جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ آخرت پر کس طرح ایمان لائیں گے؟
السؤال
س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ آخرت پر کس طرح ایمان لائیں گے؟
الجواب
ج:تو جواب دیں کہ آپ اس بات کا پختہ اعتقاد اور ایسا یقین رکھیں جس میں کسی طرح کا کوئی شک وشبہ نہ ہو اور ان تمام چیزوں کا اقرار کریں جن کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے خبر دی ہے کہ یہ مرنے کے بعد واقع ہوں گی۔ جیسے قبر میں سوال وجواب اور اس میں نعمتوں اور عذاب کا دیا جانا، دوبارہ اٹھایا جانا اور حساب وکتاب کے لیے مخلوق کا اکٹھا کیا جانا نیز جو کچھ میدانِ قیامت میں پیش آئے گا جیسے لمبا وقوف، ایک میل کے بقدر سورج کا نزدیک ہونا، حوض، میزان، صحیفے، جہنم کی پشت پر پل صراط کا لگایا جانا اور اس کے علاوہ بہت سے حوادث اور اس عظیم دن کی ہولناکیاں، یہاں تک کہ جنتی جنت میں اور جہنمی جہنم میں داخل نہ ہوجائیں، جیساکہ تفصیلی بیان کتاب اللہ اور سنت رسول اللہﷺ میں وارد ہے، اسی طرح آخرت پر ایمان لانے میں ان چیزوں کی تصدیق بھی شامل ہے جو کہ ثابت ہیں جیسے قیامت کی علامتیں اور اس کی نشانیاں، فتنوں کی کثرت، قتل، زلزے، زمین کا دھنسنا، دجال کا نکلنا، عیسی علیہ السلام کا نزول، یاجوج ماجوج کا نکلنا، مغرب سے سورج کا طلوع ہونا اور اس کے علاوہ دیگر ثابت شدہ علامتوں کی تصدیق کرنا۔
اور یہ سب اللہ کی کتاب اور اس کے رسول ﷺ کی ان حدیثوں سے ثابت ہیں جو صحیح ہیں اور صحاح، سنن اور مسانید کی کتابوں میں مذکور ہیں۔