Skip to content

کیا یہ درست ہے کہ نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خود قرآن مجید لکھا ہے اور اسے انجیل (عہدِ جدید Gospel) سے نقل کیا ہے؟

مصدر الإجابة
قسم القرآن والكتب السابقة
الباب / الفصل
(قسم القرآن والكتب السابقة)

السؤال

کیا یہ درست ہے کہ نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خود قرآن مجید لکھا ہے اور اسے انجیل (عہدِ جدید Gospel) سے نقل کیا ہے؟

الجواب

اس سوال کے جواب میں ہم یہ کہتے ہیں:

اول: یہ سوال کرنے والا سائل نہ قرآن سے واقف ہے اور نہ انجیل سے، کیونکہ قرآن انجیل سے بالکل مختلف ہے۔ پھر، انجیل کوئی ایک انجیل نہیں، بلکہ متعدد اناجیل ہیں۔ کیا سائل کی مراد یہ ہے کہ رسول محمد ﷺ نے مرقُس، لوقا، متّی یا یوحنّا سے، پولس کے رسائل یا یعقوب کے رسائل سے نقل کیا ہے؟

دوم: اناجیل بہت سارے امور میں آپس میں متناقض ہیں۔ مثلا انجیلِ یوحنّا اس بات کو ثابت کرنے کے لیے آئی ہے کہ مسیح اللہ کا بیٹا ہے۔ -اللہ تعالیٰ ان کی باتوں سے پاک اور بہت بلند و برتر ہے- جبکہ دیگر تینوں اناجیل بیٹا ہونے کی صراحت نہیں کرتیں۔ نیز سولی کے مسئلے میں بھی ان کے درمیان خوفناک تناقض پایا جاتا ہے۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ رسول ﷺ نے کس انجیل سے نقل کیا ہے؟

سوم: قرآن کریم بعض ایسے مسائل کی تصحیح کرتا ہے، یہود و نصاری جن کے برخلاف عقیدہ رکھتے ہیں۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

"یقیناً یہ قرآن بنی اسرائیل کے سامنے ان اکثر چیزوں کو بیان کر رہا ہے جن میں یہ اختلاف کرتے ہیں۔"

[النمل: 76]،

ان میں ایک مسئلہ مریم علیہا السلام کو ان پے لگائے گئے الزامات سے پاک باز ثابت کرنا ہے۔ اللہ تعالی نے فرمایا ہے :

’’مسیح ابن مریم سوائے پیغمبر ہونے کے اور کچھ بھی نہیں ہیں۔ اس سے پہلے بھی بہت سے پیغمبر ہوچکے ہیں۔ ان کی والده ایک راست باز عورت تھیں۔ دونوں ماں بیٹے کھانا کھایا کرتے تھے۔ آپ دیکھیے کہ کس طرح ہم ان کے سامنے دلیلیں رکھتے ہیں، پھر غور کیجیے کہ کس طرح وه پھرے جاتے ہیں؟‘‘

[سورہ مائدہ : 44]۔

اسی طرح آخری زمانے میں حضرت مسیح علیہ السلام کے نزول کا مسئلہ۔ نصاریٰ کا عقیدہ ہے کہ وہ اللہ کے بیٹے کی حیثیت سے نازل ہوں گے تاکہ بندوں کا حساب لیں، جب کہ قرآن نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک بشر اور رسول ہیں، جو قیامت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی کے طور پر نازل ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

’’اور یقیناً عیسیٰ (علیہ السلام) قیامت کی علامت ہیں۔ لہذا تم (قیامت) کے بارے میں شک نہ کرو اور میری تابع داری کرو۔ یہی سیدھی راه ہے۔‘‘

[سورہ زخرف : 61]،

چہارم: یہ کہ قرآنِ عظیم نے مسیح علیہ السلام اور ان کی والدہ علیہا السلام کے بارے میں بعض ایسے امور کا ذکر کیا ہے جنہیں نصارى نہیں جانتے۔ اس طرح کے امور میں پیدائش کے بعد مسیح کا کلام کرنا اور آسمان سے دسترخوان کا نازل ہونا وغیرہ شامل ہيں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

"عیسیٰ ابن مریم نے دعا کی کہ اے اللہ! اے ہمارے پروردگار! ہم پر آسمان سے کھانا نازل فرما کہ وه ہمارے لیے، یعنی ہم میں جو اول ہیں اور جو بعد کے ہیں، سب کے لیے ایک خوشی کی بات ہو جائے اور تیری طرف سے ایک نشانی ہو جائے اور تو ہم کو رزق عطا فرمادے اور تو سب سے اچھا عطا کرنے والا ہے۔"

پنجم: قرآنِ عظیم انجیلوں میں موجود غلطیوں اور بے شمار تناقضات سے پاک ہے۔

ششم: اللہ کے رسول ﷺ پڑھنا لکھنا نہیں جانتے تھے اور اس کا ذکر قرآن مجید میں بھی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

"اس سے پہلے تو آپ کوئی کتاب پڑھتے نہ تھے اور نہ کسی کتاب کو اپنے ہاتھ سے لکھتے تھے کہ یہ باطل پرست لوگ شک وشبہ میں پڑتے۔"

[العنكبوت: 48]،

آپ کی امت امی تھی۔ ان کے اندر پڑھنا عام نہیں تھا۔ مکہ میں اہلِ کتاب کی کتابیں دستیاب نہیں تھیں اور اہلِ کتاب کے پاس موجود علم سے وہ واقف نہيں تھے۔

اس وضاحت کے بعد کیا کوئی انصاف پسند شخص یہ کہہ سکتا ہے کہ رسول ﷺ نے قرآن انجیل سے لکھا اور اسی سے اسے نقل کیا؟ ہمیں کامل یقین ہے کہ ایک انصاف پسند انسان جب ہمارے لکھے ہوئے اس جواب کو پڑھے گا تو وہ حتمی طور پر یہی فیصلہ کرے گا کہ سائل نہ تو قرآن عظیم کو جانتا ہے اور نہ ہی انجیل کو۔

جہاں تک انجیل میں موجود ان امور کا تعلق ہے جن میں وہ قرآن کریم کی موافقت کرتی ہے، تو وہ دراصل اس حق کی باقیات میں سے ہیں جو مسیح علیہ السلام لے کر آئے تھے۔ مثال کے طور پر بس ایک اللہ کی عبادت کی دعوت دینے کا حکم۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ جو لوگ قرآن پر اعتراضات کرتے ہیں اور نصرانیوں کو اس وہم میں مبتلا کرتے ہیں کہ رسول محمد ﷺ نے قرآن کریم کو انجیل سے نقل کیا ہے، وہ اس بات کو نظر انداز کر دیتے ہیں کہ انجیل میں صراحت کے ساتھ رسول محمد ﷺ کی آمد کا ذکر موجود ہے، اس میں آپ کی بشارت دی گئی ہے اور یہ حکم دیا گیا ہے کہ جب رسول محمد ﷺ مبعوث ہوں تو اس کے پیروکار آپ پر ایمان لائیں۔ لیکن وہ ان باتوں کا ذکر نہیں کرتے؛ بلکہ انہیں چھپانے اور ان میں تحریف کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔

المصدر

قسم القرآن والكتب السابقة

ملاحظات

--