Skip to content

جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا ’دُعا‘ عبادت ہے؟

السؤال

س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا ’دُعا‘ عبادت ہے؟

الجواب

ج:تو آپ کہیں: یقیناً دعا عبادت کی اہم ترین قسموں میں سے ایک ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: وَقَالَ رَبُّكُمُ ادْعُونِي أَسْتَجِبْ لَكُمْ إِنَّ الَّذِينَ يَسْتَكْبِرُونَ عَنْ عِبَادَتِي سَيَدْخُلُونَ جَهَنَّمَ دَاخِرِينَ. ”اور تمہارے رب كا فرمان (صادر ہو چكا) ہے كہ مجھ سے دعا كرو، میں تمہاری دعاؤں كو قبول كروں گا، یقین مانو كہ جو لوگ میری عبادت سے خودسری كرتے ہیں وہ عنقریب ہی ذلیل ہو كر جہنم میں پہنچ جائیں گے“۔ (سورۃ غافر:60)، اور حدیث میں ہے کہ رسول ﷺ نے فرمایا: الدُّعَاءُ هُوَ الْعِبَادَةُ. کہ ”دعا ہی عبادت ہے“۔(ترمذی) دعا کی اہمیت اور دین میں اس کی عظمت کے پیشِ نظر قرآن کریم کی تین سو سے زائد آیتوں میں اس کا ذکر ہے۔ دعا کی دو قسمیں ہیں: دعائے عبادت اور دعائے سوال اور ان میں سے ہر ایک دوسرے کو مستلزم ہے۔

  1. دعائےعبادت: یعنی حصولِ مطلوب، دفعِ ضرر، یا مصیبت اور پریشانی سے چھٹکارا حاصل کرنے کی غرض سے تنہا اللہ تعالیٰ کے لیے عبادت کو خالص کرکے اس کا قرب حاصل کرنا۔ ارشاد الہی ہے: وَذَا النُّونِ إِذْ ذَهَبَ مُغَاضِبًا فَظَنَّ أَنْ لَنْ نَقْدِرَ عَلَيْهِ فَنَادَى فِي الظُّلُمَاتِ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ، فَاسْتَجَبْنَا لَهُ وَنَجَّيْنَاهُ مِنَ الْغَمِّ وَكَذَلِكَ نُنْجِي الْمُؤْمِنِينَ. ”مچھلی والے کو یاد کر جب کہ وہ غصہ سے چل دیا اور خیال کیا کہ ہم اس پر ہرگز تنگی نہیں کریں گے۔ بالآخر وہ اندھیروں کے اندر سے پکار اٹھا کہ الہی تیرے سوا کوئی معبود نہیں تو پاک ہے، بے شک میں ظالموں میں ہو گیا، تو ہم نے اس کی پکار سن لی اور اسے غم سے نجات دے دی اور ہم ایمان والوں کو اسی طرح بچالیا کرتے ہیں“۔ (سورۃ الأنبياء:87-88)
  2. دعائے طلب: یعنی ایسی چیزوں کا طلبگار ہونا جو طلب کرنے والے کے لیے نفع بخش ہوں خواہ وہ حصولِ منفعت کے لیے ہو یا دفعِ مضرت کے لیے۔ ارشاد الہی ہے: رَبَّنَا إِنَّنَا آَمَنَّا فَاغْفِرْ لَنَا ذُنُوبَنَا وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ. ”اے ہمارے رب! ہم ایمان لا چکے اس لیے ہمارے گناہ معاف فرما اور ہمیں آگ کے عذاب سے بچا“۔ (سورۃ آل عمران:16)

دعا کی یہ دونوں قسمیں عبادت کا لب لباب اور اس کا خلاصہ ہیں، اور دعا ایسی عبادت ہے جس کی ادائگی بلکل آسان اور سہل ہے جبکہ اس کا مقام ومرتبہ بہت ہی بلند اور اس کے آثار ونتائج عظیم ترین ہیں، اور یہ دعا اللہ تعالیٰ کی اجازت سے دفعِ مکروہ اور حصولِ مطلوب کے لیے قوی ترین اسباب میں سے ہے۔