جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا جلبِ منفعت اور دفعِ مضرت کے لیے غیرُ اللہ سے فریاد کی جاسکتی ہے ان چیزوں میں جن کی طاقت اللہ کے سوا کسی کو نہ ہو؟
السؤال
س:جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا جلبِ منفعت اور دفعِ مضرت کے لیے غیرُ اللہ سے فریاد کی جاسکتی ہے ان چیزوں میں جن کی طاقت اللہ کے سوا کسی کو نہ ہو؟
الجواب
ج:تو آپ کہیں کہ یہ شرک اکبر ہے، جو شخص اس کا مرتکب ہو جائے اور مرنے سے قبل اس سے توبہ نہ کرلے تو وہ اس کے اعمال کو اکارت کردیتا ہے اور دین اسلام سے نکال کر ابدی اور ہمیشگی والی ہلاکت تک پہنچا دیتا ہے۔ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: أَمَّنْ يُجِيبُ الْمُضْطَرَّ إِذَا دَعَاهُ وَيَكْشِفُ السُّوءَ. ”بے کس کی پکار کو جب وہ پکارے کون قبول کر کے سختی کو دور کردیتا ہے؟“ (سورۃ النمل:62) یعنی اللہ کے علاوہ نہ تو کوئی اس کی پکار کے جواب دے سکتا ہے اور نہ ہی اللہ کے سوا کوئی پریشانی کو دور کرسکتا ہے، پس اللہ تعالیٰ نے اپنے سوا سے استغاثہ کرنے پر صیغۂ استفہام کے ذریعہ توبیخ کی ہے۔ نیز اس لیے بھی کہ اللہ سے فریاد کرنا عبادت اور استعانت ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: إِذْ تَسْتَغِيثُونَ رَبَّكُمْ. ”اس وقت کو یاد کرو جب تم اپنے رب سے فریاد کررہے تھے“۔ (سورۃ الأنفال:9) اور صحیح بخاری میں ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: لاَ أُلْفِيَنَّ أَحَدَكُمْ يجيءُ يَوْمَ القِيَامَةِ عَلَى رَقَبَتِهِ بَعِيرٌ لَهُ رُغَاءٌ، فَيَقُولُ: يَا رَسُولَ اللَّهِ أَغِثْنِي، فَأَقُولُ: لاَ أَمْلِكُ لَكَ مِنَ اللہِ شَيْئًا قَدْ أَبْلَغْتُكَ، لاَ أُلْفِيَنَّ أَحَدَكُمْ يجيءُ يَوْمَ القِيَامَةِ عَلَى رَقَبَتِهِ فَرَسٌ لَهُ حَمْحَمَةٌ فَيَقُولُ: يَا رَسُولَ اللَّهِ أَغِثْنِي، فَأَقُولُ: لاَ أَمْلِكُ لَكَ مِنَ اللہِ شَيْئًا قَدْ أَبْلَغْتُكَ. کہ ”میں تم میں سے کسی شخص کو قیامت کے دن اس حال میں نہ پاؤں کہ اس کی گردن پر اونٹ ہو جو بلبلا رہا ہو، پس وہ کہے: اے اللہ کے رسول میری مدد کیجیے تو میں کہوں گا کہ: میں نے تمہیں بتلادیا تھا کہ میں تمہارے لیے اللہ کی طرف سے کسی چیز کا مالک نہیں ہوں، میں تم میں سے کسی شخص کو قیامت کے دن اس حال میں نہ پاؤں کہ اس کی گردن پر گھوڑا ہو جو ہنہنا رہا ہو، پس وہ کہے :اے اللہ کے رسول میری مدد کیجیے تو میں کہوں گا کہ میں تمہارے لیے اللہ کی طرف سے کسی چیز کا مالک نہیں ہوں، میں نے تمہیں بتلادیا تھا“۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم) اور یہ بات معلوم ہے کہ ہمارے لیے یہ جائز ہے کہ ہم زندہ اور حاضر شخص جو غائب نہ ہو، جسے ہم دیکھ رہے ہوں اس سے ان چیزوں میں فریاد کر سکتے ہیں جن پر وہ قادر ہو۔ اور زندہ مخلوق سے فریاد کرنے کا مطلب اس سے ایسی چیزوں کی مدد طلب کرنا ہے جس کی انسان طاقت رکھتا ہے، جیسا کہ موسی علیہ السلام کى قوم کے ایک آدمی نے ان کے دشمن کے خلاف موسی علیہ السلام سے مدد کی گہار لگائی۔ جیسا کہ فرمان باری تعالی ہے: فَاسْتَغَاثَهُ الَّذِي مِنْ شِيعَتِهِ عَلَى الَّذِي مِنْ عَدُوِّهِ. ”اس کی قوم والے نے اس کے خلاف جو اس کے دشمنوں میں سے تھا اس سے فریاد کی“۔ (سورۃ القصص:15) ہاں البتہ انسان اور جنات میں سے غیر موجود شخص، اسی طرح قبر والوں سے فریاد کرنا، تو اس کے باطل، حرام اور شرک ہونے پر امت کا اجماع ہے۔