جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ آپ نے اپنے رب کو کیسے پہچانا؟
السؤال
س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ آپ نے اپنے رب کو کیسے پہچانا؟
الجواب
ج:تو آپ کہیں کہ میں نے اپنے رب کو اس فطری علم کے ذریعہ پہچانا ہے جس پر اس نے میری تخلیق فرمائی، نیز فطری طور پر اس کے وجود کے اقرار، اس کی عظمت کی معرفت اور اس سے خوف کے سبب اسے پہچانا ہے، بعینہ میں نے اسے اس کی نشانیوں اور اس کی مخلوقات میں غور وفکر کر کے پہچانا ہے، جیسا کہ اللہ تعالی کا ارشاد ہے: وَمِنْ آَيَاتِهِ اللَّيْلُ وَالنَّهَارُ وَالشَّمْسُ وَالْقَمَرُ. یعنی ”دن و رات اور سورج و چاند بھی اسی کی نشانیوں میں سے ہیں“۔ (سورۃ فصلت:37) چنانچہ اس قدر عمدہ نظم و نسق، باریکی و لطافت اور حسن وجمال کے ساتھ یہ عظیم ترین مخلوقات خود بخود وجود میں نہیں آسکتیں بلکہ ایسے خالق کی ضرورت ہے جو انہیں عدم سے وجود میں لائے اور یہ اس خالق کے وجود پر قطعی دلیل ہے جو قادر، عظیم اور حکیم ہے، چند ملحدوں کو چھوڑ کر جملہ مخلوقات اپنے خالق، مالک، رازق اور ان کے امور کی تدبیر کرنے والے کا اقرار کرتی ہے۔ اور یقیناً اسی کی مخلوقات میں ساتوں زمین و آسمان ہیں، اور وہ ساری مخلوقات جو ان کے مابین بستی ہیں، جن کی تعداد، حقیقت اور صفت وکیفیات کو کوئی جاننے والا نہیں ہے اور نہ ہی ان کی ضرورتوں کو پوری کرنے والا اور انہیں روزی دینے والا کوئی ہے سوائے اس اللہ کے جو زندہ، سب کا تھامنے والا اور عظیم خالق ہے۔ فرمان باری تعالی ہے: إِنَّ رَبَّكُمُ اللَّهُ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ فِي سِتَّةِ أَيَّامٍ ثُمَّ اسْتَوَى عَلَى الْعَرْشِ يُغْشِي اللَّيْلَ النَّهَارَ يَطْلُبُهُ حَثِيثًا وَالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ وَالنُّجُومَ مُسَخَّرَاتٍ بِأَمْرِهِ أَلَا لَهُ الْخَلْقُ وَالْأَمْرُ تَبَارَكَ اللَّهُ رَبُّ الْعَالَمِينَ.”بے شک تمہارا رب اللہ ہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ روز میں پیدا کیا ہے، پھر عرش پر قائم ہوا، وہ شب سے دن کو ایسے طور پر چھپا دیتا ہے کہ وہ شب اس دن کو جلدی سے آلیتی ہے اور سورج اور چاند اور دوسرے ستاروں کو پیدا کیا درآنحالیکہ وہ سب اس کے تابع ہیں۔ یاد رکھو اللہ ہی کے لیے خاص ہے خالق ہونا اور حاکم ہونا، بہت بابرکت ہے اللہ جو تمام عالم کا پروردگار ہے“۔ (سورۃ الاعراف:54)