عیال، صحابۂ کرام اور ہر اس شخص پر جو قیامت تک بحسن وخوبی ان کی اتباع کرے گا۔
اسلام کے اصول و مبادی7 زبانیںاسلام کے اصول و مبادی
تالیف ڈاکٹر محمد بن عبد اللہ بن صالح السحیم بسم الله الرحمن الرحيم مقدمہ بے شک ہر طرح کی تعریف اللہ ہی کے لئے ہے، ہم اسی کی تعریف کرتے ہیں، اُسی سے مدد مانگتے ہیں، اسی سے مغفرت طلب کرتے ہیں اور ہم اپنے نفسوں کے تمام شرور اور اپنے اعمال کی تمام برائیوں سے اللہ کی پناہ چاہتے ہیں۔ جسے اللہ تعالی ہدایت دے دے، اسے کوئی گمراہ کرنے والا نہیں، اور جسے گمراہ کردے، اسے کوئی ہدایت دینے والا نہیں۔ اور میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبود برحق نہیں، وہ اکیلا ہے‘ اس کا کوئی شریک نہیں اور اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ محمد ﷺ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔آپ پررب کی بہت زیادہ رحمت…
اسلام89 زبانیںاسلام
شروع کرتا ہوں اللہ تعالیٰ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم واﻻ ہے۔ کیا آپ نے اپنے آپ سے سوال کیا : آسمانوں و زمین اور ان میں موجود عظیم مخلوقات کو کس نے پیدا کیا؟ اور اس میں یہ دقیق نظام کس نے بنایا؟