نتائج فلٹر کریں
395 کارڈ
الموضوعات
الموضوعات (13)
التصنيف الشرعي
Filter ▾
حجم المحتوى4
جواب 1 :
جب کسی عورت کو عرفہ کے دن حیض آ جائے تو وہ اپنا حج جاری رکھے گی اور وہ سب کچھ کرے گی، جو دوسرے لوگ کرتے ہیں۔ لیکن جب تک پاک نہ ہو جائے خانۂ کعبہ کا طواف نہیں کرے گی۔
جواب 1 :
جب نفاس والی عورت چالیس دن سے پہلے پاک ہو جائے، تو غسل کرے گی، نماز پڑھے گی اور وہ سارے کام کرے گی، جو پاک عورت کرتی ہے، یہاں تک کہ طواف بھی، کیوں نفاس کی کوئی اقل حد نہیں ہے۔
اگر وہ طہارت نہ دیکھے تب بھی اس کا حج صحیح ہے،لیکن پاک ہونے تک خانۂ کعبہ کا طواف نہیں کرے گی۔
کیوں کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم نے حائضہ عورت کو خانۂ کعبہ کا طواف کرنے سے منع کیا ہے اور اس معاملے میں نفاس بھی حیض ہی کی طرح ہے۔
ج:تو آپ کہیں کہ میں نے اپنے رب کو اس فطری علم کے ذریعہ پہچانا ہے جس پر اس نے میری تخلیق فرمائی، نیز فطری طور پر اس کے وجود کے اقرار، اس کی عظمت کی معرفت اور اس سے خوف کے سبب اسے پہچانا ہے، بعینہ میں نے اسے اس کی نشانیوں اور اس کی مخلوقات میں غور وفکر کر کے پہچانا ہے، جیسا کہ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: وَمِنْ آَيَاتِهِ اللَّيْلُ وَالنَّهَارُ وَالشَّمْسُ وَالْقَمَرُ. یعنی ”دن و رات اور سورج و چاند بھی اسی کی نشانیوں میں سے ہیں“۔ (سورۃ فصلت:37) چنانچہ اس قدر عمدہ نظم و نسق، باریکی و لطافت اور حسن وجمال کے ساتھ یہ عظیم ترین مخلوقات خود بخود وجود میں نہیں آسکتیں بلکہ ایسے خالق کی ضرورت ہے جو انہیں عدم سے وجود میں لائے اور یہ اس خالق کے وجود پر قطعی دلیل ہے جو قادر، عظیم اور حکیم ہے، چند ملحدوں کو چھوڑ کر جملہ مخلوقات اپنے خالق، مالک، رازق اور ان کے امور کی تدبیر کرنے والے کا اقرار کرتی ہے۔ اور یقیناً اسی کی مخلوقات میں ساتوں زمین و آسمان ہیں، اور وہ ساری مخلوقات جو ان کے مابین بستی ہیں، جن کی تعداد، حقیقت اور صفت وکیفیات کو کوئی جاننے والا نہیں ہے اور نہ ہی ان کی ضرورتوں کو پوری کرنے والا اور انہیں روزی دینے والا کوئی ہے سوائے اس اللہ کے جو زندہ، سب کا تھامنے والا اور عظیم خالق ہے۔ فرمان باری تعالی ہے: إِنَّ رَبَّكُمُ اللَّهُ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ فِي سِتَّةِ أَيَّامٍ ثُمَّ اسْتَوَى عَلَى الْعَرْشِ يُغْشِي اللَّيْلَ النَّهَارَ يَطْلُبُهُ حَثِيثًا وَالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ وَالنُّجُومَ مُسَخَّرَاتٍ بِأَمْرِهِ أَلَا لَهُ الْخَلْقُ وَالْأَمْرُ تَبَارَكَ اللَّهُ رَبُّ الْعَالَمِينَ.”بے شک تمہارا رب اللہ ہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ روز میں پیدا کیا ہے، پھر عرش پر قائم ہوا، وہ شب سے دن کو ایسے طور پر چھپا دیتا ہے کہ وہ شب اس دن کو جلدی سے آلیتی ہے اور سورج اور چاند اور دوسرے ستاروں کو پیدا کیا درآنحالیکہ وہ سب اس کے تابع ہیں۔ یاد رکھو اللہ ہی کے لیے خاص ہے خالق ہونا اور حاکم ہونا، بہت بابرکت ہے اللہ جو تمام عالم کا پروردگار ہے“۔ (سورۃ الاعراف:54)
ج:تو آپ کہیں کہ میرا دین اسلام ہے، یعنی اللہ کی توحید پر سرتسلیم خم کر دینا، اطاعت وفرمانبرداری کے ذریعہ اس کی مکمل بندگی بجالانا اور شرک اور اہلِ شرک سے براءت ظاہر کرنا۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: إِنَّ الدِّينَ عِنْدَ اللَّهِ الْإِسْلَامُ. یعنی ”بے شک اللہ تعالیٰ کے نزدیک دین اسلام ہی ہے“۔(سورۃ آل عمران:19) نیز فرمان باری تعالی ہے: وَمَنْ يَبْتَغِ غَيْرَ الْإِسْلَامِ دِينًا فَلَنْ يُقْبَلَ مِنْهُ وَهُوَ فِي الْآَخِرَةِ مِنَ الْخَاسِرِينَ. ”جو شخص اسلام کے سوا کوئی اور دین اختیار کرنا چاہے، تو اس کا وہ دین ہرگز قبول نہ کیا جائے گا اور وہ آخرت میں نقصان پانے والوں میں ہوگا“۔ (سورۃ آل عمران:85) اللہ تعالیٰ اپنے اس دین کے سوا کسی اور دین کو قبول نہیں کرے گا جسے دے کر اُس نے ہمارے نبی محمد ﷺ کو مبعوث فرمایا ہے، کیوں کہ اسلام نے جملہ سابقہ شریعتوں کو منسوخ کر دیا ہے چنانچہ جو شخص دین اسلام کے سوا کسی اور دین کی پیروی کرے گا وہ راہ راست سے بھٹک جائے گا نیز آخرت میں ذلیل ہو کر جہنم میں داخل ہوگا، جو نہایت بدترین جگہ ہے۔
ج:تو آپ جواب دیں: ایمان کے چھ ارکان ہیں اور وہ یہ ہیں: آپ اللہ پر، اس کے فرشتوں پر، اس کی کتابوں پر، اس کے رسولوں پر اور قیامت کے دن پر ایمان لائیں اور اس بات پر بھی ایمان لائیں کہ ہر اچھی بری تقدیر اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہے۔
اور کسی کا ایمان اس وقت تک پورا نہیں ہوگا جب تک کہ وہ ان تمام باتوں پر اللہ کی کتاب اور اس کے رسول ﷺ کی سنت کے مطابق ایمان نہ لائے۔ اور جس نے ان میں سے کسی بھی چیز کا انکار کیا وہ ایمان کے دائرے سے نکل جائے گا، اور اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: لَيْسَ الْبِرَّ أَنْ تُوَلُّوا وُجُوهَكُمْ قِبَلَ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ وَلَكِنَّ الْبِرَّ مَنْ آَمَنَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآَخِرِ وَالْمَلَائِكَةِ وَالْكِتَابِ وَالنَّبِيِّينَ وَآَتَى الْمَالَ عَلَى حُبِّهِ ذَوِي الْقُرْبَى وَالْيَتَامَى وَالْمَسَاكِينَ وَابْنَ السَّبِيلِ وَالسَّائِلِينَ وَفِي الرِّقَابِ وَأَقَامَ الصَّلَاةَ وَآَتَى الزَّكَاةَ وَالْمُوفُونَ بِعَهْدِهِمْ إِذَا عَاهَدُوا وَالصَّابِرِينَ فِي الْبَأْسَاءِ وَالضَّرَّاءِ وَحِينَ الْبَأْسِ أُولَئِكَ الَّذِينَ صَدَقُوا وَأُولَئِكَ هُمُ الْمُتَّقُونَ. ”ساری اچھائی مشرق ومغرب کی طرف منہ کرنے میں ہی نہیں بلکہ صحیح معنوں میں اچھا وہ شخص ہے جو اللہ تعالیٰ پر، قیامت کے دن پر، فرشتوں پر، کتابُ اللہ پر اور نبیوں پر ایمان رکھنے والا ہو، جو مال سے محبت کرنے کے باوجود قرابت داروں، یتیموں، مسکینوں، مسافروں اور سوال کرنے والے کو دے، غلاموں کو آزاد کرے، نماز کی پابندی اور زکوة کی ادائیگی کرے، جب وعدہ کرے تب اسے پورا کرے، تنگدستی، دکھ درد اور لڑائی کے وقت صبر کرے، یہی سچے لوگ ہیں اور یہی پرہیزگار ہیں“۔ (سورۃ البقرة:177) نیز نبیﷺ کا یہ فرمان جب آپ سے ایمان کے بارے میں سوال کیا گیا تو آپﷺ نے فرمایا: أَنْ تُؤْمِنَ بِاللهِ، وَمَلَائِكَتِهِ، وَكُتُبِهِ، وَرُسُلِهِ، وَالْيَوْمِ الْآخِرِ، وَتُؤْمِنَ بِالْقَدَرِ خَيْرِهِ وَشَرِّهِ. ”تم اللہ پر ، اس کے فرشتوں پر، اس کی کتابوں پر، اس کے رسولوں پر، قیامت کے دن پر اور اچھی بری تقدیر پر ایمان لاؤ“۔ (صحیح مسلم)
ج:تو آپ کہیے کہ فرشتوں کے وجود، ان کی صفات، ان کی طاقت وقوت، ان کے کام اور جن پر وہ مامور ہیں ان تمام امور کی تصدیق کرنے اور ان پر یقینِ جازم رکھنے کا نام ایمان بالملائکہ ہے، نیز اس بات کی تصدیق اور یقین كامل کہ وہ معزز اور عظیم مخلوق ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے نور سے پیدا کیا ہے۔ فرمانِ باری تعالیٰ ہے: لَا يَعْصُونَ اللَّهَ مَا أَمَرَهُمْ وَيَفْعَلُونَ مَا يُؤْمَرُونَ. ”جو حکم اللہ تعالیٰ انہیں دیتا ہے اس کی نافرمانی نہیں کرتے بلکہ جو حکم دیا جائے بجالاتے ہیں“۔ (سورة التحريم:6) اور یہ کہ ان کے دو دو، تین تین، چار چار اور اس سے زائد پر ہیں اور ان کی تعداد بہت زیادہ ہے، اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے علاوہ ان کی تعداد کو کوئی نہیں جانتا ہے، اللہ تعالیٰ نے انہیں عظیم ترین ذمہ داریاں دی ہیں، ان میں سے کچھ عرش کو اٹھائے ہوئے ہیں تو کچھ رحمِ مادر کی حفاظت پر مامور ہیں، کچھ اعمال کی حفاظت پر تو کچھ بندوں کی حفاظت پر مامور ہیں، اسی طرح کچھ جنت تو کچھ جہنم اور کچھ اس کے علاوہ کی حفاظت پر مامور ہیں۔ ان میں سب سے افضل جبريل علیہ السلام ہیں جو انبیائے کرام پر نازل ہونے والی وحی کے ذمہ دار ہیں، ہم ان تمام فرشتوں پر اجمالاً اور تفصیلاً اسی طرح ایمان لاتے ہیں جس طرح اللہ تبارک وتعالی نے ہمیں اپنی کتاب اور اپنے رسول ﷺ کی حدیث میں خبر دی ہے۔ جس نے فرشتوں کا انکار کیا یا یہ گمان کیا کہ ان کی حقیقت اس طرح نہیں ہے جس طرح اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے خبر دی ہے تو وہ شخص اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی خبر کو جھٹلانے کی وجہ سے کافر ہے۔
ج:تو آپ کہیں کہ آپ یقین کریں اور اس بات کی گواہی دیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیاء ورسل عليهم الصلاة والسلام پر کتابیں نازل فرمائیں جن میں سے کچھ کا تذکرہ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں کیا ہے۔ جیسے صحیفۂ ابراہیم، تورات، انجیل، زبور اور قرآن۔ چنانچہ صحیفۂ ابراہیم کو ابراہیم علیہ السلام پر، تورات کو موسی علیہ السلام پر، انجیل کو عیسی علیہ السلام پر، زبور کو داؤد علیہ السلام پر اور قرآن کو محمد ﷺ پر نازل کیا جو انبیاء عليهم الصلاة والسلام کے سلسلے کی آخری کڑی ہیں۔
ان کتابوں میں سب میں افضل قرآن ہے جو اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، حقیقی طور پر اللہ تعالیٰ نے اس کے ذریعہ کلام فرمایا ہے، اس کے الفاظ و معانی دونوں اللہ تعالیٰ کے ہیں، جسے اس نے جبریل علیہ السلام کو سنایا اور اپنے نبی محمدﷺ کو اس کی تبلیغ کا حکم فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ نےفرمایا: نَزَلَ بِهِ الرُّوحُ الْأَمِينُ. ”اسے امانت دار فرشتہ لے کر آیا ہے“۔ (سورۃ الشعراء:193) نیز فرمایا: إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا عَلَيْكَ الْقُرْآَنَ تَنْزِيلًا. ”بیشک ہم نے تجھ پر بتدریج قرآن نازل کیا ہے۔“ (سورۃ الإنسان:23) نیز اللہ تعالیٰ کا یہ بھی فرمان ہے: فَأَجِرْهُ حَتَّى يَسْمَعَ كَلَامَ اللَّهِ. ”(اگر مشرکوں میں سے کوئی تجھ سے پناه طلب کرے) تو اسے پناہ دے یہاں تک کہ وہ کلام اللہ سن لے“۔ (سورۃ التوبة:6)
اللہ تعالی نے تحریف وتبدیلی اور کمی وزیادتی سے اس کی حفاظت فرمائی ہے۔ یہ قرآن کتابوں اور سینوں میں محفوظ رہے گا تاوقتیکہ آخری زمانے میں قیامت قائم ہونے سے قبل اللہ تعالیٰ مومنوں کی روحوں کو قبض نہ کرلے۔ اس وقت اللہ تعالیٰ اسے اپنی طرف اٹھالے گا اور اس میں سے کچھ بھی باقی نہیں رہے گا۔
ج:تو جوابا عرض کریں کہ آپ اس بات کا پختہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ انبیاء علیہم السلام بشر ہیں اور بنی آدم میں سب سے افضل ہیں، نیز اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے رسولوں کو اپنی اس شریعت کی تبلیغ کے لیے چنا اور منتخب فرمایا ہے جسے اس نے اپنے بندوں پر نازل فرمایا ہے، چنانچہ انبیاء ورسل لوگوں کو ایک اللہ کی عبادت کی طرف بلاتے رہے جس کا کوئی شریک نہیں اور شرک اور اہلِ شرک سے براءت ظاہر کرنے کی تبلیغ کرتے رہے۔ نبوت اللہ کا انتخاب اور اختیار ہے۔ اسے کوشش، کثرتِ طاعت، نیکی اور دانشمندی سے حاصل نہیں کیا جاسکتا، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: اللَّهُ أَعْلَمُ حَيْثُ يَجْعَلُ رِسَالَتَهُ. ”اللہ ہی خوب جانتا ہے کہ کہاں وہ اپنی پیغمبری رکھے؟“ (سورة الأنعام:124)
سب سے پہلے نبی آدم علیہ السلام اور سب سے پہلے رسول نوح علیہ السلام ہیں اور تمام انبیاء ورسل میں سب سے آخری اور سب سے افضل محمد بن عبداللہ قرشی ہاشمی ﷺ ہیں۔ پس جس نے کسی ایک بھی نبی کا انکار کیا اس نے کفر کیا اور جس نے محمد ﷺ کے بعد نبوت کا دعوی کیا وہ کافر اور اللہ کی تکذیب کرنے والا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ما كَانَ مُحَمَّدٌ أَبَا أَحَدٍ مِنْ رِجَالِكُمْ وَلَكِنْ رَسُولَ اللَّهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّينَ. ”(لوگو) محمد (ﷺ) تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں، مگر وہ اللہ کے رسول اور خاتم النبیین ہیں“۔ (سورہ احزاب:40) اور آپﷺ نے فرمایا: وَلَا نَبِيَّ بَعْدِي. کہ ”میرے بعد کوئی نبی آنے والا نہیں ہے“۔
ج:تو جواب دیں کہ آپ اس بات کا پختہ اعتقاد اور ایسا یقین رکھیں جس میں کسی طرح کا کوئی شک وشبہ نہ ہو اور ان تمام چیزوں کا اقرار کریں جن کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے خبر دی ہے کہ یہ مرنے کے بعد واقع ہوں گی۔ جیسے قبر میں سوال وجواب اور اس میں نعمتوں اور عذاب کا دیا جانا، دوبارہ اٹھایا جانا اور حساب وکتاب کے لیے مخلوق کا اکٹھا کیا جانا نیز جو کچھ میدانِ قیامت میں پیش آئے گا جیسے لمبا وقوف، ایک میل کے بقدر سورج کا نزدیک ہونا، حوض، میزان، صحیفے، جہنم کی پشت پر پل صراط کا لگایا جانا اور اس کے علاوہ بہت سے حوادث اور اس عظیم دن کی ہولناکیاں، یہاں تک کہ جنتی جنت میں اور جہنمی جہنم میں داخل نہ ہوجائیں، جیساکہ تفصیلی بیان کتاب اللہ اور سنت رسول اللہﷺ میں وارد ہے، اسی طرح آخرت پر ایمان لانے میں ان چیزوں کی تصدیق بھی شامل ہے جو کہ ثابت ہیں جیسے قیامت کی علامتیں اور اس کی نشانیاں، فتنوں کی کثرت، قتل، زلزے، زمین کا دھنسنا، دجال کا نکلنا، عیسی علیہ السلام کا نزول، یاجوج ماجوج کا نکلنا، مغرب سے سورج کا طلوع ہونا اور اس کے علاوہ دیگر ثابت شدہ علامتوں کی تصدیق کرنا۔
اور یہ سب اللہ کی کتاب اور اس کے رسول ﷺ کی ان حدیثوں سے ثابت ہیں جو صحیح ہیں اور صحاح، سنن اور مسانید کی کتابوں میں مذکور ہیں۔
ج:تو جواباً عرض کریں: جی ہاں، اللہ تعالیٰ نے قومِ فرعون کے بارے میں فرمایا: النَّارُ يُعْرَضُونَ عَلَيْهَا غُدُوًّا وَعَشِيًّا وَيَوْمَ تَقُومُ السَّاعَةُ أَدْخِلُوا آَلَ فِرْعَوْنَ أَشَدَّ الْعَذَابِ. ”آگ ہے جس کے سامنے یہ ہر صبح شام لائے جاتے ہیں اور جس دن قیامت قائم ہوگی (فرمان ہوگا کہ) فرعونیوں کو سخت ترین عذاب میں ڈالو۔“ (سورة غافر:46)، اور اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان: وَلَوْ تَرَى إِذْ يَتَوَفَّى الَّذِينَ كَفَرُوا الْمَلَائِكَةُ يَضْرِبُونَ وُجُوهَهُمْ وَأَدْبَارَهُمْ وَذُوقُوا عَذَابَ الْحَرِيقِ. ”کاش کہ تو دیکھتا جب فرشتے کافروں کی روح قبض کرتے ہیں ان کے منہ پر اور سرینوں پر مارتے ہیں (اور کہتے ہیں) تم جلنے کا عذاب چکھو“۔ (سورۃ الأنفال:50)، نیز اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان: يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آَمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الْآَخِرَةِ. ”ایمان والوں کو اللہ تعالیٰ پکی بات کے ساتھ مضبوط رکھتا ہے، دنیا کی زندگی میں بھی اور آخرت میں بھی“۔ (سورۃ إبراهيم:27) اور براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے مروی لمبی حدیث میں ہے کہ ...پھر آسمان سے ندا لگانے والا ندا لگائے گا کہ میرے بندے نے سچ کہا، اس کے لیے جنتی بستر لگاؤ اور اسے جنتی لباس پہناؤ اور اس کے لیے جنت کی طرف ایک دروازہ کھول دو تاکہ اس کی مہک اور خوشبو اسے ملتی رہے، اور اس کی قبر تاحدِ نگاہ کشادہ کردی جاتی ہے۔ اور پھر کافر کی موت کا تذکرہ کیا، اور آپ ﷺ نے فرمایا کہ پھر اس کی روح اس کے جسم میں لوٹا دی جاتی ہے، اس کے پاس دو فرشتے آکر بیٹھ جاتے ہیں اور اس سے سوال کرتے ہیں: تمہارا رب کون ہے؟ وہ کہتا ہے ہائے ہائے مجھے کچھ نہیں معلوم!، پھر وہ دونوں پوچھتے ہیں: تمہارا دین کیا ہے؟ وہ کہتا ہے ہائے ہائے مجھے کچھ نہیں معلوم!، پھر وہ دونوں پوچھتے ہیں: یہ کون شخص ہیں جوتمہارے درمیان نبی بنا کر بھیجے گئے؟ وہ کہتا ہے ہائے ہائے مجھے کچھ نہیں معلوم!، پس آسمان سے ایک آواز لگانے والا آواز لگاتا ہے: یہ جھوٹ بول رہا ہے، اس کے لیے جہنم کا بستر لگاؤ اور اسے جہنم کا لباس پہناؤ، اور اس کے لیے جہنم کی طرف ایک دروازہ کھول دو تاکہ اس کی گرمی اور گرم ہوا اسے ملتی رہے، پھر اس کی قبر تنگ کردی جاتی ہے یہاں تک کہ اس کی پسلیاں ایک دوسرے سے مل جاتی ہیں۔ ایک روایت میں یہ اضافہ ہے کہ پھر اس پر ایک اندھا گونگا فرشتہ مقرر کر دیا جاتا ہے جس کے پاس لوہے کا ایسا ہتھوڑا ہوتا ہے کہ اگر اسے پہاڑ پر مارا جائے تو وہ مٹی بن جائے پھر وہ اس ہتھوڑے سے اسے ایسی مار مارتا ہے جس کی آواز جن وانس کے علاوہ مشرق ومغرب میں رہنے والی ہر مخلوق سنتی ہے۔ (ابو داود) اسی وجہ سے ہر نماز میں عذابِ قبر سے پناہ مانگنے کا ہمیں حکم دیا گیا ہے۔
ج:تو آپ کہیں: جی ہاں اہل ایمان آخرت میں اپنے رب کو دیکھیں گے، اور اس پر دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: وُجُوهٌ يَوْمَئِذٍ نَاضِرَةٌ، إِلَى رَبِّهَا نَاظِرَةٌ. ”اس روز بہت سے چہرے تر وتازہ اور بارونق ہوں گے، اپنے رب کی طرف دیکھتے ہوں گے“۔ (سورۃ القيامة:22-23)، اور نبی ﷺ نے فرمایا: إِنَّكُمْ تَرَوْنَ رَبَّكُمْ. یعنی ”بے شک تم سب اپنے رب کو حقیقت میں دیکھو گے“۔ (صحیح بخاری، صحیح مسلم) مومنوں کے دیدارِ الہی کے اثبات میں رسول اللہ ﷺ سے متواتر حدیثیں وارد ہیں، اور رسول اللہ ﷺ کے صحابہ اور اخلاص و راستبازی کے ساتھ ان کی اتباع کرنے والوں کا اس پر اجماع ہے۔ جس نے اہل ایمان کا آخرت میں دیدارِ الہی کرنے کا انکار کیا اس نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی مخالفت کی اور مومنین یعنی رسول اللہ ﷺ کے صحابہ اور اخلاص وراستبازی کے ساتھ ان کی اتباع کرنے والوں کے طریقے کی خلاف ورزی کی۔ البتہ دنیا میں اللہ تعالی کا دیدار ممکن نہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: إِنَّكُمْ لَنْ تَرَوْا رَبَّكُمْ حَتَّى تَمُوتُوا. کہ ”تم اپنے رب کو دیکھ نہ سکوگے یہاں تک کہ تمہیں موت آجائے“۔ اور جب اللہ کے نبی موسی علیہ السلام دیدار الہی کے طالب ہوئے تو اللہ نے کہا تم مجھے ہرگز نہیں دیکھ سکتے۔ جیسا کہ اللہ سبحانہ وتعالی کے اس فرمان میں ہے: وَلَمَّا جَاءَ مُوسَى لِمِيقَاتِنَا وَكَلَّمَهُ رَبُّهُ قَالَ رَبِّ أَرِنِي أَنْظُرْ إِلَيْكَ قَالَ لَنْ تَرَانِي. ”اور جب موسی ہمارے مقرر کیے ہوئے وقت پر آئے اور ان کے رب نے ان سے باتیں کیں تو عرض کیا کہ اے میرے پروردگار! اپنا دیدار مجھ کو کرا دیجئے کہ میں آپ کو ایک نظر دیکھ لوں ارشاد ہوا کہ تم مجھ کو ہرگز نہیں دیکھ سکتے“۔ (سورۃ الأعراف:143)
ج:تو آپ کہیں: قضاء وقدر پر ایمان اس بات پر پختہ یقین کے ذریعہ ممکن ہے کہ ہر چیز اللہ کی قضاء وقدر سے ہوتی ہے، پس کوئی بھی چیز اللہ کی مرضی کے بغیر وجود میں نہیں آتی ہے، وہ بندوں کے اچھے برے اعمال کا خالق ہے، اور اس نے بندوں کو خیر اور حق کی قبولیت پر پیدا فرمایا ہے، انہیں تمیز کرنے والی عقلوں سے نوازا اور انہیں ارادہ کا اختیار دیا ہے، ان کے لیے حق کو واضح فرمایا اور انہیں باطل سے ڈرایا، پس اپنے فضل سے جسے چاہا ہدایت سے سرفراز کیا اور اپنے عدل وانصاف سے جسے چاہا گمراہ کیا، وہ حکمت والا، جاننے والا اور رحم کرنے والا ہے، وه اپنے کاموں کے لئے (کسی کےآگے) جواب ده نہیں جبکہ سب (اس کےآگے) جواب ده ہیں۔
قدر کے چار مراتب ہیں اور وہ مندرجہ ذیل ہیں:
پہلا مرتبہ: اس بات پر ایمان لانا کہ اللہ کا علم ہر چیز کا احاطہ کئے ہوئے ہے، وہ اسے بھی جانتا ہے جو ہوچکا ہے اور اسے بھی جو ہونے والا ہے اور جو نہیں ہوا اسے بھی جانتا ہے کہ اگر وہ ہوتا تو کیسا ہوتا۔
دوسرا مرتبہ: اس بات پر ایمان لانا کہ اللہ تعالی نے ہر چیز کو لکھ رکھا ہے۔
تیسرا مرتبہ: اس بات پر ایمان لانا کہ اللہ کی مرضی کے بغىر کوئی چیز وجود میں نہیں آسکتی۔
چوتھا مرتبہ: اس بات پر ایمان لانا کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز کا خالق ہے، وہ ذوات، افعال، اقوال، حرکات وسکنات اور عالمِ بالا اور عالمِ دنیا کی ہر صفات کا خالق ہے۔ اور کتاب وسنت میں ان مراتب پر دلالت کرنے والے وافر ادلہ موجود ہیں۔
ج:تو جواب میں کہیں کہ مطلق طور پر نہ تو یہ کہا جاسکتا ہے کہ انسان بے اختیار ہے اور نہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ با اختیار ہے۔ یہ دونوں قول غلط ہیں۔ کتاب وسنت کے نصوص اس بات پر دلالت کرتے ہیں کہ انسان کا اپنا ارادہ اور اس کی اپنی مرضی ہوتی ہے اور حقیقت میں انسان فاعل (کرنے والا) ہوتا ہے، لیکن یہ ساری چیزیں اللہ کے علم، اس کے ارادہ اور اس کی مشیت سے باہر نہیں ہیں، جس کی وضاحت اللہ تعالیٰ کے اس فرمان سے ہوتی ہے: لِمَنْ شَاءَ مِنْكُمْ أَنْ يَسْتَقِيمَ، وَمَا تَشَاءُونَ إِلَّا أَنْ يَشَاءَ اللَّهُ رَبُّ الْعَالَمِين. ”اس کے لیے جو تم میں سے سیدھی راہ پر چلنا چاہے اور تم بغیر پروردگارِ عالم کے چاہے کچھ نہیں چاہ سکتے“۔ (سورۃ التكوير:28-29) اسی طرح اللہ تعالی کا فرمان ہے: فَمَنْ شَاءَ ذَكَرَهُ، وَمَا يَذْكُرُونَ إِلَّا أَنْ يَشَاءَ اللَّهُ هُوَ أَهْلُ التَّقْوَى وَأَهْلُ الْمَغْفِرَةِ. ”جو چاہے اس سے نصیحت حاصل کرے اور وہ اس وقت نصیحت حاصل کریں گے جب اللہ تعالیٰ چاہے گا، وہ اسی لائق ہے کہ اس سے ڈریں اور اس لائق بھی کہ وہ انہیں بخشے“ (سورۃ المدثر:55-56)