کیا یہ صحیح ہے کہ مسلمان نبی محمد ﷺ کی عبادت کرتے ہیں؟
- محاور التعريف بالإسلام
- التعريف بمحمد صلى الله عليه وسلمالتعريف بالنبي محمد صلى الله عليه وسلم
- مصدر الإجابة
- قسم النبوة
- الباب / الفصل
- (قسم النبوة)
السؤال
کیا یہ صحیح ہے کہ مسلمان نبی محمد ﷺ کی عبادت کرتے ہیں؟
الجواب
یہ صحیح نہیں ہے، مسلمان صرف اللہ وحدہ لاشریک کی عبادت کرتے ہیں۔ جو اللہ کے ساتھ کسی اور کی عبادت کرتا ہے یا اللہ کے علاوہ کسی اور کی عبادت کرتا ہے، وہ کافر ہے۔ وہ مسلمان نہیں ہے۔ مسلمان اپنی نماز میں کہتے ہیں : ’’میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہيں ہے اور محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں۔‘‘
اسی طرح رسول اکرم محمد ﷺ کی لائی ہوئی کتاب بھی ایسے عقلی دلائل سے بھری ہوئی ہے، جو شرک کا بطلان اور مشرک کی سعی کا فساد واضح کرتے ہیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا :
’’اگر آسمان وزمین میں سوائے اللہ تعالیٰ کے اور بھی معبود ہوتے تو یہ دونوں درہم برہم ہوجاتے، پس اللہ تعالیٰ عرش کا رب ہر اس وصف سے پاک ہے جو یہ مشرک بیان کرتے ہیں۔‘‘
[سورہ انبیاء : 22]۔
اسی لیے مسلمان نبی کریم ﷺ کی پیروی کرتے ہیں۔ آپ کی عبادت نہیں کرتے۔ خود نبی ﷺ نے فرمایا ہے :
’’اے اللہ! میری قبر کو بت نہ بنانا۔ ان لوگوں پر اللہ کا شدید غضب نازل ہو، جنھوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا۔‘‘
[اسے امام احمد نے روایت کیا ہے۔ حدیث نمبر : 7358]۔ یہ حدیث حسن ہے۔
نبی ﷺ نے اپنی امت کو اپنی شان میں غلو کرنے اور حد سے تجاوز کرنے سے منع فرمایا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا ہے :
’’میری تعریف میں ایسے حد سے نہ گزرو، جیسے عیسائی لوگ عیسی ابن مریم علیہ السلام کی تعریف میں حد سے گزر گئے۔ میں تو محض اللہ کا بندہ ہوں۔ اس لیے مجھے اللہ کا بندہ اور اس کا رسول کہو۔‘‘
[صحیح بخاری، حدیث نمبر : 3445]۔
نبی کریم ﷺ نے خود اپنی بیٹی فاطمہ رضی اللہ عنہا، جو لوگوں میں آپ کے سب سے زیادہ قریب تھیں، اسی طرح اپنے دیگر قرابت داروں پر یہ واضح فرما دیا تھا کہ وہ قیامت کے دن اللہ یہاں ان کے کچھ کام نہیں آسکیں گے، چنانچہ جب آپ ﷺ پر نیچے مذکور آیت نازل ہوئی، تو آپ نے فرمایا :
’’اپنے قریبی رشتہ والوں کو ڈرا دے۔‘‘
[سورہ شعراء : 214]۔
’’اے قریش کی جماعت! اپنی جانوں کو اللہ سے خرید لو، میں اللہ کے حضور تمھارے کچھ کام نہیں آسکوں گا۔ اے بنو عبد المطلب! میں اللہ کے حضور تمھارے کچھ کام نہیں آسکوں گا۔ اے عباس بن عبد المطلب! میں اللہ کے حضور تمھارے کچھ کام نہیں آسکوں گا۔ اے رسول اللہ کی پھوپھی صفیہ! میں اللہ کے حضور تمھارے کچھ کام نہیں آسکوں گا۔ اے فاطمہ بنت رسول اللہ! مجھ سے جو چاہو مانگ لو، میں اللہ کے حضور تمھارے کچھ کام نہیں آسکوں گا۔‘‘
[متفق علیہ : صحیح بخاری، حدیث نمبر : 7274 اور صحیح مسلم، حدیث نمبر : 239]۔
پس اگر رسول صلی اللہ علیہ وسلم یہ چاہتے کہ لوگ آپ کی عبادت کریں، تو ان پر یہ واضح نہ فرماتے کہ وہ انھیں کوئی نفع نہیں پہنچا سکتے۔ ویسے اللہ تعالیٰ نے آپ پر قرآن عظیم میں، جس کی مسلمان تلاوت کرتے ہیں، اپنا یہ فرمان نازل فرما دیا تھا :
’’یقیناً تیری طرف بھی اور تجھ سے پہلے (کے تمام نبیوں) کی طرف بھی وحی کی گئی ہے کہ اگر تو نے شرک کیا تو بلاشبہ تیرا عمل ضائع ہو جائے گا اور بالیقین تو زیاں کاروں میں سے ہوجائے گا۔‘‘
[سورہ زمر : 65]،
لہذا ان سب کے باوجود یہ کیسے گمان کیا جا سکتا ہے کہ مسلمان آپ ﷺ کی عبادت کرتے ہیں۔ درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
المصدر
ملاحظات
--