Skip to content

موت کے بعد دوبارہ زندہ کرکے اٹھائے جانے کا اثبات کیسے ممکن ہے؟

محاور التعريف بالإسلام
اليوم الآخر والمصيرالبعث بعد الموت
مصدر الإجابة
قسم البعث | كتاب: الإسلام دين رب العالمين، ص 16-17.
الباب / الفصل
(قسم البعث)

السؤال

موت کے بعد دوبارہ زندہ کرکے اٹھائے جانے کا اثبات کیسے ممکن ہے؟

الجواب

بعث کا انکار کرنے والے پر تعجب ہے، کیونکہ یہ ایک ایسا امر ہے، جس کا حکمت تقاضا کرتی ہے، تمام الہی رسالتیں اس پر ایمان رکھتی ہیں اور بالعموم کوئی ایسا دین نہیں پایا جاتا جو کسی نہ کسی صورت یا شکل میں بعث پر عقیدہ نہ رکھتا ہو۔ اب سوال کا جواب ملاحظہ ہو :

اولاً: مخلوق کو دوبارہ زندہ کرنا عدل و حکمت کا تقاضا ہے۔ اگر ہم فرض کر لیں کہ انسان کو دوبارہ زندہ نہیں کیا جائے گا، تو ایسی صورت میں اس روئے زمین پر اس کا وجود لایعنی بن کر رہ جائے گا۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

"کیا تم یہ گمان کیے ہوئے ہو کہ ہم نے تمہیں یوں ہی بیکار پیدا کیا ہے اور یہ کہ تم ہماری طرف لوٹائے ہی نہ جاؤ گے؟"

[المؤمنون : 12-14]۔

اگر ہم یہ فرض کر لیں کہ مرنے کے بعد دوبارہ زندہ نہیں کیا جائے گا، تو ظالم سے مظلوم کا بدلہ کیسے لیا جائے گا؟ زمین میں فساد پھیلانے والوں کو کیسے سزا دی جائے گی جب وہ اس سے پہلے ہی طبعی موت مر جائیں کہ انصاف کا ہاتھ ان تک پہنچ کر ان سے بدلہ لے سکے؟ ان مصلحین کو کیسے جزا دی جائے گی جنہوں نے کمزوروں کے لیے عظیم خدمات انجام دیں اور دنیا میں انہیں اپنے اعمال کا کوئی انعام نہ ملا؟ لہذا ایک ایسے دن کا ہونا ضروری ہے، جس میں لوگ رب العالمین کے حضور کھڑے ہوں، تاکہ ہر ایک کو اس کے عمل کا بدلہ دیا جائے۔ فرمان الہی ہے:

"کیا ہم مسلمانوں کو مثل گناه گاروں کے کردیں گے۔"

[القلم: 35]۔

ہم اسے ایک مثال سے واضح کرتے ہیں۔ اگر کوئی سرکش انسان ایک ہزار افراد کو قتل کر دے، عورتوں کی آبرو ریزی کرے، اموال لوٹ لے، پھر وہ طبعی موت مر جائے، انصاف کے ہاتھ اس تک نہ پہنچ سکیں اور اس سے بدلہ نہ لیا جا سکے، تو وہ اپنے جرم کی سزا کیسے پائے گا؟ ان مظالم کی تلافی کیسے ہوگی؟ جو خون بہائے گئے، جن عزتوں کو پامال کیا گیا اور جو مال چھینے گئے، ان کے حق داروں کو ان کا حق کیسے دلایا جائے گا؟ اگر دوبارہ زندہ کیے جانے کا انتظام نہ ہوتا تو یہ انتہائی ظلم و زیادتی کی بات ہوتی کہ زمین میں فساد مچانے والا سرکش مجرم اپنی سزا سے بچ جائے۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ ہر مظلوم کو ظالم سے اس کا حق دلائے گا۔ فرمان الہی ہے:

"جن لوگوں نے ہماری آیتوں سے کفر کیا، انہیں ہم یقیناً آگ میں ڈال دیں گے۔ جب ان کی کھالیں پک جائیں گی، ہم ان کے سوا اور کھالیں بدل دیں گے، تاکہ وه عذاب چکھتے رہیں۔ یقیناً اللہ تعالیٰ غالب حکمت واﻻ ہے۔" [النساء: 56]

چنانچہ کافر کو آگ میں جلایا جائے گا اور جب بھی اس کی کھال جل کر پک جائے گی تو اس کے جسم پر دوسری کھال چڑھا دی جائے گی، تاکہ وہ عذاب کا مزہ چکھ سکے۔ یہاں تک کہ اس سے اس کے کیے ہوئے ہر ظلم کا بدلہ لیا جائے۔ اگر اس نے ہزار جانیں بھی قتل کی ہوں گی، تو اللہ تعالی قیامت کے دن اسے ہزار بار قتل کرے گا۔ اب آپ بتائيں کہ کیا دنیا میں ایسا ہوتا ہے؟ مجرم پر اگر قابو پا لیا جائے اور اس نے سو لوگوں کو قتل کیا ہو، تو زیادہ سے زیادہ یہی ہوتا ہے کہ اسے ایک بار قتل کر دیا جائے اور وہ مرجائے۔

ثانیاً: بعث (دوبارہ زندہ کیے جانے) کا اثبات درج ذیل دلائل سے کیا جا سکتا ہے:

بے شک جو اللہ آسمانوں اور زمین کی تخلیق پر قادر ہے، وہ لوگوں کو دوبارہ پیدا کرنے پر بھی قادر ہے۔ جس ذات نے ان عظیم افلاک کو پیدا کیا ہے، وہ لوگوں کو دوسری مرتبہ پیدا کرنے سے عاجز نہیں ہو سکتی۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

"آسمان و زمین کی پیدائش یقیناً انسان کی پیدائش سے بہت بڑا کام ہے، لیکن (یہ اور بات ہے کہ) اکثر لوگ بےعلم ہیں۔"

[غافر : 39]۔

بے شک جس اللہ تعالیٰ نے پہلے انسان حضرت آدم علیہ السلام کو مٹی سے پیدا کیا اور انہیں ایک مکمل انسان بنایا، وہ اس بات پر بھی قادر ہے کہ مٹی ہو جانے کے بعد انسان کو دوبارہ زندگی کی طرف لوٹا دے۔ ارشاد باری ہے:

"اور اس نے ہمارے لیے مثال بیان کی اور اپنی (اصل) پیدائش کو بھول گیا۔ کہنے لگا : ان گلی سڑی ہڈیوں کو کون زنده کر سکتا ہے؟ کہہ دو : ان کو وہی زنده کرے گا، جس نے ان کو پہلی بار پیدا کیا اور وہ ہر طرح کی پیدائش کو خوب جانتا ہے۔"

[یس: 78-79]۔

بے شک جو اللہ ہمیں ہر روز حقیر پانی کے ایک معمولی قطرے سے انسان کی تخلیق کا منظر دکھاتا ہے، وہ اس بات سے عاجز نہیں ہو سکتا کہ مخلوق کو ایک بار پھر پیدا کرے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

"لوگو! اگر تمہیں مرنے کے بعد جی اٹھنے میں شک ہے، تو سوچو ہم نے تمہیں مٹی سے پیدا کیا، پھر نطفہ سے، پھر خون بستہ سے، پھر گوشت کے لوتھڑے سے جو صورت دیا گیا تھا اور بے نقشہ تھا ۔ یہ ہم تم پر ﻇاہر کر دیتے ہیں اور ہم جسے چاہیں ایک ٹھہرائے ہوئے وقت تک رحم مادر میں رکھتے ہیں۔ پھر تمہیں بچپن کی حالت میں دنیا میں ﻻتے ہیں پھر تاکہ تم اپنی پوری جوانی کو پہنچو۔ تم میں سے بعض تو وه ہیں جو فوت کر لیے جاتے ہیں اور بعض بے غرض عمر کی طرف پھر سے لوٹا دیے جاتے ہیں کہ وه ایک چیز سے باخبر ہونے کے بعد پھر بے خبر ہو جائے۔ تو دیکھتا ہے کہ زمین (بنجر اور) خشک ہے پھر ہم اس پر بارشیں برساتے ہیں تو وه ابھرتی ہے اور پھولتی ہے اور ہر قسم کی رونق دار نباتات اگاتی ہے۔"

[الحج: 5]،

اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک مثال سے بات سمجھائی ہے، جس کا ہم اس زندگی میں کثرت سے مشاہدہ کرتے ہیں۔ مثال یہ ہے کہ زمین مردہ اور سخت بنجر ہوتی ہے اور اس میں زندگی کی رمق نہیں ہوتی، پھر اس پر بارش برستی ہے، تو اس میں زندگی کی لہر دوڑ جاتی ہے اور وہ سبزہ زار بن جاتی ہے۔ اس سے سمجھ میں آتا ہے جس نے اس مردہ زمین کو زندہ کیا، وہ مردوں کو بھی زندہ کر سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

"اس اللہ کی نشانیوں میں سے (یہ بھی) ہے کہ تو زمین کو دبی دبائی دیکھتا ہے، پھر جب ہم اس پر مینہ برساتے ہیں، تو وه تر و تازه ہوکر ابھرنے لگتی ہے۔ جس نے اسے زنده کیا، وہی یقینی طور پر مُردوں کو بھی زنده کرنے واﻻ ہے۔ بے شک وه ہر (ہر) چیز پر قادر ہے۔"

[فصلت: 2-4]،

اللہ تعالی نے قرآن کریم میں ہمارے سامنے ایک حیرت انگیز دلیل رکھی ہے، جو مرنے کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے پر دلالت کرتی ہے۔ دلیل یہ ہے کہ تر و تازہ اور سرسبز درخت سے گرم آگ نکلتی ہے، جیسا کہ ہم جنگلات میں لگنے والی آگ میں دیکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

"اچھا ذرا یہ بھی بتاؤ کہ جو آگ تم سلگاتے ہو۔

اس کے درخت کو تم نے پیدا کیا ہے یا ہم اس کے پیدا کرنے والے ہیں؟

ہم نے اسے نصیحت کا سبب اور مسافروں کے فائدے کی چیز بنایا ہے۔"

[الواقعۃ: 77-80]،

لہذا جو گرم آگ کو اس کی ضد یعنی سبز درخت سے نکال سکتا ہے، وہ اس بات پر بھی قادر ہے کہ مردہ سے زندہ کو نکالے۔

بلاشبہ نیند موت اور بعث (دوبارہ اٹھائے جانے) کی ایک چھوٹی تصویر ہے۔ کیا ہم نہیں دیکھتے کہ انسان اپنی بھرپور طاقت اور قوت کی حالت میں ہوتا ہے، پھر اس پر نیند طاری ہو جاتی ہے تو دوران نیند اس کی روح جسم سے نکل جاتی ہے؟ چنانچہ اسے اپنے اردگرد کا کوئی شعور نہیں رہتا۔ لاشعوری کا عالم یہ ہوتا ہے کہ جس گھر میں وہ مقیم ہے، اس میں آگ بھی لگ جائے، تو اسے خبر تک نہیں ہوتی اور کبھی کبھی تو وہ جل بھی جاتا ہے۔ لہذا جب انسان مر جائے گا، تو اسے اسی طرح دوبارہ اٹھایا جائے گا، جیسے وہ اپنی نیند سے جاگتا ہے۔ یہ ایک ایسی حسی اور مشاہداتی دلیل ہے جس کا مشاہدہ ہم میں سے ہر شخص اپنے اندر اور اپنے اردگرد کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

"اور اس کی (قدرت کی) نشانی تمہاری راتوں اور دن کی نیند بھی ہے اور اس کے فضل (یعنی روزی) کو تمہارا تلاش کرنا بھی ہے ۔ جو لوگ (کان لگا کر) سننے کے عادی ہیں ان کے لیے اس میں بہت سی نشانیاں ہیں۔"

[الروم : 27]۔

ایک اور مقام پر فرمایا ہے :

"اللہ ہی روحوں کو ان کی موت کے وقت اور جن کی موت نہیں آئی انہیں ان کی نیند کے وقت قبض کر لیتا ہے۔ پھر جن پر موت کا حکم لگ چکا ہے انہیں تو روک لیتا ہے اور دوسری (روحوں) کو ایک مقرر وقت تک کے لیے چھوڑ دیتا ہے۔ غور کرنے والوں کے لیے اس میں یقیناً بہت سی نشانیاں ہیں۔"

[الزمر: 42]۔

اللہ نے ہمارے سامنے اپنے انبیا علیہم السلام کے ہاتھوں ظاہر ہونے والے معجزات کا ذکر فرمایا ہے، جن میں مُردہ انسانوں یا جانوروں کا دوبارہ زندہ ہوکر اٹھ کھڑا ہونا بھی شامل ہے۔ خواہ وہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے ہاتھوں سے صادر ہوئے ہوں یا موسیٰ اور عیسیٰ علیہما السلام کے ہاتھوں سے۔ یہ ایک ٹھوس مادی ثبوت ہے، جسے تاریخ نے اس شخص کے لیے محفوظ رکھا ہے، جو زمانے کے واقعات سے عبرت حاصل کرنا چاہتا ہو۔

بعث (موت کے بعد اٹھائے جانے) پر ایمان لانا، ایمان بالغیب (غیبی امور پر ایمان لانے) کا حصہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بعث اور دیگر ایسے غیبی امور کے بارے میں بتایا ہے، جن پر ایمان لانے پر انسان کے دین اور دنیا کے مصالح کا انحصار ہے۔ اللہ نے ہمارے لیے بہت سے ایسے شواہد قائم کیے ہیں، جو مسلمان کو یہ کامل یقین عطا کرتے ہیں کہ یہ غیبی امور بالکل برحق ہیں۔ لہذا وہ انہیں اپنے دل سے اس طرح مان لیتا ہے گویا انہیں اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہو۔ اسی طرح غیبیات پر مشتمل وحی نے بھی متعدد ایسے حقائق اور قطعی باتیں بیان کی ہیں جن کی عقل تصدیق کرتی ہے اور انسان اپنی زندگی میں ان کی سچائی کا مشاہدہ کرتا ہے۔ چنانچہ معلوم باتوں کی سچائی، اس کے لیے مخفی باتوں کے علم کو پختہ کردیتی ہے۔

بعث پر ایمان لائے بغیر کسی بھی شخص کا اسلام اور ایمان درست نہیں ہو سکتا اور بعث کا انکار کرنے والا عظیم اللہ کے ساتھ کفر کرنے والا ہے۔ خواہ اس نے کتنے ہی خیر و بھلائی کے کام کیوں نہ کیے ہوں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

"ان کافروں نے خیال کیا ہے کہ دوباره زنده نہ کیے جائیں گے۔ آپ کہہ دیجیے کہ کیوں نہیں؟ اللہ کی قسم! تم ضرور دوباره اٹھائے جاؤ گے۔ پھر جو تم نے کیا ہے اس کی خبر دیے جاؤ گے اور اللہ پر یہ بالکل ہی آسان ہے۔"

[سورہ تغابن: 9-10]،

المصدر

قسم البعث كتاب: الإسلام دين رب العالمين، ص 16-17. قسم البعث كتاب: الإسلام دين رب العالمين، ص 16-17.

ملاحظات

--