جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا تبرُّکْ کی صرف ایک قسم ہے یا پھر ایک سے زائد؟
السؤال
س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا تبرُّکْ کی صرف ایک قسم ہے یا پھر ایک سے زائد؟
الجواب
ج:تو آپ بتائیں کہ تبرک کی دوقسمیں ہیں:
پہلی قسم: مشروع وجائز تبرّک: جس کی مشروعیت اور اس سے تبرک لینے والے کے لیے فائدہ کے حصول پر کتاب وسنت میں دلیلیں وارد ہیں، اور بغیر کتاب وسنت کی دلیل کے کسی چیز میں برکت کا اعتقاد رکھنا جائز نہیں ہے، اس میں عقل واستحسان کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، پیدا کرنے والے، حکمت والے اللہ تبارک وتعالیٰ یا اس کے رسول ﷺ کے بتلائے بغیر ہم نہیں جانتے کہ یہ چیز مبارک ہے یا اس میں برکت ہے۔ اور کتاب وسنت کی پیروی میں ہی ہر طرح کی خیر وبرکت مضمر ہے، انہی کے ذریعہ ہمیں مبارک چیزوں کا علم ہوتا ہے، اور یہ بھی کہ کس طرح ان سے برکت حاصل کی جائے جیسے رسول ﷺ کی ذات اور ان سے الگ ہونے والی چیزیں مثلاً تھوک، بال اور آپ کے بدن سے مس کیے (چھوئے) ہوئے لباس سے تبرّک حاصل کرنا۔ تبرّک کا حصول نبی ﷺ کے ساتھ خاص ہے اور ان چیزوں کے ساتھ جن کا تعلق آپ ﷺ کی ذات سے ثابت ہے نیز اسی قبیل سے آپ کے بال اور لباس بھی ہیں۔ خرافی لوگ جھوٹ بولتے ہیں کہ ان کے پاس نبی ﷺ کے بال اور آپ ﷺ کے کپڑے ہیں، یہ سب مسلمانوں کی عقلوں سے کھلواڑ، ان کے دین کو برباد کرنے اور ان کے مال ودولت کو سلب کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔
دوسری قسم: ممنوع تبرک: جو حرام اور شرک باللہ تک پہنچاتا ہے، جیسے صالحین کی ہستیوں اور ان سے الگ ہونے والی چیزوں سے تبرک حاصل کرنا، ان کی قبروں پر نماز ودعا کے ذریعہ تبرک حاصل کرنا، ان کی قبروں کی مٹی سے دوا کے عقیدے سے تبرک حاصل کرنا بعینہ ہر اُس مقام، یا پتھر یا درخت سے تبرک حاصل کرنا یا طواف کرنا یا اُس پر چیتھڑا باندھنا جس کی فضیلت کا وہ اعتقاد رکھتا ہے، جب کہ یہ بات معلوم ہے کہ کوئی چیز ایسی نہیں جس کا بوسہ لینا اور چھونا (بغرض تبرک) مشروع ہو سوائے کعبہ میں موجود حجرِ اسود اور اس کے رکن کے، اس کے علاوہ کسی بھی چیز کو چھونا، بوسہ لینا اور اس کا طواف کرنا منع ہے۔ اور یہ شرکِ اکبر ہے اس صورت میں جبکہ انسان یہ عقیدہ رکھے کہ یہ خود برکت دیتے ہیں، یا وہ شرک اصغر ہے اس صورت میں جبکہ وہ یہ اعتقاد رکھے کہ یہ برکت کا سبب ہیں۔