اسلام میں انسان کے حقوق کیا ہیں؟
- محاور التعريف بالإسلام
- الشبهات والاعتراضات
- مصدر الإجابة
- قسم الإسلام
- الباب / الفصل
- (قسم الإسلام)
السؤال
اسلام میں انسان کے حقوق کیا ہیں؟
الجواب
الحمد للہ، اسلام نے خالق اور مخلوق دونوں کے حقوق کی حفاظت کی ہے۔ چنانچہ معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں:
میں اللہ کے نبی ﷺ کے پیچھے سواری پر سوار تھا۔ میرے اور آپ ﷺ کے درمیان کجاوے کے پچھلے حصے کے سوا کچھ فاصلہ نہ تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے! پھر تھوڑی دیر چلنے کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے! پھر تھوڑی دیر چلنے کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے! اب آپ ﷺ نے فرمایا: "کیا تم جانتے ہو کہ بندوں پر اللہ کا کیا حق ہے؟" میں نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "بے شک بندوں پر اللہ کا حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ کریں۔" پھر تھوڑی دیر چلنے کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا: "اے معاذ بن جبل!" میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں حاضر ہوں اور یہ میری خوش بختی ہے! آپ ﷺ نے فرمایا: "کیا تم جانتے ہو کہ اگر بندے ایسا کر لیں تو اللہ پر بندوں کا کیا حق ہے؟" میں نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "یہ کہ وہ انہیں عذاب نہ دے۔"
[متفق علیہ: صحیح بخاری: 6267 اور صحیح مسلم: 48]۔
اسلام انسان کے دین اور دنیا کی حفاظت کے لیے آیا ہے۔ یہ اسلام کی جامعیت ہی ہے کہ اس نے بعض پہلوؤں میں انسان کے حق کو نظر انداز نہیں کیا، جیسا کہ انسان کے بنائے ہوئے قوانین میں ہوتا ہے۔ ان پہلوؤں میں سے چند یہ ہیں:
پہلا: دین کے معاملے میں انسان کا حق: اسلام نے دینِ حق کی طرف دعوت دی ہے اور دیگر ادیان کے بطلان کو پوری وضاحت کے ساتھ بیان کر دیا ہے، لیکن کسی کو اسلام قبول کرنے پر مجبور کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ اسلام نے دین کو اہم ترین ضرورت قرار دیا ہے، لہذا اس کی حفاظت کو ہر چیز پر مقدم رکھا جائے گا۔ اگر کوئی غیر مسلم اسلامی ملک میں زندگی گزارے تو اسلام کی طے کردہ شرطوں کے مطابق اسے اپنے دین پر عمل کرنے کی ضمانت دی ہے۔
دوسرا: انسان کا حقِ زندگی: مذہب اسلام نے تمام محترم نفوس کو قتل کرنا حرام قرار دے کر ان کی حفاظت کی ہے، یہاں تک کہ جنگ کے دوران بھی اس نے قتال میں شریک نہ ہونے والے بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کے قتل کی ممانعت کی ہے۔
تیسرا: نسل اور ذریت کا حق۔ اسلام نے انسان کے لیے نسل کے حق کی حفاظت کی ہے اور اسے روکنے یا اس کے حصول میں انسان پر تنگی کرنے کو حرام قرار دیا ہے۔
چوتھا: انسان کے معاشرتی حقوق: اسلام نے والدین اور اعزا و اقربا کے ساتھ اچھا سلوک کرنے، ضرورت کے وقت ان پر خرچ کرنے اور صلہ رحمی کو لازم قرار دے کر ان کے حقوق کے حفاظت کی ہے۔ پڑوسیوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے اور انہیں تکلیف نہ پہنچانے کا حکم دے ان کے حقوق کی حفاظت کی ہے۔ راہ بھٹکے ہوئے کو راستہ بتانے، نگاہ نیچی رکھنے، تکلیف دہ چیزیں ہٹانے اور کس راہ گير کو پریشان نہ کرنے کا حکم دے کر راستے کے حقوق کی حفاظت کی ہے۔ اسلام کی نظر میں عام لوگوں کے بھی بہت سے حقوق ہیں، جن سے اکثر لوگ واقف ہيں۔
پانچواں: انسان کے معاشی حقوق: اسلام نے فرد کے حقِ ملکیت کی حفاظت کی ہے، سود کو حرام قرار دیا ہے، ضرورت مند کے لیے قرض کو جائز قرار دیا ہے لیکن اس قرض کی ادائیگی میں سستی برتنے سے خبردار کیا ہے، زکوٰۃ کے ذریعے ضرورت مندوں کی ہمدردی و اعانت کو واجب کیا ہے اور صدقات کے ذریعے حاجت مندوں کی مدد کرنے کی ترغیب دی ہے، کوئی ہنگامی ضرورت پیش آ جانے پر لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی اجازت دی ہے اور ریاست کے عوامی ذرائع اور وسائل کو منظم کیا ہے۔
چھٹا: انسانی صحت کے حقوق: اسلام میں صحت سے متعلق شرعی احکام بہ کثرت موجود ہیں اور ان سب کا مقصد انفرادی اور اجتماعی صحت کی حفاظت کرنا ہے۔ ان میں ان امور کی ممانعت بھی شامل ہے، جو انسان کی اپنی ذات یا اس کے ارد گرد موجود معاشرے کی صحت کے لیے ضرر رساں ہوں، جیسے اسلام کا شراب اور منشیات کے استعمال سے منع کرنا اور زنا اور غیر فطری افعال سے ان کے باعث پیدا ہونے والی بیماریوں کی وجہ سے روکنا۔ اسی طرح اسلام نے امراض کی منتقلی سے بچاؤ کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ جیسے کسی شہر میں طاعون پھیل جانے کے وقت اسلام نے اس شہر سے نکلنے یا اس میں داخل ہونے سے منع کیا ہے؛ کیوں کہ وہاں داخل ہونا انسان کو مرض یا موت کے خطرے سے دوچار کرتا ہے اور وہاں سے نکلنا صحت مند لوگوں میں مرض کے منتقل ہونے اور پھیلنے کا سبب بنتا ہے۔
ساتواں: عورت کے حقوق: اسلام نے بحیثیت ماں عورت کی دیکھ بھال، اس کے ساتھ حسنِ سلوک اور حتی المقدور اسے خوش رکھنے کو لازم قرار دے کر اس کے حقوق کی حفاظت کی ہے۔ بحیثیت بہن، بیوی اور بیٹی عورت کی دیکھ بھال، اس کے تحفظ فراہم کرنے، اس کے آرام و راحت کا خیال رکھنے اور اس کے ہمراہ سفر کرنے کی تاکید کے ذریعے کہ سفر مشقت کا باعث ہوتا ہے، اس کے حقوق کی حفاظت کی ہے۔ اسلام نے عورت کے تمام تر خرچ اور صرفے کا ذمہ اس کے ولی پر ڈالا ہے؛ کیونکہ اسے ضرورت کے سوا گھر میں ہی رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسے اپنے زیرِ ملکیت مال، وراثت یا دیگر اشیا میں تصرف کا حق حاصل ہے۔ اسے اپنے شوہر کے انتخاب کا حق، اپنی اولاد کی پرورش و نگہداشت کا حق اور اس طرح کے دیگر حقوق حاصل ہیں۔ اسلام اور دیگر نظاموں کے مابین فرق یہ ہے کہ یہاں فرد کی جانب سے ان حقوق کی پاسداری اللہ تعالیٰ سے اجر وثواب کی خواہش اور عقیدے کی بنیاد پر ہوتی ہے، نہ کہ کسی قانون وغیرہ کے خوف سے۔ اسلام کی خوبیاں اس وقت بالکل نمایاں ہو کر سامنے آتی ہیں جب بالعموم انسان اور بالخصوص عورت کی اسلام سے قبل کی حالت اور عصر حاضر کے نظاموں کے ساتھ اس کا موازنہ کیا جائے۔
آٹھواں: اسلام نے جنات اور جانوروں کے حقوق کی حفاظت کی ہے، جس کی تفصیلات فقہ کی کتابوں میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ لہذا جب اسلام نے جنات اور جانوروں کے حقوق کی حفاظت کی ہے، تو کیا یہ تصور کیا جا سکتا ہے کہ وہ اس انسان کے حقوق میں کوتاہی کرے گا، جسے اللہ تعالیٰ نے عزت بخشی ہے؟ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
"یقیناً ہم نے اوﻻدِ آدم کو بڑی عزت دی اور انہیں خشکی اور تری کی سواریاں دیں اور انہیں پاکیزه چیزوں کی روزیاں دیں اور اپنی بہت سی مخلوق پر انہیں فضیلت عطا فرمائی۔"
[سورۃ الإسراء : 88]۔
پس اسلام کی نظر میں پوری نوع انسانی تکریم سے سرفراز ہوئی ہے، خواہ مومن ہو یا کافر، سفید فام ہو یا سیاہ فام، عربی ہو یا عجمی۔ درود و سلام ہو ہمارے نبی محمد پر۔
المصدر
ملاحظات
--