Skip to content

جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ نازل کردہ کتابوں پر ایمان لانے کی کیفیت کیا ہوگی؟

السؤال

س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ نازل کردہ کتابوں پر ایمان لانے کی کیفیت کیا ہوگی؟

الجواب

ج:تو آپ کہیں کہ آپ یقین کریں اور اس بات کی گواہی دیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیاء ورسل عليهم الصلاة والسلام پر کتابیں نازل فرمائیں جن میں سے کچھ کا تذکرہ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں کیا ہے۔ جیسے صحیفۂ ابراہیم، تورات، انجیل، زبور اور قرآن۔ چنانچہ صحیفۂ ابراہیم کو ابراہیم علیہ السلام پر، تورات کو موسی علیہ السلام پر، انجیل کو عیسی علیہ السلام پر، زبور کو داؤد علیہ السلام پر اور قرآن کو محمد ﷺ پر نازل کیا جو انبیاء عليهم الصلاة والسلام کے سلسلے کی آخری کڑی ہیں۔

ان کتابوں میں سب میں افضل قرآن ہے جو اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، حقیقی طور پر اللہ تعالیٰ نے اس کے ذریعہ کلام فرمایا ہے، اس کے الفاظ و معانی دونوں اللہ تعالیٰ کے ہیں، جسے اس نے جبریل علیہ السلام کو سنایا اور اپنے نبی محمدﷺ کو اس کی تبلیغ کا حکم فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ نےفرمایا: نَزَلَ بِهِ الرُّوحُ الْأَمِينُ. ”اسے امانت دار فرشتہ لے کر آیا ہے“۔ (سورۃ الشعراء:193) نیز فرمایا: إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا عَلَيْكَ الْقُرْآَنَ تَنْزِيلًا. ”بیشک ہم نے تجھ پر بتدریج قرآن نازل کیا ہے۔“ (سورۃ الإنسان:23) نیز اللہ تعالیٰ کا یہ بھی فرمان ہے: فَأَجِرْهُ حَتَّى يَسْمَعَ كَلَامَ اللَّهِ. ”(اگر مشرکوں میں سے کوئی تجھ سے پناه طلب کرے) تو اسے پناہ دے یہاں تک کہ وہ کلام اللہ سن لے“۔ (سورۃ التوبة:6)

اللہ تعالی نے تحریف وتبدیلی اور کمی وزیادتی سے اس کی حفاظت فرمائی ہے۔ یہ قرآن کتابوں اور سینوں میں محفوظ رہے گا تاوقتیکہ آخری زمانے میں قیامت قائم ہونے سے قبل اللہ تعالیٰ مومنوں کی روحوں کو قبض نہ کرلے۔ اس وقت اللہ تعالیٰ اسے اپنی طرف اٹھالے گا اور اس میں سے کچھ بھی باقی نہیں رہے گا۔