جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا اہل ایمان آخرت میں اپنے رب کو دیکھیں گے؟
السؤال
س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا اہل ایمان آخرت میں اپنے رب کو دیکھیں گے؟
الجواب
ج:تو آپ کہیں: جی ہاں اہل ایمان آخرت میں اپنے رب کو دیکھیں گے، اور اس پر دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: وُجُوهٌ يَوْمَئِذٍ نَاضِرَةٌ، إِلَى رَبِّهَا نَاظِرَةٌ. ”اس روز بہت سے چہرے تر وتازہ اور بارونق ہوں گے، اپنے رب کی طرف دیکھتے ہوں گے“۔ (سورۃ القيامة:22-23)، اور نبی ﷺ نے فرمایا: إِنَّكُمْ تَرَوْنَ رَبَّكُمْ. یعنی ”بے شک تم سب اپنے رب کو حقیقت میں دیکھو گے“۔ (صحیح بخاری، صحیح مسلم) مومنوں کے دیدارِ الہی کے اثبات میں رسول اللہ ﷺ سے متواتر حدیثیں وارد ہیں، اور رسول اللہ ﷺ کے صحابہ اور اخلاص و راستبازی کے ساتھ ان کی اتباع کرنے والوں کا اس پر اجماع ہے۔ جس نے اہل ایمان کا آخرت میں دیدارِ الہی کرنے کا انکار کیا اس نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی مخالفت کی اور مومنین یعنی رسول اللہ ﷺ کے صحابہ اور اخلاص وراستبازی کے ساتھ ان کی اتباع کرنے والوں کے طریقے کی خلاف ورزی کی۔ البتہ دنیا میں اللہ تعالی کا دیدار ممکن نہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: إِنَّكُمْ لَنْ تَرَوْا رَبَّكُمْ حَتَّى تَمُوتُوا. کہ ”تم اپنے رب کو دیکھ نہ سکوگے یہاں تک کہ تمہیں موت آجائے“۔ اور جب اللہ کے نبی موسی علیہ السلام دیدار الہی کے طالب ہوئے تو اللہ نے کہا تم مجھے ہرگز نہیں دیکھ سکتے۔ جیسا کہ اللہ سبحانہ وتعالی کے اس فرمان میں ہے: وَلَمَّا جَاءَ مُوسَى لِمِيقَاتِنَا وَكَلَّمَهُ رَبُّهُ قَالَ رَبِّ أَرِنِي أَنْظُرْ إِلَيْكَ قَالَ لَنْ تَرَانِي. ”اور جب موسی ہمارے مقرر کیے ہوئے وقت پر آئے اور ان کے رب نے ان سے باتیں کیں تو عرض کیا کہ اے میرے پروردگار! اپنا دیدار مجھ کو کرا دیجئے کہ میں آپ کو ایک نظر دیکھ لوں ارشاد ہوا کہ تم مجھ کو ہرگز نہیں دیکھ سکتے“۔ (سورۃ الأعراف:143)