جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ ”لاالہ الا اللہ“ کی کیا شرطیں ہیں؟
السؤال
س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ ”لاالہ الا اللہ“ کی کیا شرطیں ہیں؟
الجواب
ج:تو آپ جواب دیں: کلمۂ توحید مجرد ایک کلمہ نہیں جسے بلا اعتقاد اور بغیر اس کے مقضیات پر عمل کیے اور بغیر اس کے نواقض سے اجتناب کیے صرف زبان سے اس کی ادائیگی کی جائے، بلکہ اس کی سات شرطیں ہیں جنہیں علمائے کرام نے شرعی دلائل میں تتبع اور تلاش کے بعد مستنبط کیا ہے اور اسے کتاب وسنت سے مدلل کر کے لکھا اور جمع کیا ہے اور وہ درج ذیل ہیں:
- نفی اور اثبات دونوں اعتبار سے اس کلمہ کے معنی کا علم ہونا چاہیے، یعنی اس بات کا علم ہو کہ اللہ تعالیٰ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، وہی عبادت کا مستحق ہے، نیز اس بات کا بھی علم ہو جس پر اللہ تعالی کی الوہیت دلالت کرتی ہے یعنی اللہ تعالی کی ذات کے ما سواہ سے الوہیت کی نفی کرنا اور کلمہ کے تقاضوں، اس کے لوازم اور اس کے نواقض کو جاننا جو جہالت کے منافی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: فَاعْلَمْ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ. ”سو (اے نبی!) آپ یقین کر لیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں“۔ (سورۃ محمد:19)، اسی طرح اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: إِلَّا مَنْ شَهِدَ بِالْحَقِّ وَهُمْ يَعْلَمُونَ. ”مگر جو حق بات کا اقرار کریں اور انہیں علم بھی ہو“۔ (سورۃ الزخرف:86)، نیز نبی ﷺ نے فرمایا: مَنْ مَاتَ وَهُوَ يَعْلَمُ أَن لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ، دَخَلَ الْجَنَّةَ. کہ ”جس کی موت اس حال میں ہو کہ وہ جانتا تھا کہ اللہ کے سوا کوئی دوسرا حقیقی معبود نہیں، تو وہ جنت میں داخل ہوگا“۔ (صحیح مسلم)
- ایسا پختہ یقین جو شک وشبہ کے بالکل منافی ہو یعنی وہ کلمہ دل میں راسخ اور ثابت ہو، اللہ تعالیٰ نے فرمایا: إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ الَّذِينَ آَمَنُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ ثُمَّ لَمْ يَرْتَابُوا وَجَاهَدُوا بِأَمْوَالِهِمْ وَأَنْفُسِهِمْ فِي سَبِيلِ اللَّهِ أُولَئِكَ هُمُ الصَّادِقُونَ. ”مومن تو وہ ہیں جو اللہ پر اور اس کے رسول پر (پکا) ایمان لائیں پھر شک وشبہ نہ کریں، اپنے مالوں اور اپنی جانوں سے اللہ کی راہ میں جہاد کرتے رہیں، (اپنے دعوائے ایمان میں) یہی سچے اور راست گو ہیں“۔ (سورۃ الحجرات:15) اور آپ ﷺ نے فرمایا: مَنْ قَالَ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ، وَأَنِّي رَسُولُ اللهِ، لَا يَلْقَى اللهَ بِهِمَا عَبْدٌ غَيْرَ شَاكٍّ فِيهِمَا، إِلَّا دَخَلَ الْجَنَّةَ. کہ ”جس نے کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ نہیں ہے کوئی معبود برحقِ سوائے اللہ کے، اور یہ کہ میں (محمد ﷺ) اللہ کا رسول ہوں، پس جو بندہ اللہ سے ملے اور ان دونوں باتوں میں اس کو شک نہ ہو تو وہ جنت میں جائے گا“۔ (صحیح مسلم)
- اخلاص جو شرک کے منافی ہو اور یہ عبادت کو شرک کے شائبہ یا ریاکاری سے پاک وصاف رکھنے سے ممکن ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا: أَلَا لِلَّهِ الدِّينُ الْخَالِصُ. ”خبردار اللہ تعالی ہی کے لیے خالص عبادت کرنا ہے“۔ (سورۃ الزمر:3)، اور اللہ تعالی کا یہ فرمان: وَمَا أُمِرُوا إِلَّا لِيَعْبُدُوا اللَّهَ مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ. ”انہیں اس کے سوا کوئی حکم نہیں دیا گیا کہ صرف اللہ کی عبادت کریں، اسی کے لیے دین کو خالص رکھتے ہوئے“۔ (سورۃ البينة:5) نیز رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: أَسْعَدُ النَّاسِ بِشَفَاعَتِي يَوْمَ القِيَامَةِ، مَنْ قَالَ لاَ إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ، خَالِصًا مِنْ قَلْبِهِ أو نفسه. ”قیامت کے دن لوگوں میں میری شفاعت کا سب سے زیادہ مستحق وہ خوش نصیب شخص ہوگا جس نے اپنے دل یا نفس سے خلوص کے ساتھ ’لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ‘ کہا ہوگا“۔(صحیح بخاری)
4- اس کلمہ اور جس پر یہ کلمہ دلالت کرے اس سے محبت کرنا، اس پر خوش ہونا اور اس کلمہ والوں (مسلمانوں) سے محبت اور ان سے وفاداری کرنا، نیز اس کلمہ کے منافی امور سے بغض اور نفرت کرنا اور کافروں سے براءت کا اظہار کرنا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: وَمِنَ النَّاسِ مَن يَتَّخِذُ مِن دُونِ اللَّـهِ أَندَادًا يُحِبُّونَهُمْ كَحُبِّ اللَّـهِ ۖ وَالَّذِينَ آمَنُوا أَشَدُّ حُبًّا لِّلَّـهِ. کہ ”بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو اوروں کو اللہ کے شریک ٹھہرا کر ان سے ایسی محبت رکھتے ہیں جیسی محبت اللہ سے ہونی چاہئے، جب کہ ایمان والے سب سے بڑھ کر اللہ کو محبوب رکھتے ہیں“۔ (سورۃ البقرة: 165) اور رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: ثَلَاثٌ مَنْ كُنَّ فِيهِ، وَجَدَ حَلَاوَةَ الْإِيمَانِ؛ أَنْ يَكُونَ اللَّهُ وَرَسُولُهُ، أَحَبَّ إِلَيْهِ مِمَّا سِوَاهُمَا، وَأَنْ يُحِبَّ الْمَرْءَ لَا يُحِبُّهُ إِلَّا لِلَّهِ، وَأَنْ يَكْرَهَ أَنْ يَعُودَ فِي الْكُفْرِ كَمَا يَكْرَهُ أَنْ يُقْذَفَ فِي النَّارِ. کہ ”تین خصلتیں ایسی ہیں جن میں وہ پائی جائیں گی، وہ ان کی بدولت ایمان کی لذت اور مٹھاس محسوس کرے گا: یہ کہ اللہ اور اس کا رسول اسے ان کے ما سوا ہر چیز سے زیادہ محبوب ہو، اور یہ کہ وہ کسی آدمی سے صرف اللہ کے لیے محبت رکھے، اور یہ کہ وہ دو بارہ کفر میں لوٹنے کو، جب کہ اللہ نے اسے بچا لیا ہے، اسی طرح برا سمجھے جیسے آگ میں ڈالے جانے کو وہ برا سمجھتا ہے“۔ (صحیح مسلم)
- ایسی سچائی جو جھوٹ کے منافی ہو، یعنی جس کلمۂ توحید کا زبان سے اقرار کیا ہے اس پر دل اور اعضاء موافق ہوں، پس دل جس کا اقرار کرے اعضاء اس کی شہادت دیں، اور ظاہری و باطنی ہر طرح سے اطاعت اور فرمانبرداری کریں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: فلَيَعْلَمَنَّ اللهُ الَّذين صَدَقُوا ولَيَعْلَمَنّ الكاذبين. کہ ”یقینا اللہ تعالیٰ انہیں بھی جان لے گا جو سچ کہتے ہیں اور انہیں بھی معلوم کرلے گا جو جھوٹے ہیں“۔ (سورۃ العنكبوت:3)؛ اسی طرح فرمان باری تعالی ہے: والَّذي جاء بالصِّدق وصدَّق به أولئك هُمُ الْمتَّقون. ”اور جو سچے دین کو لائے اور جس نے اس کی تصدیق کی یہی لوگ پارسا ہیں“۔ (سورۃ الزمر:33) اور اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا: مَنْ مَاتَ وَهُوَ يَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ، وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ صَادِقًا مِنْ قَلْبِهِ دَخَلَ الْجَنَّةَ. ”جو شخص سچے دل سے اس بات کی گواہی دیتے ہوئے مرا کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں اور محمد (ﷺ) اللہ کے رسول ہیں تو وہ جنت میں داخل ہوگا“۔ (مسند أحمد)
- صرف اللہ تعالیٰ کے لیے عبادت کو خاص کرتے ہوئے اخلاص، رغبت، امید، خوف الہی، اوامر کی بجاآوری اور منع کردہ چیزوں سے رک کر اُس پر سرِ تسلیم خم کر دینا اور اس کے حقوق کو بجا لانا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: وَأَنِيبُوا إِلَىٰ رَبِّكُمْ وَأَسْلِمُوا لَهُ. کہ ”تم (سب) اپنے پروردگار کی طرف جھک پڑو اور اس کی حکم برداری کیے جاؤ“۔ (سورۃ الزمر:54)؛ نیز اللہ تعالیٰ نے فرمایا:وَمَن يُسْلِمْ وَجْهَهُ إِلَى اللَّـهِ وَهُوَ مُحْسِنٌ فَقَدِ اسْتَمْسَكَ بِالْعُرْوَةِ الْوُثْقَىٰ. ”جو اپنے آپ کو اللہ کے تابع کردے اور ہو بھی وہ نیکوکار یقیناً اس نے مضبوط کڑا تھام لیا“۔ (سورۃ لقمان:22)
- ایسا قبول جو رد کے منافی ہو یعنی کلمہ اور جس معنی پر وہ دلالت کرے اور جس کا تقاضا کرے اسے دل سے قبول کرنا۔ لیکن جس شخص کو اس کلمہ کی طرف بلایا جائے اور وہ اسے تعصب اور تکبر سے قبول نہ کرے تو ایسا شخص مسلمان نہیں ہوسکتا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: إِنَّهُمْ كَانُوا إِذَا قِيلَ لَهُمْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ يَسْتَكْبِرُونَ. کہ ”یہ وہ ( لوگ) ہیں کہ جب ان سے کہا جاتا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں تو یہ سرکشی کرتے ہیں“۔ (سورۃ الصافات:35)