کیا مسلمان اس بات پر ایمان رکھتے ہیں کہ تمام ادیان ایک ہی انجام کی طرف لے جاتے ہیں؟
- محاور التعريف بالإسلام
- الشبهات والاعتراضات
- مصدر الإجابة
- قسم الأديان والفرق
- الباب / الفصل
- (قسم الأديان والفرق)
السؤال
کیا مسلمان اس بات پر ایمان رکھتے ہیں کہ تمام ادیان ایک ہی انجام کی طرف لے جاتے ہیں؟
الجواب
اللہ نے اپنے بندوں کو جو دین دیا ہے اور جسے لوگوں تک پہنچانے کی ذمے داری تمام نبیوں کو دی ہے، وہ دین اسلام ہے۔ لھٰذا تمام انبیا دین اسلام کے مبلغ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’اللہ نے تمھارے لیے وہی دین مقرر کردیا ہے جس کے قائم کرنے کا اس نے نوح (علیہ السلام) کو حکم دیا تھا اور جو (بذریعہ) وحی ہم نے تیری طرف بھیج دی ہے، اور جس کا تاکیدی حکم ہم نے ابراہیم اور موسیٰ اور عیسیٰ (علیہم السلام) کو دیا تھا، کہ اس دین کو قائم رکھنا اور اس میں پھوٹ نہ ڈالنا، جس چیز کی طرف آپ انھیں بلا رہے ہیں وه تو (ان) مشرکین پر گراں گزرتی ہے، اللہ جسے چاہتا ہے اپنا برگزیده بناتا ہے اور جو بھی اس کی طرف رجوع کرے وه اس کی صحیح راہنمائی کرتا ہے۔‘‘
[سورۃ الشوری : 13]۔
ایک اور مقام پر فرمایا ہے :
’’اسی کی وصیت ابراہیم اور یعقوب نے اپنی اوﻻدکو کی کہ ہمارے بچو! اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے اس دین کو پسند فرمالیا ہے۔ خبردار! تم مسلمان ہی مرنا۔‘‘
[سورۃ البقرۃ : 129]۔
’’کیا یعقوب کے انتقال کے وقت تم موجود تھے؟ جب انہوں نے اپنی اوﻻد سے کہا کہ میرے بعد تم کس کی عبادت کرو گے؟ تو سب نے جواب دیا کہ آپ کے معبود کی اور آپ کے آبا و اجداد ابرہیم ﴿علیہ السلام﴾ اور اسماعیل ﴿علیہ السلام﴾ اور اسحاق ﴿علیہ السلام﴾ کے معبود کی، جو معبود ایک ہی ہے اور ہم اسی کے فرماں بردار رہیں گے۔‘‘
’’اے مسلمانو! تم سب کہو کہ ہم اللہ پر ایمان ﻻئے اور اس پر بھی جو ہماری طرف اتارا گیا اور جو ابراہیم اسماعیل اسحاق یعقوب (علیہم السلام) اور ان کی اوﻻد پر اتارا گیا اور جو کچھ اللہ کی جانب سے موسیٰ اور عیسیٰ (علیہما السلام) اور دوسرے انبیا (علیہم السلام) دیے گئے۔ ہم ان میں سے کسی کے درمیان فرق نہیں کرتے۔ ہم اللہ کے فرماں بردار ہیں۔‘‘
جو شخص اسلام کے علاوہ کسی اور دین پر ایمان رکھتا ہے، اس کا دین باطل اور اس کا عمل مردود ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’جو شخص اسلام کے سوا اور دین تلاش کرے، اس کا دین قبول نہ کیا جائے گا اور وه آخرت میں نقصان پانے والوں میں ہوگا۔‘‘
[سورة آل عمران : 81]۔
مسلمان اس بات پر ایمان رکھتا ہے کہ دین حق بس ایک ہے، اس کے علاوہ تمام ادیان باطل ہیں اور آخرت میں نیک انجام، بہتر انجام اور بڑی کامیابی اسی کے لیے ہے جو اللہ سے مسلمان ہو کر ملے۔ جو اللہ سے اس کا انکار کرتے ہوئے اور کسی کو اس کا ساجھی بناتے ہوئے ملے گا، اس کے حق میں دنیا اور آخرت کا خسارہ ہوگا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’بے شک جو اہل کتاب کافر ہوگئے اور جنھوں نے شرک کیا، سب دوزخ کی آگ میں (جائیں گے)، جہاں وه ہمیشہ (ہمیشہ) رہیں گے۔ یہ لوگ بدترین مخلوق ہیں۔‘‘
[سورہ بینہ : 7-8]
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’کہہ دیجیے کہ میں تو خالص کر کے صرف اپنے رب ہی کی عبادت کرتا ہوں۔
تم اس کے سوا جس کی چاہو عبادت کرتے رہو۔ کہہ دیجیے کہ حقیقی زیاں کار وه ہیں جو اپنے آپ کو اور اپنے اہل کو قیامت کے دن نقصان میں ڈال دیں گے۔ یاد رکھو کہ کھلم کھلا نقصان یہی ہے۔‘‘
[سورہ زمر : 65]،
اللہ سبحانہ وتعالیٰ ہی حق ہے اور وہ سیدھے راستے پر چلنے والے کو ملے گا۔ یہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کا عدل ہی ہے کہ وہ قیامت کے دن اللہ پر ایمان رکھنے والے ان تمام مومنوں کا ٹھکانہ جنت بنائے گا جنھوں نے رسولوں علیہم الصلاۃ والسلام کی تصدیق کی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’اور جو بھی اللہ تعالیٰ کی اور رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) کی فرماں برداری کرے، وه ان لوگوں کے ساتھ ہوگا جن پر اللہ تعالیٰ نے انعام کیا ہے، جیسے نبی اور صدیق اور شہید اور نیک لوگ۔ یہ بہترین رفیق ہیں۔‘‘
[سورۃ النساء : 163]،
اللہ تعالیٰ نے کافروں کا انجام جہنم قرار دیا ہے، جو کہ نہایت برا ٹھکانہ ہے۔ فرمان باری تعالی ہے :
’’اللہ جس کی رہنمائی کرے تو وه ہدایت یافتہ ہے اور جسے وه راه سے بھٹکا دے ناممکن ہے کہ تو اس کا مددگار اس کے سوا کسی اور کو پائے۔ ایسے لوگوں کا ہم بروز قیامت اوندھے منہ حشر کریں گے، درآں حالیکہ وه اندھے، گونگے اور بہرے ہوں گے۔ ان کا ٹھکانہ جہنم ہوگا۔ جب کبھی وه بجھنے لگے گی ہم ان پر اسے اور بھڑکا دیں گے۔
یہ سب ہماری آیتوں سے کفر کرنے اور ان کے یہ کہنے کا بدلہ ہے کہ کیا جب ہم ہڈیاں اور ریزے ریزے ہوجائیں گے پھر ہم نئے طور پر پیدا کر کے اٹھا کھڑے کیے جائیں گے؟‘‘
[سورۃ الإسراء : 88]۔
’’یقیناً اللہ تعالیٰ تمام کافروں اور سب منافقوں کو جہنم میں جمع کرنے واﻻ ہے۔‘‘
اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا یہ عین انصاف ہے کہ وہ مومنین کو جنت میں جمع کرے اور کفار کو جہنم میں اکٹھا کرے۔ ہم اللہ تعالیٰ سے جہنم کے عذاب سے سلامتی مانگتے ہیں۔
المصدر
ملاحظات
--