Skip to content

جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ فرشتوں پر کیسے ایمان لائیں گے؟

السؤال

س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ فرشتوں پر کیسے ایمان لائیں گے؟

الجواب

ج:تو آپ کہیے کہ فرشتوں کے وجود، ان کی صفات، ان کی طاقت وقوت، ان کے کام اور جن پر وہ مامور ہیں ان تمام امور کی تصدیق کرنے اور ان پر یقینِ جازم رکھنے کا نام ایمان بالملائکہ ہے، نیز اس بات کی تصدیق اور یقین كامل کہ وہ معزز اور عظیم مخلوق ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے نور سے پیدا کیا ہے۔ فرمانِ باری تعالیٰ ہے: لَا يَعْصُونَ اللَّهَ مَا أَمَرَهُمْ وَيَفْعَلُونَ مَا يُؤْمَرُونَ. ”جو حکم اللہ تعالیٰ انہیں دیتا ہے اس کی نافرمانی نہیں کرتے بلکہ جو حکم دیا جائے بجالاتے ہیں“۔ (سورة التحريم:6) اور یہ کہ ان کے دو دو، تین تین، چار چار اور اس سے زائد پر ہیں اور ان کی تعداد بہت زیادہ ہے، اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے علاوہ ان کی تعداد کو کوئی نہیں جانتا ہے، اللہ تعالیٰ نے انہیں عظیم ترین ذمہ داریاں دی ہیں، ان میں سے کچھ عرش کو اٹھائے ہوئے ہیں تو کچھ رحمِ مادر کی حفاظت پر مامور ہیں، کچھ اعمال کی حفاظت پر تو کچھ بندوں کی حفاظت پر مامور ہیں، اسی طرح کچھ جنت تو کچھ جہنم اور کچھ اس کے علاوہ کی حفاظت پر مامور ہیں۔ ان میں سب سے افضل جبريل علیہ السلام ہیں جو انبیائے کرام پر نازل ہونے والی وحی کے ذمہ دار ہیں، ہم ان تمام فرشتوں پر اجمالاً اور تفصیلاً اسی طرح ایمان لاتے ہیں جس طرح اللہ تبارک وتعالی نے ہمیں اپنی کتاب اور اپنے رسول ﷺ کی حدیث میں خبر دی ہے۔ جس نے فرشتوں کا انکار کیا یا یہ گمان کیا کہ ان کی حقیقت اس طرح نہیں ہے جس طرح اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے خبر دی ہے تو وہ شخص اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی خبر کو جھٹلانے کی وجہ سے کافر ہے۔