Skip to content

کیا اسلام طبقاتی نظام کے تصور کی تائید کرتا ہے؟

محاور التعريف بالإسلام
الشبهات والاعتراضات
مصدر الإجابة
قسم الإسلام
الباب / الفصل
(قسم الإسلام)

السؤال

کیا اسلام طبقاتی نظام کے تصور کی تائید کرتا ہے؟

الجواب

تمام تعریفیں صرف اللہ کی ہیں۔ طبقاتی نظام سے مراد لوگوں کو مال، نسل یا عہدے کی بنیاد پر ایسے طبقات میں تقسیم کرنا ہے کہ انسان کے لیے اپنا طبقہ تبدیل کرنا ممکن نہ رہے۔ اسلام طبقاتی نظام کو جاہلیت کے آثار میں سے ایک اثر قرار دیتا ہے۔

اسلام مسلمانوں کے درمیان طبقاتی تفریق کے وجود کو روکتا ہے؛ کیوں کہ اللہ تعالی نے لوگوں کو ایک مرد اور عورت سے پیدا کیا ہے، تاکہ ہم ایک دوسرے کو پہچانیں، نہ کہ اس لیے کہ ہم میں سے بعض، بعض پر زیادتی کریں۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

"اے لوگو! ہم نے تم سب کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا ہے اور اس لیے کہ تم آپس میں ایک دوسرے کو پہچانو کنبے اور قبیلے بنا دیے ہیں۔ اللہ کے نزدیک تم سب میں باعزت شخص وه ہے، جو سب سے زیاده ڈرنے واﻻ ہے۔ یقین مانو کہ اللہ دانا اور باخبر ہے۔"

[الحجرات: 13]۔

جب کہ رسول ﷺ نے واضح فرما دیا ہے کہ حسب ونسب بذات خود انسان کو آگے نہیں بڑھاتا، بلکہ اسے اس کے اعمال اور وہ خیر کے کام آگے بڑھاتے ہیں، جو اس نے لوگوں کی فلاح کے لیے انجام دیے ہوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا ہے :

"جس کے عمل نے اسے پیچھے کر دیا، اس کا نسب اسے آگے نہیں بڑھا سکتا۔"

[صحیح مسلم، حدیث نمبر : 170]۔

جہاں تک مال و دولت، بلند مرتبہ اور دیگر چیزوں کی وجہ سے مخلوق کے مابین تفاوت کا تعلق ہے، تو یہ بذاتِ خود نہ تو قابلِ تعریف ہے اور نہ ہی قابلِ مذمت۔ یہ اسی وقت قابلِ تعریف قرار پاتا ہے جب انسان اللہ کی عطا کردہ عزت، اثر و رسوخ، منصب اور مال و دولت کو اللہ کی اطاعت اور لوگوں کی خدمت کے لیے بروئے کار لائے اور یہ اس وقت قابلِ مذمت ٹھہرتا ہے جب انسان اپنے رب کی نافرمانی کرے، لوگوں پر تکبر و سرکشی کرے اور اس کی وجہ سے ان پر ظلم و زیادتی کرے۔ ورنہ متاعِ دنیا میں لوگوں کے مابین یہ تفاوت ایک تکوینی سنت ہے، جس کا ارادہ اللہ تعالیٰ نے زمین کی آباد کاری کے لیے فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

"کیا آپ کے رب کی رحمت کو یہ تقسیم کرتے ہیں؟ دنیا کی زندگی میں ان کی روزی تو ہم نے ہی ان میں تقسیم کی ہے اور ایک کو دوسرے پر درجوں میں فوقیت بھی ہم نے ہی دی ہے، تاکہ ایک دوسرے سے کام لیتے رہیں۔ اور جو کچھ یہ لوگ جمع کرتے ہیں اس سے آپ کے رب کی رحمت بہت بہتر ہے۔

اور اگر یہ اندیشہ نہ ہوتا کہ سب لوگ ایک ہی امت بن جائیں گے تو جو لوگ رحمان کا انکار کرتے ہیں ہم ان کے گھروں کی چھتیں چاندی کی بنا دیتے اور سیڑھیاں بھی جن پر وہ چڑھتے ہیں۔

اور ان کے گھروں کے دروازے اور تخت بھی جن پر وه تکیہ لگا لگا کر بیٹھتے۔

اور سونے کے بھی۔ اور یہ سب کچھ دنیا کی زندگی کا سامان ہے۔ اور آخرت تو آپ کے رب کے نزدیک (صرف) پرہیزگاروں کے لیے (ہی) ہے۔

[سورہ زخرف : 61]،

اللہ تعالی نے واضح کر دیا ہے کہ مال و متاع میں یہ تفاوت اس کی تدبیر سے ہے۔ شیخ عبد الرحمن بن ناصر السعدی رحمہ اللہ کہتے ہیں:

"اللہ تعالیٰ بتا رہا ہے کہ اس کے ہاں دنیا کی کوئی حیثیت نہیں ہے اور اگر اس کا اپنے بندوں پر لطف و کرم اور رحمت نہ ہوتی، جس پر وہ کسی چیز کو مقدم نہیں رکھتا، تو وہ کافروں پر دنیا کو بہت زیادہ کشادہ کر دیتا، اور ان کے لیے ﴿...لِبُيُوتِهِمۡ سُقُفٗا مِّن فِضَّةٖ وَمَعَارِجَ...﴾ یعنی چاندی کی سیڑھیاں بنا دیتا، ﴿...عَلَيۡهَا يَظۡهَرُونَ﴾ جن کے ذریعے وہ اپنی چھتوں پر چڑھتے۔ یعنی وہ ان کی دنیا کو طرح طرح کی آرائشوں سے سجا دیتا اور انہیں وہ سب کچھ عطا کر دیتا جس کی وہ خواہش کرتے۔ لیکن اپنے بندوں پر اس کی رحمت نے اسے ایسا کرنے سے روکے رکھا، اس اندیشے سے کہ کہیں وہ دنیا کی محبت کے سبب کفر کی طرف تیزی سے نہ لپکیں اور بکثرت گناہ نہ کر بیٹھیں۔ چنانچہ اس میں اس بات کی دلیل ہے کہ وہ بندوں کی بھلائی کی خاطر عام یا خاص طور پر انہیں بعض دنیوی امور سے باز رکھتا ہے اور یہ کہ اللہ کے ہاں دنیا کی وقعت ایک مچھر کے پر کے برابر بھی نہیں، اور یہ کہ یہ تمام مذکورہ چیزیں دنیوی زندگی کا سامان ہیں، جو کہ ناگوار، مکدر اور فانی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں آخرت ان پرہیزگاروں کے لیے بہت بہتر ہے جو اس کے احکامات کی بجا آوری اور اس کی منع کردہ چیزوں سے بچ کر اپنے رب کا تقویٰ اختیار کرتے ہیں؛ کیونکہ اس کی نعمتیں ہر لحاظ سے مکمل اور کامل ہیں اور جنت میں وہ سب کچھ موجود ہے جس کی دل خواہش کریں اور جن سے آنکھیں لذت پائیں اور جنتی اس میں ہمیشہ رہیں گے۔ پس ان دونوں گھروں کے درمیان کتنا بڑا فرق ہے۔"

تفسیر سعدی، تیسیر الکریم الرحمن (ص : 765)۔

اسلام لوگوں کی امیر اور غریب میں تقسیم کو ختم کرنے کی کوشش نہیں کرتا۔ مثلاً اس بات کی کوشش نہیں کرتا کہ سب کو امیر یا سب کو غریب بنا دے، بلکہ اس نے مال دار کے لیے غریب کے ساتھ ہمدردی کو مشروع قرار دیا ہے۔ البتہ انسانوں کے درمیان پائے جانے والے معمول کے فطری فرق کا مقابلہ کرنا اور اسے ختم کرنے کی کوشش کرنا کائناتی سنتوں کے خلاف ہے۔ اسی لیے اسلام ان کے ساتھ صحیح طرزِ عمل لے کر آیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی محمد پر درود و سلام نازل فرمائے۔

المصدر

قسم الإسلام

ملاحظات

--