شر کو کیوں پیدا کیا گیا؟
- محاور التعريف بالإسلام
- الغاية من خلق الإنسان ومعنى الحياةالخير والشر
- مصدر الإجابة
- قسم الإيمان
- الباب / الفصل
- (قسم الإيمان)
السؤال
شر کو کیوں پیدا کیا گیا؟
الجواب
یہ سوال اٹھانا کہ اللہ تعالیٰ نے شر کو کیوں پیدا کیا یا اس پر اعتراض کرنا مناسب نہیں ہے؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ ہی خالق ہے اور وہ جو کچھ کرتا ہے اس کے بارے میں اس سے سوال نہیں کیا جا سکتا، بلکہ سوال کرنے کا حق اسی کے پاس ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’وه اپنے کاموں کے لیے (کسی کے آگے) جواب ده نہیں اور سب (اس کے آگے) جواب ده ہیں۔‘‘
[الأنبیاء : 23]۔
خیر و شر کے وجود اور تخلیق کی بعض حکمتیں درج ذیل ہیں :
- مکلف کے لیے خیر اور شر کے ذریعے امتحان و آزمائش؛ تاکہ صابر اور غیر صابر، مومن اور غیر مومن میں فرق واضح ہو جائے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’جس نے موت اور حیات کو اس لیے پیدا کیا کہ تمھیں آزمائے کہ تم میں سے اچھے کام کون کرتا ہے، اور وه غالب (اور) بخشنے واﻻ ہے۔‘‘
[الملك : 2]۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے :
’’۔۔۔۔ہم بطریقِ امتحان تم میں سے ہر ایک کو برائی بھلائی میں مبتلا کرتے ہیں اور تم سب ہماری ہی طرف لوٹائے جاؤ گے۔‘‘
چنانچہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو دنیا میں پیدا کیا، انھیں احکام دیے اور بعض چیزوں سے روکا اور انھیں خیر و شر، غنا اور فقر، عزت اور ذلت، نیز زندگی اور موت کے ذریعے آزمائش سے دوچار کیا، جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک آزمائش ہے؛ تاکہ وہ انھیں آزمائے کہ ان میں سے کون عمل کے اعتبار سے بہتر ہے اور کون فتنوں کے مواقع پر فتنہ کا شکار ہوتا ہے اور کون نجات پاتا ہے۔
’’اور تم سب ہماری ہی طرف لوٹائے جاؤ گے۔‘‘
پس ہم تمھیں تمھارے اعمال کا بدلہ دیں گے۔ اگر نیک اعمال ہوئے تو نیک بدلہ اور برے ہوئے تو برا بدلہ۔
’’اور آپ کا رب بندوں پر ﻇلم کرنے واﻻ نہیں ہے۔‘‘ [فصلت : 46]۔
- کائنات کی ثنویت کو ثابت کرنا؛ لہذا خیر کو شر کی معرفت کے بغیر نہیں پہچانا جا سکتا، کیونکہ چیزیں اپنی ضد ہی سے پہچانی جاتی ہیں۔ خیر کے وجود کے لیے شر ضروری ہے۔ کیونکہ خیر شر کے خلاف جدوجہد کا نام ہے۔ خیر و شر اور انسان کا ان دونوں کے درمیان جھولتے رہنا دنیوی زندگی کی فطرت ہے۔
- شر ایک نسبتی امر ہے۔ جو چیز بعض لوگوں کو شر نظر آتی ہے، ممکن ہے کہ دوسرے لوگ اسے خیر تصور کریں۔ مثلاً چور کے ہاتھ کاٹنے کی سزا بظاہر چور کے حق میں شر نظر آتی ہے، لیکن اس میں معاشرے کے لیے خیر ہے، کیونکہ اس کا مقصد لوگوں کو ایک دوسرے کے اموال پر دست درازی کرنے سے باز رکھنا ہے۔
- مکلف کے منصفانہ امتحان کے حقیقی مفہوم کا اثبات؛ دراصل اللہ تعالیٰ نے انسان کے لیے خیر اور شر کا راستہ واضح کر دیا ہے اور اسے ان دونوں کے درمیان انتخاب کی آزادی عطا کی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’کیا ہم نے اس کی دو آنکھیں نہیں بنائیں۔
اور زبان اور دو ہونٹ۔
ہم نے دکھا دیے اس کو دونوں راستے۔‘‘
[البلد : 8-10]۔
یعنی : کیا ہم نے اسے دو آنکھیں نہیں دیں جن سے وہ دیکھ سکے، ایک زبان اور دو ہونٹ نہیں دیے جن سے بات کرے اور اس کے لیے خیر و شر کا راستہ واضح نہیں کر دیا؟
- بہت سی برائیاں جو ہمیں نظر آتی ہیں، وہ ہر اعتبار سے محض شر نہیں ہوتیں، بلکہ ان میں خیر کے پہلو بھی ہوتے ہیں۔ کتنی ہی ایسی چیزیں ہیں جنھیں ہم شر سمجھتے ہیں، لیکن ان کے اندر بہت بڑی بھلائی چھپی ہوتی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ انسان کسی ایسی بیماری میں مبتلا ہو جائے جو اسے اس سے بھی بڑی برائی سے بچانے کا سبب بن جائے۔ کبھی کبھی انسان کو کسی مالی سودے میں نقصان ہو جاتا ہے، لیکن ممکن ہے کہ اگر وہ اسے حاصل کر لیتا تو سرکشی اور تکبر میں مبتلا ہو جاتا۔ کبھی کبھی انسان کی اولاد فوت ہو جاتی ہے، لیکن ممکن ہے کہ اگر وہ زندہ رہتی، تو اس کے لیے وبال بن جاتی۔ کبھی کبھی انسان اپنے عمل کی وجہ سے جہنم کا مستحق ہو چکا ہوتا ہے اور یہی حقیقی تباہی ہے، تو اللہ تعالیٰ اسے کسی مصیبت سے دوچار کر دیتا ہے، پس وہ اس پر صبر کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسے اس کے صبر کے بدلے میں جنت عطا فرماتا ہے اور یہی حقیقی اور دائمی بھلائی ہے۔
اللہ سبحانہ وتعالیٰ محض شر پیدا نہیں کرتا اور نہ شر کی نسبت اس کی طرف کی جاسکتی ہے، جیسا کہ ایک صحیح حدیث میں نبی ﷺ فرماتے ہیں :
"اور شر (کا انتساب ) تیری طرف نہیں کی جا سکتی۔"
[مسلم]۔
- خیر و شر کے وجود کی حکمتوں میں سے متضاد اور متقابل چیزوں کی تخلیق پر رب تعالیٰ کی قدرت اور اس کے قہری اسما کے آثار کا ظاہر ہونا ہے۔ یعنی یہ کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ اپنے اسما اور افعال کے آثار ظاہر کرتا ہے، جیسے اس کا قہار، منتقم اور عادل ہونا وغیرہ۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :
’’اللہ وه ہے جس نے سات آسمان بنائے اور اسی کے مثل زمینیں بھی ۔ اس کا حکم ان کے درمیان اترتا ہے تاکہ تم جان لو کہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔ اور اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کو بہ اعتبار علم گھیر رکھا ہے۔‘‘
[الطلاق : 12]۔
برائیاں بذاتِ خود مقصود نہیں ہوتیں اور نہ ہی وہ ایسی غایت ہیں جس کے لیے مخلوق کو پیدا کیا گیا ہے، بلکہ یہ ایسے افعال ہیں جو کسی پسندیدہ امر کے لیے مقدر کیے گئے اور ان تک پہنچنے کا وسیلہ بنائے گئے ہيں۔ چنانچہ جب وہ مقصد حاصل ہو جاتا ہے جس کے لیے انھیں مقدر کیا گیا تھا، تو وہ مٹ کر فنا ہو جاتے ہیں اور معاملہ خالص بھلائی کی طرف لوٹ آتا ہے۔
کوئی بھی شخص شر کے وجود کی حکمت کو اس وقت تک نہیں سمجھ سکتا، جب تک وہ یہ یقین نہ کر لے کہ یہ دنیا ایک عارضی گھر اور امتحان، ابتلا و آزمائش اور نقص کی جگہ ہے۔ جو شخص اس دنیا میں مطلق کمال دیکھنے کا منتظر ہے، تو وہ اس حکمتِ الٰہی کی مخالفت کرنے والا ہے، جس کا تقاضا یہ ہے کہ دارِ آخرت ہی دارِ کمال ہو۔
اللہ تعالیٰ نے ایک شخص کی جانب سے فرمایا ہے، جو ایمان لایا تھا :
’’اے میری قوم! یہ حیاتِ دنیا متاع فانی ہے۔ (یقین مانو کہ قرار) اور ہمیشگی کا گھر تو آخرت ہی ہے۔‘‘
[غافر : 39]۔
المصدر
ملاحظات
--