Skip to content

قیامت کا دن کیا ہے؟

محاور التعريف بالإسلام
اليوم الآخر والمصيرالحساب
مصدر الإجابة
قسم البعث | كتاب: الإسلام دين رب العالمين، ص 17-18.
الباب / الفصل
(قسم البعث)

السؤال

قیامت کا دن کیا ہے؟

الجواب

الحمد للہ، قیامت کا دن وہ عظیم دن ہے جس کے قرآن کریم میں متعدد نام آئے ہیں۔ اس کے متعدد نام ہونے کی وجہ اس دن پیش آنے والی ہولناکیوں اور واقعات کی کثرت ہے۔ اسے یوم القیامۃ، یوم التغابن، الصاخۃ، القارعۃ، البعث، الحشر، النشور، التناد، الزلزلۃ اور الطامۃ وغیرہ جیسے بہت سے ناموں سے یاد کیا گیا ہے۔

اس دن کے آنے کا وقت اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ اس کا علم تو کسی مبعوث کردہ نبی اور مقرب فرشتہ کو بھی نہیں دیا گیا ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

"قیامت یقیناً آنے والی ہے، جسے میں پوشیده رکھنا چاہتا ہوں، تاکہ ہر شخص کو وه بدلہ دیا جائے جو اس نے کوشش کی ہو۔"

[طہ : 50]۔

ایک اور مقام پر فرمایا ہے :

"یہ لوگ آپ سے قیامت کے متعلق سوال کرتے ہیں کہ اس کا وقوع کب ہوگا؟ آپ فرما دیجئے کہ اس کا علم صرف میرے رب ہی کے پاس ہے، اس کے وقت پر اس کو سوا اللہ کے کوئی اور ظاہر نہ کرے گا۔ وه آسمانوں اور زمین میں بڑا بھاری (حادثہ) ہوگا، وه تم پر محض اچانک آپڑے گی۔ وه آپ سے اس طرح پوچھتے ہیں گویا آپ اس کی تحقیقات کرچکے ہیں۔ آپ فرما دیجیے کہ اس کا علم خاص اللہ ہی کے پاس ہے، لیکن اکثر لوگ نہیں جانتے۔"

(الأعراف : 54)۔

قیامت سے قبل اس کی علامتیں ظاہر ہوں گی۔ قیامت کی بہت سی نشانیاں ہیں۔ بعض نشانیاں سامنے بھی آ چکی ہیں، جب کہ دس بڑی نشانیاں ایسی ہیں جو آخری زمانے میں ظاہر ہوں گی۔ یہ نشانیاں حذیفہ بن اسید الغفاری رضی اللہ عنہ سے مروی اس حدیث میں مذکور ہیں :

"ہم آپس میں گفتگو کر رہے تھے کہ نبی ﷺ ہمارے پاس تشریف لائے اور پوچھا: ”تم لوگ کس چیز کے بارے میں گفتگو کر رہے ہو؟“ ہم نے عرض کیا: ہم قیامت کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہوگی، جب تک تم اس سے پہلے دس نشانیاں نہ دیکھ لو“۔ پھر آپ ﷺ نے ذکر فرمایا: دھواں، دجال، دابۃ الارض (زمین کے جانور)، سورج کے مغرب سے طلوع ہونے، عیسیٰ بن مریم علیہ السلام کے نزول، یاجوج و ماجوج اور تین بار زمین کے دھنسنے کا: ایک بار مشرق میں، ایک بار مغرب میں اور ایک بار جزیرۃ العرب میں اور (بتایا کہ) ان سب کے بعد ایک آگ جو یمن سے نکلے گی، جو لوگوں کو ان کے محشر کی طرف ہانک کر لے جائے گی"۔

[صحیح مسلم، حدیث نمبر : 170]۔

اس دن لوگوں کو اس حال میں اٹھایا جائے گا کہ وہ ننگے پاؤں ہوں گے، جسم میں کپڑے نہیں ہوں گے اور ختنہ بھی کیا ہوا نہیں ہوگا۔ حساب و کتاب کے انتظار میں انہیں بہت لمبے وقت کے لیے کھڑا رہنا پڑے گا۔ سورج ان کے قریب آ جائے گا اور کثرت سے پسینہ بہے گا۔ اللہ تعالیٰ اس دن اگلوں اور پچھلوں کو جمع فرمائے گا۔ لوگ اس حالت سے راحت پانے کے لیے انبیا علیہم السلام سے شفاعت کی گزارش کریں گے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی محمد ﷺ کو مخلوقات کے حق میں شفاعت کی اجازت عطا فرمائے گا۔ لہذا آپ ﷺ اپنے رب کی بارگاہ میں درخواست کریں گے کہ وہ فیصلہ فرما دے۔ اس دن بہت سی ہولناکیاں، گھبراہٹ اور بے شمار مناظر سامنے آئيں گے، جن کی تفصیل کتاب اور سنتِ صحیحہ میں بیان کی گئی ہے۔

اس دن ہر امت اپنے رسول کے ساتھ آئے گی اور اس کا رسول اس کے بارے میں گواہی دے گا۔ ہمارے نبی محمد ﷺ کی امت ہر نبی کے حق میں گواہی دے گی کہ اس نے رسالت پہنچا دی تھی اور امانت ادا کر دی تھی۔ اس دن بندوں کے اعمال نامے کھولے جائیں گے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

"اور نامہٴ اعمال سامنے رکھ دیا جائے گا، تو تم مجرموں کو دیکھو گے کہ وہ اس کے اندراجات سے خوف زدہ ہوں گے اور کہہ رہے ہوں گے کہ ہائے ہماری بدبختی! یہ کیسا نوشتہ ہے، جس نے کوئی چھوٹی بڑی بات شمار کیے بغیر چھوڑی ہی نہیں ہے! جو کچھ انہوں نے کیا تھا وہ سب اپنے سامنے حاضر پائیں گے اور تمہارا رب کسی پر ذرہ برابر ظلم نہ کرے گا۔"

[الکھف: 49]،

بندوں کے اعمال کو وزن کرنے کے لیے ترازو لگائی جائے گی۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

"قیامت کے دن ہم درمیان میں ﻻ رکھیں گے ٹھیک ٹھیک تولنے والی ترازو کو۔ پھر کسی پر کچھ بھی ظلم نہ کیا جائے گا۔ اور اگر ایک رائی کے دانے کے برابر بھی عمل ہوگا ہم اسے ﻻ حاضر کریں گے، اور ہم کافی ہیں حساب کرنے والے۔"

[الأنبیاء : 23]۔

گواہ حاضر کیے جائیں گے اور غالب و قاہر اللہ فیصلہ کرنے کے لیے متوجہ ہوگا۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

"اور زمین اپنے پروردگار کے نور سے جگمگا اٹھے گی، نامہٴ اعمال حاضر کیے جائیں گے، نبیوں اور گواہوں کو ﻻیا جائے گا اور لوگوں کے درمیان حق فیصلے کر دیے جائیں گے اور وه ظلم نہ کیے جائیں گے۔"

[الزمر: 42]۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

"اور تیرا رب آجائے گا اور فرشتے صفیں باندھ کر (آئیں گے)۔"

[الفجر: 27-30]،

وہ دن دنیا کی زندگی میں مخلوق کے کیے گئے اعمال کے حساب و کتاب اور جزا و سزا کا دن ہوگا۔ پس جس کے پلڑے بھاری ہوں گے وہ کامیاب اور نجات پانے والوں میں سے ہوگا اور جس کے پلڑے ہلکے ہوں گے وہ لوگ خسارہ پانے والوں میں سے ہوگا۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

"پھر ہم چونکہ پوری خبر رکھتے ہیں، لہذا ان کے روبرو بیان کردیں گے۔ اور ہم کچھ بے خبر نہ تھے۔

اور اس روز وزن بھی برحق ہے۔ پھر جس شخص کا پلا بھاری ہوگا، سو ایسے لوگ کامیاب ہوں گے۔

اور جس شخص کا پلا ہلکا ہوگا، سو یہ وه لوگ ہوں گے، جنہوں نے اپنا نقصان کرلیا بہ سبب اس کے کہ ہماری آیتوں کے ساتھ ظلم کرتے تھے۔"

حساب کتاب کے بعد مؤمنوں کو جنت کی طرف لے جایا جائے گا، جو ہمیشہ رہنے والی اور کبھی ختم نہ ہونے والی نعمتوں کا گھر ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے :

"ہمیشہ رہنے کے باغات، جہاں یہ خود جائیں گے اور ان کے باپ داداؤں اور بیویوں اور اوﻻدوں میں سے بھی جو نیکو کار ہوں گے، ان کے پاس فرشتے ہر ہر دروازے سے آئیں گے۔"

[الرعد: 23]،

جب کہ گنہگار کافروں کو جہنم کی طرف ہانک کر لے جایا جائے گا، جو ابدی اور کبھی ختم نہ ہونے والے عذاب اور سخت سزا کا گھر ہے۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:

"اور جو لوگ کافر ہیں، ان کے لیے دوزخ کی آگ ہے۔ نہ تو ان کی قضا ہی آئے گی کہ مر ہی جائیں اور نہ دوزخ کا عذاب ہی ان سے ہلکا کیا جائے گا۔ ہم ہر کافر کو ایسی ہی سزا دیتے ہیں۔"

[فاطر: 36]

کافروں کو ان کی سزا اور ایمان والوں کو ان کا ثواب مل جانے کے بعد، فرشتے اپنے رب کے کامل عدل اور عظیم حکمت پر اس کی حمد بیان کریں گے۔ ارشاد باری ہے:

"اور تو فرشتوں کو اللہ کے عرش کے اردگرد حلقہ باندھے ہوئے اپنے رب کی حمد و تسبیح کرتے ہوئے دیکھے گا اور ان میں انصاف کا فیصلہ کیا جائے گا اور کہہ دیا جائے گا کہ ساری خوبی اللہ ہی کے لیے ہے جو تمام جہانوں کا پالنہار ہے۔"

درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔

المصدر

قسم البعث كتاب: الإسلام دين رب العالمين، ص 17-18. قسم البعث كتاب: الإسلام دين رب العالمين، ص 17-18.

ملاحظات

--