اللہ کے نبی عیسی علیہ السلام نے نبی محمد ﷺ کے بارے میں کیا فرمایا ہے؟
- محاور التعريف بالإسلام
- المحتوى المخصص بحسب الدينمحتوى للنصارىالتعريف بمحمد صلى الله عليه وسلمالتعريف بالنبي محمد صلى الله عليه وسلمالتعريف بالأنبياء السابقين ومكانة عيسى عليه السلامحقيقة عيسى عليه السلام
- مصدر الإجابة
- قسم النبوة
- الباب / الفصل
- (قسم النبوة)
السؤال
اللہ کے نبی عیسی علیہ السلام نے نبی محمد ﷺ کے بارے میں کیا فرمایا ہے؟
الجواب
پچھلے انبیا میں سے اکثر نے اپنی اپنی قوم کو خاتم النبیین محمد ﷺ کی آمد کی بشارت دی تھی اور اپنی قوم سے یہ عہد لیا تھا کہ اگر ان کی زندگی میں اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو مبعوث فرما دیا تو وہ آپ ﷺ پر ایمان لائیں گے اور آپ کی اتباع کریں گے۔ اس باب میں نصوص اس قدر زیادہ موجود ہیں کہ ان کا احاطہ نہیں کیا جا سکتا۔ چونکہ حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰ علیہما السلام کی رسالت زمانے کے اعتبار سے ہمارے نبی محمد ﷺ کی رسالت کے سب سے زیادہ قریب تھی؛ اس لیے ان دونوں کی کتابوں اور بنی اسرائیل کے دیگر انبیا کی کتابوں میں کثرت سے نصوص وارد ہوئے ہیں، اور یہ نصوص آپ ﷺ کی صفات، آپ کے شہر کی صفات، آپ کی ہجرت کی صفات، آپ کے دین کے شعائر اور آپ کے صحابہ کرام کی صفات پر مشتمل تھے۔ ان کی کتابوں میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے انھیں عطا کی جانے والی نصرت و غلبہ کا تذکرہ اور اس کے علاوہ بھی دیگر بہت سی چیزیں موجود تھیں۔ اسی طرح ان میں آپ ﷺ کی آمد کی بشارت، آپ ﷺ کے استقبال کے لیے دلوں کو تیار کرنے اور آپ ﷺ پر ایمان لانے اور آپ کی اتباع کرنے کا حکم بھی شامل تھا۔ بنی اسرائیل کے علما ان نصوص کو خوب جانتے تھے۔ آپ ﷺ کی اور آپ کے صحابہ کی صفات بنی اسرائیل کے علما، نیز عیسائی علما اور ان کے راہبوں کے ذہنوں میں راسخ ہو چکی تھیں، لیکن انھوں نے ان میں سے بیش تر نصوص میں تحریف کر دی، تاہم ان کے بہت سے شواہد اب بھی باقی ہیں، خواہ وہ عہد نامہ قدیم (یہودی انبیا کے صحیفوں) میں ہوں، یا عہد نامہ جدید (عیسائی علما کی تحریروں کا مجموعہ) میں ہوں، جن کے متعلق ان کا گمان ہے کہ انھوں نے اسے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے ہم عصر لوگوں سے نقل کیا ہے۔ ان نصوص میں سے چند درج ذیل ہیں :
اولاً : موسیٰ علیہ السلام کو اس عظیم نبی ﷺ کی بشارت دی گئی تھی، جیسا کہ سفرِ استثنا میں ہے : "میں ان کے لیے ان کے بھائیوں میں سے تیری مانند ایک نبی برپا کروں گا، اپنا کلام اس کے منہ میں ڈالوں گا اور جو کچھ میں اسے حکم دوں گا وہی وہ ان سے کہے گا۔ جو شخص میری ان باتوں کو جنھیں وہ میرا نام لے کر کہے گا، نہ سنے تو میں اس کا حساب اس سے لوں گا)۔
استثنا 18: 18- 19۔
بنو اسرائیل کے بھائی بنو اسماعیل ہیں اور بنو اسماعیل میں سے محمد رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم کے سوا کوئی رسول مبعوث نہیں ہوا۔ موسیٰ علیہ السلام اس نص میں اس شخص کے لیے اللہ کی وعید کا ذکر کرتے ہیں جو رسول اللہ محمد صلى اللہ علیہ وسلم کی بات نہ سنے۔ یہاں اللہ کا یہ فرمان ہے : (أَنَا أُطَالِبُهُ) یعنی میں اس سے بازپرس کروں گا۔ ظاہر سی بات ہے کہ جس سے اللہ بازپرس کرے، وہ اسے پکڑ لیتا ہے۔
موسیٰ علیہ السلام نے یہ بھی فرمایا کہ آخری نبی (فاران) سے ظاہر ہوں گے اور فاران مکہ مکرمہ کے پہاڑ ہیں۔ اسماعیل علیہ السلام کے بعد مکہ مکرمہ سے محمد رسول اللہ ﷺ کے سوا کوئی نبی مبعوث نہیں ہوا، جیساکہ سفرِ استثنا میں آیا ہے : (خداوند سینا سے آیا، سعیر سے ان پر طلوع ہوا اور کوہِ فاران سے جلوہ گر ہوا)۔
ثانیََا : داود علیہ السلام نے بھی اس نبی کی بشارت دی۔ چنانچہ فرمایا : "جس پتھر کو معماروں نے در کنار کیا وہی کونے کا سرا ہو گیا۔ یہ خداوند کی طرف سے ہوا اور ہماری نگاہوں میں یہ بڑی عجیب بات ہے۔" (زبور 118 : 22)۔
اس بشارت کا مطلب یہ ہے کہ وہ رسالت جسے بنو اسرائیل نے اسماعیل (عرب) کی نسل سے ہونے کی وجہ سے قبول کرنے سے انکار کیا تھا، وہی سب سے عظیم رسالت بن گئی؛ کیوں کہ یہ سب سے عظیم رسول کے ذریعہ بنی نوع انسان کے لیے آنے والی آخری رسالت ہے۔ عمارت سے تشبیہ اس لیے دی گئی ہے کیوں کہ ہر نبی اس کام کو مکمل کرتا ہے جس کا آغاز اس سے پہلے والے نبی نے کیا ہوتا ہے، یہاں تک کہ جب انبیا کی بعثت کا سلسلہ مکمل ہو گیا، آخری نبی کے سوا کوئی باقی نہ رہا اور عمارت تکمیل کے قریب پہنچ گئی، جس میں صرف ایک اینٹ کی جگہ باقی رہ گئی، تو اللہ تعالی نے اپنے رسول اور خلیل محمد ﷺ کو مبعوث فرمایا؛ چنانچہ آپ کے ذریعہ دین مکمل ہو گیا، نعمت تمام ہو گئی، نبوتوں کا سلسلہ ختم ہو گیا اور عمارت کی تکمیل ہو گئی۔ پس رسول اللہ ﷺ ہی خاتم الأنبیا والمرسلین علیہم الصلاۃ والسلام ہیں اور آپ ہی کی مثال اس پتھر سے دی گئی ہے، جس کی طرف اس بشارت میں اشارہ کیا گیا ہے۔
ثالثََا : مسیح علیہ السلام نے فرمایا ہے، جیسا کہ متی میں ہے : "اس لیے میں تم سے کہتا ہوں : بے شک اللہ کی بادشاہت تم سے چھین لی جائے گی اور ایسی امت کو دے دی جائے گی جو اس کے پھل لائے گی"۔ متی 21: 42۔
اس عجیب خبر پر غور کریں جو اس بشارت میں موجود ہے اور وہ یہ ہے کہ مسیح علیہ السلام نے بنو اسرائیل کو خبر دی کہ نبوت ان سے بنو اسماعیل علیہ السلام میں منتقل ہو جائے گی؛ اور وہ واحد نبی جنھیں اللہ نے اسماعیل کی نسل سے مبعوث فرمایا وہ خاتم الانبیاء محمد رسول ﷺ ہیں۔
مسیح علیہ السلام نے یہ بھی فرمایا، جیسا کہ سفرِ یوحنا میں ہے : "اور جب وہ تسلی دینے والا آئے گا جسے میں تمھارے پاس باپ کی طرف سے بھیجوں گا، سچائی کی روح، جو باپ کی طرف سے صادر ہوتی ہے، تو وہ میری گواہی دے گا۔ اور تم بھی گواہی دو گے، کیونکہ تم شروع ہی سے میرے ساتھ ہو"۔ یوحنا 15: 26-27۔
ایسے میں محمد رسول اللہ ﷺ کے سوا اور کون ہے جس نے سیدنا مسیح کی رسالت کی گواہی دی اور انھیں ان بہتانوں سے پاک قرار دیا جو یہودیوں نے ان پر اور ان کی والدہ علیہا السلام پر باندھے تھے؟ اسی طرح مسیح علیہ السلام نے فرمایا ہے : "مجھے تم سے اور بھی بہت سی باتیں کہنی ہیں، لیکن ابھی تم انھیں برداشت نہیں کر سکتے۔ جب وہ یعنی 'روحِ حق' آئے گا، تو وہ تمام حق کی طرف تمھاری رہنمائی کرے گا، کیوں کہ وہ اپنی طرف سے کچھ نہ کہے گا، بلکہ جو کچھ سنے گا وہی کہے گا، اور تمھیں آئندہ کی خبریں دے گا۔ وہ میری تمجید کرے گا، کیوں کہ وہ مجھ ہی سے باتیں حاصل کر کے تمھیں خبریں دے گا"۔ یوحنا 16: 12 – 14۔
اللہ تعالیٰ نے اہل کتاب کے بارے میں یہ بات ثبت فرما دی ہے کہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اچھی طرح پہچانتے تھے اور انھیں اسی طرح جانتے ہیں جیسے وہ اپنے بچوں کو پہچانتے ہیں۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
’’جنھیں ہم نے کتاب دی ہے وه تو اسے ایسا پہچانتے ہیں جیسے کوئی اپنے بچوں کو پہچانے۔ ان کی ایک جماعت حق کو پہچان کر پھر چھپاتی ہے۔‘‘
[سورۃ البقرۃ : 129]۔
قرآنِ کریم نے نصاریٰ کے بارے میں یہ بات بھی واضح طور پر بیان کی ہے کہ حضرت مسیح علیہ السلام نے جس طرح اپنی قوم کو اپنے اوصاف اور اپنے مقصدِ بعثت کے بارے میں بتا دیا تھا – جیسا کہ گزشتہ نصوص میں مذکور ہے – اسی طرح انھوں نے آنے والے نبی کے نام کی بھی صراحت فرما دی تھی۔ چنانچہ اللہ تعالی نے فرمایا ہے :
’’اور جب مریم کے بیٹے عیسیٰ نے کہا : اے (میری قوم)، بنی اسرائیل! میں تم سب کی طرف اللہ کا رسول ہوں مجھ سے پہلے کی کتاب تورات کی میں تصدیق کرنے واﻻ ہوں اور اپنے بعد آنے والے ایک رسول کی میں تمھیں خوشخبری سنانے واﻻ ہوں جن کا نام احمد ہے۔ پھر جب وه ان کے پاس کھلی دلیلیں ﻻئے تو یہ کہنے لگے، یہ تو کھلا جادو ہے۔‘‘
[سورۃ الصف : 6]۔
ان خوبصورت بشارتوں سے متعلق مزید نصوص کے لیے قاری درج ذیل کتابوں کا مطالعہ کر سکتا ہے :
الدين والدولة في إثبات نبوة نبينا محمد ﷺ، تاليف: علي بن ربّن الطبري، تحفة الأريب في الرد على عباد الصليب، تاليف : عبد الله الترجمان۔ اسلام لانے سے پہلے ان کا نام انسلم تورمیدا تھا۔
محمد في التوراة والإنجيل والقرآن، تالیف: ابراہیم خلیل احمد۔ اسلام قبول کرنے سے پہلے ان کا نام ابراہیم فیلبس تھا۔
کتابِ مقدس میں محمد، تالیف : عبد الاحد داود۔
ان تالیفات کے مولفین عیسائی تھے۔ بعد میں انھوں نے انھوں نے اسلام قبول کر لیا۔ فللہ الحمد۔
یہ کوئی تعجب کی بات نہیں کہ انسان یہ پوچھے کہ مسیح علیہ السلام نے ہمارے نبی محمد ﷺ کے بارے میں کیا فرمایا ہے، بلکہ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ انسان یہ جان لے کہ انبیا و رسل اللہ کی طرف سے ایک ہی مقصد یعنی صرف ایک اللہ کی عبادت کی دعوت دینے کے لیے تشریف لائے تھے،انھوں نے اللہ پر، مرنے کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے پر اور حساب و کتاب اور جزا و سزا پر ایمان لانے کی دعوت دی ہے، پھر بھی وہ ان کے لائے ہوئے پیغام پر ایمان نہ لائے۔ اللہ کی قسم! یہی کھلا نقصان اور ایسی ہلاکت ہے جسے ٹالا نہیں جا سکتا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی محمد ﷺ پر درود و سلام نازل فرمائے۔
نیز دیکھیں: ’’حبي العظيم للمسيح عليه السلام قادني إلى الإسلام‘‘ ص 169، اور ’’بشارة المسيح عليه السلام‘‘ از محمد بن عبد اللہ السحیم ۔
المصدر
ملاحظات
--