وضو کا طریقہ کیا ہے؟
- محاور التعريف بالإسلام
- محاسن الإسلاممحاسن العبادة
- مصدر الإجابة
- قسم أركان الإسلام
- الباب / الفصل
- (قسم أركان الإسلام)
السؤال
وضو کا طریقہ کیا ہے؟
الجواب
وضو کا مکمل طریقہ ملاحظہ ہو:
- انسان طہارت اور حدَث (نا پاکی) کو رفع کرنے کی نیت کرے۔ نیت کے الفاظ زبان سے ادا نہ کرے، کیونکہ نیت کی جگہ دل ہے۔ دیگر تمام عبادات کا بھی یہی حکم ہے۔
- 'بسم اللہ' کہے۔
- پھر ہتھیلیوں کو تین تین مرتبہ دھوئے۔
- پھر تین مرتبہ کلی کرے۔ (کلی منہ میں پانی ڈال کر اسے گھمانے کو کہتے ہیں۔)
تین بار ناک میں پانی ڈال کر بائیں ہاتھ سے ناک جھاڑے۔ ناک میں پانی ڈالنے کا مطلب ناک کے اندر پانی پہنچانا ہے اور ناک صاف کرنے سے مراد اسے ناک سے باہر نکالنا ہے۔
- اپنے چہرے کو تین بار دھوئے۔ چہرے کی حد: لمبائی میں سر کے بال اگنے کی جگہ سے دونوں جبڑوں اور ٹھوڑی کے نیچے تک اور چوڑائی میں دائیں کان کی حد سے بائیں کان کی حد تک ہے۔ مرد اپنی داڑھی کے بال دھوئے، کیونکہ داڑھی کے بال چہرے کا حصہ ہیں۔ اگر داڑھی ہلکی ہو تو اس کے ظاہر اور باطن کو دھونا واجب ہے اور اگر گھنی ہو یعنی جلد کو چھپائے رکھے، تو صرف اس کے ظاہر حصے کو دھوئے اور اس کا خلال کرے۔
- پھر دونوں ہاتھوں کو کہنیوں تک تین مرتبہ دھوئے۔ ہاتھ کی حد انگلیوں کے سروں سے ناخنوں سمیت بازو کے شروع تک ہے۔ دھونے سے پہلے ہاتھ پر لگی ہوئی چیزوں جیسے آٹا، مٹی اور رنگ وغیرہ جیسی چیزوں کو دور کرنا ضروری ہے، جو جلد تک پانی پہنچنے سے روکتی ہوں۔
- پھر اس کے بعد نئے پانی سے ایک بار سر اور دونوں کانوں کا مسح کرے،
سر کے مسح کا طریقہ یہ ہے کہ اپنے بھیگے ہوئے ہاتھوں کو سر کے اگلے حصہ میں رکھ کر گدی تک لے جائے، پھر انھیں وہیں واپس لے آئے جہاں سے آغاز کیا تھا، پھر شہادت کی انگلیوں کو کان کے دونوں سوراخوں میں داخل کرے اور انگوٹھوں سے کان کے باہری حصوں کا مسح کرے۔
جہاں تک عورت کے بالوں کی بات ہے، تو وہ ان کا مسح کرے، چاہے بال لٹکے ہوئے ہوں یا بندھے ہوئے۔ مسح سر کے اگلے حصے سے لے کر گردن پر بالوں کے اگنے کی جگہ تک کرے۔ جو بال پیٹھ پر گرے ہوئے ہوں، ان کا مسح کرنا ضروری نہیں ہے۔
- پھر دونوں پیروں کو ٹخنوں سمیت تین بار دھوئے۔ ٹخنہ پنڈلی کے آخری حصے میں ابھری ہوئی ہڈیاں ہیں۔
- جسے پانی نہ ملے وہ تیمم کرے۔ تیمم سے مراد پانی نہ ملنے یا اس کے استعمال میں دشواری ہونے پر مٹی یا زمین کی سطح کی چیزوں (پتھر اور ریت وغیرہ) کا استعمال کرنا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
"پانی نہ ملے تو پاک مٹی کا قصد کرو اور اپنے منہ اور اپنے ہاتھ مل لو۔ بے شک اللہ تعالیٰ معاف کرنے واﻻ، بخشنے واﻻ ہے۔"
[النساء :1]
تیمم کا طریقہ یہ ہے کہ دونوں ہتھیلیوں کے اندرونی حصے کو ایک بار مٹی پر مارے اور چہرے اور دونوں ہتھیلیوں کے ظاہری حصے کا ایک بار مسح کرے، جیسا کہ نبی ﷺ نے عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ سے فرمایا تھا :
"تمھارے لیے بس اتنا ہی کافی تھا"۔ یہ کہتے وقت نبی ﷺ نے اپنی دونوں ہتھیلیوں کو زمین پر مارا اور ان میں پھونک ماری، پھر ان سے اپنے چہرہ اور دونوں ہتھیلیوں کا مسح کیا۔
[صحیح بخاری، حدیث نمبر : 2620، صحیح مسلم، حدیث نمبر : 1003]۔
اوپر مذکور تفصیل کی دلیل عثمان کے آزاد کردہ غلام حمران کی وہ حدیث ہے، جس میں وہ عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے بارے میں کہتے ہيں :
"انھوں نے وضو کا پانی منگوایا، پھر وضو کیا تو اپنے دونوں ہاتھوں کو تین بار دھویا، پھر کلی کی اور ناک جھاڑی، پھر اپنا چہرہ تین بار دھویا، پھر اپنا دایاں ہاتھ کہنی تک تین بار دھویا، پھر بایاں ہاتھ اسی طرح دھویا، پھر اپنے سر کا مسح کیا، پھر اپنا دایاں پاؤں ٹخنوں تک تین بار دھویا، پھر بایاں پاؤں اسی طرح دھویا، پھر فرمایا : میں نے رسول اللہ ﷺ کو اپنے اس وضو کی طرح وضو کرتے دیکھا ہے اور اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے کہا ہے: "جس نے میرے اس وضو کی طرح وضو کیا، پھر کھڑا ہوا اور دو رکعت نماز پڑھی جس میں اس نے اپنے نفس سے کوئی بات نہ کی، اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔"
[مسلم]۔
ایک اور جگہ پر فرمایا ہے :
"اے ایمان والو! جب تم نماز کے لیے اٹھو، تو اپنے منہ کو اور اپنے ہاتھوں کو کہنیوں سمیت دھو لو، اپنے سروں کا مسح کرو اور اپنے پاؤں کو ٹخنوں سمیت دھو لو، اور اگر تم جنابت کی حالت میں ہو تو غسل کرلو، ہاں اگر تم بیمار ہو یا سفر کی حالت میں ہو یا تم میں سے کوئی حاجت ضروری سے فارغ ہو کر آیا ہو، یا تم عورتوں سے ملے ہو اور تمہیں پانی نہ ملے تو تم پاک مٹی سے تیمم کرلو، اسے اپنے چہروں پر اور ہاتھوں پر مل لو۔ اللہ تعالیٰ تم پر کسی قسم کی تنگی ڈالنا نہیں چاہتا، بلکہ اس کا اراده تمہیں پاک کرنے کا اور تمہیں اپنی بھرپور نعمت دینے کا ہے، تاکہ تم شکر ادا کرتے رہو۔"
[المائدۃ: 46]۔
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد صلی اللہ عليہ وسلم، آپ کی اولاد اور تمام صحابہ کرام پر۔
المصدر
ملاحظات
--