جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ انبیاء اور رسولوں پر کس طرح ایمان لائیں گے؟
السؤال
س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ انبیاء اور رسولوں پر کس طرح ایمان لائیں گے؟
الجواب
ج:تو جوابا عرض کریں کہ آپ اس بات کا پختہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ انبیاء علیہم السلام بشر ہیں اور بنی آدم میں سب سے افضل ہیں، نیز اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے رسولوں کو اپنی اس شریعت کی تبلیغ کے لیے چنا اور منتخب فرمایا ہے جسے اس نے اپنے بندوں پر نازل فرمایا ہے، چنانچہ انبیاء ورسل لوگوں کو ایک اللہ کی عبادت کی طرف بلاتے رہے جس کا کوئی شریک نہیں اور شرک اور اہلِ شرک سے براءت ظاہر کرنے کی تبلیغ کرتے رہے۔ نبوت اللہ کا انتخاب اور اختیار ہے۔ اسے کوشش، کثرتِ طاعت، نیکی اور دانشمندی سے حاصل نہیں کیا جاسکتا، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: اللَّهُ أَعْلَمُ حَيْثُ يَجْعَلُ رِسَالَتَهُ. ”اللہ ہی خوب جانتا ہے کہ کہاں وہ اپنی پیغمبری رکھے؟“ (سورة الأنعام:124)
سب سے پہلے نبی آدم علیہ السلام اور سب سے پہلے رسول نوح علیہ السلام ہیں اور تمام انبیاء ورسل میں سب سے آخری اور سب سے افضل محمد بن عبداللہ قرشی ہاشمی ﷺ ہیں۔ پس جس نے کسی ایک بھی نبی کا انکار کیا اس نے کفر کیا اور جس نے محمد ﷺ کے بعد نبوت کا دعوی کیا وہ کافر اور اللہ کی تکذیب کرنے والا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ما كَانَ مُحَمَّدٌ أَبَا أَحَدٍ مِنْ رِجَالِكُمْ وَلَكِنْ رَسُولَ اللَّهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّينَ. ”(لوگو) محمد (ﷺ) تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں، مگر وہ اللہ کے رسول اور خاتم النبیین ہیں“۔ (سورہ احزاب:40) اور آپﷺ نے فرمایا: وَلَا نَبِيَّ بَعْدِي. کہ ”میرے بعد کوئی نبی آنے والا نہیں ہے“۔