اللہ تعالیٰ کی توحید کے وجوب کی کیا دلیل ہے؟
- محاور التعريف بالإسلام
- توحيد الله وإبطال الشرك
- مصدر الإجابة
- قسم الإيمان
- الباب / الفصل
- (قسم الإيمان)
السؤال
اللہ تعالیٰ کی توحید کے وجوب کی کیا دلیل ہے؟
الجواب
اللہ تعالیٰ کی توحید اور اسی کے تنہا رب، خالق، مالک اور مدبر ہونے اور اس کے کوئی شریک نہ ہونے کے بے شمار دلائل ہیں۔
مثلا اللہ تعالی نے فرمایا ہے :
’’نہ تو اللہ نے کسی کو بیٹا بنایا اور نہ اس کے ساتھ اور کوئی معبود ہے، ورنہ ہر معبود اپنی مخلوق کو لیے لیے پھرتا اور ہر ایک دوسرے پر چڑھ دوڑتا۔ جو اوصاف یہ بتلاتے ہیں ان سے اللہ پاک (اور بےنیاز) ہے۔‘‘
[المؤمنون : 12-14]۔
اس آیت میں جو دلیل موجود ہے، اسے علما ’’دلیلِ تمانع‘‘ کہتے ہیں اور اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر ہم اللہ کے ساتھ دوسرے معبود فرض کر لیں تو :
یا تو وہ اللہ کی الوہیت تسلیم کر لیں یا پھر اس سے تنازع کریں۔ پہلی فرض کردہ صورت ان کی اپنی الوہیت کو باطل کر دیتی ہے؛ کیوں کہ جو تابع ہو وہ محکوم اور بندہ ہوتا ہے، معبود نہیں۔ اور اگر وہ اس کی بادشاہت اور اقتدار میں تنازع کریں، تو کائنات میں اس تنازع کا اثر معبودوں کے ایک دوسرے کو مغلوب اور زیر کرنے کی کشمکش اور ہر معبود کے اپنی پیدا کردہ مخلوق کو لے کر الگ ہو جانے کی صورت میں ظاہر ہوتا۔ اس طرح کہ ہر معبود اپنی مخلوق کو لے کر منفرد اور خود مختار ہو جاتا۔ ایسے میں آپ ان میں سے ہر ایک کی بادشاہت کو دوسروں کی بادشاہت سے ممتاز اور الگ دیکھتے اور وہ ایک دوسرے کو مغلوب اور زیر کر دیتے، جیسا کہ آپ دنیاوی بادشاہوں کا حال دیکھتے ہیں کہ ان کی سلطنتیں الگ الگ ہوتی ہیں اور وہ ایک دوسرے پر غلبہ پانے کی کوشش میں رہتے ہیں۔ لہذا جب آپ کو کائنات میں سلطنتوں کے الگ الگ ہونے اور معبودوں کے باہمی غلبے کا کوئی اثر نظر نہیں آتا، تو جان لیجیے کہ معبودِ برحق صرف ایک ہے، جس کے ہاتھ میں ہر چیز کی بادشاہت ہے۔
اور اگر کوئی یہ کہے کہ معبودوں کے درمیان کسی قسم کی موافقت و ہم آہنگی ہو گئی ہے۔ چنانچہ ہر معبود بغیر کسی اختلاف و تنازع کے اپنی پیدا کردہ مخلوق کو لے کر الگ ہو گیا ہے؛ تو اس میں بھی ان کی الوہیت کے باطل ہونے کی سب سے بڑی دلیل ہوگي، اس لیے کہ ہر معبود کی الوہیت اس گروہ کے حق میں ناقص ہوگی جسے اس نے پیدا نہیں کیا، جو کہ تمام معبودوں میں نقص کا باعث بنے گا اور اس سے محال لازم آتا ہے؛ کیوں کہ الوہیت کمال کا تقاضا کرتی ہے نہ کہ نقص کا۔
- جہاں تک اللہ تعالیٰ کی توحیدِ الوہیت کے واجب ہونے کی دلیل کا تعلق ہے، جو کہ توحیدِ عبادت ہے، یعنی عبادت کی تمام ظاہری اور باطنی اقسام کو صرف اور صرف اللہ عز وجل کے لیے خاص رکھا جائے۔ مثلا نماز، دعا، عاجزی، توکل، خضوع، خوف اور امید، ذبح اور نذر، استعانت، استعاذہ، استغاثہ اور ان کے علاوہ عبادت کی دیگر اقسام صرف اللہ وحدہ لا شریک لہ کے لیے ہی انجام دی جائیں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’اے لوگو! اپنے اس رب کی عبادت کرو جس نے تمھیں اور تم سے پہلے کے لوگوں کو پیدا کیا، یہی تمھارا بچاؤ ہے۔‘‘
[البقرۃ : 21]
پس رب ہی عبادت کا مستحق ہے اور اس کے سوا سب مخلوق اور پروردہ ہیں، جو عبادت کے مستحق نہیں ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے مشرکین کے اللہ کے سوا دوسرے معبود بنانے کو بہت سی عقلی دلیلوں کے ذریعے باطل قرار دیا ہے، جن میں سے ایک دلیل یہ ہے :
جن کو لوگوں نے الہ (معبود) بنا رکھا ہے ان میں ’’الوہیت‘‘ کی کوئی صفت موجود ہی نہیں ہے، بلکہ وہ خود مخلوق ہیں۔ کسی بھی چیز کو پیدا کرنا ان کے بس میں نہیں ہے۔ وہ اپنے عبادت گزاروں کو نہ کوئی نفع پہنچا سکتے ہیں، نہ ان سے کوئی تکلیف دور کر سکتے ہیں، نہ وہ ان کی زندگی اور موت کے مالک ہیں، اور نہ وہ آسمانوں اور زمین کی کسی چیز کے مالک ہیں۔
ایک اور دلیل اللہ تعالی کا یہ فرمان ہے :
’’ان لوگوں نے اللہ کے سوا جنھیں اپنے معبود ٹھہرا رکھے ہیں وه کسی چیز کو پیدا نہیں کرسکتے بلکہ وه خود پیدا کیے جاتے ہیں، یہ تو اپنی جان کے نقصان نفع کا بھی اختیارنہیں رکھتے اور نہ موت وحیات کے اور نہ دوباره جی اٹھنے کے وه مالک ہیں۔‘‘
[الفرقان : 3]۔
اسی طرح اس کا یہ فرمان بھی :
’’کہہ دیجیے! کہ اللہ کے سوا جن جن کا تمھیں گمان ہے (سب) کو پکار لو، نہ ان میں سے کسی کو آسمانوں اور زمینوں میں سے ایک ذره کا اختیار ہے نہ ان کا ان میں کوئی حصہ ہے نہ اُن میں سے کوئی اللہ کا مددگار ہے۔‘‘
[سبأ : 22]۔
’’کیا ایسوں کو شریک ٹھہراتے ہیں جو کسی چیز کو پیدا نہ کر سکیں اور وه خود ہی پیدا کیے گئے ہوں۔‘‘
(الأعراف : 54)۔
یعنی : کیا یہ مشرکین اللہ تعالیٰ کی عبادت میں اس کی مخلوقات کو شریک ٹھہراتے ہیں، حالانکہ وہ کچھ بھی پیدا نہیں کر سکتے، بلکہ وہ خود پیدا کیے گئے ہیں؟
اور جب ان معبودانِ باطلہ کا یہ حال ہے تو پھر ان کو حقیقی معبود بنالینا مکمل طور سے باطل اور انتہا درجہ کی بے وقوفی ہے۔
- اور اللہ تعالیٰ کے اسما وصفات میں توحید کے وجوب کی دلیل یہ ہے کہ ہم یہ جان لیں کہ خالق، مخلوق سے بالکل جُدا ہے۔
’’۔۔۔اُس جیسی کوئی چیز نہیں، وه سننے اور دیکھنے واﻻ ہے۔‘‘
[الشورٰی : 11]۔
’’۔۔۔۔اس جیسی کوئی چیز نہیں۔۔۔۔‘‘
یعنی : اس کی مخلوقات میں کوئی بھی چیز اس کی ہم مثل نہیں ہے۔ نہ اس کی ذات میں، نہ اس کے ناموں میں، نہ اس کی صفات میں اور نہ اس کے افعال میں، کیونکہ اس کے تمام نام بہترین ہیں، اس کی صفات کمال اور عظمت والی صفات ہیں اور اس کے افعال تو ایسے ہیں کہ ان کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے بغیر کسی شریک کے عظیم مخلوقات کو وجود بخشا۔ لہذا اس کے جیسی کوئی چیز نہیں ہے، کیونکہ وہ ہر اعتبار سے کمال میں منفرد اور یکتا ہے۔
شریعت کے بیان کردہ اسما وصفات کے ثبوت پر کچھ عقلی دلیلیں اس طرح پیش کی جا سکتی ہيں :
- یہ عظیم مخلوقات اپنے تنوع اور اختلاف، اپنے مصالح کی انجام دہی میں اپنے نظم و ضبط اور اپنے لیے متعین کردہ خطوط پر گامزن رہنے کے اعتبار سے اللہ کی عظمت وقدرت، اس کے علم وحکمت اور اس کے ارادے اور مشیت پر دلالت کرتی ہیں۔
- انعام و احسان کرنا، تکلیف کو دور کرنا اور مصیبتوں سے نجات دلانا؛ یہ چیزیں رحمت اور سخاوت و فیاضی پر دلالت کرتی ہیں۔
- گناہ گاروں کو سزا دینا اور ان سے انتقام لینا یہ دونوں باتیں ان پر اللہ کے غضب اور ان کے لیے اس کی ناپسندیدگی پر دلالت کرتی ہیں۔
- اطاعت گزار بندوں کی عزت افزائی اور انھیں ثواب عطا کرنا، ان سے اللہ کی رضا اور محبت کی دلیل ہے۔
’’اسی کی بہترین اور اعلیٰ صفت ہے، آسمانوں میں اور زمین میں بھی اور وہی غلبے واﻻ حکمت واﻻ ہے۔‘‘
[الروم : 27]۔ یعنی : اللہ سبحانہ و تعالیٰ جس صفت سے بھی متصف ہے اس میں اسی کا وصف سب سے اعلی اور بلند ہے۔ کوئی چیز اس کی مثل نہیں ہے۔ یہ محال ہے کہ کسی بہترین اور اعلیٰ صفت میں دو شریک ہوں؛ کیونکہ اگر وہ دونوں برابر ہوں تو ان میں سے کوئی ایک دوسرے سے اعلیٰ نہیں ہوگا۔ اور اگر وہ برابر نہ ہوں تو اعلیٰ صفت والا ان میں سے صرف ایک ہی ہوگا۔ لہذا یہ محال ہے کہ جس کے لیے اعلیٰ صفت ہو، اس کا کوئی ہم سر یا نظیر ہو۔
المصدر
ملاحظات
--