Skip to content

کیا یہ بات درست ہے کہ نبی اکرم ﷺ ہی آخری نبی ورسول ہیں؟ اگر یہ بات درست ہے، تو اس کی کیا وجہ ہے؟ کیا آپ نہیں سمجھتے کہ موجودہ دور میں انسانیت کو مزید انبیا کی ضرورت ہے؟

مصدر الإجابة
قسم النبوة
الباب / الفصل
(قسم النبوة)

السؤال

کیا یہ بات درست ہے کہ نبی اکرم ﷺ ہی آخری نبی ورسول ہیں؟ اگر یہ بات درست ہے، تو اس کی کیا وجہ ہے؟ کیا آپ نہیں سمجھتے کہ موجودہ دور میں انسانیت کو مزید انبیا کی ضرورت ہے؟

الجواب

نبی محمد ﷺ خاتم النبیین ہیں اور چونکہ آپ ﷺ جس دین کے ساتھ مبعوث کیے گئے وہ تمام ادیان میں سب سے کامل اور مکمل دین ہے، اس لیے اس کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک خصوصیت یہ ہے کہ وہ ہر زمان و مکان کے لیے موزوں ہے اور اس کی نشر و اشاعت اور تشریح و تفہیم کا کام ربانی علما انجام دیتے ہیں۔

جب کہ یہاں سوال کرنے والا ایک طرح سے اللہ رب العالمین سے یہ کہہ رہا ہے : میں آپ سے زیادہ جانتا ہوں؛ آپ نے رسالتوں کے سلسلے کو جاری کیوں نہيں رکھا؟ جب کہ اللہ ہی خوب جانتا ہے کہ کہاں وہ اپنی پیغمبری رکھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

’’اور جب ان کو کوئی آیت پہنچتی ہے تو یوں کہتے ہیں کہ ہم ہرگز ایمان نہ ﻻئیں گے جب تک کہ ہم کو بھی ایسی ہی چیز نہ دی جائے جو اللہ کے رسولوں کو دی جاتی ہے، اس موقع کو تو اللہ ہی خوب جانتا ہے کہ کہاں وه اپنی پیغمبری رکھے؟َ۔۔۔‘‘

[سورۂ انعام : 18]۔

اللہ عز وجل نے ہمیں یہ بتایا ہے کہ سابقہ رسالتیں، جیسے حضرت ابراہیم، حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰ علیہم السلام کی رسالتیں اپنی اپنی قوموں کے لیے خاص تھیں۔ ان کے لیے ایک مدت مقرر تھی، جس کے ختم ہونے پر وہ ختم ہو گئیں۔ نیز اللہ تعالیٰ نے ان کی حفاظت کی ذمہ داری خود نہیں لی تھی؛ بلکہ ان کی حفاظت انسانوں کے سپرد کی تھی، جنھوں نے انھیں ضائع کر دیا، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

’’ہم نے تورات نازل فرمائی ہے جس میں ہدایت و نور ہے۔ یہودیوں میں اسی تورات کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے ماننے والے انبیا (علیہم السلام) اور اہل اللہ اور علما فیصلے کرتے تھے، کیونکہ انھیں اللہ کی اس کتاب کی حفاﻇت کا حکم دیا گیا تھا۔ اور وه اس پر اقراری گواه تھے...‘‘

[سورہ مائدہ : 44]۔

اللہ تعالیٰ نے اپنے رسولوں علیہم السلام کو اس بات کی اطلاع دے دی تھی کہ الہی رسالتوں کا سلسلہ ہمارے نبی محمد ﷺ کی رسالت پر ختم ہو جائے گا۔ اللہ عزوجل نے الہی رسالتوں کو ایسا بنایا ہے کہ وہ ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں اور بعد میں آنے والا اس عمارت کی تکمیل کرتا ہے جسے پہلے والے نے تعمیر کیا ہے؛ چنانچہ نبی داؤد علیہ السلام نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے فرمایا ہے : ’’جس پتھر کو معماروں نے ٹھکرا دیا تھا، وہی کونے کے سرے کا پتھر بن گیا ہے۔ یہ رب کی طرف سے ہوا ہے اور یہ ہماری نظروں میں عجیب ہے۔‘‘ (مزامیر : 118: 22)۔

اس بشارت کے معنی ہیں : رسالاتِ الہیہ ایک عمارت کے مشابہ ہیں اور ہر نبی اپنے سے پہلے نبی کے شروع کردہ کام کو مکمل کرتا ہے، یہاں تک کہ جب انبیا کی بعثت تکمیل کو پہنچی، آخری نبی کے سوا کوئی باقی نہ رہا، عمارت تکمیل کے قریب پہنچ گئی اور اس میں صرف ایک اینٹ کی جگہ باقی رہ گئی، تو اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول اور خلیل محمد ﷺ کو مبعوث فرمایا؛ پس آپ کے ذریعہ دین مکمل ہوگیا، آپ کے ذریعہ نعمت تمام ہوگئی، نبوتوں کا سلسلہ ختم ہوگیا اور عمارت کی تکمیل ہوگئی۔ چنانچہ رسول اللہ ﷺ ہی خاتم الأنبیا اور مرسلین علیہم الصلاۃ والسلام ہیں اور آپ ہی وہ ذات ہیں جن کی مثال اس پتھر سے دی گئی ہے جس کی طرف داود علیہ السلام کے کلام میں اشارہ کیا گیا ہے۔

یہ بات اناجیل میں بھی درج ہے۔ اناجیل میں بھی خاتم الانبیا نبی محمد ﷺ کی آمد کی بشارت آئی ہوئی ہے۔ مسیح علیہ السلام نے واضح طور پر کہا ہے کہ خاتم النبیین محمد ﷺ کی بعثت سے سلسلۂ رسالت مکمل ہو جائے گا، دین کامل ہو جائے گا اور ان کے ذریعے نعمت کی تکمیل ہو جائے گی۔ چنانچہ انھوں نے کہا ہے، جیسا کہ متی نے نقل کیا ہے : ’’عیسی (علیہ السلام) نے ان سے کہا : کیا تم نے کتابوں میں کبھی نہیں پڑھا؟ جس پتھر کو معماروں نے ٹھکرا دیا، وہی کونے کا سرا ہو گیا۔ یہ پروردگار کی طرف سے ہوا اور یہ ہماری نظروں میں عجیب ہے!‘‘ (متی : 42:21)۔

یہ اطلاع رسالہ پطرس اول : 7:2 میں بھی موجود ہے۔

خود رسول کریم محمد ﷺ نے وضاحت کے ساتھ سمجھایا ہے کہ آپ سے ماقبل کے انبیا نے جس کام کا آغاز کیا تھا، آپ نے اسے کس طرح مکمل کیا اور آپ کا کام کس طرح ان کے کام کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے والا تھا؟ آپ ﷺ نے فرمایا ہے :

’’میری اور مجھ سے پہلے کے انبیا کی مثال اس آدمی کی طرح ہے جس نے ایک گھر بنایا اور اسے بہت خوب صورت تیار کیا، مگر ایک کونے میں ایک اینٹ کی جگہ خالی چھوڑ دی، تو لوگ اس کے چاروں طرف گھومتے ہیں اور اسے دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ ایک اینٹ کیوں نہیں رکھی گئی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : پس میں ہی وہ اینٹ ہوں اور میں ہی خاتم النبیین ہوں۔‘‘

[صحیح بخاری، حدیث نمبر : 3535۔ الفاظ صحیح بخاری کے ہیں۔ صحیح مسلم، حدیث نمبر : 2286]۔

یہاں تک کہ جب ہمارے نبی محمد ﷺ کی بعثت کے ذریعے دین مکمل ہو گیا اور نعمت تمام ہو گئی، تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا :

’’۔۔۔آج میں نے تمہارے لئے دین کو کامل کردیا اور تم پر اپنا انعام بھرپور کردیا اور تمہارے لیے اسلام کے دین ہونے پر رضامند ہوگیا۔۔‘‘

جہاں تک رسول کریم محمد ﷺ کا تعلق ہے تو اللہ تعالیٰ نے آپ کو پوری انسانیت کے لیے اپنا نبی بناکر بھیجا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :

’’ہم نے آپ کو تمام لوگوں کے لئے خوش خبریاں سنانے واﻻ اور ڈرانے واﻻ بنا کر بھیجا ہے ہاں مگر (یہ صحیح ہے) کہ لوگوں کی اکثریت بےعلم ہے۔‘‘

[سورہ سبأ : 28]،

ایک اور مقام پر فرمایا ہے :

’’آپ کہہ دیجیے کہ اے لوگو! میں تم سب کی طرف اس اللہ تعالیٰ کا بھیجا ہوا ہوں...‘‘

[سورہ اعراف : 158]۔

اسی لیے اللہ تعالی نے یہ فیصلہ فرمایا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت قیامت تک باقی رہے اور اس کے لیے ایسے تکوینی اور شرعی انتظامات کیے جو اسے محفوظ اور قیامت تک باقی رکھیں۔ مثلا یہ کہ جو لوگ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ میں آپ پر ایمان لائے، آپ سے ملاقات کی، آپ سے تعلیمات حاصل کیں اور آپ کی رسالت کو آگے منتقل کیا، ان کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ تھی۔ ان لوگوں نے آپ کی رسالت کو اپنے بعد آنے والوں تک منتقل کیا۔ جب کہ عیسیٰ علیہ السلام کے ساتھ رہنے والے حواریوں کی تعداد ستر سے زیادہ نہیں تھی اور موسیٰ علیہ السلام پر بھی بہت کم لوگ ایمان لائے تھے۔

محمد ﷺ کی یہ آخری رسالت نسل در نسل تواتر کے ساتھ منتقل ہوتی رہی، خواہ اس کا تعلق عقائد سے ہو یا عبادات سے، معاملات سے ہو یا سلوک و احوال سے۔ یہی وجہ ہے کہ آج انسان یہ پاتا ہے کہ مسلمان آج جن شعائر کے ذریعے عبادت کرتے ہیں، یہ بالکل وہی شعائر ہیں جن پر رسول ﷺ کے صحابہ رضی اللہ عنہم عمل پیرا تھے۔ اسی طرح رسول ﷺ کی لائی ہوئی وحی، خواہ وہ قرآنِ مجید ہو یا سنتِ نبوی، اللہ نے اس کی حفاظت فرمائی ہے اور اس کا ایک حرف بھی ضائع نہیں ہوا ہے۔

جب معاملہ ایسا ہی ہے، آپ کی رسالت باقی اور محفوظ ہے، نیز یہ ہر دور اور زمانے کے لیے موزوں، ہر ماحول کے لیے سازگار اور ہر طرح کے حالات میں قابلِ عمل ہے، تو آج کے اس دور میں ضرورت اس بات کی ہے کہ لوگ آپ ﷺ کے دین کو مضبوطی سے تھام لیں اور آپ ﷺ کی سنت پر عمل پیرا ہوں۔ یہی ان کے لیے کافی ہے۔ اگر آپ کے بعد کوئی نبی آتا بھی، تو وہ بھی آپ ﷺ کی امت سے ہوتا اور آپ ﷺ کی شریعت پر عمل پیرا ہوتا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :

’’جب اللہ نے نبیوں سے عہد لیا کہ جو کچھ میں تمھیں کتاب وحکمت دوں، پھر تمھارے پاس وه رسول آئے جو تمھارے پاس موجود (کتاب) کو سچ بتائے تو تمھارے لیے اس پر ایمان ﻻنا اور اس کی مدد کرنا ضروری ہے۔ فرمایا کہ تم اس کے اقراری ہو اور اس پر میرا ذمہ لے رہے ہو؟ سب نے کہا کہ ہمیں اقرار ہے، فرمایا : تو اب گواه رہو اور خود میں بھی تمھارے ساتھ گواہوں میں ہوں۔‘‘

[سورة آل عمران : 81]۔

درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔

المصدر

قسم النبوة

ملاحظات

--