انسان کو اللہ تعالیٰ کی عبادت کیوں کرنی چاہیے؟
- محاور التعريف بالإسلام
- الشبهات والاعتراضات
- مصدر الإجابة
- قسم ما يتعلق بغير المسلمين والشرك والعبادة
- الباب / الفصل
- (قسم ما يتعلق بغير المسلمين والشرك والعبادة)
السؤال
انسان کو اللہ تعالیٰ کی عبادت کیوں کرنی چاہیے؟
الجواب
اس سوال کا جواب بہت اہم ہے اور بہت زیادہ بسط و تفصیل کا متقاضی ہے، لیکن ہم حتی الامکان اختصار سے کام لیں گے۔ ہم اللہ کی توفیق سے عرض کرتے ہیں :
بلاشبہ مذہب کو ماننا ایک ضروری امر ہے، اس معنی میں کہ نفس اسے طلب کرتا ہے، روح اس کی طرف مائل ہوتی ہے، عقل اسے لازم قرار دیتی ہے اور بات کو تسلیم نہيں کرتی کہ انسان دین کے بغیر زندگی گزارے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ تمام قوموں کو عبادت کرتے ہوئے دیکھتے ہیں۔ لیکن ان کے عبادت کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ ان کی عبادت درست ہے، بلکہ یہ اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ عبادت کرنا ایک فطری اور ضروری امر ہے۔
بے شک اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے اچھے اچھے نام اور اعلیٰ صفات ہیں، اور وہی رب، رازق، مدبر، مالک، اور زندگی وموت دینے والا ہے۔ اسی نے ہمیں وہ ساری نعمتیں دی ہیں جنھیں ہم جانتے ہیں اور جنھیں ہم نہيں جانتے۔ جب معاملہ ایسا ہے، جب انسان عبادت کا محتاج ہے، تو اس پر واجب ہے کہ وہ اسی کی عبادت کرے جو عبادت کا مستحق ہے۔ اور عبادت کی مستحق ذات بس اللہ سبحانہ و تعالی کی ذات ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’اے لوگو! اپنے اس رب کی عبادت کرو جس نے تمھیں اور تم سے پہلے کے لوگوں کو پیدا کیا، یہی تمھارا بچاؤ ہے۔‘‘
جس نے تمہارے لئے زمین کو فرش اور آسمان کو چھت بنایا اور آسمان سے پانی اتار کر اس سے پھل پیدا کرکے تمہیں روزی دی، خبردار باوجود جاننے کے اللہ کے شریک مقرر نہ کرو۔‘‘
[سورۃ البقرۃ : 129]۔
بے شک انسان اپنے تمام امور میں رہنمائی کا محتاج ہے اور رہنمائی کرنے والا بس اللہ تعالیٰ ہی ہے۔ ایسے میں اگر وہ اس کی عبادت ہی نہیں کرتا تو اس سے رہنمائی کیسے طلب کرے گا؟ مسلمان ہر نماز میں کہتا ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’ہم صرف تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور صرف تجھ ہی سے مدد چاہتے ہیں۔
ہمیں سیدھی (اور سچی) راه دکھا۔
ان لوگوں کی راه جن پر تو نے انعام کیا ان کی نہیں جن پر غضب کیا گیا اور نہ گمراہوں کی۔‘‘
[سورہ فاتحہ : 5-7]،
اگر اللہ تعالیٰ اس کی رہ نمائی نہ کرے، تو اس کے معاملات دشوار ہو جائيں۔
یقینا انسان فطرتاً پاکیزہ اور خوشگوار زندگی کا خواہاں ہوتا ہے اور پاکیزہ زندگی صرف اہلِ ایمان کو ہی میسر آتی ہے۔ اللہ تعالی نے فرمایا :
’’جو شخص نیک عمل کرے، مرد ہو یا عورت، لیکن باایمان ہو تو ہم اسے یقیناً نہایت بہتر زندگی عطا فرمائیں گے ۔ اور ان کے نیک اعمال کا بہتر بدلہ بھی انھیں ضرور ضرور دیں گے۔‘‘
[سورہ نحل : 97]،
پاکیزہ زندگی میں انسان کو اطمینان، رضا اور سلامتی حاصل ہوتی ہے۔
بلاشبہ زندگی کی فطرت ہی کچھ ایسی ہے کہ اس میں مصائب اور آزمائشیں پیش آتی رہتی ہیں، تاہم ایمان اور اللہ تعالیٰ کی عبادت -اللہ کے حکم سے-انسان کو آزمائش کے وقت توازن بخشتی ہے؛ تاکہ مصیبت کے وقت وہ اپنا توازن نہ کھو بیٹھے۔ چنانچہ ایمان انسان کو استقامت اور صبر عطا کرتا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
’’نہ کوئی مصیبت دنیا میں آتی ہے نہ (خاص) تمہاری جانوں میں، مگر اس سے پہلے کہ ہم اس کو پیدا کریں وه ایک خاص کتاب میں لکھی ہوئی ہے، یہ (کام) اللہ تعالیٰ پر (بالکل) آسان ہے۔‘‘
[سورہ حديد : 22]،
ایک اور مقام پر فرمایا ہے :
’’کوئی مصیبت اللہ کی اجازت کے بغیر نہیں پہنچ سکتی، جو اللہ پر ایمان ﻻئے اللہ اس کے دل کو ہدایت دیتا ہے اور اللہ ہر چیز کو خوب جاننے واﻻ ہے۔‘‘
[سورہ تغابن : 11]
انسان کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ اسے دنیا اور آخرت دونوں جہانوں میں اپنے رب اور خالق کی رضا حاصل ہو جائے۔ اور رب کی رضا صرف اسی شخص کو حاصل ہوتی ہے جو اس پر ایمان لائے اور اس کے حکم کے مطابق اس کی عبادت کرے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’بے شک جو لوگ ایمان ﻻئے اور نیک عمل کیے یہ لوگ بہترین خلائق ہیں۔
ان کا بدلہ ان کے رب کے پاس ہمیشگی والی جنتیں ہیں جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں جن میں وه ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہوا اور یہ اس سے راضی ہوئے۔ یہ ہے اس کے لئے جو اپنے پروردگار سے ڈرے۔‘‘
[سورہ بینہ : 7-8]
اللہ پر ایمان اور اس کی عبادت انسان کو ایک ایسا معیار عطا کرتی ہے جس کے ذریعے وہ حق و باطل اور ہدایت و گمراہی کے درمیان تمیز کر سکے۔ انسان اپنے تمام احوال میں اس معیار کا محتاج ہے؛ تاکہ وہ کسی چیز کو اس کے استحقاق سے بڑھ کر اہمیت نہ دے، یا کسی ایسی چیز کی تعظیم نہ کرے جو تعظیم کے لائق نہیں، یا جس چیز کا حق تعظیم اور اتباع ہے، اس میں کوئی کوتاہی نہ کرے۔
ہر انسان کا ایک وقت مقرر ہے، جو آنا ہی ہے۔ ہر انسان کو موت کا سامنا کرنا ہے۔ ویسے موت بذات خود ایک ہولناک چيز ہے، لیکن اپنے رب کی عبادت کرنے والے مومن کی موت، کافر کی موت سے مختلف ہوتی ہے۔ مومن اور کافر کے ان دونوں انجاموں پر غور کیجیے، جن کا ذکر ان آیات کریمہ میں ہے :
’’اور جس دن جہنم بھی ﻻئی جائے گی اس دن انسان کو سمجھ آئے گی مگر آج اس کے سمجھنے کا فائده کہاں؟
وه کہے گا کہ کاش کہ میں نے اپنی اس زندگی کے لئے کچھ پیشگی سامان کیا ہوتا۔
پس آج اللہ کے عذاب جیسا عذاب کسی کا نہ ہوگا. اور نہ ہی اللہ کی قید جیسی قید کسی کی ہوگی۔
اے اطمینان والی روح۔
تو اپنے رب کی طرف لوٹ چل اس طرح کہ تو اس سے راضی وه تجھ سے خوش۔
پس میرے خاص بندوں میں داخل ہو جا۔
اور میری جنت میں چلی جا۔"
[سورہ فجر: 23-30]،
’’(واقعی) جن لوگوں نے کہا کہ ہمارا پروردگار اللہ ہے پھر اسی پر قائم رہے ان کے پاس فرشتے (یہ کہتے ہوئے آتے ہیں کہ تم کچھ بھی اندیشہ اور غم نہ کرو (بلکہ) اس جنت کی بشارت سن لو جس کا تم وعده دیئے گئے ہو۔‘‘
[سورہ فصلت : 30]،
’’کاش کہ تو دیکھتا جب کہ فرشتے کافروں کی روح قبض کرتے ہیں ان کے منھ پر اور سرینوں پر مار مارتے ہیں (اور کہتے ہیں) تم جلنے کا عذاب چکھو۔‘‘
[سورہ انفال : 50]۔
اللہ تعالیٰ نے بتایا ہے اور اس کی بتائی ہوئی ہر بات سچی ہے، اسی طرح اس نے وعدہ کیا ہے اور اس کا کیا ہوا ہر وعدہ برحق ہے، کہ اللہ تعالیٰ تمام لوگوں کو قبروں سے زندہ کر کے اٹھائے گا۔ اللہ تعالی نے اس کے بے شمار دلائل بھی پیش کیے ہیں، جن کا ذکر قرآن کریم میں بالتفصیل موجود ہے۔ ویسے ایک دن ہونا ہی چاہیے، جب انسان کو اس کے رب کے پاس لے جایا جائے اور ایمان والے کو ہمیشہ قائم و دائم رہنے والی جنت میں ابدی نعمتیں حاصل ہوں اور نافرمانوں کو جہنم کی آگ میں ابدی عذاب کے حوالے کر دیا جائے۔
المصدر
ملاحظات
--