جب آ پ سے یہ سوال کیا جائے کہ نواقضِ اسلام کسے کہتے ہیں؟
السؤال
س: جب آ پ سے یہ سوال کیا جائے کہ نواقضِ اسلام کسے کہتے ہیں؟
الجواب
ج:تو آپ کہیں: ناقض کا مطلب باطل اور فاسد کرنے والا ہے، جب یہ کسی چیز پر طاری ہوگا تو اسے باطل اور فاسد کردے گا، جیسے نواقضِ وضو کا ارتکاب کرلینے سے وضو باطل ہوجاتا ہے اور اس کا اِعادہ لازم ہو جاتا ہے، بالکل یہی مثال نواقضِ اسلام کی ہے جب کوئی شخص نواقضِ اسلام کا ارتکاب کرے گا تو اس کا اسلام باطل اور فاسد ہو جائے گا اور اس کا مرتکب دائرہ اسلام سے نکل کر کفر میں داخل ہوجائے گا۔ علمائے کرام نے ارتداد اور مرتد کے حکم کے بارے میں بہت ساری قسموں کا تذکرہ کیا ہے جن کی وجہ سے ایک مسلمان اپنے دین سے مرتد ہو جاتا ہے اور اس کا خون اور اس کا مال حلال ہو جاتے ہیں، ان میں سب سے زیادہ خطرناک اور بہت زیادہ پیش آنے والے، جن پر علماء کا اتفاق ہے وہ دس نواقض ہیں: اوّل: اللہ کی عبادت میں شرک کرنا۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:إِنَّ اللَّهَ لَا يَغْفِرُ أَنْ يُشْرَكَ بِهِ وَيَغْفِرُ مَا دُونَ ذَلِكَ لِمَنْ يَشَاءُ.”یقیناً ﷲ تعالیٰ اپنے ساتھ شریک کیے جانے کو نہیں بخشتا اور اس کے سوا جسے چاہے بخش دیتا ہے“۔ (سورۃ النساء:116)؛ نیز فرمان باری تعالی ہے:إِنَّهُ مَنْ يُشْرِكْ بِاللَّهِ فَقَدْ حَرَّمَ اللَّهُ عَلَيْهِ الْجَنَّةَ وَمَأْوَاهُ النَّارُ وَمَا لِلظَّالِمِينَ مِنْ أَنْصَارٍ. ”یقین مانو کہ جو شخص اللہ کے ساتھ شریک کرتا ہے اللہ تعالیٰ نے اس پر جنت حرام کردی ہے، اس کا ٹھکانہ جہنم ہی ہے اور گنہگاروں کی مدد کرنے والا کوئی نہیں ہوگا“۔ (سورۃ المائدۃ:72) شرک میں غیرُاللہ کو پکارنا، ان سے فریاد کرنا، منت ماننا اور ان کے لیے ذبح کرنا بھی شامل ہے، جیسے وہ شخص جو جلبِ منفعت اور دفعِ مضرت کے لیے کسی جِن، قبر یا ولی کے لیے ذبح کرے خواہ وہ ولى زندہ ہو یا مردہ جیسا کہ گمراہ دھوکے باز، مکار دجالوں کے جھوٹ اور شبہات سے دھوکہ کھا کر جاہل لوگ ایسا کرتے ہیں۔
دوم: جو شخص اپنے اور اللہ تعالیٰ کے درمیان غیر الله كو واسطہ ووسیلہ بناتا ہے، ان کو پکارتا ہے، ان سے شفاعت کا طلب گار ہوتا ہے اور اپنے مطالب ومقاصد اور دنیوی واخروی چاہتوں کے حصول میں انہیں پر توکل رکھتا ہے، وہ بالاجماع کافر ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: قُلْ إِنَّمَا أَدْعُو رَبِّي وَلَا أُشْرِكُ بِهِ أَحَدًا. ”(اے نبی!) آپ کہہ دیجیے کہ میں تو صرف اپنے رب ہی کو پکارتا ہوں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہیں کرتا“۔ (سورۃ الجن:20)
سوم: جو شخص مشرکوں کو کافر نہیں سمجھتا ہے، یا ان کے کفر میں شک کرتا ہے، یا ان کے مذہب کو صحیح سمجھتا ہے تو وہ بھی کافر ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: وَقَالَتِ الْيَهُودُ عُزَيْرٌ ابْنُ اللَّهِ وَقَالَتِ النَّصَارَى الْمَسِيحُ ابْنُ اللَّهِ ذَلِكَ قَوْلُهُمْ بِأَفْوَاهِهِمْ يُضَاهِئُونَ قَوْلَ الَّذِينَ كَفَرُوا مِنْ قَبْلُ قَاتَلَهُمُ اللَّهُ أَنَّى يُؤْفَكُونَ. ”یہود کہتے ہیں عُزَیر اللہ کا بیٹا ہے اور نصرانی کہتے ہیں مسیح اللہ کا بیٹا ہے یہ قول صرف ان کے منہ کی بات ہے۔ اگلے منکروں کی بات کی یہ بھی نقل کرنے لگے، اللہ انہیں غارت کرے وہ کیسے پلٹائے جاتے ہیں“۔ (سورۃ التوبة:30) کیونکہ کفر پر رضامندی کفر ہی ہے، اور طاغوت کا انکار اور دین اسلام کے علاوہ ادیان کے بطلان کا اعتقاد، اور اس سے بغض رکھنا اور کفر اور اہل کفر سے براءت ظاہر کرنا اور طاقت بھر ان سے جہاد کیے بنا دین درست نہیں ہوسکتا۔
چہارم: جس کا یہ اعتقاد ہو کہ نبی ﷺ کے علاوہ کسی اور کا طریقہ زیادہ کامل ہے یا پھر آپﷺ کے فیصلے کے بجائے کسی اور کا فیصلہ زیادہ بہتر ہے، جیسے وہ شخص جو غیراللہ کے حکم اور بشری قوانین اور ان کے فیصلوں کو اللہ اور اس کے رسول کے احکام پر فوقیت دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: فَلَا وَرَبِّكَ لَا يُؤْمِنُونَ حَتَّى يُحَكِّمُوكَ فِيمَا شَجَرَ بَيْنَهُمْ ثُمَّ لَا يَجِدُوا فِي أَنْفُسِهِمْ حَرَجًا مِمَّا قَضَيْتَ وَيُسَلِّمُوا تَسْلِيمًا. ”سو قسم ہے تیرے پروردگار کی یہ مومن نہیں ہوسکتے جب تک کہ آپس کے تمام اختلاف میں آپ کو حاکم نہ مان لیں ، پھر جو فیصلے آپ ان میں کردیں ان سے اپنے دل میں کسی طرح کی تنگی اور ناخوشی نہ پائیں اور فرمانبرداری کے ساتھ قبول کرلیں“۔ (سورۃ النساء:65)؛ اور جو شخص غیر کے طریقۂ حیات اور ان کی بدعات وخرافات کو صحیح سنتوں پر مقدم کرے گا جب کہ وہ جانتا ہے کہ یہ نبوی سنت ہیں تو ایسا شخص بالاتفاق کافر ہے۔
پنجم: جس نے رسول اکرم ﷺ کی لائی ہوئی شریعت میں سے کسی بھی حکم کو ناپسند کیا، اگرچہ بظاہر وہ اس پر عمل بھی کرے، وہ کافر ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ذَلِكَ بِأَنَّهُمْ كَرِهُوا مَا أَنْزَلَ اللَّهُ فَأَحْبَطَ أَعْمَالَهُمْ. ”یہ اس لیے کہ وہ اللہ کی نازل کردہ چیز سے ناخوش ہوئے، پس اللہ تعالی نے بھی ان کے اعمال ضائع کر دیے“۔ (سورۃ محمد:9)
ششم - جس نے رسول اکرم ﷺ کے دین میں سے کسی بھی حکم کا استہزا اور مذاق اڑایا، جیسے وہ شخص جو دین کے بعض احکام وشرائع، اس کی سنتوں یا اس کی خبروں کا مذاق اڑائے یا فرمانبرداروں کے لیے اللہ تعالیٰ نے جو ثواب متعین کیا ہے اور گنہگاروں کے لیے جو عقاب متعین کیا ہے اس کا مذاق اڑائے جس کی خبر اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے دی ہے تو وہ کافر ہو گیا۔ اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: قُلْ أَبِاللَّهِ وَآَيَاتِهِ وَرَسُولِهِ كُنْتُمْ تَسْتَهْزِئُونَ، لَا تَعْتَذِرُوا قَدْ كَفَرْتُمْ بَعْدَ إِيمَانِكُم. ”کہہ دیجیے کہ اللہ، اس کی آیتیں اور اس کا رسول ہی تمہارے ہنسی مذاق کے لیے رہ گئے ہیں؟ تم بہانے نہ بناؤ، یقیناً تم اپنے ایمان کے بعد بے ایمان ہو گئے“۔ (سورۃ التوبة:65-66)
ہفتم: جادو۔ اس لیے کہ جادو جن وشیاطین کی مدد اور ان کے ساتھ شرک کا ارتکاب کرنے اور ان کی رضاجوئی کے لیے کفر کرنے کے بغیر ممکن نہیں؛ اور اسی قبیل سے ”صرف“ (جدائی پیدا کرنے والا جادو) و”عطف“ (میل جول پیدا کرنے والا جادو) ہے جو لوگوں کے مشاعر اور عواطف میں اثر انداز ہوتا ہے، سو جس نے یہ کام کیا یا اس پر رضامندی کا اظہار کیا، وہ کافر ہو گیا، اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: وَمَا يُعَلِّمَانِ مِنْ أَحَدٍ حَتَّى يَقُولَا إِنَّمَا نَحْنُ فِتْنَةٌ فَلَا تَكْفُرْ. ”وہ دونوں بھی کسی شخص کو اس وقت تک (جادو) نہیں سکھاتے تھے جب تک یہ نہ کہہ دیں کہ ہم تو ایک آزمائش ہیں، پس تو (جاود سیکھ کر) کفر نہ کر“۔ (سورۃ البقرة:102)
ہشتم: مسلمانوں کے خلاف مشرکوں کی پشت پناہی اور ان کی نصرت وحمایت کرنا۔ اس کی دلیل اللہ تعالی کا یہ فرمان ہے: وَمَنْ يَتَوَلَّهُمْ مِنْكُمْ فَإِنَّهُ مِنْهُمْ إِنَّ اللَّهَ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الظَّالِمِينَ. ”تم میں سے جو بھی ان میں سے کسی سے دوستی کرے وہ بے شک انہی میں سے ہے، ظالموں کو اللہ ہرگز راہِ راست نہیں دکھاتا“۔ (سورۃ المائدة:51)
نہم: جو یہ اعتقاد رکھے کہ بعض لوگ محمد ﷺ کی شریعت کی پابندی سے نکل سکتے ہیں، جیسا کہ خضر علیہ السلام موسی علیہ السلام کی شریعت کی پابندی سے نکل گئے تھے تو وہ کافر ہے۔ کیونکہ اللہ تعالی فرماتا ہے: وَمَنْ يَبْتَغِ غَيْرَ الْإِسْلَامِ دِينًا فَلَنْ يُقْبَلَ مِنْهُ وَهُوَ فِي الْآَخِرَةِ مِنَ الْخَاسِرِين. ”جو شخص اسلام کے سوا کوئی اور دین اختیار کرنا چاہے، تو اس کا وہ دین ہرگز قبول نہ کیا جائے گا اور وہ آخرت میں نقصان پانے والوں میں ہوگا“۔ (سورۃ آل عمران:85)
دہُم: اللہ کے دین سے اعراض کرنا، بایں طور کہ انسان نہ تو اسے سیکھے اور نہ ہی اس پر عمل کرے۔ اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے: وَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنْ ذُكِّرَ بِآَيَاتِ رَبِّهِ ثُمَّ أَعْرَضَ عَنْهَا إِنَّا مِنَ الْمُجْرِمِينَ مُنْتَقِمُونَ. ”اس سے بڑھ کر ظالم کون ہے جسے اس کے رب کی آیات کے ذریعہ سے نصیحت کی جائے اور پھر وہ اُن سے منہ پھیر لے، (یقین مانو) کہ ہم بھی گنہگاروں سے انتقام لینے والے ہیں“۔ (سورۃ السجدة:22)۔ اللہ کے دین سے اعراض کرنے کا مطلب ہے ان چیزوں کو نہ سیکھنا جن کا سیکھنا لازمی ہو بایں طور کہ اُن دینی اصولوں کی معرفت کے بغیر انسان کا دین صحیح نہ ہو۔
ان نواقضِ اسلام کو ذکر کرنے کے بعد بہتر ہوگا کہ دو اہم تنبیھات کا بھی تذکرہ کردیا جائے:
- ان نواقضِ اسلام کا تذکرہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ ان سے بچا جائے اور لوگوں کو ان سے ڈرایا اور بچایا جائے کیونکہ شیاطین اور ان کے گمراہ اور خرافی مددگار مسلمانوں پر گھات لگائے ہوئے ہیں پس وہ بعض اشخاص کی جہالت اور ان کی غفلتوں کا ناجائز فائدہ اٹھا کر انہیں دائرۂ حق سے نکال کر باطل تک پہنچا دیتے ہیں اور انہیں جنت سے جہنم کی طرف پھیر دیتے ہیں۔
- ان نواقض کو واقعہ حال پر چسپہ کرنا پختہ ومضبوط علم رکھنے والے علماء کرام کا کام ہے، اس لیے کہ راسخ فی العلم علماء ہی لوگوں پر حکم لگانے کے شرعی دلائل اور احکام وضوابط کا صحیح علم رکھتے ہیں، جب کہ ہر ایک کے لیے یہ جائز نہیں ہے۔