Skip to content

جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ ”لاالہ الا اللہ“ اور ”محمد رسول اللہ“ کی شہادت کا کیا مفہوم ہے؟

السؤال

س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ ”لاالہ الا اللہ“ اور ”محمد رسول اللہ“ کی شہادت کا کیا مفہوم ہے؟

الجواب

ج:تو آپ جواب دیں کہ ’’لاالہ الا اللہ‘‘ کی شہادت کا مطلب ہے ”اللہ کے سوا کوئی دوسرا معبودِ برحق نہیں“ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان میں ہے: وَإِذْ قَالَ إِبْرَاهِيمُ لِأَبِيهِ وَقَوْمِهِ إِنَّنِي بَرَاءٌ مِمَّا تَعْبُدُونَ، إِلَّا الَّذِي فَطَرَنِي فَإِنَّهُ سَيَهْدِينِ، وَجَعَلَهَا كَلِمَةً بَاقِيَةً فِي عَقِبِهِ لَعَلَّهُمْ يَرْجِعُونَ. ”اور جب کہ ابراہیم نے اپنے والد سے اور اپنی قوم سے کہا کہ میں ان چیزوں سے بیزار ہوں جن کی تم عبادت کرتے ہو، بجز اس ذات کے جس نے مجھے پیدا کیا ہے اور وہی مجھے ہدایت بھی دے گا، اسی کو اپنی اولاد میں بھی باقی رہنے والی بات قائم کر گئے تاکہ لوگ (شرک سے) باز آتے رہیں“۔ (سورۃ الزخرف:26- 28) نیز اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ذَلِكَ بِأَنَّ اللَّهَ هُوَ الْحَقُّ وَأَنَّ مَا يَدْعُونَ مِنْ دُونِهِ هُوَ الْبَاطِلُ وَأَنَّ اللَّهَ هُوَ الْعَلِيُّ الْكَبِيرُ. ”یہ سب اس وجہ سے ہیں کہ اللہ تعالیٰ حق ہے اور اس کے سوا جن جن کو لوگ پکارتے ہیں سب باطل ہیں اور یقینًا اللہ تعالیٰ بہت بلندیوں والا اور بڑی شان والا ہے“۔ (سورة لقمان:29)

اور ”محمد رسول اللہ“ کی شہادت کا مفہوم یہ ہے کہ ہم یقین کریں اور اس بات کا اقرار کریں کہ محمد ﷺ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں، آپ بندہ ہیں آپ کی عبادت نہیں کی جاسکتی، آپ نبی ہیں آپ کو جھٹلایا نہیں جاسکتا، آپ کے حکم کی پیروی کی جائے گی اور آپ کی دی ہوئی خبروں کی تصدیق کی جائے گی اور جن چیزوں سے آپ نے روکا اور ڈانٹا ہے اس سے اجتناب کیا جائے گا نیز اللہ کی عبادت نہیں کی جائے گی مگر جس طریقے پر آپ نے اسے مشروع قرار دیا ہے۔

اور امت پر آپ ﷺ کا یہ حق بنتا ہے کہ وہ آپ ﷺ کی تکریم وتعظیم کریں، آپ سے محبت کریں اور ہر وقت طاقت بھر آپ کی مطلق طور پر اتباع کریں، اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے فرمایا: قُلْ إِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللَّهُ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوبَكُمْ. ”کہہ دیجئے! اگر تم اللہ تعالیٰ سے محبت رکھتے ہو تو میری تابعداری کرو، خود اللہ تعالیٰ تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناه معاف فرما دے گا“۔ (سورۃ آل عمران:31)