محمد ﷺ اللہ کی جانب سے نبی اور رسول کیسے بنائے گئے؟
- محاور التعريف بالإسلام
- التعريف بمحمد صلى الله عليه وسلمالتعريف بالنبي محمد صلى الله عليه وسلم
- مصدر الإجابة
- قسم النبوة
- الباب / الفصل
- (قسم النبوة)
السؤال
محمد ﷺ اللہ کی جانب سے نبی اور رسول کیسے بنائے گئے؟
الجواب
محمد بن عبد اللہ بن عبد المطلب ﷺ خاتم الانبیاء و المرسلین ہیں۔ آپ کی نبوت کا تذکرہ اہلِ کتاب کی کتابوں میں، قرآنِ کریم میں، سنتِ نبوی میں اہلِ اسلام کی ان کتابوں میں بکثرت موجود ہے، جن میں آپ ﷺ کی سنت اور سیرتِ طیبہ بیان کی گئی ہے۔ یہ بات کسی پر مخفی نہیں کہ آپ کیسے نبی بنائے گئے۔ چونکہ یہاں سوال پوچھا گیا ہے، لہذا ہم اللہ سے مدد مانگتے ہوئے اس کا جواب دیتے ہیں :
اول : اللہ کے نبی ابراہیم خلیل علیہ السلام نے جب اللہ کے حکم سے مکہ میں بیتِ عتیق (کعبہ) کی تعمیر کی اور اپنی بیوى ہاجرہ اور اپنے فرزند اسماعیل علیہما السلام کو مکہ مکرمہ میں بسایا؛ تو اللہ سے دعا کی کہ وہ اسماعیل کی اولاد میں انہی میں سے ایک نبی مبعوث فرمائے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا :
’’اے ہمارے رب! ان میں انہی میں سے رسول بھیج جو ان کے پاس تیری آیتیں پڑھے، انھیں کتاب وحکمت سکھائے اور انھیں پاک کرے، یقیناً تو غلبہ واﻻ اور حکمت واﻻ ہے۔‘‘
[سورۃ البقرۃ : 129]۔
چنانچہ اللہ نے خلیل علیہ السلام کی دعا قبول فرمائی اور اپنے نبی محمد ﷺ کو نبی اور رسول بنا کر مبعوث فرمایا۔
دوم : اللہ تعالیٰ نے سابقہ انبیا علیہم السلام کو بتا دیا تھا کہ وہ اپنے امانت دار رسول اور خاتم المرسلین کو مبعوث فرمائے گا اور ان سے یہ عہد ومیثاق لیا تھا کہ اگر ان کی زندگی میں آپ ﷺ کی بعثت ہوئی تو آپ پر ایمان لانا اور آپ کی اتباع کرنا واجب ہوگا۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے :
’’جب اللہ نے نبیوں سے عہد لیا کہ جو کچھ میں تمھیں کتاب وحکمت دوں، پھر تمھارے پاس وه رسول آئے جو تمھارے پاس موجود (کتاب) کو سچ بتائے تو تمھارے لیے اس پر ایمان ﻻنا اور اس کی مدد کرنا ضروری ہے۔ فرمایا کہ تم اس کے اقراری ہو اور اس پر میرا ذمہ لے رہے ہو؟ سب نے کہا کہ ہمیں اقرار ہے، فرمایا : تو اب گواه رہو اور خود میں بھی تمھارے ساتھ گواہوں میں ہوں۔‘‘
[سورة آل عمران : 81]۔
سوم : چونکہ حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰ علیہما السلام کی رسالت، زمانے کے اعتبار سے ہمارے نبی محمد ﷺ کی رسالت کے سب سے زیادہ قریب تھی، اس لیے ان دونوں کی کتابوں اور بنی اسرائیل کے دیگر انبیا کی کتابوں میں کثرت سے نصوص وارد ہیں۔ یہ نصوص آپ ﷺ کی صفات، آپ کے شہر کی صفات، آپ کی ہجرت، آپ کے دین کے شعائر اور آپ کے صحابہ کی صفات پر مشتمل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ان میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے انھیں عطا ہونے والی نصرت اور غلبے کے علاوہ دیگر امور بھی شامل ہیں، جن کا تذکرہ ان کی کتابوں میں آیا ہے۔ اسی طرح ان میں آپ ﷺ کی آمد کی بشارت، آپ کے استقبال کے لیے دلوں کو تیار کرنے، آپ پر ایمان لانے اور آپ کی اتباع کرنے کا حکم بھی موجود ہے۔ بنی اسرائیل کے علما ان نصوص کو بخوبی جانتے تھے۔ آپ ﷺ کی اور آپ کے صحابہ کی صفات بنی اسرائیل کے علما اور عیسائیوں کے احبار و رہبان کے ذہنوں میں پوری طرح راسخ ہو چکی تھیں۔ اس سلسلے میں بے شمار واقعات ہیں، جن سے تاریخ کی کتابیں بھری پڑی ہیں۔ ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہی کافی ہے :
’’جنھیں ہم نے کتاب دی ہے وه تو اسے ایسا پہچانتے ہیں جیسے کوئی اپنے بچوں کو پہچانے۔ ان کی ایک جماعت حق کو پہچان کر پھر چھپاتی ہے۔‘‘
یہاں تک کہ آپ ﷺ کے جسم مبارک پر موجود جسمانی نشانی بھی ان کی کتابوں میں درج تھی اور آج بھی ان کی کتابوں میں موجود ہے۔ اس نشانی کا وصف صحیح بخاری ومسلم میں موجود ہے، جیسا کہ سائب بن یزید رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ :
’’پھر میں ان کے پیٹھ کے پیچھے کھڑا ہوا تو میں ان کے دونوں کندھوں کے درمیان کبوتری کے انڈے کے مثل نبوت کی مہر دیکھا۔‘‘
صحیح البخاری، حدیث نمبر : 190۔ (اور زر الحجلۃ : کبوتر کا انڈا)۔
عبد اللہ بن سلام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا :
’’جب رسول اللہ ﷺ مدینہ تشریف لائے تو لوگ آپ کی طرف دوڑ پڑے اور کہنے لگے : اللہ کے رسول ﷺ تشریف لے آئے ہیں، تو میں بھی لوگوں کے ساتھ آپ کو دیکھنے کے لیے آیا، پھر جب میں نے رسول اللہ ﷺ کا چہرہ مبارک غور سے دیکھا تو میں جان گیا کہ آپ کا چہرہ کسی جھوٹے شخص کا چہرہ نہیں ہے۔‘‘
[سنن ترمذی، حدیث نمبر : 2485، اور سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر : 1334]۔
لیکن چوں کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بعد سارے انبیائے کرام بنی اسرائیل، یعنی حضرت یعقوب علیہ السلام کی اولاد میں سے تھے، لہذا یہودیوں نے یہ گمان کر لیا کہ آخری نبی بھی انہی میں سے ہوں گے۔ پھر جب اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو محمد بن عبداللہ کی شکل میں ابراہیم علیہ السلام کے بیٹے اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے مبعوث فرما دیا اور آپ ﷺ پر وہ تمام صفات صادق آگئیں جو ان کی کتابوں میں موجود تھیں، تو وہ حسد میں مبتلا ہوگئے اور آپ کا انکار کر دیا۔ ان میں سے چند لوگوں کے سوا کوئی ان پر ایمان نہیں لایا، اس کے باوجود کہ ان میں سے بہت سے لوگ ان کی نبوت کی گواہی دیتے تھے۔
چوتھا : ہمارے نبی محمد ﷺ کی نبوت کی ابتدا اس وقت ہوئی جب آپ کی عمر چالیس سال ہو چکی تھی۔ ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا ہمیں اس ابتدا کے بارے میں بتاتے ہوئے فرماتی ہیں :
’’رسول اللہ ﷺ پر وحی کی ابتدا سچے خوابوں کی صورت میں ہوئی۔ آپ جو کچھ خواب میں دیکھتے وہ سپیدۂ صبح کی طرح نمودار ہو جاتا۔ پھر آپ کو تنہائی محبوب ہو گئی، چنانچہ آپ غار حرا میں تنہائی اختیار فرماتے اور کئی کئی رات گھر تشریف لائے بغیر عبادت میں مصروف رہتے۔ آپ کھانے پینے کا سامان گھر سے لے جا کر وہاں کچھ روز گزارتے، پھر خدیجہ رضی اللہ عنہا کے پاس واپس آتے اور تقریباً اتنے ہی دنوں کے لیے کچھ کھانے پینے کا سامان لے جاتے۔ ایک روز آپ غار حرا میں تھے کہ یکایک آپ کے پاس حق آ گیا اور ایک فرشتے نے آ کر آپ سے کہا : پڑھو! آپ نے فرمایا : ’’میں پڑھا ہوا نہیں ہوں۔‘‘ آپ کا فرمان ہے کہ اس پر فرشتے نے مجھے پکڑ کر خوب بھینچا، یہاں تک کہ میری قوتِ برداشت جواب دینے لگی۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا : پڑھو! میں نے کہا : ’’میں تو پڑھا ہوا نہیں ہوں۔‘‘ اس نے دوسری بار مجھے پکڑ کر دبوچا، یہاں تک کہ میری قوتِ برداشت جواب دینے لگی، پھر چھوڑ کر کہا : پڑھو! میں نے پھر کہا : ’’میں پڑھا ہوا نہیں ہوں۔‘‘ اس نے تیسری بار مجھے پکڑ کر بھینچا، پھر چھوڑ کر کہا: ’’پڑھو اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا، جس نے انسان کو خون کے لوتھڑے سے پیدا کیا۔ پڑھو! اور تمھارا رب تو نہایت کریم ہے۔‘‘ پھر رسول اللہ ﷺ ان آیتوں کو لے کر واپس آئے۔ اس وقت آپ کا دل (خوف سے) دھڑک رہا تھا۔ آپ خدیجہ بنت خویلد رضی اللہ عنہا کے پاس تشریف لائے اور فرمایا : ’’مجھے چادر اوڑھا دو، مجھے چادر اوڑھا دو۔‘‘ چنانچہ انھوں نے آپ کو چادر اوڑھا دی یہاں تک کہ آپ سے خوف زدگی کی کیفیت دور ہو گئی۔ پھر آپ نے خدیجہ رضی اللہ عنہا کو اس واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے فرمایا : ’’مجھے اپنی جان کا ڈر ہے۔‘‘ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے کہا : قطعََا نہیں، اللہ کی قسم! اللہ تعالیٰ آپ کو کبھی رنجیدہ نہيں کرے گا۔ آپ صلہ رحمی کرتے ہیں، کمزوروں کا بوجھ اٹھاتے ہیں، فقیروں اور محتاجوں کو کماکر دیتے ہیں، مہمانوں کی خاطر داری کرتے ہيں اور حق کے سلسلے میں پیش آنے والی تکلیفوں میں مدد کرتے ہیں۔ پھر خدیجہ رضی اللہ عنہا رسول اللہ ﷺ کو ساتھ لے کر اپنے چچا زاد بھائی ورقہ بن نوفل بن اسد بن عبد العزی کے پاس آئيں۔ ورقہ دورِ جاہلیت میں عیسائی ہو گئے تھے اور عبرانی زبان بھی لکھنا جانتے تھے، چنانچہ عبرانی زبان میں حسبِ توفیق الٰہی انجیل لکھتے تھے۔ اس وقت ورقہ بہت بوڑھے اور اندھے ہو چکے تھے۔ ان سے خدیجہ رضی اللہ عنہا نے کہا : بھائی جان! آپ اپنے بھتیجے کی بات سنیں۔ ورقہ نے پوچھا : بھتیجے کیا دیکھتے ہو؟ رسول اللہ ﷺ نے جو کچھ دیکھا تھا، بیان کر دیا۔ اس پر ورقہ نے آپ سے کہا : یہ تو وہی ناموس (وحی لانے والا فرشتہ) ہے، جسے اللہ نے حضرت موسی علیہ السلام پر اتارا تھا۔ کاش میں آپ کے زمانۂ نبوت میں توانا ہوتا، کاش میں اس وقت زندہ رہوں جب آپ کی قوم آپ کو نکال دے گی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ’’اچھا تو کیا وہ لوگ مجھے نکال دیں گے؟‘‘ ورقہ نے کہا : ہاں، جب بھی کوئی انسان اس طرح کا پیغام لایا جیسا آپ لائے ہيں تو اس سے ضرور دشمنی کی گئی۔ اور اگر مجھے آپ کا زمانہ نصیب ہوا تو میں آپ کی بھر پور مدد کروں گا۔‘‘
صحیح بخاری، حدیث نمبر : 3، اور صحیح مسلم، حدیث نمبر : 252۔
پانچواں : اللہ تعالیٰ نے آپ کو رسالت کی ذمہ داری سونپنے کے بعد معجزات اور واضح نشانیوں کے ذریعہ آپ کی تائید وحمایت فرمائی۔ آپ کی ان نشانیوں میں سے بعض آسمانی نشانیاں تھیں، جیسے شق القمر اور اسرا و معراج اور بعض زمینی نشانیاں تھیں، جیسے کھانے پینے کی اشیا کا بڑھ جانا اور تنے کا آپ کے شوق میں رونا۔ اور ان کے علاوہ بھی بہت سی نشانیاں ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو وہ عظیم نشانی عطا فرمائی ہے، جو قیامت تک باقی رہنے والی ہے۔ یعنی قرآنِ عظیم۔ نیز اللہ تعالیٰ نے آپ کی تائید معزز صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے بھی فرمائی، جو اس دین کے بہترین علم بردار تھے۔ انھوں نے اسے دنیا کے کونے کونے میں پھیلا دیا۔ چنانچہ آپ کے صحابہ رضی اللہ عنہم اور آپ کے دین کا پھیلنا آپ کی نبوت کی سچائی کی ایک واضح نشانی ہے۔
یہ نوع بہ نوع نشانیاں جو اللہ تعالیٰ نے آپ کو عطا کی ہیں، انبیا علیہم السلام میں سے کسی کو بھی ان جیسی نشانیاں ایک ساتھ نہیں دی گئیں۔
چھٹا : ہمارے نبی محمد ﷺ کی نبوت بھی اسی طرح ثابت ہے جس طرح ابراہیم، موسیٰ، عیسیٰ اور دیگر تمام انبیا علیہم السلام کی نبوت اللہ عز وجل کی طرف سے ان پر وحی کے ذریعے ثابت ہوئی تھی۔ اور جس طریقے سے کسی نبی کی نبوت ثابت ہوتی ہے، اسی طریقے سے ہمارے نبی محمد ﷺ کی نبوت بھی ثابت ہوتی ہے۔ چنانچہ سابقہ انبیا کی نبوت کے اثبات کے طریقے یہ ہیں : کتاب، معجزات، ان پر ایمان لانے والے پیروکار اور رسالت کا تواتر کے ساتھ نقل ہونا۔ ان تمام طریقوں سے ہمارے نبی محمد ﷺ کی نبوت بھی ثابت ہوتی ہے۔ آپ کی کتاب سب سے عظیم کتاب ہے جو اللہ تعالیٰ نے کسی نبی کو عطا فرمائی ہے، آپ کے معجزات سب سے عظیم معجزات ہیں، آپ کے صحابہ کرام تمام انبیا کے اصحاب میں سب سے بہترین ہیں اور جس تواتر کے ساتھ آپ ﷺ کی نبوت نقل ہوئی ہے وہ تمام نبوتوں کے نقل ہونے والے تواتر سے عظیم تر ہے۔ آپ کے لیے یہی کافی ہے کہ حجۃ الوداع میں آپ کے ساتھ حاضر ہونے والے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی تعداد ایک لاکھ سے زائد تھی۔
مذکورہ بالا تفصیل سے آپ پر واضح ہوگیا کہ آپ ﷺ کی نبوت کس طرح ثابت ہوئی اور ان تمام صدیوں کے دوران آپ کا دین کس طرح قائم و دائم اور پھیلتا رہا اور یہ بذات خود آپ ﷺ کی نبوت کی ایک اور دلیل ہے۔ اور اللہ کے حکم سے قیامت تک یہ اسی طرح باقی رہے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے نبی محمد ﷺ پر درود و سلام نازل فرمائے۔
المصدر
ملاحظات
--