Skip to content

جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا ہم غیر اللہ کی پناہ طلب کر سکتے ہیں؟

السؤال

س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا ہم غیر اللہ کی پناہ طلب کر سکتے ہیں؟

الجواب

ج:تو آپ کہیں کہ استعاذہ (پناہ طلب کرنا) کے تینوں قسموں کی معرفت سے جواب کی وضاحت ہوگی اور وہ یہ ہیں:

  1. استعاذۂ توحیدیہ تعبّدیہ: یعنی ہر وہ چیز جس سے آپ ڈرتے ہیں اُن سے اللہ کی پناہ میں آنا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ، مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ. ”آپ کہہ دیجیے کہ میں صبح کے رب کی پناہ میں آتا ہوں، ہر اُس چیز کے شر سے جو اس نے پیدا کی ہے“۔ (سورة الفلق:1-2) نیز اللہ تعالی کا فرمان ہے: قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ، مَلِكِ النَّاسِ، إِلَهِ النَّاسِ، مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ. ”آپ کہہ دیجیے کہ میں لوگوں کے پروردگار کی پناہ میں آتا ہوں، لوگوں کے مالک کی، لوگوں کے معبود کی (پناہ میں)، وسوسہ ڈالنے والے اور پیچھے ہٹ جانے والے کے شر سے“۔ (سورة الناس: 1-4)
  2. مباح استعاذہ: یعنی زندہ ، حاضر اور قادر مخلوق سے ایسی چیزوں کے متعلق پناہ طلب کرنا جس کی وہ قدرت رکھتے ہوں اور جو شرعی دائرہ سے باہر نہ ہوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: فَمَنْ وَجَدَ مَلْجَأً أَوْ مَعَاذًا فَلْيَفعلْ بِه. ”جو شخص کوئی جائے پناہ یا جائے حفاظت پالے تو وہ اسے اختیار کرلے“۔ (صحیح مسلم)
  3. شرکیہ استعاذہ: یعنی ایسی چیزوں سے غیرُ اللہ کی پناہ طلب کرنا جس کی طاقت اللہ کے سوا کسی اور میں نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: وَأنَّهُ كانَ رِجالٌ مِنَ الْاِنْسِ يَعُوْذُوْنَ برجالٍ مِنَ الْجِنِّ فزادُوْهُمْ رَهْقًا. ”بات یہ ہے کہ چند انسان بعض جنات سے پناہ طلب کیا کرتے تھے جس سے جنات اپنی سرکشی میں اور بڑھ گئے“۔ (سورۃ الجن:6)