Skip to content

محمد صلی اللہ علیہ وسلم کون ہیں؟

مصدر الإجابة
قسم النبوة
الباب / الفصل
(قسم النبوة)

السؤال

محمد صلی اللہ علیہ وسلم کون ہیں؟

الجواب

محمد ﷺ : محمد بن عبد اللہ بن عبد المطلب قرشی، اسماعیل بن ابراہیم علیہ السلام کی اولاد میں سے، خاتم النبیین، اولادِ آدم کے سردار، ایسی ذات جو قیامت کے دن سفارش کرے گی اور اس کی سفارش قبول کی جائے گی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے :

"’’بے شک جو بھی نبی گزرا ہے، اس کے لیے ایک (خاص) دعا تھی، جو اس نے دنیا ہی میں مانگ لی۔ جب کہ میں نے اپنی دعا اپنی امت کی شفاعت کے لیے محفوظ کر رکھی ہے۔ میں قیامت کے دن تمام اولادِ آدم کا سردار ہوں گا اور مجھے اس پر کوئی فخر نہیں ہے۔ میں ہی وہ پہلا شخص ہوں گا جس سے زمین کو ہٹایا جائے گا اور مجھے اس پر کوئی فخر نہیں ہے، میرے ہی ہاتھ میں لواء الحمد (حمد کا جھنڈا) ہوگا اور مجھے اس پر کوئی فخر نہیں ہے۔ آدم (علیہ السلام) اور ان کے علاوہ سب میرے ہی جھنڈے کے نیچے ہوں گے اور مجھے اس پر کوئی فخر نہیں ہے۔‘‘

مسند احمد ط الرسالة : 2546، اور سنن ترمذی، حدیث نمبر : 3148۔

رسولِ کریم محمد ﷺ سب سے عظیم رسول ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے تمام انبیاء علیہم السلام سے یہ عہد ومیثاق لیا تھا کہ جب اللہ تعالیٰ ان کی بعثت فرمائے گا تو ان کی اتباع کرنا ان پر واجب ہوگا۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :

’’جب اللہ نے نبیوں سے عہد لیا کہ جو کچھ میں تمھیں کتاب وحکمت دوں، پھر تمھارے پاس وه رسول آئے جو تمھارے پاس موجود (کتاب) کو سچ بتائے تو تمھارے لیے اس پر ایمان ﻻنا اور اس کی مدد کرنا ضروری ہے۔ فرمایا کہ تم اس کے اقراری ہو اور اس پر میرا ذمہ لے رہے ہو؟ سب نے کہا کہ ہمیں اقرار ہے، فرمایا : تو اب گواه رہو اور خود میں بھی تمھارے ساتھ گواہوں میں ہوں۔‘‘

[سورة آل عمران : 81]۔

ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں :

"اللہ تعالیٰ بتا رہا ہے کہ اس نے آدم علیہ السلام سے لے کر عیسیٰ علیہ السلام تک اپنے بھیجے ہوئے ہر نبی سے یہ عہد و میثاق لیا تھا کہ اللہ انھیں جو کچھ بھی کتاب و حکمت عطا کرے اور وہ جتنا چاہے بلند مقام پر پہنچ جائیں، لیکن ان کے بعد ان کے پاس کوئی رسول آجائے، تو ان کے لیے اس پر ایمان ﻻنا اور اس کی مدد کرنا ضروری ہوگا اور انھیں جو علم اور نبوت حاصل ہے، وہ انھیں اپنے بعد بھیجے جانے والے رسول کی پیروی اور ان کی مدد کرنے سے نہ روکے... یہاں تک کہ فرمایا : علی بن ابی طالب اور ان کے چچا زاد بھائی عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا ہے : اللہ تعالیٰ نے انبیا میں سے کوئی نبی ایسا نہیں بھیجا، جس سے یہ عہد و میثاق نہ لیا ہو کہ اگر ان کی زندگی ہی میں محمد ﷺ کی بعثت ہو جائے تو وہ ضرور ان پر ایمان لائیں گے اور ان کی مدد کریں گے اور انھیں یہ حکم بھی دیا تھا کہ وہ اپنی اپنی امت سے اس بات کا عہد لیں کہ اگر ان کی زندگی میں محمد ﷺ کی بعثت ہو جائے تو وہ ضرور ان پر ایمان لائیں گے اور ان کی مدد کریں گے"۔

تفسیر ابن کثیر (2/ 67)-

اللہ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم ان کتابوں اور رسالتوں کی تصدیق کرتے ہوئے تشریف لائے جو آپ سے پہلے تھیں اور آپ نے ان رسولوں پر ایمان لانے کی دعوت دی جو آپ سے پہلے گزر چکے تھے، ساتھ ہی آپ کی دعوت ان تعلیمات کے موافق بھی ہے جو دیگر رسولوں علیہم السلام لے کر آئے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

’’یقیناً ہم نے آپ کی طرف اسی طرح وحی کی ہے جیسے کہ نوح اور ان کے بعد والے نبیوں کی طرف کی، اور ہم نے وحی کی ابراہیم اور اسماعیل اور اسحاق اور یعقوب اور ان کی اوﻻد پر اور عیسیٰ اور ایوب اور یونس اور ہارون اور سلیمان کی طرف اور ہم نے داؤد کو زبور عطا فرمائی۔‘‘

[سورۃ النساء : 163]،

ایک اور مقام پر فرمایا ہے :

’’اللہ نے تمھارے لیے وہی دین مقرر کردیا ہے جس کے قائم کرنے کا اس نے نوح (علیہ السلام) کو حکم دیا تھا اور جو (بذریعہ) وحی ہم نے تیری طرف بھیج دی ہے، اور جس کا تاکیدی حکم ہم نے ابراہیم اور موسیٰ اور عیسیٰ (علیہم السلام) کو دیا تھا، کہ اس دین کو قائم رکھنا اور اس میں پھوٹ نہ ڈالنا، جس چیز کی طرف آپ انھیں بلا رہے ہیں وه تو (ان) مشرکین پر گراں گزرتی ہے، اللہ جسے چاہتا ہے اپنا برگزیده بناتا ہے اور جو بھی اس کی طرف رجوع کرے وه اس کی صحیح راہنمائی کرتا ہے۔‘‘

[سورۃ الشوری : 13]۔

اللہ تعالیٰ نے آپ کی بعثت کے ذریعے تمام جہانوں پر رحم فرمایا۔ آپ مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے اور وہیں تمام جنوں اور انسانوں کے لیے نبی بنائے گئے۔ بعثت کے وقت آپ کی عمر چالیس سال تھی۔ مدینہ طیبہ کی طرف ہجرت فرمائی اور وہیں تریسٹھ سال کی عمر میں وفات پائی۔

جس شخص نے نبی کریم ﷺ کی بعثت کا زمانہ پایا، اس کے لیے آپ ﷺ پر ایمان لانے اور آپ کی اتباع کے علاوہ جنت کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے :

’’قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد ﷺ کی جان ہے! اس امت کا کوئی بھی شخص چاہے وہ یہودی ہو یا نصرانی، اسے میری بعثت کی اطلاع ہوئی ہو اور وہ اس دین پر ایمان لائے بغیر مرجائے جس کے ساتھ مجھے بھیجا گیا ہے، تو وہ یقینًا اہلِ جہنم میں سے ہوگا۔‘‘

[مسلم]۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

’’ن، قسم ہے قلم کی اور اس کی جو کچھ کہ وه (فرشتے) لکھتے ہیں۔

تو اپنے رب کے فضل سے دیوانہ نہیں ہے۔

اور بے شک تیرے لیے بے انتہا اجر ہے۔

اور بے شک تو بہت بڑے (عمده) اخلاق پر ہے۔

[سورۃ القلم :1-4]۔

عبد اللہ بن سلام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا :

’’جب رسول اللہ ﷺ مدینہ تشریف لائے تو لوگ آپ کی طرف دوڑ پڑے اور کہنے لگے : اللہ کے رسول ﷺ تشریف لے آئے ہیں، تو میں بھی لوگوں کے ساتھ آپ کو دیکھنے کے لیے آیا، پھر جب میں نے رسول اللہ ﷺ کا چہرہ مبارک غور سے دیکھا تو میں جان گیا کہ آپ کا چہرہ کسی جھوٹے شخص کا چہرہ نہیں ہے۔‘‘

[سنن ترمذی، حدیث نمبر : 2485، اور سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر : 1334]۔

یہ حدیث صحیح ہے۔ درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔

دیکھیں : الفصول فی سیرۃ الرسول تالیف: ابن کثیر، الرحیق المختوم تالیف: مبارکپوری۔

المصدر

قسم النبوة

ملاحظات

--