Skip to content

جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کڑا پہننے یا ہاتھ پر یا گلے میں یا جانور یا گاڑی وغیرہ میں نظر، حسد، یا بلا ومصیبت سے بچنے یا اسے دور کرنے کی غرض سے دھاگا باندھنے کا کیا حکم ہے؟

السؤال

س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کڑا پہننے یا ہاتھ پر یا گلے میں یا جانور یا گاڑی وغیرہ میں نظر، حسد، یا بلا ومصیبت سے بچنے یا اسے دور کرنے کی غرض سے دھاگا باندھنے کا کیا حکم ہے؟

الجواب

ج:تو آپ کہیں کہ یہ شرک ہے۔ نبی ﷺ کی مندرجہ ذیل احادیث کی روشنی میں: مَنْ عَلَّقَ تَمِيمَةً فَقَدْ أَشْرَكَ. ”جس نے تعویذ لٹکائی اس نے شرک کیا“ (مسند احمد) لَا يَبْقَيَنَّ فِي رَقَبَةِ بَعِيرٍ قِلَادَةٌ مِنْ وَتَرٍ وَلَا قِلَادَةٌ إِلَّا قُطِعَتْ. ”جس شخص کے اونٹ کی گردن میں تانت کا گنڈا ہو یا گنڈا ہو تو اسے باقی نہ چھوڑے بلکہ اسے کاٹ ڈالے“۔ (صحیح بخاری) مَنْ عَقَدَ لِحْيَتَهُ أَوْ تَقَلَّدَ وَتَرًا أَوْ اسْتَنْجَى بِرَجِيعِ دَابَّةٍ أَوْ عَظْمٍ فَإِنَّ مُحَمَّدًا ﷺ بَرِيءٌ مِنْهُ. ”جس نے اپنی داڑھی میں گرہ لگائی یا تانت کا گنڈا باندھا یا چوپائے کی لید یا ہڈی سے استنجا کیا تو بے شک محمد ﷺ اس سے بری ہیں“۔ (مسند احمد) إِنَّ الرُّقَى وَالتَّمَائِمَ وَالتِّوَلَةَ شِرْكٌ. ”جھاڑ پھونک (جو عربی زبان میں نہ ہو یا جس کا معنی ومفہوم غیر واضح ہو) گنڈا (تعویذ) اور تولہ شرک ہیں“۔ (ابو داود) مَنْ عَلَّقَ تَمِيمَةً فَلَا أَتَمَّ اللَّهُ لَه. ”جو شخص تعویذ لٹکائے، اللہ تعالیٰ اس کی آرزو پوری نہ کرے“۔ (صحیح ابن حبان) جو شخص اوہام وخرافات سے اپنے تعلقات استوار کرلے وہ نامراد ہوتا ہے، جیساکہ حدیث میں ہے: مَنْ تَعَلَّقَ شَيْئًا وُكِلَ إِلَيْهِ. کہ ”جو شخص کوئی چیز لٹکاتا ہے وہ اسی کے سپرد کردیا جاتا ہے“۔

تِوَلہ: ایک جادوئی عمل ہے جس کے بارے میں ان کا گمان ہوتا ہے کہ اس کی وجہ سے شوہر بیوی کی نگاہ میں محبوب بن جاتا ہے یا دونوں کے مابین جدائی واقع ہوجاتی ہے، نیز تولہ کا عمل احباب اور قرابت داروں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔

تمائم (تعویذ گنڈے): ایسی چیزیں جو نظرِبد اور حسد سے بچانے کے لیے اولاد کے گلے میں لٹکائی جائیں۔

تمیمہ (تعویذ) کا معنی بیان کرتے ہوئے امام منذری رحمہ اللہ کہتے ہیں: ”موتی جسے لوگ اس نیت سے لٹکاتے ہیں کہ یہ ان سے مصیبتوں اور آفتوں کو دور کرے گی“۔ یہ جہالت وگمراہی ہے، کیونکہ یہ نہ تو شرعی سبب ہے اور نہ ہی کوئی قدرتی سبب۔ اسی قبیل سے کنگن (کڑا)، چیتھڑے اور وہ چھوٹے زیورات ہیں جنہیں انسان نظر بد سے بچنے کے لیے پہنتے ہیں، یا چوپائے، گاڑی اور گھروں میں لٹکائے جاتے ہیں۔