Skip to content

اللہ کے وجود کی کیا دلیل ہے؟

محاور التعريف بالإسلام
التعريف بالله تعالىأدلة وجود الله
مصدر الإجابة
قسم الإيمان
الباب / الفصل
(قسم الإيمان)

السؤال

اللہ کے وجود کی کیا دلیل ہے؟

الجواب

بلاشبہ وجودِ باری تعالیٰ کی دلیل عقلِ صریح، فطرتِ سلیمہ اور طرقِ مستقیمہ ہیں۔ اس کا انکار محض وہی شخص کر سکتا ہے جو انسانی عقل کے تقاضوں سے خارج ہو، کیوں کہ ان تمام مخلوقات کے لیے ایک خالق کا ہونا از حد ضروری ہے جس نے انھیں پیدا کیا؛ کیوں کہ یا تو یہ مخلوقات بغیر کسی خالق اور موجد کے وجود میں آئی ہیں۔ ظاہر سی بات ہے کہ عقل لازمی طور پر اس کے باطل ہونے کا حتمی فیصلہ کرتی ہے۔ کسی بھی چیز کا بغیر کسی موجد کے وجود میں آ جانا قطعاً ناممکن ہے!

یا تو ان مخلوقات نے خود کو پیدا کیا ہو! یہ بھی محال اور ناممکن ہے، کیوں کہ کوئی چیز خود کو عدم سے وجود میں نہیں لا سکتی۔

یا پھر ان مخلوقات کا کوئی خالق ہے جس نے انھیں پیدا کیا ہے اور وہ اللہ تعالیٰ ہے جو عظیم، سب کچھ جاننے والا، خالق اور حکمت والا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے بہترین بیان اور جامع اختصار کے ساتھ اس تقسیم کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا ہے :

’’کیا یہ بغیر کسی (پیدا کرنے والے) کے خود بخود پیدا ہوگئے ہیں؟ یا یہ خود پیدا کرنے والے ہیں؟

کیا انھوں نے ہی آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے؟ بلکہ یہ یقین نہ کرنے والے لوگ ہیں۔‘‘

[الطور : 35-36]۔

اسی ضمن میں کسی سے یہ سوال کیا گیا کہ : آپ نے اپنے رب کو کیسے پہچانا؟ تو اس نے جواب دیا : بے شک مینگنی اونٹ پر دلالت کرتی ہے اور قدموں کے نشانات راہگیر پر دلالت کرتے ہیں؛ تو برجوں والا آسمان، کشادہ راستوں والی زمین اور موجوں والے سمندر؛ کیا یہ اس لطیف و خبیر ذات پر دلالت نہیں کرتے؟!

بلاشبہ ان مخلوقات کا کوئی نہ کوئی ایسا تدبیر کار ہے، جو ان کا نظم ونسق چلاتا ہے۔ کیونکہ اگر آپ عالمِ بالا اور عالمِ سفلی پر غور کریں گے، تو آپ کو اس میں انتہائی پختہ تدبیر نظر آئے گی، اور ہر چیز اپنی شایانِ شان ہیئت پر موجود دکھے گی۔ نیز یہ کہ تمام مخلوقات کی اس چیز کی طرف رہنمائی کی گئی ہے جو ان کے حق میں بہتر ہو اور ان کی بقا کی ضمانت دے۔

اور یہ اہتمام و اتقان تمام مخلوقات میں ان گنت صورتوں اور شکلوں میں دہرایا گیا ہے، جس کے ہوتے ہوئے محض اتفاق اور بے ترتیبی کا نظریہ ناممکن ہو جاتا ہے!

اللہ تعالیٰ نے اسی پر متنبہ فرمایا ہے۔ چنانچہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے فرمایا ہے :

’’۔۔۔۔۔یہ ہے صنعت اللہ کی جس نے ہر چیز کو مضبوط بنایا ہے۔۔۔۔‘‘

[النمل : 88]۔

ایک اور مقام پر فرمایا ہے :

’’جواب دیا کہ ہمارا رب وه ہے جس نے ہر ایک کو اس کی خاص صورت، شکل عنایت فرمائی پھر راه سجھا دی۔‘‘

[طہ : 50]۔

مروی ہے کہ ملحدین کی ایک جماعت امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے پاس جمع ہوئی اور کہنے لگی: صانع (خالق) کے وجود کی کیا دلیل ہے؟ تو انھوں نے ان سے فرمایا : مجھے چھوڑ دو، میرا ذہن ایک عجیب معاملے میں الجھا ہوا ہے۔ انھوں نے پوچھا : وہ کیا معاملہ ہے؟ انھوں نے جواب دیا : مجھے یہ خبر ملی ہے کہ دریائے دجلہ میں ایک بہت بڑی کشتی ہے، جو طرح طرح کے عجیب و غریب سامان سے بھری ہوئی ہے اور وہ بغیر کسی کے چلائے خود ہی آ جا رہی ہے، اسے سنبھالنے کے لیے کوئی ملاح نہيں ہے۔

تو انھوں نے امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ سے کہا : کیا آپ پاگل تو نہيں ہيں؟ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ نے کہا : وہ کیسے؟ انھوں نے کہا : کیا کوئی عاقل اس بات کو سچ مان سکتا ہے؟ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ نے ان سے کہا : تو پھر تمھاری عقلوں نے یہ کیسے تسلیم کر لیا کہ یہ عالم؛ اپنی تمام اصناف، انواع اور عجیب و غریب حوادث کے ساتھ، گردش کرتا اور چلتا ہوا یہ فلک اور یہ رواں دواں حوادث کسی وجود میں لانے والے کے بغیر رونما ہو رہے ہیں اور یہ متحرک چیزیں کسی حرکت دینے والے کے بغیر حرکت کر رہی ہیں؟ امام ابوحنیفہ کی یہ باتیں سن کر وہ خود کو ملامت کرنے لگے۔

وجودِ باری تعالیٰ پر دلالت کرنے والے دلائل بہت بڑی تعداد میں موجود ہيں اور انھیں شمار کرنا ممکن نہيں ہے۔ ان میں سے ایک دلیل فطرت ہے۔ فطرت ایک ایسا جبلی وصف ہے جسے انسان اپنے اندر خود پاتا ہے اور اس سے پیچھا نہيں چھڑا سکتا۔

ان میں سے دوسری دلیل ہے ہر مخلوق کا خالق پر دلالت کرنا۔

جب کہ تیسری دلیل ہے عنایت، کمال اور تسخیر کی دلیل۔ ان کے علاوہ بھی بے شمار دلائل موجود ہيں۔ الغرض ہر چیز اللہ تعالی پر دلالت کرتی ہے، جو عظیم خالق اور حکمت والا مدبر ہے۔

المصدر

قسم الإيمان

ملاحظات

--