Skip to content

اسلام میں رواداری کی کیا کیا صورتیں ہیں؟

محاور التعريف بالإسلام
الشبهات والاعتراضات
مصدر الإجابة
قسم الإسلام
الباب / الفصل
(قسم الإسلام)

السؤال

اسلام میں رواداری کی کیا کیا صورتیں ہیں؟

الجواب

اللہ کا شکر ہے کہ اسلام میں رواداری کے اعلی ترین اور کامل ترین نمونے پیش کیے گئے ہيں۔ شریعت میں اس کا ہم معنی لفظ "یسر" (آسانی/نرمی) ہے۔ اسلام کے بہت سے شعبوں میں آسانی کا خیال رکھا ہے۔ کچھ شعبے یہاں ملاحظہ ہوں :

شریعت اسلامیہ میں اللہ تعالیٰ نے عبادات کو آسان بنایا ہے۔ چنانچہ یہ سابقہ شریعتوں کی طرح بوجھ اور طوق والی شریعت نہیں ہے۔ فرمان باری تعالی ہے:

"جو لوگ ایسے رسول نبی امی کا اتباع کرتے ہیں جن کو وه لوگ اپنے پاس تورات و انجیل میں لکھا ہوا پاتے ہیں۔ وه ان کو نیک باتوں کا حکم فرماتے ہیں اور بری باتوں سے منع کرتے ہیں اور پاکیزه چیزوں کو حلال بتاتے ہیں اور گندی چیزوں کو ان پر حرام فرماتے ہیں اور ان لوگوں پر جو بوجھ اور طوق تھے ان کو دور کرتے ہیں۔"

[سورہ اعراف : 158]۔

مثال کے طور پر سابقہ شریعتوں میں نمازی صرف عبادت گاہ میں ہی نماز ادا کر سکتا تھا، جب کہ اسلام میں مسلمان کے لیے کسی بھی جگہ نماز پڑھنا جائز ہے، جہاں نماز کا وقت آ جائے۔ خواہ وہ فضا میں ہو، سمندر میں ہو یا خشکی پر۔ اسی طرح سابقہ شریعتوں میں حدث کو صرف پانی ہی سے دور کیا جا سکتا تھا، اللہ تعالیٰ نے اسلام میں تیمم کی اجازت دی ہے، جو کہ ایک رحمت ہے۔ اسی طرح سفر اور بیماری کی حالت میں قصر اور روزہ چھوڑنے کی رخصت دی گئی ہے۔

اسلام کی آسانی اور رواداری کا ایک پہلو یہ ہے کہ اللہ تعالی نے گنہگار کے لیے توبہ کو مشروع فرمایا ہے۔ بنی اسرائیل کی توبہ یہ تھی کہ وہ ایک دوسرے کو قتل کریں، تاکہ اللہ ان کی توبہ قبول فرمائے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

"اور جب موسیٰ (علیہ السلام) نے اپنی قوم سے کہا : اے میری قوم! بے شک تم نے بچھڑے کو (معبود) بنا کر اپنی جانوں پر ظلم کیا ہے، سو تم اپنے پیدا کرنے والے کی طرف توبہ کرو، اور اپنے آپ کو قتل کر دو، یہ تمہارے لیے تمہارے پیدا کرنے والے کے نزدیک بہتر ہے۔ پھر اس نے تمہاری توبہ قبول کر لی۔ بے شک وہ بڑا توبہ قبول کرنے والا، نہایت رحم والا ہے۔

[سورۃ البقرۃ : 129]۔

لیکن اسلام میں انسان جب توبہ کرتا ہے تو اللہ تعالی اس کی توبہ قبول فرماتا ہے اور اس کی برائیوں کو نیکیوں میں بدل دیتا ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

"اور وہ جو اللہ کے ساتھ کسی دوسرے معبود کو نہیں پکارتے اور اس جان کو جسے اللہ نے حرام ٹھہرایا ہے ناحق قتل نہیں کرتے اور نہ زنا کرتے ہیں، اور جو یہ کام کرے گا وہ گناہ کا مرتکب ہوگا۔

اسے قیامت کے دن دوہرا عذاب دیا جائے گا اور وه ذلت و خواری کے ساتھ ہمیشہ اسی میں رہے گا۔

سوائے ان لوگوں کے جو توبہ کریں اور ایمان ﻻئیں اور نیک کام کریں۔ ایسے لوگوں کے گناہوں کو اللہ تعالیٰ نیکیوں سے بدل دیتا ہے۔ اللہ بخشنے واﻻ مہربانی کرنے واﻻ ہے۔

اور جو شخص توبہ کرے اور نیک عمل کرے وه تو (حقیقتاً) اللہ تعالیٰ کی طرف سچا رجوع کرتا ہے۔"

[الفرقان: 68-71]۔

آسانی کا ایک پہلو وہ بھی ہے، جس کا ذکر نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے اس قول میں ہوا ہے :

"جس نے اسلام میں (داخل ہونے کے بعد) اچھا کام کیا، اس کا جاہلیت میں کیے گئے اعمال کے بارے میں مؤاخذہ نہیں ہوگا اور جس نے اسلام میں (داخل ہونے کے بعد) برا کام کیا، اس سے پہلے اور بعد والے دونوں گناہوں کے متعلق باز پرس ہوگی۔"

[صحیح بخاری، حدیث نمبر : 2620، صحیح مسلم، حدیث نمبر : 1003]۔

اس حدیث میں برا کام کرنے سے مراد مرتد ہونا ہے، نہ کہ دوبارہ گناہ کرنا۔ لہذا اگر اسلام سے مرتد ہو جائے تو اس سے پہلے اور بعد کے دونوں گناہوں کی بازپرس ہوگی۔ لیکن اگر مرتد نہ ہو اور دوبارہ کسی گناہ کا ارتکاب کر بیٹھے؛ تو ان ہی گناہوں کی بازپرس ہوگی جو اسلام میں داخل ہونے کے بعد دوبارہ کیے تھے۔ اس سے پہلے کیے ہوئے گناہوں کی نہیں۔ کیونکہ رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے:

"کیا تمھیں معلوم نہیں کہ اسلام پہلے کے تمام گناہ کو منہدم کر دیتا ہے؟"

[مسلم]۔

اسلام کی آسانی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ یہ ایک آسان دین ہے۔ اس میں نہ کوئی طوق ہے، نہ بوجھ۔ اسی لیے آپ ﷺ نے فرمایا ہے:

"بے شک دین آسان ہے۔ جو شخص دین میں سختی اختیار کرے گا، دین اس پر غالب آ جائے گا۔ چنانچہ اپنے عمل میں راستگی اختیار کرو اور جہاں تک ممکن ہو میانہ روی برتو، خوش ہو جاؤ اور صبح و شام اور کسی قدر رات میں (عبادت سے) مدد حاصل کرو۔"

[صحیح بخاری، حدیث نمبر : 3445]۔

جب اللہ کے نبی ﷺ نے معاذ اور ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہما کو یمن کی طرف بھیجا، تو ان دونوں سے فرمایا:

"آسانی پیدا کرنا، مشکل میں نہ ڈالنا، خوش خبری دینا، متنفر نہ کرنا اور آپس میں اتفاق رکھنا، اختلاف نہ کرنا۔"

[صحیح بخاری، حدیث نمبر : 2476، اور صحیح مسلم، حدیث نمبر : 155]۔

یہ اسلام کی آسانی اور رواداری ہے کہ اس نے اولاد کو والدین کے ساتھ حسن سلوک کی وصیت کی ہے، خواہ وہ کافر ہی کیوں نہ ہوں اور خواہ وہ اسے اسلام سے پھیرنے کی کوشش ہی کیوں نہ کر رہے ہوں۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

"اور اگر وه دونوں تجھ پر اس بات کا دباؤ ڈالیں کہ تو میرے ساتھ شریک کرے جس کا تجھے علم نہ ہو، تو تو ان کا کہنا نہ ماننا۔ ہاں، دنیا میں ان کے ساتھ اچھی طرح بسر کرنا اور اس کی راه چلنا جو میری طرف جھکا ہوا ہو۔ تمہارا سب کا لوٹنا میری ہی طرف ہے۔ تم جو کچھ کرتے ہو اس سے پھر میں تمہیں خبردار کروں گا۔"

[لقمان: 15]،

جب اسما بنت ابو بکر رضی اللہ عنہما کی والدہ ان سے ملنے آئیں تو انہوں نے ان کے ساتھ صلہ رحمی کرنے کے بارے میں رسول اللہ ﷺ سے اجازت طلب کی۔ وہ کہتی ہیں: قریش سے رسول اللہ ﷺ کے معاہدہ کی مدت کے دوران میری ماں جو کہ مشرکہ تھیں، اپنے باپ کے ساتھ میرے پاس آئیں۔ چنانچہ اسما رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ ﷺ سے مسئلہ دریافت کرتے ہوئے پوچھا: اے اللہ کے رسول! میری والدہ میرے پاس آئی ہیں اور مجھ سے حسن سلوک کی خواہش مند ہیں۔ کیا میں ان سے صلہ رحمی کروں؟ آپ ﷺ نے فرمایا:

"ہاں! تم اس کے ساتھ صلہ رحمی کرو۔"

صحیح بخاری، حدیث نمبر : 3، اور صحیح مسلم، حدیث نمبر : 252۔

اسی طرح شوہر کو یہ تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنی یہودی اور نصرانی بیوی کے ساتھ اچھا برتاؤ کرے اور اس کے دین کی بنا پر اسے تنگ نہ کرے، نہ طعنہ دے اور نہ ہی اسے حقیر جانے۔

یہ اسلام کی آسانی اور رواداری ہے کہ اس نے مسلمان کو ان غیر مسلموں کے ساتھ حسنِ تعاون کی تاکید کی ہے جنہوں نے دین کے معاملے میں جنگ نہ کی ہو۔ اسلام نے ان کے ساتھ عدل و انصاف برقرار رکھنے کو مسلمانوں پر واجب کیا ہے اور انھیں ان کے ساتھ احسان کا معاملہ کرنے کی ترغیب دی ہے۔ اللہ تعالی فرماتا ہے:

’’جن لوگوں نے تم سے دین کے بارے میں لڑائی نہیں لڑی اور تمہیں جلاوطن نہیں کیا، ان کے ساتھ سلوک و احسان کرنے اور منصفانہ بھلے برتاؤ کرنے سے اللہ تعالیٰ تمہیں نہیں روکتا، بلکہ اللہ تعالیٰ تو انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔‘‘

[الممتحنۃ: 8]۔

درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔

المصدر

قسم الإسلام

ملاحظات

--