کیا انسان کے لیے زندگی کا مقصد اور غایت جانے بغیر سعادت و خوش بختی کا حصول ممکن ہے؟
- محاور التعريف بالإسلام
- الغاية من خلق الإنسان ومعنى الحياة
- مصدر الإجابة
- قسم المسلمين
- الباب / الفصل
- (قسم المسلمين)
السؤال
کیا انسان کے لیے زندگی کا مقصد اور غایت جانے بغیر سعادت و خوش بختی کا حصول ممکن ہے؟
الجواب
کوئی بھی انسان اس وقت تک حقیقی سعادت حاصل نہیں کر سکتا، جب تک وہ اللہ تعالیٰ پر ایمان نہ لائے اور اسے یہ معلوم نہ ہو کہ اللہ تعالیٰ نے اسے کیوں پیدا فرمایا ہے؟ وہ اس دنیا میں کیوں آیا ہے؟ مرنے کے بعد وہ کہاں جائے گا؟
انسان خواہ کتنی ہی نعمتوں سے لطف اندوز ہو جائے اور خوشی کے طرح طرح کے اسباب حاصل کر لے، پھر بھی کوئی نہ کوئی مشقت اس کے ساتھ لگی رہے گی ہی۔ ہو سکتا ہے کوئی سوال کرنے والا یہ پوچھے کہ آپ کو اس بات کا اتنا یقین کیوں ہے؟ تو ہم کہیں گے کہ جس اللہ نے انسانی نفس کو پیدا کیا ہے، اسی نے یہ بات بتائی ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
"اور (ہاں) جو میری یاد سے روگردانی کرے گا، اس کی زندگی تنگی میں رہے گی اور ہم اسے بروز قیامت اندھا کر کے اٹھائیں گے۔"
[سورۂ طہ : 5]۔
اللہ تعالی نے بتایا ہے کہ اگر وہ ایمان نہ لایا تو وہ اس کے لیے تنگی اور دائمی بدبختی کا راستہ آسان کر دے گا۔ اللہ تعالٰی فرماتا ہے:
"لیکن جس نے بخیلی کی اور بے پرواہی برتی۔
اور نیک بات کی تکذیب کی۔
تو ہم بھی اس کی تنگی و مشکل کے سامان میسر کر دیں گے۔
اس کا مال اسے (اوندھا) گرنے کے وقت کچھ کام نہ آئے گا۔"
[الليل: 8-11]،
یہ خبر اللہ سبحانہ کی جانب سے ہے؛ کیوں کہ وہی نفس انسانی کا خالق ہے اور وہ جانتا ہے کہ اس کے لیے کیا بہتر ہے اور کیا نقصان دہ، جیسا کہ فرمان الہی ہے:
"کیا وہی نہ جانے جس نے پیدا کیا؟ پھر وه باریک بین اور باخبر بھی ہو؟"
[سورہ ملک : 14]،
اسی نے اس کے اندر فطری طور خیر، فضیلت، ہدایت اور حق کی محبت ڈال رکھی ہے اور اس کے اندر باطل، کفر اور برائی کی نفرت ودیعت کر رکھی ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:
"پس آپ یک سو ہو کر اپنا منہ دین کی طرف متوجہ کر دیں اللہ تعالیٰ کی وه فطرت جس پر اس نے لوگوں کو پیدا کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے بنائے کو بدلنا نہیں ہے۔ یہی سیدھا دین ہے، لیکن اکثر لوگ نہیں سمجھتے۔"
[سورۃ الروم : 32]،
جو شخص اپنے وجود کے مقصد سے ناواقف ہو، وہ زندگی کی لذت، رضا و طمانیت کی لذت اور اپنے کیے گئے ان نیک اعمال کی تکمیل کی لذت سے محروم ہوجاتا ہے، جن کے متعلق اسے کامل یقین ہوتا ہے کہ وہ ان کا ثمرہ اگر دنیا میں نہیں تو آخرت میں ضرور پائے گا۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
"اللہ ارشاد فرمائے گا کہ یہ وه دن ہے کہ جو لوگ سچے تھے، ان کا سچا ہونا ان کے کام آئے گا۔ ان کو باغ ملیں گے، جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی، جن میں وه ہمیشہ ہمیشہ کو رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ ان سے راضی اور خوش اور یہ اللہ سے راضی اور خوش ہیں، یہ بڑی کامیابی ہے۔"
[سورہ مائدہ : 44]۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے :
’’جو شخص نیک عمل کرے، مرد ہو یا عورت، لیکن باایمان ہو تو ہم اسے یقیناً نہایت بہتر زندگی عطا فرمائیں گے ۔ اور ان کے نیک اعمال کا بہتر بدلہ بھی انھیں ضرور ضرور دیں گے۔‘‘
[سورہ نحل : 97]،
چنانچہ اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے والے کے سوا کوئی بھی حقیقی سعادت، ایمان کی حلاوت اور ایسے دن کے لیے نیک عمل ذخیرہ کرنے کی لذت سے واقف نہيں ہوتا، جس میں نہ مال کام آئے گا اور نہ اولاد۔
کوئی کہنے والا یہ کہہ سکتا ہے کہ ہم ایسے لوگوں کو انتہائی خوش حال پاتے ہیں جو اللہ تعالیٰ پر ایمان نہیں رکھتے، تو ہم کہتے ہیں: ہاں، ایسا غافل شخص موجود ہے، جو حقیقت کو نہیں جانتا اور وہ ان لوگوں میں شامل ہے جن کے بارے میں اللہ تعالی نے بتایا ہے :
"آپ انہیں کھاتا، نفع اٹھاتا اور (جھوٹی) امیدوں میں مشغول ہوتا چھوڑ دیجیے۔ عن قریب یہ خود جان لیں گے۔"
[الحجر: 3]،
ایک اور جگہ پر فرمایا ہے :
"تجھے کافروں کا شہروں میں چلنا پھرنا فریب میں نہ ڈال دے۔
یہ تو بہت ہی تھوڑا فائده ہے۔ اس کے بعد ان کا ٹھکانہ تو جہنم ہے اور وه بری جگہ ہے۔"
[سورة آل عمران : 81]۔
بلاشبہ یہ غافل، لہو و لعب میں مبتلا اور جہالت میں سرگرداں شخص ایسی لذت سے لطف اندوز ہو رہا ہے کہ اگر وہ جان لے کہ موت کے وقت اور موت کے بعد کیا کچھ اس کا منتظر ہے؛ تو وہ کسی نعمت کا مزہ نہ لے سکے، لیکن یہ حالت اس پر صرف اس کی موت کے وقت ہی منکشف ہوگی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’کاش کہ تو دیکھتا جب کہ فرشتے کافروں کی روح قبض کرتے ہیں ان کے منھ پر اور سرینوں پر مار مارتے ہیں (اور کہتے ہیں) تم جلنے کا عذاب چکھو۔‘‘
[سورہ انفال : 50]۔
جب اس پر حقیقت منکشف ہو جائے گی –جسے ہر مسلمان جانتا ہے اور اس پر یقین رکھتا ہے– تو وہ یہ کہے گا جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے اس کے حوالے سے اپنے اس فرمان میں بتایا ہے :
"یہاں تک کہ جب ان میں کسی کو موت آنے لگتی ہے، تو کہتا ہے : اے میرے پروردگار! مجھے واپس لوٹا دے۔
کہ اپنی چھوڑی ہوئی دنیا میں جا کر نیک اعمال کر لوں۔ ہرگز ایسا نہیں ہوگا۔ یہ تو صرف ایک قول ہے جس کا یہ قائل ہے۔ ان کے پس پشت تو ایک حجاب ہے، ان کے دوباره جی اٹھنے کے دن تک۔
پس جب صور پھونک دیا جائے گا، اس دن نہ تو آپس کے رشتے دار ہی رہیں گے، نہ آپس کی پوچھ گچھ۔
جن کی ترازو کا پلہ بھاری ہوگیا، وه تو نجات والے ہوگئے۔
اور جن کے ترازو کا پلہ ہلکا ہوگیا، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنا نقصان آپ کر لیا، جو ہمیشہ کے لیے جہنم واصل ہوئے۔"
[المؤمنون: 99-103]۔
لہذا ہمیں اس بات کا پختہ یقین ہے کہ جو شخص مقصدِ حیات سے بے خبر ہو، وہ چاہے کتنی ہی محنت اور کوشش کر لے، ہرگز حقیقی سعادت حاصل نہیں کر سکتا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں بدبخت نہ بنائے اور اپنی خاص رحمت سے نوازے۔
المصدر
ملاحظات
--