قرآن کیا ہے؟
- محاور التعريف بالإسلام
- التعريف بالقرآن الكريم
- مصدر الإجابة
- قسم القرآن والكتب السابقة | كتاب: الإسلام دين رب العالمين، ص 15-16.
- الباب / الفصل
- (قسم القرآن والكتب السابقة)
السؤال
قرآن کیا ہے؟
الجواب
تمام تعریفات اللہ کی ہیں۔ اما بعد! بے شک اللہ تعالیٰ نے اپنے نبیوں اور رسولوں علیہم الصلوٰۃ والسلام کی واضح نشانیوں عطا کی ہيں، جو اللہ تعالیٰ کے بعد ان کی قوموں کی ہدایت کا سبب بنیں۔ دیگر انبیا علیہم الصلوٰۃ والسلام کی نشانیاں، جیسے صالح علیہ السلام کی اونٹنی، موسیٰ علیہ السلام کا عصا اور عیسیٰ علیہ السلام کے ہاتھوں کوڑھی اور گونگے کا تندرست اور مردوں کا زندہ ہونا وغیرہ، مٹ گئيں۔ باقی صرف ہمارے نبی محمد ﷺ کی نشانی رہی، جو سب سے عظیم نشانی ہے۔ یہ نشانی قرآن پاک ہے، جو تمام نبیوں کو دی گئی نشانیوں میں سب سے بڑی نشانی ہے۔ یہی جوہ ہے کہ آپ نے کہا ہے :
"انبیا میں سے کوئی نبی ایسا نہیں گزرا جسے کچھ نشانیاں (معجزات) نہ دی گئی ہوں۔ ایسی نشانیاں کہ ان کی مثل پر انسان ایمان لے آئے۔ اور مجھے جو چیز دی گئی ہے، وہ دراصل وحی ہے، جو اللہ نے میری طرف بھیجی ہے۔ اس لیے میں امید کرتا ہوں کہ قیامت کے دن ان سب سے زیادہ میرے پیروکار ہوں گے۔"
[متفق علیہ : صحیح بخاری، حدیث نمبر : 7274 اور صحیح مسلم، حدیث نمبر : 239]۔
یہ وحی جو اللہ تعالیٰ نے آپ کو عطا فرمائی ہے وہ قرآن اور سنت نبویہ ہیں۔ یہاں چوں کہ سوال قرآن کے بارے میں تھا، اس لیے ہم یہاں قرآن مجید کے بارے میں تفصیلی گفتگو کریں گے۔ لہذا ہم کہتے ہیں:
قرآن مجید کے بارے میں اسے اتارنے والے اللہ نے کہا ہے:
"اور بے شک یہ (قرآن) رب العالمین کا اتارا ہوا ہے۔
اسے امانت دار فرشتہ لے کر آیا ہے۔
آپ کے دل پر اترا ہے کہ آپ آگاه کر دینے والوں میں سے ہو جائیں.
صاف عربی زبان میں ہے۔
اگلے نبیوں کی کتابوں میں بھی اس قرآن کا تذکره ہے۔"
[الشعراء: 192-196]،
ایک اور مقام پر فرمایا ہے :
"اتاری ہوئی ہے بڑے مہربان بہت رحم والے کی طرف سے۔
ایک ایسی کتاب جس کی آیتیں کھول کھول کر بیان کی گئی ہیں۔ ایسا قرآن جو عربی زبان میں ہے۔ ان لوگوں کے لیے جو علم رکھتے ہیں۔
خوش خبری سنانے واﻻ اور ڈرانے واﻻ ہے۔ پھر بھی ان کی اکثریت نے منہ پھیر لیا اور وه سنتے ہی نہیں۔"
[فصلت: 2-4]،
"جن لوگوں نے اپنے پاس قرآن پہنچ جانے کے باوجود اس سے کفر کیا، (وه بھی ہم سے پوشیده نہیں)۔ یقینا یہ بڑی باوقعت کتاب ہے۔
جس کے پاس باطل پھٹک بھی نہیں سکتا۔ نہ اس کے آگے سے نہ اس کے پیچھے سے۔ یہ ہے نازل کرده حکمتوں والے خوبیوں والے (اللہ) کی طرف سے۔"
"بے شک یہ قرآن بہت بڑی عزت واﻻ ہے۔
جو ایک محفوظ کتاب میں درج ہے۔
جسے صرف پاک لوگ ہی چھو سکتے ہیں۔
یہ رب العالمین کی طرف سےاتارا ہوا ہے۔"
[الواقعۃ: 77-80]،
جس اللہ نے اسے نازل فرمایا ہے، اسی نے تورات اور انجیل نازل فرمائیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
"جس نے آپ پر حق کے ساتھ اس کتاب کو نازل فرمایا ہے، جو اپنے سے پہلے (اترنے والی کتابوں) کی تصدیق کرنے والی ہے۔ اسی نے اس سے پہلے تورات اور انجیل کو اتارا تھا۔
اس سے پہلے لوگوں کی ہدایت کے لیے اور اس نے فرقان نازل کیا۔ بے شک جن لوگوں نے اللہ کی آیتوں کا انکار کیا ان کے لیے سخت عذاب ہے اور اللہ زبردست انتقام لینے والا ہے۔"
[آل عمران: 3-4].
جب کہ نبی ﷺ نے اس کے بارے میں کہا ہے:
"یہ اللہ کی کتاب ہے۔ اس میں پچھلی امتوں کی خبر ہے، آنے والے حوادث کی اطلاع ہے، تمھارے درمیان ہونے والے اختلافات کا فیصلہ ہے۔ یہ فیصلہ کن کتاب ہے، یاوہ گوئی نہیں۔ جو تکبر کی وجہ سے اسے چھوڑے گا، اسے اللہ ہلاک کر دے گا اور جو اس کے سوا کسی اور چیز سے ہدایت طلب کرے گا، اسے اللہ گمراہ کر دے گا۔ یہ اللہ کی مضبوط رسی ہے، حکمت سے لبریز ذکر ہے اور سیدھا راستہ ہے۔ یہ ایسی شے ہے کہ اس کے ہوتے ہوئے خواہشاتِ نفس گمراہ نہیں کر سکتیں، زبانیں اس میں التباس کی شکار نہیں ہو سکتیں، علما اس سے سیر نہیں ہو سکتے، تکرار سے اس میں بوسیدگی نہیں آتی، اس کے عجائب ختم نہیں ہوتے اور اسے سننے کے بعد جنوں کو کہنے پر مجبور ہونا پڑا: {بے شک ہم نے ایک عجیب قرآن سنا ہے، جو راہِ راست کی طرف رہنمائی کرتا ہے...} [الجن: 2]، جس نے اس کے مطابق بات کی اس نے سچ کہا، جس نے اس پر عمل کیا اسے اجر دیا گیا، جس نے اس کے مطابق فیصلہ کیا اس نے انصاف کیا اور جس نے اس کی طرف دعوت دی اس کو صراط مستقیم کی ہدایت عطا کردی گئی۔"
[سنن ترمذی تحقیق شاکر: 2906 اور سنن دارمی: 2650]۔
ایک قریشی کافر ولید نے، قرآن سننے کے بعد اس کے بارے میں کہا تھا:
’’اللہ کی قسم! میں نے ابھی محمد (ﷺ) سے ایسا کلام سنا ہے جو نہ انسانوں کا کلام ہے اور نہ جنوں کا کلام۔ اس میں بڑی مٹھاس ہے اور اس پر بڑی رونق ہے۔ یقیناً اس کا اوپری حصہ پھل دار ہے اور اس کا نچلا حصہ سرسبز و شاداب ہے۔ بے شک یہ کلام غالب رہے گا اور اس پر کوئی چیز غالب نہیں آ سکتی۔‘‘
[مراح لبید لکشف معنی القرآن المجید: 580/2]
قرآن اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، جو جبریل علیہ السلام کے واسطے سے ہمارے نبی اُمّی محمد ﷺ پر نازل ہوا ہے۔ اس کی تلاوت عبادت ہے۔ یہ سابقہ انبیا پر نازل ہونے والی کتابوں، مثلا تورات اور انجیل کو منسوخ کرنے والی اور اس معنی میں ان کی تصدیق کرنے والی کتاب ہے کہ یہ کتابیں بنیادی طور پر توحید کی دعوت، غیب اور مرنے کے بعد دوبارہ جی اٹھنے پر ایمان اور عمومی طور پر عقائد کے اصولوں میں متفق ہیں۔ یہ ہمارے نبی ﷺ پر تئیس سال کے عرصے میں نازل ہوا، صحابۂ کرام نے اسے حفظ کیا اور حفظ و تحریر کے ذریعے اپنے بعد آنے والوں تک منتقل کر دیا۔ چنانچہ یہ سینوں میں محفوظ اور تحریری طور پر موجود ہے۔ مسلمانوں کی اس پر خاص توجہ رہی ہے اور انھوں نے اسے اس کے حروف اور قراءتوں کے ساتھ نسل در نسل نقل کیا ہے۔ اس کے تیس پارے اور ایک سو چودہ سورتیں ہیں۔
یہ ایک عظیم کتاب ہے، جو عقیدہ، احکام، آداب، انبیا کے قصوں اور گزشتہ امتوں کی خبروں پر مشتمل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس میں بتایا ہے کہ اس نے کس طرح دنیا میں مومنوں کو نجات دی اور کافروں و منافقوں کو سزا سے دوچار کیا۔ اس میں قیامت کے دن مومنوں کو حاصل ہونے والے انعام و اکرام اور کافروں و منافقوں کا انجام بیان کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جن و انس کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اس قرآن جیسی کوئی کتاب لاکر دکھائيں، خواہ ایک دوسرے کی مدد سے ہی سہی۔ لیکن اس جیسی یا اس کے بعض حصے جیسی کوئی کتاب پیش نہیں کی جا سکی۔ اب تک نہ کوئی اس میں تحریف کر سکا ہے اور نہ آگے کر سکے گا۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے بیان فرمایا ہے کہ یہ قرآن ہر روحانی و بدنی بیماری کے لیے شفا ہے اور اس میں ہر اس شخص کے لیے نصیحت کا سامان ہے جو اس سے نصیحت حاصل کرنے اور اس کی ہدایت سے رہنمائی پانے کا ارادہ رکھے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فر مایا ہے:
"اے لوگو! تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک ایسی چیز آئی ہے جو نصیحت ہے، دلوں میں موجود روگ کے لیے شفا ہے اور ایمان والوں کے لیے ہدایت و رحمت ہے۔"
[يونس: 57]۔
چونکہ ہمارے نبی محمد ﷺ کی رسالت آخری رسالت ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا؛ لہٰذا اللہ تعالیٰ نے اس رسالت کے معجزے کو قیامت تک باقی رہنے والا معجزہ بنایا، جس کا مطلب یہ ہے کہ جو شخص بھی اس سے آگاہ ہو اور اسے پڑھے، اس پر اس رسالت اور اسے لانے والے نبی، یعنی ہمارے نبی محمد ﷺ کی نبوت کی سچائی پر حجت قائم ہو جائے گی۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں اصولِ دین پر ایسے واضح دلائل و براہین اور روشن حجتیں رکھی ہیں جو عقلوں کو دنگ کر دیتی ہیں اور دلوں کو مسخر کر لیتی ہیں؛ اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی ہزاروں انسان جب اس کا یا اس کے معانی کے تراجم کا مطالعہ کرتے ہیں تو اسلام قبول کر لیتے ہیں۔ اس میں واضح مثالیں، عقلی دلیلیں اور ایسے سوالات موجود ہیں جو قرآنِ کریم انسان کے سامنے پیش کرتا ہے اور اسے انہیں قبول کرنے پر مجبور کر دیتا ہے، بشرطیکہ وہ انصاف پسند ہو، یا پھر اگر وہ منکر اور ناشکرا ہو تو اسے ضد اور تکبر پر آمادہ کر دیتا ہے۔ انہی روشن دلائل میں سے اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے:
"لوگو! اگر تمہیں مرنے کے بعد جی اٹھنے میں شک ہے، تو سوچو ہم نے تمہیں مٹی سے پیدا کیا، پھر نطفہ سے، پھر خون بستہ سے، پھر گوشت کے لوتھڑے سے جو صورت دیا گیا تھا اور بے نقشہ تھا ۔ یہ ہم تم پر ﻇاہر کر دیتے ہیں اور ہم جسے چاہیں ایک ٹھہرائے ہوئے وقت تک رحم مادر میں رکھتے ہیں۔ پھر تمہیں بچپن کی حالت میں دنیا میں ﻻتے ہیں پھر تاکہ تم اپنی پوری جوانی کو پہنچو۔ تم میں سے بعض تو وه ہیں جو فوت کر لیے جاتے ہیں اور بعض بے غرض عمر کی طرف پھر سے لوٹا دیے جاتے ہیں کہ وه ایک چیز سے باخبر ہونے کے بعد پھر بے خبر ہو جائے۔ تو دیکھتا ہے کہ زمین (بنجر اور) خشک ہے پھر ہم اس پر بارشیں برساتے ہیں تو وه ابھرتی ہے اور پھولتی ہے اور ہر قسم کی رونق دار نباتات اگاتی ہے۔"
[الحج: 5]،
ایک اور جگہ پر فرمایا ہے :
’’اگر آسمان وزمین میں سوائے اللہ تعالیٰ کے اور بھی معبود ہوتے تو یہ دونوں درہم برہم ہوجاتے، پس اللہ تعالیٰ عرش کا رب ہر اس وصف سے پاک ہے جو یہ مشرک بیان کرتے ہیں۔‘‘
[الأنبیاء : 23]۔
لاجواب کر دینے والے سوالات میں سے اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے:
"اچھا پھر یہ تو بتلاؤ کہ جو منی تم ٹپکاتے ہو۔
کیا اس کا (انسان) تم بناتے ہو یا پیدا کرنے والے ہم ہی ہیں؟
ہم ہی نے تم میں موت کو متعین کر دیا ہے اور ہم اس سے ہارے ہوئے نہیں ہیں۔
کہ تمہاری جگہ تم جیسے اور پیدا کر دیں اور تمہیں نئے سرے سے اس عالم میں پیدا کریں جس سے تم (بالکل) بےخبر ہو۔
تمہیں یقینی طور پر پہلی دفعہ کی پیدائش معلوم ہی ہے، پھر کیوں عبرت حاصل نہیں کرتے؟
اچھا پھر یہ بھی بتلاؤ کہ تم جو کچھ بوتے ہو۔
اسے تم ہی اگاتے ہو یا ہم اگانے والے ہیں۔
اگر ہم چاہیں تواسے ریزه ریزه کر ڈالیں اور تم حیرت کے ساتھ باتیں بناتے ہی ره جاؤ۔"
اللہ کے علاوہ جن کی عبادت کی جاتی ہے ان کی عبادت کے باطل ہونے پر حجت قائم کرنے کے لئے قرآن مجید نے جو مثالیں بیان کی ہیں، ان میں سے ایک مثال کا ذکر اللہ تعالیٰ کے اس فرمان میں ہے:
"لوگو! ایک مثال بیان کی جا رہی ہے۔ ذرا کان لگا کر سن لو! اللہ کے سوا جن جن کو تم پکارتے رہے ہو، وه ایک مکھی بھی تو پیدا نہیں کر سکتے۔ گو سارے کے سارے ہی جمع ہو جائیں۔ بلکہ اگر مکھی ان سے کوئی چیز لے بھاگے تو یہ تو اسے بھی اس سے چھین نہیں سکتے۔ بڑا بودا ہے طلب کرنے واﻻ اور بڑا بودا ہے وه جس سے طلب کیا جا رہا ہے۔"
یہ ایک ایسی کتاب ہے جو خطا اور اختلاف سے پاک ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
اس کتاب (کے اللہ کی کتاب ہونے) میں کوئی شک نہیں۔ (یہ) پرہیزگاروں کو راه دکھانے والی (کتاب) ہے۔"
[البقرۃ : 21]
"کیا یہ لوگ قرآن میں غور نہیں کرتے؟ اگر یہ اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کی طرف سے ہوتا تو یقیناً اس میں بہت کچھ اختلاف پاتے۔"
[النساء :1]
قرآن واضح عربی زبان میں نازل ہوا، جس نے عربوں کو اپنی فصاحت و بیان سے ششدر کر دیا۔ اس عظیم لسانی اعجاز کا اندازہ صرف وہی اہل زبان کر سکتے ہیں جن کی زبان میں یہ نازل ہوا ہے۔ قرآن آج بھی اسی زبان میں محفوظ ہے جس میں نازل ہوا تھا۔ مسلمان اس کی اسی طرح تلاوت کرتے ہیں جس طرح نبی محمد ﷺ اس کی تلاوت فرمایا کرتے تھے۔
قرآن کریم سے جڑے ہوئے بہت سے علوم ہیں، جیسے تجوید، تفسیر اور اسبابِ نزول وغیرہ۔ علما نے ان پر بے شمار مشہور و معروف کتابیں تالیف کی ہیں۔ اسی طرح معانیِ قرآن کے بہت سی زبانوں میں مستند تراجم موجود ہیں۔
لہذا ہر شخص کو، جو اپنی انسانیت کی قدر کرتا ہے اور اپنی عقل کا احترام کرتا ہے، چاہیے کہ وہ اس عظیم کتاب کو پڑھنے کی کوشش کرے، جس سے بہتر کوئی کتاب بنی نوع انسان تک نہیں پہنچی۔ اگر وہ عربی زبان نہیں جانتا تو اس کے معانی کا ترجمہ پڑھے۔ اگر کسی عقل مند کو یہ بتایا جائے کہ ایک کتاب کسی انتہائی دانا حکیم نے لکھی ہے اور اس نے اپنی ساری حکمت اس میں سمو دی ہے؛ تو دانائی یہی ہوگی کہ وہ اسے جاننے کی بھرپور کوشش کرے۔ ایسے میں یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ تمہارے سامنے ایک الٰہی کتاب موجود ہو، جو آج تک اپنی اسی زبان میں موجود ہے جس میں وہ نازل ہوئی، جو کمی بیشی سے محفوظ اور تحریف و تبدیلی سے سلامت ہے، جس میں گزرے ہوئے لوگوں کی خبریں، اگلوں اور پچھلوں کے لیے ایک لازوال شریعت اور ہر جاندار کے انجام کا بیان موجود ہے اور پھر بھی تم اسے جاننے کی کوشش نہ کرو؟ بلاشبہ انسان کا قرآن سے تجاہل برتنا اور اس کی جانب توجہ نہ دینا؛ قرآن کریم کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتا، بلکہ اعراض کرنے والا خود اپنا ہی نقصان کرتا ہے؛ کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق سے بے نیاز ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
"اور میں قرآن کی تلاوت کرتا رہوں۔ جو راه راست پر آجائے وه اپنے نفع کے لیے راه راست پر آئے گا اور جو بہک جائے تو کہہ دیجیے کہ میں تو صرف ہوشیار کرنے والوں میں سے ہوں۔"
[النمل : 88]۔
"اور ہر ایک کوشش کرنے واﻻ اپنے ہی بھلے کی کوشش کرتا ہے۔ ویسے تو اللہ تعالیٰ تمام جہان والوں سے بےنیاز ہے۔"
[العنکبوت: 6]۔
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
المصدر
ملاحظات
--