ارادے کی آزادی بمقابلہ جبر کے تصور پر اسلام کا کیا موقف ہے؟
- محاور التعريف بالإسلام
- الشبهات والاعتراضاتشبهات حول القضاء والقدر
- مصدر الإجابة
- قسم الإسلام
- الباب / الفصل
- (قسم الإسلام)
السؤال
ارادے کی آزادی بمقابلہ جبر کے تصور پر اسلام کا کیا موقف ہے؟
الجواب
تمام تعریفیں اللہ کی ہیں۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کرنے سے پہلے ہر شے کی تقدیر لکھ دی، رسول بھیجے، کتابیں نازل کیں، بندوں کی فطرت میں خیر کی محبت اور شر کی نفرت رکھ دی، خیر و شر کی معرفت کے لیے مخلوق کی رہنمائی فرمائی اور انہیں ان دونوں کے درمیان تمیز کرنے کی صلاحیت عطا فرمائی۔ اللہ تعالی فرماتا ہے:
ہم نے دکھا دیے اس کو دونوں راستے۔‘‘
[البلد : 8-10]۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے :
"ہم نے اسے راه دکھا دی۔ اب خواه وه شکر گزار بنے خواه ناشکرا۔"
[الإنسان: 3]
اور جب فرعون نے موسیٰ علیہ السلام سے پوچھا: تم دونوں کا رب کون ہے؟ تو انہوں نے کہا، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے حوالے سے بتایا ہے:
’’جواب دیا کہ ہمارا رب وه ہے جس نے ہر ایک کو اس کی خاص صورت، شکل عنایت فرمائی پھر راه سجھا دی۔‘‘
[طہ : 50]۔
اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو پیدا کیا اور اس کی رہ نمائی ان باتوں کی طرف فرمادی، جن میں اس کی بھلائی ہے۔ یہ بات ہر انسان خود اپنے اندر محسوس کرتا ہے۔ بلکہ بے زبان جانور کی بھی اللہ نے ایسی رہ نمائی فرما دی کہ اس کے معاملات درست رہيں، اس کی جنس کی حفاظت ہو اور اس کی افزائش نسل کا تسلسل یقینی رہے۔
اللہ تعالی نے مخلوق پر حجت قائم کر دی، سعادت مندوں کے لیے آسانی کی راہ آسان کر دی اور انہیں دشواری سے بچا لیا، جب کہ بدبختوں کے لیے دشواری کی راہ آسان کر دی۔ فرمانِ الٰہی ہے:
"قسم ہے رات کی جب اسے ڈھانپ لے۔
قسم ہے آسمان کی اور اس کے بنانے کی۔
قسم ہے زمین کی اور اسے ہموار کرنے کی۔
قسم ہے نفس کی اور اسے درست بنانے کی۔
پھر سمجھ عطا کی اس کو بدکاری کی اور بچ کر چلنے کی۔
جس نے اسے پاک کیا، وه کامیاب ہوا۔
اور جس نے اسے خاک میں ملا دیا، وه ناکام ہوا۔"
[الشمس: 10-4]۔
ایک صحابی نے رسول اللہ ﷺ سے پہلے سے متعین تقدیر کے بارے میں انسان کے موقف کے حوالے سے سوال کیا کہ کیا ہم اسی پر بھروسہ کر لیں اور عمل کرنا چھوڑ دیں یا پھر عمل کرنا جاری رکھیں؟ تو اس کا جواب علی رضی اللہ عنہ سے مروی اس حدیث میں دیا گیا ہے، وہ کہتے ہيں :
ہم بقیع غرقد میں ایک جنازہ میں تھے۔ رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس تشریف لائے اور بیٹھ گئے۔ ہم بھی آپ کے گرد بیٹھ گئے۔ آپ ﷺ کے پاس ایک چھڑی تھی۔ آپ ﷺ نے سر جھکایا اور اسی چھڑی سے زمین کریدنے لگے، پھر فرمایا: ”تم میں سے کوئی ایسا نہیں، کوئی جان ایسی نہیں مگر یہ کہ اللہ نے جنت اور دوزخ میں اس کا ٹھکانا لکھ دیا ہے، اور یہ بھی لکھ دیا گیا ہے کہ وہ نیک بخت ہوگی یا بدبخت۔“ تو ایک آدمی نے کہا: اے اللہ کے رسول! پھر کیوں نہ ہم اپنے لکھے ہوئے پر بھروسہ کر لیں اور عمل چھوڑ دیں؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”جو نیک بختوں میں سے ہوگا وہ نیک بختوں کے عمل کی طرف جائے گا، اور جو بد بختوں میں سے ہوگا وہ بد بختوں والے عمل کی طرف جائے گا۔“ پھر فرمایا: ”عمل کرو، اس لیے کہ ہر شخص کے لئے (اس کا عمل) آسان کر دیا گیا ہے، رہی بات نیک بختوں کی تو ان کے لئے نیک بختوں کا عمل آسان کردیا جائے گا، اور رہی بات بد بختوں کی تو ان کے لئے بد بختوں کا عمل آسان کردیا جائے گا۔“ پھر آپ ﷺ نے یہ آیتیں پڑھیں: {رہی بات اس کی جس نے دیا اور تقوی اختیار کیا، اور بہترین بات کو سچ مانا، تو ہم اس کے لئے آسانی مہیا کر دیں گے۔ اور رہی بات اس کی جس نے بخل کیا اور بے پرواہی برتی، اور بہترین بات کو جھٹلایا، تو ہم اس کے لئے سختی (تنگی) مہیا کر دیں گے۔}
[صحیح مسلم، حدیث نمبر : 170]۔
لہذا اللہ سبحانہ و تعالیٰ اس بات سے بے نیاز ہے کہ وہ کسی پر جبر کرے؛ کیونکہ نہ عبادتیں اسے کوئی نفع پہنچا سکتی ہیں اور نہ نافرمانیاں اس کا کچھ نقصان کر سکتی ہیں۔ اللہ نے مخلوقات کو پیدا کیا اور ان کے لیے آسانیاں فراہم کیں۔ وہ جبر سے بے نیاز ہے۔
اللہ سبحانہ و تعالیٰ کو مخلوقات کو پیدا کرنے سے پہلے ہی سے ان کے اعمال کا علم تھا اور اس نے اپنے اس علم کو لوح محفوظ میں لکھ لیا۔ کوئی بھی چیز اس کی مشیئت کے بغیر واقع نہیں ہوتی۔ جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ اللہ کی تخلیق، اس کے ارادے اور اس کی تدبیر سے ہوتا ہے اور اس میں اس کی کامل حکمت پنہاں ہوتی ہے۔ لیکن انسان کے پاس بھی مشیئت اور ارادہ ہے، جو اللہ کی مشیئت کے تابع ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
"اور تم پروردگار عالم کے چاہے بنا کچھ نہیں چاه سکتے۔"
[التکویر: 29]،
اس سے انہی کاموں کا حساب لیا جائے گا، جنہیں اس نے اپنے ارادے اور اختیار سے انجام دیا۔
ہر انسان ان افعال، جن کو وہ اپنے ارادے اور اختیار سے کرتا ہے اور ان افعال، جو اس پر اس کی مرضی کے بغیر وارد ہو جاتے ہیں، جیسے بیمار ہوجانا اور گر جانا وغیرہ، کے درمیان فرق سے خوب اچھی طرح واقف ہے۔ چنانچہ انسان جو چاہتا ہے اسے اختیار کرتا ہے اور جسے نہیں چاہتا اس سے اپنے اختیار سے انحراف کرتا ہے۔
لہٰذا انسان اپنے ارادے اور اختیار سے تصرف کرتا ہے اور اسی پر قیامت کے دن اس کی جواب دہی اور حساب ہے۔ البتہ انسان کو جب تقدیر میں لکھے ایسے امور کا سامنا ہو، جن سے بچنے کی طاقت اس کے اندر نہ ہو، جیسے بیمار ہو جانا یا کسی واجب کی ادائیگی سے عاجز ہونا وغیرہ؛ تو قیامت کے دن اس طرح کے امور پر کوئی مؤاخذہ نہیں ہوگا۔ درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ و سلم پر۔
المصدر
ملاحظات
--