Skip to content

جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ ایمان کے ارکان کیا کیا ہیں؟

السؤال

س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ ایمان کے ارکان کیا کیا ہیں؟

الجواب

ج:تو آپ جواب دیں: ایمان کے چھ ارکان ہیں اور وہ یہ ہیں: آپ اللہ پر، اس کے فرشتوں پر، اس کی کتابوں پر، اس کے رسولوں پر اور قیامت کے دن پر ایمان لائیں اور اس بات پر بھی ایمان لائیں کہ ہر اچھی بری تقدیر اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہے۔

اور کسی کا ایمان اس وقت تک پورا نہیں ہوگا جب تک کہ وہ ان تمام باتوں پر اللہ کی کتاب اور اس کے رسول ﷺ کی سنت کے مطابق ایمان نہ لائے۔ اور جس نے ان میں سے کسی بھی چیز کا انکار کیا وہ ایمان کے دائرے سے نکل جائے گا، اور اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: لَيْسَ الْبِرَّ أَنْ تُوَلُّوا وُجُوهَكُمْ قِبَلَ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ وَلَكِنَّ الْبِرَّ مَنْ آَمَنَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآَخِرِ وَالْمَلَائِكَةِ وَالْكِتَابِ وَالنَّبِيِّينَ وَآَتَى الْمَالَ عَلَى حُبِّهِ ذَوِي الْقُرْبَى وَالْيَتَامَى وَالْمَسَاكِينَ وَابْنَ السَّبِيلِ وَالسَّائِلِينَ وَفِي الرِّقَابِ وَأَقَامَ الصَّلَاةَ وَآَتَى الزَّكَاةَ وَالْمُوفُونَ بِعَهْدِهِمْ إِذَا عَاهَدُوا وَالصَّابِرِينَ فِي الْبَأْسَاءِ وَالضَّرَّاءِ وَحِينَ الْبَأْسِ أُولَئِكَ الَّذِينَ صَدَقُوا وَأُولَئِكَ هُمُ الْمُتَّقُونَ. ”ساری اچھائی مشرق ومغرب کی طرف منہ کرنے میں ہی نہیں بلکہ صحیح معنوں میں اچھا وہ شخص ہے جو اللہ تعالیٰ پر، قیامت کے دن پر، فرشتوں پر، کتابُ اللہ پر اور نبیوں پر ایمان رکھنے والا ہو، جو مال سے محبت کرنے کے باوجود قرابت داروں، یتیموں، مسکینوں، مسافروں اور سوال کرنے والے کو دے، غلاموں کو آزاد کرے، نماز کی پابندی اور زکوة کی ادائیگی کرے، جب وعدہ کرے تب اسے پورا کرے، تنگدستی، دکھ درد اور لڑائی کے وقت صبر کرے، یہی سچے لوگ ہیں اور یہی پرہیزگار ہیں“۔ (سورۃ البقرة:177) نیز نبیﷺ کا یہ فرمان جب آپ سے ایمان کے بارے میں سوال کیا گیا تو آپﷺ نے فرمایا: أَنْ تُؤْمِنَ بِاللهِ، وَمَلَائِكَتِهِ، وَكُتُبِهِ، وَرُسُلِهِ، وَالْيَوْمِ الْآخِرِ، وَتُؤْمِنَ بِالْقَدَرِ خَيْرِهِ وَشَرِّهِ. ”تم اللہ پر ، اس کے فرشتوں پر، اس کی کتابوں پر، اس کے رسولوں پر، قیامت کے دن پر اور اچھی بری تقدیر پر ایمان لاؤ“۔ (صحیح مسلم)