أويس بن عامر بن جزء بن مالك القرني
الإسم
اویس بن عامر بن جزء بن مالک قرنی
اسم الشهرة
اویس قرنی
نبذة مختصرة
ابو عمرو اویس بن عامر بن مالک قرنی ایک جلیل القدر تابعی ہیں، بڑے پایے کے تابعین میں ان کا شمار تھا، بڑے پرہیزگار اور عبادت گزار انسان تھے، اصلاً ان کا تعلق یمن سے تھا، اللہ کے رسول ﷺ کا دور پایا، لیکن آپ کو دیکھنے کی سعادت حاصل نہيں کر سکے، عمر -رضی اللہ عنہ- کے دور میں آئے اور اس کے بعد کوفہ میں سکونت اختیار کر لی، یہ بات ثابت ہے کہ وہ تابعین کی جماعت میں سب سے بہتر انسان تھے، اسیر بن جابر کہتے ہیں : عمر بن خطاب -رضی اللہ عنہ- کے پاس جب یمن سے فوجی جتھے جہاد میں مسلمان فوجیوں کا ساتھ دینے کے لیے آتے، تو ان سے پوچھتے کہ کیا تمھارے بیچ اویس بن عامر ہیں؟ یہاں تک کہ اویس کے پاس آئے اور پوچھا کہ کیا آپ اویس بن عامر ہیں؟ جواب دیا کہ ہاں! پوچھا کہ کیا آپ کا تعلق قرن قبیلے کی مراد شاخ سے ہے؟ جواب دیا کہ ہاں! پوچھا کہ کیا آپ کے جسم پر سفید داغ تھے، جو ایک درہم کے برابر چھوڑ کے ٹھیک ہو گئے ہیں؟ جواب دیا کہ ہاں! تب کہا کہ میں نے اللہ کے نبی ﷺ کو کہتے ہوئے سنا ہے : "تمھارے پاس اویس بن عامر یمن سے آنے والے فوجی جتھوں کے ساتھ آئے گا، اس کا تعلق قرن قبیلے کی مراد شاخ سے ہوگا، اس کے جسم پر سفید داغ رہے ہوں گے جو ٹھیک ہو گئے ہوں گے، لیکن ایک درہم کے برابر جگہ بچی ہوئی ہوگی، اگر اس سے اپنے لیے استغفار کرا سکو، تو کرانا۔" لہذا آپ میرے لیے استغفار کیجیے، چناں چہ انھوں نے عمر -رضی اللہ عنہ- کے لیے استغفار کیا، اس کے بعد عمر -رضی اللہ عنہ- نے ان سے پوچھا کہ آپ کہاں جانا چاہتے ہيں؟ انھوں نے جواب دیا کہ کوفہ، عمر -رضی اللہ عنہ- نے پوچھا کہ کیا میں وہاں کے گورنر کے نام پر آپ کے لیے خط لکھ دوں؟ انھوں نے جواب دیا کہ مجھے عام لوگوں میں رہنا زیادہ پسند ہے، آئندہ سال ان کی قوم کا ایک معزز شخص حج کے ارادے سے آیا، وہ عمر -رضی اللہ عنہ- سے ملا، تو انھوں نے اس سے اویس کے بارے میں پوچھا، چنانچہ اس نے جواب دیا کہ میں ان کو ایک بوسیدہ گھر میں اور بہت کم سامانوں کے ساتھ چھوڑ آیا ہوں، یہ سننے کے بعد عمر -رضی اللہ عنہ- نے کہا کہ میں نے اللہ کے رسول ﷺ کو کہتے ہوئے سنا ہے : "تمھارے پاس اویس بن عامر یمن سے آنے والے فوجی جتھوں کے ساتھ آئے گا، اس کا تعلق قرن قبیلے کی مراد شاخ سے ہوگا، اس کے جسم پر سفید داغ رہے ہوں گے، جو ٹھیک ہو گئے ہوں گے، لیکن ایک درہم کے برابر جگہ بچی ہوئی ہوگی۔ اس کی ماں ہوگی، جس کے ساتھ وہ اچھا سلوک کرے گا، اگر وہ اللہ پر قسم کھا لے تو اللہ اس کی قسم کی لاج رکھ لے۔ اگر اس سے اپنے لیے استغفار کرا سکو تو کرانا۔" لہذا وہ شخص اویس کے پاس پہنچا اور کہا کہ آپ میرے لیے استغفار کریں، تو اویس نے کہا: تم ابھی ابھی ایک نیک سفر سے آئے ہو، لہذا تم میرے لیے استغفار کرو۔ اس شخص نے پھر کہا کہ آپ میرے لیے استغفار کریں، تو انھوں نے پھر جواب دیا کہ تم ابھی ابھی ایک مبارک سفر سے آئے ہو، لہذا تم میرے لیے استغفار کرو۔ اس اصرار کے بعد انھوں نے پوچھا کہ کیا تم عمر -رضی اللہ عنہ- سے مل کر آئے ہو؟ جواب دیا کہ ہاں! چنانچہ ان کے لیے استغفار کیا، اس واقعے کے بعد لوگ ان کی عظمت کو سمجھ گئے تو وہ کہیں اور چلے گئے، اسیر کہتے ہیں : ان کے پاس کپڑے کے نام پر بس ایک چادر تھی۔ چنانچہ جب ان کو کوئی انسان دیکھتا، تو کہتا : اویس کو یہ چادر کہاں سے ملی؟ سنہ 37 میں وفات پائی۔