Skip to content

اسلامی عقیدے کے مطابق میرا غیر مسلم خاندان آخرت میں جنت میں داخل نہیں ہوگا، کیا یہ صحیح ہے؟

مصدر الإجابة
قسم الإسلام
الباب / الفصل
(قسم الإسلام)

السؤال

اسلامی عقیدے کے مطابق میرا غیر مسلم خاندان آخرت میں جنت میں داخل نہیں ہوگا، کیا یہ صحیح ہے؟

الجواب

ہر قسم کی تعریف اللہ کی ہے۔ قاری کو معلوم ہونا چاہیے کہ دارِ آخرت میں انسان کا انجام اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ اس لیے کہ اللہ ہی آسمانوں، زمین اور ان کے درمیان موجود تمام چیزوں کا مالک ہے اور ہر حال میں تعریف اسی کی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

’’تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے سزاوار ہیں، جس کی ملکیت میں وه سب کچھ ہے، جو آسمانوں اور زمین میں ہے، آخرت میں بھی تعریف اسی کے لیے ہے۔ وه (بڑی) حکمتوں واﻻ اور سب کی خبر رکھنے والا ہے۔‘‘

[سورہ سبأ : 28]،

اسی کی فرماں روائی ہے اور ساری مخلوق اسی کی طرف لوٹائی جائے گی، خواہ وہ نیک ہوں یا بد، مومن ہوں یا کافر۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

’’وہی اللہ ہے، اس کے سوا کوئی ﻻئق عبادت نہیں۔ دنیا اور آخرت میں اسی کی تعریف ہے۔ اسی کی فرماں روائی ہے اور اسی کی طرف تم سب پھیرے جاؤ گے۔‘‘

[سورة القصص : 70]،

پوری سلطنت بس اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ وہی قیامت کے دن کا مالک ہے۔ اس کے ساتھ نہ کوئی دوسرا تصرف کرنے والا ہے، نہ اس کی اجازت کے بغیر نہ کوئی کارساز ہے اور نہ کوئی سفارش کرنے والا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:

’’وہ بدلے کے دن (یعنی قیامت کے دن) کا مالک ہے۔‘‘

[سورہ فاتحہ : 5-7]،

جب یہ معلوم ہو گیا تو ہم نے کامل یقین کے ساتھ جان لیا کہ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو اپنی ربوبیت کی فطرت پر پیدا فرمایا ہے۔ پھر، ان کے لیے رسولوں کو مبعوث کیا، کتابیں نازل کیں اور انہیں کان، آنکھیں اور دل عطا فرمائے؛ تاکہ مخلوق پر حجت قائم ہو جائے۔ اس نے لوگوں پر واضح کر دیا کہ ان کی پیدائش کا مقصد یہ ہے کہ اللہ اس کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ ٹھہرائیں۔ اس نے اپنے رسولوں علیہم السلام کو اس بات کا مکلف بنایا کہ وہ مخلوق کو اللہ کے عذاب سے ڈرائیں، انہیں برے انجام کا خوف دلائیں اور انہیں ایسی جنت کی خوش خبری سنائیں جس کی وسعت آسمانوں اور زمین کے برابر ہے۔ کوئی نبی ایسا نہیں گزرا جس نے اپنی قوم کو خوش خبری نہ سنائی ہو اور انہیں ڈرایا نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے:

’’ہم نے انہیں رسول بنایا ہے، خوش خبریاں سنانے والے اور آگاه کرنے والے تاکہ لوگوں کی کوئی حجت اور الزام رسولوں کے بھیجنے کے بعد اللہ تعالیٰ پر ره نہ جائے۔ اللہ تعالیٰ بڑا غالب اور بڑا باحکمت ہے۔‘‘

[سورۃ النساء : 163]،

اللہ عزوجل نے یہ واضح فرما دیا کہ قیامت کے دن لوگوں کا انجام ان دونوں گروہوں اور دونوں انجاموں سے باہر نہیں ہوگا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

"اسی طرح ہم نے آپ کی طرف عربی قرآن کی وحی کی ہے، تاکہ آپ مکہ والوں کو اور اس کے آس پاس کے لوگوں کو خبردار کردیں اور جمع ہونے کے دن سے، جس کے آنے میں کوئی شک نہیں، ڈرا دیں۔ ایک گروه جنت میں ہوگا اور ایک گروه جہنم میں ہوگا۔"

[سورۃ الشوری : 13]۔

ایک اور مقام پر فرمایا ہے :

"بے شک اس میں اس شخص کے لیے نشانی ہے، جو آخرت کے عذاب سے ڈرے۔ یہ وہ دن ہے، جس میں سب لوگ جمع کئے جائیں گے اور یہ وہ دن ہے، جس میں سب حاضر ہوں گے۔

اسے ہم جو ملتوی کرتے ہیں، وه صرف ایک مدت معین تک ہے۔

جس دن وه آجائے گی مجال نہ ہوگی کہ اللہ کی اجازت کے بغیر کوئی بات بھی کر لے۔ سو ان میں کوئی بدبخت ہوگا اور کوئی نیک بخت۔

لیکن جو بدبخت ہوئے وه دوزخ میں ہوں گے۔ وہاں چیخیں گے چلائیں گے۔

وه وہیں ہمیشہ رہنے والے ہیں جب تک آسمان و زمین برقرار رہیں۔ سوائے اس وقت کے جو تمہارا رب چاہے۔ یقیناً تیرا رب جو کچھ چاہے کر گزرتا ہے۔

اور جو نیک بخت ہوئے تو وہ جنت میں ہوں گے۔ اس میں ہمیشہ رہیں گے جب تک آسمان اور زمین قائم ہیں، مگر جو تمہارا رب چاہے۔ یہ ایک ایسی بخشش ہے جو کبھی ختم نہ ہوگی۔"

[سورۃ ھود : 118-119]۔

یہ ایک ایسی بات ہے کہ اس پر انبیا و رسل علیہم الصلاۃ والسلام کا اتفاق ہے اور سب سے آخری رسول محمد عربی ﷺ نے اس کی انتہائی تاکید فرمائی ہے۔ چنانچہ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کی روایت کردہ ایک حدیث میں ہے کہ آپ فرماتے ہیں :

ایک مرتبہ میں نبی ﷺ کے پیچھے سواری پر سوار تھا۔ میرے اور آپ ﷺ کے درمیان کجاوے کے پچھلے حصے کے سوا کوئی فاصلہ نہ تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے۔ پھر تھوڑی دیر تک چلنے کے بعد فرمایا: "اے معاذ!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے۔ پھر تھوڑی دیر تک چلنے کے بعد فرمایا: "اے معاذ!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے۔ اب آپ ﷺ نے فرمایا: "کیا تم جانتے ہو کہ بندوں پر اللہ کا کیا حق ہے؟" میں نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "بندوں پر اللہ کا حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ کریں۔" پھر تھوڑی دیر تک چلنے کے بعد فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "کیا تم جانتے ہو کہ اگر بندے ایسا کر لیں تو اللہ پر بندوں کا کیا حق ہے؟" میں نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "اللہ پر بندوں کا حق یہ ہے کہ وہ انہیں عذاب نہ دے۔"

[متفق علیہ، حدیث معاذ، صحیح بخاری: 5967 اور صحیح مسلم: 48]،

اور جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ فرماتے ہیں :

ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! واجب کرنے والی دو باتیں کون کون سی ہیں؟ آپ نے فرمایا: "جو اس حال میں مرے کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ ٹھہرائے تو وہ جنت میں داخل ہو گا اور جو اس حال میں مرے کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک ٹھہرائے تو وہ جہنم میں داخل ہو گا۔"

[صحیح مسلم، حدیث نمبر : 170]۔

یہ فیصلہ اور انجام مسلمانوں کا خود ساختہ نہیں ہے، بلکہ جیسا کہ آپ نے دیکھا اور جان لیا، یہ حکمِ الٰہی ہے۔ یہ فیصلہ کرنا مسلمان کا کام نہيں ہے کہ یہ لوگ جنتی ہیں اور یہ لوگ جہنمی، بلکہ دنیا اور آخرت میں فیصلہ کرنے کا اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔

جس انسان کو اللہ تعالیٰ اسلام کی ہدایت نصیب فرما دے، اس پر واجب ہے کہ وہ اپنے والدین اور رشتہ داروں کو اسلام کی دعوت دینے کی بھرپور کوشش کرے۔ کیوں کہ ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں بھی اسلام کی ہدایت نصیب فرما دے، جو کہ اللہ کا سیدھا راستہ اور انبیاے کرام علیہم السلام کی راہ ہے۔ البتہ اگر آپ کے گھر والے حالتِ کفر میں وفات پا چکے ہیں، تو ہمیں امید ہے کہ ان تک اسلام کی دعوت نہیں پہنچی ہوگی اور جو شخص اس حال میں وفات پا جائے کہ اس تک اسلام کی دعوت نہ پہنچی ہو اور نہ ہی اسے اس کا علم ہوا ہو؛ تو اللہ تعالیٰ اس پر ظلم نہیں کرے گا، بلکہ جب قیامت کا دن ہوگا اور اللہ تعالیٰ تمام مخلوق کو دوبارہ زندہ فرمائے گا؛ تو وہ ان لوگوں کو آزمائے گا اور ان کا امتحان لے گا، جن تک اسلام کی دعوت نہیں پہنچی تھی۔ چنانچہ اگر انہوں نے اسلام کو قبول کر لیا تو وہ جنت میں داخل ہو جائیں گے۔ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے:

"بے شک جنت میں مسلمان کے سوا کوئی داخل نہیں ہوگا۔"

[صحیح بخاری، حدیث نمبر : 2620، صحیح مسلم، حدیث نمبر : 1003]۔

اور اگر وہ نافرمانی اور تکبر کرے گا تو اللہ اسے اس کے تکبر، ہٹ دھرمی اور کفر کے سبب جہنم میں داخل کرے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی محمد ﷺ پر درود و سلام نازل فرمائے۔

المصدر

قسم الإسلام

ملاحظات

--