Skip to content

جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا خضر علیہ السلام زندہ ہیں؟

السؤال

س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا خضر علیہ السلام زندہ ہیں؟

الجواب

ج:تو آپ کہیں کہ صحیح بات تو یہ ہے کہ خضر علیہ السلام اللہ کے نبیوں میں سے ایک نبی ہیں، اور نبی ﷺ کی ولادت سے قبل آپ کی وفات ہوچکی ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: وَمَا جَعَلْنَا لِبَشَرٍ مِنْ قَبْلِكَ الْخُلْدَ أَفَإِنْ مِتَّ فَهُمُ الْخَالِدُون. ”آپ سے پہلے کسی انسان کو بھی ہم نے ہمیشگی نہیں بخشی، کیا اگر آپ مرگئے تو وہ ہمیشہ کے لیے رہ جائیں گے؟“ (سورۃ الأنبياء:34) اور اگر وہ زندہ ہوتے تو رسول ﷺ کی اتباع کرتے اور آپﷺ کے ساتھ جہاد کرتے، کیونکہ ہمارے نبی محمدﷺ تمام جن وانس کی طرف نبی بنا کر مبعوث کیے گئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: قُلْ يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنِّي رَسُولُ اللَّهِ إِلَيْكُمْ جَمِيعًا. ”آپ کہہ دیجئے کہ اے لوگو میں تم سب کی طرف اللہ کا بھیجا ہوا ہوں“۔ (سورۃ الأعراف:158) اور نبی ﷺ نے فرمایا: أَرَأَيْتَكُمْ لَيْلَتَكُمْ هَذِهِ فَإِنَّ رَأْسَ مِائَةٍ لَا يَبْقَى مِمَّنْ هُوَ الْيَوْمَ عَلَى ظَهْرِ الْأَرْضِ أَحَدٌ. ”اس رات کے متعلق تمہیں کچھ معلوم ہے؟ آج اس روئے زمین پر جتنے انسان زندہ ہیں، سو سال بعد ان میں سے کوئی بھی باقی نہیں رہے گا۔“ (صحیح بخاری) یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ خضر علیہ السلام وفات پانے والے لوگوں میں سے ایک ہیں، اس بنا پر وہ پکارنے والے کی نہ پکار سنتے ہیں اور نہ راستہ بھٹکنے والے کو راستہ دکھاتے ہیں جب وہ راستہ کی رہنمائی طلب کرے۔ اور بعض لوگوں کی ان سے ملاقات کی خبر ان کے دیدار اور ان کی مجلسوں میں بیٹھنے اور بعض کا ان سے علم حاصل کرنے کے جو قصے بیان کیے جاتے ہیں وہ سب خیالی اور صریح جھوٹی باتیں ہیں جن کی تصدیق وہ شخص نہیں کرے گا جسے اللہ تعالیٰ نے علم اور عقل وبصیرت سے نوازا ہے۔