کیا نبی محمد ﷺ کو کسی بھی قسم کے معجزے کے ساتھ مبعوث کیا گیا تھا؟
- محاور التعريف بالإسلام
- التعريف بمحمد صلى الله عليه وسلمالتعريف بالنبي محمد صلى الله عليه وسلماليوم الآخر والمصيرالبعث بعد الموت
- مصدر الإجابة
- قسم النبوة
- الباب / الفصل
- (قسم النبوة)
السؤال
کیا نبی محمد ﷺ کو کسی بھی قسم کے معجزے کے ساتھ مبعوث کیا گیا تھا؟
الجواب
معجزہ سے مراد وہ خلافِ عادت امر ہے جسے اللہ تعالی کسی نبی کے ہاتھوں ظاہر فرماتا ہے، جو اس کی قوم کے سامنے اس کی دعوت کے لیے ایک دلیل ہوتا ہے، جیسے ابراہیم علیہ السلام کا معجزہ جب انھیں آگ میں ڈالا گیا تو آگ ان پر ٹھنڈی اور سلامتی والی بن گئی، موسیٰ علیہ السلام کے معجزات؛ جن میں عصا، یدِ بیضا اور طوفان شامل ہیں اور عیسی علیہ السلام کا معجزہ کہ وہ مادر زاد اندھے اور کوڑھی کو شفا دیتے اور اللہ کے حکم سے مردوں کو زندہ کر دیتے تھے۔ بسا اوقات اللہ تعالی کسی رسول کو بھیجتا ہے اور اس کے ساتھ کوئی معجزہ نہیں دیتا؛ بلکہ نبی کا حال، اس کی استقامت اور جو وحی وہ لے کر آیا ہے، وہ یہ ثابت کرنے کے لیے کافی ہوتی ہے کہ وہ اللہ کے بھیجے ہوئے نبی ہیں، کیوںکہ لوگ سچے اور جھوٹے میں امتیاز کر لیتے ہیں؛ اسی لیے جب نبی ﷺ مدینہ تشریف لائے تو عبد اللہ بن سلام نے کہا تھا :
’’لوگ آپ کی جانب دوڑ پڑے، تو میں بھی دوڑنے والوں میں شامل ہو گیا۔ جب میں نے آپ کا چہرہ غور سے دیکھا تو میرے سامنے یہ حقیقت عیاں ہو گئی کہ یہ کسی جھوٹے کا چہرہ نہيں ہو سکتا۔ اس دوران میں نے آپ کو جو پہلی بات کہتے ہوئے سنی، وہ یہ تھی : سلام عام کرو، کھانا کھلاؤ، صلہ رحمی کرو اور رات کو جب لوگ سو رہے ہوں تو اُس وقت نماز پڑھو، تم سلامتی کے ساتھ جنت میں داخل ہو جاؤ گے۔‘‘
[مسند احمد، حدیث نمبر : 23784، جامع ترمذی، حدیث نمبر : 2485، سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر : 1334]۔
یقیناً اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیا اور رسولوں علیہم السلام کی واضح نشانیوں اور زبردست دلائل کے ساتھ تائید فرمائی اور یہ نشانیاں مختلف اور متنوع تھیں، لیکن اللہ تعالیٰ نے ہر نبی کی نشانیوں کو اس قدر کافی بنایا تھا کہ انسان ان پر ایمان لے آئے اور ان کے ذریعے ان پر حجت قائم ہو جائے؛ تاکہ وہ جان لیں کہ وہ اللہ کی طرف سے بھیجے گئے نبی ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا ہے :
’’انبیاء میں سے جو بھی نبی آیا ہے اسے کچھ ایسی نشانیاں دی گئیں جن کے مطابق اس پر ایمان لایا گیا، یا فرمایا : ان نشانیوں کے سبب لوگ ان پر ایمان لائے، اور مجھے جو معجزہ دیا گیا وہ قرآن مجید ہے جو اللہ نے میری طرف بذریعۂ وحی بھیجا ہے۔ اس بنا پر مجھے امید ہے کہ قیامت کے دن میرے پیروکار تمام انبیاء علیہم السلام کے پیکاروں سے زیادہ ہوں گے۔‘‘
[متفق علیہ : صحیح بخاری، حدیث نمبر : 7274 اور صحیح مسلم، حدیث نمبر : 239]۔
ہمارے نبی ﷺ بہت سے معجزات کے ساتھ بھیجے گئے تھے۔ امام ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ’’ائمہ کرام نے اس سلسلے میں ایک ہزار سے زیادہ معجزات جمع کیے ہیں، جن میں سے سب سے نمایاں اور سب سے بڑا معجزہ قرآنِ عزیز ہے، جس میں باطل نہ آگے سے آ سکتا ہے اور نہ پیچھے سے، یہ حکمت والے، قابلِ تعریف اللہ کی طرف سے نازل کردہ کتاب ہے۔ اس کا اعجاز اس کے الفاظ و معانی دونوں اعتبار سے ہے۔ جہاں تک اس کے الفاظ کا تعلق ہے تو وہ کلام کی فصاحت کے اعلیٰ ترین مقام پر فائز ہیں۔ جس شخص کی بھی اس فن میں معرفت بڑھتی گئی، اس باب میں اس کے دل میں قرآن کی عظمت میں اتنا ہی اضافہ ہوتا گیا۔ قرآن عظیم نے اپنے زمانے کے فصحا اور بلغا کو ان کی سخت دشمنی اور اسے جھٹلانے کی شدید حرص کے باوجود چیلنج کیا کہ وہ اس جیسی کوئی کتاب لے آئیں، اس جیسی دس سورتیں لے آئیں، اس جیسی کوئی ایک سورت لے آئیں، لیکن وہ عاجز رہے۔ انھیں آگاہ کر دیا گیا کہ وہ کبھی اس کی طاقت نہیں رکھ سکتے، بلکہ تمام جنوں اور انسانوں کو چیلنج کیا گیا کہ وہ اس جیسی کوئی کتاب لے آئیں، لیکن وہ عاجز رہے، اور انھیں اس یہ بتا بھی دیا گیا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’کہہ دیجیے کہ اگر تمام انسان اور کل جنات مل کر اس قرآن کے مثل ﻻنا چاہیں تو ان سب سے اس کے مثل ﻻنا ناممکن ہے گو وه (آپس میں) ایک دوسرے کے مددگار بھی بن جائیں۔‘‘
[سورۃ الإسراء : 88]۔
اس کے اعجاز کی بہت سی دوسری جہتیں بھی ہیں۔ جہاں تک اس کے معانی کا تعلق ہے تو وہ کمال درجے کے باہمی ربط، حکمت، رحمت، مصلحت، عمدہ انجام اور کامل موافقت پر مشتمل ہے۔ نیز اس میں اعلیٰ مقاصد کا حصول اور مفاسد کا خاتمہ پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے جو اس شخص پر ظاہر ہوتا ہے جس کے پاس شبہات اور خواہشات سے پاک عقل اور صحیح سمجھ ہو۔ ہم ان شبہات اور خواہشات سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگتے ہیں اور اسی سے ہدایت کے طلب گار ہیں۔
ان دلائل میں سے ایک یہ ہے کہ آپ ایک ایسی قوم کے درمیان پلے بڑھے جو آپ کے نسب، آپ کی پرورش اور آپ کے شب و روز سے بخوبی واقف تھی۔ آپ ان کے درمیان ایک یتیم کی حیثیت سے، امانت دار، صدق گو، نیکوکار اور ہدایت یافتہ تھے، یہ سب کے سب جانتے تھے اور اس کا انکار صرف وہی کرتا تھا جو ہٹ دھرم، کج بحث اور متکبر تھا۔ آپ امی تھے، لکھنا نہیں جانتے تھے اور نہ ہی آپ کا تحریر اور اہل تحریر سے کوئی واسطہ تھا اور ان کے علاقوں میں پہلوں کا کوئی علم نہ تھا، اور نہ کوئی ایسا شخص تھا جو اس بارے میں کچھ جانتا ہو، پھر آپ اپنی عمر کے چالیسویں سال ان کے پاس آئے، اور انھیں ماضی کے واقعات تفصیل اور وضاحت کے ساتھ بتانے لگے، جس کی گواہی پچھلی کتابوں کے وہ علما دیتے تھے جو ان میں بصیرت رکھتے اور سچائی کے ذریعے ہدایت یافتہ تھے۔۔۔، اور انہی میں سے مستقبل کے ان غیبی امور کی وہ خبریں بھی ہیں جو نبی ﷺ نے اس قرآن میں اور اپنی صحیح احادیث میں دی ہیں، جو آپ کی دی گئی خبر کے حرف بحرف مطابق ثابت ہوئیں، جن کی مکمل تفصیل بیان کرنا یہاں طویل ہو جائے گا۔
آپ کے معجزوں میں وہ عظیم خوارقِ عادات بھی شامل ہیں جو اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کے دستِ مبارک پر ظاہر فرمائے۔ ان میں سے ایک خارق عادت شق قمر کا واقعہ بھی ہے جس کی خبر اللہ عز و جل نے اپنی کتابِ عزیز میں دی ہے۔ واقعہ یہ تھا کہ مشرکین نے آپ ﷺ سے ایک نشانی (معجزہ) کا مطالبہ کیا۔ وہ رات کا وقت تھا۔ چنانچہ آپ ﷺ نے چاند کی طرف اشارہ کیا، تو اس کے دو ٹکڑے ہو گئے۔ پھر مشرکین نے اپنے اردگرد کے قبائل سے بھی پوچھا تاکہ ایسا نہ ہو کہ آپ ﷺ نے ان پر جادو کر دیا ہو، لیکن ان لوگوں نے بھی انھیں وہی بتایا جیسا انھوں نے دیکھا تھا۔ یہ واقعہ اہلِ علم و خبر کے نزدیک آپ ﷺ سے تواتر کے ساتھ مروی ہے اور اسے متعدد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین نے روایت کیا ہے۔
آپ کے کچھ معجزے ایسے بھی ہیں جو آپ ﷺ کی دعا کی برکت کی شکل میں ظاہر ہوئے۔۔۔ چنانچہ ان میں سے ایک واقعہ یہ ہے کہ آپ ﷺ نے ابن مسعود رضی اللہ عنہ کے پاس موجود چرائی جانے والی ایک بکری کے بچے کے حق میں اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائی۔ آپ نے بسم اللہ پڑھ کر اس کا دودھ دوہا، تو اس کے تھن دودھ سے بھر آئے۔ چنانچہ آپ ﷺ نے خود بھی پیا اور ابو بکر رضی اللہ عنہ کو بھی پلایا۔ اسی طرح آپ نے ام معبد کی بکری کے ساتھ بھی کیا۔ آپ نے طفیل بن عمرو رضی اللہ عنہ کے لیے دعا فرمائی، تو ان کے کوڑے کے سرے پر ایک نشانی نمودار ہوئی، جو ایسا چمکتا ہوا نور تھا کہ دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔ ایسا ہی واقعہ اسید بن حضیر اور عباد بن بشر انصاری رضی اللہ عنہما کے ساتھ بھی پیش آیا، جب وہ ایک اندھیری رات میں آپ کی خدمت سے نکل کر روانہ ہوئے۔ اسی طرح آپ نے ان سات افراد کے لیے بددعا فرمائی جنھوں نے حالت نماز میں آپ ﷺ کا مذاق اڑایا تھا، چنانچہ وہ جنگ بدر میں مارے گئے۔ آپ نے ابو لہب کے بیٹے کے لیے بددعا فرمائی، تو اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کی دعا کے عین مطابق شام میں اس پر ایک درندے کو مسلط کر دیا۔ آپ نے سراقہ کے لیے بددعا کی تو اس کے گھوڑے کے دونوں پاؤں زمین میں دھنس گئے، پھر آپ نے اللہ سے دعا کی تو اسے رہائی مل گئی۔ بدر کے دن آپ نے کفار قریش کی طرف ایک مٹھی کنکریاں پھینکیں تو ان میں سے ہر ایک کو اس میں سے کچھ نہ کچھ ضرور لگا اور اللہ نے انھیں شکست سے دوچار کیا۔ اسی طرح آپ نے حنین کے دن بھی کیا۔ بدر کے دن آپ نے عکاشہ بن محصن کو لکڑی کا ایک ٹکڑا عنایت فرمایا تو وہ ان کے ہاتھ میں ایک تیز دھار والی تلوار بن گیا۔ آپ نے اپنے چچا عباس کو، جب وہ قیدی تھے، اس مال کے بارے میں بتادیا جو انھوں نے اور ام الفضل نے اپنے دروازے کی چوکھٹ کے نیچے دفن کر رکھا تھا، تو انھوں نے اس کا اعتراف کر لیا۔ آپ نے عمیر بن وہب کو ان کے آنے کے اصل مقصد، یعنی آپ کے قتل کے ارادے سے باخبر کر دیا، جب کہ وہ یہ عذر پیش کر رہے تھے کہ وہ تو بدر کے قیدیوں کا فدیہ دینے آئے ہیں، چنانچہ انھوں نے اس کا اعتراف کر لیا اور اسی وقت اسلام لے آئے۔ رضی اللہ عنہ۔ غزوۂ احد کے دن آپ نے قتادہ بن نعمان ظفری رضی اللہ عنہ کی آنکھ کو اس وقت واپس اس کی جگہ پر لگا دیا جب وہ بہہ کر ان کے رخسار پر آ گئی تھی، (اور ایک قول کے مطابق: جب نکل کر ان کے ہاتھ میں آ گئی تھی)۔ پھر وہ ان کی دونوں آنکھوں میں سے سب سے خوب صورت آنکھ بن گئی، یہاں تک کہ دونوں آنکھوں کے درمیان کوئی فرق نظر نہيں آتا تھا۔ غزوۂ خندق کے موقع پر آپ نے جابر رضی اللہ عنہ کے گھر بکری کے ایک بچے اور ایک صاع جو سے ایک جم غفیر کو کھانا کھلایا، جن کی تعداد ایک ہزار کے قریب تھی۔ جیسا کہ اسی روز آپ نے بشیر کی بیٹی کی لائی ہوئی نہایت تھوڑی سی کھجوروں سے بھی لوگوں کو کھلایا۔ اسی طرح آپ نے اتنے تھوڑے کھانے سے تقریباً اسی (80) افراد کو شکم سیر کیا جسے قریب تھا کہ آپ کا دستِ مبارک چھپا لے۔ بالکل اسی طرح کا معجزہ اس دن بھی ظاہر ہوا جس روز آپ ﷺ زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا کے دولہا بنے۔
غزوہ تبوک کے موقع پر ایک عظیم واقعہ رونما ہوا۔ آپ ﷺ نے لشکر کو کھانا کھلایا اور انھوں نے اپنے ساتھ موجود ہر برتن کو بکری کے بیٹھنے کی جگہ کے برابر جگہ میں رکھے ہوئے کھانے سے بھر لیا۔ اس دن آپ ﷺ نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کو ایک توشہ دان عطا فرمایا، تو وہ عمر بھر اس میں سے کھاتے رہے۔ انھوں نے اس سے اللہ کی راہ میں بہت سا زاد راہ تیار کر کے دیا۔ وہ توشہ دان حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت کے ایام تک مسلسل ان کے پاس ہی رہا۔ اسی طرح جب لوگ قحط کے شکار ہو گئے تو آپ ﷺ نے اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائی۔ چنانچہ آپ ﷺ منبر سے نیچے بھی نہیں اترے تھے کہ مسجد کی چھت سے آپ ﷺ کی داڑھی مبارک پر پانی ٹپکنے لگا، حالانکہ اس سے قبل آسمان پر نہ کوئی بادل تھا، نہ بادل کا کوئی ٹکڑا اور نہ ہی ابر کا کوئی چھوٹا سا ٹکڑا دکھائی دے رہا تھا۔ پھر جب آپ ﷺ نے ان کے لیے مطلع صاف ہونے کی دعا فرمائی تو مدینہ پر سے بادل یوں چھٹ گئے کہ مدینہ (کے ارد گرد بادلوں کا حلقہ) ایک تاج کی مانند بن گیا۔ آپ ﷺ نے قریش کے خلاف دعا فرمائی تو وہ ایسی سخت مشقت کے شکار ہو گئے جسے بیان نہیں کیا جا سکتا، یہاں تک کہ انھوں نے آپ ﷺ سے رحم کی التجا کی، تو آپ ﷺ کو ان پر رحم آ گیا اور آپ ﷺ نے ان سے وہ مصیبت دور فرما دی۔ آپ ﷺ کے پاس پانی کا ایک برتن لایا گیا تاکہ آپ ﷺ اس سے وضو فرمائیں، تو وہاں موجود لوگوں نے بھی آپ ﷺ کے ساتھ وضو کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ چنانچہ آپ ﷺ نے اپنا دست مبارک اس برتن میں رکھا لیکن وہ برتن کشادہ نہ تھا، پھر آپ ﷺ نے اللہ تعالی سے دعا فرمائی، تو آپ ﷺ کی انگلیوں کے درمیان سے پانی پھوٹ پڑا۔ بالکل اسی طرح آپ ﷺ نے صلح حدیبیہ کے موقع پر بھی کیا تھا۔ اس وقت لشکر چودہ سو افراد پر مشتمل تھا۔ حضرت جابر رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں :
’’اور اگر ہم ایک لاکھ بھی ہوتے تو وہ کھانا کافی ہو جاتا‘‘۔
اسی طرح آپ ﷺ سے بعض اسفار میں مشکیزے میں موجود پانی کے ایک قطرے کے سلسلے میں ایک شان دار معجزہ ظاہر ہوا۔ راوی کہتے ہیں : جب آپ ﷺ نے مجھے اسے برتن میں انڈیلنے کا حکم دیا، تو مجھے اندیشہ ہوا کہ خشک مشکیزہ ہی اسے جذب کر جائے گا۔ لیکن آپ ﷺ نے اپنا ہاتھ اس میں رکھا اور اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائی، تو آپ ﷺ کی انگلیوں کے درمیان سے صحابہ کے لیے پانی کا چشمہ جاری ہو گیا۔ چنانچہ انھوں نے وضو کیا اور اپنی پیاس بجھائی۔ اسی طرح آپ ﷺ نے حدیبیہ کے چشمے کی طرف اپنا تیر ارسال کیا اور وہ تیر اس میں نصب کیا گیا، تو وہاں سے خوب پانی جاری ہو گیا، یہاں تک کہ پانی ان سب کے لیے کافی ہو گیا۔ آپ کے معجزے تو اور بھی ہیں، لیکن جتنے ہم نے بیان کر دیے ہیں، وہ کافی ہیں۔
آپ ﷺ کی نبوت کی سب سے بڑی دلیلوں میں سے ایک دلیل آپ کی رسالت کا اس طرح باقی رہنا ہے کہ گویا وہ آج ہی نازل ہوئی ہو، جس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی اور بگاڑ نہیں آیا۔ اسی طرح آپ کا وہ دین بھی، جس پر آج بھی اسی طرح عمل کیا جا رہا ہے جس طرح آپ ﷺ نے اسے اپنی امت تک پہنچایا تھا۔ اس میں بھی کوئی چیز تبدیل نہیں ہوئی۔ چنانچہ وہ نماز جو نبی ﷺ نے پڑھی اور اسی طرح زکاۃ، روزہ، حج اور دیگر تمام اسلامی شعائر کو مسلمان بالکل اسی طرح ادا کرتے ہیں جس طرح رسول اللہ ﷺ نے ادا کیا تھا۔ آپ ﷺ کے پیروکار آج بھی اپنے دین کی حفاظت کر رہے ہیں اور آج بھی ہر روز ہر نسل اور زبان کے لوگ جوق در جوق اس دین میں داخل ہو رہے ہیں، جس سے اس کی اثر و رسوخ اور پھیلاؤ میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ جو بھی اس دین کی جستجو اور تحقیق کرتا ہے وہ اس کی حقیقت، اس کی بھلائی اور اس کے عقائد، اخلاق، معاملات اور احکام وقوانین کی درستگی سے بخوبی آگاہ ہو جاتا ہے۔
یہ تمام امور مسیح علیہ السلام کی اس تنبیہ کے منافی ہے، جب انھوں نے فرمایا، جیسا کہ انجیلِ متی میں ہے: ”جھوٹے نبیوں سے خبردار رہو جو تمھارے پاس بھیڑوں کے بھیس میں آتے ہیں، لیکن اندر سے وہ پھاڑنے والے بھیڑیے ہیں۔ تم انھیں ان کے پھلوں (اعمال و نتائج) سے پہچان لو گے۔ کیا کانٹوں سے انگور، یا اونٹ کٹاروں سے انجیر توڑے جاتے ہیں؟ اسی طرح ہر اچھا درخت اچھا پھل لاتا ہے اور برا درخت برا پھل لاتا ہے۔ کوئی اچھا درخت برا پھل نہیں لا سکتا اور نہ کوئی برا درخت اچھا پھل لا سکتا ہے۔ ہر وہ درخت جو اچھا پھل نہیں لاتا اسے کاٹ کر آگ میں ڈال دیا جاتا ہے۔ پس تم انھیں ان کے پھلوں (اعمال و نتائج) سے پہچان لو گے“۔ (متی 7: 15-20)۔
اللہ کی قسم! یہ آپ ﷺ کی نبوت کی صداقت، آپ کی رسالت کے کمال اور قیامت تک آپ کے دین کی بقا پر دلالت کرنے والے سب سے عظیم شواہد، دلائل اور معجزات میں سے ہے۔ اخیر میں ہمارے نبی محمد پر درود و سلام ہو۔
دیکھیں : الفصول في السيرة ص : 228-236۔
المصدر
ملاحظات
--