جب آ پ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا زبان کی چوک اور زبان سے نکلنے والے بُرے کلمات توحید پر اثر انداز ہوتے ہیں؟ اور کیا یہ کلمات سیئہ اس کے قائل کو صراط مستقیم سے ہٹا دیتے ہیں؟، یا یہ کہ ان کا شمار صغیرہ گناہوں میں ہوتا ہے؟
السؤال
س: جب آ پ سے یہ سوال کیا جائے کہ کیا زبان کی چوک اور زبان سے نکلنے والے بُرے کلمات توحید پر اثر انداز ہوتے ہیں؟ اور کیا یہ کلمات سیئہ اس کے قائل کو صراط مستقیم سے ہٹا دیتے ہیں؟، یا یہ کہ ان کا شمار صغیرہ گناہوں میں ہوتا ہے؟
الجواب
ج:تو آپ جواب دیں کہ زبان کامعاملہ بہت ہی خطرناک ہے، چنانچہ ایک لفظ کی وجہ سے آدمی اسلام میں داخل ہو جاتا ہے اور ایک لفظ کی وجہ سے اسلام سے خارج بھی ہو جاتا ہے۔ (اللہ بچائے) زبان کی بھول چوک کے متعدد درجے ہیں، ان میں سے کچھ ایسے کفریہ کلمات ہیں جو ایمان کو باطل اور اعمال کو اکارت کر دیتے ہیں، مثلاً: اللہ اور اس کے رسول کو گالی دینا، یا بڑی شخصیتوں اور اولیاء کو ربوبیت کے اوصاف سے نوازنا، ان سے فریاد کرنا، یا خیر اور انسان کو حاصل ہونے والی چیزوں کی نسبت ان کی طرف کرنا ہے، اور انہی کلمات سیئہ میں سے ایسے مدح سرائی کے الفاظ بھی ہیں جن میں مبالغہ کی آمیزش ہو اور انہیں بشریت سے اوپر کا درجہ دے دیا جائے، ان کی قسمیں کھائی جائیں۔ یا یہ کہ شریعت اور اس کے احکام کا مذاق اڑایا جائے، نیز انہی برے کلمات میں اللہ کے احکامِ شرعیہ پر ناراضگی کا اظہار یا تقدیر کے ان فیصلوں پر ناراضگی اور اعتراض کرنا ہے جو تکلیف کا باعث بنتے ہوں جن سے دنیا میں سابقہ پڑتا ہے جیسے بدنی مصائب یا مال اور اولاد وغیرہ سے متعلق مصائب وپریشانیاں۔
اسی طرح وہ کبیرہ گناہ جو ایمان کو نقصان پہنچاتے اور اسے کمزور کر دیتے ہیں غیبت اور چغل خوری ہے، لہذا ہمیں حد درجہ اس سے بچنا چاہیے اور ہمیں اپنی زبانوں کی ہر اس لفظ سے حفاظت کرنی چاہیے جو اللہ کی شریعت اور اس کے نبیﷺ کی سنت کے مخالف ہو، نبی ﷺنے فرمایا: إِنَّ الْعَبْدَ لَيَتَكَلَّمُ بِالْكَلِمَةِ مِنْ رِضْوَانِ اللَّهِ لَا يُلْقِي لَهَا بَالًا، يَرْفَعُهُ اللَّهُ بِهَا دَرَجَاتٍ، وَإِنَّ الْعَبْدَ لَيَتَكَلَّمُ بِالْكَلِمَةِ مِنْ سَخَطِ اللَّهِ لَا يُلْقِي لَهَا بَالًا، يَهْوِي بِهَا فِي جَهَنَّمَ. ”بے شک بندہ اللہ کی رضامندی کی ایک بات زبان سے نکالتا ہے، اسے وہ کوئی اہمیت نہیں دیتا مگر اسی کی وجہ سے اللہ تعالی اس کے درجے بلند کر دیتا ہے، اور بندہ ایک ایسا کلمہ زبان سے نکالتا ہے جو اللہ کی ناراضگی کا باعث ہوتا ہے اسے وہ کوئی اہمیت نہیں دیتا لیکن اس کی وجہ سے وہ جہنم میں چلا جاتا ہے“۔ (صحیح بخاری)