Skip to content

جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ توحید کی کتنی قسمیں ہیں؟

السؤال

س: جب آپ سے یہ سوال کیا جائے کہ توحید کی کتنی قسمیں ہیں؟

الجواب

ج:تو آپ کہیں: توحید کی تین قسمیں ہیں: 1-توحیدِ ربوبیت: یعنی اس بات کا پختہ اعتقاد رکھنا کہ اللہ تعالیٰ ہی پیدا کرنے والا، روزی دینے والا اور تمام مخلوق کے لیے تدبیر کرنے والا ہے، نہ تو اس کا کوئی شریک ہے اور نہ ہی مددگار، دوسرے الفاظ میں اللہ تعالیٰ کو اپنے افعال میں تنہا اور اکیلا جاننا توحید ربوبیت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: هَلْ مِنْ خَالِقٍ غَيْرُ اللَّـهِ يَرْزُقُكُم مِّنَ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ ۚ لَا إِلَـٰهَ إِلَّا هُوَ ۖ فَأَنَّىٰ تُؤْفَكُونَ. ” کیا اللہ کے سوا اور کوئی بھی خالق ہے جو تمہیں آسمان وزمین سے روزی پہنچائے؟ اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ پس تم کہاں الٹے جاتے ہو“۔ (سورۃ فاطر:3) اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: إِنَّ اللَّهَ هُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِينُ. ”اللہ تعالیٰ توخود ہی سب کا روزی رساں توانائی والا اور زور آور ہے“۔ (سورۃ الذاريات:58) نیز اللہ تعالیٰ نے فرمایا: يُدَبِّرُ الْأَمْرَ مِنَ السَّمَاءِ إِلَى الْأَرْضِ. کہ ”وہ آسمان سے لے کر زمین تک (ہر) کام کی تدبیر کرتا ہے“۔ (سورۃ السجدة:5) اسی طرح اللہ تعالیٰ نے فرمایا: أَلَا لَهُ الْخَلْقُ وَالْأَمْرُ تَبَارَكَ اللَّهُ رَبُّ الْعَالَمِينَ. ”یاد رکھو اللہ تعالیٰ ہی کے لیے خاص ہے خالق ہونا اور حاکم ہونا، بڑی خوبیوں سے بھرا ہوا ہے اللہ جو تمام عالم کا پروردگار ہے“۔ (سورۃ الأعراف:54)

  1. توحید اسماء وصفات: اس بات کا اعتقاد رکھنا کہ اللہ تعالیٰ کے لیے اچھے اچھے نام اور کامل صفات ہیں جو کتاب وسنت سے ثابت ہیں، تکییف، تمثیل، تحریف، اور تعطیل کے بغیر ۔ اور یہ کہ اُس جیسی کوئی چیز نہیں ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا: لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ. ”اس جیسی کوئی چیز نہیں، وہ سننے والا اور دیکھنے والا ہے“۔ (سورۃ الشورى:11)؛ نیز اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”وَلِلَّهِ الْأَسْمَاءُ الْحُسْنَى فَادْعُوهُ بِهَا. ”اچھے اچھے نام اللہ کے لیے ہیں، سو تم اللہ کو انہی ناموں کے ساتھ پکارو“۔ (سورۃ الاعراف:180)
  2. توحیدِ اُلوہیت: عبادت کو صرف اللہ کے لیے خاص کرنا ہے جو تنہا ہے اور جس کا کوئی شریک نہیں، مطلب یہ ہے کہ بندے کے تعبدی افعال کا مستحق صرف اللہ کو مانا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: وَمَا أُمِرُوا إِلَّا لِيَعْبُدُوا اللَّهَ مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ. ”انہیں اس کے سوا کوئی حکم نہیں دیا گیا کہ صرف اللہ کی عبادت کریں، اسی کے لیے دین کو خالص رکھیں“۔ (سورۃ البينة:5)، اور فرمایا: وَمَا أَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ مِنْ رَسُولٍ إِلَّا نُوحِي إِلَيْهِ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنَا فَاعْبُدُونِ. ”تجھ سے پہلے بھی جو رسول ہم نے بھیجے ان کی طرف یہی وحی فرمائی کہ میرے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں پس تم سب میری ہی عبادت کرو“۔ (سورۃ الأنبياء:25)۔ یہ تقسیم علمی وضاحت کے لیے ہے ورنہ تو یہ اس موحِّد کے اعتقاد میں متلازم ہیں جو کتاب وسنت کی پیروی کرنے والا ہو۔