Skip to content

اسلام کے پانچ ارکان کیا کیا ہیں؟

محاور التعريف بالإسلام
الشبهات والاعتراضات
مصدر الإجابة
قسم أركان الإسلام
الباب / الفصل
(قسم أركان الإسلام)

السؤال

اسلام کے پانچ ارکان کیا کیا ہیں؟

الجواب

دین اسلام پانچ ارکان پر قائم ہے، جنہیں نبی کریم ﷺ نے اپنے اس فرمان میں بیان فرمایا ہے:

”اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے: اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود حقیقی نہیں اور یہ کہ محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں، نماز قائم کرنا، زکوٰۃ ادا کرنا، حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا۔“

[متفق علیہ]۔

پہلا رکن: اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہيں ہے اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہيں۔ یعنی اس بات کا اعتقاد رکھنا کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں ہے، نیز اس کے معنی اور اس کے لوازمات کا علم رکھنا، جن میں طاغوت کا انکار، اللہ تعالیٰ کی شریعت کی فرماں برداری اور محبت و تعظیم کے ساتھ اللہ سبحانہ کے لیے اخلاص شامل ہیں۔ ساتھ ہی انسان یہ عقیدہ رکھے کہ اکیلا اللہ ہی رب، مالک، متصرف، خالق اور رزاق ہے اور اس کے لیے ان تمام اسمائے حسنیٰ اور صفاتِ علیا کو ثابت مانے جو اس نے خود اپنے لیے ثابت کی ہیں، یا اس کے رسول نے اس کے لیے ثابت کی ہیں، نیز یہ اعتقاد رکھے کہ صرف اللہ ہی عبادت کا مستحق ہے، کیونکہ وہی اکیلا خالق ہے اور اس میں اس کا کوئی شریک نہيں ہے، جیسا کہ اللہ سبحانہ کا فرمان ہے:

"وه آسمانوں اور زمین کا موجد ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اوﻻد کہاں ہوسکتی ہے جب کہ اس کے کوئی بیوی تو ہے نہیں! اور اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کو پیدا کیا اور وه ہر چیز کو خوب جانتا ہے۔

یہ ہے اللہ تعالیٰ تمہارا رب! اس کے سوا کوئی عبادت کے ﻻئق نہیں، ہر چیز کا پیدا کرنے واﻻ ہے، تو تم اس کی عبادت کرو اور وه ہر چیز کا کارساز ہے۔"

[سورہ انعام : 103]

اور اس بات کی گواہی دینا کہ محمد بن عبداللہ بن عبدالمطلب ہاشمی قریشی ﷺ آخری نبی اور سب سے افضل رسول ہيں، ساتھ ہی آپ کی شریعت کی پابندی کرنا اور شریعت میں وارد شدہ طریقے کے مطابق آپ کی اس طرح تعظیم کرنا کہ اس میں نہ کوتاہی ہو اور نہ غلو۔ کوتاہی یہ ہے کہ آپ کی سنت پر عمل نہ کیا جائے اور غلو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بجائے آپ کی عبادت کی جائے، جیسے آپ کی قسم کھانا، آپ کو پکارنا یا آپ کے لیے کوئی ایسا کام کرنا، جو اللہ کے علاوہ کسی اور کے لیے جائز نہيں ہے۔

جس طرح انسان یہ عقیدہ رکھتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول محمد ﷺ کو مبعوث فرمایا، آپ پر قرآن نازل کیا اور آپ کو تمام لوگوں تک دین اسلام کو پہنچانے کا حکم دیا، اسی طرح وہ یہ عقیدہ بھی رکھتا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کی محبت اور ان دونوں کی اطاعت ہر ایک پر واجب ہے اور اللہ کی محبت اس کے رسول ﷺ کی اتباع کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتی۔ اللہ سبحانہ کا ارشاد ہے:

"کہہ دیجیے کہ اگر تم اللہ تعالیٰ سے محبت رکھتے ہو تو میری تابع داری کرو۔ خود اللہ تعالیٰ تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناه معاف فرما دے گا اور اللہ تعالیٰ بڑا بخشنے واﻻ مہربان ہے۔"

[آل عمران: 3-4].

اور یہ کہ آپ ﷺ کے حکم کی تعمیل کرنا، آپ کی بتائی ہوئی باتوں کی تصدیق کرنا، آپ کی منع کی ہوئی باتوں سے اجتناب کرنا اور صرف آپ کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق اللہ کی عبادت کرنا ضروری ہے، نہ کہ لوگوں کی ایجاد کردہ بدعات کے مطابق۔

رسول کو مبعوث کرنے کی حکمت لوگوں کی رہنمائی ان کاموں کی طرف کرنا ہے، جن میں ان کے دین اور دنیا کی خیر و صلاح ہو اور جن سے ان کے رب کی رضا حاصل ہو۔

دوسرا رکن: نماز قائم کرنا۔ نماز مخصوص اقوال اور اعمال کے ذریعے اللہ تعالی کی عبادت کرنے کا نام ہے، جو تکبیر سے شروع اور سلام پر ختم ہوتے ہیں۔

دن و رات میں پانچ نمازیں ہیں۔ فجر، ظہر، عصر، مغرب اور عشا۔

نماز ہر مسلمان پر فرض ہے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

"یقیناً نماز مومنوں پر مقرره وقتوں پر فرض ہے۔"

[سورۃ النساء : 163]،

نماز کی حکمتوں کی بات کریں تو یہ بندہ اور اس کے رب کے درمیان ایک رابطہ ہے، باعثِ راحت و اطمینان ہے اور فواحش و منکرات سے روکتی ہے۔

تیسرا رکن: زکاۃ ادا کرنا۔ زکاۃ خاص مال میں ایک مخصوص طبقے کے لیے مخصوص وقت میں ایک واجب حق ہے۔ یہ اسلام کے ارکان میں سے ایک رکن اور ایک واجب صدقہ ہے جو مال دار سے لیا جاتا ہے اور فقیر کو دیا جاتا ہے۔

"آپ ان کے مالوں میں سے صدقہ لے لیجیے، جس کے ذریعہ سے آپ ان کو پاک صاف کردیں..."

[التوبۃ: 103]۔

زکوٰۃ کی حکمتوں کی بات کریں تو یہ مال کو پاک کرتی اور اس میں بڑھوتری لاتی ہے، نفس کو حرص اور بخل سے پاک کرتی ہے اور اغنیا اور فقرا کے درمیان محبت کو مضبوط کرتی ہے، جس سے کینہ ختم ہوتا ہے، امن و امان قائم ہوتا ہے اور امت خوش حال ہوتی ہے۔

چوتھا رکن: رمضان کے روزے رکھنا۔ روزہ نام ہے ہجری سال کے نویں مہینے ميں دن کے وقت روزہ توڑنے والی چیزوں، جیسے کھانے، پینے اور جماع سے رکے رہنے کا۔

"ماه رمضان وه مہینہ ہے، جس میں قرآن اتارا گیا، جو لوگوں کو ہدایت کرنے واﻻ ہے اور جس میں ہدایت کی اور حق و باطل کی تمیز کی نشانیاں ہیں۔ تم میں سے جو شخص اس مہینہ کو پائے اسے روزه رکھنا چاہئے..."

[البقرۃ : 21]

روزے کی کچھ حکمتيں ملاحظہ ہوں : روزہ اللہ عز وجل کا تقویٰ حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔

روزے دار کو اللہ تعالی کی نعمتوں کی اہمیت کا احساس دلانا۔

روزہ دار کو اپنے فقیر اور مسکین بھائیوں کی یاد دلانا۔

روزہ مسلمانوں کے احساسات کو متحد کرتا ہے۔

روزہ بدن کو صحت اور قوت عطا کرتا ہے۔

وغیرہ وغیرہ۔

پانچواں رکن: حج۔ حج صاحب استطاعت پر عمر میں ایک بار مخصوص مناسک کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ کے مقدس مقامات کی زیارت کرنے کا نام ہے۔

"اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں پر، جو اس کی طرف راه پا سکتے ہوں، اس گھر کا حج فرض کر دیا ہے۔ اور جو کوئی کفر کرے، تو اللہ تعالیٰ (اس سے بلکہ) تمام دنیا سے بے پرواه ہے۔"

حج کی حکمتیں ملاحظہ ہوں : اللہ تعالیٰ کی توحید کا اثبات، اللہ سبحانہ کے تقویٰ کا حصول، اللہ عزوجل کے ذکر کا قیام، انسانی نفس کی تہذیب اور صحیح وحدت کے مفاہیم پر امت کی تربیت کرنا وغیرہ۔

یہ ارکان اسلام کا مختصر بیان ہے۔ ویسے ہر رکن کی کچھ شرطیں، ارکان اور بہت سی تفصیلات ہیں۔

درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد صلی اللہ عليہ وسلم، آپ کی اولاد اور تمام صحابہ کرام پر۔

المصدر

قسم أركان الإسلام

ملاحظات

--