Skip to content

کیا اسلام دیگر عقائد کو قبول کرتا ہے؟

محاور التعريف بالإسلام
الشبهات والاعتراضات
مصدر الإجابة
قسم الأديان والفرق
الباب / الفصل
(قسم الأديان والفرق)

السؤال

کیا اسلام دیگر عقائد کو قبول کرتا ہے؟

الجواب

سب سے پہلے اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ ہم عقائد اور ان عقائد کے حامل افراد کے درمیان فرق کریں۔ چنانچہ ہم کہتے ہیں : انبیا اور رسولوں کے دین کے مخالف ہر عقیدہ، جیسے یہودیت، عیسائیت، بدھ مت، ہندو مت اور ان جیسے دیگر عقائد باطل، فاسد عقائد اور اللہ کے نزدیک مردود اور ناقابلِ قبول عقائد ہیں۔ ان کے پیروکاروں کی طرف سے نہ کوئی فرض عمل قبول کیا جائے گا اور نہ کوئی نفل عمل؛ یہاں تک کہ وہ ایک اللہ پر ایمان لے آئیں اور اس بات کی گواہی دے دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں۔ یہ تمام ادیان اللہ کے نزدیک باطل ادیان ہیں۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے :

’’جو شخص اسلام کے سوا اور دین تلاش کرے، اس کا دین قبول نہ کیا جائے گا اور وه آخرت میں نقصان پانے والوں میں ہوگا۔‘‘

[سورة آل عمران : 81]۔

اللہ کے نزدیک سچا اور معتبر دین دین اسلام ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :

’’بے شک اللہ تعالیٰ کے نزدیک دین اسلام ہی ہے۔ اور اہل کتاب نے اپنے پاس علم آجانے کے بعد آپس کی سرکشی اور حسد کی بنا پر ہی اختلاف کیا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کی آیتوں کے ساتھ جو بھی کفر کرے اللہ تعالیٰ اس کا جلد حساب لینے واﻻ ہے۔‘‘

جہاں تک ان مذاہب کے پیروکاروں کا تعلق ہے، تو ان کے سلسلے میں مسلمان پر چند امور واجب ہیں :

پہلا : ان کو انتہائی مؤثر شرعی طریقوں سے اسلام کی دعوت دینا اور ان پر اللہ کا دین واضح کرنا؛ تاکہ وہ اس کفر سے نجات پا سکیں جس میں وہ زندگی گزار رہے ہیں، اللہ تک پہنچانے والے سیدھے راستے پر چل پڑیں، اس کی جنت پا کر کامیاب ہو جائیں اور قیامت کے دن کے عذابِ عظیم سے محفوظ رہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

’’اپنے رب کی راه کی طرف لوگوں کو حکمت اور بہترین نصیحت کے ساتھ بلائيے اور ان سے بہترین طریقے سے گفتگو کیجیے۔ یقیناً آپ کا رب اپنی راه سے بہکنے والوں کو بھی بخوبی جانتا ہے اور وه راه یافتہ لوگوں سے بھی پورا واقف ہے۔‘‘

[سورہ نحل : 97]،

اسلام کی دعوت دینے کے عمل میں زور زبردستی کی کوئی جگہ نہيں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

’’دین کے بارے میں کوئی زبردستی نہیں۔ ہدایت ضلالت سے روشن ہوچکی ہے۔ اس لیے جو شخص اللہ تعالیٰ کے سوا دوسرے معبودوں کا انکار کرکے اللہ تعالیٰ پر ایمان ﻻئے اس نے مضبوط کڑے کو تھام لیا، جو کبھی نہ ٹوٹے گا اور اللہ تعالیٰ سننے واﻻ، جاننے واﻻ ہے۔‘‘

[سورۃ البقرۃ : 129]۔

دوسرا : مسلمان پر واجب ہے کہ وہ ان کے ساتھ انصاف کرے اور ان پر ظلم یا ان کے حقوق کی ادائيگی میں کوتاہی نہ کرے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

’’اے ایمان والو! تم اللہ کی خاطر حق پر قائم ہو جاؤ، راستی اور انصاف کے ساتھ گواہی دینے والے بن جاؤ۔ کسی قوم کی عداوت تمہیں خلاف عدل پر آماده نہ کردے۔ عدل کیا کرو جو پرہیز گاری کے زیاده قریب ہے۔ اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو۔ یقین مانو کہ اللہ تعالیٰ تمہارے اعمال سے باخبر ہے۔‘‘

[سورہ مائدہ : 44]۔

اسی طرح مسلمان کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ اچھا سلوک کرے، ان پر رحم کرے، ان کے ساتھ معاملات اچھے رکھے، انھیں تکلیف پہنچانے سے باز رہے اور ان سے بھلی بات کہے، جب تک کہ وہ اس کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتے رہیں اور اس پر ظلم نہ کریں۔ نیز یہ بھی ضروری ہے کہ ان کے ساتھ کوئی ایسا معاملہ نہ کیا جائے جو شرعاً حرام ہو، جیسے شراب کی خرید و فروخت یا سود کا لین دین وغیرہ۔ اسی طرح ان کے ساتھ معاملات کے نتیجے میں مسلمانوں کی رسوائی نہ ہو۔ ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ و سلم پر درود و سلام ہو۔

المصدر

قسم الأديان والفرق

ملاحظات

--