Skip to content

موت کے بارے میں مسلمان کا عقیدہ کیا ہے؟

محاور التعريف بالإسلام
الشبهات والاعتراضات
مصدر الإجابة
قسم البعث
الباب / الفصل
(قسم البعث)

السؤال

موت کے بارے میں مسلمان کا عقیدہ کیا ہے؟

الجواب

ہر قسم کی تعریف اللہ ہی کی ہے۔ جس طرح اللہ تعالیٰ نے حیات کو پیدا کیا ہے اسی طرح موت کو بھی پیدا کیا ہے، جیسا کہ اس نے کہا ہے:

’’جس نے موت اور حیات کو اس لیے پیدا کیا کہ تمھیں آزمائے کہ تم میں سے اچھے کام کون کرتا ہے، اور وه غالب (اور) بخشنے واﻻ ہے۔‘‘

[الملك : 2]۔

لہذا موت اور زندگی، رات دن کا اختلاف، سب عظیم نشانیاں ہیں، جو ایک ایسے عظیم خالق کے وجود کی دلیلیں ہیں، جو اس کائنات اور اس میں موجود ہر چیز کی تدبیر کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

"اور یہ وہی ہے جو جِلاتا اور مارتا ہے اور رات دن کے رد و بدل کا مختار بھی وہی ہے۔ کیا تم کو سمجھ بوجھ نہیں؟"

[المؤمنون : 12-14]۔

اللہ ہی زندہ کرتا ہے اور وہی مارتا ہے۔ چنانچہ موت، جیسا کہ ہم نے بیان کیا، رب جل جلالہ کے وجود پر دلالت کرنے والے دلائل میں سے ایک ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

"اور وہی اپنے بندوں کے اوپر غالب و برتر ہے اور تم پر نگہداشت رکھنے والے بھیجتا ہے، یہاں تک کہ جب تم میں سے کسی کو موت آ پہنچتی ہے، اس کی روح ہمارے بھیجے ہوئے فرشتے قبض کرلیتے ہیں اور وه ذرا کوتاہی نہیں کرتے۔"

[سورہ انعام : 103]

موت ایک ایسا امرِ الٰہی ہے جس پر اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کو قدرت نہیں۔ چنانچہ آپ دیکھتے ہیں کہ انسان اپنی طاقت کے عروج اور جوانی کے جوبن میں ہوتا ہے، جیسے کوئی کھلاڑی اپنے کھیل کے میدان میں ہوتا ہے اور موت اسے اس کے تماشائیوں کے سامنے اچک لیتی ہے، ایک بادشاہ اپنی سلطنت میں اپنے محافظوں اور لشکروں کے درمیان ہوتا ہے اور موت اسے اچک لیتی ہے اور کوئی اسے موت کے جبڑے سے نکال نہیں پاتا۔ اسی لیے یہ امر رب جل جلالہ کے وجود کے دلائل میں سے ہے۔

قرآن و سنت کی روشنی میں موت کی دو قسمیں ہیں:

پہلی: یہ معنوی موت ہے۔ معنوی موت یہ ہے کہ انسان کفر کی حالت میں رہے۔ اللہ نے اسے موت کا نام اس لیے دیا ہے کہ اس حالت میں انسان اپنی عقل، سماعت اور بصارت کو معطل کر چکا ہوتا ہے۔ لہذا وہ مُردہ کے مشابہ ہے۔ ورنہ یہ کیسے ممکن ہے کہ انسان زندگی میں آئے، پھر دیکھے کہ اللہ نے اس کے لیے رہنے کی جگہ تیار کر رکھی ہے، آسمانوں اور زمین کو اس کے لیے مسخر کر دیا ہے، اس کے پینے اور کھانے کا انتظام کر رکھا ہے، ایسی چیزیں پیدا کر دی ہیں جو اسے گرمی، سردی اور بارش سے بچائيں، اسے اس زمین پر جینے کے لیے سازگار بنایا ہے، پھر انسان اس زندگی میں جیتا ہے اور یہ گمان کرتا ہے کہ وہ زندہ ہے اور اس کے پاس سماعت، بصارت اور ایسا دل ہے جس سے وہ سمجھ سکتا ہے، پھر بھی وہ یہ نہیں جانتا کہ اس کائنات کا ایک خالق ہے جس نے اسے پیدا کیا ہے اور نہ اس رب کی عبادت کرتا ہے جس نے اسے وجود بخشا ہے۔ کیا وہ اپنے تمام اعضا کو ایک خالقِ حکیم کی تدبیر سے منظم نہیں دیکھتا؟ ایسا انسان جو اپنے خالق کو نہیں جانتا اور اپنے اردگرد کی چیزوں کا مفید ادراک نہیں رکھتا، اس کے اندر اور اپنی قبر میں دفن اس مُردے کے اندر کیا فرق ہے جو اپنے اردگرد کی چیزوں سے واقف نہيں ہوتا؟ بے شک یہ انسان - زندوں میں مُردہ - قرآنِ عظیم کے مطابق جانوروں سے بھی زیادہ گمراہ ہے؛ کیونکہ کم از کم جانور اپنے بھائی پر زیادتی نہیں کرتا، نہ اس سے حسد کرتا ہے، نہ اسے قتل کرتا ہے اور نہ اس سے جھوٹ بولتا ہے۔ کیا تم نے کسی گدھے کو دیکھا ہے جو دوسرے گدھے کے پاس موجود چیز پر اس سے حسد کرے، اسے دھوکہ دے یا اس پر ظلم کرے؟ جانور اپنے حواس کو اس چیز میں استعمال کرتا ہے جو اس کے لیے مفید ہو اور اپنے ادراک سے اس چیز سے بچتا ہے جو اس کے لیے نقصان دہ ہو۔

قرآن کریم نے بیان کیا ہے کہ کافر اپنے حواس اور قوتوں کو اس مقصد کے لیے استعمال نہیں کرتا جس کے لیے اسے پیدا کیا گیا ہے۔ نہ ہی ان کاموں میں، جو اسے فائدہ پہنچائیں اور ہمیشہ کی بدبختی سے نکال باہر کریں، بلکہ وہ اپنے حواس کو ان کاموں میں لگاتا ہے، جن میں اس کا نقصان اور خسارہ ہے۔

یہاں ایک سوال ہے: قرآن کریم کب زندوں میں سے مردہ شخص کو زندہ شمار کرتا ہے؟ وہ اس وقت زندہ قرار پاتا ہے جب وہ اپنی عقلی قوتوں اور اپنی سماعت و بصارت کا صحیح استعمال کرے، پھر یہ حواس اور قوتیں اسے اپنے خالق پر ایمان لانے کی طرف لے جائیں۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

"ایسا شخص جو پہلے مرده تھا، پھر ہم نے اس کو زنده کردیا اور ہم نے اس کو ایک ایسا نور دے دیا کہ وه اس کو لیے ہوئے آدمیوں میں چلتا پھرتا ہے۔ کیا ایسا شخص اس شخص کی طرح ہوسکتا ہے، جو تاریکیوں سے نکل ہی نہیں پاتا؟ اسی طرح کافروں کو ان کے اعمال خوش نما معلوم ہوا کرتے ہیں۔"

دوسری: معروف موت، جس سے مراد روح کا بدن سے جدا ہو جانا ہے اور جسے تمام ثقافتیں اور معاشرے جانتے ہیں۔ اس کا سامنا مسلمان اور کافر دونوں کو کرنا پڑتا ہے۔ چنانچہ جب موت کا وقت آتا ہے تو اللہ تعالیٰ موت کے فرشتوں کو بھیجتا ہے تاکہ وہ اس انسان کی روح قبض کر لیں جس کی وفات کا وقت آچکا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

"کہہ دیجیے کہ تمہیں موت کا فرشتہ فوت کرے گا جو تم پر مقرر کیا گیا ہے۔ پھر تم سب اپنے پروردگار کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔"

[السجدۃ : 21]۔

چنانچہ بغیر اللہ کے حکم کے کوئی کسی کو نہیں مار سکتا، تو اللہ کے سوا کون مارنے والا ہو سکتا ہے؟ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

"وہی جان ڈالتا ہے، وہی جان نکالتا ہے اور تم سب اسی کے پاس ﻻئے جاؤ گے۔"

[يونس: 57]۔

اللہ کی ذات ایک ایسی ذات ہے کہ جب وہ کسی کی موت کا فیصلہ کر دے، تو اسے کوئی ٹال نہیں سکتا اور جب وہ کسی کی عمر دراز کرنے کا فیصلہ کر لے تو کوئی اسے موت نہیں دے سکتا۔ موت و حیات اللہ سبحانہ کے ہاتھ میں ہے۔ ارشاد باری ہے:

ہم ہی نے تم میں موت کو متعین کر دیا ہے اور ہم اس سے ہارے ہوئے نہیں ہیں۔

[الواقعۃ: 77-80]،

ایک اور مقام پر فرمایا ہے :

"کہہ دیجیے کہ اگر تم سچے ہو تو اپنی جانوں سے موت کو ہٹا دو۔"

[آل عمران: 3-4].

موت کا ایک مقررہ وقت ہے، جو نہ آگے ہو سکتا ہے اور نہ پیچھے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

"جب ان کا وه وقت آجاتا ہے، تو وه ایک ساعت نہ پیچھے ره سکتے ہیں اور نہ آگے بڑھ سکتے ہیں۔"

(النحل : 97)۔

یہاں ایک اور سوال ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا قرآن و سنت کے مطابق مومن کی موت کافر کی موت سے مختلف ہوتی ہے؟ تو ہم کہتے ہیں: ہاں، دونوں میں بہت بڑا فرق ہوتا ہے، لیکن اس بات کا احساس صرف اسی کو ہوتا ہے جس کی موت کا وقت قریب آچکا ہو، نیز یہ کہ یہ ایک غیبی حقیقت ہے جس کا ہر انسان کو سامنا کرنا پڑے گا، خواہ اسے اس کا علم ہو یا نہ ہو، اس پر ایمان لایا ہو یا اس کا انکار کیا ہو۔ چنانچہ قرآنِ کریم نے اس کے بارے میں بتا دیا ہے اور اسے واضح کر دیا ہے؛ تاکہ انسان اپنی موت کے وقت اچانک حیران نہ رہ جائے اور قیامت کے دن اپنے رب سے یہ نہ کہے کہ تو نے مجھے بتایا کیوں نہيں تھا؟

جہاں تک مؤمن کی موت کا تعلق ہے تو اسے قرآن کریم کی مندرجہ ذیل آیاتِ کریمہ واضح کرتی ہیں۔ ان میں بتایا گیا ہے کہ جب مومن کی موت کا وقت آتا ہے تو اس پر رحمت کے فرشتے نازل ہوتے ہیں، جو اسے اللہ کی خوشنودی کی خوش خبری سناتے ہیں۔ فرمان باری تعالی ہے:

اے اطمینان والی روح۔

تو اپنے رب کی طرف لوٹ چل اس طرح کہ تو اس سے راضی وه تجھ سے خوش۔

پس میرے خاص بندوں میں داخل ہو جا۔

اور میری جنت میں چلی جا۔"

[الفجر: 27-30]،

اسے یہ بشارت بھی دی جاتی ہے کہ پیش آنے والے حالات سے نہ خوف کرے اور نہ اولاد و والدین کے پيجھے چھوڑنے پر غمگین ہو۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

’’(واقعی) جن لوگوں نے کہا کہ ہمارا پروردگار اللہ ہے پھر اسی پر قائم رہے ان کے پاس فرشتے (یہ کہتے ہوئے آتے ہیں کہ تم کچھ بھی اندیشہ اور غم نہ کرو (بلکہ) اس جنت کی بشارت سن لو جس کا تم وعده دیئے گئے ہو۔‘‘

[فصلت: 2-4]،

جہاں تک کافر کی موت کا تعلق ہے تو وہ ایک بھیانک موت اور کٹھن مرحلہ ہے، جس میں اس پر سکراتِ موت، دنیا سے جدائی کا غم، اہل و عیال اور اولاد کا رنج، جس انجام کی طرف وہ جا رہا ہے اس کا خوف اور نزعِ روح کے وقت عذاب کے فرشتوں کا سامنا؛ یہ سب ایک ساتھ جمع ہو جاتے ہیں۔ اس ہولناک منظر کو درج ذیال آیات واضح کرتی ہیں :

"اور اگر آپ اس وقت دیکھیں، جب کہ یہ ظالم لوگ موت کی سختیوں میں ہوں گے اور فرشتے اپنے ہاتھ بڑھا رہے ہوں گے کہ ہاں اپنی جانیں نکالو۔ آج تم کو ذلت کی سزا دی جائے گی اس سبب سے کہ تم اللہ تعالیٰ کے ذمہ جھوٹی باتیں لگاتے تھے اور تم اللہ تعالیٰ کی آیات سے تکبر کرتے تھے۔"

’’کاش کہ تو دیکھتا جب کہ فرشتے کافروں کی روح قبض کرتے ہیں ان کے منھ پر اور سرینوں پر مار مارتے ہیں (اور کہتے ہیں) تم جلنے کا عذاب چکھو۔‘‘

یہ بہ سبب ان کاموں کے، جو تمہارے ہاتھوں نے پہلے ہی بھیج رکھا ہے۔ بے شک اللہ اپنے بندوں پر ظلم کرنے واﻻ نہیں۔"

[الأنفال: 50-51]

"پس ان کی کیسی درگت ہوگی جب کہ فرشتے ان کی روح قبض کرتے ہوئے ان کے چہروں اور ان کی سرینوں پر ماریں گے۔"

[محمد: 27]

پس یہ کافر کے لیے ذلت و رسوائی کا مقام ہے۔ ارشادِ ربانی ہے:

"پس آج اللہ کے عذاب جیسا عذاب کسی کا نہ ہوگا۔

نہ اس کی قید و بند جیسی کسی کی قید و بند ہوگی۔"

ایک حدیث میں کافر کی موت اور اس کی روح قبض کیے جانے کی کیفیت بیان کرتے ہوئے نبی ﷺنے فرمایا ہے :

"اور بلاشبہ کافر جب دنیا سے جانے ہونے اور آخرت کی طرف کوچ کرنے کے عالم میں ہوتا ہے، تو اس کے پاس سخت دل مضبوط فرشتے اترتے ہیں۔ چنانچہ وہ اس کی روح کو اس طرح کھینچ کر قبض کرتے ہیں جس طرح گیلی اون سے بہت سی شاخوں والی سیخ کھینچی جاتی ہے۔ اس کی جان رگوں کے ساتھ کھینچ لی جاتی ہے۔ اس وقت آسمان اور زمین کے درمیان کا ہر فرشتہ اور آسمان کا ہر فرشتہ اس پر لعنت کرتا ہے۔"

[مسند احمد: 18614]۔

روح کی موت کا مطلب ہے بدن سے اس کا جدا ہو جانا۔ کیوں کہ روحیں فنا نہیں ہوتیں، بلکہ برزخی زندگی کی طرف منتقل ہو جاتی ہیں۔ لیکن برزخی زندگی میں وہ ایک جسم سے کسی دوسرے جسم میں منتقل نہیں ہوتیں، جیسا کہ تناسخِ ارواح کا عقیدہ کہتا ہے۔ برزخی زندگی، اخروی زندگی کی طرح دنیوی زندگی سے بھی مختلف ہے۔ موت کے بعد روح کا جسم سے تعلق برقرار رہتا ہے اور برزخی زندگی میں جسم اور روح دونوں ایک ساتھ نعمتوں سے سرفراز ہوتے اور عذاب کا سامنا کرتے ہیں، جس کی کیفیت ہمیں معلوم نہیں ہے۔ البتہ حکمت والے اور ہر چيز سے باخبر اللہ نے ہمیں اس کے بارے میں بتا دیا ہے۔ چنانچہ بندۂ مومن کی روح جنت میں ہوتی ہے اور کافر کی روح جہنم میں، گرچہ اس برزخی زندگی میں دونوں کے خاکی بدن اپنی جائے وفات پر یا قبر ہی میں کیوں نہ موجود ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ عظیم کے ذریعے ہمیں بتا دیا ہے کہ آلِ فرعون آج اپنی قبروں میں کس طرح عذاب میں مبتلا ہیں۔ اس کا ارشاد ہے:

"آگ ہے، جس کے سامنے یہ ہر صبح شام ﻻئے جاتے ہیں اور جس دن قیامت قائم ہوگی (فرمان ہوگا کہ) فرعونیوں کو سخت ترین عذاب میں ڈالو۔"

[غافر : 39]۔

پھر جب قیامت کا دن ہوگا، تو اللہ تعالیٰ بوسیدہ ہڈیوں کو دوبارہ جسموں میں تبدیل ہونے کا اذن فرمائے گا اور وہ اٹھ کھڑی ہوں گی تاکہ ہر روح اپنے جسم میں لوٹ آئے۔ اس کے بعد حساب و کتاب ہوگا، جس کے نتیجے میں اہلِ ایمان ہمیشہ ہمیش کے لیے جنت میں سکونت پذیر ہوں گے اور کافر ہمیشہ ہمیش کے لیے جہنم میں داخل ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

"جس دن تم سب کو اس جمع ہونے کے دن جمع کرے گا، وہی دن ہے ہار جیت کا اور جو شخص اللہ پر ایمان ﻻکر نیک عمل کرے، اللہ اس سے اس کی برائیاں دور کر دے گا اور اسے جنتوں میں داخل کرے گا، جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں، جن میں وه ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ یہی بہت بڑی کامیابی ہے۔

اور جن لوگوں نے کفر کیا اور ہماری آیتوں کو جھٹلایا وہی سب جہنمی ہیں، جو جہنم میں ہمیشہ رہیں گے اور وه بہت برا ٹھکانا ہے۔"

[سورہ تغابن: 9-10]،

"جن لوگوں نے کفر کیا اور ظلم کیا، انہیں اللہ تعالیٰ ہرگز ہرگز نہ بخشے گا اور نہ انہیں کوئی راه دکھائے گا۔

بجز جہنم کی راه کے، جس میں وه ہمیشہ ہمیشہ پڑے رہیں گے اور یہ اللہ تعالیٰ پر بالکل آسان ہے۔"

[النساء :1]

درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔

المصدر

قسم البعث

ملاحظات

--