کیا عیسی علیہ السلام اللہ کے بیٹے ہیں؟
- محاور التعريف بالإسلام
- المحتوى المخصص بحسب الدينمحتوى للنصارىالتعريف بالأنبياء السابقين ومكانة عيسى عليه السلامحقيقة عيسى عليه السلام
- مصدر الإجابة
- قسم الأديان والفرق
- الباب / الفصل
- (قسم الأديان والفرق)
السؤال
کیا عیسی علیہ السلام اللہ کے بیٹے ہیں؟
الجواب
اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہی تمام جہانوں کا پروردگار ہے، وہی اول و آخر اور ظاہر و باطن ہے، اللہ ازل سے ہے، نہ اس سے پہلے کچھ تھا اور اس کے ساتھ کچھ تھا جیسا کہ صحیح حدیثوں میں وارد ہوا ہے، وہ اکیلا، یکتا اور بے نیاز ہے، نہ اس نے کسی کو جنا ہے اور نہ کسی نے اسے جنا ہے۔ اللہ تعالی نے فرمایا ہے :
’’آپ کہہ دیجیے کہ وه اللہ ایک (ہی) ہے۔
اللہ بے نیاز ہے۔
نہ اُس سے کوئی پیدا ہوا نہ وه کسی سے پیدا ہوا۔
اور نہ کوئی اُس کا ہمسر ہے۔"
[سورۃ الإخلاص : 1-4]،
جب وہ کسی کا باپ نہیں ہے، تو کوئي مخلوق اس پاک رب کی اولاد نہیں ہے۔ دراصل جس کی اولاد ہوتی ہے وہ مددگاروں اور حامیوں کا محتاج ہوتا ہے۔ چنانچہ انسان کو اولاد چاہیے اس لیے ہوتی ہے، تاکہ اولاد اس کے کام آئے، وہ اولاد کی آمد پر خوش ہو اور زندگی کی سختیوں میں اس سے مدد حاصل کرے۔ لیکن اللہ جل جلالہ تو آسمانوں و زمین اور ان کے درمیان موجود تمام چیزوں کا مالک ہے۔ اسے بھلا اولاد کی ضرورت کیوں ہوگی؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’اللہ تعالیٰ ہی معبود برحق ہے، جس کے سوا کوئی معبود نہیں، جو زنده اور سب کا تھامنے واﻻ ہے، جسے نہ اونگھ آتی ہے نہ نیند، اس کی ملکیت میں زمین اور آسمانوں کی تمام چیزیں ہیں۔‘‘
[سورۃ البقرۃ : 129]۔
پس وہی ہمیشہ زندہ رہنے والی ذات ہے جس سے ہر جاندار اپنا وجود اور زندگی حاصل کرتا ہے۔ وہی قیوم ہے کہ جس سے نہ کوئی جان دار بے نیاز ہو سکتا ہے اور اس کے بغیر اپنی ہستی کو قائم رکھ سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے سزاوار ہیں، جس کی ملکیت میں وه سب کچھ ہے، جو آسمانوں اور زمین میں ہے، آخرت میں بھی تعریف اسی کے لیے ہے۔ وه (بڑی) حکمتوں واﻻ اور سب کی خبر رکھنے والا ہے۔‘‘
[سورہ سبأ : 28]،
لہذا جب آسمانوں اور زمین کی ساری چیزیں اسی کی ملکیت ہیں اور وہ اپنے کمال اور بے نیازی کی وجہ سے دنیا اور آخرت میں قابلِ تعریف ہے، تو کوئی دعویٰ کرنے والا یہ کیسے دعویٰ کر سکتا ہے کہ اس کی اولاد ہے؟ ان کی باتوں سے اللہ تعالی کی ذات پاک اور بلند و بالا ہے۔
یہ دعویٰ کہ اللہ تعالیٰ کی اولاد ہے اور فرشتے اللہ کی بیٹیاں ہیں، ایک فاجرانہ اور کافرانہ دعویٰ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب کے کئی مقامات پر اسے جھٹلایا اور یہ واضح کر دیا ہے کہ یہی کفریہ بات دراصل پہلے دور کے کفار بھی کہا کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
”یہود کہتے ہیں کہ عزیر اللہ کا بیٹا ہے اور نصرانی کہتے ہیں کہ مسیح اللہ کا بیٹا ہے۔ یہ قول صرف ان کے منہ کی بات ہے۔ اگلے منکروں کی بات کی یہ لوگ بھی نقل کرنے لگے۔ اللہ انہیں غارت کرے وه کیسے پلٹائے جاتے ہیں۔“
[التوبۃ : 30]،
ایک اور مقام پر فرمایا ہے :
’’اور لوگوں نے شیاطین کو اللہ تعالیٰ کا شریک قرار دے رکھا ہے، حاﻻں کہ ان لوگوں کو اللہ ہی نے پیدا کیا ہے اور ان لوگوں نے اللہ کے حق میں بیٹے اور بیٹیاں بلا سند تراش رکھی ہیں اور اللہ پاک اور برتر ہے ان باتوں سے جو یہ کرتے ہیں۔‘‘
[سورۂ انعام : 18]۔
اللہ تعالیٰ نے اس دعوے کو بہت سے دلائل کے ذریعے باطل قرار دیا ہے، جن میں سے چند دلائل یہاں ملاحظہ ہوں :
اللہ تعالیٰ نے اس دعوے کو باطل قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ وہ زمین اور اس میں موجود تمام چیزوں کو ہلاک کرنے پر قادر ہے۔ لہذا اگر کوئی مخلوق معبود ہوتی، تو وہ اللہ کے حکم کو ٹال دیتی اور ہلاکت سے محفوظ رہتی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’یقیناً وه لوگ کافر ہوگئے جنہوں نے کہا کہ اللہ ہی مسیح ابن مریم ہے۔ آپ ان سے کہہ دیجیے کہ اگر اللہ تعالیٰ مسیح ابن مریم اور اس کی والده اور روئے زمین کے سب لوگوں کو ہلاک کر دینا چاہے، تو کون ہے جو اللہ تعالیٰ پر کچھ بھی اختیار رکھتا ہو؟ آسمانوں و زمین اور دونوں کے درمیان کا کل ملک اللہ تعالیٰ ہی کا ہے۔ وه جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔‘‘
[سورہ مائدہ : 44]۔
ابن جریر رحمہ اللہ فرماتے ہیں :
’’اللہ تعالی کے فرمان : ﴿إِنۡ أَرَادَ أَن يُهۡلِكَ ٱلۡمَسِيحَ ٱبۡنَ مَرۡيَمَ وَأُمَّهُۥ وَمَن فِي ٱلۡأَرۡضِ جَمِيعٗاۗ﴾ کے معنی ہیں : کون ہے جو اللہ تعالیٰ کے اس حکم کو ذرا بھی ٹالنے کی قدرت رکھتا ہو، اگر وہ مسیح ابن مریم کو، ان کی والدہ مریم کو اور زمین میں موجود تمام مخلوقات کو نیست و نابود کر کے ہلاک کرنا چاہے۔‘‘
اللہ تعالیٰ اپنے نبی محمد ﷺ سے فرماتا ہے : ان جاہل عیسائیوں سے کہہ دیں : اگر مسیح ویسے ہی ہوتے جیسا کہ تمھارا گمان ہے —کہ وہ اللہ ہیں، حالانکہ وہ ایسے نہیں— تو یقیناً وہ اللہ تعالیٰ کے حکم کو روکنے پر قادر ہوتے، جب وہ انھیں اور ان کی والدہ کو ختم کرنے کا ارادہ کرتا۔ حالاں کہ اللہ نے ان کی والدہ کو موت دے دی اور جب یہ حکم نازل ہوا تو وہ اسے روکنے پر قادر نہ ہو سکے۔ لہذا اگر تم عبرت حاصل کرنا چاہو تو اس میں تمھارے لیے عبرت ہے اور اگر تم عقل سے کام لو اس میں تمھارے لیے اس بات کی دلیل ہے کہ مسیح علیہ السلام بھی دیگر انسانوں کی طرح ایک انسان ہیں اور غالب و قاہر ذات صرف اللہ کی ہے، جس پر نہ کسی کا زور چلتا ہے اور نہ اس کا حکم ٹالا جا سکتا ہے۔ وہی زندہ جاوید اور سب کو قائم رکھنے والا ہے، وہی زندہ کرتا اور مارتا ہے، وہی پیدا کرتا اور فنا کرتا ہے اور اس کی ہستی لازوال ہے جسے کبھی موت نہیں آئے گی۔
تفسیر الطبری = جامع البیان ت شاکر (147/10)۔
جس نے یہ جھوٹا اور ظالمانہ دعویٰ کیا، کیا اس کے پاس کوئی دلیل ہے یا یہ محض ایک جھوٹا دعویٰ ہے؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’وه کہتے ہیں کہ اللہ اوﻻد رکھتا ہے۔ سبحان اللہ! وه تو کسی کا محتاج نہیں، اسی کی ملکیت ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے۔ تمہارے پاس اس پر کوئی دلیل نہیں۔ کیا اللہ کے ذمہ ایسی بات لگاتے ہو جس کا تم علم نہیں رکھتے؟‘‘
[سورۃ یونس : 68]۔
بلاشبہ جس نے یہ دعویٰ کیا، اس کے پاس ظن و تخمین اور قیاس آرائی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
اگر اللہ اولاد چاہتا، تو اپنی مخلوق میں سے جسے چاہتا چن لیتا، لیکن یہ بات عقلا اور شرعا درست نہیں ہے۔ اس پاک ذات نے فرمایا ہے :
’’اگر اللہ تعالیٰ کااراده اوﻻد ہی کا ہوتا تو اپنی مخلوق میں سے جسے چاہتا چن لیتا۔ (لیکن) وه تو پاک ہے۔ وه وہی اللہ تعالیٰ ہے یگانہ اور قوت واﻻ۔‘‘
[سورہ زمر : 65]،
جو اولاد چاہے، اس کی بیوی ہونا ضروری ہے، جس سے اولاد پیدا ہو۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’وه آسمانوں اور زمین کا موجد ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اوﻻد کہاں ہوسکتی ہے حاﻻنکہ اس کے کوئی بیوی تو ہے نہیں اور اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کو پیدا کیا اور وه ہر چیز کو خوب جانتا ہے۔‘‘
اللہ ہی وہ ذات ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو عدم سے وجود بخشا۔ لہذا اس کی اولاد نہیں ہوسکتی۔
اگر رحمٰن کا کوئی بیٹا ہوتا -جب کہ اس کی ذات اس سے پاک اور بلند و بالا ہے- تو وہ بھی معبود ہوتا۔ پھر اگر وہ معبود ہوتا تو ان میں سے ایک کا دوسرے پر غالب آنا ضروری تھا اور جو مغلوب ہو جائے وہ یقیناً معبود نہیں ہو سکتا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’کہہ دیجیے کہ اگر اللہ کے ساتھ اور معبود بھی ہوتے، جیسا کہ یہ لوگ کہتے ہیں تو ضرور وه اب تک مالک عرش کی جانب راه ڈھونڈ نکالتے۔‘‘
[سورۃ الإسراء : 88]۔
اگر آسمان وزمین میں اللہ کے علاوہ اور بھی معبود ہوتے تو آسمان و زمین میں فساد برپا ہوجاتا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’اگر آسمان وزمین میں سوائے اللہ تعالیٰ کے اور بھی معبود ہوتے تو یہ دونوں درہم برہم ہوجاتے، پس اللہ تعالیٰ عرش کا رب ہر اس وصف سے پاک ہے جو یہ مشرک بیان کرتے ہیں۔‘‘
[سورہ انبیاء : 22]۔
اللہ تعالیٰ نے اہل کتاب کو مسیح (علیہ السلام) کے بارے میں غلو کرنے اور یہ کہنے سے منع فرمایا ہے کہ عیسی علیہ السلام اللہ کے بیٹے ہیں، تین میں سے تیسرے ہیں یا خود اللہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’اے اہل کتاب! اپنے دین کے بارے میں حد سے نہ گزر جاؤ اور اللہ پر بجز حق کے اور کچھ نہ کہو۔ مسیح عیسیٰ بن مریم (علیہ السلام) تو صرف اللہ کے رسول اور اس کے کلمہ (کن سے پیدا شده) ہیں، جسے مریم (علیہا السلام) کی طرف ڈال دیا تھا اور اس کے پاس کی روح ہیں۔ اس لیے تم اللہ کو اور اس کے سب رسولوں کو مانو اور یہ نہ کہو کہ اللہ تین ہیں۔ اس سے باز آجاؤ کہ تمہارے لیے بہتری ہے۔ اللہ عبادت کے ﻻئق تو صرف ایک ہی ہے اور وه اس سے پاک ہے کہ اس کی اوﻻد ہو۔ اسی کے لیے ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے۔ اور اللہ کافی ہے کام بنانے واﻻ۔‘‘
[سورۃ النساء : 163]،
جو شخص یہ عقیدہ رکھے کہ عیسی علیہ السلام اللہ کے بیٹے ہیں، وہ کافر ہے۔ آپ علیہ السلام پر ایمان لائے بغیر کسی شخص کا اسلام درست نہیں ہو سکتا۔ قرآنِ کریم نے مریم اور عیسی علیہما السلام کا قصہ کئی سورتوں میں بیان کیا ہے، جیسے سورہ آل عمران، سورہ مائدہ اور سورہ مریم وغیرہ۔ کئی احادیث میں بھی اس کی تصدیق آئی ہوئی ہے۔
دیکھیں : مفتاح دار السعادة 1/ 303، حبي العظيم للمسيح قادني إلى الإسلام ص169۔
المصدر
ملاحظات
--