جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا عذابِ قبر اور اس کی نعمتیں کتاب وسنت سے ثابت ہیں؟
السؤال
س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا عذابِ قبر اور اس کی نعمتیں کتاب وسنت سے ثابت ہیں؟
الجواب
ج:تو جواباً عرض کریں: جی ہاں، اللہ تعالیٰ نے قومِ فرعون کے بارے میں فرمایا: النَّارُ يُعْرَضُونَ عَلَيْهَا غُدُوًّا وَعَشِيًّا وَيَوْمَ تَقُومُ السَّاعَةُ أَدْخِلُوا آَلَ فِرْعَوْنَ أَشَدَّ الْعَذَابِ. ”آگ ہے جس کے سامنے یہ ہر صبح شام لائے جاتے ہیں اور جس دن قیامت قائم ہوگی (فرمان ہوگا کہ) فرعونیوں کو سخت ترین عذاب میں ڈالو۔“ (سورة غافر:46)، اور اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان: وَلَوْ تَرَى إِذْ يَتَوَفَّى الَّذِينَ كَفَرُوا الْمَلَائِكَةُ يَضْرِبُونَ وُجُوهَهُمْ وَأَدْبَارَهُمْ وَذُوقُوا عَذَابَ الْحَرِيقِ. ”کاش کہ تو دیکھتا جب فرشتے کافروں کی روح قبض کرتے ہیں ان کے منہ پر اور سرینوں پر مارتے ہیں (اور کہتے ہیں) تم جلنے کا عذاب چکھو“۔ (سورۃ الأنفال:50)، نیز اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان: يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آَمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الْآَخِرَةِ. ”ایمان والوں کو اللہ تعالیٰ پکی بات کے ساتھ مضبوط رکھتا ہے، دنیا کی زندگی میں بھی اور آخرت میں بھی“۔ (سورۃ إبراهيم:27) اور براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے مروی لمبی حدیث میں ہے کہ ...پھر آسمان سے ندا لگانے والا ندا لگائے گا کہ میرے بندے نے سچ کہا، اس کے لیے جنتی بستر لگاؤ اور اسے جنتی لباس پہناؤ اور اس کے لیے جنت کی طرف ایک دروازہ کھول دو تاکہ اس کی مہک اور خوشبو اسے ملتی رہے، اور اس کی قبر تاحدِ نگاہ کشادہ کردی جاتی ہے۔ اور پھر کافر کی موت کا تذکرہ کیا، اور آپ ﷺ نے فرمایا کہ پھر اس کی روح اس کے جسم میں لوٹا دی جاتی ہے، اس کے پاس دو فرشتے آکر بیٹھ جاتے ہیں اور اس سے سوال کرتے ہیں: تمہارا رب کون ہے؟ وہ کہتا ہے ہائے ہائے مجھے کچھ نہیں معلوم!، پھر وہ دونوں پوچھتے ہیں: تمہارا دین کیا ہے؟ وہ کہتا ہے ہائے ہائے مجھے کچھ نہیں معلوم!، پھر وہ دونوں پوچھتے ہیں: یہ کون شخص ہیں جوتمہارے درمیان نبی بنا کر بھیجے گئے؟ وہ کہتا ہے ہائے ہائے مجھے کچھ نہیں معلوم!، پس آسمان سے ایک آواز لگانے والا آواز لگاتا ہے: یہ جھوٹ بول رہا ہے، اس کے لیے جہنم کا بستر لگاؤ اور اسے جہنم کا لباس پہناؤ، اور اس کے لیے جہنم کی طرف ایک دروازہ کھول دو تاکہ اس کی گرمی اور گرم ہوا اسے ملتی رہے، پھر اس کی قبر تنگ کردی جاتی ہے یہاں تک کہ اس کی پسلیاں ایک دوسرے سے مل جاتی ہیں۔ ایک روایت میں یہ اضافہ ہے کہ پھر اس پر ایک اندھا گونگا فرشتہ مقرر کر دیا جاتا ہے جس کے پاس لوہے کا ایسا ہتھوڑا ہوتا ہے کہ اگر اسے پہاڑ پر مارا جائے تو وہ مٹی بن جائے پھر وہ اس ہتھوڑے سے اسے ایسی مار مارتا ہے جس کی آواز جن وانس کے علاوہ مشرق ومغرب میں رہنے والی ہر مخلوق سنتی ہے۔ (ابو داود) اسی وجہ سے ہر نماز میں عذابِ قبر سے پناہ مانگنے کا ہمیں حکم دیا گیا ہے۔